Tag: نیٹی جیٹی

  • کراچی: نیٹی جیٹی پر ٹریلر کی ٹکر سے باپ بیٹا جاں بحق

    کراچی: نیٹی جیٹی پر ٹریلر کی ٹکر سے باپ بیٹا جاں بحق

    کراچی: نیٹی جیٹی پر تیز رفتار ٹریلر نے کار، رکشہ اور موٹرسائیکل کو ٹکر ماردی، جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ نیٹی جیٹی پر ٹریلر کی ٹکر سے کار پل سے نیچے جا گری، افسوسناک حادثے میں باپ اور بیٹا زندگی کی بازی ہار گئے۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ رکشے میں سوار شخص بھی شدید زخمی ہوا ہے، جبکہ حادثے میں جاں بحق افراد کی لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی کراچی میں تیز رفتار ٹریلر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی تھی، ٹریلر کی ٹکر کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار ایک شخص جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا تھا۔

    اے آر وائی نیوز کراچی کے نمائندے عدنان راجپوت کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے ملیر مرغی خانہ کے قریب ٹریلر نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماری تھی، ٹریلر کی ٹکر کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا تھا۔

    اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو حکام نے جائے حادثہ پر پہنچ کر لاش اور زخمی کو اسپتال منتقل کیا، جہاں زخمی شخص کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔

    اس حوالے سے پولیس حکام نے بتایا کہ ٹرک کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت عامر اور زخمی کی شناخت واجد کے نام سے کی گئی ہے۔

    کراچی : لاپتہ ہونے والے اسٹیٹ ایجنٹ کی لاش کلفٹن کے ویران گراؤنڈ سے مل گئی

    پولیس کے مطابق حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جبکہ پولیس نے ٹریلر کو تحویل میں لے کر تھانے منتقل کردیا ہے۔

  • کراچی میں‌ ریسکیو ورکرز نے مثال قائم کر دی، خاتون کی بچوں سمیت خود کشی کی کوشش ناکام

    کراچی میں‌ ریسکیو ورکرز نے مثال قائم کر دی، خاتون کی بچوں سمیت خود کشی کی کوشش ناکام

    کراچی: شہر قائد میں ریسکیو ورکرز نے مثال قائم کرتے ہوئے خاتون کی بچوں سمیت خود کشی کی کوشش ناکام بنا دی، علی حسن اور شہریار نے بروقت قدم اٹھاتے ہوئے چھوٹی بچیوں سمیت 4 قیمتی جانیں بچا لیں۔

    تفصیلات کے مطابق جمعہ کے دن کراچی میں نیٹی جیٹی پل سے ایک خاتون نے تین بچوں سمیت پانی میں چھلانگ لگا دی تھی، جس پر پورٹ گرینڈ پر بیٹھی فیملیز نےشور مچا دیا، شور سن کر پورٹ گرینڈ انتظامیہ کی ریسکیو ٹیم نے چاروں کو بچا لیا۔

    واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی تھی، فوٹیج میں خاتون کو بچوں کے ساتھ چھلانگ لگاتے ہوئے دیکھا گیا، پولیس کا کہنا تھا کہ خاتون نے گھریلو پریشانیوں سے تنگ آ کر بچوں سمیت چھلانگ لگائی تھی۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام شام رمضان میں خاتون اور بچوں کی جان بچانے والے ریسکیو ورکرز علی حسن اور شہریار کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا، علی حسن نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کراچی میں نیٹی جیٹی پل ایک ایسی جگہ ہے جہاں آئے دن خود کشی کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں، کبھی کبھی گرنے کے حادثات بھی پیش آتے ہیں۔

    علی حسن نے بتایا کہ حادثے والے دن ہم نیچے افطاری کر رہے تھے اور یہ خاتون اپنے تین بچوں کے ساتھ اوپر موجود تھی، اچانک ہمارے پیچھے سے آوازیں آنا شروع ہو گئیں، کہ پانی میں خاتون بچوں سمیت کود گئی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ اس وقت ہم چار لڑکے تھے، ہم نے فوری طور پر بوٹ اسٹارٹ کی اور 18 سیکنڈز کے اندر ہم ان تک پہنچے اور ماں اور دو بچوں کو فوری طور پر نکال لیا۔

    دوسرے ریسکیو ورکر شہریار نے بتایا کہ ایک بچی شیرخوار تھی، چھ مہینے کی، خاتون نے بتایا کہ میری چھوٹی بچی بھی ہے، تو وہ کچھ فاصلے پر تھی، میں نے دیکھا کہ وہ الٹی ہو گئی تھی اور ڈوبنے والی تھی جب میں نے اسے نکال لیا۔

    علی حسن نے بتایا کہ خاتون کو بچوں سمیت پانی میں کودنے اور ہمارے ریسکیو آپریشن میں ٹوٹل 48 سیکنڈز صرف ہوئے۔

    ریسکیو ورکرز کے مطابق جب بچوں کو باہر نکالا گیا تو خواتین ریسکیو ورکرز نے بچوں کے پیٹ دبا کر اس سے پانی نکالا، اور اس طرح بر وقت ان کی جانوں کو بچایا گیا۔

    ریسکیو ورکرز کا کہنا تھا کہ انھوں نے کوئی ٹریننگ حاصل نہیں کی ہے، بس دیکھ کر اور لوگوں سے سیکھ کر ہنگامی طور پر اقدام کر لیتے ہیں۔

    علی حسن کا کہنا تھا کہ جب بچوں کو نکالا گیا تو جسم میں پانی بھرنے سے ان کا رنگ نیلا ہونے لگا تھا۔

    ریسکیو ورکرز نے کہا کہ حادثات تو ہوتے رہتے ہیں، لیکن سندھ حکومت کو چاہیے کہ ایسے اقدامات کریں کہ لوگوں کو اپنی جانیں تلف کرنے کا موقع نہ ملے۔