Tag: ن لیگی رہنما

  • قومی احتساب بیورو نے ن لیگی رہنما رانا مشہود کو ایک بار پھر طلب کرلیا

    قومی احتساب بیورو نے ن لیگی رہنما رانا مشہود کو ایک بار پھر طلب کرلیا

    لاہور : نیب لاہور نے پنجاب اسپورٹس فیسٹیول تحقیقات میں مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر تعلیم رانا مشہود کو پھر طلب کرلیا، 22اگست کی صبح گیارہ بجے کے نوٹس جاری کردیئے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو ( نیب ) نے پنجاب اسپورٹس فیسٹیول تحقیقات میں سابق صوبائی وزیر رانا مشہود کو ذاتی حیثیت میں ایک بار پھر طلب کرلیا ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب نے رانا مشہود کو رواں ماہ 22 اگست کو گیارہ بجے طلب کیا ہے۔ رانا مشہود کو اسپورٹس بورڈ پنجاب میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات پر طلب کیا گیا۔

    وہ اس سے قبل 8 اگست کو نیب میں پیش ہو چکے ہیں۔ ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ ن لیگی رہنما نیب کی تحقیقاتی ٹیم کو مطمئن نہیں کر سکے تھے۔

    یاد رہے کہ سابق صوبائی وزیر نے نیب تحقیقات سے بچنے کے لیے29 جون کو لاہور ایئر پورٹ سے بیرون ملک فرار کی کوشش تھی لیکن نیب کی جانب سے سابق صوبائی وزیر کا نام بلیک لسٹ میں ہونے کی وجہ سے ایئر پورٹ حکام نے فرار کی کوشش ناکام بنا دی تھی۔

    نیب رانا مشہود کے خلاف پنجاب یوتھ فیسٹیول میں کروڑوں روپے کے کرپشن اسیکنڈل کی تحقیقات کر رہا ہے اور رانا مشہود اس سلسلے میں نیب میں پیش بھی ہوچکے ہیں اور نیب کی ہی درخواست پر وزارت داخلہ نے ان کا نام بلیک لسٹ میں شامل کیا تھا۔

  • مہنگائی موجودہ حکومت کو لے ڈوبے گی، ن لیگی اور پی پی رہنماؤں کی پیشگوئی

    مہنگائی موجودہ حکومت کو لے ڈوبے گی، ن لیگی اور پی پی رہنماؤں کی پیشگوئی

    اسلام آباد : نون لیگ اور پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماؤں نے کہا ہے کہ مہنگائی موجودہ حکومت کو لے ڈوبے گی، ملکی معیشت کیلئے کرائے پر لوگ لائے جارہے ہیں، ہمارا دفاعی بجٹ بھی خطرے میں پڑسکتا ہے۔

    یہ بات انہوں نے قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔ اسپیکر قومی اسمبلی کی اسد قیصر کی زیر صدارت اجلاس میں مہنگائی کے خلاف اپوزیشن ارکان حکومت پر برس پڑے۔

    ن لیگ کے مرکزی رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی ہوشربا مہنگائی موجودہ حکومت کو لے ڈوبے گی ملکی معیشت کیلئے کرائے پر لوگ لائے جارہے ہیں۔

    احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کی معاشی پالیسیاں ملکی سلامتی کیلئےخطرہ بن چکی ہیں، ہمارا دفاعی بجٹ بھی خطرے میں پڑسکتا ہے۔

    پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کا کہنا تھا کہ حکومت عوام پر مہنگائی بم گرا رہی ہے، کسی کے دور حکومت میں اتنی مہنگائی نہیں ہوئی جو اس بار ہوئی ہے۔

    اس موقع پر وزیر مملکت حماد اظہر نے اپوزیشن اراکین کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ن لیگ اور پی پی دور کے پہلے آٹھ ماہ میں ہم سے زیادہ مہنگائی تھی، یہ دونوں جماعتیں اپنے دور حکومت میں اکیس بار آئی ایم ایف کے پاس گئیں۔

    مزید پڑھیں: پیٹرول قیمتوں پر احتجاج کرنے والوں پر مقدمات نے آمریت کی یاد تازہ کر دی: بلاول بھٹو

    حما داظہر نے مزید کہا کہ یہ لوگ پہلے کہتے تھے آئی ایم ایف کے پاس جاؤ لیکن اب پلے کارڈ اٹھا کر احتجاج کررہے ہیں۔

  • نیب کی وجہ سے کوئی سرمایہ کاری کرنے کو تیار نہیں ہے: حمزہ شہباز

    نیب کی وجہ سے کوئی سرمایہ کاری کرنے کو تیار نہیں ہے: حمزہ شہباز

    لاہور: پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ پلی بار گین بھتہ خوری کا نظام ہے، نیب کی وجہ سے کوئی ملک میں سرمایہ کاری کرنے کو تیار نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز نے قومی احتساب بیورو پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نیب اور وزیر اعظم گٹھ جوڑ نے معیشت کو تباہ حال کر دیا ہے۔

    حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ نیب اور منشا بم میں کوئی فرق نہیں ہے، اساتذہ کو ہتھکڑیاں لگا کر قوم کو شرمندہ کیا گیا، ہمارے خلاف تحقیقات کی گئیں لیکن ایک پائی کی کرپشن کا الزام ثابت نہیں ہوا۔

    انھوں نے وزیرِ اعظم عمران خان کی وانا میں کی گئی تقریر کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا، کہا تقریر کے دوران جو زبان استعمال کی گئی وہ پوری قوم کے لیے باعث شرم ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  حمزہ شہباز شریف کی عبوری ضمانت میں 8 مئی تک توسیع

    بڑھتی ہوئی مہنگائی کے حوالے سے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ دوائیوں کی قیمتیں اور بڑھ رہی ہیں، مہنگائی اور بڑھے گی، آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ ہونے جا رہا ہے لیکن معلوم نہیں آئی ایم ایف کس قسم کی شرائط رکھے گا، اس معاہدے کے بعد مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے وانا میں ایک بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ ہر سال 100 ارب روپے قبائلی علاقوں پر خرچ ہوں گے۔

    انھوں نے کہا کہ وہ قبائلی علاقوں میں فوج بھیجنے کے مخالف تھے، عمران خان نے جنوبی وزیرستان میں دو ڈگری کالجز اور اسپورٹس کمپلیکس بنانے کا بھی اعلان کیا۔

  • ن لیگی رہنما حنیف عباسی کوجیل سے شیخ زید اسپتال منتقل کرنے کا حکم

    ن لیگی رہنما حنیف عباسی کوجیل سے شیخ زید اسپتال منتقل کرنے کا حکم

    لاہور : لاہورہائی کورٹ نےایفیڈرین کیس میں سزاء یافتہ ن لیگی رہنما حنیف عباسی کوجیل سے شیخ زید ہسپتال منتقل کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت گیارہ اپریل تک ملتوی کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی، حنیف عباسی کے وکیل نے کہا کہ حنیف عباسی دل اورگردوں کے عارضہ میں مبتلا ہیں انہیں علاج کے لئے اسپتال منتقل کیا جائے۔

    سرکاری وکیل نے کہا کہ حنیف عباسی کی طبی رپورٹس منگوا لی جائیں، جس پر عدالت نے کہا اگر آپ بیمار ہوں تو آپ کو بھی اسپتال بھجوانا چاہئیے ، یہ انسانی صحت کا معاملہ ہےاتنا سخت رویہ اختیار نہیں کرنا چاہئیے۔

    عدالت نے حنیف عباسی کوجیل سے شیخ زید ہسپتال منتقل کرنے کا حکم دے دیا اور دو رکنی بنچ نے سزاء کے خلاف حنیف عباسی کی اپیل پرسماعت گیارہ اپریل تک ملتوی کر دی۔

    یاد رہے اپیل میں حنیف عباسی نے موقف اختیار کیا ہے کہ انسدادِ منشیات عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے اہم قانونی نکات کو نظر انداز کیا. ادویات سازی کے لیے ایفیڈرین منگوائی گئی مگر بے بنیاد مقدمہ بنا دیا گیا۔

    مزید پڑھیں : حنیف عباسی کی طبیعت سنبھل گئی، واپس جیل منتقل

    اپیل میں کہا گیا کیس میں نامزد دیگر سات ملزموں کو رہائی مل چکی ہے مگر حنیف عباسی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بناتے ہوئے مقدمہ بنایا گیا . ٹرائل عدالت نے فیصلہ جاری کرتے وقت اصل حقائق کو نظر انداز کیا، ہائی کورٹ حنیف عباسی کی سزا معطل کرکے رہا کرنے کا حکم دے۔

    یاد رہے چند روز قبل ایفی ڈرین کیس میں سزا یافتہ مسلم لیگ کے رہنما حنیف عباسی کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا، جس کے بعد جیل انتظامیہ نے انہیں کنگا رام اسپتال منتقل کیا، اسپتال میں الرجی کا مرض بھی سامنے آیا جس کی ادویات فراہم کردی گئیں تھیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال 21 جولائی کو انسداد منشیات عدالت نے ایفی ڈرین کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما کو مجرم قرار دے کر عمر قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

    مسلم لیگ کے رہنما کو سزا سنانے کے بعد اے این ایف نےگرفتار کرلیا تھا۔ بعدازاں حنیف عباسی کو اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا تھا۔

  • جعلی ڈگری گیس، ایک اور ن لیگی رکن صوبائی اسمبلی نااہل قرار

    جعلی ڈگری گیس، ایک اور ن لیگی رکن صوبائی اسمبلی نااہل قرار

    اسلام آباد: سپریم کورٹ نے جعلی ڈگری کیس میں خیبرپختونخوا اسمبلی کے ن لیگی رکن ضیاء الرحمان کو نااہل قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جعلی ڈگری کیس سے متعلق سماعت ہوئی جس میں مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی ضیاء الرحمان کو نااہل قرار دیا گیا۔

    سماعت کے دوران چیف جسٹس نے سوال کیا کہ آپ نے مدرسے میں کونسا نصاب پڑھا؟ جواب میں لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ احادیث اور فقہ کا نصاب پڑھا ہے۔

    چیف جسٹس ثاقب نثار نے کٹہرے میں بلا کر کہا کہ کوئی پانچ احادیث عربی میں سنادیں، ضیا الرحمان ایک بھی حدیث نہ سنا سکے۔

    نااہل ہونے والے لیگی رہنما نے مدرسے سے بھی کوئی سند حاصل نہیں کی۔

    سماعت کے دوران جسٹس میاں ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ خدا کے لیے اپنی عمر کا لحاظ کریں، آپ کو اپنی عزت کا بھی خیال نہیں ہے۔

    طلال چوہدری نے نااہلی کا فیصلہ چیلنج کر دیا

    خیال رہے کہ ضیاالرحمان کو پشاور ہائیکورٹ نے نااہل قرار دیا تھا جس کے بعد انھوں نے نااہلی کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ طلال چوہدری کو آرٹیکل 204 کے تحت توہین عدالت کا مرتکب قرار دیتے ہوئے عدالت برخاست ہونے تک کی سزا سنائی گئی جبکہ ان پر ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا تھا۔

    عدالت نے انہیں کسی بھی عوامی عہدے کے لیے 5 سال کے لیے نااہل بھی قرار دیا تھا۔

    سپریم کورٹ نے مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری کی 24 اور 27 جنوری 2018 کی تقاریر میں عدلیہ مخالف جملوں پر نوٹس لیا تھا۔