Tag: وائرل ویڈیو

  • ویڈیو: تیز رفتار ویگو کی دوسری گاڑی کو ہولناک ٹکر، ڈرائیو اور مالک گرفتار

    ویڈیو: تیز رفتار ویگو کی دوسری گاڑی کو ہولناک ٹکر، ڈرائیو اور مالک گرفتار

    کراچی: شہر قائد میں کلفٹن بلاک 2 سیمنٹ ٹاور کے قریب تیز رفتار ویگو گاڑی کی ٹکر سے کار سوار شخص جاں بحق اور ان کی بیٹی شدید زخمی ہو گئی تھی، پولیس نے ڈرائیور اور گاڑی کے مالک کو گرفتار کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ساؤتھ پولیس کا کہنا ہے کہ بوٹ بیسن میں گزشتہ روز پیش آنے والے ٹریفک حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور شبیر اور گاڑی کے مالک سجاد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ان کے خلاف مقدمہ بھی درج ہو گیا۔

    واقعے کا مقدمہ حادثے میں جاں بحق شخص کیپٹن جمشید ملک کی اہلیہ نازیہ ناہید کی مدعیت میں بوٹ بیسن تھانے میں درج کیا گیا ہے، حادثے میں جمشید ملک کی 15 سالہ بیٹی فاطمہ ملک شدید زخمی ہوئی تھی، جس کا اسپتال میں علاج جاری ہے۔

    مقدمے کے متن کے مطابق یہ واقعہ تیز رفتاری، غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے پیش آیا، مدعی مقدمہ نے کہا میرے شوہر اپنی بیٹی فاطمہ ملک کو فیز 8 میں اسکول سے لے کر آ رہے تھے، کہ دوسری گاڑی نے آ کر ٹکر مار دی، حادثے میں کیپٹن جمشید ملک شدید زخمی ہوئے جو نجی اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئے، جب کہ میری بیٹی شدید زخمی ہے اور نجی اسپتال میں زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہے۔

    ترجمان ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس کراچی کے مطابق بوٹ بیسن پولیس نے حادثے کے بعد چند منٹ کے اندر ہی موقع پر پہنچ کر ویگو گاڑی پر سوار دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا تھا۔

    حادثے کی ذمہ دار ویگو گاڑی پولیس کی تحویل میں

    موقع سے ملنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب کار سوار زخمی شخص اسی روڈ پر یو ٹرن لے رہا تھا، جس پر دوسری جانب سے ایک سفید ویگو گاڑی تیز رفتاری سے چلی آ رہی تھی۔ گرفتار ملزمان کی شناخت شبیر سمیع ولد عبدالسمیع اور سجاد ولد ریاض کے نام سے ہوئی ہے۔

    پولیس نے موقع سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں، جب کہ ملزمان کی گاڑی بھی قبضے میں لے لی گئی ہے۔

  • کچے کے ڈاکوؤں نے مغوی جیل پولیس اہلکار اور اس کے والد کی ویڈیو جاری کر دی

    کچے کے ڈاکوؤں نے مغوی جیل پولیس اہلکار اور اس کے والد کی ویڈیو جاری کر دی

    شکارپور: کچے کے ڈاکوؤں نے مغوی جیل پولیس اہلکار فیروز اور اس کے والد کی ویڈیو جاری کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق کچے میں ڈاکوؤں کا راج بدستور قائم ہے، ڈاکوؤں کے ہاتھوں اغوا کیے گئے جیکب آباد کے رہائشی جیل پولیس اہلکار اور اس کے والد کو 13 روز بعد بھی بازیاب نہیں کرایا جا سکا۔

    کچے کے ڈاکوؤں نے مغوی اہلکار فیروز بروہی اور اس کے والد سہیل بروہی کی ویڈیو بھی جاری کر دی، جس میں مغوی نے بتایا کہ ان پر تشدد کیا جا رہا ہے، اور 13 روز ہو گئے ابھی تک انھیں رہا نہیں کرایا جا سکا۔

    جیل پولیس کے مغوی اہلکار نے کہا ’’آئی جی سندھ سے اپیل کرتا ہوں ہمیں بازیاب کرایا جائے۔‘‘ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں نے اہلکار فیروز بروہی اور اس کے والد کو تیرہ روز قبل اغوا کیا تھا۔

    ادھر ورثا کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں نے مغویوں کی رہائی کے لیے 70 لاکھ روپے تاوان طلب کیا ہے۔

    دوسری طرف پولیس اور رینجرز اندرون سندھ کچے کے علاقے میں مشترکہ کارروائیاں کر رہے ہیں، اور کشمور کے علاقے اعوان محلہ سے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ملزم شاہد اور شعیب سے پستول، 30 راؤنڈز، 4 لاکھ سے زائد رقم برآمد ہوئی، بتایا گیا ہے کہ یہ ملزمان گھنٹہ گھر مارکیٹ میں دکان سے لوٹ مار کے بعد فرار ہو گئے تھے۔

  • ننھے گلوکار طارق کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل، سرکار کی جانب سے اہم اعلان

    ننھے گلوکار طارق کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل، سرکار کی جانب سے اہم اعلان

    ڈیرہ بگٹی: بلوچستان کے علاقے ڈیرہ بگٹی کے رہائشی بوٹ پالش کرنے والے ننھے گلوکار طارق کی آواز نے دھوم مچا دی۔

    ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی سے تعلق رکھنے والے ننھے گلوکار طارق کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے، اس ویڈیو میں اپنی آواز کا جادو جگانے کے ساتھ ساتھ طارق نے اپنے تعلیمی اور گھریلو اخراجات کے لیے بھی حکومت سے اپیل کی۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی جانب سے ننھے گلوکار کی بھرپور پذیرائی کی گئی، سرفراز بگٹی نے ننھے گلوکار کے تمام تعلیمی اخراجات سرکاری سطح پر اٹھانے کا اعلان کر دیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ضلعی انتظامیہ کو اس سلسلے میں ہدایات جاری کیں، جس کے بعد ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی اظہر شہزاد نے ننھے گلوکار طارق اور اس کے والد کو اپنے دفتر بلایا۔

    ڈی سی ڈیرہ بگٹی نے کہا کہ سوئی سے اسکول پرنسپل کو بلا کر گلوکار طارق کا داخلہ کرا دیا جائے گا۔

  • وائرل ویڈیو: مودی کے وزیر کی انوکھی تقریر ’’چلو بھاگو، یہی ہے میرا بھاشن‘‘

    وائرل ویڈیو: مودی کے وزیر کی انوکھی تقریر ’’چلو بھاگو، یہی ہے میرا بھاشن‘‘

    راجستھان: بھارتی ریاست راجستھان کے ایک علاقے میں نریندر مودی کے ایک وزیر اس وقت سیخ پا ہو گئے جب جلسے میں گنتی کے چند ہی سامعین موجود تھے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پیر کو راجستھان حکومت کے کابینہ کے وزیر کروڑی لال مینا انتخابات کے سلسلے میں بی جے پی کے امیدوار کی حمایت کے لیے کھوری بالا جی مندر کے مقام پر جلسے میں پہنچے، تاہم پنڈال میں گنتی کے چند لوگ ہی جمع ہو سکے تھے۔

    خالی جلسہ گاہ دیکھ کر کروڑی لال مینا سیخ پا ہو گئے، وہ اتنے ناراض ہوئے کہ کارکنان پر چیخنے چلانے لگے، بعد ازاں سخت غصے میں اسٹیج سے اتر کر بولے ’’چلو بھاگو، یہی ہے میرا بھاشن۔‘‘

    راجستھان حکومت کے وزیر کروڑی لال مینا کی اس ناراضی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کروڑی لال مینا جلسے میں بھیڑ جمع نہ ہونے پر چیخنے چلانے لگے، اور کارکنان سے کہا ’’آپ کو شرم آنی چاہیے، ایسی میٹنگ کے لیے۔‘‘

    اس کے بعد اسٹیج سے اتر کر بولے ’’چلو اپنے اپنے گھر، یہی میرا بھاشن ہے، چلو بھاگو ہٹو۔‘‘

    کروڑی لال مینا نے کہا کہ میں پی ایم مودی جی کو فون کر کے بول دیتا ہوں کہ بِسّی کے لوگ تو پاگل ہو گئے ہیں۔

  • وائرل ویڈیو: افطاری کا سامان نہ دینے پر پولیس افسر کی بیکری ملازم کو دھمکیاں

    وائرل ویڈیو: افطاری کا سامان نہ دینے پر پولیس افسر کی بیکری ملازم کو دھمکیاں

    حیدرآباد: سندھ کے شہر حیدرآباد میں ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے، جس میں افطاری کا سامان نہ دیے جانے پر پولیس افسر نے بیکری ملازم کو دھمکیاں دی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق حیدرآباد میں مبینہ طور پر مفت افطاری نہ ملنے پر پولیس افسر آپے سے باہر ہو گیا، بیکری ملازم کو سنگین نتائج بھگتنے کی دھمکیاں دیں، واقعے کی ویڈیو وائرل ہو گئی ہے۔

    ویڈیو میں نظر آنے والے پولیس افسر کی شناخت اختر کٹپر کے نام سے ہوئی ہے جو کہ مختلف تھانوں میں ایس ایچ او رہ چکا ہے۔ اختر کٹپر کا مؤقف بھی سامنے آ گیا ہے، پولیس افسر نے کہا ’’میں نے مفت میں سامان کا نہیں کہا، بیکری میں آدھا سامان دے کر رقم پوری لی گئی تھی۔‘‘

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتاہے کہ ایس ایچ او خالد بیکری ملازم غفار ہاجانو کو کہتا ہے کون ہو تم، سب چور ہو تم لوگ، میں نے کئی لوگوں کو پکڑا ہے جی آر او کالونی میں، سیری اور مٹیاری کی ہاجانو برادری کو جانتا ہوں، ایسے جوتے ماروں گا کہ زندگی بھر یاد رکھو گے، وہ حال کروں گا کہ رات کو گھر بھی نہیں جا پاؤ گے، کیا سمجھتے ہو تم خود کو سب چور ہو۔

    پولیس افسر نے کہا تم نے کیسے کہہ دیا کہ روزہ کھولنے کے لیے سامان نہیں ہے، جاؤ اپنے وڈیروں کو لے کر آؤ، سب کو جانتا ہوں، مہمان میرے گھر بیٹھے ہیں اور یہ کہتا ہے کہ سامان نہیں ہے۔

  • وائرل ویڈیو: فلسطین کے حامی کارکن نے جو بائیڈن کو ’نسل کش جو‘ قرار دے دیا

    وائرل ویڈیو: فلسطین کے حامی کارکن نے جو بائیڈن کو ’نسل کش جو‘ قرار دے دیا

    جارجیا: امریکی ریاست جارجیا میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران امریکی صدر جو بائیڈن کو فلسطین کے ایک حامی کارکن نے ’نسل کش جو‘ قرار دے دیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلسطین کے حامی ایک کارکن نے جو بائیڈن کو اس وقت بات کرنے سے اچانک روک دیا جب وہ جنوبی ریاست جارجیا کے شہر اٹلانٹا میں انتخابی مہم کی تقریر کر رہے تھے۔

    سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ویڈیو میں دیکھا اور سنا جا سکتا ہے کہ فلسطین کا حامی کارکن چیخ کر امریکی صدر سے کہتا ہے: ’’بائیڈن تم ایک آمر ہو، نسل کش جو۔‘‘ فلسطین کے حامی کارکن نے کہا صدر جو بائیڈن، فلسطین میں نسل کشی ہو رہی ہے، ہزاروں فلسطینی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، بچے مر رہے ہیں۔

    کارکن کے احتجاج کے بعد وہاں موجود سبھی شرکا نعرے لگانے لگے، صدر جوبائیڈن کی انتخابی مہم کے دوران فلسطین کے حامی کارکن کا احتجاج انتظامیہ برداشت نہ کر سکی، الجزیرہ کے مطابق مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ مظاہرین کو سیکرٹ سروس کے اہلکار گھسیٹ کر لے گئے۔

    اسرائیلی سازش بے نقاب ہوتے ہی کینیڈا اور سویڈن نے غزہ فنڈنگ بحال کر دی

    احتجاج کرنے والے کو لے جائے جانے کے بعد امریکی صدر نے کہا کہ انھوں نے احتجاج کرنے والے کے جذبے پر کوئی اظہار ناراضی نہیں کیا، ایسے بہت سارے فلسطینی ہیں جنھیں غیر منصفانہ طور پر نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

  • امریکا میں طیارہ کریش ہونے کی دل دہلا دینے والی ویڈیو سامنے آ گئی

    امریکا میں طیارہ کریش ہونے کی دل دہلا دینے والی ویڈیو سامنے آ گئی

    ٹینیسی: امریکا میں طیارہ کریش ہونے کی دل دہلا دینے والی ویڈیو سامنے آ گئی۔

    امریکی ریاست ٹینیسی میں گزشتہ روز ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا تھا، جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک ہو گئے تھے، طیارہ کریش ہونے کی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق سنگل انجن والا طیارہ اڑان بھرنے کے کچھ منٹوں بعد ہی گر کر تباہ ہو گیا تھا، طیارے میں پائلٹ سمیت پانچ افراد سوار تھے، جن میں سے کوئی بھی نہ بچ سکا۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طیارے میں گرنے کے بعد ایک دھماکے کے ساتھ زبردست آگ لگ گئی اور ملبہ ہائے وے تک پھیل گیا، بتایا جا رہا ہے کہ حادثے سے قبل ٹینیسی کے دارالحکومت نیش وِل کے ایئر پورٹ کنٹرول ٹاور کو پائلٹ کی طرف سے طیارے کے انجن میں خرابی اور ہنگامی لینڈنگ کا پیغام موصول ہوا تھا۔

    طیارے سے ملنے والی پائلٹ اور کنٹرول ٹاور کی گفتگو میں کنٹرول ٹاور نے پائلٹ سے ہنگامی لینڈنگ اور رن وے نظر آنے کے بارے میں سوال کیا تو پائلٹ نے جواب دیا کہ مجھے رن وے نظر آ رہا ہے، تاہم میں لینڈنگ نہیں کر سکوں گا، انجن فیل ہو چکا ہے، میں جارہا ہوں لیکن پتا نہیں کہاں۔

  • نصیر الدین شاہ سیلفی کے خواہشمند مداح پر برس پڑے، ویڈیو وائرل

    نصیر الدین شاہ سیلفی کے خواہشمند مداح پر برس پڑے، ویڈیو وائرل

    بالی ووڈ کے سینئر اداکار نصیر الدین شاہ دہلی ایئرپورٹ پر سیلفی بنوانے کے خواہشمند مداح پر برس پڑے جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

    فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکار نصیر الدین شاہ کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں انہیں سیلفی لینے کے خواہشمند مداح پر غصہ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

    وائرل ویڈیو میں نصیر الدین شاہ کو یہ کہتے سنا جاسکتا ہے کہ ’آپ لوگوں نے موڈ خراب کردیا، ایک دفعہ جو بات کی جائے آپ لوگ سمجھتے نہیں ہیں۔‘

    اداکار کو غصے میں دیکھ کر وہاں موجود فوٹو گرافرز کو یہ کہتے سنا جاسکتا ہے کہ ہٹ جائیں وہ منع کررہے ہیں تو انہیں پریشان نہیں کریں۔

    نصیر الدین شاہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہورہی ہے اور صارفین اداکار کے طرز عمل کی حمایت کررہے ہیں۔

    ایک صارف نے لکھا کہ ’نصیر الدین شاہ غصہ کررہے ہیں تو صحیح ہی کررہے ہوں گے کوئی نہ کوئی وجہ ہوگی۔‘ دوسرے صارف نے لکھا کہ ’جب وہ منع کررہے ہیں تو انہیں تنہا چھوڑ دیں۔‘

  • پولیس اہلکار کی خاتون کو تھپڑ مارنے کی فوٹیج سامنے آگئی

    پولیس اہلکار کی خاتون کو تھپڑ مارنے کی فوٹیج سامنے آگئی

    راولپنڈی: ٹیکسلا کچہری کے باہر ملزم کی گرفتاری کے دوران پولیس اہلکار نے خاتون کو تشدد کا نشانہ بنا دیا۔

    پولیس اہلکار کی جانب سے بھرے مجمعے میں خاتون کو تھپڑ مارنے کی فوٹیج سامنے آگئی۔ فوٹیج کے مطابق ملزم بصیر خان کو کچہری کے باہر پولیس نے گرفتار کرنے کی کوشش کی اور اس دوران ایک اہلکار نے ملزم کی ماں کو تھپڑ مارے۔

    پولیس ملزم بصیر کو زبردستی گاڑی میں ڈال کر لے گئی۔ اہلکار نے لوگوں کی بڑی تعداد میں موجودگی کے دوران دیدہ دلیری سے خاتون پر ہاتھ اٹھایا۔

    ترجمان پولیس کے مطابق سی پی او نے مذکورہ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اے ایس آئی امتیاز ناصر کو معطل کر دیا، ایس پی پوٹھوہار کو واقعہ کی انکوائری کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا گیا۔

  • وائرل ویڈیو: رات کو چپکے سے میز پر بکھری اشیا سمیٹنے والے چوہے نے دنیا کو حیران کر دیا

    وائرل ویڈیو: رات کو چپکے سے میز پر بکھری اشیا سمیٹنے والے چوہے نے دنیا کو حیران کر دیا

    انٹرنیٹ پر ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں ایک چوہے کو دکھایا گیا ہے جو ہر رات چپکے سے اپنے بل سے نکل کر برطانوی شخص کی میز کی صفائی کرتا ہے، اور اس کی بکھری اشیا کو سلیقے سے سمیٹتا ہے۔

    یہ ویڈیو ویلز کے 75 سالہ وائلڈ لائف فوٹوگرافر روڈنی ہالبروک نے نائٹ ویژن کیمرے کی مدد سے بنائی ہے، جس میں چوہے کی نفاست نے انسانوں کو بھی چونکا دیا ہے، کیا کوئی ایسا سوچ سکتا ہے کہ گھروں میں تباہی مچانے والا کوئی چوہا انسانوں کی بکھری ہوئی اشیا سمیٹ کر سلیقے سے رکھ سکتا ہے۔

    دراصل ایک دن ہالبروک کو اچانک شک ہوا کہ جب صبح وہ اٹھتا ہے تو رات کو میز پر بکھری اشیا وہاں نہیں ہوتیں بلکہ سلیقے سے اپنی جگہ پہنچ چکی ہوتی ہیں۔ وہ بہت حیران ہوا، اس راز کو جاننے کے لیے اس نے وہاں ایک نائٹ ویژن کیمرہ نصب کر دیا، اگلے دن جس کی ریکارڈنگ دیکھ کر وہ دنگ رہ گیا۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چوہا میز پر بکھری اشیا کو ایک ایک کر کے اٹھاتا ہے اور ٹرے میں رکھتا جاتا ہے، ہالبروک کے مطابق یہ چوہا تقریباً 2 ماہ سے ہر رات اسی طرح بکھرا سامان سمیٹ رہا ہے، اور وہ اسے اب ’ویلز کا صفائی والا چوہا‘ کہتا ہے۔

    ہالبروک نے کہا کہ پہلے تو وہ بہت حیران ہوئے اور پھر انھیں مزا آیا کہ اب انھیں کوئی فکر نہیں کرنی پڑے گی، اور بکھری چیزیں چوہا سمیٹ لیا کرے گا۔ ہالبروک کے مطابق 100 میں سے 99 بار چوہا رات کو ضرور ایسا کرتا ہے۔

    یونیورسٹی آف برسٹل کی ڈاکٹر میگن جیکسن نے جب اس چوہے کے اس ’کام کے جذبے‘ کو دیکھا تو حیران رہ گئیں، اور کہا کہ یہ غیر معمولی ہے، اس کی کوئی وجہ سمجھ نہیں آ رہی ہے، سوائے اس کے کہ یہ چوہے کا کوئی باطنی جذبہ ہے، جس کے تحت وہ بکھری چیزیں ایک جگہ جمع کر کے اچھا محسوس کرتا ہوگا۔