Tag: نیوکلیئر پاور پلانٹ

  • پاکستان کا سب سے بڑا نیوکلیئر پاور پلانٹ یونٹ 5 کیلئے لائسنس جاری

    پاکستان کا سب سے بڑا نیوکلیئر پاور پلانٹ یونٹ 5 کیلئے لائسنس جاری

    پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی نے چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ سی فائیو یونٹ کی تعمیر کا لائسنس جاری کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اٹامک انرجی کمیشن 1200 میگا واٹ کا نیوکلیئر پاور پلانٹ تعمیر کرے گا، سی فائیو پاکستان میں بجلی پیدا کرنے والا سب سے بڑا نیوکلیئر پاور پلانٹ ہوگا۔

    پی این آراے کا کہنا ہے پاور پلانٹ کے لیے جوہری توانائی کا محفوظ استعمال اور عالمی اصولوں پر عمل یقینی بنایا جائے گا،  پی این آراے تابکاری کے مضر اثرات سے حفاطت کے لیے پرعزم ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن نے چشمہ نیو کلیئر پاور پلانٹ فائیو کے تعمیراتی لائسنس کیلئے اپریل 2024 میں درخواست دی تھی جس کے ساتھ ابتدائی حفاظتی جائزہ رپورٹ اور دیگر متعلقہ ضروری دستاویزات بھی جمع کروائی گئیں۔

  • کراچی میں نیوکلیئر پاور پلانٹ کا افتتاح، وزیر اعظم نے چینی بھائیوں سے بجلی کی قیمت میں کمی کی امید باندھ لی

    کراچی میں نیوکلیئر پاور پلانٹ کا افتتاح، وزیر اعظم نے چینی بھائیوں سے بجلی کی قیمت میں کمی کی امید باندھ لی

    کراچی: وزیر اعظم شہباز شریف نے کراچی میں نیوکلیئر پاور پلانٹ کینپ 3 کا افتتاح کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کراچی میں نیوکلیئر پاور پلانٹ کینپ 3 کا افتتاح کر دیا، یہ پاور پلانٹ چین کی شراکت سے بنایا گیا ہے، منصوبے سے بجلی کی مجموعی پیداوار 2200 میگا واٹ ہو جائے گی۔

    اس موقع پر وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں چینی بھائیوں سے بجلی کی قیمت میں کمی کی امید باندھتے ہوئے کہا کہ ہمیں امید ہے چینی بھائی مستقبل میں بجلی کے یونٹ کی قیمت میں کمی کریں گے۔

    انھوں نے کہا ’’پاکستان توانائی کی مد میں 27 بلین ڈالر کی پیٹرولیم مصنوعات درآمد کرتا ہے، پاکستان کو سستے اور معیاری متبادل توانائی کے ذرائع کی ضرورت ہے۔‘‘

    وزیر اعظم نے کہا ’’چین اور پاکستان بہترین دوست ہیں، نواز شریف کی سربراہی میں 2015 میں سی پیک کے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی، آج سی پیک کے تحت ہزاروں میگا واٹ بجلی پاکستان میں بن رہی ہے، سی پیک کے دیگر منصوبے بھی جاری ہیں، انشا اللہ ہم چین کے ساتھ اگلے مراحل میں داخل ہوں گے۔‘‘

    شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو سستے ایندھن کی ضرورت ہے، ہماری بھرپور کوشش ہے کہ 1200 میگا واٹ تیزی سے آگے بڑھے۔

    انھوں نے ہدایت کی کہ ایٹامک انرجی کمیشن کی تکمیل کے لیے جنھوں نے دن رات کام کی ان کی فہرست بنائی جائے، انھیں وزیر اعظم ہاؤس میں دعوت دے کر حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہمیں بجلی کے منصوبے لگانا ہوں گے، شمسی توانائی اور پن بجلی منصوبوں سے ترقی اور خوش حالی آئے گی، ہم کروڈ آئل اربوں ڈالر میں امپورٹ کرتے ہیں تو اس طرح اس کی بچت ہوگی۔

  • امارات میں عرب دنیا کے پہلے نیوکلیئر پاور پلانٹ کا آغاز

    امارات میں عرب دنیا کے پہلے نیوکلیئر پاور پلانٹ کا آغاز

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں عرب دنیا کے پہلے نیوکلیئر پاور پلانٹ کا آغاز کردیا گیا، جوہری پاور پلانٹ ملک کو بجلی کی ضرورت کا ایک چوتھائی حصہ فراہم کرسکے گا۔

    اماراتی خبر ایجنسی کے مطابق متحدہ عرب امارات نے براکہ میں عرب دنیا کے پہلے نیوکلیئر پلانٹ کے ابتدائی آپریشن کا کامیابی سے آغاز کر دیا ہے، براکہ جوہری توانائی پلانٹ کے یونٹ ون کا کامیابی سے آغاز امارات نیوکلیئر انرجی کارپوریشن کی ذیلی کمپنی نواح انرجی کمپنی نے کیا ہے۔

    دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ٹیم نے ایندھن بھرنے کا عمل کامیابی سے مکمل کرلیا اور جامع ٹیسٹ کیے، میں اپنے بھائی محمد بن زاید کو اس کامیابی پر مبارکباد دیتا ہوں۔

    براکہ کے یونٹس میں سے ایک کا فعال ہوجانا متحدہ عرب امارات کے پرامن جوہری توانائی پروگرام کے لیے تاریخی سنگ میل ہے کیونکہ یہ اس عمل کا حصہ ہے جس کے تحت ملک کے لیے آئندہ 60 سال تک بجلی پیدا ہوسکے گی۔

    یونٹ ون متحدہ عرب امارات کے گرڈ اسٹیشن سے منسلک کیا جائے گا جو متعدد ٹیسٹوں کے بعد بجلی رہائشی علاقوں اور دفاتر کو مہیا کرے گا۔

    امارات نیوکلیئر انرجی کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد ابراہیم الحمدی کا کہنا ہے کہ آج حقیقی معنوں میں متحدہ عرب امارات کے لیے تاریخی لمحہ ہے۔ یہ ایک دہائی سے زیادہ کے وژن، اسٹریٹجک منصوبہ بندی اور اس پروگرام کے مضبوط انتظام کا نتیجہ ہے۔

    ان کے مطابق اب ہم ملک کو بجلی کی ضروریات کا ایک چوتھائی تک فراہم کرنے کے ہدف کے ایک اور قدم قریب پہنچ گئے ہیں۔

    خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات صاف اور محفوظ بجلی پیدا کرنے کے لیے جوہری توانائی پلانٹ چلانے والا عرب دنیا کا پہلا اور دنیا کا 33 واں ملک ہے۔