Tag: نیوز کاسٹر

  • پی ٹی وی کی معروف آواز، نیوز کاسٹر تسکین ظفر ہمیشہ کے لیے خاموش ہوگئی

    پی ٹی وی کی معروف آواز، نیوز کاسٹر تسکین ظفر ہمیشہ کے لیے خاموش ہوگئی

    پی ٹی وی نیوز اور ریڈیو پاکستان کی سابقہ معروف نیوز کاسٹر تسکین ظفر مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیلی ویژن نیوز کی ہر دلعزیز آواز ہمیشہ کیلئے خاموش ہو گئیں، پی ٹی وی نیوز کی معروف نیوزکاسٹرتسکین ظفر انتقال کر گئیں، ان کی نماز جنازہ آج سہ پہر راولپنڈی میں ادا کی جائے گی۔

    تسکین ظفر نے 80 کی دہائی میں ریڈیو پاکستان سے  اپنے کئریر کا آغاز کیا جس کے بعد وہ پاکستان ٹیلی ویژن کے ساتھ بطور نیوز کاسٹر ایک طویل عرصے تک منسلک رہیں۔

    تسکین ظفر اپنے الفاظ کی ادائیگی اور مخصوص لہجے  کی وجہ سے عوام میں مقبول تھیں، ان کے مداح بڑی تعداد میں خطوط ارسال کر کے  انکے کیلئے اپنی پسندیدگی کا اظہار کرتے تھے۔

    تسکین ظفر نے بطور نیوز کاسٹر 1998 میں ہونے والے ایٹمی دھماکوں کی خبر بھی سب سے پہلے  پڑھی تھی، وہ ریڈیوپاکستان کے شعبہ خبر سے بھی وابستہ رہیں۔

    تسکین ظفر کو ان کی خدمات پر تمغہ حسن کاکردگی سے بھی نوازا گیا، مرحومہ  کی نماز جنازہ آج  بعد نماز عصر فردوسی لائن لال کرتی راولپنڈی میں اداکی جائے گی۔

  • نیوز کاسٹر خبریں پڑھتے ہوئے اچانک بے ہوش

    نیوز کاسٹر خبریں پڑھتے ہوئے اچانک بے ہوش

    نئی دہلی : بھارت کی مختلف ریاستوں میں قیامت خیز گرمی کی لہر نے لوگوں کو شدید اذیت میں مبتلا کررکھا ہے، کئی علاقوں میں درجہ حرارت 40 ڈگری سے 46 ڈگری یا اس سے زائد ہے۔

    اسی دوران ایک واقعہ پیش آیا ہے جس میں بھارت کے سرکاری ٹی وی دور درشن کی خاتون نیوز کاسٹر خبریں پڑھتے پڑھتے اچانک بے ہوش ہوگئی اس وقت وہ موسم کی شدت سے متعلق ہی ناظرین کا آگاہ کررہی تھیں۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق دوردرشن کی کولکتہ برانچ کی اینکر لوپامدرا سنہا کا بلڈ پریشر شدید گرمی اور پانی کی کمی کے باعث کم ہوگیا تھا۔

    جس کے نتیجے میں وہ خبریں پڑھتے ہوئے بے ہوش ہوئیں ان کی آنکھوں سے سامنے اندھیرا چھا گیا اور وہ نڈھال ہوکر کرسی پر ہی لڑھک گئیں۔

    لوپامدرا سنہا کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی تاہم کچھ دیر بعد انہیں ہوش آگیا، انہوں نے بتایا کہ وہ شدید گرمی اور اچانک بلڈ پریشرکم ہونے کی وجہ سے” بے ہوش ہو گئیں، اینکر نے یہ بھی کہا کہ دفتر کے کولنگ سسٹم میں کچھ خرابی کی وجہ سے اسٹوڈیو کے اندر شدید گرمی تھی۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ جمعرات کو صبح کی نشریات سے پہلے بھی خود کو بیمار اورنڈھال محسوس کر رہی تھیں، میں اپنے ساتھ کبھی پانی کی بوتل نہیں رکھتی اور نہ ہی اپنے 21 سالہ کیریئر میں کبھی بھی نشریات کے دوران پانی پینے کی ضرورت محسوس نہیں کی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ میں نے کبھی خواب میں بھی نہیں سوچا تھا کہ میرے ساتھ بھی ایسا کچھ ہوگا تاہم انہوں نے ناظرین کو مشورہ دیا کہ وہ شدید گرمی کے دوران اپنا خیال رکھیں۔