Tag: نیویارک

  • نیویارک میں موسلادھار بارش اور سیلاب نے تباہی مچادی

    نیویارک میں موسلادھار بارش اور سیلاب نے تباہی مچادی

    امریکی ریاست نیویارک میں موسلادھار بارش اور سیلاب نے تباہی مچا دی ہرطرف پانی ہی پانی جمع ہوگیا گاڑیاں بہہ چکی ہیں لوگ گھروں میں محصور ہیں۔

    امریکی ریاست نیویارک میں طوفانی بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، موسلادھار طوفانی بارش کے بعد پَٹنم اور اورنج کاؤنٹیز میں سیلاب آگیا۔

    راک لینڈ کاؤنٹی میں سیلابی پانی گھروں میں داخل ہوگیا اور متعدد گاڑیوں کو بہا لے گیا، بارش کے بعد لاکھوں افراد بجلی کی فراہمی سے محروم ہو کر رہ گئے ہیں۔

    نیشنل ویدر سروس کے مطابق نیویارک کے شمال میں 30 سینٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، ہڈسن ویلی میں فلڈ وارننگ اور فلڈ ایمرجنسی دونوں جاری کی گئیں۔

    جنوب مشرقی اورنج، مغربی پَٹنم ، راک لینڈ اور شمالی ویسٹ چیسٹر کاؤنٹیز میں مزید سیلاب کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

  • نیویارک میں میٹرو بس اور ڈبل ڈیکر میں خوف ناک تصادم، 80 سے زائد زخمی

    نیویارک میں میٹرو بس اور ڈبل ڈیکر میں خوف ناک تصادم، 80 سے زائد زخمی

    مین ہٹن: نیویارک میں میٹرو بس اور ڈبل ڈیکر میں خوف ناک تصادم کے نتیجے میں 80 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کے شہر نیویارک میں دو سٹی بسیں آپس میں ٹکرا گئیں، جس میں اسی سے زائد مسافر زخمی ہو گئے ہیں، زخمیوں میں ٹور بس کا ڈرائیور بھی شامل تھا۔

    میٹرو بس کے ساتھ تصادم میں ڈبل ڈیکر بس کا اگلا حصہ مکمل تباہ ہو گیا، شہر کے فائر ڈپارٹمنٹ کے مطابق، یہ حادثہ جمعرات کی شام کو مین ہٹن میں ایک مسافر بس سے ڈبل ڈیکر ٹور بس کے ٹکرانے کے سبب پیش آیا۔

    ڈبل ڈیکر بس ٹور بس کے عقب سے ٹکرا گئی تھی، حادثے کے وقت دونوں بسیں بھری ہوئی تھیں، حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجہ کا فی الوقت تعین نہیں کیا جا سکا ہے۔

    بس میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے رسیوں اور سیڑھیوں کا استعمال کیا گیا، فائر ڈپارٹمنٹ کے مطابق کوئی بھی زخم جان لیوا نہیں لگتا، کسی کو خراشیں آئیں، کس کو فریکچر اور کئی مسافروں کو گردن پر چوٹیں آئیں۔

  • ‎نیویارک: یو این ہیڈکوارٹر پر مقبوضہ کشمیر میں جی 20 اجلاس کے خلاف احتجاج

    ‎نیویارک: یو این ہیڈکوارٹر پر مقبوضہ کشمیر میں جی 20 اجلاس کے خلاف احتجاج

    ‎نیویارک: یو این ہیڈکوارٹر پر مقبوضہ کشمیر میں جی 20 اجلاس کے خلاف احتجاج کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی شہر نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر کے سامنے مقبوضہ کشمیر میں جی ٹوئنٹی اجلاس کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ امریکا میں آباد کشمیریوں نے احتجاجی مظاہرے کا اہتمام کیا، جس میں ڈیجیٹیل ٹرک کے ذریعے بھی آگاہی دی گئی۔‎

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے دفتر میں یادداشت پیش کی گئی جس میں دیگر مسائل کے علاوہ انسانی حقوق کے محافظوں اور سیاسی قیدیوں کی غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔

    واشنگٹن میں قائم ورلڈ کشمیر اویئرنس فورم کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر غلام نبی فائی نے کہا کہ جی ٹوئنٹی اجلاس سلامتی کونسل کی 16 سے زائد قراردادوں کے منافی ہے‎۔ سابق ممبر کشمیر کونسل ‎سردار سوار خان نے کہا کہ جی ٹوئنٹی ممالک بھارت کے آلہ کار نہ بنیں۔

    ‎جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے راجہ مختار نے کہا کہ کشمیری عوام حق خود ارادیت کا مطالبہ کر رہے ہیں، ‎کشمیر مشن یو ایس اے کے سینئر وائس چیئرمین سردار تاج خان کا کہنا تھا کہ تنازعہ کشمیر کے حل تک خطے کا امن خطرے میں ہے۔

    کشمیر امریکن ویلفیئر ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل سردار ظریف خان نے یو این سکریٹری جنرل سے اپیل کی کہ وہ بھارتی مظالم کے خاتمے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کرنے کے لیے کردار ادا کریں۔

  • ہالی وڈ میٹ گالا میں عالیہ بھٹ چھاگئیں

    ہالی وڈ میٹ گالا میں عالیہ بھٹ چھاگئیں

    نیویارک: بھارتی اداکارہ عالیہ بھٹ نے ہالی ووڈ فلم میں اپنی پرفارمنس کے بعد میٹ گالا 2023 میں ڈیبیو دیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق نیویارک کے میٹروپولیٹن میوزیم آف آرٹ میں ہالی ووڈ کے میٹ گالا 2023 کا رنگا رنگ میلا سجا جس میں منفرد کاسٹیومز میں دلچسپ روپ دھارے فلمی ستاروں نے میلے کو چار چاند لگا دیے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Met Gala 2023 (@metgalaofficial)

    اس تقریب میں دنیا بھر سے مشہور شخصیات نیویارک میوزیم آف آرٹ پہنچیں وہی بالی وڈ کی اداکارہ عالیہ بھٹ اور پرینکا چوپڑا اپنے شوہر کے ساتھ شریک ہوئی ہیں۔

    تقریب کے لیے عالیہ نے موتیوں سے مزین بغیر آستین کے سفید گاؤن کا انتخاب اور اس خوبصورت سفید گاؤن میں انہوں نے میٹ گالا 2023 میں اپنا ڈیبیو دیا۔

    میٹ گالا میں عالیہ بھٹ جب ریڈ کارپیٹ پر آتے ہی چھاگئیں اداکارہ کے غیر ملکی مداح ان کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے انہیں پکارتے نظر آئے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Alia Bhatt 💛 (@aliaabhatt)

    سوشل میڈیا پر بھی عالیہ بھٹ کے میٹ گالا ڈیبیو کی تصاویر اور ویڈیوز خوب وائرل ہو رہی ہیں صارفین کا کہنا ہے کہ عالیہ بھٹ کی خوبصورتی نے گوروں کو بھی اپنے سحر میں جکڑ لیا ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Met Gala 2023 (@metgalaofficial)

    یاد رہے کہ حال ہی میں عالیہ بھٹ نے فلم ’ہارٹ آف اسٹون‘ سے ہالی ووڈ میں ڈیبیو دیا ہے جو رواں سال 11 اگست کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

  • نیویارک میں برف باری نہ ہونے کا 50 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

    نیویارک: امریکی شہر نیویارک سٹی میں موسم سرما کے سیزن میں زیادہ دنوں تک برف باری نہ ہونے کا 50 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق رواں موسم سرما میں نیو یارک سٹی پہلی برف باری کے انتظار میں ہے لیکن یہ انتظار طویل تر ہو گیا ہے، جس کے رکنے کے کوئی آثار بھی نظر نہیں آ رہے ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق نیویارک نے پیر کے روز موسم سرما کی اپنی پہلی برف باری کے طویل ترین انتظار کا ریکارڈ توڑا، یہ پیشن گوئی بھی ہے کہ اگلے کئی دنوں تک برف پڑنے کی کوئی امید نہیں۔

    اے ایف پی کے مطابق اس سے قبل ان دنوں مین ہٹن کے ٹائم اسکوائر اور سینٹرل پارک برف سے ڈھکے دکھائی دیتے تھے، عام طور پر دسمبر کے وسط سے برفباری کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے اور نیویارک کے باسیوں کو کبھی اتنا انتظار نہیں کرنا پڑا۔

    یاد رہے کہ 1972-73 کے موسم سرما میں، نیویارک میں 29 جنوری تک برف باری نہیں ہوئی تھی، لیکن آخر کار 1.8 انچ کی برفباری نے شہر کو ڈھانپ دیا تھا، لیکن اب 2023 میں 31 جنوری ہے اور یہ گنتی بدستور جاری ہے۔

    اس کے ساتھ ہی طویل عرصے تک برف باری نہ ہونے کا ایک دوسرا ریکارڈ بھی خطرے میں پڑ گیا ہے، نیشنل ویدر سروسز کے مطابق 29 جنوری گزرنے کا مطلب یہ ہے کہ یہ دورانیہ اب 1869 کے بعد سے لمبا ترین عرصہ ہے۔

    اسی طرح شہر موسم سرما میں برف کے بغیر مسلسل دنوں کے ریکارڈ کے بھی قریب ہے، یہ ریکارڈ 332 دنوں پر مشتمل ہے، جب کہ پیر کو 327 واں دن تھا۔

  • ’نیویارک میں تارکین وطن کی کوئی گنجائش نہیں‘

    واشنگٹن: امریکی شہر نیویارک کے میئر کا کہنا ہے کہ نیویارک میں تارکین وطن کی کوئی گنجائش نہیں، تارکین وطن کی نیویارک آمد سے شہر کو 2 ارب ڈالر کا نقصان ہو سکتا ہے۔

    نیویارک کے میئر نے میکسیکو کے سرحدی شہر ایل پاسو کا دورہ کرتے ہوئے اعلان کیا کہ نیویارک میں تارکین وطن کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

    ڈیمو کریٹ ایریک ایڈمز جو امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ پر تنقید کرتے رہے ہیں، کا کہنا تھا کہ امریکا کی جنوبی سرحد پر تارکین وطن کے بحران کے حوالے سے اب وقت آگیا ہے کہ ملک کی حکومت اپنا کام کرے۔

    تارکین وطن کے معاملے پر نیویارک کے میئر کا جنوبی سرحدی شہر کا دورہ ایک مثال ہے۔

    ری پبلکن ریاستوں کی جانب سے تارکین وطن سے بھری بسیں شمال میں نیویارک اور دیگر شہروں میں بھیجی جاتی ہیں جس کی وجہ سے شہر میں رہائش اور بے گھر افراد کا بحران سنگین ہوتا جا رہا ہے۔

    ایریک ایڈمز کا ایل پاسو کا دورہ اس بیان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ تارکین وطن کی نیویارک آمد سے شہر کو 2 ارب ڈالر کا نقصان ہو سکتا ہے جبکہ شہر کو پہلے ہی بجٹ کی کمی کا سامنا ہے۔

    حالیہ مہینوں میں فلوریڈا اور ٹیکسس کے ری پبلکن گورنرز نے ہزاروں تارکین وطن کو امریکا میں پناہ گاہوں کے لیے ڈیمو کریٹک سیاستدانوں کے زیر انتظام شہروں نیویارک، شکاگو اور واشنگٹن ڈی سی بھیجا ہے۔

  • نیویارک میں مرنے کے بعد جسم کو کھاد میں تبدیل کرنے کا قانون منظور

    امریکی ریاست نیویارک میں بھی لوگوں کے مرنے کے بعد جسم کو قدرتی کھاد میں تبدیل کرنے کا قانون منظور کرلیا گیا۔

    برطانوی میڈیا رپورٹ کے مطابق نیویارک کی گورنر نے کسی شخص کے مرنے کے بعد اس کے جسم کو قدرتی کھاد میں تبدیل کرنے کے قانون کی منظوری دے دی۔

    رپورٹ کے مطابق اس قانون کے تحت مرنے والے کی آخری رسومات دفنا کر  یا جلا کرکرنے کے بجائے  کھاد میں تبدیلی کے ذریعے کروائی جاسکیں گی۔

    اس عمل کے دوران مرنے کے بعد انسان کے جسم کو ایک کنٹینر میں مخصوص مرکبات کے ساتھ کم ازکم ایک ماہ تک رکھا جاتا ہے جس کے بعد وہ قدرتی کھاد میں تبدیل ہوجاتا ہے۔

    جسم کے کھاد میں تبدیل ہونے کا عمل مکمل ہونے پر اسے مرنے والے کے لواحقین کو دے دیا جاتا ہے جو اس کھاد کو پودے، درخت اور سبزیاں اگانے میں استعمال کرتے ہیں۔

    واضح رہے کہ اس قبل واشنگٹن، کولوراڈو، اوریگن، ورمونٹ اور کیلی فورنیا میں بھی بعد از مرگ جسم کو کھاد میں تبدیل کرنے کا قانون منظور اور نافذ ہوچکا ہے۔

  • امریکا میں برفانی طوفان کی شدت میں کمی آنے لگی، 70 افراد ہلاک

    واشنگٹن: امریکا بھر میں برفانی طوفان اور بم سائیکلون نے تباہی مچا دی ہے، جس سے اب تک 70 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں، تاہم دوسری طرف برفانی طوفان کی شدت میں کمی بھی آنے لگی ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق طاقت ور طوفانی سسٹم نے گزشتہ ہفتے پورے امریکا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا، جس نے مغرب، میدانی علاقوں اور مڈویسٹ میں خطرناک حالات پیدا کیے، اس کے بعد برفانی طوفان تیزی سے ایک بم سائیکلون میں تبدیل ہو گیا، اور اس نے کینیڈا اور امریکا کی پانچ بڑی جھیلوں والے پورے علاقے کو شدید نقصان دہ یخ بستہ ہواؤں کے ساتھ گھیر لیا۔

    طوفان کے مرکزی دباؤ میں 24 گھنٹوں میں 30 ملی بار کی کمی واقع ہوئی، جو باضابطہ طور پر بمبوجنیسز (شدید برفانی طوفان) کے معیار سے آگے نکل گئی، جو 24 گھنٹوں میں 24 ملی بار کی کمی ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ریاست نیویارک کی اری اور نیاگرا کاؤنٹیز میں برفانی طوفان نے مزید جانیں لی ہیں، اری کاؤنٹی کے ایگزیکٹو مارک پولون کارز نے بدھ کے روز بتایا کہ یہاں مزید 37 اموات رپورٹ ہوئی ہیں، جس میں بفیلو شہر بھی شامل ہے، بفیلو شہر میں ٹریفک کنٹرول کرنے کے لیے نیویارک اسٹیٹ پولیس کی اضافی نفری طلب کی گئی ہے۔

    امریکا کے سوا لاکھ گھر تاحال بجلی سے محروم ہیں، سرد موسم کی وجہ سے امریکا اور کینیڈا کی سرحد پر موجود نیاگرا آبشار کا بڑا حصہ جم چکا ہے۔

  • طیارے میں مسافر کے لیپ ٹاپ میں آگ بھڑک اٹھی، کئی افراد زخمی

    واشنگٹن: امریکا کے شہر نیویارک کے جان ایف کینیڈی ایئرپورٹ پر ایک طیارے میں مسافر کے لیپ ٹاپ میں آگ بھڑک اٹھی، آگ بجھانے کے بعد طیارے کو خالی کروا لیا گیا، اس دوران 7 مسافر معمولی زخمی ہوئے۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی شہر نیویارک کے جان ایف کینیڈی ایئرپورٹ پر امدادی ٹیم کو اس وقت جیٹ بلیو کے جہاز کو خالی کروانا پڑا جب ایک مسافر کے لیپ ٹاپ میں آگ بھڑک اٹھی۔

    حکام کا کہنا ہے کہ جہاز ٹرمینل 5 کے گیٹ کی جانب جا رہا تھا جب لیپ ٹاپ کی بیٹری میں آگ لگ گئی۔

    بارباڈوس کے شہر برج ٹاؤن سے آنے والی جیٹ بلیو کی اس فلائٹ میں عملے نے فوری طور پر آگ بجھا دی۔

    اس کے بعد امدادی ٹیم نے جہاز کو ایمرجنسی سلائیڈ سسٹم کے ذریعے مسافروں سے خالی کروا لیا، حکام کے مطابق سات مسافر معمولی زخمی ہوئے۔

    جیٹ بلیو نے ایک بیان میں کہا کہ ہماری پہلی ترجیح تحفظ ہے، ایف اے اے اور این ٹی بی ایس کی مدد سے واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

  • 18 سالہ نوجوان نے گاڑی پیٹرول پمپ سے ٹکرا دی، خوفناک آگ بھڑک اٹھی

    18 سالہ نوجوان نے گاڑی پیٹرول پمپ سے ٹکرا دی، خوفناک آگ بھڑک اٹھی

    امریکا میں ایک 18 سالہ نوجوان کی لاپرواہ ڈرائیونگ نے بڑا حادثہ ہونے سے بچا لیا، نوجوان نے اپنی گاڑی پیٹرول پمپ سے ٹکرا دی جس کے بعد خوفناک آگ بھڑک اٹھی۔

    امریکی شہر نیویارک میں پیش آنے والے اس واقعے کو سی سی ٹی وی کیمرے نے ریکارڈ کرلیا۔ فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک گاڑی پیٹرول اسٹیشن پر کھڑی ہے۔

    تھوڑی دیر بعد اس کا ڈرائیور نہایت تیزی اور لاپرواہی سے اسے ریورس کرتا ہے جس کے بعد گاڑی دھماکے سے پمپ سے ٹکراتی ہے اور اس کے ساتھ ہی خوفناک آگ بھڑک اٹھتی ہے۔

    آگ لگتے ہی گاڑی تیزی سے وہاں سے روانہ ہوجاتی ہے۔

    پولیس کو بعد ازاں آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی جس کے بعد پولیس فوری طور پر وہاں پہنچی۔

    امریکی میڈیا کے مطابق پولیس ڈرائیور کو گرفتار کرنے میں کامیاب رہی، ڈرائیور 18 سالہ نوجوان تھا جسے پولیس نے گاڑی کی رجسٹریشن نمبر کی مدد سے تلاش کیا۔