Tag: وائرل ویڈیو

  • کم عمر لڑکوں کی لوٹ مار کی ویڈیو وائرل

    کم عمر لڑکوں کی لوٹ مار کی ویڈیو وائرل

    کراچی: شہر قائد میں لوٹ مار عروج پر ہے، ایک اور واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے۔

    کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں کم عمر لڑکوں نے ایک پکوان سینٹر پر کئی افراد کو لوٹ لیا، کراچی پولیس اسٹریٹ کرائمز اور لٹیروں کے طوفان سے شہریوں کو بچانے کے لیے مؤثر اقدامات نہ کر سکے۔

    سامنے آنے والی فوٹیج میں کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں 5 مسلح ملزمان کو دھڑلے کے ساتھ لوٹ مار کرتے دیکھا جا سکتا ہے، یہ واردات 3 موٹر سائیکلوں پر سوار 5 مسلح ملزمان نے انجام دی، ابتدا میں دو موٹر سائیکل سوار اسلحہ نکال کر دکان میں لوٹ مار کرنے لگے، ذرا دیر بعد ایک اور موٹر سائیکل پر پیلی ٹی شرٹ میں ملبوس پانچواں لٹیرا بھی پستول نکال کر آ گیا۔

    واردات میں شامل لٹیروں کو پکوان سینٹر کی دکان میں موجود عملے اور دیگر افراد سے لوٹ مار کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، لٹیروں نے بلاخوف و خطر واردات مکمل کی اور فرار ہوگئے۔

    رپورٹ کے مطابق لٹیروں نے پکوان سینٹر پر موجود عملے سے ان کے موبائل فون اور نقدی چھینی، فوٹیج میں واضح دکھائی دے رہا ہے کہ لٹیروں کا یہ گروپ لڑکوں پر مشتمل ہے۔

    واردات کے دوران لڑکوں نے مختلف ڈیزائن اور رنگ کے فیس ماسک پہنے ہوئے تھے، شام کے وقت ہونے والی واردات کی فوٹیج میں لوگوں کو بھی آتے جاتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    مختلف فیس ماسک پہنے لٹیرے

    فوٹیج میں جہاں کم عمر لٹیروں کا جرم کے وقت اطمینان حیران کن ہے وہاں، یہ صورت حال کراچی پولیس کے منہ پر ایک زناٹے دار تمانچہ بھی ہے، جن کے ہوتے ہوئے روزانہ شہری لٹ رہے ہیں اور سامنے آنے والی فوٹیجز کو بھی اپنے لیے پریشانی کا باعث نہیں سمجھ رہے۔

  • دنانیر مداحوں کی شکر گزار

    دنانیر مداحوں کی شکر گزار

    سوشل میڈیا اسٹار دنانیر مبین نے اپنی وائرل ویڈیو پارری ہورہی ہے کا ایک سال مکمل ہونے پر اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر دنانیر نے ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں ان کی وائرل ویڈیو پر پاکستان اور بھارت کی بے شمار مشہور شخصیات نے اپنی ویڈیو بنائی۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Dananeer | 🇵🇰🌻 (@dananeerr)

    انہوں نے لکھا کہ اس وائرل ویڈیو کا ایک سال مکمل ہوگیا ہے، یہ ویڈیو میرے لیے کسی معجزے سے کم نہیں تھی۔ یہ سیکنڈ کی ویڈیو دنیا بھر کے لوگوں کے لیے مسکراہٹ لے کر آئی۔

    انہوں نے اس ویڈیو کے لیے لوگوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

    یاد رہے کہ مذکورہ ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد دنانیر شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئیں، بے شمار ٹی وی شوز میں شرکت کرنے کے بعد بالآخر انہوں نے اداکاری کے میدان میں بھی قدم رکھ دیا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Dananeer | 🇵🇰🌻 (@dananeerr)

    ان کا پہلا ڈرامہ صنف آہن اس وقت اے آر وائی ڈیجیٹل سے نشر کیا جارہا ہے جس میں دنانیر کی اداکاری کو بھی بے حد پسند کیا جارہا ہے۔

  • اسمارٹ فون میں ساتھیوں کو قید دیکھ کر بندر پریشان

    اسمارٹ فون میں ساتھیوں کو قید دیکھ کر بندر پریشان

    سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں چند بندر، اسمارٹ فون پر ساتھی بندروں کی ایک ویڈیو دیکھ کر حیران و پریشان ہیں۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر پوسٹ کی جانے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص اسمارٹ فون پکڑے دو بندروں کو ایک ویڈیو دکھا رہا ہے۔

    ویڈیو میں چند سیاہ رنگ کے بندر موجود ہیں۔

    ویڈیو دیکھنے والے بندر حیران و پریشان ہیں، اس دوران ایک تیسرا بندر بھی ان کے ساتھ شامل ہو کر ویڈیو دیکھنے لگتا ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by SACHIN AWASTHI (@helicopter_yatra_)

    بندر موبائل کو بار بار چھو کر یہ سمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ ان کے ساتھی اس ڈبے کے اندر کیسے چلے گئے۔

    سوشل میڈیا پر بندروں کی پریشانی کی یہ ویڈیو وائرل ہوگئی، اور لوگوں نے اس پر مختلف تبصرے کیے۔

  • گاڑی کے اندر لاک ننھے بچے نے چابی کیسے ڈھونڈی؟ حیران کن ویڈیو

    گاڑی کے اندر لاک ننھے بچے نے چابی کیسے ڈھونڈی؟ حیران کن ویڈیو

    سوشل میڈیا پر اکثر اوقات ایسی ویڈیوز سامنے آتی ہیں جو حیران کردیتی ہیں، حال ہی میں وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں گاڑی کے اندر لاک ننھے بچے کو چابی سے گاڑی کھولتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک بچہ گاڑی کے اندر موجود ہے اور گاڑی کا دروازہ لاک ہوگیا ہے، پریشان کن بات یہ ہے کہ چابی بھی اندر ہی رہ گئی ہے۔

    گاڑی کے باہر لوگوں کا مجمع موجود ہے اور لوگوں کی نگاہیں گاڑی کے اندر موجود بچے پر تھیں۔

    ایک شخص ننھے بچے کو ہاتھ کی مدد سے چابی کا اشارہ کرتا ہے کہ شاید بچہ سمجھ جائے۔ شروع میں بچے کو اشارہ سمجھ نہیں آتا۔ بہت کوششوں کے بعد بچہ چابی کی طرف متوجہ ہوتا ہے اور اسے سیٹ کے نیچے سے اٹھاتا ہے۔

    اس کے بعد وہ چابی کے مختلف بٹن دباتا ہے جس کے بعد بالآخر گاڑی کا دروازہ کھل جاتا ہے اور لوگ خوشی سے تالیاں بجاتے ہیں۔

  • معروف اینکر ارضیٰ خان نے جگایا اپنی آواز کا جادو

    معروف اینکر ارضیٰ خان نے جگایا اپنی آواز کا جادو

    اے آر وائی نیوز کی معروف اینکر پرسن ارضیٰ خان کے گانا گانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، مداحوں نے ان کی خوبصورت آواز پر نہایت حیرانی کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق معروف اینکر پرسن ارضیٰ خان نے پروگرام ہوشیاریاں میں اپنی سریلی آواز کا جادو جگایا، ارضیٰ کی سریلی آواز سن کر حاظرین جھوم اٹھے۔

    اینکر پرسن کے گانا گانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئی اور لوگوں نے ان کی آواز کی بے حد تعریف کی۔

    یاد رہے کہ اے آر وائی نیوز کی اینکر پرسن ارضیٰ خان سوشل میڈیا پر بھی خاصی متحرک ہیں اور فیس بک اور انسٹاگرام پر ان کے فالوورز کی تعداد ہزاروں میں ہے جہاں وہ اپنی زندگی کے مختلف لمحات شیئر کرتی رہتی ہیں۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Irza khan (@irza.khan)

  • بھارت: لینڈ سلائیڈنگ کی خوفناک وائرل ویڈیو نے لوگوں کے دل دہلا دیے

    بھارت: لینڈ سلائیڈنگ کی خوفناک وائرل ویڈیو نے لوگوں کے دل دہلا دیے

    بھارتی ریاست ہماچل پردیش میں 25 جولائی کو لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے 9 سیاح ہلاک ہوگئے تھے، حال ہی میں حادثے کی سامنے آنے والی ویڈیو نے لوگوں کے دل دہلا دیے ہیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست ہماچل پردیش کے ضلع کنور کے بٹسیری میں گزشتہ 25 جولائی کو لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ پیش آیا تھا۔ پہاڑوں سے گرنے والے پتھروں سے 9 سیاح ہلاک ہوئے تھے جبکہ کچھ سیاح زخمی بھی ہوئے جن میں نوین اور شیرل اوبرائے شامل ہیں۔

    حادثے کے دوران وہ دونوں گاڑی سے نیچے گر پڑے جس کی وجہ سے ان کی جانیں بچ گئیں۔ زندہ بچنے کے بعد نوین نے اپنے موبائل فون میں اس حادثے کے منظر کو ریکارڈ کر لیا جو سوشل میڈیا پر بہت وائرل ہو رہی ہے۔

    ویڈیو میں دونوں زخمی سیاح واقعے سے متعلق اور وہاں کی صورتحال کے بارے میں بتا رہے ہیں۔

    ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مذکورہ دونوں سیاح محفوظ ہیں اور علاج کے بعد دونوں کو گھر بھیج دیا گیا ہے۔

    انتظامی افسران نے کنور آنے والے مقامی لوگوں اور سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ خطرناک مقامات اور ندیوں سے فاصلہ رکھیں۔

  • عثمان مرزا کیس: ملزم پر تعزیرات پاکستان کے تحت کون کون سی دفعات عائد ہوتی ہیں؟

    عثمان مرزا کیس: ملزم پر تعزیرات پاکستان کے تحت کون کون سی دفعات عائد ہوتی ہیں؟

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نوجوان جوڑے کو تشدد اور جنسی ہراسمنٹ کا نشانہ بنانے والا ملزم عثمان مرزا پولیس کی حراست میں ہے، اس پر جنسی ہراسانی، تشدد، یرغمال بنانے اور دھمکیاں دینے کے جرم میں متعدد دفعات عائد کی گئی ہیں جن کی زیادہ سے زیادہ سزا، سزائے موت بھی ہوسکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جوڑے پر تشدد اور جنسی ہراساں کرنے والے ملزم عثمان مرزا کا مزید 4 روزہ ریمانڈ حاصل کرلیا گیا، ملزم عثمان مرزا پر تعزیرات پاکستان کے تحت مندرجہ ذیل دفعات عائد کی گئی ہیں۔

    دفعہ 354 اے: اس کے تحت کسی عورت پر حملہ کرنے اور اس کا لباس اتار کر برہنہ کرنے کی سزا، سزائے موت یا عمر قید ہے۔

    دفعہ 506: اس کے تحت کسی کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کی سزا 7 سال قید اور جرمانہ ہے۔

    دفعہ 509: اس کے تحت کسی عورت کی عزت و ناموس کی توہین کرنے، آوازیں لگانے، کسی چیز کی نمائش یا کسی بھی عمل سے عورت کا تقدس پامال کرنے والے شخص کے لیے ایک سال قید کی سزا ہے۔

    دفعہ 341: اس کے تحت کسی کو یرغمال بنانے کی سزا ایک ماہ قید اور جرمانہ ہے۔

    اس حوالے سے اسلام آباد پولیس کے ایس ایس پی انویسٹی گیشن عطا الرحمٰن نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عثمان مرزا سمیت واقعے میں ملوث 4 مرکزی ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    عطا الرحمٰن کا کہنا تھا کہ ملزمان کا 4 دن کا ریمانڈ ملا تھا جس کے بعد ہم نے مزید 4 دن کا ریمانڈ حاصل کیا ہے۔ ہم نے متاثرین کو یقین دلایا ہے کہ قانون اور ریاست پاکستان ان کے ساتھ ہے یہی وجہ ہے کہ وہ ہمارے ساتھ بھرپور تعاون کر رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ رواں ہفتے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں عثمان مرزا اور اس کے ساتھی ایک لڑکے اور لڑکی پر تشدد کرتے دکھائی دے رہے تھے۔

    ملزمان نہ صرف لڑکی کو جنسی طور پر ہراساں کرتے رہے بلکہ دونوں کو جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیتے رہے۔

    بعد ازاں وزیر اعظم عمران خان نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کی تاکید کی تھی۔

  • کیا واقعی چاند اتنا قریب ہے؟ وائرل ویڈیو کی حقیقت سامنے آگئی

    کیا واقعی چاند اتنا قریب ہے؟ وائرل ویڈیو کی حقیقت سامنے آگئی

    گزشتہ چند روز سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر ایک ویڈیو گردش کر رہی ہے جس میں قطب شمالی میں چاند کو ابھرتا اور پھر ڈوبتا ہوا دکھایا گیا ہے، متعدد فیکٹ چیکنگ ویب سائٹس نے اسے جعلی ثابت کردیا۔

    فیس بک اور دیگر سوشل میڈیا سائٹس پر وائرل ہونے والی 30 سیکنڈز کی اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ چاند طلوع ہورہا ہے اور اس کا حجم بہت بڑا ہے، ویڈیو میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ روس اور کینیڈا کے درمیان قطب شمالی کی ویڈیو ہے جہاں سے چاند اتنا ہی بڑا دکھائی دیتا ہے۔

    اسے پوسٹ کرنے والے ایک صارف نے دعویٰ کیا ہے کہ قطب شمالی میں 30 سیکنڈز کے لیے چاند اتنا بڑا دکھائی دیتا ہے، اس کے بعد 5 سیکنڈز کے لیے سورج کے سامنے آ کر اسے گرہن لگا دیتا ہے اور پھر غروب ہوجاتا ہے۔

    تاہم جلد ہی فیکٹ چیکنگ ویب سائٹس کے ذریعے معلوم ہوگیا کہ یہ ویڈیو اینی میشن کا کمال ہے، اسے ایک ٹاک ٹاکر نے بنایا تھا جو اس سے پہلے بھی اسی نوعیت کی اینی میٹڈ ویڈیوز بناتا رہا ہے۔

    البتہ اس سے پہلے ہی اس ویڈیو کی حقیقت کسی فیکٹ چیک کے بغیر کامن سینس کے ذریعے پہچانی جاسکتی ہے۔

    سب سے پہلی بات یہ ہے کہ چاند اور زمین ایک دوسرے سے اس قدر فاصلے پر یعنی 3 لاکھ 84 ہزار 400 کلومیٹر دور واقع ہیں کہ زمین کے کسی بھی حصے سے چاند کا اتنا بڑا دیکھا جانا ممکن نہیں۔ ویڈیو میں چاند اتنا قریب دکھائی دے رہا ہے جیسے ایک جست لگا کر اس تک پہنچا جاسکے۔

    ماہرین نے اس ویڈیو میں دکھائی دینے والی چند مزید غیر معمولی چیزوں کی طرف بھی اشارہ کیا ہے جو اس ویڈیو کو جعلی ثابت کرتی ہیں۔ جیسے کہ زمین پر گھاس کا ہونا، جبکہ قطب شمالی برفانی علاقہ ہے جہاں سال کے 12 ماہ زمین پر برف رہتی ہے۔

    علاوہ ازیں ویڈیو میں دکھائی دینے والی جھیل میں چاند کا سایہ بھی نہیں پڑ رہا جبکہ چاند بھی بہت تیزی سے حرکت کر رہا ہے۔

    ماہرین کے مطابق زمین کے گرد گھومنے والا چاند کا مدار اس قدر مکمل دائرے میں نہیں جیسے کہ ویڈیو میں دکھایا گیا ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ چاند پرفیکٹ دائرے کی صورت میں حرکت کر رہا ہے جبکہ حقیقت میں اس کا مدار کسی حد تک بیضوی ہے۔

    اس جعلی ویڈیو کو گزشتہ چند روز میں لاکھوں صارفین نے شیئر کیا –

  • خرگوش کی انوکھے انداز میں تیرنے کی ویڈیو وائرل

    خرگوش کی انوکھے انداز میں تیرنے کی ویڈیو وائرل

    بھارت میں ایک خرگوش کی تالاب میں انوکھے انداز میں تیرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی، خرگوش کے تیرنے کا انداز دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین نہایت محفوظ ہوئے۔

    بھارتی فاریسٹ سروس کی افسر سوزانتا نندا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں ایک خرگوش تالاب میں تیرتا ہوا نظر آرہا ہے۔

    خرگوش تیرتا ہوا تالاب کے کنارے تک پنچا اور پھر جنگل میں گم ہوگیا۔

    سوزانتا نے لکھا کہ اس کے پانی میں تیرنے کا انداز بھی ایسا ہے جیسے بھاگنے کا، یعنی اچک اچک کر۔

    خرگوش کی اس دلچسپ ویڈیو پر لوگوں نے دلچسپ تبصرے کیے۔

  • سعودی عرب: ویڈیو وائرل ہونے کے بعد خاتون کے خلاف پولیس کی کارروائی

    سعودی عرب: ویڈیو وائرل ہونے کے بعد خاتون کے خلاف پولیس کی کارروائی

    ریاض: سعودی عرب میں انٹرنیٹ پر ایک وائرل ویڈیو میں خاتون نے نازیبا زبان استعمال کی ہے جس پر پولیس نے ان کے خلاف کارروائی شروع کر دی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ریاض پولیس نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں ایک خاتون کی جانب سے نازیبا زبان استعمال کی گئی، جس پر مذکورہ خاتون کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا آغاز کیا گیا ہے۔

    ریاض پولیس کے معاون ترجمان کا کہنا تھا کہ ویڈیو میں نازیبا زبان استعمال اور دشنام طرازی کرنے والی خاتون کی شناخت بھی ہو گئی ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق پولیس ترجمان نے بیان میں کہا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو پر انفارمیشن کرائمز کے انسداد کا قانون لاگو ہوگا، سیکورٹی فورس کے ماہرین نے یہ بھی معلوم کر لیا ہے کہ ویڈیو کس نے سوشل میڈیا پر شیئر کی۔

    سعودی عرب: وائرل ویڈیو کے پیچھے چھپا کردار پکڑا گیا۔۔وجہ کیا بنی

    پولیس کے معاون ترجمان خالد الکریدیس نے بتایا کہ ویڈیو شیئر کرنے والی سعودی خاتون کی عمر چالیس کے قریب ہے، خاتون کے خلاف نازیبا زبان کے استعمال پر فوج داری عدالت قانون کے مطابق کارروائی کرے گئی۔

    یاد رہے کہ مئی میں بھی سوشل میڈیا پر سیکورٹی فورسز کے خلاف پروپیگنڈا کرنے اور غلط زبان استعمال کرنے پر ایک مقامی شہری کے خلاف پولیس نے ایکشن لیتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا تھا، پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ شہری نے سوشل میڈیا پر قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہل کاروں کے لیے غیر مناسب زبان استعمال کی اور ویڈیو بنا کر انٹرنیٹ پر شیئر کی۔