Tag: ن لیگ

  • فواد چوہدری نے خواجہ آصف کے خلاف تحریک استحقاق جمع کرا دی

    فواد چوہدری نے خواجہ آصف کے خلاف تحریک استحقاق جمع کرا دی

    اسلام آباد: وفاقی وزیر فواد چوہدری نے ن لیگی رہنما خواجہ آصف کے خلاف قومی اسمبلی میں تحریک استحقاق جمع کرا دی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے سابق وزیر خارجہ کے خلاف تحریک استحقاق جمع کرا دی، جس میں کہا گیا ہے کہ خواجہ آصف نے حکومتی نمایندوں کا بیان توڑ مروڑ کر پیش کیا۔

    تحریک استحقاق میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کی صحت پر حکومتی نمایندوں کا مؤقف غلط پیش کیا گیا، عدالتی فیصلے میں ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومت کو نواز شریف کی ضمانت پر اعتراض نہیں، پھر بھی خواجہ آصف نے ’نواز شریف کو مرنے دو‘ جیسا جملہ منسوب کیا، خواجہ آصف کے جھوٹ بولنے سے ایوان کا استحقاق مجروح ہوا۔

    تفصیل یہاں پڑھیں:  لا افسر نے جواب دیا نواز شریف مر جائے ہمارا کیا جاتا ہے

    تحریک میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ خواجہ آصف کے اسمبلی فلور پر غلط بیانی کے معاملے پر بحث کرائی جائے، اور معاملہ قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کمیٹی کو بھیجا جائے۔

    دریں اثنا، فواد چوہدری نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ خواجہ آصف کے خلاف ایوان میں جھوٹ بولنے پر تحریک جمع کرا دی ہے، جس کا مقصد یہ ہے کہ آیندہ کوئی ایوان میں جھوٹ بولنے کی جرأت نہ کرے، میڈیا میں جھوٹ بولنا عام بات ہے، لیکن یہ ایوان کو بھی مذاق بنا رہے ہیں۔

  • ن لیگ اب نوازشریف کی صحت پر سیاست نہ کرے، فواد چوہدری

    ن لیگ اب نوازشریف کی صحت پر سیاست نہ کرے، فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ ن لیگ اب نوازشریف کی صحت پر سیاست نہ کرے، ن لیگ سیاست کے بجائے گارنٹی کا بندوبست کرے۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اپنے پیغام میں کہا کہ حکومت نے بہت بڑا قدم اٹھایا ہے، شریف فیملی میں مسلم لیگ کی قیادت کے لیے جنگ جاری ہے۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ ن لیگ اب نوازشریف کی صحت پر سیاست نہ کرے، ن لیگ سیاست کے بجائے گارنٹی کا بندوبست کرے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی مثال آصف زرداری ودیگرملزمان بھی حاصل کرنا چاہیں گے، طریقہ کار اختیار کیے بغیر باہر بھیجنا عملی طور پر ناممکن ہے۔

    نوازشریف کے وکلاء کا ضمانتی بانڈز دینے سے انکار

    یاد رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کے معاملے پر وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا جس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر اور میڈیکل بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر ایاز بھی موجود تھے۔

    سابق وزیراعظم نوازشریف کے وکلاء نے ضمانتی بانڈز دینے سے انکار کردیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ حکومتی شرائط پر کسی صورت عمل نہیں ہوسکتا، اس کی کوئی وجہ نہیں بنتی۔

  • ہم فوری طور پر نئے انتخابات کا مطالبہ کرتے ہیں: احسن اقبال

    ہم فوری طور پر نئے انتخابات کا مطالبہ کرتے ہیں: احسن اقبال

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن نے ملک میں نئے انتخابات کا مطالبہ کر دیا ہے، ن لیگی رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ اپوزیشن سے مل کر نئے انتخابات کے لیے ملک گیر مہم چلائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق احسن اقبال نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم فوری طور پر نئے انتخابات کا مطالبہ کرتے ہیں، اپوزیشن سے مل کر نئے انتخابات کے لیے ملک گیر مہم چلائی جائے گی۔

    احسن اقبال کا کہنا تھا مولانا فضل الرحمان کو نواز شریف کی ہدایت پر تجاویز پہنچا دی ہیں، آزادی مارچ سے متعلق جلد ن لیگ حتمی لائحہ عمل کا اعلان کرے گی، اپوزیشن جماعتیں ایک دوسرے کے ساتھ رابطے میں ہیں، کوشش ہے سب بھرپور کردار ادا کریں۔

    انھوں نے کہا پاکستان کی کام یابی کا جو وژن ن لیگ کے پاس ہے کسی اور کے پاس نہیں، یہ وہ جماعت ہے جو وعدہ کرتی ہے تو پورا کرتی ہے، ن لیگ نے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا، معیشت کو زندہ کیا، کوشش ہے نواز شریف کے نظریے کو ملک کے کونے کونے میں پہنچائیں، ن لیگ نے نا ممکن کو ممکن بنایا۔

    تازہ ترین:  مولانا فضل الرحمان نے حکومت کی مذاکرات کی پیش کش مسترد کر دی

    احسن اقبال نے اپنا مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان اندھیروں کی طرف جا رہا ہے، پنجاب کے عوام اپنا حق مانگنے کے لیے عدلیہ کی طرف دیکھ رہے ہیں، ہمیں پنجاب بچاؤ تحریک کے لیے نکلنا ہوگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ بار بار کہا گیا کہ حکومت جنوبی پنجاب اور بہاولپور صوبے کی تحریک لائے، لیکن جنوبی پنجاب کے لوگوں کو ورغلایا گیا۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے اپوزیشن سے مذاکرات کے لیے کمیٹی بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے، جب کہ مولانا فضل الرحمان نے حکومتی کمیٹی سے مذاکرات کی پیش کش کو مسترد کر دیا۔

  • ن لیگ اور پیپلز پارٹی کا آزادی مارچ موخر کرانے پر اتفاق

    ن لیگ اور پیپلز پارٹی کا آزادی مارچ موخر کرانے پر اتفاق

    لاہور: مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی مولانا فضل الرحمان کا آزادی مارچ مؤخر کرانے پر رضامند ہوگئیں.

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو  اور صدر  مسلم لیگ ن شہبازشریف کی ملاقات میں اس اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ 

    موصولہ اطلاعات کے مطابق دونوں پارٹیاں حکومت کے خلاف تحریک چلانے کے لیے سرگرم ہیں، البتہ دونوں نے آزادی مارچ مؤخرکرانے پراتفاق کیا ہے.

    ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے آل پارٹی کانفرنس بلوانے اور مولانا فضل الرحمان کے ساتھ کھڑنے ہونے پر اتفاق کیا، مگر ساتھ یہ فیصلہ بھی ہوا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کوتاریخ تبدیل کرنے پرآمادہ کیا جائے.

    مزید پڑھیں: بلاول بھٹو ملک بھر میں جلسوں سے خطاب کریں گے

    پارٹی ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان سے بلاول بھٹو زرداری اور ن لیگی رہنما جلد ملاقات کریں گے.

    بلاول بھٹو کے ساتھ یوسف رضا گیلانی، راجا پرویز اشرف، نوید قمر،سینیٹر مصطفی نواز کھوکھراور نیئر بخاری تھے.

    مسلم لیگ ن کی جانب سے راجا ظفر الحق ،مرتضی جاوید عباسی، رانا تنویر،امیر مقام اور مریم اورنگزیب شریک ہوئے.

  • ن لیگ کا حمزہ شہباز، خواجہ سلمان کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ

    ن لیگ کا حمزہ شہباز، خواجہ سلمان کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن نے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز اور خواجہ سلمان رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن نے چیئرمین استحقاق کمیٹی کو احتجاجی مراسلہ ارسال کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حمزہ شہباز اور خواجہ سلمان رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے جائیں۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ استحقاق کمیٹی کے رکن خواجہ سلمان رفیق نیب حراست میں ہیں، ان کے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کیے جا رہے ہیں۔

    مراسلے میں مزید کہا گیا کہ پہلے کمیٹی کے اجلاسوں میں علیم خان اور خواجہ سلمان کے پروڈکشن آرڈر جاری ہوئے، تاہم 30 ستمبر اور یکم اکتوبر اجلاس کے لیے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کیے گئے۔

    تازہ ترین:  بلاول اور شہباز ملاقات ، اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس بلانے پر اتفاق

    یاد رہے کہ خواجہ سلمان رفیق پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی اسکینڈل میں عوام کو دھوکا دے کر اربوں روپے بٹورنے کے الزام میں نیب کی حراست میں ہیں جب کہ حمزہ شہباز آمدن سے زاید اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس زیر حراست ہیں۔

    یاد رہے ایک ہفتے قبل لاہور ہائی کورٹ نے شہباز شریف خاندان کے خلاف وعدہ معاف گواہ بننے والے ملزمان شاہد رفیق اور آفتاب محمود کی ضمانتیں منظور کر لی ہیں، عدالت نے ملزمان کو 10 ، 10 لاکھ کے مچلکوں کے عوض رہا کرنے کا حکم دیا۔

    ضمانت کی درخواست میں کہا گیا کہ انھوں نے حمزہ شہباز سمیت دیگر کی منی لانڈرنگ میں سہولت کار کا کردار ادا کیا، عثمان انٹرنیشنل نامی کمپنی سے رقوم شریف خاندان کے اراکین کو منتقل کیں، برطانیہ سمیت کئی ممالک کے جعلی افراد کے نام پر کالا دھن سفید کیا۔

    واضح رہے کہ 13 ستمبر کو بھی لیگی رکن راحت افزا نے پنجاب اسمبلی میں حمزہ شہباز اور سلمان رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کے مطالبے کی قرارداد جمع کرائی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ پروڈکشن آرڈر کا اجرا گرفتار ارکان اسمبلی کا آئینی و قانونی حق ہے، پنجاب اسمبلی نے متفقہ طور پر پروڈکشن آرڈر کا قانون منظور کیا تھا، ا سپیکر گرفتار ارکان اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر جاری کریں۔

  • کیا ن لیگ نے حکومت سے رابطہ کیا ہے؟ شیخ رشید کا اہم انکشاف

    کیا ن لیگ نے حکومت سے رابطہ کیا ہے؟ شیخ رشید کا اہم انکشاف

    اسلام آباد: وزیر ریلوے شیخ‌ رشید نے انکشاف کیا ہے کہ ن لیگ نے حکومت سے رابطہ کیا ہے.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. ان کا کہنا تھا کہ بات چیت کا سلسلہ دوسری بارشروع ہوا ہے.

    شیخ رشید نے کہا کہ جب تک یہ پیسے نہیں دیں گے، وزیر اعظم عمران خان انھیں نہیں جانے دیں گے. نو سے دس دن میں پتا چلے گا کہ بیل منڈھے چڑھتی ہے یا نہیں.

    ان کا کہنا تھا کہ معاملات ٹھیک نہ ہوئے تو  مسلم لیگ ن 2  بنے گی، پہلے بھی معاملات نواز شریف کی ضد کی وجہ سےخراب ہوئے.

    مزید پڑھیں: عمران خان اورجنرل باجوہ کی قیادت میں مسئلہ کشمیر آگےجائےگا اورکشمیر آزاد ہوگا، شیخ رشید

    شیخ رشید کے مطابق 30 ستمبر تک معاملات واضح ہوجائیں گے، شہباز شریف انھیں سعودی عرب سے لائے، یہ خود نہیں آرہے تھے، ایک ن لیگ اور ایک شہباز شریف دو پارٹیاں ہیں.

    قبل ازیں انھوں نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ اسلام آباد بند نہیں ہوگا، پیپلزپارٹی مذہب کارڈ استعمال کرنے پر مولانا کے ساتھ نہیں، مولانا صاحب کوپیغام پہنچا دیا ہے کہ،گرم جگہ پر پاؤں نہ رکھیں.

  • ن لیگ ایک تباہ حال پولیو پروگرام چھوڑ کر گئی تھی: بابر بن عطا

    ن لیگ ایک تباہ حال پولیو پروگرام چھوڑ کر گئی تھی: بابر بن عطا

    اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پولیو بابر بن عطا نے کہا ہے کہ عالمی ادارے تصدیق کرتے ہیں کہ ن لیگ ایک تباہ حال پولیو پروگرام چھوڑ کر گئی.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے مسلم لیگ ن کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کیا، جس میں‌ حکومت کے پولیو پروگرام پر تنقید کی گئی تھی.

    انھوں نے کہا کہ ن لیگ اپنی کرپشن چھپانے کے لئے قوم کے مستقبل سے نہ کھیلے، ن لیگ کے پہلے سال پولیو کیسزکی تعداد 93 سے 307 ہوگئی تھی.

    بابرعطا نے کہا کہ ن لیگ حکومت پولیو وائرس سے بھرے گٹرچھوڑ کر گئی، عالمی اداروں بھی اس کی تصدیق کرتے ہیں۔ 

    مزید پڑھیں: کراچی: ویکسین سے انکار پر 2 مزید بچے پولیو وائرس کا شکار

    انھوں نے کہا کہ آئی ایم بی رپورٹ کے مطابق ن لیگ نے پولیو پروگرام کو تباہ کر دیا، اسی باعث 5 مئی 2014 کو پاکستان پر سفری پابندیاں لگیں.

    معاون خصوصی کے مطابق ن لیگ کی نااہلی کی وجہ سےحاجیوں کو بھی پولیو کے قطرے پینے پڑتے ہیں.

    بابربن عطا نے کہا کہ خدارا بچوں کےمستقبل کی خاطرپولیو پروگرام کوسیاسی نہ بنائیں، ن لیگ کی نااہلی کے باعث پاکستان پرعالمی سفری پابندیاں عائدکی گئیں.

  • ن لیگ مڈٹرم انتخابات کے خواب دیکھنے کی بجائے لوٹ مار کا حساب دے، ہمایوں اخترخان

    ن لیگ مڈٹرم انتخابات کے خواب دیکھنے کی بجائے لوٹ مار کا حساب دے، ہمایوں اخترخان

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ہمایوں اخترخان کا کہنا ہے کہ جوں جوں معیشت کی حالت سنبھلے گی اس کے ثمرات عوام تک منتقل کیے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ موجودہ نہیں بلکہ سابقہ حکومت نے کشمیر کے مسئلے کو پس پشت ڈالا اور بیانات داغنے والے لیگی رہنما اس سے بخوبی آگاہ ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے جس طرح دنیا بھر میں کشمیر کے مسئلے کو اجاگر کیا ہے اس سے بھارت میں ہلچل مچی ہوئی ہے۔

    ہمایوں اختر خان نے کہا کہ چیلنجز اور مشکلات کے باوجود حکومت درست سمت میں گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں کی پیدا کی گئی خرابیاں چند ہفتوں یا مہینوں میں درست نہیں ہوسکتیں بلکہ ان کے لیے سالوں درکار ہے۔

    تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ حکومت حقائق چھپانے کی بجائے کی بجائے عوام کو اصل صورت حال سے آگاہ رکھے ہوئے ہے اور مشکلات سے چھٹکارا پانے کے لیے بھی پیشرفت کی جارہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو پانچ سال کا مینڈیٹ ملا ہے اور یہ اپنی مدت پوری کرے گی، ن لیگ والے مڈٹرم انتخابات اور دوبارہ اقتدار میں آنے کے خواب دیکھنے کی بجائے اپنی لوٹ مار کا حساب دے۔

  • ن لیگ بلیک میلنگ کر رہی ہے، کہتی ہے اور بھی ویڈیوز ہیں: اعتزاز احسن

    ن لیگ بلیک میلنگ کر رہی ہے، کہتی ہے اور بھی ویڈیوز ہیں: اعتزاز احسن

    لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ ن لیگ والے کہتے ہیں ہمارے پاس اور بہت ساری ویڈیوز ہیں، ن لیگ والے بلیک میل کر رہے ہیں، کیا ن لیگ نے بلیک میلنگ کے لیے ایسی ویڈیوز بنا رکھی ہیں؟

    ان خیالات کا اظہار وہ اے آر وائی نیوز کے پروگرام اعتراض ہے میں کر رہے تھے، اعتزاز احسن نے کہا کہ عدالت نے کہا اصلی ویڈیو پیش کی جائے تو اس کا فرانزک ہو سکتا ہے، ن لیگ نے تو ویڈیو عدالت میں پیش ہی نہیں کی، اگر مریم نواز نے ویڈیو پیش کی تو خود ان پر فرد جرم عائد ہو جائے گا۔

    انھوں نے کہا کہ ن لیگ کی ذمہ داری ہے اصلی ویڈیو عدالت میں پیش کرے، ویڈیو بنانے والے کو بھی پیش کرنا ن لیگ کی ذمہ داری ہے، ان کے پاس بغیر ایڈٹ شدہ ویڈیو ہے تو بھاگ کر عدالت جانا چاہیے تھا، ویڈیو کاٹ کر پیش کی گئی، یہ تو خود اندر ہو جائیں گے۔

    پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ ویڈیو کو 2 ماہ ہو گئے اب تک ن لیگ والے کچھ ثابت نہیں کر سکے، ن لیگ کی قیادت نے نواز شریف کے ساتھ اچھا نہیں کیا، خواجہ حارث ان کے ساتھ بیٹھے ہوتے تو وہ انھیں ایسا نہ کرنے دیتے، بہ طور قیدی نواز شریف سے ہم دردی ہے لیکن قانون پر عمل ہونا چاہیے۔

    اعتزاز احسن نے مزید کہا کہ ن لیگ نے جسٹس قیوم کے ساتھ بھی ایسا ہی کیا تھا، سیف الرحمان، جسٹس راشد عزیز مرحوم کی آڈیو ٹیپس بھی چلی تھیں، جج کی پرانی ویڈیو عدالت میں ثابت ہو جائے تو حدود کا کیس بن سکتا ہے، ایک ویڈیو سے جج کے تمام فیصلے ختم نہیں ہو سکتے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کو ثابت کرنا ہوگا شکار کو پھندے میں لانے کی کوشش نہیں کی، ن لیگ نے ویڈیو مہیا نہیں کی تو معاملہ ہائی کورٹ میں نہیں آئے گا، عدالت میں معاملہ جب جائے گا جب یہ ویڈیو اور حلفیہ بیان دیں گے۔

    پی پی رہنما نے کشمیر کی موجودہ صورت حال پر بھی تبصرہ کیا، انھوں نے کہا کہ مودی نے مقبوضہ کشمیر میں 90 لاکھ کشمیریوں کو قید کر دیا ہے، بھارتی فوج قبضہ گیر بن چکی ہے، عالمی عدالت میں ہم شاید یہ معاملہ نہ اٹھا سکیں لیکن جرائم کے خلاف عالمی عدالت موجود ہے، جرائم کے خلاف عالمی عدالت میں بوسنیا کے قاتل میلا سووچ کا مقدمہ بھی چلا۔

  • سیاست میں ہرغیراخلاقی اقدام کا سرا ن لیگ کی طرف جاتا ہے، فردوس عاشق اعوان

    سیاست میں ہرغیراخلاقی اقدام کا سرا ن لیگ کی طرف جاتا ہے، فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد : معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ غریب کی کٹیا اجاڑ کر ایون فیلڈ میں کیمپ لگائے۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ٹی ٹیزکی دوڑمیں بیگم صفدربھی دیگراہل خانہ سے پیچھے نہ رہیں۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہل میٹل سے لاتعلقی کا دعویٰ کیا، اسی کمپنی سے رقم منتقلی باعث شرم ہے، مریم صفدر صاحبہ اب آپ کا ضمیر کہاں ہے؟۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ سیاست میں ہرغیراخلاقی اقدام کا کھرا ن لیگ کی طرف جاتا ہے، اعمال سامنے آ رہے ہیں،عوام کے حق پر ڈاکہ ڈالا اورملکی وسائل کو لوٹا۔

    ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ غریب کی کٹیا اجاڑ کر ایون فیلڈ میں کیمپ لگائے۔

    لوگ ضمیر کی آواز پر موروثی غلامانہ سیاست مسترد کررہے ہیں، فردوس عاشق اعوان

    یاد رہے کہ گزشتہ روز معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ 2013 میں ظل سبحانی نے جو دھاندلی کی تھی وہ راجکماری کیوں بھول گئیں؟۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات فروس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ضمیرکی آواز پر لبیک کہنے والوں کے خلاف کس منہ سے بول رہے ہیں؟۔