Tag: نیو کراچی

  • نیو کراچی سے لاپتہ ہونے والا بچہ لیاقت آباد سے مل گیا

    نیو کراچی سے لاپتہ ہونے والا بچہ لیاقت آباد سے مل گیا

    کراچی : نیوکراچی سے اغواء ہونے والابچہ مل گیا، چھ سالہ حمزہ لیاقت آباد میں ہوٹل کےقریب سےملا، تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

    تفصیلات کے مطابق نیو کراچی کے علاقے بلال کالونی سے لاپتہ ہونے والا چھ سالہ حمزہ لیاقت آباد میں سندھی ہوٹل کےقریب سے مل گیا۔

    اس حوالے سے ایس ایس پی سینٹرل عرفان بلوچ نے صحافیوں کو بتایا کہ اس معاملےمیں کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے البتہ واقعے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

    ایس ایس پی کے مطابق اغواء کار بچے کوسندھی ہوٹل کے قریب چھوڑ کر فرار ہوئے، یہ بچہ اغواء کاروں کو جانتا ہے، ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں : چھ سالہ بچہ لاپتہ ، نیو کراچی کاعلاقہ میدان جنگ بن گیا، 6مظاہرین گرفتار

    واضح رہے کہ بچے کے لاپتہ ہونے پر بلال کالونی کے مکینوں نے حذیفہ کے اغوا کیے جانے پر اہل خانہ کے ساتھ اہل محلہ نے بھی شدیداحتجاج کیا اور ٹائر جلاکر نعرے بازی کی۔

    مظاہرین نے پولیس موبائل کا گھیراؤ کیا، دکانوں میں توڑ پھوڑ کی، ٹائرجلاکر سڑک بلاک کردی تھی، صورتحال کو بگڑتا دیکھ کر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری علاقے میں پہنچی اور مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ہوائی فائرنگ اور لاٹھی چارج کیا، اس دوران ہنگامہ آرائی کے الزام میں چھ افراد کو گرفتار کیا گیا۔

  • چھ سالہ بچہ لاپتہ : نیو کراچی کاعلاقہ میدان جنگ بن گیا، 6مظاہرین گرفتار

    چھ سالہ بچہ لاپتہ : نیو کراچی کاعلاقہ میدان جنگ بن گیا، 6مظاہرین گرفتار

    کراچی : نیو کراچی کے علاقے بلال کالونی میں بچے کے لاپتہ ہونے کے واقعے کے بعد مشتعل افراد سڑکوں پر نکل آئے، ہنگامہ آرائی اور دکانوں میں توڑ پھوڑ کی، سڑک پر ٹائر نذر آتش کیے، پولیس نے چھ افراد کو حراست میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایک اور ماں کا لعل لاپتہ ہوگیا، کراچی کے علاقہ بلال کالونی میں چھ سال کے بچے کے لاپتہ ہونے پر اہل علاقہ شدید مشتعل ہوگئے، علاقہ میدان جنگ بن گیا۔

    مظاہرین نے پولیس موبائل کا گھیراؤ کیا، دکانوں میں توڑ پھوڑ کی، ٹائرجلاکر سڑک بلاک کردی۔ صرتحال کو بگڑتا دیکھ کر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری علاقے میں پہنچی اور مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ہوائی فائرنگ اور لاٹھی چارج کیا، اس دوران ہنگامہ آرائی کے الزام میں چھ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ شرپسند عناصر مظاہرہ کررہے ہیں ملزمان کیخلاف ہنگامہ آرائی کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔ پولیس کا مزید کہنا تھا کہ صورت حال کنٹرول میں ہے، تاہم کچھ مظاہرین اب بھی گلیوں میں موجود ہیں۔ بعد ازاں بچے کے والدین سے پولیس کے مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں۔

    نیوکراچی کی بلال کالونی کا چھ سال کا حذیفہ جھولا جھولنے کیلئے گھر سے نکلا تھا جسے اغواء کار اٹھا کر لے گئے۔ حذیفہ کے رشتے داروں نے بتایا کہ خاتون اور افراد موٹرسائیکل پر آئے تھے جو بچے کو اپنے ساتھ لے گئے۔

    حذیفہ کے گھر والوں کا بچے کے اغواء کے بعد سے برا حال ہے، اس کی بہن مسلسل رو رہی ہے اور ماں کے آنسو بھی نہیں تھم رہے۔

  • کراچی : رینجرز نے دکان سے اسلحے کا ایک اور ذخیرہ برآمد کرلیا

    کراچی : رینجرز نے دکان سے اسلحے کا ایک اور ذخیرہ برآمد کرلیا

    کراچی : رینجرز نے کراچی میں بدامنی اور ٹارگٹ کلنگ کی سازش ناکام بنا دی۔ نیو کراچی میں ایک دکان سے رینجرز نے اسلحے کا ایک اور بڑا ذخیرہ برآمد کرلیا۔ رینجرزکا کہنا ہے کہ اسلحہ ایم کیوایم لندن کے شرپسندوں نے چھپایا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں قانون نافذ کرنے والے ادارے شرپسندوں کے خلاف سرگرم عمل ہیں، رینجرز نے نیوکراچی کے علاقے میں ایک بند دکان پرچھاپہ مار کراسلحے کا بڑا ذخیرہ برآمد کرلیا۔

    ترجمان رینجرزکا کہنا ہے کہ برآمد کیا گیا اسلحہ ایم کیوایم لندن سے تعلق رکھنے والے شرپسند عناصر نے چھپایا تھا، جو شہر میں دوبارہ بدامنی اور ٹارگٹ کلنگ کیلئے استعمال کیا جانا تھا۔

    برآمد ہونے والے اسلحے میں چار ایل ایم جیز، دو ایس ایم جیز، ایک تیس بور پستول، سو کے قریب مختلف ہتھیاروں کے راونڈز، دو میگزین اور تیس بور کے میگزین شامل ہیں۔

    دوسری جانب کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن سے پولیس نے چارجرائم پیشہ افرادکو گرفتارکرلیا۔ ایس ایس پی ملیر راؤ انوارکے مطابق ملزمان سے اسلحہ اور چھینا ہواسامان برآمد ہوا ہے۔

  • نیو کراچی میں فیکٹری کی چھت گرنے سے 6افراد جاں‌ بحق

    نیو کراچی میں فیکٹری کی چھت گرنے سے 6افراد جاں‌ بحق

    کراچی: کراچی کے علاقے نیو کراچی کے انڈسٹریل ایریا میں واقع برف خانے کی چھت سلنڈر پھٹ جانے چھت گر گئی امدادی کارروائی کے دوران 6  افراد کی لاشیں نکالی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا انڈسٹریل ایریا میں صبا سینما قریب کے قریب واقع برف بنانے والی فیکٹری میں دھماکہ ہو گیا ہے، برف خانے میں سلنڈر پھٹ جانے کے باعث فیکٹری کی چھت گر گئی، چھت گرنے سے فیکٹری کے مزدور ملبے تلے دب گئے ہیں۔

    factory

    برف خانے کی چھت خانے کی چھت گرنے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ادارے فیکٹری پہنچ گئے اور امدادی کارروائیوں کا آغاز کر دیا تا ہم فیکٹری سے گیس کے اخراج کے باعث امدادی کارروائیوں میں دقت پیش آرہی ہے۔

    bullding by arynews

    ریسکیو اداروں کے مطابق ملبے سے 6 افراد کی لاش نکال لی گئی ہے جب تین زخمیوں کوقریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں اُن کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے،ہلاک ہونے والے دو افراد کی شناخت بشیر اور رفیق کے نام سے ہوئی ہے دونوں بالترتیب نیو کراچی اور لیاقت آباد کے رہائشی ہیں۔

    پولیس ذرائع کے مطابق فیکٹری میں موجود مزدوروں کی تعداد کے بارے میں حتمی طور ہر کچھ نہیں کہا جا سکتا اس لیے نقصان کا اندازہ لگانا مشکل ہے،فیکٹری کے مالک کے آنے کے بعد کوئی حتمی رائے دی جا سکتی ہے۔

  • کراچی فائرنگ اور پرُتشدد واقعات میں6 افراد جاں بحق

    کراچی فائرنگ اور پرُتشدد واقعات میں6 افراد جاں بحق

    کراچی: فائرنگ اور پُرتشدد واقعات میں پولیس اہلکار اور دو سیاسی جماعت کے کارکنان سمیت 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    پولیس حکام کے مطابق ملیر جعفر طیار سوسائٹی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو افراد عاصم اور حیدر جاں بحق ہوگئے جبکہ تیسرا حسن نامی شخص زخمی ہوا ہے۔

    ایم کیو ایم کے مطابق جاں بحق ہونے والے دونوں افراد کا تعلق ایم کیو ایم ملیر سیکٹر کے یونٹ 95 سے تھا۔

    دوسری جانب نیو کراچی کے رہائشی فلیٹ سے سب انسپیکٹر سلیم کی تشدد زدہ نعش برآمد ہوئی ہے، مقتول ٹریفک سیکشن میں تعینات تھے اور تین شادیاں کی ہوئیں تھیں۔

    قبل ازیں ناظم آباد چار نمبر سے بھی ایک شخص کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی ہے، جس کی شناخت نہیں ہوسکی۔

    اُدھر اورنگی ٹاؤن مومن آباد میں فائرنگ سے عمیر خان نامی شخص جاں بحق ہوگیا، جبکہ لانڈھی 89 میں‌ فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا۔

    الفلاح کے علاقے میں پولیس مقابلے کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم مارا گیا جبکہ ایک ملزم گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔

  • کراچی: سیکیورٹی ادارے متحرک، گینگ وار اور دیگر ملزمان سمیت تین ہلاک متعدد گرفتار

    کراچی: سیکیورٹی ادارے متحرک، گینگ وار اور دیگر ملزمان سمیت تین ہلاک متعدد گرفتار

    کراچی: کراچی کے مختلف علاقوں میں رینجرز اور پولیس کی کاروائیوں میں گینگ وار اورکلعدم تنظیم کے کارندوں سمیت تین ہلاک اور متعدد گرفتار کر لئے گئے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کےعلاقےگلشن بونیر میں سرچ آپریشن کے دوران ملزمان اور رینجرز اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری ہوا ہے۔ آپریشن کالعدم تنظیم کے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا تھا۔

    رینجرز کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران  دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں ایک ہلاک اور دو گرفتار کر لئے گئے ہیں۔ گرفتار ہو نے والوں کو نامعلوم مقام پر منتقل کرکے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

    دوسری جانب کراچی کے علاقے کلاکوٹ میں رینجرز کی کارروائی کے دوران اہلکاروں اور گینگ وار ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں گینگ وار ملزم عرفان عرف کالو مارا گیا ہے۔ ترجمان رینجرز کے مطابق ہلاک ملزم ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور اغوا برائے تاوان سمیت متعدد جرائم میں ملوث تھا۔

    ادھر گلشن حدید میں ڈاکووٴں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں گینگ وار کا ایک اور ملزم مارا گیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک ملزم اویس عرف ٹیکو کا تعلق گینگ وار سے تھا اور وہ ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھا۔

    بعد ازاں نیو کراچی میں رینجرز کی اسپیشل ٹاسک فورس نے کارروائی کرکے تین بھتہ خوروں کو گرفتار کرلیا ہے۔ ملزمان کا تعلق مذہبی تنظیم سے ہے اور ملزمان کے قبضے سے بھتے کی رقم بھی برآمد کی گئی ہے۔

    اس کے علاوہ نیپئیر کے علاقے رحمانیہ چوک کے قریب پولیس مقابلے کے بعد گرفتار زخمی ملزم دم توڑ گیا ہے۔

  • کراچی:نیوکراچی میں پولیس وین پر فائرنگ، 2اہلکار جاں بحق

    کراچی:نیوکراچی میں پولیس وین پر فائرنگ، 2اہلکار جاں بحق

    نیو کراچی میں شفیق موڑ پر کھڑی پولیس وین پر فائرنگ سے دو اہلکار جان بحق جبکہ دو زخمی ہوگئے۔

    پولیس ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے نیوکراچی شفیق موڑ پر تیموریہ پولیس اسٹیشن کی کھڑی موبائل پر نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کردی۔

    جس کے نتیجے میں دو اہلکار موقع پر ہی جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوگئے، حملہ آور فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہوگئے جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔