Tag: ن لیگ

  • ن لیگ کا حمزہ شہباز کو قائد حزب اختلاف لانے کا فیصلہ

    ن لیگ کا حمزہ شہباز کو قائد حزب اختلاف لانے کا فیصلہ

    لاہور : مسلم لیگ ن نے حمزہ شہبازکو قائد حزب اختلاف لانے کا فیصلہ کرلیا ، ن لیگ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کی اکثریتی جماعت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن نے حمزہ شہبازکو قائد حزب اختلاف لانے کا فیصلہ کرلیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے ن لیگ نے اتحادی جماعتوں سے بھی مشاورت کر لی۔

    اے آروائی نیوز براہِ راست دیکھیں live.arynews.tv پر

    ن لیگ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کی اکثریتی جماعت ہے ، تاہم حمزہ شہباز اس وقت نجی دورے پر لندن میں ہیں۔

    خیال رہے کہ چوہدری پرویز الٰہی کے وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب ہونے کے فوری بعد نجی ایئر لائن کی پرواز سے حمزہ شہباز 4 اگست کو لندن پہنچے تھے۔

    لندن میں مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کے بعد حمزہ کا کہنا تھا کہ میں بھاگ کر لندن نہیں آیا بلکہ دورہ نجی نوعیت کا ہے۔

    واضح رہے سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے پنجاب کے وزیراعلیٰ کے انتخاب میں ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کے فیصلے کو ’غیر قانونی‘ قرار دیتے ہوئے فیصلہ دیا تھا کہ پرویز الٰہی صوبے کے نئے وزیراعلیٰ ہوں گے۔

  • فل کورٹ بینچ کی تشکیل کی درخواست مسترد : ن لیگ نے احتجاج کا پلان بنالیا

    فل کورٹ بینچ کی تشکیل کی درخواست مسترد : ن لیگ نے احتجاج کا پلان بنالیا

    اسلام آباد : مسلم لیگ ن نے فل کورٹ بینچ کی تشکیل کی درخواست مسترد ہونے پر احتجاج کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق فل کورٹ بینچ کی تشکیل کی درخواست مسترد ہونے پر ن لیگ نے احتجاج کا پلان بنا لیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ راولپنڈی سے اسلام آباد پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی جائے گی۔

    ذرائع نے کہا ہے کہ احتجاج کے سلسلے میں ن لیگ کے کارکنوں اوررہنماؤں سے مرکزی قیادت کے رابطوں میں تیزی آگئی ہے۔

    یاد رہے گذشتہ روز سپریم کورٹ نے ڈپٹی اسپیکر رولنگ کیس میں حکومتی اتحاد کی فل کورٹ بنانے کی درخواست مسترد کردی تھی۔

    سپریم کورٹ نے اپنے فیصلہ میں کہا تھا کہ وکلا نے فل کورٹ بنانے اور میرٹ پر دلائل دیئے، ڈپٹی اسپیکر نے 22 جولائی کو رولنگ میں پارٹی سربراہ کے حق میں فیصلہ دیا، قانونی سوال ہے کہ ارکان کو ہدایت پارٹی سربراہ دے سکتا ہے یا نہیں۔

    بعد ازاں حکمران اتحاد نے ڈپٹی اسپیکر رولنگ کیس میں فل کورٹ نہ بنانے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے عدالتی کارروائی کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے دھمکیوں پر اتر آئے تھے۔

  • ن لیگ سوشل میڈیا ٹیم کی جانب سے  سپریم کورٹ ججز کیخلاف مہم چلانے کا انکشاف

    ن لیگ سوشل میڈیا ٹیم کی جانب سے سپریم کورٹ ججز کیخلاف مہم چلانے کا انکشاف

    لاہور : مسلم لیگ ن کے میڈیا سیل کی جانب سے سپریم کورٹ کے ججز کیخلاف سوشل میڈیا مہم چلانے کا انکشاف سامنے آیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کے حکم کے خلاف درخواست کی سماعت کے دوران سوشل میڈیا پر سپریم کورٹ آف پاکستان کے ججز کے خلاف ایک منظم مہم چلائی گئی۔

    اب اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ اس مہم سے منسلک اکاونٹس مسلم لیگ کے ارکان کے تھے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ ججز کیخلاف مہم 529 اکاؤنٹس نے شروع کی ، جنہیں مریم نواز فالو کر رہی ہے۔

    مسلم لیگ ن کی سوشل میڈیا ٹیم کی جانب سے ججز کیخلاف بدنیتی پر مبنی ٹرینڈ کو فروغ دینے کے لیے ٹوئٹر پر کم از کم 11 ہزار ٹوئٹس کئے گئے۔

    پی ٹی آئی رہنما اور سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے مریم اورنگزیب اور فہد حسین کو ساری مہم کے پیچھے ذمہ دار ٹھہرایا۔

    انہوں نے کہا کہ "کچھ صحافیوں کو میڈیا سیل میں غیر سرکاری اسائنمنٹ پر رکھا گیا ہے کہ وہ ججز کے خلاف بیانیہ پیش کریں،”

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی طرف سے ایسی مہم کوئی نئی بات نہیں ہے اور وہ اس سے قبل سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے خلاف بھی ایسے ہی رجحانات کی قیادت کر چکے ہیں۔

    فواد چوہدری نے مزید الزام لگایا کہ ججوں کے بعد اب ن لیگ کی قیادت فوجی افسران کے پیچھے جائے گی۔

  • وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب سے قبل ہی ن لیگ کے وزراٰء ہمت ہار گئے

    وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب سے قبل ہی ن لیگ کے وزراٰء ہمت ہار گئے

    لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب سے قبل ہی ن لیگ کے وزرا ہمت ہارگئے ، ن لیگ کے کئی وزرا نے سرکاری رہائشگاہ خالی کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلی کے انتخاب میں مسلم لیگ ن شدید مایوسی کا شکار ہے اور انتخاب سے قبل ہی ن لیگ کے وزرا بھی ہمت ہارگئے۔

    ذرائع نے بتایا کہ وزرا نے سرکاری دفاتر سے سامان اٹھاناشروع کر دیا، حسن ُمرتضی ،ملک احمد خان ، رانا اقبال سمیت دیگرنے سرکاری رہائشگاہ خالی کردی۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ آصف زرداری اورچوہدری شجاعت کی ملاقات کا آخری آپشن بھی رائیگاں گیا جبکہ حمزہ شہباز گزشتہ رات بھی ممبران اسمبلی سے ملاقات نہ کر سکے۔

    یاد رہے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری رات گئے چوہدری شجاعت کے گھر دو بار ملاقات کے لیے گئے تاہم چوہدری شجاعت نے زرداری کو صاف صاف کہہ دیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے ق لیگ کا ووٹ پرویز الہیٰ کو ہی جائے گا۔

    خیال رہے سپریم کورٹ کے حکم پر وزیر اعلیٰ پنجاب کا انتخاب آج ہوگا، انتخاب میں حکومتی اتحاد کے امیدوار حمزہ شہباز اور تحریک انصاف و اتحادی جماعت مسلم لیگ ق کے امیدوار پرویز الہٰی میں مقابلہ ہیں۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب کیلیے پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج شام 4 بجے ہوگا۔ ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری اجلاس کی صدارت کریں گے۔

    تحریک انصاف نے نمبر پورے ہونے کا دعویٰ کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ 188 ارکان کی حمایت حاصل ہے جبکہ حکومتی اتحاد کی تعداد 179 ہے۔

  • ضمنی انتخابات میں شکست ، حکومتی اتحادیوں میں اختلافات سر اٹھانے لگے

    ضمنی انتخابات میں شکست ، حکومتی اتحادیوں میں اختلافات سر اٹھانے لگے

    لاہور : پیپلزپارٹی حکومت امور کے معاملے پر ن لیگ سے نالاں ہے کیونکہ مسلم لیگ ن پیپلزپارٹی کے قریبی اتحادیوں کو نظر انداز کر رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومتی اتحادیوں میں اختلافات سر اٹھانے لگے، ذرائع کا کہنا ہے کہ ن لیگ نے حکومتی امور میں اہم اتحادیوں کو نظر انداز کر رہی ہے اور پیپلزپارٹی حکومت امورکےمعاملے پر ن لیگ سے نالاں ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ پیپلزپارٹی نے اہم اتحادیوں کو عہدے نہ ملنے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ، کیونکہ ن لیگ مخصوص قریبی اتحادیوں کو نواز رہی ہے اور پیپلزپارٹی کے قریبی اتحادیوں کو نظر انداز کر رہی ہے۔

    پی پی ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی گورنر کے پی، بلوچستان کے معاملے پر ن لیگ سے نالاں ہے، ن لیگ کے پی، بلوچستان سے اتحادیوں کو نظر انداز کر رہی ہے۔

    ذرائع نے کہا کہ ن لیگ کی جانب سے خیبرپختونخوا سے اے این پی، شیرپاؤ گروپ ، بلوچستان سے اہم اتحادی پی کے میپ کو نظرانداز کیا گیا ہے۔

    ذرائع نے مزید بتایا کہ پی پی بلوچستان میں پی کے میپ کو نظر انداز کرنے پر نالاں ہے کیونکہ پی کے میپ کو مرکز، بلوچستان میں تاحال ایڈجسٹ نہیں کیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی پنجاب کے ضمنی الیکشن میں نظر انداز کرنے پر نالاں ہے ، ن لیگ نے معاونین خصوصی، مشیران کی فوج بنا رکھی ہے۔

  • حمزہ شہباز کی وزارت اعلیٰ خطرے میں: ق لیگ  نے ن لیگ کو ہری جھنڈی دکھا دی

    حمزہ شہباز کی وزارت اعلیٰ خطرے میں: ق لیگ نے ن لیگ کو ہری جھنڈی دکھا دی

    لاہور : مسلم لیگ ق نے حمزہ شہباز کی حمایت پر ن لیگ کو ہری جھنڈی دکھا دی اور دو ٹوک پیغام میں کہا کہ ہمارے ارکان چوہدری پرویزالٰہی کو ووٹ دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق حمزہ شہباز کی وزارت اعلیٰ خطرے میں پڑ گئی ، مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے حمزہ شہبازکی حمایت کے ن لیگی دعویٰ کی تردید کردی ۔

    چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ صاف الفاظ میں کہتا ہوں پرویزالٰہی ہی ہمارے امیدوار ہیں اور ہمارے ارکان چوہدری پرویزالٰہی کو ووٹ دیں گے۔

    مسلم لیگ ق کے صدر کا کہنا تھا کہ افواہیں پھیلا کرکسی رکن اسمبلی کوغلط فہمی میں ڈالنےکی کوشش نہ کی جائے، ق لیگ کے ارکان اسمبلی نے ہمیشہ پارٹی ڈسپلن کی پابندی کی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ انشااللہ وہ چوہدری پرویزالٰہی کی حمایت کریں گے، کبھی غلط بیانی نہیں کی، ہمیشہ صاف گوئی کادرس دیا ، اس طرح کی بے بنیاد افواہیں نہ پھیلائی جائیں۔

    خیال رہے پنجاب اسمبلی کی 5مخصوص نشستوں کے حوالے سے لاہور ہائی کورٹ نے نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم کے بعد پنجاب اسمبلی میں نمبر گیم مزید دلچسپ ہوگیا ہے۔

    اعدادو شمار کے مطابق پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ ن 131جنرل،34 مخصوص نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے، پیپلزپارٹی کے6 جنرل اور ایک مخصوص نشست کے ساتھ ارکان کی تعداد7ہے، حکومت کو 6آزاد ارکان میں سے5ارکان کی حمایت حاصل ہے۔

    پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی کی125جنرل اور33مخصوص نشستیں ہیں، پاکستان تحریک انصاف 158ارکان کے ساتھ صوبے کی دوسری بڑی جماعت ہے۔

    ق لیگ 8جنرل اور2مخصوص نشستوں کے ساتھ 10 ارکان پر مشتمل ہے، پی ٹی آئی اور ق لیگ کےکل ارکان کی تعداد 168ہے۔

    منحرف ہونے والے ارکان کی20نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات پنجاب کی سیاست کا محور بن گئے، ضمنی انتخابات نتائج پنجاب اسمبلی میں ن لیگ اور پی ٹی آئی کی عددی اکثریت کا تعین کریں گے۔

  • پنجاب  کے ضمنی انتخابات : تحریک انصاف کے  ن لیگ پر دھاندلی کے الزامات

    پنجاب کے ضمنی انتخابات : تحریک انصاف کے ن لیگ پر دھاندلی کے الزامات

    لاہور : تحریک انصاف نے پنجاب کے ضمنی انتخابات میں ن لیگ پر دھاندلی کےالزامات لگاتے ہوئے کہا نااہل وزیر اعظم اور وزیراعلی جیت کے لیے پورا زور لگا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کی سیشن کورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیاض الحسن چوہان سمیت دیگر رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو کی۔

    فیاض الحسن چوہان نے الزام عائد کیا کہ پنجاب کے ضمنی انتخاب میں دھاندلی کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ، ن لیگ کا بیس ہزار بیلٹ پیپرز پر ٹھپے لگانے کا پروگرام ہے۔

    رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ نااہل وزیر اعظم اور وزیر اعلی پورا زور لگا رہے ہیں ، تمام محکموں کو کھل کر استعمال کیا جارہا ہے لیکن ہم دھاندلی نہیں ہونے دیں گے اور 17جولائی کو ہم کامیاب ہوں گے۔

    اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنما راجہ بشارت نے کہا ضمنی الیکشن کے موقع پر انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ،ن لیگ جس پر چاہتی ہے مقدمہ درج کرادیتی ہے۔

    راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ مونس الہی پر بھی دباؤ ہے مگر وہ عمران خان کا ساتھ چھوڑنے کیلئے تیار نہیں ، ہم اپنے قائد عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور پی ٹی آئی رہنماؤں کے حوصلے بلند ہیں۔

  • پنجاب میں وزارتوں کی تقسیم : پیپلزپارٹی اور ن لیگ میں اختلافات سامنے آگئے

    پنجاب میں وزارتوں کی تقسیم : پیپلزپارٹی اور ن لیگ میں اختلافات سامنے آگئے

    لاہور : پنجاب میں پیپلزپارٹی اور ن لیگ میں وزارتوں کی تقسیم پر معاملات طے نہ ہوسکے ، پیپلزپارٹی پنجاب میں وزارت خزانہ، قانون، تعلیم، ریونیو کی خواہشمند ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں پیپلزپارٹی اور ن لیگ میں وزارتوں کی تقسیم پراتفاق رائے نہ ہو سکا، ذرائع نے بتایا ہے کہ پیپلزپارٹی پنجاب میں اہم وزارتیں لینے کی خواہاں ہے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ پی پی سے معاملات طے نہ ہونے پر پنجاب کابینہ کی تشکیل میں تاخیر ہورہی ہے ، پیپلزپارٹی پنجاب میں وزارت خزانہ کی خواہشمند ہے۔

    پی پی ذرائع نے کہا ہے کہ ن لیگ وزارت خزانہ پیپلزپارٹی کو دینے سےتاحال انکاری ہے جبکہ پیپلزپارٹی پنجاب میں وزارت قانون، ریونیو اور تعلیم کی خواہشمند ہے جبکہ ن لیگ وزارت قانون، تعلیم، ریونیواپنےپاس رکھنے کی خواہشمند ہے۔

    ذرائع کے مطابق آصف زرداری وزارتوں کےمعاملات طےکرانے کے لیے لاہور پہنچے ہیں، جس کے بعد پنجاب میں وزارتوں کی تقسیم کے معاملے پر آج اہم پیشرفت کا امکان ہے۔

  • مجھے معاون خصوصی کیوں نہیں بنایا؟ ن لیگ کے کئی رہنما پارٹی سے ناراض

    مجھے معاون خصوصی کیوں نہیں بنایا؟ ن لیگ کے کئی رہنما پارٹی سے ناراض

    لاہور: مسلم لیگ ن کے کئی رہنما معاون خصوصی نہ بنائے جانے پر پارٹی سے نالاں ہیں ، ناراض رہنماؤں نے سوال کیا جن 4 لوگوں کو ٓمعاون خصوصی بنایا انکی پارٹی خدمات کیا ہیں؟

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے کئی رہنما پارٹی سے ناراض ہوگئے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ طارق فضل چوہدری ، محسن شاہنواز رانجھا ، محمد زبیر اور طلال چوہدری نالاں ہیں۔

    ناراض رہنماؤں نے کہا ہے کہ پارٹی قیادت کے روئیے نے ہمیں دکھ پہنچایا ہے ،جن 4 لوگوں کو وزیراعظم نے معاون خصوصی بنایا انکی پارٹی خدمات کیا ہیں؟

    ناراض ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ اپوزیشن دور میں کیا یہ لوگ کبھی کسی تحریک کا حصہ بنے ؟ کیا یہ لوگ کسی رہنما کی عدالتوں میں پیشی پر کسی کو دیکھائی دیئے؟

    یاد رہے آج رکن قومی اسمبلی جنید انوار چوہدری کو وزیر اعظم کا معاون خصوصی مقرر کیا گیا تھا۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ معاون خصوصی محمدجنید انوار کا عہدہ وزیر مملکت کے برابر ہوگا اور محمد جنید انوار چوہدری وزیراعظم شکایات سیل کے سربراہ ہوں گے۔

    معاون خصوصی وزیر اعظم نے جنید انوار نے عہدہ پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا تھا کہ ذمہ داریاں پوری محنت اور اخلاص سے نبھائیں گے ، حکومت ترقی اور خوشحالی کیلئے دن رات کوشاں ہے۔

  • معاشرے کے کمزور طبقے کی مشکلات کم کرنے کے لیے سبسڈی دیں گے: وزیر اعظم

    معاشرے کے کمزور طبقے کی مشکلات کم کرنے کے لیے سبسڈی دیں گے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ معاشرے کے کمزور طبقے کی مشکلات کم کرنے کے لیے سبسڈی دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے ترک سرکاری ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ہم ملک میں چھوٹی مدت کے منصوبے شروع کرنا چاہتے ہیں، معاشرے کے کمزور طبقے کی مشکلات کم کرنے کے لیے سبسڈی بھی دیں گے۔

    اینکر کی جانب سے سوال پوچھا گیا کہ بیل آؤٹ پیکج کے لیے آئی ایم ایف کے ساتھ آپ کی بات چل رہی ہے، آپ گزشتہ حکومت سے کیا مختلف کریں گے؟ وزیر اعظم شہباز نے کہا ہم پٹرول کی قیمت بڑھائیں گے لیکن سبسڈی بھی دے رہے ہیں۔ واضح رہے کہ آئی ایم ایف نے پاکستان سے سبسڈی ختم کرنے کے لیے کہا ہے۔

    انھوں نے کہا ترک صدر کے ساتھ بات چیت کا دور بہت مثبت رہا، ترکی کے دوست پاکستان کے دوست، ترکی کے دشمن پاکستان کے دشمن ہیں، مسلمانان برصغیر نے روز اول سے تحریک خلافت کی حمایت کی، پاکستان اور ترکی کی دوستی دو دہائیوں پر محیط ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ ہم دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم کرنا چاہتے ہیں، سی پیک بیلٹ اینڈ روڈ پراجیکٹ، خطے کی ترقی کے لیے اہم منصوبہ ہے، پاکستان، چین، ترکی اینڈ روڈ منصوبے میں شراکت داری سے کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔

    انھوں نے کہا ہم پاکستان میں متبادل توانائی کے منصوبے شروع کر رہے ہیں، پن بجلی کے منصوبوں کو خصوصی اہمیت دے رہے ہیں۔

    انٹرویو میں انھوں نے واضح کیا کہ پاکستان کشمیریوں، فلسطینیوں کے حصول کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑا ہے، انھوں نے پاکستان کے مؤقف کو دہرایا کہ جب تک کشمیر اور فلسطین کے عوام کو حقوق نہیں مل جاتے امن ممکن نہیں۔

    شہباز شریف نے کہا ہمسایہ ممالک کے ساتھ معاملات بات چیت سے حل کرنے کے خواہاں ہیں، یوکرین تنازع کو بھی مذاکرات سے حل کرنے کے خواہش مند ہیں۔