کراچی : نیو اسلام آباد ایئر پورٹ کے خود کار زینے خراب ہونے کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، شکایات کے باوجود انتظامیہ نے خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیو اسلام آباد ائیر پورٹ پر انتظامیہ کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر خودکار زینے مرمت نہ ہونے کی وجہ سے کئی عرصے سے خراب ہیں۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ خودکار زینے گزشتہ دو ہفتوں سے خرابی کے باعث ان کا استعمال نہیں کیا جارہا، ایکسویٹر لفٹ کی خرابی کے باعث اندرون اور بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کو کافی مشکلات درپیش ہیں۔
مسافروں کی جانب سے لفٹ خراب ہونے کی متعدد بار شکایات درج کرائی گئیں مگر کوئی شنوائی نہیں ہوئی، نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کو فنکشنل ہوئے ایک سال کاعرصہ گزرچکا ہے، آئے روز مختلف چیزوں میں فنی خرابی پیدا ہورہی ہے۔
دبئی سے اسلام آباد آنے والا مسافر اسلام آباد ایئرپورٹ پر گرفتار
علاوہ ازیں دبئی سے اسلام آباد آنے والے مسافر کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر گرفتار کرلیا گیا، ذرائع کے مطابق لال زادہ پرواز غیر ملکی ایئرلائین کی پرواز ای کے612پر اسلام آباد پہنچا تھا، ذرائع نے بتایا ہے کہ دوران امیگریشن مسافر کا نام آئی بی ایم ایس لسٹ میں پایا گیا۔ مسافر کو گرفتار کرکے ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ سیل منتقل کردیا گیا ہے۔