Tag: نیول چیف

  • نیول چیف ایڈمرل محمد امجد خان کا کویت کا دورہ

    نیول چیف ایڈمرل محمد امجد خان کا کویت کا دورہ

    کراچی: پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کویت کا سرکاری دورہ کیا جہاں ان کی کویت آرمڈ فورسز کے چیف آف جنرل اسٹاف سے ملاقات ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کویت کا سرکاری دورہ کیا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ دورے کے دوران نیول چیف کی کویت آرمڈ فورسز کے چیف آف جنرل اسٹاف سے ملاقات ہوئی، نیول چیف کی کویتی بحریہ کے سربراہ اور دیگر عسکری حکام سے الگ الگ ملاقاتیں بھی ہوئیں۔

    ترجمان کے مطابق ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے پیشہ وارانہ امور اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال بھی ہوا۔

    نیول چیف نے علاقائی و سمندری تحفظ کے لیے پاک بحریہ کے کردار پر روشنی ڈالی، میزبان حکام نے خطے میں بحری امن و استحکام کے لیے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ نیول چیف کو کویتی بحریہ کی استعداد کار سے متعلق آپریشنل بریفنگ دی گئی۔ سربراہ پاک بحریہ کا دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔

  • سربراہ پاک بحریہ کا دورہ امریکا، اہم ملاقاتیں

    سربراہ پاک بحریہ کا دورہ امریکا، اہم ملاقاتیں

    اسلام آباد: پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کا دورہ امریکا جاری ہے جہاں انہوں نے انٹرنیشنل سی پاور سمپوزیم میں شرکت کی، اور مختلف ممالک کی بحری افواج کے سربراہان سے ملاقاتیں کیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے اپنے دورہ امریکا کے دوران 24 ویں انٹرنیشنل سی پاور سمپوزیم میں شرکت کی۔

    سمپوزیم میں 80 سے زائد ممالک کے وفود نے شرکت کی جبکہ مختلف ممالک کی بحری افواج اور کوسٹ گارڈ کے سربراہان نے بھی شرکت کی۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ سمپوزیم میں میری ٹائم چیلنجز اور عالمی سطح پر میری ٹائم سیکیورٹی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    سربراہ پاک بحریہ کی امریکا کے سیکریٹری آف نیوی کارلوس ڈل ٹورو اور امریکی بحریہ کے دیگر اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں ہوئیں۔ نیول چیف نے ارجنٹینا، فرانس، جرمنی، گھانا، جاپان، سری لنکا اور ترکی کی بحری افواج کے سربراہان سے ملاقاتیں کیں۔

    ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ بحری تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا، سربراہ پاک بحریہ نے یو ایس سرفیس وار فیئر اسکول کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں امریکی بحری افواج کے کردار پر بریفنگ دی گئی۔

    ترجمان بحریہ کا کہنا ہے کہ نیول چیف کے دورے سے دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔

  • نیول چیف کا اہم دورہ قطر

    نیول چیف کا اہم دورہ قطر

    کراچی: پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل امجد نیازی قطر کے سرکاری دورے پر ہیں جہاں انہوں نے اپنے ہم منصب سے ملاقات کی۔

    تفصیلات کے مطابق نیول چیف ایڈمرل امجد نیازی قطر کے سرکاری دورہ پر پہنچ گئے، دوحہ نیول بیس پہنچنے پر کمانڈر قطر امیری نیول فورسز نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

    ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ اس موقع پر نیول چیف کو روایتی انداز میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، انہیں قطری بحریہ کی استعداد کار پر بریفنگ بھی دی گئی۔ نیول چیف نے قطر آرمڈ فورسز کے چیف آف اسٹاف سے اہم ملاقات بھی کی۔

    ترجمان کے مطابق نیول چیف نے کمانڈر قطر امیری ایئر فورس سے بھی ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ دفاعی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ نیول چیف نے سمندری تحفظ اور امن کے لیے پاک بحریہ کے عزم کو اجاگر کیا، میزبان نے بھی خطے کی بحری سیکیورٹی یقینی بنانے میں پاک بحریہ کے کردار کی تعریف کی۔

    سربراہ پاک بحریہ نے قطر کی مختلف بحری تنصیبات کا بھی دورہ کیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول چیف کا دورہ دونوں ممالک بالخصوص بحری افواج کے تعلقات کو فروغ دے گا۔

  • جبوتی نیشنل پارلیمنٹ کے صدر کی نیول چیف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے ملاقات

    جبوتی نیشنل پارلیمنٹ کے صدر کی نیول چیف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے ملاقات

    اسلام آباد: مشریقی افریقی ملک جبوتی کی نیشنل پارلیمنٹ کے صدر محمد علی حمید نے وفد کے ہمراہ نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور نیول چیف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے ملاقات کی۔

    تفصیلات کے مطابق مشریقی افریقی ملک جبوتی کی نیشنل پارلیمنٹ کے صدر محمد علی حمید نے کمانڈر جبوتی بحریہ اور وفد کے دیگر اراکین کے ہمراہ نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔

    ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ جبوتی نیشنل پارلیمنٹ کے صدر نے امیر البحر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے ملاقات بھی کی، جبکہ کمانڈر جبوتی بحریہ نے بھی سربراہ پاک بحریہ سے خصوصی ملاقات کی۔

    ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ بحری تعاون کے مزید فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ کمانڈر جبوتی بحریہ کو دی جانے والی بریفنگ میں علاقاٸی میری ٹائم سیکیورٹی صورتحال میں پاک بحریہ کے کردار پر روشنی ڈالی گئی۔

    ترجمان کے مطابق جبوتی کے اعلیٰ سطحی وفد کے دورے سے دونوں ممالک بالخصوص بحری افواج کے مابین تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔

  • آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاک بحریہ کے نئے سربراہ کی ملاقات

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاک بحریہ کے نئے سربراہ کی ملاقات

    اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاک بحریہ کے نئے سربراہ ایڈمرل امجد خان نیازی کی ملاقات ہوئی، آرمی چیف کا کہنا تھا کہ توقع ہے ان کی قیادت میں پاک بحریہ نئی بلندیاں طے کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ نو متعین نیول چیف ایڈمرل امجد خان نیازی نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا، جہاں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ان کی ملاقات ہوئی۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملاقات میں پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایڈمرل امجد خان کو پاک بحریہ کی کمان سنبھالنے پر مبارک باد دی، آرمی چیف کا کہنا تھا کہ توقع ہے ان کی قیادت میں پاک بحریہ نئی بلندیاں طے کرے گی۔

    اس موقع پر امیر البحر ایڈمرل امجد خان نیازی نے یادگار شہدا پر حاضری دی اور فاتحہ بھی پڑھی۔

    خیال رہے کہ 7 اکتوبر کو ایڈمرل امجد خان نیازی نے بطور نیول چیف پاک بحریہ کی کمان سنبھالی تھی، ایڈمرل امجد خان نیازی پاک بحریہ کے 22 ویں سربراہ ہیں۔

  • ایڈمرل امجد خان نیازی نے بطور نیول چیف پاک بحریہ کی کمانڈ سنبھال لی

    ایڈمرل امجد خان نیازی نے بطور نیول چیف پاک بحریہ کی کمانڈ سنبھال لی

    اسلام آباد: ایڈمرل امجد خان نیازی نے بطور نیول چیف پاک بحریہ کی کمانڈ سنبھال لی، ایڈمرل امجد خان نیازی پاک بحریہ کے 22 ویں سربراہ بن گئے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاک بحریہ کی تبدیلی کمانڈ کی پروقار تقریب میں ایڈمرل امجد خان نیازی نے بطور نیول چیف پاک بحریہ کی کمانڈ سنبھال لی، ایڈمرل امجد خان نیازی پاک بحریہ کے 22 ویں سربراہ بن گئے۔

    ایڈمرل امجدخان نیازی اہم عہدوں پر فرائض انجام دے چکے ہیں، وائس ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے سنہ 1985 میں آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا، امجد خان نیازی نے کمیشننگ کےموقع پر پی این اے سے اعزازی شمشیر حاصل کی۔

    امجد خان نیازی متعدد کمانڈ اور اسٹاف عہدے پر کام کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں، وہ کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں بھی فرائج انجام دے چکے ہیں جبکہ وہ کمانڈر پاکستان فلیٹ اور کمانڈر کراچی بھی رہ چکے ہیں۔

    ترجمان پاک بحریہ کے مطابق محمد امجد خان نیازی چیف آف دی نیول اسٹاف کے پرنسپل سیکریٹری بھی رہ چکے ہیں، وہ ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف ٹریننگ اینڈ ایوالیوایشن کے عہدے پر بھی رہے جبکہ ڈی جی نیول انٹیلی جنس کے عہدے پر بھی رہے ہیں۔

    محمد امجد خان نیازی اس وقت چیف آف اسٹاف آپریشنز کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں، انہیں ہلال امتیاز ملٹری اور ستارہ بسالت سے بھی نوازا جا چکا ہے جبکہ انہیں فرانس کی جانب سے شیویلئے (نائٹ) میڈل سے بھی نوازا گیا۔

  • نیول چیف کی تقرری: تبدیلی کمانڈ کی تقریب 7 اکتوبر کو ہوگی

    نیول چیف کی تقرری: تبدیلی کمانڈ کی تقریب 7 اکتوبر کو ہوگی

    اسلام آباد: پاک بحریہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وائس ایڈمرل محمد امجد خان نیازی پاک بحریہ کے نئے سربراہ مقرر کردیے گئے، تبدیلی کمانڈ کی تقریب 7 اکتوبر 2020 کو اسلام آباد میں ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ وائس ایڈمرل محمد امجد خان نیازی پاک بحریہ کے نئے سربراہ مقرر کردیے گئے ہیں، تبدیلی کمانڈ کی تقریب 7 اکتوبر 2020 کو اسلام آباد میں ہوگی جس میں محمد امجد خان نیازی کو ایڈمرل کے عہدے پر ترقی دی جائے گی۔

    وائس ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے سنہ 1985 میں آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا، امجد خان نیازی نے کمیشننگ کےموقع پر پی این اے سے اعزازی شمشیر حاصل کی۔

    امجد خان نیازی متعدد کمانڈ اور اسٹاف عہدے پر کام کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں، وہ کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں بھی فرائج انجام دے چکے ہیں جبکہ وہ کمانڈر پاکستان فلیٹ اور کمانڈر کراچی بھی رہ چکے ہیں۔

    ترجمان پاک بحریہ کے مطابق محمد امجد خان نیازی چیف آف دی نیول اسٹاف کے پرنسپل سیکریٹری بھی رہ چکے ہیں، وہ ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف ٹریننگ اینڈ ایوالیوایشن کے عہدے پر بھی رہے جبکہ ڈی جی نیول انٹیلی جنس کے عہدے پر بھی رہے ہیں۔

    محمد امجد خان نیازی اس وقت چیف آف اسٹاف آپریشنز کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں، انہیں ہلال امتیاز ملٹری اور ستارہ بسالت سے بھی نوازا جا چکا ہے جبکہ انہیں فرانس کی جانب سے شیویلئے (نائٹ) میڈل سے بھی نوازا گیا۔

  • پاک بحریہ جہاز رانی کی صنعت کےفروغ کے لیے تعاون کے عزم کا اعادہ کرتی ہے،نیول چیف

    پاک بحریہ جہاز رانی کی صنعت کےفروغ کے لیے تعاون کے عزم کا اعادہ کرتی ہے،نیول چیف

    کراچی: پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ جہاز رانی کی صنعت کےفروغ کے لیے تعاون کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ورلڈ میری ٹائم ڈے 2020 پر پاک بحریہ کے سربراہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ سمندرکی اہمیت،تحفظ پرتوجہ مبذول کرانے کے لیے ورلڈ میری ٹائم ڈے منایاجاتا ہے۔

    نیول چیف نے کہا کہ اس سال میری ٹائم کے عالمی دن کا موضوع مستحکم کرہ ارض کے لیے مستحکم جہاز رانی ہے،عالمی معیشت کا زیادہ انحصار جہاز رانی سے متعلقہ سرگرمیوں پر ہے۔انہوں نے کہا کہ قدرت نے پاکستان کو ایک ہزار کلومیٹر سے زائدساحلی پٹی سے نوازا ہے۔

    ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے بھرپور استفادہ کے لیے بحری شعبے کی ترقی ناگزیر ہے،حکومت کی جانب سے 2020 کو بلیو اکانومی کا سال قرار دینا مثبت قدم ہے۔

    پاک بحریہ کے سربراہ نے کہا کہ سمندری تحفظ کے روایتی،غیر روایتی چیلنجز کے ساتھ بڑھتی سمندری آلودگی ایک سنگین مسئلہ ہے، تمام ساحلی ممالک کی جانب سے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔

    نیول چیف کا کہنا تھا کہ ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرول کے ذریعے سمندری تحفظ یقینی بنانےمیں کردار ادا کر رہی ہے،پاک بحریہ سمندری دفاع کےساتھ میری ٹائم شعبے سے متعلق آگاہی اور بلیو اکانومی کے فروغ کے لیے سرگرم ہے۔

    ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ بندرگاہوں کی صفائی،سمندرمیں تیل کے رساؤ کی روک تھام کے لیے اہم کردار ہے،مینگرووز کی شجرکاری سمندری ماحولیاتی نظام کے تحفظ کے لیے پاک بحریہ کے اہم اقدامات ہیں۔

    پاک بحریہ کے سربراہ نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ پاک بحریہ جہاز رانی کی صنعت کے فروغ کے لیے تعاون کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔

  • نیول چیف کا   خون کے آخری قطرے تک دفاعِ وطن کے عزم کا اعادہ

    نیول چیف کا خون کے آخری قطرے تک دفاعِ وطن کے عزم کا اعادہ

    اسلام آباد : پاک بحریہ کےسربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے خون کے آخری قطرے تک دفاع وطن کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن دوارکا ہماری قومی تاریخ کی عظیم فتح ہے۔

    تفصیلات کے مطابق 8 ستمبر یوم بحریہ پر پاک بحریہ کےسربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج بحریہ کےشہدا،غازیوں کی قربانیوں وجذبے کو سراہنے کا دن ہے، یہ دن ہمیں اپنے اسلاف کےکارناموں،کامیابیوں کی یاد دلاتا ہے۔

    نیول چیف کا کہنا تھا کہ آپریشن دوارکا ہماری قومی تاریخ کی عظیم فتح ہے، پاک بحریہ کے جہازوں نے بھارتی بندرگاہ پر حملہ کیااور ریڈار اسٹیشن تباہ کرنےکےساتھ دشمن کا غرور بھی خاک میں ملایا ، پاک بحریہ کی واحدآبدوزغازی نے بھارتی نیوی کو بندرگاہوں میں مقید رکھا۔

    ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے خون کے آخری قطرے تک دفاع وطن کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا آج بحریہ کے افسران اور  جوان  کشمیری بھائیوں سےاظہاریکجہتی کرتےہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ خطےمیں مضبوط بحری قوت کےطورپرپہچانی جاتی ہے، پاک بحریہ عالمی پانیوں میں امن واستحکام یقینی بنارہی ہے۔

    نیول چیف نے کہا کہ سی پیک کے تناظر میں پاک بحریہ اہم کردار نبھانے کیلئے تیار ہے اور ملک و قوم کو میری ٹائم سیکٹر، بلیواکانومی فوائد پہنچانے کیلئے پُرعزم ہیں۔

    ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا کہنا تھا کہ پاکستان نیوی سمندری تحقیق میں تعاون کر رہی ہے، ہائیڈروکاربن وسائل کی تلاش میں مددبھی فراہم کی جارہی ہے۔

    خیال رہے جنگ ستمبرمیں پاک بحریہ نےبھارت کی بندرگاہ دوارکا کوتباہ کر کے نہ صرف اپنی حربی قوت ثابت کی بلکہ بھارت کی پوری نیوی کو مفلوج کر کے رکھ دیا تھا، بھارت کے خلاف اس شاندار آپریشن کی کامیابی کی خوشی میں آج ملک بھر میں یوم پاک بحریہ منایا جا رہا ہے۔

  • 6 ستمبر کا دن ہماری تاریخ کا ایک سنہرا باب ہے: سربراہ پاک بحریہ

    6 ستمبر کا دن ہماری تاریخ کا ایک سنہرا باب ہے: سربراہ پاک بحریہ

    کراچی: پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے یوم دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ 6 ستمبر کا دن ہمارے شہدا اور غازیوں کی بے مثال بہادری و قربانیوں کا غماز ہے، اس دن ہم نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق یوم دفاع کے موقع پر سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اپنے پیغام میں کہا کہ 6 ستمبر کا دن ہماری تاریخ کا ایک سنہرا باب ہے، یہ دن پاکستانی قوم اور افواج کے غیر متزلزل عزم کی یاد دلاتا ہے۔

    نیول چیف کا کہنا تھا کہ یہ دن ہمارے شہدا اور غازیوں کی بے مثال بہادری و قربانیوں کا غماز ہے، دشمن کی عددی برتری کے باوجود ثابت قدم رہے۔ 6 ستمبر کے دن دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔

    انہوں نے کہا کہ بحریہ کی جراتمندانہ جنگی حکمت عملی نے دشمن کو بچاؤ پالیسی اپنانے پر مجبور کیا، پاک بحریہ کے جہازوں نے دوارکا میں بھارتی ریڈار اسٹیشن کو تباہ کیا۔

    نیول چیف کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ کی آبدوز غازی نے بھارتی بحری جنگی بیڑے کو بندرگاہ تک مقید رکھا، پاک بحریہ آج بھی دشمن کی سازشوں کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ افسران و جوان ملکی بحری سرحدوں کے دفاع کے لیے اپنے عزم کو دہراتے ہیں، آئندہ نسلوں کے لیے ترقی یافتہ اور پر امید مستقبل مہیا کیا جا سکے۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں یوم دفاع پاکستان آج ملی جوش و جذبے اور شہدائے وطن کے ساتھ محبت و عقیدت کے ساتھ منایا جارہا ہے، یوم دفاع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دن کا آغاز 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔

    نماز فجر کے بعد ملک و قوم کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں اور شہدا کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔