Tag: نیویارک

  • سلامتی کونسل میں توسیع تمام ممالک کے مفاد میں ہونی چاہیے‘ ملیحہ لودھی

    سلامتی کونسل میں توسیع تمام ممالک کے مفاد میں ہونی چاہیے‘ ملیحہ لودھی

    نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ مزید مستقل اراکین سلامتی کونسل کوغیرفعال نہیں بنا دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سلامتی کونسل اصلاحات پرجاری مذاکرات میں پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی نے اصولی مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ سلامتی کونسل میں توسیع تمام ممالک کے مفاد میں ہونی چاہیے۔

    پاکستانی سفیر نے کہا کہ چند ممالک کی خواہش مذاکراتی عمل کامیاب نہیں ہونے دے رہی، مزید مستقل اراکین سلامتی کونسل کوغیرفعال نہیں بنا دیں گے۔

    پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی نے مزید کہا کہ غیرمستقل اراکین کوشفاف، فعال، موئثربنانے کا بہترین ذریعہ ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال 21 نومبر کو اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ غیرمستقل ارکان کی تعداد میں اضافے سے چھوٹے ممالک اور تاریخی طورپرنظرانداز خطوں کو نمائندگی ملے گی۔

    اقوام متحدہ چند ممالک کا نہیں سب ممالک کا ادارہ ہے‘ ملیحہ لودھی

    پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ مستقل رکنیت کے خواہاں ممالک کی تنگ نظری اور مفاد پرستی اصلاحات کی راہ میں رکاوٹ ہے، اقوام متحدہ چند ممالک کا نہیں سب ممالک کا ادارہ ہے۔

  • نیویارک : سیاہ فام شخص کے قاتل نے نسلی فسادات کرانے کی سازش کا اعتراف کرلیا

    نیویارک : سیاہ فام شخص کے قاتل نے نسلی فسادات کرانے کی سازش کا اعتراف کرلیا

    نیو یارک : امریکہ میں نسلی امتیاز پر سیاہ فام شخص کو قتل کرنے والے سابق فوجی اہلکار نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا۔

    تیس سالہ ملزم جمیز جیکسن کا اپنے اعترافی بیان میں کہنا تھا کہ وہ سال دوہزار سترہ میں بالٹی مور سے نیویارک اس لیے آیا تھا کہ اپنے منصوبے کو عملی جامہ پہنا کر امریکہ بھر میں نسلی فسادات کراسکے۔

    جس کیلئے اس نے ایک چیھاسٹھ سالہ سیاہ فام شخص کو تیزدھار آلے سے قتل کیاتھا، ملزم کے اعتراف کے بعد عدالت ملزم کیخلاف فیصلہ تیرہ فروری کو سنائے گی, تیس سالہ ملزم جمیز جیکسن افغانستان میں امریکی فوج میں بھی اپنی خدمات انجام دے چکا ہے۔

    یاد رہے کہ امریکہ میں سیاہ فام شہریوں کو آج بھی تعصب اور نفرت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، امریکیوں میں یہ ذہنیت اتنی زیادہ جڑ پکڑ چکی کہ اب وہ خصوصاً ہر غریب سیاہ فام کو مشکوک سمجھتے ہیں۔

    اس سے ذلت آمیز سلوک کرتے ہیں،حتی کہ معمولی بات پہ گولی مار کر زخمی بھی کر دیتے ہیں۔ ان دلدوز واقعات کے خلاف امریکی عوام نے زبردست مظاہرے بھی کیے۔

    اسی ذہنیت کا اظہار  چند سال قبل سفید فام پولیس افسر ڈیرن ولسن نے عدالت میں کیا۔ 9 اگست 2014ء کی دوپہرکو اس نے امریکی شہر، فرگوسن میں ایک غیر مسلح 18سالہ سیاہ فام لڑکے، مائیکل براؤن کو گولی مار دی۔ لڑکے کا جرم صرف یہ تھا کہ وہ اپنے دوست کے ساتھ گلی کے درمیان میں چل رہا تھا۔

  • پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی کی جنرل اسمبلی کی صدرسے ملاقات

    پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی کی جنرل اسمبلی کی صدرسے ملاقات

    نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ صدرجنرل اسمبلی ماریہ اسپینوزا اگلے ہفتے پاکستان کا دورہ کررہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ملیحہ لودھی نے نیویارک میں جنرل اسمبلی کی صدر ماریہ اسپینوزا سے ملاقات کی۔

    پاکستانی سفیر نے بتایا کہ ملاقات میں دورہ پاکستان کی تیاریوں کوحتمی شکل دی گئی، ماریہ اسپینوزا اگلے ہفتے پاکستان کا دورہ کررہی ہیں۔

    ملیحہ لودھی نے کہا کہ کسی بھی صدرجنرل اسمبلی کا یہ 8سال کے وقفےکے بعد دورہ پاکستان ہے، دورے کے دوران ماریہ اسپینوزاصدراوروزیراعظم پاکستان سے ملاقاتیں کریں گی۔

    انہوں نے بتایا کہ صدرجنرل اسمبلی ماریہ اسپینوزا وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی سے بھی ملاقات کریں گی۔ اس کے علاوہ وہ خواتین ممبران اسمبلی سے بھی ملاقات کریں گی۔

    پاکستانی سفیر کے مطابق ماریہ اسپینوزا کو کشمیر کی صورت حال سے آگاہ کیا جائے گا، ملاقاتوں میں عالمی اورعلاقائی معاملات پربھی تبادلہ خیال ہوگا۔

    ہم اجتماعیت کےفروغ سے ہی عالمی مسائل کاحل ڈھونڈ سکتے ہیں‘ ملیحہ لودھی

    یاد رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں پاکستانی سفیرکا کہنا تھا کہ برابری اورجمہوری تقاضوں پراستوارسلامتی کونسل کےحامی ہیں، باہمی تعلقات میں اجتماعیت اورعالمی نقطہ نظر کو شدید خدشات ہیں۔

    ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ فعال اورمضبوط اقوام متحدہ عالمی امن اور استحکام کے لیے ناگزیرہے، ہم اجتماعیت کے فروغ سے ہی عالمی مسائل کا حل ڈھونڈ سکتے ہیں۔

  • نیویارک میں ’محمد علی جناح‘ کے نام سے سڑک منسوب

    نیویارک میں ’محمد علی جناح‘ کے نام سے سڑک منسوب

    واشنگٹن : امریکی حکام نے نیویارک کی اہم ترین شاہراہ کے ایک حصّے کو بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے نام سے منسوب کردیا۔

    تفصلات کے مطابق امریکی شہر نیویارک کی سٹی کونسل نے قائد اعظم کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ایک قرار داد کے تحت بروکلین ٹاؤن کی کونی آئی لینڈ شاہراہ کے ایک حصّے کا نام ’محمد علی جناح وے‘ رکھ دیا ہے جو پاکستانیوں کے ایک اعزاز کی بات ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ نیویارک کی سٹی کونسل میں رکن ’جمانے ولیمز‘ نے 25 دسمبر کو قائد اعظم کی سالگرہ کے موقع پر قرار داد پیش کی گئی تھی جسے اکثریت رائے سے منظور کیا گیا تھا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا میں مقیم پاکستانی امریکین یوتھ آرگنائزیشن کے صدر وکیل احمد کا کہنا تھا کہ سٹی کونسل نے جو قرار داد منظور کرکے ہمارے دیرینہ مطالبے کو پورا کیا ہے۔

    وکیل احمد نے کہا کہ مصروف ترین شاہراہ کا نام قائداعظم سے منسوب کرنا امریکی حکام کی جانب سے ہمارے اور پاکستان میں مقیم افراد کے لیے ایک تحفہ ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہماری تنظیم طویل عرصے سے نیویارک میں مقیم پاکستانی برادری کی پہنچان کےلیے کام کررہے تھے۔

    خیال رہے کہ کونی آئی لینڈ کے ارد گرد کے پاکستانی نژاد امریکی بڑی تعداد میں مقہم ہیں جس کے باعث اردگرد کے علاقوں کو ’لٹل پاکستان‘ کے نام سے مشہور ہے۔

    مزید پڑھیں : اسپین کی اسٹریٹ محترمہ بے نظیر بھٹو کے نام سے منسوب

    وکیل احمد کا مزید کہنا تھا کہ ’محمد علی جناح وے‘ کا باقاعدہ افتتاح آئندہ ماہ کیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ بابائے قوم قائداعظم محمدعلی جناحؒ 25 دسمبر1876ء کو سندھ کے موجودہ دارالحکومت کراچی میں پیدا ہوئے تھے۔

    قائد اعظم محمد علی جناح نے ابتدائی تعلیم کا آغاز 1882ء میں کیا اور سنہ 1893 اعلیٰ تعلیم کے لیے انگلینڈ روانہ ہوگئے جہاں سے آپ نے 1896ء میں بیرسٹری کا امتحان پاس کیا اور وطن واپس آگئے۔

  • کیا نیویارک پر خلائی مخلوق نے حملہ کر دیا؟

    کیا نیویارک پر خلائی مخلوق نے حملہ کر دیا؟

    نیویارک:گذشتہ دنوں امریکی شہر کے باسیوں نے ایسا منظر دیکھا، جس نے پورے ملک میں سنسنی پھیلا دی۔

    تفصیلات کے مطابق جمعرات کی رات نیویارک کے باسی اس وقت دنگ رہ گئے، جب انھوں نے ایک دھماکے کی آواز سنی اور پھر آسمان کا رنگ بدل گیا۔

    دنیا کے جدید ترین شہر نے یہ حیرت انگیز منظر دیکھا کہ آسمان پر دھواں پھیل گیا ہے اور اس میں فیروزی رنگ کی روشنی جھلملا رہی ہے۔

    یہ پریشان کن منظر ان فلموں کی یاد دلاتا تھا، جن میں خلائی مخلوق کو امریکی شہر پر حملہ کرتے ہوئے دکھایا جاتا ہے۔

    شہریوں نے اپنی تشویش کا سوشل میڈیا پر اظہار کیا۔ کسی کا خیال تھا کہ یہ اڑن طشتری کی روشنیاں ہیں، جب کہ کچھ افراد نے فیس بک اور ٹویٹر پر اسے آسیبی قوتوں کی کارستانی قرار دیا۔

    کچھ حلقوں کی جانب سے اسے مسیحا کے لوٹنے کا اشارہ بھی قرار دیا گیا۔

    یہ روشنی جنریٹر پھٹنے کا نتیجہ تھی

    البتہ اس وقت ان تمام خبروں کا خاتمہ ہوگیا، جب نیو یارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کا موقف سامنے آیا۔

    نیوریاک پولیس نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے عوام کو  مطلع کیا کہ یہ نہ تو کوئی اڑن طشتری ہے، نہ ہی کوئی آسیبی مخلوق ہے، پولیس کا کہنا تھا کہ یہ روشنی ایسٹوریا کے علاقے میں واقع کان ایڈیسن بجلی گھر میں جنریٹر کے دھماکے  کا نتیجہ ہیں۔

    اس اعلان کے بعد سراسیمگی ختم ہوئی اور عوام کی زندگی معمول کی سمت لوٹ آئی۔

  • بریڈ کچن ۔ پناہ گزین خواتین کے لیے امید کی کرن

    بریڈ کچن ۔ پناہ گزین خواتین کے لیے امید کی کرن

    امریکی شہر نیویارک میں واقع ایک بیکری یوں تو دنیا بھر میں اپنی بریڈ فروخت کرتی ہے، تاہم ان سے خریدی گئی ہر بریڈ پناہ گزین خواتین کی زندگی میں بہتری لاتی ہے۔

    ہاٹ بریڈ کچن نامی یہ بیکری نہ صرف ایک کامیاب کاروباری ماڈل ہے، بلکہ عطیات کے ذریعے پناہ گزین خواتین کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے بھی کوشاں ہے۔

    یہ بیکری ان پناہ گزین خواتین کو نہ صرف بامعاوضہ ٹریننگ فراہم کرتی ہے، بلکہ انہیں ملازمت بھی دیتی ہے۔

    سنہ 2010 میں قائم کی گئی یہ بیکری دنیا کے ہر خطے میں کھائی جانے والی بریڈ تیار کرتی ہے، جبکہ یہ بریڈ پوری دنیا کے کئی ممالک میں فروخت کے لیے بھیجی جاتی ہے۔

    ہاٹ بریڈ بیکری کی بانی جیسمن روڈرگز کہتی ہیں کہ دنیا بھر میں خواتین بریڈ بناتی ہیں لیکن اس صنعت میں صرف مردوں کو ہی ملازمتیں ملتی ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ اس بیکری کا قیام اس شعبے میں خواتین کو آگے لانا اور ضرورت مند خواتین کی زندگیوں میں تبدیلی لانا تھا۔

    جیسمن کہتی ہیں کہ اس وقت 20 فیصد پناہ گزین خواتین خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہی ہیں، ایک خاتون کی اچھی ملازمت صرف اس کے اپنے لیے نہیں بلکہ پورے ایک خاندان اور کمیونٹی کے بہتری پیدا کرتی ہے۔

    ہاٹ بریڈ کچن میں خواتین کو 6 ماہ تک بامعاوضہ ٹریننگ دی جاتی ہے جس میں بریڈ بیکنگ کا فن سکھایا جاتا ہے۔

    اس ٹریننگ میں انہیں انگریزی زبان جبکہ اس کے ساتھ ساتھ کاروبار کے لیے ضروری حساب اور سائنس بھی سکھائی جاتی ہے۔

    ٹریننگ مکمل ہونے کے بعد زیادہ تر خواتین کو اسی بیکری میں ملازمت مل جاتی ہے، کچھ اسی شہر میں دوسری بیکریوں میں ملازمت حاصل کرلیتی ہیں، جبکہ کچھ خواتین اپنی بیکری بھی شروع کردیتی ہیں۔

    جیسمن نے بتایا کہ یہاں زیادہ تر خواتین مختلف اداروں کے توسط سے آتی ہیں۔

    یہ وہ خواتین ہوتی ہیں جو ایک پرتشدد یا تکلیف دہ زندگی گزارنے کے بعد اب نئے سرے سے اپنی زندگی شروع کرنا چاہتی ہیں۔

    وہ کہتی ہیں، ’ہماری بریڈ خریدیں، ہر بریڈ لوگوں کی زندگی کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوتی ہے‘۔

  • سعودی صحافی جمال خاشقجی سال 2018 کی اہم ترین شخصیت قرار

    سعودی صحافی جمال خاشقجی سال 2018 کی اہم ترین شخصیت قرار

    نیویارک: استنبول میں قتل کیے جانے والے سعودی صحافی جمال خاشقجی کو سال 2018 کی اہم ترین شخصیت قرار دے دیا گیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق نیویارک کے ٹائم میگزین نے استنبول میں 2 اکتوبر کو قتل کیے جانے والے سعودی صحافی جمال خاشقجی کو سال 2018 کی اہم ترین شخصیت قرار دے دیا ہے۔

    ٹائم میگزین میں جاری کردہ فہرست میں جمال خاشقجی کے ساتھ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ، روسی صدر ولادی میر پیوٹن اور برطانوی شہزادی میگھن مرکل کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے سخت ناقد تھے اور اپنے کالمز میں ان پر یمن جنگ کے حوالے سے سخت تنقید کرتے تھے، خاشقجی کو سعودی ولی عہد کے کہنے پر بھی قتل کرنے کا الزام ہے۔

    واشنگٹن پوسٹ کے لیے خدمات انجام دینے والے سعودی صحافی خاشقجی استنبول میں سعودی سفارت خانے میں اپنی منگیتر کے کاغذات لینے کے لیے گئے تھے اس موقع پر ان کی منگیتر باہر موجود تھیں۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ خاشقجی کا قتل سعودی ولی عہد کے ایما پر کیا گیا تھا جبکہ خاشقجی کے مرنے سے قبل آخری الفاظ یہ تھے کہ ’میرا دم گھٹ رہا ہے‘۔

    خیال رہے کہ 2 اکتوبر میں سعودی صحافی جمال خاشقجی استنبول میں سعودی سفارت خانے گئے تھے جہاں انہیں قتل کردیا گیا تھا۔

    بیس اکتوبر کو سعودی عرب نے باضابطہ طور پر یہ اعتراف کیا تھا کہ صحافی جمال خاشقجی کو استنبول میں قائم سفارت خانے کے اندر جھگڑے کے دوران قتل کیا گیا۔

  • منگنی کے فوراً بعد کھوئی انگوٹھی پولیس نے ڈھونڈ نکالی

    منگنی کے فوراً بعد کھوئی انگوٹھی پولیس نے ڈھونڈ نکالی

    نیویارک: امریکی شہر نیویارک میں ایک جوڑے کی خوشی اس وقت ماند پڑگئی جب منگنی کے فوراً بعد منگنی کی انگوٹھی کھو گئی جسے ڈھونڈنے کی ناکام کوشش کے بعد جوڑا واپس لوٹ گیا، تاہم بعد ازاں پولیس نے انگوٹھی تلاش کرلی۔

    نیویارک پولیس ڈپارٹمنٹ کے مطابق جوڑے کو ان کی انگوٹھی لوٹانے کے انتظامات کرلیے گئے ہیں، جوڑے کا تعلق برطانیہ سے ہے۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی علاقے پیٹرز برگ کا رہائشی جوڑا نیویارک کے ٹائمز اسکوائر پر آیا تھا جہاں مرد نے گھٹنوں کے بل بیٹھ کر اپنی دوست کو پروپوز کیا اور انگوٹھی پیش کی۔

    لڑکی نے خوشی سے ہاں کرتے ہوئے انگوٹھی پہنی لیکن اچانک وہ نیچے گر گئی جس کے بعد دونوں نیچے جھک کر انگوٹھی ڈھونڈنے لگے۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق انگوٹھی اسٹیشن پر لگی جالیوں کے اندر گر گئی جسے کافی دیر ڈھونڈنے کے بعد جوڑا ناکام واپس لوٹ گیا۔

    بعد ازاں پولیس نے انگوٹھی ڈھونڈ لی لیکن وہ اندھیرے میں تھے کہ اس کا مالک کون ہے، تاہم سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر انگوٹھی کی تصویر پوسٹ کرنے کے بعد جلد ہی مالکان کا پتہ چلا گیا۔

    اپنی زندگی کے ایک اہم موقع کی یادگار واپس ملنے پر جوڑا بھی بے حد خوش ہے جس نے نیویارک پولیس کا شکریہ ادا کیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد جوڑا واپس اپنے شہر جا چکا تھا، انگوٹھی کو ان تک پہنچانے کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں اور جلد ہی انگوٹھی انہیں مل جائے گی۔

  • مسئلہ فلسطین حل نہ ہونا اقوام عالم کی مشترکہ ناکامی ہے‘ ملیحہ لودھی

    مسئلہ فلسطین حل نہ ہونا اقوام عالم کی مشترکہ ناکامی ہے‘ ملیحہ لودھی

    نیویارک : اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ مشرقی یروشلم آزاد فلسطینی ریاست کا دارالحکومت ہونا چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستانی سفیر ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ مسئلہ فلسطین حل نہ ہونا اقوام عالم کی مشترکہ ناکامی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ فلسطین عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی اندوہناک داستان ہے، پائیدار امن کے لیے آزاد فلسطینی ریاست ضروری ہے۔

    ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ آزاد فلسطینی ریاست 1967 کی جغرافیائی حد بندی پرقائم کی جائے، مشرقی یروشلم آزاد فلسطینی ریاست کا دارالحکومت ہونا چاہیے۔

    پاکستانی سفیر نے کہا کہ چند ممالک کی منفی پالیسیوں نے خطے کو مزید غیرمستحکم کردیا، اسرائیل کو فوراً گولان، لبنان اور دیگر مقبوضہ علاقے خالی کرنا ہوں گے۔

    اسرائیلی تسلط نے فلسطینیوں کی زندگی اجیرن کردی،ملیحہ لودھی


    خیال رہے کہ رواں ماہ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ اسرائیلی تسلط نے فلسطینیوں کی زندگی اجیرن کردی ہے۔

    پاکستان نے فلسطینی مہاجرین کو دی جانے والی امداد میں اضافہ کردیا ‘ ملیحہ لودھی

    یاد رہے کہ رواں ماہ 11 نومبرکو اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ملیحہ لودھی نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ پاکستان نے فلسطینی مہاجرین کو دی جانے والی امداد میں اضافہ کردیا۔

  • اقوام متحدہ چند ممالک کا نہیں سب ممالک کا ادارہ ہے‘ ملیحہ لودھی

    اقوام متحدہ چند ممالک کا نہیں سب ممالک کا ادارہ ہے‘ ملیحہ لودھی

    نیویارک : اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا کہ غیرمستقل ارکان کی تعداد میں اضافے سے چھوٹے ممالک اور تاریخی طورپرنظرانداز خطوں کو نمائندگی ملے گی۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ملیحہ لودھی نے کہا کہ پاکستان اصولوں پر سلامتی کونسل میں اصلاحات کا حامی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مجوزہ اصلاحات طاقت ،استحقاق کے ارتکازکے لیے نہیں ، اس کی نفی کے لیے ہونی چاہیں، سلامتی کونسل میں مستقل ارکان کی تعداد میں اضافہ مزید غیرفعال بنا دے گا۔

    پاکستانی سفیر نے کہا کہ مستقل رکنیت کے خواہاں ممالک کی تنگ نظری اور مفاد پرستی اصلاحات کی راہ میں رکاوٹ ہے، اقوام متحدہ چند ممالک کا نہیں سب ممالک کا ادارہ ہے۔

    ملیحہ لودھی نے کہا کہ غیر مستقل ارکان کی تعدادمیں اضافے سے چھوٹے ممالک اور تاریخی طور پر نظرانداز خطوں کو نمائندگی ملے گی۔

    ہم اجتماعیت کےفروغ سے ہی عالمی مسائل کاحل ڈھونڈ سکتے ہیں‘ ملیحہ لودھی


    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے پاکستانی سفیرکا کہنا تھا کہ برابری اورجمہوری تقاضوں پراستوارسلامتی کونسل کےحامی ہیں، باہمی تعلقات میں اجتماعیت اورعالمی نقطہ نظر کو شدید خدشات ہیں۔

    ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ فعال اورمضبوط اقوام متحدہ عالمی امن اور استحکام کے لیے ناگزیرہے، ہم اجتماعیت کے فروغ سے ہی عالمی مسائل کا حل ڈھونڈ سکتے ہیں۔