Tag: نیٹ فلیکس

  • انتظار ختم، منی ہائسٹ سیزن 5 کی ریلیز تاریخوں کا اعلان، دل دھڑکا دینے والا ٹریلر بھی جاری

    انتظار ختم، منی ہائسٹ سیزن 5 کی ریلیز تاریخوں کا اعلان، دل دھڑکا دینے والا ٹریلر بھی جاری

    نیٹ فلکس کی شہرہ آفاق ویب سیریز ’منی ہائسٹ‘ کے پانچویں سیزن کی ریلیز کی تاریخوں کا اعلان ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں تہلکہ مچا دینے والی نیٹ فلکس کی کرائم سیریز منی ہائسٹ کے 5 ویں سیزن کی تاریخوں کا اعلان آج پیر کو ہو گیا، سیزن 5 کا پہلا حصہ 3 ستمبر کو ریلیز ہوگا، جب کہ دوسرا حصہ 3 دسمبر کو ریلیز ہوگا۔

    نیٹ فلیکس نے سیریز کا ایک دل کو دھڑکانے والا ٹریلر بھی جاری کر دیا ہے، اس بار گینگ کے ارکان زیادہ غصے اور زیادہ قوت سے لوٹے ہیں، وہ نیروبی کی قربانی کو بھلانے والے نہیں ہیں، کیوں کہ اب بات صرف چوری کی نہیں رہی ہے، اس ٹیزر میں کئی سارے خوشی اور دکھ کے لمحات دکھائی دیتے ہیں۔

    ٹیزر میں ہر گینگ ممبر کے جذبات کو سلو موشن میں دکھایا گیا ہے، اور ہر کوئی جیسے اپنے ذاتی نقصان کا انتقام لینے کے لیے لڑتا دکھائی دے رہا ہے۔

    اس میں بہت سارا ایکشن بھی دکھائی دیتا ہے، اس بار پولیس اہل کار بھی بینک کے اندر آ چکے ہیں، اور وہ ہر وہ قدم اٹھا رہے ہیں جس سے گینگ کو سرینڈر کیا جا سکے، لیکن گینگ بھی ہار ماننے کو تیار نہیں، جب گینگ بینک کے اندر داخل ہوتا ہے تو ہر دل عزیز پروفیسر بینک آف اسپین سے باہر محاذ سنبھالتا ہے، لیکن کیا اس بار پروفیسر کو پکڑ کر کرسی سے باندھ دیا گیا ہے؟

    اس ٹیزر کے ذریعے نیٹ فلیکس نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ اس بار منی ہائسٹ سیز فائیو دو حصوں میں آئے گا، پہلا حصہ تین ستمبر کو آئے گا، جب کہ دوسرے حصے کا پریمیئر 3 دسمبر کو ہوگا۔

    منی ہائسٹ کے تخلیق کار ایلکس پینا نے سیزن فائیو کے بارے میں بتایا کہ جب ہم نے وبا کے دوران پارٹ فائیو لکھنا شروع کیا تو ہمیں محسوس ہو گیا کہ دس قسطوں کے سیزن سے جو توقع کی گئی تھی اسے تبدیل کرنا پڑے گا، ہم نے آخری سیزن کو زیادہ سے زیادہ سنسنی خیز بنانا تھا، اس لیے ہم نے فیصلہ کہ اسے نہایت جارحانہ بنائیں گے، جب کہ دوسرے حصے میں کرداروں کی جذباتی صورت حال پر زیادہ توجہ مرکوز رکھی۔

  • خوف اور اسرار سے بھرپور سیریز ’اسٹرینجر تھنگز‘ کا چوتھا سیزن

    خوف اور اسرار سے بھرپور سیریز ’اسٹرینجر تھنگز‘ کا چوتھا سیزن

    امریکی ویڈیو اسٹریمنگ سروس نیٹ فلکس نے خوف اور اسرار سے بھرپور ڈراما سیریز ’اسٹرینجر تھنگز‘ کے چوتھے سیزن کا پرومو جاری کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیٹ فلیکس کی مقبول سائنس فکشن، ہارر، تھرلر اور مسٹری سیریز اسٹرینجر تھنگز کا چوتھا سیزن جلد شروع ہونے والا ہے، اس سیریز کا پہلا سیزن 2016 میں نیٹ فلیکس پر جاری ہوا تھا، دوسرا سیزن 2017 جب کہ تیسرا سیزن 2019 میں آیا تھا۔

    آخری سیزن کا اختتام ایک ناقابل یقین پوائنٹ پر ہوا تھا، یہ مقامی شیرف جم ہوپر کی ممکنہ موت پر مبنی تھا، تاہم گزشتہ برس اگست میں ریلیز ہونے والے ٹریلر میں انکشاف کیا گیا تھا کہ جم ہوپر زندہ ہے۔

    اب سیزن فور کے پرومو میں دکھایا گیا ہے کہ ملی بوبی براؤن یعنی ‘الیون’ ایک مرتبہ پھر ریسرچ لیب میں پھنسی ہوئی ہیں، اس پرومو میں کچھ بچوں کو بھی دکھایا گیا ہے جو اسپتال کے گاؤنز میں ملبوس ہیں اور کھلونا گاڑیوں سے کھیل رہے ہیں۔

    یہ ویڈیو سسپنس سے بھرپور ہے، ایک شخص کو دروازے سے ایک ہال میں داخل ہوتے ہوئے دکھایا گیا ہے جہاں بچے کھیل رہے ہوتے ہیں اور بچے اس فرد کو ‘پاپا’ کہتے ہیں۔ وہ شخص کہتا ہے صبح بخیر بچو، بچے ایک ساتھ جواب دیتے ہیں صبح بخیر پاپا۔

    واضح رہے کہ اسٹرینجر تھنگز سیریز میں سائنس دان کا کردار ادا کرنے والے میتھیو موڈین کو الیون پر متعدد ٹیسٹس کرتے دکھایا گیا ہے، الیون کو اس وقت تک ٹارچر کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے جب تک وہ خود فیصلہ نہیں کر لیتیں کہ ٹارچر بہت زیادہ ہوگیا ہے۔