Tag: نیوز لیکس

  • پی ٹی آئی کا نیوز لیکس پر سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ

    پی ٹی آئی کا نیوز لیکس پر سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے پاناما لیکس کے بعد نیوز گیٹ اسکینڈل پر بھی سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا، دائر کی جانے والی پٹیشن میں نواز شریف اور مریم نواز کو فریق بنایا جائے گا۔

    اے آر وائی نیوز اسلام آباد کے رپورٹر عبدالقادر نے بتایا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا جس کے مطابق پی ٹی آئی نیوز لیکس کے معاملے کو سپریم کورٹ تک لے کر جائے گی اور نیوز گیٹ اسکینڈل کو بھی بھرپو طریقے سے اٹھایا جائے گا۔

    باخبر ذرائع نے بتایا کہ پارٹی ترجمان نعیم الحق سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کریں گے، اس حوالے سے وکلا کی خدمات بھی حاصل کرلی گئی ہیں۔

    اطلاعات ملی ہیں کہ پٹیشن میں وزیراعظم نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا جائے گا قومی سلامتی سے متعلق حساس معلومات جان بوجھ کر لیک کی گئیں سپریم کورٹ اس ضمن میں ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرے۔

    واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے وزیراعظم کو نااہل قرار دینے لیے الیکشن کمیشن سمیت سپریم کورٹ میں پہلے ہی درخواستیں دائر کی ہوئی ہیں، مقدمے کی سماعتیں جاری ہیں تاہم اب نیوز گیٹ اسکینڈل کے معاملے پر بھی پی ٹی آئی عدالت سے رجوع کرے گی۔

  • لاہور ہائیکورٹ میں نیوز لیکس کمیشن کے خلاف درخواست مسترد

    لاہور ہائیکورٹ میں نیوز لیکس کمیشن کے خلاف درخواست مسترد

    لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے نیوز لیکس کی انکوائری کے لیے کمیشن کے قیام کے خلاف دائر درخواست مسترد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے نیوز لیکس کی انکوائری کے لیے کمیشن کے قیام کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کی۔

    درخواست گزار عوامی تحریک کے رہنما خرم نواز گنڈا پور کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ وفاقی حکومت نے متنازعہ خبر کے لیک ہونے کے معاملے پر انکوائری کے لیے جسٹس ریٹائرڈ عامر رضا کی سربراہی میں کمیشن تشکیل دیا ہے جن کے شریف خاندان کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں، اس وجہ سے شفاف تحقیقات ممکن نہیں۔

    درخواست گزار کے مطابق کمیٹی کی تشکیل سے متعلق نوٹیفیکیشن قانونی ضابطے کے بغیر جاری کیا گیا۔ نوٹیفیکیشن جاری کرتے ہوئے کمیشن اینڈ انکوائریز ایکٹ 1956 کا حوالہ بھی نہیں دیا گیا جو حکومتی بدنیتی کو ظاہر کرتا ہے۔ عدالت نیا کمیشن تشکیل دینے کا حکم دے۔

    نیوز لیکس تحقیقاتی کمیٹی: تحریک انصاف، عوامی تحریک اور ق لیگ نے مسترد کردی *

    ڈپٹی اٹارنی جنرل نے بیان دیا کہ کمیشن کی تشکیل میں تمام قانونی تقاضے پورے کیے گئے ہیں۔ درخواست غیر ضروری طور پر دائر کی گئی ہے۔

    عدالت نے وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردی۔

    واضح رہے کہ قومی سلامتی سے متعلق خبر شائع ہونے سے متعلق انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس کی سربراہی جسٹس ریٹائرڈ عامر خان رضا کریں گے۔

    تحقیقاتی کمیٹی قومی سلامتی سے متعلق خبر لیک ہونے پر اس میں ملوث افراد سے تفتیش کرے گی۔ شفاف تحقیقات کے لیے حکومت پہلے ہی اپنے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید کو عہدے سے فارغ کر چکی ہے جب کہ کمیٹی کی تحقیقات کی روشنی میں مزید کارروائی بھی کی جائے گی۔

    کمیٹی میں حساس اداروں آئی ایس آئی، آئی بی اور ایم آئی سے تعلق رکھنے والے ایک ایک افسر کو بھی شامل کیا گیا ہے جو کہ انٹیلی جنس کی بنیاد پر تحقیقات میں معاونت کریں گے اور کمیٹی کو حقائق پیش کریں گے۔

    اس کے علاوہ کمیٹی میں سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ طاہر شہباز، ڈائریکٹر ایف آئی اے عثمان انور اور محتسب اعلیٰ پنجاب نجم سعید بھی بہ طور رکن کمیٹی خدمات انجام دیں گے اور حساس نوعیت کے معاملے پر اپنی پیشہ ورانہ تجاویز اور رائے دیں گے۔

  • مریم نواز کی کفالت ظاہر کرکے رہیں‌ گے، شاہ محمود قریشی

    مریم نواز کی کفالت ظاہر کرکے رہیں‌ گے، شاہ محمود قریشی

    اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نیوز گیٹ کے معاملے پر تاحال وقت ضائع کیا جارہاہے،نثار نے 48گھنٹوں میں حقائق سامنے لانے کا کہاتھا، پاناما لیکس میں تاثر دیا جارہا ہے کہ پی ٹی آئی ثبوت پیش نہ کرسکی، شواہد پیش کرکے مریم نواز کی کفالت ظاہر کریں گے۔


    Will try to expose rulers: Shah Mehmood Qureshi by arynews

    پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جاننا چاہتے ہیں کہ خبر کسی نے فیڈ کی اور باہر کیسے گئی؟چوہدری نثار نے خود کہا تھا کہ یہ بڑا اسکینڈل ہے اور 48 گھنٹے میں حقائق سے آگاہ کردیں گے لیکن تاحال نیوز گیٹ کے معاملے پر وقت ضائع کیا جارہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ایک کمیشن بنایا گیا اور اسے بھی 35 دن کا وقت دیا، کمیشن کا سربراہ ایک ریٹائرڈ جج کو بنایا گیا جس کی حکومت سے وابستگی کا پتا چلا ہےاور اس جج کی صاحبزدی حکومتی عہدے پر تعینات ہے،پی ٹی آئی سمیت دیگر جماعتوں نے بھی کمیشن پر اعتراض کیا ہے۔

    پاناما لیکس کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ تاثر دیا جارہا ہے کہ پی ٹی آئی ٹھوس ثبوت دیے میں ناکام ہوگئی، کوشش ہے کہ قوم کے سامنے حکمرانوں کا اصلی چہرہ بے نقاب کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ مقدمے میں تاثر دیا جارہا ہے کہ نواز شریف نے اثاثے 2005ء کے بعد بنائے اور کوشش کی جارہی ہے کہ مریم نواز کو کفالت میں ظاہر نہ کیا جائے،شواہد ہیں اور شریف برادران کہہ چکے ہیں کہ مریم زیر کفالت تھیں،نواز شریف نے اثاثے کب بنائے اس کا فیصلہ عدالت میں ہوگا، عدالت میں ثابت کریں گے کہ مریم نواز شریف کے زیر کفالت تھیں۔

    جہانگیر ترین نے کہا کہ کلثوم نواز نے تسلیم کیا تھا کہ یہ فلیٹ بچوں کے لیے خریدا گیا۔

    اسد عمر نے کہا کہ مریم نواز نے جو ٹیکس دیا وہ ان کی آمدنی کے ذرہ برابر بھی نہیں، مریم نواز نے قوم کو بتادیا کہ والد کے ساتھ رہتی ہوں۔

  • متنازع خبر پر قائم کمیٹی جانب دارہے، شیخ رشید کا نثار کو خط

    متنازع خبر پر قائم کمیٹی جانب دارہے، شیخ رشید کا نثار کو خط

    لاہور: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے متنازع خبر کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خط لکھ دیا اور کہا کہ کمیٹی میں شامل جسٹس(ر) عامر رضا خان کے حکومت سے قریبی مراسم ہیں انہیں کمیٹی پر اعتماد نہیں۔

    یہ پڑھیں: قومی سلامتی کی خبر: جسٹس عامر رضا تحقیقاتی کمیٹی کے سربراہ مقرر

    اے آر وائی نیوز کے نمائندہ اسلام آباد عبدالقادر کے مطابق شیخ رشید نے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ متنازع خبر کی تحقیقات کے لیے قائم کردہ کمیٹی کے سربراہ جسٹس (ر)عامر رضا خان کے شریف خاندان کے قریبی مراسم ہیں،ان کا نام وزرائے اعلیٰ کی فہرست میں بھی تھا۔

    شیخ رشید نے لکھا کہ عامر رضا خان کی بیٹی شریف میڈیکل کمپلیکس کے ذریعے حکومت سے مراعات وصول کررہی ہے، ایسی صورتحال میں تحقیقات کرنے والے کمیٹی کا یہ سربراہ قوم کو قبول نہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ تحقیقات کے نام پر صرف وقت ضائع کیا جارہا ہے، جسٹس عامر کو کمیٹی کا سربراہ بنایا جانا درست عمل نہیں، ہمیں اس معاملے میں شفاف تحقیقات کی امید نہیں ہم نتائج قبول نہیں کریں گے۔

    یہ بھی پڑھیں: خبرلیکس تحقیقاتی کمیٹی: تحریک انصاف،عوامی تحریک اور ق لیگ نے مسترد کردی

    قبل ازیں تحریک انصاف، عوامی تحریک اور ق لیگ نے بھی کمیٹی کو مسترد کردیا تھا۔

    واضح رہے کہ انگریزی اخبار ڈان اخبار میں شائع متنازع خبرکی اشاعت سے متعلق تحقیقات کے لیے قائم کمیٹی کا پہلا اجلاس آج طلب کیا گیا ہے، جسٹس (ر) عامررضا اجلاس کی صدارت کریں گے۔

    اسی سے متعلق: متنازع خبر کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی کا پہلااجلاس آج ہوگا

    کمیٹی میں آئی ایس آئی، ایم آئی اورآئی بی کے ارکان بھی شریک ہوں گے، سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ طاہر شہباز، محتسب اعلیٰ پنجاب نجم سعیدبھی کمیٹی میں شامل ہیں جبکہ ڈائریکٹر ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور بھی کمیٹی کے رکن ہیں۔