Tag: نیٹ فلکس

  • نیٹ فلکس کا پاس ورڈ شیئر کرنے کے خلاف حتمی فیصلہ

    نیٹ فلکس کا پاس ورڈ شیئر کرنے کے خلاف حتمی فیصلہ

    امریکی ویڈیو اسٹریمنگ سروس نیٹ فلکس نے اکاؤنٹ کا پاس ورڈ شیئر کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے، پاس ورڈ شیئر کرنے کے خلاف زیادہ بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق نیٹ فلکس اکاؤنٹ پاس ورڈ شیئرنگ کرنے کے خلاف وہ کارروائی کرنے جا رہا ہے جس کی طویل عرصے سے منصوبہ بندی کی جا رہی تھی، اور سروس نے پیش گوئی کی ہے کہ ہو سکتا ہے کہ لوگ نیٹ فلکس دیکھنا بند کر دیں۔

    نیٹ فلکس نے یہ اعلان اپنے تازہ ترین نتائج میں کیا ہے جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ کمپنی مشکل وقت کے بعد دوبارہ ترقی کے راستے پر گامزن ہونے میں کامیاب ہو گئی ہے۔

    نیٹ فلکس کا کہنا ہے کہ لاطینی امریکہ میں محدود ٹیسٹ کے بعد اب پاس ورڈ شیئر کرنے کے خلاف زیادہ بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔

    کمپنی کے مطابق 10 کروڑ سے زیادہ خاندان اپنے نیٹ فلکس اکاؤنٹ شیئر کر رہے ہیں اور یہ عمل نیٹ فلکس میں سرمایہ کاری اور کاروبار میں بہتری لانے کی ہماری طویل مدت کی صلاحیت کو کمزور کر رہا ہے۔

    نیٹ فلکس کے قواعد میں پاس ورڈ شیئر کرنے پر ہمیشہ سے پابندی ہے، ان قواعد کے تحت ضروری ہے کہ ایک اکاؤنٹ صرف ایک خاندان استعمال کرے۔ لیکن کمپنی نے ان قواعد کو کبھی نافذ نہیں کیا۔

    اب کمپنی نئے فیچرز کا اضافہ کرے گی جن کے تحت لوگوں کے پاس ورڈ شیئر کرنے پر پابندی ہوگی اور ان لوگوں کو تلاش کیا جائے جو ایسا کر رہے ہیں۔

    اگر کمپنی کو پتہ چلا کہ کوئی اکاؤنٹ شیئر کیا جا رہا ہے تو وہ لوگوں کو لاگ ان کرنے سے روک دے گی اور ان کی حوصلہ افزائی کی جائے گی کہ وہ اس کے بجائے اپنا اکاؤنٹ خریدیں۔

    نیٹ فلکس ان خصوصی فیچرز کو کام میں لاتے ہوئے ایسا کرے گی جن کا ہدف ایسے لوگ ہیں جنہوں نے پاس ورڈ شیئر کر رکھا ہے، ان لوگوں کو موقع دیا جائے گا کہ وہ اپنا پروفائل اپنے اکاؤنٹ میں منتقل کریں۔

    نیٹ فلکس کچھ ملکوں میں اضافی ادائیگی پر لوگوں کو اکاؤنٹ ان لوگوں کے ساتھ شیئر کرنے کی اجازت دے گی جن کے ساتھ وہ نہیں رہتے، کمپنی نے لوگوں کو یقین دلایا ہے کہ نئی تبدیلیاں انہیں سفر کے دوران ویڈیوز دیکھنے سے نہیں روکیں گی۔

  • ہانیہ عامر کی وائرل ویڈیو پر بھارتی گلوکار کا دلچسپ تبصرہ

    پاکستانی فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ ہانیہ عامر نے نیٹ فلکس شو کی نقل اتارنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    اداکارہ ہانیہ عامر کو وائرل ویڈیو میں نیٹ فلکس کے شو کے ڈائیلاگ پر لپ سنکنگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ اداکاری کرتے ہوئے کہہ رہی ہیں کہ ’آج فرنچ لگ رہی ہوں، انہوں نے فرانسیسی زبان میں شو کے ڈائیلاگ بھی ادا کیے۔

    اداکارہ کی ویڈیو پر بھارتی ریپر بادشاہ نے کمنٹ کیا گیا کہ ’تھوڑا ’پور‘ فیور؟۔‘ ہانیہ عامر نے بھی جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’تھوڑا اسپینش بھی۔‘

    ہانیہ عامر نے انسٹاگرام پر گزشتہ روز ویڈیو اور تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’میں اپنی فیورٹ ہوں۔‘

    اداکارہ کی ویڈیو کو لاکھوں کی تعداد میں صارفین نے پسند کیا اور اس پر اپنی رائے کا اظہار بھی کیا تھا۔

    واضح رہے کہ ہانیہ عامر اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’مجھے پیار ہوا تھا‘ میں مرکزی کردار نبھا رہی ہیں، دیگر کاسٹ میں وہاج علی، زاویار نعمان، شہود علوی ودیگر شامل ہیں۔

    اس سے قبل ہانیہ عامر مقبول ڈرامہ سیریل ’میرے ہمسفر‘ اور ’عشقیہ‘ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔ ہمسفر میں ان کے ساتھ فرحان سعید مرکزی کردار میں موجود تھے جبکہ عشقیہ میں فیروز خان، رمشا خان ودیگر نے اداکاری کے جوہر دکھائے۔

  • نیٹ فلکس کی فلم ’حسین دلرُبا‘ کے سیکوئل کی تیاری شروع

    فلم کی لیڈ میں شامل اداکار وکرانت میسی نے حسین دلرُبا کے سیکوئل کی تصدیق کردی، فلم میں تاپسی پنو نے وکرانت کے ساتھ اسکرین شیئر کی۔

    جولائی 2021 میں او ٹی ٹی پلیٹ فارم نیٹ فلکس میں حسین رلرُبا فلم کو پیش کیا گیا ۔ یہ ایکشن سسپنس فلم کافی عرصے تک نیٹ فلکس ٹاپ 10 میں بھی رہی۔

    فلم کی مرکزی کاسٹ میں شامل اداکار وکرانت میسی نے فلم کے سیکوئل کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جلد اس کی شوٹنگ پر کام شروع ہو جائے گا۔

    حسین دلرُبا ایک ایکشن، تھرلر، کرائم بیسڈ فلم تھی، جس میں تاپسی پنو، وکرانت میسی اور ہشوردھن رانے نے مرکزی کردار ادا کئے تھے۔

     حسین دلرُبا فلم کے سیکوئل کے حوالے سے وکرانت کا کہنا تھا کہ فلم میں بہت کچھ مختلف اور نیا ہوگا، سوائے میرے اور تاپسی کے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں امیدوں سے بڑھ کر محبت ملی جس کی ہمیں توقع بھی نہ تھی، وکرانت نے یہ بی بتایا کہ جلد ہی فلم کی شوٹنگ شروع ہوجائے گی۔

  • ہارر سیریز ’وینزڈے‘ کے سیزن 2 کا اعلان

    امریکی اسٹریمنگ سروس نیٹ فلکس نے مقبول ترین ہارر کامیڈی ویب سیریز وینزڈے کے سیزن 2 کا اعلان کردیا۔

    معروف امریکی ٹی وی سیریز دی ایڈمز فیملی کی اسپن آف سیریز وینزڈے 23 نومبر کو نیٹ فلکس پر ریلیز کی گئی تھی جس نے مقبولیت کے ریکارڈز توڑ دیے۔

    وینزڈے کی کہانی ایڈمز جوڑے کی بیٹی وینزڈے ایڈمز کے گرد گھومتی ہے جو ایک قتل کا سراغ لگاتی ہے۔

    اس سیریز کے سیزن 2 کے بارے میں مختلف قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں تاہم اب نیٹ فلکس کی جانب سے تصدیق کردی گئی ہے کہ سیریز کا دوسرا حصہ بھی پیش کیا جائے گا۔

    ٹم برٹن کی ہدایت کاری میں بننے والی اس سیریز نے مقبولیت میں اسٹرینجر تھنگز سیزن 4 کو بھی پیچھے چھوڑ دیا تھا، ریلیز کے پہلے ہی ہفتے میں وینزڈے کو ایک ارب گھنٹوں سے زائد بار دیکھا گیا۔

    سیریز کو اب تک 83 ممالک میں دیکھا جاچکا ہے۔

    اس سے پہلے نیٹ فلکس کی سیریز اسٹرینجر تھنگز سیزن 4 اور کورین سیریز اسکوئڈ گیمز نے مقبولیت کے ریکارڈز توڑے تھے۔

  • ’ویڈنزڈے‘ کے سیزن 2 کو نیٹ فلکس پر ریلیز نہ کرنے کا فیصلہ

    نیٹ فلکس کی سپر ہٹ سیریز ’ویڈنزڈے ایڈمز‘ کے سیزن 2 کو اب نیٹ فلکس پر ریلیز نہیں کیا جائے گا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق نیٹ فلکس کی ہارر کامیڈی سیریز ویڈنزڈے ایڈمز کے سیزن 2 کو اب نیٹ فلکس پر نہیں بلکہ  ایمیزون کی اسٹریمنگ پلیٹ فارم ’ پرائم ویڈیو‘ پر نشر کیا جائے گا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق ویڈنیزڈے ایڈمز کی زبردست کامیابی کے بعد ایمیزون نے 8.5 بلین ڈالرز میں ایک معاہدے کے تحت ایم جی ایم اسٹوڈیوز سے مذکورہ شو کر حقوق حاصل کر لئے ہیں۔

    سیریز کی کامیابی کے باوجود بھی سیریز کے دوسرے سیزن کے نیٹ فلکس پر نشر نہیں کیا جائے گا کیونکہ ویڈنزڈے کو میٹرو گولڈ وین میئر نے پروڈیوس کیا ہے، ان کا ایمیزون کے ساتھ معاہدہ ختم ہوگیا ہے، جس کی وجہ نشریاتی حقوق ایمیزون کے پاس آگئے ہیں۔

    ’ویڈنزڈے‘ نیٹ فلکس کی اوریجنل ویب سیریز ہے جس میں جینا اورٹیگا، کرسٹینا رِکی، کیتھرین زیٹا جونز اور لوئی گزمن نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔

  • 1899: بحری جہاز کے مسافروں کی پُراسرار کتھا

    1899: بحری جہاز کے مسافروں کی پُراسرار کتھا

    ہماری دنیا کئی پُراسرار واقعات اور یہ زمین کئی سربستہ رازوں سے بھری پڑی ہے۔ ہم کسی بھی خطّے کے باسی اور عمر کے کسی بھی حصّے میں‌ ہوں، یہ تحیر خیزی اور اجنبی دنیا کے قصّے ہمیں بصد اشتیاق اُن داستانوں کی طرف متوجہ کرلیتے جو کتابوں میں محفوظ ہیں۔ لیکن 1899 ایسی کہانی ہے جسے کیمرے کی آنکھ سے دیکھنے کا تجربہ نہایت پُرلطف ثابت ہوگا۔

    آن لائن اسٹریمنگ کے دور میں‌ نیٹ فلکس کے ذریعے پاکستانی شائقین بھی فلم اور ٹی وی سیریز سے محظوظ ہو رہے ہیں اور یہ ٹی وی سیریز پاکستان میں ٹاپ ٹین کی فہرست میں پہلے نمبر پر موجود ہے۔ اسے 17 نومبر کو ریلیز کیا گیا تھا۔

    یہ ایک بحری جہاز کے مسافروں کی کہانی ہے جو اپنے تاریک ماضی سے بچنے کی امید میں ایک ڈراؤنے خواب کا شکار ہو جاتے ہیں۔

    باران بو اودر(Baran bo Odar) اور جینٹجے فرئیز (Jantje Friese) کی اس تخلیقی کاوش کو دنیا بھر میں‌ پسند کیا جارہا ہے۔ اس سے قبل یہ فلم ساز جوڑا نیٹ فلکس کو جرمن زبان میں پہلی ہٹ سیریز ”ڈارک” دے چکا ہے جو 2020 ء میں تمام ہوئی تھی۔ حالیہ ڈرامہ سیریز کے پہلے سیزن کے دھوم مچا دینے کے بعد اس جوڑے کا کہنا ہے کہ اس کے تین سیزن پیش کیے جائیں گے۔

    یہ انیسویں صدی کے اواخر کے پس منظر میں تخلیق کردہ کہانی ہے جب 1899 کربروس نامی بحری جہاز مسافروں کو یورپ سے لے کر نیویارک کے لیے روانہ ہوتا ہے۔ یہ تمام مسافر ہجرت کے تجربے سے آشنا ہونا چاہتے ہیں، لیکن دورانِ سفر انھیں نہایت عجیب اور ناخوش گوار واقعات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان مسافروں کو سمندر کی لہروں پر "پرومیتھیس” دکھائی دیتا ہے جب کہ یہ وہ جہاز تھا جو چند ماہ پہلے غائب ہو گیا تھا اور اس کا کوئی سراغ نہیں‌ ملا تھا۔

    آپ کا تجسس اس موڑ پر بڑھ جائے گا، لیکن وجہ فوری طور پر سامنے نہیں‌ آئے گی کہ "پرومیتھیس” اور اس کے تقریباً 1500 مسافروں پر کیا گزری۔ اس پروجیکٹ کا حصّہ بننے والوں بالخصوص اداکاروں کا کہنا تھا کہ سنسنی خیزی برقرار رکھنے کے لیے کرتا دھرتاؤں نے انھیں بھی اس کہانی کے مختلف پہلوؤں سے ناواقف رکھا گیا۔ فلمی ناقدین کی رائے اس سیزن کے لیے بہت مثبت ہے۔ اس ٹی وی شو میں غیرمتوقع حالات اور ڈرامائی موڑ ناظرین کی بے چینی بڑھاتے ہیں۔

    1899ء کی اوّلین ریلیز میں مرکزی اداکارہ کے طور پر ایملی بیچم ناظرین کے سامنے آئی ہیں جن کا اس ڈرامہ سیریز کے ناظرین کو مشورہ ہے کہ وہ ”انٹرو اسکپ کریں‘‘ کا آپشن استعمال نہ کریں اور شو کا بھرپور لطف اٹھائیں۔

    ہدایت کار کے طور پر باران بو اودر کی اس کاوش کا پہلا سیزن آٹھ اقساط پر مشتمل ہے۔ پہلے سیزن کی تمام آٹھ اقساط کا اسکرین پلے فرئیز نے لکھا ہے۔

    اداکار اینڈریاس پیٹس مین نے اس ڈرامہ سیریز میں بحری جہاز کربروس کے کپتان کا کردار ادا کیا ہے جو ایک صدمے سے دوچار ہے اور مسافر بھی کچھ ایسی کیفیت کا شکار ہیں۔

    میکیج میوزیل کو ایک پولش کردار میں دکھایا گیا ہے جو کربروس کے انجن روم میں کام کرتا ہے اور ایک لڑکی کی محبّت میں‌ گرفتار ہے جو اس کی زبان نہیں بولتی۔

    اس سیریز کا ایک امیر مسافر میگوئل برنارڈیو ہے اور کئی دوسرے مسافر مختلف سماجی مرتبہ اور مقام رکھتے ہیں، لیکن صدمہ اور یکساں کیفیات کے علاوہ ان کے دلوں میں ایک خواہش جنم لے رہی ہے۔ اس جہاز کا "پرومیتھیس” کے ساتھ تصادم کئی رازوں کو افشا کرتا ہے اور یہ راز ان مسافروں کے ہیں جو یورپ سے اس پر سوار ہوئے تھے۔

    بحری جہازوں کے متعلق پُراسراریت، کربروس کو گھیرتی ہوئی موت اور مسافروں کے فیصلہ کن لمحات کی عکاسی کو جیفرسن ایئرپلین کے گانے نے نہایت پُراثر اور بامعنیٰ بنا دیا ہے۔

    پرومیتھیس کے سامنے آنے کے بعد یہ کہانی ایک خلش انگیزی کو دل میں‌ ابھارتی ہے جس سے اس شو کے ناظرین کا بچنا مشکل ہو گا۔ یہ مناظر ذہن میں خیالات اور سوالات اٹھانے کے ساتھ تجسس بڑھا دیں گے۔

    1899 کو ہدایت کار نے ایک تجربے سے انفرادیت بخشنے کی کوشش کی ہے اور وہ ہے اس کے مسافروں کا مختلف زبانیں بولنا۔ یہ سب لوگ جو نئی دنیا کی سمت بڑھ رہے ہیں، دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھتے ہیں، جن کا رہن سہن اور زبان الگ ہے۔ سب ٹائٹلز کے ساتھ آپ انھیں زیادہ تر جرمن، انگریزی، ہسپانوی، پرتگالی، فرانسیسی اور جاپانی زبان میں‌ اپنی بات کہتے سنیں گے۔ بالخصوص یہ مسافر اپنی خواہش یا خوف کا اظہار اپنی مادری زبان میں کرتے ہیں جب کہ وہ جانتے ہیں کہ دوسرا مسافر ان کی بولی نہیں سمجھ رہا۔ یہ حیرت انگیز معلوم ہوتا ہے، مگر یہ اس ڈرامہ سیریز کی خاص بات ہے۔

    زبانوں کے اس اختلاف کے باوجود جہاز پر ہر فرد دوسرے کی جانب سے خواہش یا خوف یا کسی موقع پر اس کی کیفیت کو سمجھ لیتا ہے جس سے یہ تأثر ملتا ہے حالات نے ان سب کو ذہن اور دل پڑھنے کی طاقت دے دی ہے۔ اس جہاز پر زبان اور ان کا طرزِ بیان بھی رومانوی تعلقات بنانے کے راستے میں‌ رکاوٹ نہیں بنتا۔

    1899 کربروس اور پرومیتھیس کے مسافروں کی پراسرار اور الم انگیز داستان میں اداکاروں نے کیسا کام کیا ہے اور کیا باران بو اودر اور جینٹجے فرئیز کی اس کاوش کے لیے ناقدین کی داد و تحسین بجا ہے، یہ جاننے کے لیے ویک اینڈ سے فائدہ اٹھائیے۔

    (ترجمہ و تلخیص)

  • کم پیسوں میں نیٹ فلکس دیکھنا ہے، تو اشتہار بھی دیکھنے پڑیں گے

    کم پیسوں میں نیٹ فلکس دیکھنا ہے، تو اشتہار بھی دیکھنے پڑیں گے

    امریکی اسٹریمنگ سروس نیٹ فلکس نے صارفین کے لیے اشتہاروں والا پیکج متعارف کروا دیا، یہ ان صارفین کے لیے ہوگا جو کم قیمت میں نیٹ فلکس دیکھنا چاہتے ہیں۔

    اسٹریمنگ سروس نیٹ فلیکس کی جانب سے اشتہارات پر مبنی ایک سستا پیکج متعارف کروانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

    اشتہارات پر مبنی یہ پیکج ابتدائی طور پر صرف 12 ممالک میں دستیاب ہوگا جس میں آسٹریلیا، برازیل، کینیڈا، فرانس، جرمنی، اٹلی، جاپان، کوریا، اسپین، برطانیہ اور امریکا شامل ہیں۔

    کمپنی نے اسے بیسک ود ایڈز کا نام دیا ہے اور یہ نومبر سے دستیاب ہوگا۔

    کمپنی کے مطابق اس پیکج کو لینے والے افراد 120 پکسل / ایچ ڈی ویڈیو دیکھ سکیں گے جبکہ ہر گھنٹے 4 سے 5 منٹ کے اشتہارات دکھائے جائیں گے۔

    اسی طرح یہ صارفین ایپ سے ویڈیو کو ڈاؤن لوڈ نہیں کرسکیں گے جبکہ انہیں محدود فلموں اور ٹی وی شوز تک رسائی حاصل ہوگی۔

  • نیٹ فلکس نے 300 امریکی ملازمین برطرف کردیے

    نیٹ فلکس نے 300 امریکی ملازمین برطرف کردیے

    امریکی ویڈیو اسٹریمنگ کمپنی نیٹ فلکس نے 300 ملازمین برطرف کردیے، نیٹ فلکس نے چند ہفتے قبل ہی سینکڑوں ملازمین کو فارغ کیا تھا۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق نیٹ فلکس نے اک بار پھر 300 ملازمین کی چھانٹی کی ہے، نیٹ فلکس نے اس مرتبہ اپنے ہر ڈپارٹمنٹ سے ملازمین کو نکالا ہے، جن لوگوں کو ملازمت سے نکالا گیا ہے، ان میں بیشتر امریکا سے تعلق رکھتے ہیں۔

    تقریباً 11 ہزار مستقل ملازمین والی کمپنی نیٹ فلکس نے کچھ ہفتے پہلے ہی مئی میں سینکڑوں ملازمین کو برخاست کیا تھا، کمپنی نے اس وقت کہہ دیا تھا کہ مزید برطرفیاں بھی متوقع ہیں۔

    خیال رہے کہ کمپنی نے اپنے ملازمین کی برطرفی کا فیصلہ اسٹاک مارکیٹ میں کمپنی کے کمزور ہوتے اسٹاک پرائس کو مستحکم کرنے کی کوششوں کے تحت کیا ہے۔

    سنہ 2022 کے پہلے کوارٹر میں 2 لاکھ سبسکرائبرز کے نقصان کے بعد کمپنی کے شیئرز کی قیمت میں 20 فیصد تک کی گراوٹ درج کی گئی تھی، مارکیٹ ماہرین کا اندازہ ہے کہ 2022 میں اپریل سے جون کے دوسرے کوارٹر میں کمپنی کو 20 لاکھ سبسکرائبرز کا نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔

    اعداد و شمار کے مطابق کمپنی کے پاس مجموعی طور پر 38 ملین سے زیادہ پیڈ سبسکرائبرز ہیں۔

  • نوجوان نے سالانہ 9 کروڑ روپے تنخواہ والی نوکری چھوڑ دی

    نوجوان نے سالانہ 9 کروڑ روپے تنخواہ والی نوکری چھوڑ دی

    امریکا میں نیٹ فلکس میں بطور انجینیئر کام کرنے والے مائیکل لین نے کمپنی کو اس لیے چھوڑ دیا کیونکہ وہ اس کام سے بیزار ہوگئے تھے۔

    مائیکل لین سنہ 2017 میں سینئر سافٹ ویئر انجینیئر کے طور پر نیٹ فلکس کا حصہ بنے تھے اور اس سے قبل ایمازون کمپنی میں کام کرتے رہے تھے۔

    مائیکل لین کے مطابق جب وہ نیٹ فلکس کی ملازمت چھوڑ رہے تھے تو ان کے ذہن میں تھا کہ کیا اس سے بہتر ملازمت مل سکے گی جہاں مفت طعام اور تنخواہ کے ساتھ لامحدود چھٹیاں مل سکیں۔

    انہوں نے بتایا کہ ان کے والدین بھی ملازمت چھوڑنے کے لیے خلاف تھے، مائیکل لین کے دوستوں کو بھی فکر تھی کہ ان کو کسی اور جگہ اچھی ملازمت نہیں مل سکے گی۔

    ان کا خود کہنا ہے کہ نیٹ فلکس میں کام کرتے ہوئے انہوں نے کافی کچھ سیکھا مگر کرونا وائرس کی وبا کے آغاز کے بعد انہیں اپنا کام اس وقت برا لگنے لگا جب انہیں دفتر کے بجائے گھر سے کام کرنے کا کہا گیا۔

    مائیکل لین نے اپنے عہدے کو بدلنے کی درخواست بھی دی مگر اسے مسترد کردیا گیا۔

    اس موقع پر انہیں لگنے لگا کہ تنخواہ تو اچھی مل رہی ہے مگر ان کا کیریئر مزید آگے نہیں بڑھ سکتا جس سے ان کا کام بھی متاثر ہوا۔

    کمپنی کی جانب سے انہیں اپریل 2021 میں وارننگ بھی دی گئی جس کے 2 ہفتے بعد مائیکل نے استعفیٰ دے دیا، اس موقع پر مائیکل لین کا خیال تھا کہ اس فیصلے سے ان کی سماجی زندگی اور کیریئر متاثر ہوگا مگر ایسا نہیں ہوا۔

    اب ان کا کہنا ہے کہ ملازمت کو چھوڑے ہوئے 8 ماہ سے زیادہ کا عرصہ ہوگیا ہے اور وہ اپنے لیے کام کرنے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ یہ ابھی آغاز ہے اور ابھی آمدنی کا کوئی قابل بھروسہ ذریعہ بھی نہیں مگر انہیں یقین ہے کہ مستقبل میں سب اچھا ہوگا۔