Tag: وائرل ویڈیو

  • گندا پانی پینے سے میرا مرغا مرگیا: غصے سے بپھرے بچے کی ویڈیو وائرل

    گندا پانی پینے سے میرا مرغا مرگیا: غصے سے بپھرے بچے کی ویڈیو وائرل

    کراچی: صوبہ سندھ میں مون سون بارشوں کے بعد سیلابی پانی تاحال نہ نکالا جاسکا، گندا پانی پینے سے اپنے مرغے کی ہلاکت پر ایک بچہ سخت غصے میں آگیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اندرون سندھ سے تعلق رکھنے والے ایک کمسن بچے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں وہ حکومت کی نااہلی پر سخت نالاں ہے۔

    ویڈیو میں بچہ سیلاب کے پانی میں ایک مرغے کو اٹھائے کھڑا ہے اور سخت غصے میں کہہ رہا ہے کہ اس کا مرغا گندا پانی پینے سے مر گیا، اب ہم یہ پانی پئیں گے تو ہم بھی مرجائیں گے۔

    وہ غصہ سے چلاتے ہوئے کہہ رہا ہے کہ ملک میں غریب تباہ ہوچکا ہے۔

    بچہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کو مخاطب کرتے ہوئے کہتا ہے کہ بلاول یہاں آؤ اور یہ گندا پانی نکالو، ہمیں پینے کا صاف پانی فراہم کرو۔

    مذکورہ بچے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بے حد وائرل ہورہی ہے، سوشل میڈیا صارفین بچے سے ہمدردی کا اظہار کر رہے ہیں جبکہ کچھ افراد حکومت کو تنقید کا نشانہ بھی بنا رہے ہیں۔

  • بائیک کا پیچھا کرتے شیر کی دل دہلا دینے والی ویڈیو

    بائیک کا پیچھا کرتے شیر کی دل دہلا دینے والی ویڈیو

    نئی دہلی: سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو نے صارفین کی سانسیں روک دیں جس میں ایک خوفناک شیر نہایت تیز رفتاری سے ایک موٹر بائیک کا پیچھا کرتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔

    بھارتی محکمہ جنگلات کے افسر پراوین کسون نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک مختصر کلپ شیئر کیا۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 2 افراد موٹر بائیک پر بیٹھے ہیں اور اسے فل اسپیڈ میں بھگا رہے ہیں۔

    ان سے دگنی رفتار سے بھاگتا ہوا ایک دھاری دار شیر ان کے پیچھے آرہا ہے اور ایک لمحے کو وہ اتنا قریب آگیا جیسے ابھی بائیک سواروں پر چھپٹا مار دے گا۔

    افسر کے مطابق بائیک محکمہ جنگلات کی ہے اور اس پر بیٹھے افراد محکمے سے تعلق رکھتے ہیں، انہوں نے کیپشن میں لکھا کہ تصور کریں کہ کبھی یہ بلی آپ کا پیچھا کر رہی ہو۔ ویڈیو گزشتہ سال کی ہے جب محکمے کے عملے کی اس شیر سے مڈبھیڑ ہوئی۔

    اس ویڈیو کو ایک لاکھ بار دیکھا گیا جبکہ ہزاروں افراد نے اسے لائیک کیا۔

    ویڈیو پر دیگر ٹویٹر صارفین نے بھی اپنے ملتے جلتے تجربات شیئر کیے جبکہ کچھ نے مختلف خیالات کا اظہار کیا۔

    ایک صارف نے لکھا کہ ایک بار وہ اپنے دوستوں کے ساتھ ہماچل پردیش کے پہاڑوں میں تصاویر کھینچ رہی تھیں کہ اچانک انہوں نے پہاڑوں سے ایک بائیک کو نہایت تیز رفتاری سے نیچے آتے دیکھا۔

    صارف کے مطابق انہیں کچھ سمجھ نہیں آیا مگر وہ سب بھی فوراً اپنی کار میں بیٹھ گئے اور جلد ہی انہوں نے ایک چیتے کو خوفناک رفتار سے بائیک کے پیچھے بھاگتے دیکھا۔

    ایک صارف نے لکھا کہ وہ ایسے موقع پر خوف سے ہی مرجاتیں۔

    ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ یہ اپنے لیے ایک یاد دہانی ہے کہ اپنی گاڑی کی باقاعدگی سے سروس کرواتے رہیں تاکہ ضرورت کے وقت وہ بند نہ ہو۔

    ایک اور صارف نے محکمہ جنگلات کے عملے کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا کہ انہیں اس طرح جنگلی حیات کے مسکن میں آزادانہ گھوم پھر کر انہیں ڈسٹرب نہیں کرنا چاہیئے۔

    مذکورہ صارف نے لکھا کہ اگر ببر شیر سے دس بار سامنا ہوجائے ہو تو 5 دفعہ بچنے کا امکان ہوسکتا ہے لیکن شیر سے سامنا ہوگا تو بچنے کا امکان بمشکل ایک بار ہوگا۔

    خیال رہے کہ جسم پر دھاریاں رکھنے والا شیر دنیا کے تیز رفتار ترین جانوروں میں سے ایک ہے اور اسی تیز رفتاری کے باعث اس کے شکار کے بچنے کے امکانات نہایت کم ہوتے ہیں۔

  • طویل القامت روبوٹ بحرین کے سلطان کا باڈی گارڈ، وائرل ویڈیو میں کتنی صداقت؟

    طویل القامت روبوٹ بحرین کے سلطان کا باڈی گارڈ، وائرل ویڈیو میں کتنی صداقت؟

    سوشل میڈیا پر جعلی خبروں، تصاویر اور ویڈیوز کا پھیلاؤ نہایت آسان ہے تاہم اب جدید ٹیکنالوجی کی بدولت ایسی چیزوں کی سچائی پرکھنا بھی نہایت آسان ہوگیا ہے، ایسی ہی ایک ویڈیو آج کل سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں بحرین کے سلطان اپنے روبوٹ محافظ کے ساتھ دکھائی دے رہے ہیں۔

    سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص روایتی عرب لباس میں ملبوس آگے آگے چل رہا ہے جبکہ اس کے پیچھے ایک قوی الجثہ روبوٹ نہایت مودبانہ انداز میں چل رہا ہے۔

    فلموں میں دکھائے جانے والے کسی سپر پاور جیسے روبوٹ کے قدموں کی دھمک لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کیے ہوئے ہے اور وہ انگشت بدانداں ہو کر اس طویل القامت روبوٹ کو دیکھ رہے ہیں۔

    سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا گیا کہ عربی لباس میں ملبوس شخص بحرین کے سلطان حماد بن عیسیٰ الخلیفہ ہیں اور روبوٹ ان کا ذاتی محافظ ہے جو 360 کیمروں اور بے شمار پستولوں سے لیس ہے۔

    ایک ویریفائیڈ ٹویٹر اکاؤنٹ سے اس ویڈیو کے ساتھ کیپشن دیا گیا کہ ٹیکنالوجی بہت تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے، بہت جلد سیاستدان بھی ایسے محافظ رکھنا شروع کردیں گے۔

    ویڈیو پر لوگوں نے حیرت اور خوف کے ملے جلے تاثرات کا اظہار کیا۔

    تاہم جلد ہی اس ویڈیو کی حقیقت پتہ چل گئی، مختلف ریورس سرچ کے ذریعے علم ہوا کہ ویڈیو میں دکھائی دینے والا شخص نہ تو بحرین کے سلطان ہیں نہ ہی یہ روبوٹ ان کا باڈی گارڈ ہے۔

    یہ ویڈیو 18 فروری 2019 کی ہے جب ابو ظہبی انٹرنیشنل ڈیفینس ایگزی بیشن میں پہلی بار اس روبوٹ کو پیش کیا گیا۔ 8 فٹ طویل اور 60 کلو گرام وزنی اس روبوٹ نے نمائش کے شرکا کا استقبال کیا۔

    خلیج ٹائمز کی اگلے روز کی شائع شدہ رپورٹ کے مطابق اس روبوٹ کا نام ٹائٹن ہے اور یہ متعدد زبانیں بولنے کی اہلیت رکھتا ہے، یہ دنیا کا فرسٹ کمرشل انٹرٹینمنٹ روبوٹ ہے جسے ایک برطانوی کمپنی نے تیار کیا ہے۔

    خلیج ٹائمز کی پوسٹ کردہ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ روبوٹ لوگوں کے درمیان گھوم پھر کر ان سے انگریزی اور عربی زبان میں باتیں کر رہا ہے۔ شرکا اشتیاق سے اسے دیکھتے اور اس کے ساتھ تصاویر بناتے دکھائی دے رہے ہیں۔

    روبوٹ میں 360 کیمرے اور بندوق نصب ہیں، اس حوالے سے کوئی دعویٰ سامنے نہیں آیا۔

    ایک اور رپورٹ کے مطابق وائرل ویڈیو میں موجود شخص بحرین کی ڈیفنس فورس کے چیف آف اسٹاف لیفٹننٹ جنرل دیاب تھے جو اس نمائش میں شریک ہوئے تھے۔

  • کیا یہ خوبصورت آتش بازی اولمپکس 2020 کی افتتاحی تقریب کی ہے؟

    کیا یہ خوبصورت آتش بازی اولمپکس 2020 کی افتتاحی تقریب کی ہے؟

    جاپانی دارالحکومت ٹوکیو میں آتش بازی کی ایک وائرل ویڈیو کی حقیقت سامنے آگئی، آتش بازی کو اولمپکس 2020 کی افتتاحی تقریب میں کی جانے والی آتش بازی قرار دیا جارہا تھا۔

    گزشتہ چند دن سے سوشل میڈیا پر ٹوکیو میں کی جانے والی آتش بازی کی ایک ویڈیو بے حد وائرل ہورہی ہے، ویڈیو میں جاپان کی سب سے بلند پہاڑی ماؤنٹ فیوجی پر رنگین آتش بازی سے آسمان روشن دکھائی دے رہا ہے۔

    ویڈیو میں پس منظر میں بجتی موسیقی دیکھنے والوں کو مسحور کر رہی ہے۔

    سوشل میڈیا پر کہا گیا کہ یہ آتش بازی 2020 کے اولمپکس کھیلوں کی افتتاحی تقریب میں کی جانی تھی تاہم کرونا وائرس کی وجہ سے اولمپک گیمز کو ایک سال کے لیے ملتوی کردیا گیا، اولمپک گیمز اب 23 جولائی 2021 سے شروع ہوں گے۔

    ویڈیو کے حوالے سے کہا گیا کہ اس آتش بازی کو مزید ایک سال تک محفوظ رکھنا خطرناک ثابت ہوسکتا تھا چنانچہ حکام نے فیصلہ کیا کہ انہیں استعمال کرلیا جائے۔

    اسی آتش بازی کے خوبصورت مظاہرے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تاہم جلد ہی یہ ویڈیو جعلی ثابت ہوئی۔

    بین الاقوامی ویب سائٹس کے مطابق اس ویڈیو کے کچھ فریمز سنہ 2015 کی ایک ویڈیو سے مماثل ہیں، یہ ویڈیو 2015 میں ماؤنٹ فیوجی پر کی جانے والی اس آتش بازی کی ہے جو اقوام متحدہ کی جانب سے ماؤنٹ فیوجی کو عالمی ورثہ قرار دیے جانے کی خوشی میں کی گئی۔

    اولمپکس آتش بازی والی وائرل ویڈیو کے متعدد فریمز 2015 کی اس ویڈیو سے لیے گئے، بعد ازاں فائر ورک سیمولیٹر نامی ایک ویب سائٹ سے اس ویڈیو کو مکمل طور پر تخلیق کیا گیا۔

    دوسری جانب جاپانی میڈیا کے مطابق 24 جولائی کو جاپان کے 121 مقامات پر آتش بازی کا اہتمام کیا گیا تھا، یہ آتش بازی اسی روز کی گئی جب ملتوی شدہ اولمپکس 2020 کا آغاز ہونا تھا۔

    البتہ یہ آتش بازی نہ تو ویڈیو میں دکھائی گئی آتش بازی جیسی تھی، اور نہ ہی یہ وہ آتش بازی تھی جو اولمپکس 2020 کی افتتاحی تقریب کے لیے تیار کی گئی تھی۔

    ہجوم جمع ہونے سے روکنے کے لیے مذکورہ ایونٹس کے وقت و مقام خفیہ رکھے گئے تھے۔

  • قہوہ پینا مہنگا پڑ گیا، بل دیکھ کر سعودی شہری کے ہوش اڑ گئے

    قہوہ پینا مہنگا پڑ گیا، بل دیکھ کر سعودی شہری کے ہوش اڑ گئے

    ریاض: سعودی عرب کے شہر ابہا میں فیملی کے ساتھ قہوہ پینے کے لیے آنے والے شہری کے بل دیکھ کر ہوش اڑ گئے، شہری نے شکوہ کیا ہے کہ سیاحت کو فروغ دینے کے لیے یہ طریقے نہیں ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق ایک سعودی شہری کو ابہا کے قہوہ خانے میں قہوہ پینا مہنگا پڑ گی، بل دیکھ کر شہری کے ہوش اڑ گئے۔

    مذکورہ شہری اپنی فیملی کے 8 افراد کے ساتھ قہوہ پینے آیا تھا جس کے بل کی کہانی انہوں نے ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کی جو وائرل ہوگئی۔

    شہری کا کہنا تھا کہ وہ اہلخانہ کے ہمراہ سیاحت کے لیے ابہا پہنچے تھے، 8 افراد کے قہوے کا بل انہیں 400 ریال پیش کیا گیا جس کا مطلب یہ ہے کہ فی قہوہ 50 ریال چارج کیے جا رہے ہیں۔ اتنی بڑی رقم ناقابل فہم ہے۔

    سعودی شہری کا کہنا تھا کہ سیاحت کو کامیاب بنانے کے یہ طریقے نہیں ہیں، سیاحت اس وقت کامیاب ہوگی جب بنیادی ڈھانچہ اور خدمات اچھی ہوں گی۔

    شہری نے شکوہ کیا کہ انہوں نے قہوہ خانے کے مالک سے بات چیت کی کوشش کی مگر وہ بے کار ثابت ہوئی۔

    وائرل ویڈیو میں شہری کو یہ کہتے بھی سنا گیا کہ کیشیئر کے پاس ایک انتباہ چسپاں ہے جس میں تحریر ہے کہ اگر رقم 50 ریال سے کم ہوگی تو باقی ماندہ رقم واپس نہیں کی جائے گی۔

    مزید یہ کہ قہوہ خانے میں بچوں کے لیے کرسیوں کا انتظام ہے اور نہ ہی کریڈٹ کارڈ کے ذریعے بل کی ادائیگی کا کوئی طریقہ کار موجود ہے۔

  • بھوت جم میں ورزش کرنے پہنچ گیا؟ پراسرار ویڈیو وائرل

    بھوت جم میں ورزش کرنے پہنچ گیا؟ پراسرار ویڈیو وائرل

    نئی دہلی: بھارتی سوشل میڈیا پر ایک پراسرار ویڈیو وائرل ہوگئی جس میں ایک اوپن ایئر جم میں ورزش کی مشینیں خودبخود حرکت کرتی نظر آرہی ہیں۔

    بھارتی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی یہ ویڈیو ایک پارک میں قائم اوپن ایئر جم کی ہے، بعض صارفین کے مطابق یہ پارک نئی دہلی کا ہے جبکہ بعض افراد کے مطابق یہ ویڈیو اتر پردیش کی ہے۔

    ویڈیو میں ورزش کے لیے استعمال ہونے والا سوئنگ خود بخود حرکت کرتا دکھائی دے رہا ہے۔

    سوشل میڈیا صارفین نے کہا کہ یہ کوئی بھوت ہے جو اپنی فٹنس کے بارے میں ازحد متفکر ہے اور جم استعمال کر رہا ہے۔

    یہ ویڈیو اس قدر وائرل ہوئی کہ اتر پردیش کے شہر جھانسی کی پولیس کو نوٹس لینا پڑا۔ پولیس مذکورہ پارک میں پہنچی اور ورزش کے آلات کا جائزہ لیا۔

    جلد ہی پولیس نے معلوم کرلیا کہ سوئنگ پر چکنائی جم گئی ہے جس کی وجہ سے وہ ہوا سے باآسانی حرکت کر رہا ہے۔

    بعد ازاں محکمہ پولیس کے ٹویٹر پر کہا گیا کہ اصل بھوت وہ ہے جس نے ایک عام سی ویڈیو کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا، ایسے شخص کو گرفتار کیا جائے گا۔

    سوشل میڈیا پر اس ویڈیو پر طرح طرح کے تبصرے جاری ہیں، بعض افراد نے پولیس سے درخواست کی کہ وہ ان لوگوں کو گرفتار نہ کریں جنہوں نے یہ ویڈیو بنائی ہے۔

  • صحت ایک نعمت: بندر نے ویٹ لفٹنگ میں انسانوں کو پیچھے چھوڑ دیا، ویڈیو دیکھیں

    صحت ایک نعمت: بندر نے ویٹ لفٹنگ میں انسانوں کو پیچھے چھوڑ دیا، ویڈیو دیکھیں

    بنکاک: آپ نے دنیا بھر میں انسانوں کو ورزش اور ویٹ لفٹنگ کرتے دیکھا ہوگا لیکن ان دنوں سوشل میڈیا پر ایسی حیرت انگیز ویڈیو وائرل ہے جس میں ایک بندر ویٹ لفٹنگ کرتا نظر آرہا ے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق تھائی لینڈ کے صوبے پھوکٹ میں قائم ایک پارک سے یہ ویڈیو سامنے آئی جس نے سب کو ورطہ حیرت میں مبتلا کردیا، مذکورہ بندر نہ صرف ویٹ لفٹنگ کرتا ہے بلکہ پش اپ کے ساتھ ساتھ مختلف قسم کے کرتب بھی دکھاتا ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس طرح یہاں دیگر جانوروں کو بھی ٹرین کیا جاتا ہے تاکہ وہ آنے والے سیاحوں کو خوب محظوظ کرسکیں، ویڈیو میں نظر آنے والا بندر پانی میں تیراکی بھی بڑی مہارت سے کرتا ہے۔

    ’اماں اٹھو‘ : بندر کے بچے کی مری ہوئی ماں کو جگانے کی کوشش، دل سوز ویڈیو وائرل

    دوسری جانب جانوروں کا خیال رکھنے والی تنظیموں نے اس ویڈیو پر پارک انتظایہ کو شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا، ان کے مطابق جانوروں کو تشدد کرکے کسی کام پر مجبور کرنا جرم ہے، جبکہ کسی بھی خطرے کے پیش نظر انتظامیہ بندروں کے دانت بھی کاٹ ڈالتے ہیں۔

    غیرملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اگر جانور کرتب نہ دکھائیں تو انہیں سزا بھی دی جاتی ہے۔

  • کراچی : سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو نے دلہا کو حوالات پہنچا دیا

    کراچی : سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو نے دلہا کو حوالات پہنچا دیا

    کراچی : باراتیوں کی ہوائی فائرنگ کی سزا دلہا کو مل گئی، پولیس نے شادی کی صبح دولہا کو ناشتے سے پہلے ہی حوالات کی سیر کرادی ۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں گزشتہ روز اکبر کی بارات جارہی تھی اور وہ دولہا بنا گاڑی میں بیٹھا تھا کہ باراتیوں میں سے کسی نے ہوائی فائرنگ شروع کردی۔

    فائرنگ اتنی شدید تھی کہ علاقہ گولیوں کی تڑتڑاہٹ سے گونج اٹھا، اس دوران کسی نے واقعے کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردی، جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی اور اس کی بھنک لیاقت پولیس کو پڑگئی۔

    پولیس حسب روایت رات کو فائرنگ کے وقت تو نہ پہنچ سکی البتہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ایکشن لیتے ہوئے صبح صبح دلہا اکبر کے گھر پہنچ گئی اور فائرنگ کے الزام میں ناشتہ کیے بغیر ہی دلہا کو حوالات میں بند کردیا۔

    اس حوالے سے ملزم دلہا اکبر کا کہنا ہے کہ میں تو دلہا بنا ہوا تھا۔ مجھے نہیں معلوم کہ فائرنگ کرنے والے کون تھے، اگر معلوم ہوتا تو پولیس کو ضرور بتا دیتا، ایس ایس پی سینٹرل عارف راؤ کا کہنا ہے کہ دلہا بااثر شخصیت کا بھتیجا ہے۔ ہوائی فائرنگ کی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر کارروائی کی گئی۔

  • کراچی میں رضاکارنے کتے کو گندے نالے میں ڈوبنے سے بچالیا، ویڈیو دیکھئے

    کراچی میں رضاکارنے کتے کو گندے نالے میں ڈوبنے سے بچالیا، ویڈیو دیکھئے

    کراچی: شہر قائد میں ایک رضا کار نے نالے میں گرے ہوئے کتے کے پلے کو بروقت کارروائی کرتے ہوئے ڈوبنے سے بچا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے لسبیلہ میں پیش آیا جب ایک شہری نے نالے میں گرے ہوئے کتے کی نشاندہی چھیپا کے ایمرجنسی رسپانس سینٹر پر کی۔

    یہ ایمرجنسی رسپانس سنٹر شہر میں مریضوں کی بروقت اسپتال منتقلی کے لیے بنائے گئے ہیں، جہاں ایمبولنس اور اس کا ڈرائیور ہر وقت موجود رہتے ہیں۔

    شہری کی نشاندہی پر موقع پر موجود ایمبولینس ڈرائیور نے اپنی جان خطرے میں ڈالتے ہوئے نالے میں اتر کر کتے کے پلے کی جان بچانے کا فیصلہ کیا۔

    قریب تھا کہ یہ جانور ڈوب جاتا کہ چھیپا رضاکاربروقت گندے نالے میں اتر کر اس تک پہنچ گیا اور اس گندے نالے میں ڈوب کر مرنے سے بچا لیا۔

    واقعے کی ویڈیو موقع پر موجود شہریوں نے بنائی اور انہوں نے اس کا م کو ثواب قرار دیتے ہوئے ایمبولنس ڈرائیور کو بے پناہ سراہا۔

  • خاتون کو ہراساں‌ کرنے والے شخص کے خلاف مقدمہ درج

    خاتون کو ہراساں‌ کرنے والے شخص کے خلاف مقدمہ درج

    اسلام آباد: خاتون کو  ہراساں کرنے والے  شخص کے خلاف قانون نافذ کرنے والے ادارے حرکت میں آگئے، پولیس نے ملزم کے گھر چھاپا مارا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ویڈیو میں‌ موجود واصف عباسی نامی شخص کے خلاف تھانہ رمنہ میں مقدمہ درج کر لیا گیا.

    ویڈیو میں ملزم خاتون پر اسلحہ تان کر  اسے ڈراتے دھمکاتے اور پر تشدد کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے. ویڈیو آج صبح‌ سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس پر عوام کی جانب سے شدید ردعمل آیا.

    جلد ہی ویڈیو فیس بک اور اور ٹویٹر سے ہوتی ہوئی میڈیا میں پہنچ گئی، ویڈیو  وزیر داخلہ اور  پولیس حکام تک پہنچی، سی پی او  راولپنڈی نے واقعے کا نوٹس لے لیا۔


    مزید پڑھیں: سعودی عرب میں گرفتار رضاکاروں پر تشدد اور جنسی ہراساں کیا جاتا ہے، ایمنسٹی انٹرنیشنل کا الزام


    خاتون کی درخواست پرملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، خاتون نے موقف اختیار کیا ہے کہ اسے ملزم سے شدید خطرہ لاحق ہے، خوف کی وجہ سے یونیورسٹی بھی نہیں‌ جا سکتی. خاتون کا کہنا تھا کہ نوجوان نے اسے شادی کا جھانسا دیا تھا۔

    خاتون کی درخواست کے بعد پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لئے کوششیں شروع کردیں، اس کے گھر چھاپا مارا گیا۔

    موصولہ اطلاعات کے مطابق ملزمان نے ایک گروپ بنا رکھا ہے، جس میں اسلام آباد اور راولپنڈی کے  اوباش نوجوان شامل ہیں، جن  میں سے دو نوجوان چوری کے کیس میں گرفتار  ہوچکے ہیں۔  اس گروپ میں منشیات فروشی کا بھی الزام ہے۔