Tag: نیٹو سپلائی

  • پاکستان نیٹوسپلائی کوفوری طورپربند کردے، شیریں مزاری

    پاکستان نیٹوسپلائی کوفوری طورپربند کردے، شیریں مزاری

    اسلام آباد : تحریک انصاف کی مرکزی رہنما شیریں مزاری نے کہا ہے کہ بس اب بہت ہوگیا، پاکستان امریکا کو واضح پیغام دے پاکستان کو نیٹو سپلائی فوری طور پر روکنا ہوگی، ایکشن نہ لیا گیا تودباؤ بڑھتا رہے گا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں میزبان ارشد شریف سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا، شیریں مزاری نے کہا کہ وزیرخارجہ کا دورہ امریکا منسوخ ہونا بہت ضروری تھا، امریکا اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی جونیئر خاتون کو پاکستان بھیج کرکیا بات کرے گا؟

    ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کے بیان پر ردعمل کے طور پر پاکستان کو نیٹوسپلائی فوری طور پر روکنا ہوگی، سلالہ واقعے کے بعد پابندیاں لگائیں تو کون سا طوفان آیاتھا؟

    زمینی راستہ بند کرنے سے امریکا کو بہت تکلیف ہوگی۔ پہلے بھی سپلائی روکی گئی تھی تو اب بھی روک دینی چاہئیے، امریکا اب کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا،جو کرنا تھا وہ کرچکا۔

    رہنماپی ٹی آئی نے کہا کہ ملک کے لئے ایکشن لینا ہوگا ورنہ دباؤ بڑھتا رہے گا، امریکا افغانستان میں جنگ ہار چکا ہے، دہشت گردوں کو امریکا، افغانستان میں پناہ مل رہی ہے،اسے روکنا ہوگا۔

     شیریں مزاری نے مزید کہا کہ امریکی صدر کے بیان کے بعد چییئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے فوری طور پر اپنا مؤقف دیا تھا۔

    اس کے علاوہ چین، روس اور آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے بھی امریکی پالیسی کیخلاف مؤقف پیش کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان کو افغان مہاجرین کا معاملہ بھی ٹھیک طریقے سےاٹھانا ہوگا۔

  • بلوچستان : نیٹو سپلائی کے خلاف جماعت اسلامی اور پاکستان تحریک انصاف کا دھرنا

    بلوچستان : نیٹو سپلائی کے خلاف جماعت اسلامی اور پاکستان تحریک انصاف کا دھرنا

    خیبر پختونخوااور کراچی کے بعد بلوچستان میں بھی جماعت اسلامی تحریک انصاف نے نیٹو سپلائی اور ڈرون حملوں کے خلاف دھرنا دیا ، ڈرون حملوں اور نیٹو سپلائی کے خلاف جماعت اسلامی اور پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے کوئٹہ کے علاقے مغربی بائی پاس خیزی چوک پر دھرنا دے کر چمن جانے والی بین الاقوامی شاہراہ کو ٹریفک کی آمد ورفت کیلئے بند کردیا ۔

    جماعت اسلامی کی صوبائی قیادت نے افغانستان میں مداخلت کے خاتمہ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ نیٹو کی آڑ میں افغانیوں کے قتل عام کا سامان لے جانے کی اجازت قطعاً نہیں دیں گے دھرنے میں امریکہ مخالف مذہبی جماعت جمعیت علماء اسلام نظریاتی نے بھی شرکت کی اور یکجہتی کا بھرپور اظہار کرتے ہوئے امریکہ کے خلاف مشترکہ جدوجہدکو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا ۔

    کوئٹہ میں دیئے جانے والے دھرنے میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی ڈرون حملوں کو پاکستان کی خود مختاری پر حملہ قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ ڈرون حملے بند کئے جائیں تحریک انصاف نے جعفر آباد نصیر آباد اور چمن میں بھی نیٹو سپلائی اور ڈرون حملوں کے خلاف دھرنا دینے کا اعلان کیا امریکہ مخالف اتحادی جماعتوں کی جانب سے فیصلہ کیا گیا کہ امریکہ کی مداخلت کے مکمل خاتمہ تک احتجاج جاری رکھا جائے گا۔ 

  • نیٹوسپلائی نہ کھلنے پرامداد روک دی جائے گی،امریکی دھمکی

    نیٹوسپلائی نہ کھلنے پرامداد روک دی جائے گی،امریکی دھمکی

    امریکا نے اپنی فوج کے لیے سال دو ہزار چودہ کے مجوزہ بجٹ میں کہا ہےکہ طورخم کے راستے نیٹو سپلائی نہ کھلنے پر پاکستان کودہشت گردی کے خلاف ملنے والی امداد روک دی جائے گی۔

    امریکا نے طورخم کے راستے نیٹو سپلائی نہ کھلنے پر پاکستان کی امداد روکنے کی دھمکی دے دی، دوہزار چودہ کے بجٹ میں پاکستان کو امداد نیٹو سپلائی کی بحالی سے مشروط کر دی گئی ہے۔

    ایوان نمائندگان نے دفاعی بجٹ تجاویز کی منظوری دے دی ہے، اب سینیٹ سے منظوری لی جائے گی، مشروط امداد کے تحت کہا گیا ہے کہ امریکی وزیر دفاع سے فوجی سامان کی محفوظ ترسیل کی ضمانت کے بغیر رقم جاری نہیں کی جائے۔

    امریکا کے دفاعی بجٹ میں پاکستان کو امداد میں ایک سال توسیع کی تجویز ہے مگر مجموعی مالیت کم کر دی گئی ہے، فوجی بجٹ میں پاکستان کو امداد کیلئے نئی شرائط بھی رکھی گئی ہیں، اب القاعدہ، تحریک طالبان پاکستان اور حقانی نیٹ ورک اور کوئٹہ شوریٰ طالبان کے خلاف کاروائی پر کانگریس کا اطمینان ضروری ہوگا۔

    کانگریس کو یہ یقین بھی دلانا ہوگا کہ پاکستانی سرحد کے اندر امریکی یا افغان فوج پر ہونے والے حملوں کو روکنے کے لیے اسلام آباد مؤثر قدم اٹھا رہا ہے، ساتھ ہی امریکی فوجی امداد کے درست استعمال کے شواہد بھی پیش کرنا ہوں گے۔