Tag: نیویارک

  • دنیا کو پیغام چلا گیا 80 لاکھ کشمیریوں پر ظلم ہورہا ہے، وزیراعظم

    دنیا کو پیغام چلا گیا 80 لاکھ کشمیریوں پر ظلم ہورہا ہے، وزیراعظم

    نیویارک: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دنیا کو پیغام چلا گیا کہ 80 لاکھ کشمیریوں پر ظلم ہورہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے  اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم جو پیغام دینے آئے تھے اللہ کا شکر ہے وہ کامیابی سے دیا، عزت اللہ دیتا ہے پوری قوم نے دعائیں کیں۔

    وزیراعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ، امریکا، روس اور بڑی طاقتوں کو پتا ہے کہ کشمیر میں کیا ہورہا ہے۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ یہ جدوجہد جاری رہے گی، جدوجہد میں اونچ نیچ آتی ہے، لوگوں نے مایوس نہیں ہونا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے جو عزت دینے والا ہے، پوری پاکستانی قوم نے دعائیں کی تھیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 74ویں اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کیا تھا۔

    مزید پڑھیں: اقوام متحدہ دو نیوکلیئر طاقتوں‌ کے آمنے سامنے آنے سے پہلے اپنا کردار ادا کرے، وزیراعظم

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نریندر مودی کو اس کے غرور نے اندھا کردیا ہے، کرفیو اٹھنے کے بعد کشمیر میں خون کی ندیاں بہیں گی، اقوام متحدہ کو کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانا پڑے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ آر ایس ایس وہ تنظیم ہے جو ہٹلر اور مسولینی سے متاثر ہے، آر ایس ایس نسل پرستی اور آریہ سماج پر یقین رکھتی ہے، آر ایس ایس مسلمانوں اور عیسائیوں کی نسل کشی اور نفرت پر یقین رکھتی ہے، آر ایس ایس کی سوچ کے باعث مودی نے 2002 میں گجرات میں مسلمانوں کو قتل عام کیا، مودی پر امریکا میں گجرات میں قتل عام کے الزامات پر پابندی لگی۔

    یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں تقریر کے بعد مقبوضہ وادی میں کرفیو کے باوجود کشمیری عوام سڑکوں پر نکل آئے اور جشن منایا۔

  • ایران سے تعلقات چیلنج ہے، نہیں چاہتے خطہ کسی اور تنازع سے دوچار ہو: شاہ محمود

    ایران سے تعلقات چیلنج ہے، نہیں چاہتے خطہ کسی اور تنازع سے دوچار ہو: شاہ محمود

    نیویارک: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ایران سے تعلقات بہت بڑا چیلنج ہے، ہم نہیں چاہتے کہ ہمارا خطہ کسی اور تنازع سے دو چار ہو، کچھ لوگ آگ لگانا چاہتے ہیں لیکن ہم یہ نہیں چاہتے۔

    ان خیالات کا اظہار وزیر خارجہ نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام اعتراض ہے میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا، انھوں نے کہا ایران، سعودی عرب تنازع میں ہم اپنا کردار ادا کریں گے، ایران کے صدر اور وزیر خارجہ سے بھی بات ہوئی ہے۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا وزیر اعظم عمران خان کی جنرل اسمبلی میں تقریر کے بعد مقبوضہ کشمیر میں لوگوں نے کرفیو توڑا اور باہر نکل کر آتش بازی کی، تقریر سے قبل اہم پوائنٹس بنائے گئے تھے، دوسری طرف مودی کی تقریر کے دوران باہر شیم شیم کے نعرے لگے۔

    ان کا کہنا تھا ایسا کبھی نہیں ہوا کہ یو این کے باہر ہزاروں پاکستانی اور کشمیریوں نے احتجاج کیا ہو، بھارت کی فرعونیت ہمارے سامنے ہے، آج بھی چھ کشمیریوں کو شہید کیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  اقوام متحدہ دو نیوکلیئر طاقتوں‌ کے آمنے سامنے آنے سے پہلے اپنا کردار ادا کرے، وزیراعظم

    وزیر خارجہ نے کہا افغانستان کے مسئلے پر بڑی پیش رفت ہوئی ہے، زلمے خلیل زاد نے ہمیں بتایا کہ طالبان سے تمام معاملات طے ہو گئے تھے، افغان امن عمل کے لیے پاکستان نے اپنا کردار ادا کیا، خوشی ہے افغانستان میں انتخابات کا مرحلہ مکمل ہوا، افغانستان نے بارڈر کھلا رکھنے کی درخواست کی تھی۔

    شاہ محمود نے کہا اللہ نے بھٹو کے بعد کسی کو عزت دی ہے تو وہ عمران خان ہیں، پاکستانی قوم یک جا ہو گئی ہے، کچھ لوگ اپنے مفادات کے لیے کھڑے ہیں، قوم پاکستان کے لیے کھڑی ہے۔

    ان کا کہنا تھا پاکستان، ترکی اور ملائیشیا نے مل کر انگریزی چینل کھولنے کا فیصلہ کیا ہے، یہ ٹی وی چینل اسلام کے صحیح تشخص کو اجاگر کرے گا اور اسلاموفوبیا کا مقابلہ کرے گا۔

  • وزیر اعظم عمران خان کا طیارہ تکنیکی خرابی کا شکار، نیویارک میں ایمرجنسی لینڈنگ

    وزیر اعظم عمران خان کا طیارہ تکنیکی خرابی کا شکار، نیویارک میں ایمرجنسی لینڈنگ

    نیویارک: وزیر اعظم عمران خان کا طیارہ تکنیکی خرابی کا شکار ہوگیا جس کے باعث طیارے کی دوبارہ نیویارک میں ایمرجنسی لینڈنگ کرنی پڑی، وزیر اعظم آج رات نیویارک میں ہی قیام کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب کے بعد وطن واپسی کے لیے روانہ ہوئے تو ان کا طیارہ تکنیکی خرابی کا شکار ہوگیا جس کے باعث طیارے کو ٹورنٹو سے واپس موڑنا پڑا۔

    وزیر اعظم کے طیارے نے دوبارہ نیویارک میں لینڈ کیا جس کے بعد وزیر اعظم وفد سمیت امریکی سیکیورٹی اسکواڈ کے ہمراہ روز ویلٹ ہوٹل دوبارہ پہنچ گئے، وزیر اعظم کی آمد کے بعد روز ویلٹ ہوٹل کی سیکیورٹی دوبارہ بڑھا دی گئی۔

    ذرائع کے مطابق طیارے کے نیوی گیشن سسٹم میں خرابی پر طیارے کو ٹورنٹو سے دوبارہ نیویارک کی طرف موڑا گیا اور ایمرجنسی لینڈنگ کرنی پڑی، وزیر اعظم کا طیارہ اس وقت جان ایف کینیڈی ایئرپورٹ پر موجود ہے اور امریکی ایوی ایشن حکام طیارے کا نیوی گیشن سسٹم ٹھیک کر رہے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کے طیارے کا دوران پرواز الیکٹرک سسٹم فیل ہوگیا تھا، الیکٹرک سسٹم فیل ہونے سے لینڈنگ میں انتہائی دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

    ابتدا میں طیارے کو جلد ہی اڑانے کا ارادہ ظاہر کیا گیا تاہم سسٹم کی درستگی کا کام وقت لینے لگا تو وزیر اعظم امریکی سیکیورٹی اسکواڈ کے ہمراہ واپس ہوٹل کی جانب روانہ ہوگئے۔

    وزیر اعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ طیارے میں تکنیکی خرابی کے باعث وزیر اعظم آج رات نیویارک کے ہوٹل میں ہی قیام کریں گے۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم گزشتہ کئی روز سے جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک میں موجود تھے۔ گزشتہ روز انہوں نے جنرل اسمبلی سے اپنا تاریخی خطاب کیا جس میں انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کا پردہ چاک کردیا تھا۔

  • شاہ محمود قریشی کی مختلف ممالک کے خارجہ حکام سے ملاقات

    شاہ محمود قریشی کی مختلف ممالک کے خارجہ حکام سے ملاقات

    نیویارک: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر اور برطانوی سیکریٹری خارجہ ڈیوڈ ملی بینڈ سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر گفتگو ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر سے ملاقات کی، ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور خطے کے امن کو درپیش خطرات پر تبادلہ خیال کیا۔

    وزیر خارجہ نے اسلام تعاون تنظیم (او آئی سی) رابطہ گروپ اجلاس بلانے پر سعودی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ رابطہ گروپ ہنگامی اجلاس سے مسئلے پر دنیا کی توجہ مبذول ہوئی۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے 80 لاکھ مسلمان او آئی سی کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ او آئی سی کو کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف مسلسل آواز بلند کرنا ہوگی۔

    دونوں وزرائے خارجہ نے خطے میں امن کے لیے مشترکہ کاوشیں جاری رکھنے کا عزم بھی کیا۔

    بعد ازاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے برطانوی سیکریٹری خارجہ ڈیوڈ ملی بینڈ کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے 80 لاکھ مسلمانوں کو محصور کر رکھا ہے، کرفیو سے مقبوضہ کشمیر میں خوراک اور ادویات کی شدید قلت ہے، ذرائع مواصلات پر پابندی ہے، اصل حقائق سامنے نہیں آرہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت تاثر دے رہا ہے مقبوضہ کشمیر میں حالات معمول پر ہیں، حقیقت بھارت کے مؤقف کے بالکل برعکس ہے۔ بھارت کشمیریوں کی نسل کشی چاہتا ہے۔ بھارت کشمیریوں کے خون سے ہولی کھیلنا چاہتا ہے۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت پورے خطے کے امن کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے، آئی آر سی جیسی انسانی حقوق کی علمبردار تنظیموں کو آگے آنا ہوگا، 80 لاکھ نہتے کشمیریوں کو بھارتی ظلم سے بچانے کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا

  • وزیراعظم عمران خان آج  نیویارک میں اہم ملاقاتیں کریں گے

    وزیراعظم عمران خان آج نیویارک میں اہم ملاقاتیں کریں گے

    نیویارک : وزیراعظم عمران خان آج انڈونیشیا کے نائب صدر اور بیلجیئم کے ہم منصب ، پاکستانی سرمایہ کاروں کے وفد ، مشہورامریکی کمپنی ایگزان موبل اور اے کے ڈی گروپ سے ملاقاتیں کریں گے اور غربت کے خاتمے کے لیے پاکستان اور ملائیشیا کے مشترکہ پروگرام میں شرکت کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی نیویارک میں آج کی مصروفیات کا شیڈول جاری کردیا گیا ، وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر پہنچیں گے ، جہاں وہ انڈونیشیا کے نائب صدر اور بیلجیئم کے ہم منصب ملاقات کریں گے۔

    وزیراعظم معاشی اورترقیاتی مذاکرے میں اپنے خیالات کا اظہار کریں گے اور غربت کے خاتمے کے لیے پاکستان اور ملائیشیا کے مشترکہ پروگرام میں شرکت کریں گے۔

    وزیراعظم کی پاکستانی سرمایہ کاروں کے وفد سے ہوٹل میں ملاقات ہوگی جبکہ مشہورامریکی کمپنی ایگزان موبل اور اےکےڈی گروپ سے ملاقاتیں بھی شیڈول کا حصہ ہیں۔

    وزیراعظم کی ناروے کے سابق ہم منصب سے ملاقات شیڈول میں شامل ہیں ، عمران خان ایشیاسوسائٹی کی تقریب سےخطاب کریں گے اور معروف سیاسی شخصیات، بزنس مینز کے عشائیے میں شرکت کریں گے۔

    یاد رہے گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے نیویارک میں ملائیشیا اور ناروے کی وزیراعظم کوکشمیرکی صورتحال سےآگاہ کیا اور مقبوضہ کشمیر کیلئے آواز اٹھانے پر وزیراعظم نے مہاتیرمحمد کا شکریہ اداکیا۔

    مزید پڑھیں : وزیر اعظم عمران خان کی ملائیشین ہم منصب مہاتیر محمد سے اہم ملاقات

    اخبار وال اسٹریٹ جنرل کےادارتی بورڈ سے گفتگوکرتے ہوئے عمران خان نے بھارت کےغیرقانونی اقدام اورانسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا اور کہا تھا کہ خدشہ ہے کرفیو اٹھنے کے بعد مقبوضہ وادی میں خونریزی ہوگی، مودی کے گھمنڈ نے خطے کے امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے، عالمی میڈیا مودی کا اصل چہرہ بے نقاب کرنے میں اہم کردارادا کرسکتا ہے، توقع ہےعالمی طاقتیں مودی کومقبوضہ کشمیرمیں مبصرین آنے دینے پر مجبورکریں گی۔

    عمران خان نے ہیومن رائٹس واچ کےایگزیکٹوڈائریکٹرکو بھی بھارتی فوج کی انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت خطے کی آبادیاتی ترتیب کو متاثر کرنے کی کوشش کررہاہے، کشمیر کا سفیربن کرآیا ہوں اور بھرپور طریقے سے مقدمہ پیش کروں گا۔

  • وزیراعظم سے مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کی اہم ملاقات

    وزیراعظم سے مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کی اہم ملاقات

    نیویارک: وزیراعظم عمران خان سے مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کرنے کے لیے ان کے ہوٹل پہنچے۔ وزیراعظم عمران خان اور بل گیٹس کی ملاقات 30 منٹ تک جاری رہی۔

    وزیراعظم عمران خان اور بل گیٹس کے درمیان ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن نے پاکستان کو آئندہ برس احساس پروگرام پر عملدرآمد کے لیے 20 کروڑ ڈالر فراہم کرنے پر اتفاق کیا۔ دونوں فریقین نے نیویارک میں ملاقات میں مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کیے۔

    ملاقات میں وزیراعظم عمران خان، احسا پروگرام کی چیئرپرسن ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور بل گیٹس موجود تھے۔ معاہدے کے مطابق یہ رقم غربت کے خاتمے کے 134 منصوبوں پر خرچ کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ رواں سال اگست میں مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

    مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو ایک خط لکھا گیا تھا جس میں انہوں نے خیبرپختونخواہ میں بڑھتے ہوئے پولیو کیسز پر اجلاس طلب کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا تھا۔

    بل گیٹس نے پولیو کے خاتمے میں کی جانے والی کوششوں پر حکومت پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ پولیو کو ختم کرنے کے لیے والدین کے ذہنوں سے شکوک وشبہات نکلالنا انتہائی ضروری ہیں۔

  • وزیر اعظم عمران خان کی ملائیشین ہم منصب مہاتیر محمد سے اہم ملاقات

    وزیر اعظم عمران خان کی ملائیشین ہم منصب مہاتیر محمد سے اہم ملاقات

    نیویارک: وزیر اعظم عمران خان نے ملائیشین ہم منصب مہاتیر محمد سے اہم ملاقات کی، جس میں مقبوضہ کشمیر، باہمی دل چسپی اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیو یارک میں ملائیشیا کے ہم منصب ڈاکٹر مہاتیر محمد سے وزیر اعظم عمران خان نے اہم ملاقات کی، مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر آواز اٹھانے پر عمران خان نے مہاتیر محمد کا شکریہ ادا کیا۔

    دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں پاکستان اور ملائیشیا کے باہمی تعلقات بڑھانے پر اتفاق کیا۔

    قبل ازیں، پاکستان، ملائیشیا اور ترک سربراہان نے سہ فریقی اجلاس میں شرکت کی، تینوں ملکوں نے خطے کی تیزی سے بدلتی صورت حال اور عالمی تبدیلیوں پر بات چیت پر اتفاق کیا۔

    تازہ ترین:  مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز بیانیے کا ازالہ کیا جانا ضروری ہے: عمران خان

    رہنماؤں نے باہمی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلۂ خیال کیا۔

    پاکستان، ملائیشیا اور ترکی نے مشترکہ طور پر اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹرز میں ’نفرت انگیز تقاریر‘ کی روک تھام کے سلسلے میں کانفرنس کا بھی انعقاد کیا۔

    کانفرنس سے خطاب میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا مذہب کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ہے، مذہبی دہشت گردی کے پیچھے حقیقت کی بہ جائے سیاست ہے، مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز بیانیے کا ازالہ کیا جانا ضروری ہے۔

    انھوں نے نیویارک ٹائمز کے ایڈیٹوریل بورڈ سے ملاقات میں کہا کہ وہ دنیا کو یہ باور کرانے آئے ہیں کہ بھارت عالمی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔

  • دہشت گردی اور منظم جرائم تمام ملکوں کے لیے خطرہ ہیں، شاہ محمود قریشی

    دہشت گردی اور منظم جرائم تمام ملکوں کے لیے خطرہ ہیں، شاہ محمود قریشی

    نیویارک: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ دہشت گردی منظم جرم ہے جو خطے کے تمام ملکوں کے لیے خطرہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سیکیورٹی کونسل میں مذاکرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے علاقائی تنظیموں اور یو این تعاون ضروری ہے، پاکستان ہر طرح کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان لوگوں کوغیرقانونی طور پر رکھنے کی مذمت کرتا ہے، جنوبی ایشیا میں غربت، علاج اور سہولتوں کا فقدان ہے، جنوبی ایشیا میں امن اس وقت آئے گا جب تصادم کی جگہ تعاون کی فضا ہوگی۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ غربت، جہالت اور پسماندگی دنیا کے سنگین مسائل ہیں، سیاسی مفادات ان مسائل کو مزید گھمبیر کررہے ہیں۔

    مزید پڑھیں: مسئلہ کشمیر، ترک صدر نے بھرپور ساتھ دیا، بھارتی پریشانی بڑھتی جارہی ہے: شاہ محمود قریشی

    وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمارے خطے میں داعش بڑا سیکیورٹی خطرہ ہے، داعش غیرملکی دہشت گردوں کے باعث مضبوط ہورہا ہے، خطے میں امن اور استحکام کے لیے پاکستان ہر قسم کے تعاون کے لیے تیار ہے۔

    انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور منظم جرائم کے خلاف تعاون میکنزم کو استعمال کرنا اہم ہے، تمام خطروں سے نکلنے کے لیے عالمی اور علاقائی تعاون ضروری ہے۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایس سی او کے ملکوں کو دہشت گردی سے نمٹنے کا وسیع تجربہ ہے، پاکستان دہشت گردی کے خلاف تمام اقدامات کے لیے تیار ہے، اقوام متحدہ اور دیگر تنظیموں کو بھی آگے آنا ہوگا، خطرات سے نمٹنے کے لیے عالمی تعاون ناگزیر ہے۔

  • امریکا سے بین الاقوامی سرمایہ کاری پاکستان کی طرف مائل کر رہے ہیں: مشیر خزانہ

    امریکا سے بین الاقوامی سرمایہ کاری پاکستان کی طرف مائل کر رہے ہیں: مشیر خزانہ

    نیویارک: مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ امریکا میں کاروباری گروپس اور شخصیات سے بھی ملاقاتیں ہو رہی ہیں، امریکا سے بین الاقوامی سرمایے کو پاکستان کی طرف مائل کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے امریکا میں کاروباری سرگرمیوں سے متعلق کہا ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کیپیٹل کی آمد کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔

    انھوں نے کہا ملاقاتوں میں کاروباری شخصیات اور گروپس کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لحاظ سے آگاہی دی جا رہی ہے، بالخصوص پاکستان کے برآمدی سیکٹرز میں سرمایہ کاری سے متعلق آگاہ کیا جا رہا ہے۔

    دریں اثنا، مشیر خزانہ نے کہا کہ وزیر اعظم سمیت حکومتی وفد کی اقوام متحدہ آمد کا بنیادی مقصد مقبوضہ کشمیر کی صورت حال ہے، تاہم ملاقاتوں میں پاکستان کی معاشی صورت حال پر بھی گفتگو کی جا رہی ہے۔

    تازہ ترین:  جنرل اسمبلی اجلاس کے دوران وزیر اعظم عمران خان کی مقبولیت عروج پر

    عبد الحفیظ شیخ کا کہنا تھا امریکی صدر ٹرمپ، ترک صدر رجب طیب اردوان اور ملائیشین صدر اور دیگر سے ان کی ملاقاتیں ہو چکی ہیں۔

    واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان 27 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے، اپنے خطاب میں وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کے معاملے کو اٹھائیں گے۔

    وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں عالمی رہنماؤں سے ملاقاتوں میں مقبوضہ کشمیر سے متعلق پاکستانی مؤقف کو بھرپور طریقے سے پیش کیا۔

  • مسلمان دنیا بھر میں نفرت انگیز تقاریر سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے: ترک صدر

    مسلمان دنیا بھر میں نفرت انگیز تقاریر سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے: ترک صدر

    نیویارک: ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ نفرت انگیز تقاریر انسانیت کے خلاف بد ترین جرائم میں سے ایک ہے، مسلمان دنیا بھر میں نفرت انگیز تقریر سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔

    ان خیالات کا اظہار وہ اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹرز میں ’نفرت انگیز مواد‘ کی روک تھام کے سلسلے میں منعقدہ کانفرنس سے خطاب میں کر رہے تھے۔

    رجب طیب اردوان نے کہا انسانیت کے خلاف جرائم سے پہلے نفرت انگیز تقاریر جنم لیتی ہیں، پوری دنیا میں مسلمان نفرت انگیز تقاریر کا آسان ہدف ہیں۔

    دریں اثنا، ترک صدر رجب طیب اردوان ایک مرتبہ پھر کشمیریوں کے حق میں کھل کر سامنے آ گئے۔

    تازہ ترین:  مذہب کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ہے: وزیر اعظم عمران خان

    ان کا کہنا تھا بھارت میں گائے کا گوشت کھانے پر مسلمانوں کو قتل کر دیا جاتا ہے، وہاں مسلمانوں کو زندہ جلایا جا رہا ہے، کشمیر کو کھلی جیل میں تبدیل کر دیا گیا، ہمیں وہاں خون بہنے کا خدشہ ہے۔

    اپنے خطاب میں ترک صدر نے پاکستان میں زلزلے سے ہونے والے نقصانات پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔

    قبل ازیں، وزیر اعظم عمران خان نے بھی اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسلام دشمن اور نفرت انگیز بیانیوں کے خلاف عالمی کوششوں اور اسلامو فوبیا کے خلاف مؤثر اقدامات پر زور دیا۔

    انھوں نے کہا مذہب کی آڑ میں مسلمانوں کے خلاف امتیازی سلوک اور تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات کی روک تھام پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

    عمران خان نے واضح کیا کہ مذہب کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ہے، دنیا میں امتیازی سلوک، مذہب اور عقیدت پر مبنی تشدد کے واقعات بڑھ رہے ہیں۔