Tag: نیٹ فلکس

  • اسٹرینجر تھنگس سیزن 4: پرتشدد مناظر پر وارننگ جاری

    اسٹرینجر تھنگس سیزن 4: پرتشدد مناظر پر وارننگ جاری

    امریکی ویڈیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس نے اپنی مشہور سیریز اسٹرینجر تھنگس میں پرتشدد مناظر پر وارننگ جاری کردی۔

    امریکی ریاست ٹیکساس کے اسکول میں منگل کو فائرنگ کے افسوسناک واقعے کے بعد نیٹ فلکس نے اپنی سیریز اسٹرینجر تھنگس 4 پر وارننگ کارڈ جاری کردیا ہے۔

    نیٹ فلکس نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہم نے اس سیریز کی عکس بندی پچھلے برس کی تھی لیکن اسکول میں ہونے والے فائرنگ کے واقعے کے بعد شائقین کو پہلی قسط کا ایک منظر بہت پریشان کن محسوس ہوسکتا ہے۔

    خیال رہے کہ نیٹ فلکس نے اسٹرینجر تھنگس نامی سیزن کی 8 منٹ کی ویڈیو شیئر کی تھی جس میں متعدد بچوں کو خون میں لت پت دکھایا گیا ہے۔

    سیریز کی پہلی قسط پر وارننگ کارڈ جاری کرتے ہوئے نیٹ فلکس نے لکھا ہے کہ خبردار! بچوں پر تشدد کے خطرناک مناظر ہیں۔

    مذکورہ سیریز سائنس فکشن ہارر سیریز ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ ایک لیبارٹری تجربے کے دوران ایک پراسرار دنیا کا دروازہ کھل جاتا ہے جہاں کی غیر مرئی مخلوق وہاں کے رہائشیوں کی زندگی کو متاثر کرنے لگتی ہے۔

  • نیٹ فلکس نے روس میں اپنی سروسز بند کردیں

    نیٹ فلکس نے روس میں اپنی سروسز بند کردیں

    یوکرین پر حملے کے بعد روس پر اقتصادی پابندیوں میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، حال ہی میں امریکی اسٹریمنگ سروس نیٹ فلکس نے روس میں اپنی سروس پر پابندی لگا دی ہے۔

    امریکی اسٹریمنگ سروسز کمپنی نیٹ فلکس نے بھی روس میں اپنے تمام جاری اور مستقبل کے منصوبوں پر کام روک دیا ہے، کمپنی نے روس میں مستقبل کے تمام منصوبوں کو عارضی طور پر روک دیا ہے۔

    نیٹ فلکس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس وقت روسی زبان میں 4 سیریز پروڈکشن اور پوسٹ پروڈکشن میں تھی تاہم روس یوکرین جنگ کے تناظر میں ان منصوبوں کو وقتی طور پر معطل کردیا گیا ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں ہم اپنے پلیٹ فارم کی روسی سروس پر بھی کسی سرکاری چینل کو شامل نہیں کر رہے۔

    یوکرین پر حملے کے بعد سے روس کو فلم اور ٹیلی ویژن انڈسٹری کی طرف سے بھی بائیکاٹ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    نیٹ فلکس سے قبل کین فلم فیسٹیول نے بھی روس پر پابندی عائدکرتے ہوئے کہا تھا کہ یوکرین جنگ کے خاتمے تک روسی وفود پر فیسٹیول میں شرکت پر پابندی عائد رہے گی۔

  • دی کوئنز گیمبٹ: نیٹ فلکس کو عدالتی کارروائی کا سامنا ہوسکتا ہے

    دی کوئنز گیمبٹ: نیٹ فلکس کو عدالتی کارروائی کا سامنا ہوسکتا ہے

    امریکی ویڈیو اسٹریمنگ سروس نیٹ فلکس کو جلد ہی اپنی مقبول سیریز دی کوئنز گیمبٹ پر ہتک عزت کے مقدمے میں عدالتی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

    سیریز کے حوالے سے اسٹریمنگ پلیٹ فارم کے خلاف کیے گئے کیس میں، نیٹ فلکس کی اپیل خارج کردی گئی ہے۔

    نیٹ فلکس پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس نے سیریز میں شطرنج کی خاتون عالمی چیمپیئن نونا گیپرنداشویلی کی کیرئیر کی سب سے اہم کامیابیوں میں سے ایک کو غلط طریقے سے پیش کیا ہے۔

    جارجین شطرنج کی کھلاڑی نے ڈرامے میں ایک ڈائیلاگ پر اعتراض اٹھایا ہے، جس کے بارے میں ان کے وکلا کا کہنا ہے کہ اس سے نونا کی ذاتی اور پیشہ ورانہ ساکھ کو داغدار کیا گیا ہے۔

    یہ سیریز فکشنل شطرنج کی کھلاڑی بیتھ ہرمن کے بارے میں ہے، لیکن اس میں حقیقی زندگی کی معروف شخصیات کے بارے میں بھی حوالہ جات دیے گئے ہیں، جن میں گیپرنداشویلی بھی شامل ہیں۔

    سیریز کی آخری قسط میں شطرنج کے کھیل کے دوران ایک تبصرہ نگار ہرمن کی کامیابیوں کا موازنہ گیپرینداشویلی کی کامیابیوں سے کرتا ہے، لیکن کہتا ہے کہ نونا نے کھیلتے ہوئے کبھی مردوں کا سامنا نہیں کیا، حالانکہ انہوں نے کیا تھا۔

    نیٹ فلکس نے اپنے دفاع میں کہا کہ یہ کیس 5 ملین ڈالر حاصل کرنے کے لیے کیا گیا ہے، جبکہ شو میں جو کچھ دکھایا گیا ہے اس کا ہتک عزت سے کچھ لینا دینا نہیں ہے، تاہم ڈسٹرکٹ جج نے نیٹ فلکس کی دلیل سے اتفاق نہیں کیا ہے۔

    اسٹریمنگ سروس کے وکیل کی طرف سے دیے گئے بہت سے دلائل میں سے ایک دلیل یہ بھی تھی کہ شو میں جو کچھ دکھایا جاتا ہے اس سے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ شو کے تمام کردار فرضی تھے۔

    دوسری جانب جج نے اس دلیل کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ شطرنج کے کھلاڑی کے حقائق پر مبنی دعوے کو رد کرنے کے لیے کافی نہیں ہے۔

    80 سالہ گیپرینداشویلی کے وکلا کا کہنا تھا کہ وہ تاریخ کی پہلی خاتون تھیں جنہیں بین الاقوامی شطرنج کا گرینڈ ماسٹر بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مدعی کے کیریئر کے دوران ایک عورت ہونے کی وجہ سے انہیں شدید تعصب کا سامنا کرنا پڑا۔

    جب یہ سیریز نشر ہوئی تو متعدد نیوز آؤٹ لیٹس اور مختلف انفرادی انٹرنیٹ صارفین نے اس لائن کی غلطی پر تبصرہ کیا۔

  • 2021: نیٹ فلکس پر سب سے زیادہ پسند کی جانے والی فلمیں اور سیریز

    2021: نیٹ فلکس پر سب سے زیادہ پسند کی جانے والی فلمیں اور سیریز

    گزشتہ برس نیٹ فلکس پر سب سے زیادہ دیکھی اور پسند کی جانے والی سیریز اور فلمیں کون سی رہیں؟ اس حوالے سے امریکی ویب سائٹ ’روٹن ٹوماٹوز‘ نے ایک فہرست مرتب کی ہے، اس ویب سائٹ کا شمار فلموں اور ڈراموں کے ریویوز کے حوالے سے دنیا کی بڑی ویب سائٹوں میں ہوتا ہے۔

    اسکوئڈ گیم

    یہ ایک کورین سیریز ہے، اور یہ ستمبر 2021 میں نیٹ فلکس پر ریلیز ہوئی، ویب سائٹ پر اس سیریز کی ریٹنگ 94 فی صد ہے، اور یہ مقبولیت میں فہرست میں پہلے نمبر پر ہے۔

    ڈونٹ لُک اَپ

    اس ہالی ووڈ فلم کے اداکاروں میں لیونارڈو ڈی کیپریو، جینیفر لارنس اور میرل سٹریپ جیسے نام شامل ہیں، ناظرین نے اس فلم کو بے حد پسند کیا ہے، یہ روٹن ٹوماٹوز کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے۔

    آرکین

    یہ اینیمیٹڈ سیریز ہے، اس کی نوعیت ایکشن ایڈونچر کی ہے، نومبر 2021 میں نیٹ فلکس پر اس کا پہلا سیزن ریلیز ہوا، اور اس نے تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔

    دا وِچر

    یہ بھی ایک سپرہٹ سیریز ہے، ناظرین میں بہت مقبول، فلم سپرمین سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے اداکار ہنری کیول کی سیریز ’دا وچر‘ کا دوسرا سیزن بھی پچھلے سال نیٹ فلکس پر ریلیز ہوا، یہ پسندیدگی کی فہرست میں چوتھے نمبر پر ہے۔

    آرمی آف دا ڈیڈ

    یہ ہالی ووڈ فلم ہے، جس کے ہدایت کار زیک سنائڈر ہیں، فلم میں ڈبلیو ڈبلیو ای کے سابق ریسلر ڈیو بٹیسٹا اپنی ٹیم کے ساتھ زومبیوں سے لڑتے ہیں، یہ فلم پانچویں نمبر پر رہی۔

    ریڈ نوٹس

    ہالی ووڈ کے مہنگے ترین اداکار ڈیوائن جانسن، ریان رینلڈز اور گیل گیڈت کی ایکشن کامیڈی فلم ’ریڈ نوٹس‘ اس فہرست میں چھٹے نمبر پرہے۔

    دا پاور آف دا ڈاگ

    روٹن ٹوماٹوز نے اس فلم کو فہرست میں ساتویں نمبر پر رکھا ہے، یہ نیٹ فلکس پر ریلیز ہوئی، برطانوی اداکار بینیڈیکٹ کمبربیچ کی اس فلم کو شائقین نے بہت پسند کیا۔

    آئی کیئر آلاٹ

    دل چسپ بات یہ ہے کہ یہ فلم 2020 میں ریلیز ہوئی تھی، لیکن روزامینڈ پائیک اور پیٹر ڈنکلیج کی یہ ڈارک کامیڈی فلم 2021 میں بھی فلمی شائقین کی توجہ کا مرکز رہی، اور یہ اس فہرست میں آٹھویں نمبر پر ہے۔

    مڈ نائٹ ماس

    چرچ اور خون پینے والے پادری کے گرد گھومنے والی کہانی پر مبنی اس ڈراما سیریز کے مرکزی کرداروں میں زیک گلفورڈ اور کیٹ سیگل شامل ہیں، اس کا پہلا سیزن ستمبر 2021 میں ریلیز ہوا تھا، اور یہ فہرست میں آٹھویں نمبر پر ہے۔

    یُو

    یہ بھی نیٹ فلکس کی سیریز ہے، جس کا سیزن تھری دسویں نمبر پر آیا ہے، اور معصوم چہرے کے پیچھے چھپے قاتل کی اس سیریز کا سیزن اکتوبر 2021 میں ریلیز ہوا۔

  • اسکوئڈ گیم کے مزید سیزنز بھی آئیں گے

    اسکوئڈ گیم کے مزید سیزنز بھی آئیں گے

    امریکی اسٹریمنگ سروس نیٹ فلکس پر پیش کی گئی جنوبی کورین سیریز اسکوئڈ گیم جو دنیا بھر میں مقبول ہوئی، جلد ہی مداحوں کے لیے دوبارہ پیش کی جائے گی۔

    سیریز کے رائٹر اور ڈائریکٹر ہوانگ ڈونگ ہیوک نے کورین میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ نہ صرف نیٹ فلیکس کے ہٹ شو کا دورسرا سیزن تیار کریں گے بلکہ تیسرے سیزن پر بھی کام کیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ وہ سیزن 2 کے ساتھ ساتھ سیزن 3 کے لیے بھی نیٹ فلکس سے بات کررہے ہیں، ہم کسی بھی وقت حتمی نتیجے پر پہنچ سکتے ہیں۔

    شو کے دوسرے سیزن کی تصدیق ڈائریکٹر نے نومبر میں کی تھی۔

    انہوں نے بتایا کہ دوسرے سیزن میں مرکزی کردار کی کہانی جاری رہے گی یعنی وہ جو اس جان لیوا ٹورنامنٹ کو جیتنے میں کامیاب ہوا مگر سیزن 1 کے اختتام پر وہ کردار گیم کو روکنے کے لیے تیار نظر آتا تھا۔

    ڈائریکٹر نے یہ بھی بتایا کہ دوسرے سیزن میں گیم چلانے والے فرنٹ مین پر توجہ مرکوز کی جاسکتی ہے۔

    ابھی نئے سیزن کی عکس بندی یا ریلیز سے متعلق کوئی بھی حٹمی تاریخ نہیں دی گئی۔

  • سیریز ختم لیکن شو ابھی باقی ہے: برلن واپس آرہا ہے

    سیریز ختم لیکن شو ابھی باقی ہے: برلن واپس آرہا ہے

    دنیا بھر میں مقبول ترین نیٹ فلکس سیریز منی ہائسٹ کا آخری حصہ آج ریلیز ہوچکا ہے جس کے بعد یہ مقبول ترین سیریز اختتام پذیر ہوجائے گی تاہم اس کے تخلیق کاروں نے اس کے اسپن آف کا اعلان کردیا جس کے بعد مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

    منی ہائسٹ سیریز کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر کیے گئے ٹویٹ میں اعلان کیا گیا کہ سیریز کے مشہور ترین کرداروں میں سے ایک برلن پر اسپن آف یعنی الگ سے سیریز بنائی جائے گی جو سنہ 2023 میں نیٹ فلکس پر پیش کی جائے گی۔

    برلن کا کردار ہسپانوی اداکار پیڈرو اولنزو ادا کر رہے ہیں، برلن سیریز میں دکھائی گئی ڈکیتیوں کے ماسٹر مائنڈ پروفیسر کا بھائی ہے جو خود بھی ایک ذہین اور چالاک شخص ہے۔

    برلن کی دوسرے سیزن میں موت دکھائی جاچکی ہے تاہم اگلے سیزنز میں فلیش بیکس میں اس کی زندگی دکھائی جاتی رہی۔

    اسپن آف سیریز کے تخلیق کار بھی ہسپانوی پروڈیوسر ایلکس پینا ہوں گے جنہوں نے پوری منی ہائسٹ پروڈیوس کی ہے جبکہ دیگر پروڈیوسرز اور ہدایتکار بھی وہی ہوں گے۔

    دوسری جانب منی ہائسٹ کے پانچویں سیزن کا دوسرا حصہ آج ریلیز کیا جاچکا ہے اور اس کے ساتھ ہی یہ مقبول ترین سیریز اپنے اختتام کو پہنچ جائے گی۔

  • اسکوئڈ گیم میں دکھائے جانے والے نمبر پر روزانہ ہزاروں کالز موصول

    اسکوئڈ گیم میں دکھائے جانے والے نمبر پر روزانہ ہزاروں کالز موصول

    امریکی اسٹریمنگ سروس نیٹ فلکس پر اس وقت جنوبی کورین سیریز اسکوئڈ گیم چھائی ہوئی ہے، تاہم اس سیریز کی وجہ سے ایک شخص نہایت مشکل کا شکار ہوگیا کیونکہ اس کا فون نمبر اس سیریز میں دکھایا گیا ہے۔

    جنوبی کوریا میں بچوں کے کھیلوں پر بننے والی اسکوئڈ گیم نامی سیریز اس وقت دنیا بھر میں بے حد مقبول ہورہی ہے، اس میں بچوں کے کھیل کو مارو یا مرجاؤ جیسے خوف ناک گیم میں بدلا گیا ہے جس میں جیتنے والے کو پونے چار کروڑ ڈالر کی رقم ملے گی۔

    اس سیریز میں ایک نمبر دکھایا گیا ہے جو فرضی سمجھا گیا لیکن بعد ازاں معلوم ہوا کہ یہ نمبر جنوبی کوریا کے صوبے چیئنگائی میں رہنے والے ایک شخص کا ہے۔

    سیریز میں نمبر دکھائے جانے کے بعد ناظرین نے اسے نوٹ کرلیا اور اس پر کالز شروع کردیں جس کے بعد اس نمبر کا مالک پریشان ہوگیا، اس کا کہنا ہے کہ اسے دن میں 4 ہزار کے قریب کالز آرہی ہیں۔

    نوبت یہاں تک آ پہنچی ہے کہ جنوبی کوریا میں ایک صدارتی امیدوار اور قومی انقلابی پارٹی کے اعزازی سربراہ ہو کیونگ یونگ نے اس نمبر کی قیمت لگادی ہے اور کہا ہے کہ وہ اس فون نمبر کے 85 ہزار ڈالر ادا کرنے کو تیار ہیں۔

    مذکورہ سیریز میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح مختلف پریشانیوں کا شکار افراد رقم کی خاطر ایک گیم کھیلنے کے لیے جمع ہوتے ہیں جہاں ان سے بچوں کے کھیلنے والے گیمز کھلائے جاتے ہیں۔

    تاہم صورتحال اس وقت کشیدہ ہوجاتی ہے جب ہارنے والے کو موت کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جس کے بعد یہ بے ضرر کھیل زندگی اور موت کی جنگ میں بدل جاتے ہیں۔

  • نصابی کتاب کے سرورق پر منشیات کا دھندہ کرنے والے مجرم کی تصویر

    نصابی کتاب کے سرورق پر منشیات کا دھندہ کرنے والے مجرم کی تصویر

    سنہ 2008 میں امریکا میں ریلیز کیے جانے والے کرائم ڈرامے بریکنگ بیڈ کا ایک کردار جیسی پنک مین جو دراصل منشیات کا دھندہ کرنے والا مجرم ہوتا ہے، سری لنکا کی ایک نصابی کتاب کے سرورق پر جلوہ افروز ہوچکا ہے۔

    سنہ 2008 سے 2013 کے دوران نشر کیا جانے والا کرائم ڈرامہ بریکنگ بیڈ دنیا بھر میں بے حد مشہور ہے اور امریکی اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر نشر کیے جانے کے بعد اس کی مقبولیت اور اس کے دیکھنے والوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

    اس سیریز نے کئی ایمی ایوارڈز اور گولڈن گلوب ایوارڈز جیتے ہیں۔

    سیریز 2 مرکزی کرداروں کے گرد گھومتی ہے جس میں ایک غریبانہ زندگی بسر کرنے والا کیمسٹری کا استاد والٹر وائٹ ہے جو بے شمار مشکلات میں گھرا ہوا ہے لیکن ایک ذہین شخص ہے۔

    دوسرا کردار جیسی پنک مین کا ہے جو ایک نالائق طالبعلم رہ چکا ہے اور اسکول سے فارغ ہونے کے بعد منشیات کے دھندے میں مصروف ہے۔

    کہانی میں اس وقت ایک نیا موڑ آتا ہے جب والٹر وائٹ کو کینسر تشخیص ہوتا ہے، وہ نہ صرف اپنے علاج کے اخراجات اٹھانے سے قاصر ہے بلکہ اپنی متوقع موت کی صورت میں اپنے خاندان کے لیے بھی پریشان ہے کہ وہ کس طرح گزر بسر کریں گے۔

    یہاں اس کی ملاقات اپنے پرانے طالب علم جیسی پنک مین سےہوتی ہے اور حالات کا ستایا ہوا والٹر وائٹ جیسی کے ساتھ منشیات بنانے کا دھندہ شروع کردیتا ہے۔ کیمسٹری ٹیچر اور نہایت ذہین ہونے کی وجہ سے وہ نہایت باریکی اور نفاست سے اپنے ہاتھ سے میتھمفٹامین یعنی آئس تیار کرتا ہے۔

    اس کی بنائی گئی منشیات نہایت نشہ آور اور اعلیٰ معیار کی ہوتی ہے لہٰذا جلد ہی وہ منشیات نیٹ ورک کے ایک خفیہ سربراہ کے طور پر مشہور ہونے لگتا ہے جو اپنے آپ کو ہائزن برگ کہلواتا ہے۔

    جیسی پنک مین اس کا دست راست ہوتا ہے۔ اب یہی جیسی پنک مین سری لنکا میں ایک کیمسٹری کی کتاب کے سرورق پر موجود ہے جسے دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین متضاد خیالات کا اظہار کر رہے ہیں۔

    تصویر میں جیسی پنک مین حفاظتی لباس پہنے ایک بڑا گلاس بریکر تھامے ہوئے ہے اور بظاہر وہ لیبارٹری میں کچھ کام کر رہا ہے، سرورق کے ایک کونے پر سائنس فار ٹیکنالوجی بھی لکھا ہوا ہے۔

    سوشل میڈیا پر یہ تصویر وائرل ہونے کے بعد ایک صارف نے لکھا، آخر منشیات بنانا بھی تو کیمسٹری ہے۔ ایک صارف کا کہنا تھا کہ کیا ہی اچھا ہو کہ اس کتاب کو لکھنے کا انداز بھی ویسا ہو جیسا پنک مین کے بولنے کا تھا۔

    کچھ افراد نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ نصابی کتاب نہیں بلکہ ایک نوٹ بک ہے۔

  • نیٹ فلکس سمیت آن لائن اسٹریمنگ سروسز کے لیے سخت ضابطہ اخلاق

    نیٹ فلکس سمیت آن لائن اسٹریمنگ سروسز کے لیے سخت ضابطہ اخلاق

    لندن: برطانیہ نے نیٹ فلکس سمیت آن لائن اسٹریمنگ سروسز کو سخت ضابطہ اخلاق کا پابند بنانے کا فیصلہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی حکومت نے آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارمز کو سخت ضابطہ اخلاق کا پابند بنانے کی غرض سے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔

    اے ایف پی کے مطابق برطانوی حکومت کی جانب سے بدھ کو پیش کی گئی تجاویز کے تحت نیٹ فلکس، ڈزنی پلس اور ایمازون پرائم ویڈیوز پر بھی وہی قواعد و ضوابط لاگو ہوں گے، جن کے تحت بی بی سی، آئی ٹی وی اور اسکائی سمیت دیگر روایتی نشریاتی ادارے کام کرتے ہیں۔

    واضح رہے کہ برطانیہ میں نیٹ فلکس اور ایپل ٹی وی کو کسی بھی ضابطے کے تحت ریگولیٹ نہیں کیا گیا ہے، اور بی بی سی کی آئی پلیئر سروس کے علاوہ تمام آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارمز کو سخت قوانین کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔

    برطانوی سیکریٹری برائے ثقافت آلیور ڈاؤڈن کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی نے براڈکاسٹنگ کو تبدیل کر دیا ہے لیکن وقت آ گیا ہے کہ پبلک سروس براڈکاسٹرز کی صلاحیت کا بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے غور کیا جائے، صارفین کی حفاظت کو یقینی بنانے اور روایتی چینلز کو مقابلہ کرنے میں مدد فراہم کی جائے۔

    برطانیہ میں نگران ادارے ’آفس آف کمیونیکیشنز‘ کی جانب سے طے کیے گئے نشریاتی قوانین پر عمل درآمد کرنا ٹی وی چینلز کے لیے لازمی ہے، آفس آف کمیونیکیشنز نے نقصان دہ مواد اور نیوز پروگرامز میں غیر جانب داری کے حوالے سے قوانین وضع کیے ہوئے ہیں۔

    برطانیہ میں میڈیا کے حوالے سے کی جانے والی اصلاحات کا مقصد پبلک سروس براڈکاسٹرز کی آن لائن موجودگی کو مزید نمایاں کرنا بھی ہے، تاکہ اسمارٹ ٹی وی اور دیگر ڈیوائسز پر ان کے پروگرامز تک رسائی کو آسان بنایا جا سکے۔

  • نیٹ فلکس پر سب سے زیادہ دیکھی جانے والی فلم کے سیکوئل کا اعلان

    نیٹ فلکس پر سب سے زیادہ دیکھی جانے والی فلم کے سیکوئل کا اعلان

    امریکی ویڈیو اسٹریمنگ سروس نیٹ فلکس نے سال 2020 کی سب سے زیادہ دیکھی جانے والی فلموں میں سے ایک اینولا ہومز کے سیکوئل کا اعلان کردیا، اینولا ہومز مشہور و معروف سراغ رساں شرلاک ہومز (فرضی کردار) کی بہن کی کہانی ہے۔

    نیٹ فلکس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اینولا ہومز 2 کا اعلان کیا ہے، فلم کی مرکزی کردار ملی بوبی براؤن نے بھی اپنے انسٹا گرام پر اس کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا کہ سیکوئل تیاری کے مراحل میں ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by @milliebobbybrown

    نیٹ فلکس کے مطابق اینولا کا مرکزی کردار برطانوی اداکارہ ملی بوبی براؤن ہی ادا کریں گی جبکہ ان کے بھائی شرلاک ہومز کا کردار بھی پچھلی فلم کی طرح ہنری کیول ادا کریں گے جو اپنے کردار سپر مین کے لیے مشہور ہیں۔

    یاد رہے کہ شرلاک ہومز اور اینولا ہومز کا کردار تخیلاتی ہے، شرلاک کے مصنف سر آرتھر کونن ڈائل ہیں جبکہ شرلاک کی بہن اینولا ہومز کا کردار امریکی مصنفہ نینسی اسپرنگر کا تخلیق کردہ ہے، نینسی نے 50 کے قریب کتابیں لکھی ہیں جبکہ متعدد ایوارڈز بھی حاصل کیے ہیں، اینولا ہومز کے بارے میں انہوں نے 6 ناولز لکھے ہیں۔

    شرلاک ہومز کے بارے میں اب تک متعدد فلمز اور ڈرامے بنائے جاچکے ہیں جبکہ بی بی سی کی پروڈکشن سیریز شرلاک نیٹ فلکس پر بھی دستیاب ہے، اینولا ہومز کے بارے میں یہ پہلی فلم تھی جس کے ہدایت کار ہیری بریڈبر ہیں۔

    یہ فلم سال 2020 کی سب سے زیادہ دیکھی جانے والی فلموں میں سے ایک رہی جبکہ فلم نے ریلیز کے پہلے ہی ہفتے سب سے زیادہ دیکھی جانے والی فلم کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔

    فلم کے پہلے حصے میں اینولا کو اپنی ماں یوڈوریا (ہیلینا بونہم کارٹر) کے ساتھ اکیلے رہتے ہوئے دکھایا گیا تھا جو گھر میں رہتے ہوئے اپنی ماں سے دنیا کی بہترین تعلیم حاصل کرتی ہے۔ وہ ماں سے مارشل آرٹس اور مختلف کھیلوں جیسے نیزہ بازی وغیرہ میں بھی مہارت حاصل کرتی ہے۔

    بعد ازاں یوڈوریا غائب ہوجاتی ہے اور اینولا کے بھائی اسے واپس اسکول بھیج کر روایتی طرز زندگی گزارنے پر مجبور کرتے ہیں لیکن وہ وہاں سے بھاگ کھڑی ہوتی ہے۔ اینولا نہایت مضبوط، بے خوف، ذہین اور بہادر لڑکی ہے اور اپنے سراغ رساں بھائی شرلاک سے بھی دو ہاتھ آگے ہے۔

    فلم میں خواتین کے ووٹ دینے کی تحریک سفرج موومنٹ کو دکھایا گیا ہے جو پوری ایک صدی جاری رہی جس کے بعد خواتین کو ووٹ دینے کا حق ملا۔