Tag: ن لیگ

  • پیپلزپارٹی اور ن لیگ میں اے پی سی کے معاملے پر اتفاق رائے نہ ہوسکا

    پیپلزپارٹی اور ن لیگ میں اے پی سی کے معاملے پر اتفاق رائے نہ ہوسکا

    اسلام آباد: پیپلزپارٹی نے اے پی سی کے معاملے پر مسلم لیگ ن کی خاموشی کے بعد آئندہ کی حکمت عملی پر غور شروع کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی اور ن لیگ میں اے پی سی کے معاملے پر اتفاق رائے نہ ہوسکا۔اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس مزید تاخیر کا شکار ہوگئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی نے مسلم لیگ ن کی خاموشی کے بعد آئندہ کی حکمت عملی سمیت دیگر جماعتوں سے اہم بیٹھک پر غور شروع کر دیا۔

    ذرائع کے مطابق ن لیگ نے اے پی سی سےمتعلق یقین دہانی کرائی تھی،عیدگزرنے کے باوجود ن لیگ تاحال خاموش ہے،پیپلزپارٹی نے اے پی سی بلانے پر غور شروع کر دیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کی جانب سے اے پی سی بلا کر ن لیگ کو دعوت دینے پر غور کیا جا رہا ہے،ن لیگ پر ہے کہ وہ اے پی سی میں شرکت کرتی ہے یا نہیں۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اے پی سی نہیں بلائی گئی تو دیگر اپوزیشن جماعتوں سے اہم بیٹھک ہوگی۔

  • ن لیگی رہنما احسن اقبال کی زبان سے ارطغرل ڈرامے کا عجیب طرح سے ذکر

    ن لیگی رہنما احسن اقبال کی زبان سے ارطغرل ڈرامے کا عجیب طرح سے ذکر

    اسلام آباد: آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں ن لیگی رہنما احسن اقبال نے ترکی کے مشہور ترین ڈرامے ارطغرل غازی کا عجیب طرح سے ذکر کیا۔

    اجلاس میں احسن اقبال نے خطاب کرتے ہوئے حکمراں جماعت کو تنقید کا نشانہ بنایا، حکومت کی تضحیک کے مقصد کے لیے انھوں نے ترکی کے تاریخی ڈرامے ارطغرل کے نام کا عجیب طرح سے سہارا لیا۔

    پارٹی کے سیکریٹری جنرل نے پہلے پاکستان میں اس ڈرامے کی مقبولیت کا ذکر کیا، کہا کہ ترکی نے بہت اچھا ڈراما بنایا، ارطغرل یہاں ہر بچے کی زبان پر ہے۔ اس کے بعد احسن اقبال نے کہا کہ لیکن ہم بھی پیچھے نہیں، ہم نے بھی بڑے ڈرامے بنائے ہیں۔

    ایسا لگ رہا تھا کہ اب وہ پاکستانی ڈراموں کا ذکر کریں گے، تاہم معلوم ہوا کہ انھوں نے ارطغرل کے نام سے آخری دو حروف رُل کو لے کر عجیب انداز میں حکومت کی تضحیک کرنے کی کوشش کی، واضح رہے کہ رُلنا اردو میں پامال ہونے اور تباہ ہونے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

    ارطغرل کی حلیمہ کو پاکستان پسند آگیا، میگزین کیلئے فوٹو شوٹ

    احسن اقبال نے اسمبلی کے فلور پر کہا کہ ہم نے بھی ڈراما بنایا ہے جس کا نام ہے معیشت رُل، اس سے ان کا مطلب تھا کہ حکومت نے معیشت کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے۔ صرف یہی نہیں احسن اقبال نے ارطغرل کے نام کا مزید سہارا لیا اور کہا ہم نے مُلک رُل، خارجہ پالیسی رُل، سرمایہ کاری رُل، نوجوان رُل ، کسان رُل ڈرامے بھی بنائے ہیں۔

    لیگی رہنما اس آڑ میں کہنا چاہ رہے تھے کہ حکمرانوں نے نہ صرف معیشت بلکہ خارجہ پالیسی سے لے کر کسانوں اور نوجوانوں تک ہر شعبے کا برا حال کر دیا ہے، احسن اقبال نے ارطغرل کے نام کا غلط استعمال کرتے ہوئے اسی پر ہی بس نہیں کیا بلکہ آخر میں کہا کہ ہمارے اس ڈرامے کا ڈراپ سین بھی موجود ہے، جو حکومت رُل ہے۔

  • اسحاق ڈار کے گھر سے پناہ گاہ کا بورڈ ہٹ گیا، سامان نکالنے کی تیاریاں

    اسحاق ڈار کے گھر سے پناہ گاہ کا بورڈ ہٹ گیا، سامان نکالنے کی تیاریاں

    لاہور: عدالتی اسٹے آرڈر کے بعد صوبائی حکومت نے اسحاق ڈار کے گھر سے پناہ گاہ کا سامان نکالنے کی تیاریاں شروع کردیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق عدالتی اسٹے آرڈر کے بعد گھر سے پناہ گاہ کا بورڈ بھی اتار دیا گیا ہے جبکہ اسحاق ڈار کے گھر کے اطراف کنٹینر کو کرین کی مدد سے پارک میں اتارا گیا۔

    پناہ گاہ کو گھر سے سامنے پارک میں منتقل کیا جائے گا۔ ضلعی انتظامیہ کا عملہ اسحاق ڈار کی رہائش گاہ میں موجود ہے، جو پناہ گاہ کے سامان منتقلی کا جائزہ لے رہا ہے۔

    مذکورہ اقدامات لاہورہائی کورٹ کے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا گھرپناہ گاہ میں تبدیل کرنے کے خلاف حکم امتناع جاری ہونے کے بعد سامنے آئیں۔ عدالت نے پنجاب حکومت سے دس روز میں جواب بھی طلب کرلیا ہے۔

    اسحاق ڈار کاگھرپناہ گاہ میں تبدیل کرنے کیخلاف حکم امتناع جاری

    یاد رہے حکومت نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے لاہور میں واقع گھر کو پناہ گاہ میں تبدیل کر دیا تھا ، اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار کے گھر میں 50 لوگوں کی رہائش کا انتظام کیا گیا ہے، اس پناہ گاہ میں 35مرد اور 15 خواتین رہائش اختیار کر سکیں گے۔

    دوسری جانب معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا تھا کہ اسحاق ڈار کے گھر کو پناہ گاہ بنانا کوئی انتقامی کارروائی نہیں ہے۔

  • پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے خسارے ہم پورے کر رہے ہیں، حماد اظہر

    پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے خسارے ہم پورے کر رہے ہیں، حماد اظہر

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے خسارے ہم پورے کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ملکی خسارے ہم پورے کر رہے ہیں، 2018 میں مارچ میں آئی ایم ایف کی رپورٹ آئی ، ملکی معیشت کا بیڑہ ن لیگ کے دور میں غرق کیاگیا۔

    حماد اظہر کا کہنا تھا کہ بجلی گیس کے بحرانوں کی وجہ ن لیگی دور کے غیرمستحکم منصوبے تھے، ن لیگ دور میں معیشت اچھی جا رہی تھی تو آئی ایم ایف کے پاس کیوں گئے۔

    انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال جولائی سے اب تک فارن ریزرو میں 50 فیصد اضافہ ہوا، رواں سال دسمبر تک گردشی قرضے ختم کرنے ہیں، حکومت کے لیے بجلی کے بل بڑھانے کا فیصلہ مشکل ہوتا ہے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مشکل فیصلےکوئی بھی حکومت خوشی سے نہیں کرتی، معیشت پر بات ہوتی ہے اور ہمیں احساس ہےمہنگائی میں اضاٖفہ ہوا، اس میں کوئی شک نہیں کہ مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے۔

    حماد اظہر نے کہا کہ کوئی مجبوری ہوتی ہے جس کے تحت مشکل فیصلے کیے جاتے ہیں، پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے خسارے ہم پورے کر رہے ہیں،کرنٹ اکاؤنٹ کا خسارہ آج 84فیصد سے نیچے آچکا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نے معیشت کو آئی سی یو سے نکالا ہے، کرنسی بہت زیادہ دباؤ میں تھی، پی ٹی آئی نے روپے کو ڈی ویلیو نہیں کیا،
    پاکستان 3.6 ارب ڈالر واپس کرچکا ہے۔

  • آرمی ایکٹ میں ترمیم کا معاملہ، حکومت نے ن لیگ سے حمایت مانگ لی

    آرمی ایکٹ میں ترمیم کا معاملہ، حکومت نے ن لیگ سے حمایت مانگ لی

    اسلام آباد : حکومت نے آرمی ایکٹ میں ترمیم کے معاملے پر مسلم لیگ ن کی سےحمایت مانگ لی ، پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ ن لیگ کے بعد اپوزیشن کی دیگر جماعتوں سے رابطے کریں گے، امید ہےشام تک مشاورت مکمل کرلیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق آرمی ایکٹ میں ترمیم کے معاملے پر حکومت نےن لیگ سےحمایت مانگ لی ، اپوزیشن چیمبر میں حکومت اور اپوزیشن ارکان کےدرمیان مذاکرات ہوئے ، پرویز خٹک، شبلی فراز، اعظم سواتی، علی محمدخان حکومتی وفد میں جبکہ خواجہ آصف،رانا تنویر،ایاز صادق ودیگر ارکان لیگی وفدمیں شامل تھے۔

    پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ ن لیگ کےبعداپوزیشن کی دیگر جماعتوں سےرابطےکریں گے، مشاورت مکمل ہونےپربل پارلیمنٹ میں لائیں گے، امید ہےشام تک مشاورت مکمل کرلیں گے۔

    خیال رہے حکومت کی جانب سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق آرمی ایکٹ میں ترمیم کا بل قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا اور قومی اسمبلی سے منظوری کے بعد بل سینیٹ میں لایا جائے گا۔

    مزید پڑھیں : وفاقی کابینہ نے آرمی ایکٹ میں ترمیم کی منظوری دے دی

    یاد رہے گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے غیرمعمولی اجلاس میں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق آرمی ایکٹ میں ترمیم کی منظوری دی گئی جبکہ اپوزیشن کواعتمادمیں لینےکیلئے وزیردفاع پرویز خٹک کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی گئی تھی۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ تینوں سروسزچیف کی مدت ملازمت میں توسیع کےطریقہ کارکی منظوری دی تھی ، آرمی چیف، نیول چیف، ایئرچیف کی ریٹائرمنٹ کی حدعمر64 سال ہوگی جبکہ سروسزچیف کی مدت ملازمت میں 3سال کی توسیع کی تجویزدی گئی۔

    مجوزہ بل کے مطابق وزیراعظم مدت ملازمت میں 3 سال کی توسیع کی ایڈوائس کرسکتے ہیں، وزیراعظم کی ایڈوائس پر صدر مدت ملازمت میں توسیع کی منظوری دیں گے اور آرمی ایکٹ1952 کے سیکشن 172 میں ترمیم تجویز کی گئی ہے۔

    واضح رہے سپریم کورٹ نے مختصر فیصلہ میں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں 6ماہ کی توسیع کرتے ہوئے حکومت کا نوٹی فکیشن مشروط طور پر منظور کرلیا تھا اور کہا تھا آرمی چیف جنرل قمر باجوہ اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے۔

    سپریم کورٹ نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے متعلق قانون سازی کے لئے حکومت کو پارلیمنٹ کا پابند کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایکٹ آف پارلیمنٹ کے ذریعے 6 ماہ میں آرٹیکل 243 کی وسعت کا تعین کیا جائے۔

  • کاش ن لیگ نے ملکی معیشت کی فکر اپنے دور حکومت میں بھی کی ہوتی: فردوس عاشق اعوان

    کاش ن لیگ نے ملکی معیشت کی فکر اپنے دور حکومت میں بھی کی ہوتی: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ 3 دہائیاں برسر اقتدار رہنے والوں کے منہ سے پالیسیوں کے تسلسل میں ناکامی کی بات مضحکہ خیز ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ (ن) لیگی قیادت خود اپنی جان، مال اور آل کے ساتھ بیرون ملک جا چکی ہے۔

    معاون خصوصی نے کہا کہ سیاسی سانسیں جاری رکھنے کے لیے پارٹی کے دوسرے درجے کے رہنماؤں کو سیمینار کروانے کی نوکری پر لگا دیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ معیشت پر کانفرنس کرنے کے بجائے اسحٰق ڈار کو واپس بلائیں جس نے پاکستان کی عمارتیں اور شاہراہیں بھی گروی رکھ دیں۔ ارسطو بن کر لیکچر دینے والوں نے معیشت کی ناؤ ڈبوئی، اب مگر مچھ کے آنسو بہا رہے ہیں؟

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ احسن اقبال صاحب کاش ملکی معیشت کی فکر آپ نے اپنے دور حکومت میں بھی کی ہوتی؟ 3 دہائیاں برسر اقتدار رہنے والوں کے منہ سے پالیسیوں کے تسلسل میں ناکامی کی بات مضحکہ خیز ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ آل شریف نے عوام کا کاروبار بند کر کے اپنی آل اولاد کے کاروبار کے تسلسل کو تقویت دی۔

  • اب فیصلے ملک میں ہوں گے، باہر نہیں، گورنر پنجاب کا ن لیگ لندن اجلاس پر رد عمل

    اب فیصلے ملک میں ہوں گے، باہر نہیں، گورنر پنجاب کا ن لیگ لندن اجلاس پر رد عمل

    مانچسٹر: گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا ہے کہ اب فیصلے ملک میں ہوں گے، ملک سے باہر نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب چوہدری سرور نے لندن میں ن لیگی اجلاس پر ردِ عمل میں کہا کہ کوئی بھی جماعت ہو وہ اپنے اجلاس ملک میں کرے۔

    گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ اب فیصلے میں ملک میں ہوں گے باہر نہیں، ملکی حالات کو ملک کے اندر ہی زیر بحث لایا جائے تو بہتر ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت نے برطانوی دارالحکومت میں بیٹھک سجائی، یہ اجلاس ایجویئر روڈ پر مقامی ریسٹورنٹ میں منعقد کیا گیا، جس میں شہباز شریف، ایاز صادق، خواجہ آصف، احسن اقبال، پرویزرشید، اسحاق ڈار، خرم دستگیر، مریم اورنگ زیب اور دیگر نے شرکت کی۔

    یہ بھی پڑھیں:  ن لیگ کی مرکزی قیادت کی لندن کے ریسٹورنٹ میں بیٹھک

    شہباز شریف نے کہا تھا کہ ہم چیف الیکشن کمشنر کے معاملے پر اتفاق رائے چاہتے ہیں لیکن پی ٹی آئی حکومت سے ماضی قریب کا تجربہ مایوس کن ہے، نواز شریف صحت یابی کے بعد ڈاکٹرز کے مشورے سے پاکستان جائیں گے۔

    دوسری طرف لندن میں نواز شریف کی رہایش گاہ کے باہر مظاہرین نے احتجاج کیا، مظاہرین نے پارک لین فلیٹس کا گیٹ توڑنے کی کوشش بھی کی، پولیس نے گیٹ توڑنے کی کوشش کرنے والوں کو پیچھے ہٹا دیا، تحریک انصاف نے مظاہروں سے لا تعلقی کا اعلان کیا۔

  • ن لیگ کی مرکزی قیادت کی لندن کے ریسٹورنٹ میں بیٹھک

    ن لیگ کی مرکزی قیادت کی لندن کے ریسٹورنٹ میں بیٹھک

    لندن: مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت نے برطانوی دارالحکومت میں بیٹھک سجائی، یہ اجلاس ایجویئر روڈ پر مقامی ریسٹورنٹ میں منعقد کیا گیا، جس میں شہباز شریف، ایاز صادق، خواجہ آصف، احسن اقبال، پرویزرشید، اسحاق ڈار، خرم دستگیر، مریم اورنگ زیب اور دیگر نے شرکت کی۔

    اجلاس کے بعد لیگی رہنماؤں نے نواز شریف کی عیادت کی، شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا نواز شریف کے ذاتی معالج نے رہنماؤں کو بریفنگ دی، لیگی رہنماؤں نے نواز شریف کی خیریت دریافت کی۔

    شہباز شریف نے کہا کہ ہم چیف الیکشن کمشنر کے معاملے پر اتفاق رائے چاہتے ہیں لیکن پی ٹی آئی حکومت سے ماضی قریب کا تجربہ مایوس کن ہے، نواز شریف صحت یابی کے بعد ڈاکٹرز کے مشورے سے پاکستان جائیں گے۔

    خواجہ آصف نے کہا کہ اجلاس میں پارلیمنٹ میں درپیش مسائل پر گفتگو ہوئی، مشاورت کی گئی کہ ملک واپس آ کر معاملات کو دیکھیں گے، شہباز شریف سے رہنمائی لی، واپس جا کر حکمت عملی طے کریں گے، نئے الیکشن کے لیے پہلا مرحلہ ان ہاؤس تبدیلی ہے، اہم مسئلہ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی ہے۔

    احسن اقبال نے کہا کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت کے معاملے کو حکومت نے الجھایا ہے، حکومت نے الیکشن کمشنر کی تعیناتی پر مشاورت میں تاخیر کی، تاحال مشاورت شروع نہیں ہوئی، بجلی کے بل میں 4 سے 5 بار اضافہ کیا گیا ہے، ن لیگ دیگر جماعتوں سے مل کر مہنگائی کے خلاف احتجاج کرے گی۔

    انھوں نے مزید کہا کہ حکومت کارکردگی چھپانے کے لیے اپوزیشن کی کردار کشی کرتی ہے، وزیر اعظم کشمیر کو چھوڑ کر دوسرے ملکوں کی ثالثی کرا رہے ہیں، حکومت ترمیم کے لیے سنجیدہ ہے تو اپوزیشن سے تعاون کرنا ہوگا۔

  • ’جو گڑھا پی ٹی آئی کے لیے کھودا گیا یہ لوگ خود اس میں گرنے جا رہے ہیں‘

    ’جو گڑھا پی ٹی آئی کے لیے کھودا گیا یہ لوگ خود اس میں گرنے جا رہے ہیں‘

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ جو گڑھا پی ٹی آئی کے لیے کھودا گیا یہ لوگ خود اس میں گرنے جا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پارلیمانی سیکریٹری فرخ حبیب نے میڈیا کو بریفنگ کے دوران بتایا کہ ن لیگ، پی پی فنڈنگ سے متعلق پٹیشن دائر کی، کل پارٹی فنڈنگ اسکرونٹی کمیٹی سماعت کرے گی۔

    فرخ حبیب نے کہا کہ سیاسی پارٹیزکے گوشواروں کی جانچ الیکشن کمیشن کا اختیار ہے، خدشہ ہے ن لیگ نے پارٹی اکاؤنٹ منی لانڈرنگ کے لیے استعمال کیا۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ یوکے لمیٹڈ کمپنی کے طور پر رجسٹرڈ ہے، ن لیگ یوکے لمیٹڈ کمپنی برطانوی قانون کے مطابق کاروبارکرسکتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ن لیگ یوکے لمیٹڈ کمپنی برطانوی قانون کے مطابق تجارت کرسکتی ہے، ن لیگ یوکے لمیٹڈ کمپنی کے سربراہ زبیر گل ہیں، ن لیگ یوکے سے کتنا پیسہ پاکستان آیا ن لیگ نے جواب نہیں دیا۔

    پارلیمانی سیکریٹری نے کہا کہ پارٹی فنڈنگ کیس پر ن لیگ راہ فرار اختیار کر رہی ہے، ہوسکتا ہے تاخیر کی وجہ کسی اور قطری خط کی صورت میں سامنے آئے، نوازشریف نے ن لیگ کو 10کروڑ دیے، اگلے دن 4 کروڑ اپنے اکاؤنٹ منتقل کیے۔

    فرخ حبیب نے کہا کہ پی پی اور ن لیگ کے وکلاعدالت میں پیش تک نہیں ہوتے، پی پی کی یوکے میں کمپنی کا سربراہ امریکی شہری مارک سیگل ہے، مارک سیگل بینظیر شہید کیس میں بھی خط لے کر آئے تھے، آصف زرداری پیپلزپارٹی کی اس کمپنی کے پرنسپل ہیڈ ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ جو گڑھا پی ٹی آئی کے لیے کھودا گیا یہ لوگ خود اس میں گرنے جا رہے ہیں، پی ٹی آئی نے 40 ہزار ڈونرز کا ڈیٹا فراہم کردیا ہے، پی ٹی آئی سے جو جواب مانگا جائے گا وہ الیکشن کمیشن کو دیں گے۔

    پارلیمانی سیکریٹری نے کہا کہ ن لیگ، پی پی عوام کو مزید گمراہ نہیں کرسکتی، 2013 سے 2018 تک حکومت ن لیگ کی تھی، ن لیگ یہ کیسے کہہ سکتی ہے کہ 5 سال سے جواب نہیں دیا، ن لیگ کی حکومت انہوں نے پی ٹی آئی پر کیس کیوں نہیں کیا۔

    فرخ حبیب نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی کمیٹی پر بڑی ذمہ داری ہے، تمام سیاسی جماعتوں کے کیس کی روزانہ سماعت ہونی چاہیے، جن ٹی او آرز پر پی ٹی آئی کیس سنا جا رہا ہے ن لیگ اور پی پی کا کیس بھی سنا جائے۔

    تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ پی پی، ن لیگ کی جگہ جگہ ٹی ٹیز، منی لانڈرنگ کے ثبوت موجود ہیں، پی پی اور ن لیگ کو رسیدیں، منی ٹریل دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ہر دور میں اپنے اثاثے ڈکلیئر کیے، عمران خان نے کرکٹ سمیت ہر آمدن کی تفصیلات دیں۔

  • پی پی، ن لیگ فارن فنڈنگ کے کچے چٹھے سامنے رکھوں گا، فیاض الحسن چوہان

    پی پی، ن لیگ فارن فنڈنگ کے کچے چٹھے سامنے رکھوں گا، فیاض الحسن چوہان

    لاہور: صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ کل پریس کانفرنس کروں گا، فارن فنڈنگ کیس کے شواہد لے کرآؤں گا، پی پی، ن لیگ فارن فنڈنگ کے کچے چٹھے سامنے رکھوں گا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ گزشتہ 2 دن سے فارن فنڈنگ کیس پر واویلا مچایا جا رہا ہے،بجٹ آیا تو کہا بجٹ پاس نہیں کریں گے تو شاید حکومت گرجائے گی، مولانا کو آگے لگایا وہ پلان 420 لے آئے، ناکام ہو کر نو دو گیارہ ہوگئے۔

    انہوں نے کہا کہ کل پریس کانفرنس کروں گا، فارن فنڈنگ کیس کے شواہد لے کرآؤں گا، پی پی، ن لیگ فارن فنڈنگ کے کچے چٹھے سامنے رکھوں گا۔

    فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ہمارے اگلے 4 سال سکون سے گزریں گے، ہرمائیکرو، میکرو انڈیکیٹر ترقی کی طرف جا رہا ہے،ان کو ڈر ہے اگلے 4 سال حکومت رہی تو ان کی سیاست ختم ہوجائے گی۔

    صوبائی وزیر نے کہا کہ نوازشریف اپنی پلیٹیں ٹھیک کرتے کرتے چمچوں کو پیچھے چھوڑ گئے، احسن اقبال نے یواے ای میں خاکروب کا اقامہ بنایا کس لیے بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ساڑھے 10 ارب ڈالرکا قرضہ ایک سال میں اتارا ہے۔

    فارن فنڈنگ کیس سے پی ٹی آئی کو کوئی خطرہ نہیں، فیصل چوہدری

    واضح رہے کہ تحریک انصاف کے سابق وکیل فیصل حسین چوہدری کا کہنا ہے کہ معاملہ فارن فنڈنگ کا نہیں بلکہ ممنوعہ فنڈنگ کا ہے، پی ٹی آئی کوکوئی خطرہ نہیں ہے۔