ایک وائرل ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں ایک باپ اپنی بچی کو کینگرو کے دل دہلا دینے والے حملے سے بچاتا ہے۔
یہ 15 جون کو آسٹریلیا کے نیو ساؤتھ ویلز کے ایک واقعے کا ذکر ہے جب گھر کے عقبی حصے میں کھیلتی معصوم بچی پر اچانک کینگرو نے حملہ کر دیا، اس واقعے کو گھر میں لگے سیکیورٹی کیمرے نے ریکارڈ کر لیا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 2 سالہ معصوم بچی خوشی خوشی گھر کے عقبی حصے میں کھیل کود رہی ہے، جب اچانک ایک کینگرو نے دوڑتے ہوئے آ کر اس پر چھلانگ لگا دی اور اسے گرا دیا۔
بچی کی خوش قسمتی تھی اس کے باپ نے بر وقت دیکھ لیا، وہ اپنی بیٹی کو بچانے کے لیے کینگرو کی طرف دوڑے اور ہاتھ میں پکڑی کوئی شے اسے مارنے کی کوشش کی۔
باپ کو آتا دیکھ کر کینگرو نے بچی کو چھوڑا اور بھاگ گیا، اس واقعے میں بچی کو معمولی زخم آئے۔ ویڈیو دیکھ کر رونگٹے کھڑے ہو جاتے ہیں کیوں کہ کینگرو نے بہت وحشیانہ انداز میں بچی پر حملہ کر دیا تھا، اور بچی کے گرنے کے بعد بھی اس پر حملہ آور ہو رہا تھا، لیکن عین وقت پر باپ نے دوڑتے ہوئے آ کر اس خوف ناک حملے سے اسے بچا لیا۔
مدھیہ پردیش: بھارت میں ایک افسوس ناک واقعے میں خاتون کو سر عام لاٹھی سے پیٹا گیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مدھیہ پردیش کی ایک تکلیف دہ ویڈیو سامنے آئی ہے، جس میں ساڑھی پہنے ایک خاتون کو چند مرد سر عام ڈنڈے سے پیٹ رہے ہیں۔
یہ واقعہ ریاست کے دھار ضلع میں 20 جون کو ٹانڈہ پولیس اسٹیشن کی حدود میں پیش آیا، تماشائی خاتون کو پٹتے دیکھتے رہے لیکن کوئی بھی اس کی مدد کو نہیں آیا، اور واقعے کی ویڈیوز بھی بناتے رہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پیلے رنگ کی ساڑھی میں ملبوس ایک خاتون کو 4 مردوں کے گروپ نے پکڑ کر رکھا ہے جب کہ ایک اور شخص اسے ڈنڈے پیٹ رہا ہے۔
ویڈیو سامنے آتے ہی پولیس نے اس کا نوٹس لیا اور ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا جب کہ دیگر کی تلاش جاری ہے جو واقعے کے بعد سے فرار ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون مبینہ طور پر اپنے دوست کے ساتھ گھر سے بھاگ گئی تھی جس کے بعد یہ واقعہ پیش آیا۔ پولیس حکام کے مطابق مرکزی ملزم کی شناخت نور سنگھ بھوریا کے طور پر کی گئی ہے، جسے وائرل ویڈیو میں عورت کو مارتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔
شکاگو: امریکی شہر شکاگو میں ایک گھر کے مالک نے فرائنگ پین سے چور کا مار مار کر بھرکس نکال دیا، اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔
ایکس پر ایک وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شکاگو کے ایک رہائشی نے فرائنگ پین کا بہ طور ہتھیار استعمال کرتے ہوئے گھر میں گھسنے والے چور کو پیٹا، اور آخر کار پولیس کے ہاتھوں گرفتار کروایا۔
وائرل ویڈیو کو ایکس پر دس لاکھ سے زیادہ افراد نے دیکھا، یہ ویڈیو جیسن ولیمز نامی شہری نے شیئر کی تھی، انھوں نے بتایا کہ وہ کام سے گھر آ رہے تھے کہ گھر کے قریب ہی انھیں الارم سسٹم سے گھر میں نقب زنی کی اطلاع ملی۔
جیسن ولیمز نے مزید بتایا ’’الرٹ ملنے کے بعد میں تیزی سے گھر پہنچا، گھر میں داخل ہونے کے بعد میں نے کوئی ہتھیار تلاش کیا تو میرے ہاتھ ایک فرائنگ پین لگا، میں نے اسے پکڑ لیا اور جیسے ہی چور نیچے آیا، میں نے اس پر حملہ کیا۔‘‘
Here is the video of the burglar being caught: got some good licks inside and the back. Keystone cops theme should be added for laughs. I’m ok. Guys gonna have a headache tomorrow and was taken away by the ambulance. pic.twitter.com/ry1hr89A54
20 جون کو شیئر ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گھر کا مالک چور کا باغیچے میں تعاقب کر رہا ہے، اور دوڑتے دوڑتے چور کو فرائنگ پین کی ضربیں لگا رہا ہے، بعد ازاں شکاگو پولیس مدد کے لیے عین وقت پر پہنچی، اور چور کو سڑک کے پار پکڑ لیا۔
ولیمز نے میڈیا کو بتایا کہ یہ لڑو یا بھاگ جاؤ والی صورت حال تھی، اور اس نے لڑنے کا انتخاب کیا۔
لاس اینجلس: امریکی صدر جو بائیڈن ایک تقریب میں اپنی جگہ کھڑے کھڑے اچانک سُن ہو گئے، اس واقعے کی ویڈیو وائرل ہو گئی ہے۔
امریکی صدر جو بائیڈن کی عمر اب اُن کی مشکلات میں اضافہ کرتی جا رہی ہے، وہ چلتے چلتے اکثر لڑ کھڑا جاتے ہیں، سیڑھیوں سے لڑھک جاتے ہیں اور کبھی کبھی بیٹھے بیٹھے یا کھڑے کھڑے ’سُن‘ ہو جاتے ہیں۔
دو دن قبل لاس اینجلس میں انتخابی مہم کے لیے عطیات جمع کرنے کے ایک ایونٹ کے دوران جو بائیڈن حاضرین کی طرف تکتے رہے اور اِس حالت میں کئی سیکنڈ گزر گئے۔
تب سابق امریکی صدر براک اوباما آگے بڑھے اور ہاتھ تھام کر اُنھیں یاد دلایا کہ اب اُنھیں اسٹیج سے اترنا ہے۔ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
ناقدین بڑی عمر کے باعث حواس پر دباؤ کی روشنی میں ان کی صدر کے منصب کے لیے اہلیت پر سوال اٹھا رہے ہیں جب کہ ترجمان وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر بائیڈن سُن نہیں ہوئے تھے بلکہ وہ تالیوں کا لطف اٹھاتے ہوئے حاضرین سے انٹرایکشن کر رہے تھے۔
بھارت میں لڑکا چلتی ٹرین سے موبائل فون چھین کر فرار ہوگیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ’فیئر آف لائف‘ کے پیج سے ویڈیو شیئر کی جس میں لڑکے کو چلتی ٹرین سے موبائل فون چھین کر فرار ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ٹرین آہستہ آہستہ چل رہی ہے اور ایک شخص موبائل فون استعمال کررہا ہے۔
لڑکا ٹرین کے ساتھ ساتھ چلتا رہتا ہے اور اچانک ہی مسافر کے ہاتھ سے فون چھینتا ہے اور رفو چکر ہوجاتا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ یہ اسٹیشن ستنا یا ریوا علاقے میں ہے، مذکورہ ویڈیو بظاہر پلیٹ فارم پر لڑکے سے چند میٹر کے فاصلے پر کھڑے شخص نے ریکارڈ کی ہے۔
ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کہا جارہا ہے کہ جس شخص نے ویڈیو ریکارڈ کی ہے اسے پکڑا جائے کیونکہ اس نے چور کو روکنے کے لیے کچھ نہیں کیا۔
ایک صارف نے لکھا کہ کیمرہ مین ممکنہ طور پر چوری میں ملوث تھا۔
بھارتی ریلوے حکام نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کھڑکی کے پاس بیٹھ کر فون استعمال نہ کریں خاص طور پر اس وقت جب ٹرین پلیٹ فارم پر رکتی ہے۔
مشیگن: امریکی ریاست مشیگن میں ایک ملزم کی عدالت پیشی کے موقع پر ایک ایسا واقع پیش آیا، جس نے نہ صرف جج بلکہ پوری عدالت کو ششدر کر کے رکھ دیا، اس واقعے کی وائرل ویڈیو نے سوشل میڈیا کو بھی حیران کر دیا۔
امریکی ہفتہ وار میگزین پیپل میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق مشیگن میں ایک جج اس وقت حیران رہ گیا جب معطل شدہ لائسنس والے شہری نے زوم کے ذریعے ورچوئل کورٹ کی سماعت میں کار چلاتے ہوئے شرکت کی۔ جج نے اس حرکت پر ملزم کو پولیس اسٹیشن جا کر اپنی گرفتاری پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔
15 مئی کو این ہاربر کی عدالت میں سماعت کے دوران جیسے ہی کوری ہیرس نامی ملزم ویڈیو کال کے ذریعے عدالتی کارروائی کا حصہ بنا تو ڈسٹرکٹ جج نے اندازہ لگایا کہ اُس نے سیٹ بیلٹ پہنی ہوئی ہے، جس کے بعد جج نے حیران ہو کر پوچھا کہ کیا آپ ڈرائیو کر رہے ہیں؟
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم نے جواب دیا کہ دراصل میں اپنے ڈاکٹر کے پاس جا رہا ہوں، مجھے صرف ایک سیکنڈ دیں، میں ابھی گاڑی پارک کر رہا ہوں۔ ملزم کے جواب نے جج کو حیران کر دیا، جب کہ کمرۂ عدالت میں موجود دیگر لوگوں کو بھی اپنی ہنسی روکنے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
ملزم کے پبلک ڈیفنڈر نے عدالت کو بتایا کہ اس کا مؤکل زوم کے ذریعے حاضر ہوگا، تاہم جب کوری ہیرس نے کال جوائن کی، تو معلوم ہوا کہ وہ چلتی گاڑی میں تھا، کوری ہیرس نے ایک ہاتھ سے فون پکڑ رکھا تھا اور دوسرے سے گاڑی چلا رہا تھا۔
جج سمپسن کی حیرت
یہ ایسا ناقابل یقین واقعہ تھا کہ جج سمپسن واقعی ششدر رہ گئے، تاہم کوری ہیرس نے جج سمپسن کے الجھے ہوئے اور حیران کن تاثرات کو محسوس نہیں کیا، کیوں کہ وہ پارکنگ میں مصروف تھا، چند سیکنڈ بعد جج نے ہیرس سے پوچھا کہ کیا وہ کہیں ٹھہر گئے ہیں؟ مدعا علیہ نے کہا جی بس روک رہا ہوں، ہاں، اب میں ساکن ہو چکا ہوں۔
جج ہیرس کی خاتون وکیل سے جب اس حرکت کے سلسلے میں وضاحت طلب کی، تو وکیل نے کیس چار ہفتوں تک کے لیے ملتوی کرنے کی درخواست کر دی، تاہم جج سمپسن نے کہا ’’ٹھیک ہے، لیکن ایسا کچھ ہے جسے میں سمجھا ہی نہیں ہوں، ابھی یہ ڈرائیونگ ہو رہی تھی، حالاں کہ کیس لائسنس معطلی کا ہے، ملزم ڈرائیونگ کر رہا تھا، اور اس کے پاس لائسنس نہیں تھا۔‘‘
اس کے بعد عدالت میں سناٹا چھا گیا، ایسا لگ رہا تھا کہ زوم کے شرکا میں سے کوئی بھی نہیں جانتا تھا کہ اس موقع پر کیا ردعمل ظاہر کیا جائے۔ جج نے ریمارکس دیے کہ میں اس بات پر حیران ہوں کہ اس نے ایسا کیوں کیا۔ بعد ازاں جج نے ہیرس کی ضمانت منسوخ کر دی، اور حکم دیا کہ مدعا علیہ شام 6 بجے تک اپنے آپ کو واشٹیناؤ کاؤنٹی جیل کے حوالے کر دیں، ناکامی کے نتیجے میں عدالت بغیر ضمانت وارنٹ جاری کرے گی۔
عدالتی دستاویزات سے معلوم ہوا کہ کوری ہیرس پر اکتوبر 2023 میں معطل شدہ لائسنس کے ساتھ گاڑی چلانے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ سوشل میڈیا پر کیس کی سماعت کی یہ وائرل ویڈیو دیکھ کر صارفین بھی حیران رہ گئے۔
بالی ووڈ کے معروف اداکارہ شردھا کپور نے 4 مختلف لہجوں میں انگریزی بول کر مداحوں کو حیران کردیا۔
فوٹو اینڈ شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکارہ شردھا کپور نے ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں انہیں ایک ساتھ 4 مختلف زبانوں میں مہارت کے ساتھ انگریزی بولتے ہوئے سُنا جاسکتا ہے۔
اداکارہ نے یہ ویڈیو میک اپ برانڈ کی تشہیر کیلئے ریکارڈ کی ہے جس میں انہوں نے ایک لپ گلوز کی 4 مختلف لہجوں میں تعریف کی ہے، ساتھ ہی ویڈیو کیپشن میں لکھا کہ’ کچھ نہیں ویرو بس میں اور یہ میری چار قسم کی شخصیت۔
اداکارہ نے امریکی، برطانوی، فرانسیسی اور روسی لہجوں کے درمیان آسانی کے ساتھ تبدیلی کرتے ہوئے مداحوں کو حیرت میں ڈال دیا ساتھ ہی مداحوں نے اداکارہ کی اس مہارت کی تعریف بھی کی۔
معتدد سپر ہٹ فلموں میں اپنی اداکاری کے جلوے بکھیرنے والی اداکارہ شردھا کپور اپنے آفیشل اکاؤنٹ پر تصاویر و ویڈیوز شیئر کرتی رہتی ہیں جسے صارفین خوب پسند کرتے ہیں۔
اسرائیل کو گزشتہ روز عالمی عدالت انصاف میں بڑی شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا، اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔
جمعہ کے روز اقوام متحدہ کی اعلیٰ عدالت میں جب غزہ میں نسل کشی سے متعلق جنوبی افریقہ کی درخواست پر تیسرے راؤنڈ کی سماعت جاری تھی، اور اسرائیل کی کو ایجنٹ غزہ میں جاری فوجی آپریشن کا دفاع کر رہی تھیں، تب اچانک پبلک گیلری سے ایک خاتون نے ’جھوٹے جھوٹے‘ کے نعرے لگائے۔
اسرائیلی وکیل تمارا کپلان ترگمان عدالت کو بتا رہی تھیں کہ اسرائیل اس عدالت سے استدعا کرتا ہے کہ وہ جنوبی افریقہ کی درخواست مسترد کر دے، انھوں نے کہا اسرائیل نے غزہ میں نسل کشی کا الزام مسترد کیا ہے، جنوبی افریقہ کی درخواست رفح پر حملے کو روکنے کے لیے دائر کی گئی ہے اسے مسترد کر دیا جائے۔
سماعت جاری تھی کہ پبلک گیلری سے ایک خاتون نے اچانک ’جھوٹے جھوٹے‘ کے نعرے لگا دیے، جس پر عدالتی کارروائی تقریباً ایک منٹ تک رکی رہی، اور اس دوران سیکیورٹی گارڈز نعرے لگانے والی خاتون کو باہر لے گئے۔
کراچی: شہر قائد میں موٹر سائیکل اور کار سواروں کو گھیر کر لوٹنے کی وارداتیں تھم نہیں سکیں، پولیس کے دعوؤں کے برعکس شہر پر مسلح لٹیروں کا راج بدستور قائم ہے۔
کراچی کے علاقے بھینس کالونی میں 7 مئی کو ہونے والی واردات کی موبائل فوٹیج سامنے آ گئی ہے، جس میں ایک کار میں سوار افراد کو 6 لٹیرے گھیر کر لوٹ رہے ہیں، واردات دیکھ کر ایسا لگتا ہے جیسے شہر میں مجرموں کو قانون کا کوئی خوف لاحق نہیں ہے۔
سامنے آنے والی ویڈیو میں 6 لٹیروں کو کار سواروں کو گھیر کر لوٹتے دیکھا جا سکتا ہے، لٹیرے 3 موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر آئے تھے، جنھوں نے کار سواروں سے ساڑھے 5 لاکھ روپے لوٹے، لٹیروں نے مزاحمت کرنے پر کار سوار کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔
لٹیرے قریب سے گزرنے والوں کو بھی اسلحہ دکھا کر ڈراتے رہے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ان کے پاس متاثرہ افراد کی جانب سے تحریری شکایت جمع کرائی گئی ہے، واردات میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کر لیں گے۔
واضح رہے کہ کراچی میں عوام پر تو پولیس کا ڈر مسلط ہے، تاہم دلیری سے کی جانے والی بے شمار وارداتوں کی فوٹیجز دیکھ کر معلوم ہوتا ہے کہ مجرموں کو پولیس اور قانون کا معمولی سا بھی ڈر نہیں ہے، ایک وجہ اس کی یہ بھی ہے کہ محکمہ پولیس جرائم کی سرکوبی کے محض دعوے کرتا ہے اور انھیں روکنے کے لیے کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھاتا۔
پنسلوینیا کے ایک چرچ میں سروس کے دوران پادری کو اس وقت اچانک اپنی زندگی کے ایک دہشت ناک لمحے کا سامنا کرنا پڑا، جب ایک شخص نے اٹھ کر ان پر پستول تان لی۔
یہ دہشت ناک واقعہ امریکی ریاست پنسلوینیا کے علاقے نارتھ بریڈاک کے گرجا گھر میں اتوار کی سروس کے دوران پیش آیا، اچانک ایک شخص نے اٹھ کر گلین جرمنی نامی پادری پر پستول تان لی۔
رپورٹس کے مطابق مسلح شخص نے ٹریگر دبایا، وہ پادری کو مارنا چاہتا تھا لیکن خوش قسمتی سے گولی نہیں چل سکی، پستول جام ہو جانے کی وجہ سے وہاں پر موجود ایک شخص کو موقع مل گیا اور اس نے دوڑ کر حملہ آور کو پیچھے سے پکڑ کر بے بس کر دیا۔
پادری گلین جرمنی
واقعے کی ویڈیو گرجا گھر میں لگے کیمرے میں ریکارڈ ہوئی، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے، جس کی شناخت 26 سالہ برنارڈ بلیٹ کے نام سے ہوئی ہے، پولیس نے اس کے بارے میں تحقیقات شروع کر دی ہے۔ پادری گلین جرمنی کا کہنا تھا کہ ملزم دماغی بیماری میں مبتلا لگ رہا تھا، اس نے بتایا کہ میں نے آوازیں سنیں کہ جاؤ اور پادری کو گولی مار دو۔
PREACHER ATTACKED BY GUNMAN IN PITTSBURGH
Glenn Germany was delivering a sermon at the Jesus’ Dwelling Place Church in North Braddock when a man pulled a gun and tried to shoot him.
Fortunately, the gun jammed, giving a member of the congregation the chance to wrestle him… pic.twitter.com/jqUy6OXqLL