Tag: وائٹ ہاؤس

  • وائٹ ہاؤس کمپلیکس کے بیرونی گیٹ سے مشکوک گاڑی کی ٹکر

    وائٹ ہاؤس کمپلیکس کے بیرونی گیٹ سے مشکوک گاڑی کی ٹکر

    امریکا، وائٹ ہاؤس کمپلیکس کے بیرونی گیٹ سے مشکوک گاڑی ٹکرا گئی، جس کے بعد سیکورٹی حرکت میں آگئی۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی سیکریٹ سروس کے کمیونیکیشن چیف نے اس حوالے سے بتایا کہ ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا ہے، جبکہ واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    امریکی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ وائٹ ہاؤس کی جانب سے فوری طور پر واقعے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ریاست ڈیلاویئر میں ایک شخص نے اپنی گاڑی امریکی صدر کے قافلے میں شامل گاڑی سے ٹکرادی تھی، جس پر نشے میں ڈرائیونگ کرنے کا الزام لگا دیا گیا تھا۔

    دوسری جانب جنوبی کیرولائنا میں امریکا کے صدر جوبائیڈن کی انتخابی مہم کے دوران تقریر کے موقع پر شرکاء نے فلسطینیوں کی حمایت میں نعرے بلند کردیئے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی صدر سیاہ فام ووٹرز سے چرچ میں خطاب کررہے تھے، اس موقع پر بعض شرکاء کھڑے ہوگئے اور فوری جنگ بندی کے نعرے لگانے شروع کردیئے۔

    اسرائیل، حزب اللہ تنازع بڑھنا کسی کے مفاد میں نہیں، امریکی وزیر خارجہ

    جوبائیڈن نے اس موقع پر مجمع کو خاموش کرانے کی کوشش کی اور کہا کہ میں آپ کے جذبات سمجھتا ہوں، اور یہ بھی کہ وہ اسرائیل سے بات کررہے ہیں کہ غزہ میں فوجیوں کی تعداد میں کمی اور بالآخر فوج واپس بلائی جائے۔

  • بھارت کی امریکا میں بھی سکھ رہنما کے قتل کی سازش، واشنگٹن کی نئی دلی کووارننگ

    بھارت کی امریکا میں بھی سکھ رہنما کے قتل کی سازش، واشنگٹن کی نئی دلی کووارننگ

    واشنگٹن : وائٹ ہاؤس نے امریکا میں خالصتان تحریک کے سکھ رہنما کے قتل کی بھارتی سازش ناکام بنانے کی تصدیق کرتے ہوئے نئی دہلی کو وارننگ بھی دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا میں خالصتان تحریک کے سکھ رہنما کے قتل کی بھارتی سازش ناکام بنا دی گئی، ترجمان وائٹ ہاؤس نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے امریکا میں سکھ علیحدگی پسند کے قتل کامنصوبہ بنایا۔

    ترجمان وائٹ ہاؤس کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت سے اعلیٰ سطح پر معاملہ اٹھایا گیا ہے اور نئی دہلی کو وارننگ بھی دی گئی ہے۔

    امریکی فیڈرل پراسیکیوٹر نے ڈسٹرکٹ کورٹ میں بھارتی سفارتکار کیخلاف فرد جرم عائد کردی ہے۔

    دوسری جانب سکھ رہنما گرپتونت سنگھ نے اے آروائی نیوز سے گفتگو میں کہا ہے کہ مودی حکومت کی دہشتگردی دنیا میں بے نقاب ہو چکی ہے، کینیڈامیں ہردیپ سنگھ کےقتل کےبعداب مودی حکومت مجھے قتل کراناچاہتی ہے۔

    گرپتونت سنگھ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دہشت گردی کےبعد اب بھارت دنیا بھر میں دہشت گردی کر رہا ہے، خالصتان تحریک دنیا بھر میں جاری رہے گی۔

    گذشتہ روز غیر ملکی اخبار فنانشل ٹائمز نے کینیڈا کےبعدامریکا میں بھی سکھ رہنماکےقتل کی سازش بےنقاب کی تھی اور کہا تھا کہ امریکی حکام نےمودی حکومت کا گھناؤنہ منصوبہ ناکام بنادیا، سکھ فار جسٹس کے جنرل کونسلرگرپتونت سنگھ را کا اگلاہدف تھے۔

  • وائٹ ہاؤس کے سامنے فلسطینیوں کے حق میں بڑا مظاہرہ، یہودیوں کی شرکت

    وائٹ ہاؤس کے سامنے فلسطینیوں کے حق میں بڑا مظاہرہ، یہودیوں کی شرکت

    واشنگٹن: امریکی دارالحکومت میں وائٹ ہاؤس کے سامنے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ہزاروں افراد نے احتجاج کیا، جس میں یہودیوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔

    تفصیلات کے مطابق غزہ پر وحشیانہ اسرائیلی بمباری پر دنیا بھر میں لوگ سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں لیکن امریکا بدستور صہیونی ریاست کے غیر انسانی اقدامات کی حمایت پر کمر بستہ ہے، اور جنگ بندی کی حمایت سے گریزاں ہے۔

    فلسطینیوں کے حوالے سے امریکی پالیسی کے خلاف گزشتہ روز وائٹ ہاؤس کے سامنے ہزاروں افراد نے جمع ہو کر زبردست احتجاج کیا، جس میں یہودیوں کی بھی بڑی تعداد شریک ہوئی اور مظاہرین نے اسرائیل کے خلاف نعرے لگائے۔ مظاہرین نے داخلی دروازے کی دیوار پر سرخ ہاتھوں کے نقوش بھی چھوڑے جو اس بات کی علامت تھے کہ امریکا کے ہاتھ فلسطینیوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔

    ادھر صہیونی ریاست کے ایک اور بڑے پشت پناہ ملک برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں بھی اسرائیلی مظالم کے خلاف ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے، مظاہرین نے بچوں پر بمباری بند کرنے اور ’فری فلسطین‘ کے پوسٹر اٹھا رکھے تھے۔ اسی طرح فرانس کے مرکزی شہر پیرس میں بھی فلسطین کے حق میں بڑا مظاہرہ کیا گیا۔

    یورپ کے ایک اور بڑے ملک جرمنی کے دارالحکومت برلن میں بھی ہزاروں افراد نے نکل کر فلسطینوں کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور اسرائیلی مظالم کی شدید مذمت کی۔ مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ غزہ میں جنگ بندی کی جائے اور اسرائیلی فورسز نہتے شہریوں اور بچوں پر وحشیانہ بمباری روکے۔

  • صدر بائیڈن کا کتا کس جرم میں وائٹ ہاؤس سے نکالا گیا؟

    صدر بائیڈن کا کتا کس جرم میں وائٹ ہاؤس سے نکالا گیا؟

    واشنگٹن: امریکی صدر جو بائیڈن کا کتا وائٹ ہاؤس سے باہر نکال دیا گیا ہے۔

    امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر بائیڈن کے کتے کو وائٹ ہاؤس سے باہر نکال دیا گیا ہے، کمانڈر نامی کتے نے متعدد بار سیکریٹ ایجنٹوں کو نشانہ بنا کر کاٹا۔

    سیکریٹ سروس ایجنٹس کو کاٹنے کی وجہ سے آخر کار صدر بائیڈن کے کتے کو وائٹ ہاؤس بدر کر دیا گیا، وائٹ ہاؤس حکام نے اس کی تصدیق بھی کر دی ہے۔

    وائٹ ہاؤس حکام کے مطابق کمانڈر نامی کتے کو فی الحال وائٹ ہاؤس سے دور رکھا گیا ہے، اور اس سلسلے میں اگلے اقدامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

    دو سالہ جرمن شیفرڈ نے اکتوبر 2022 سے جنوری 2023 کے درمیان امریکی خفیہ سروس کے ارکان پر 10 بار حملہ کیا، اور حال ہی میں ایک خاتون افسر کو کاٹا جسے طبی علاج فراہم کرنی پڑی۔

    یہ کتا جو بائیڈن کو ان کے بھائی جیمز نے دسمبر 2021 میں تحفے میں دیا تھا، یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ اسے اب کہاں رکھا گیا ہے، تاہم امریکی صدر کی اہلیہ جل بائیڈن کی ترجمان الزبتھ الیگزینڈر کے مطابق سیکرٹ سروس نے اس دوران بہت صبر اور تحمل کا مظاہرہ کیا اور کتے کے مسائل کے حل کی کوششیں کیں، انھوں نے یہ بھی کہا کہ شاید پالتو جانور وائٹ ہاؤس کے ماحول میں ذہنی دباؤ محسوس کرتے ہیں۔

    کمانڈر نامی یہ کتا وائٹ ہاؤس میں بائیڈنز کے کتوں میں سے دوسرا ہے جس نے جارحانہ سلوک کیا ہے۔ اس سے قبل میجر نامی ایک اور جرمن شیفرڈ کو عملے اور سیکرٹ سروس کے افسران کو کاٹنے کے بعد ڈیلاویئر بھیج دیا گیا تھا۔

  • میرے خلاف مقدمہ انتخابی مداخلت ہے، ٹرمپ کا دعویٰ

    میرے خلاف مقدمہ انتخابی مداخلت ہے، ٹرمپ کا دعویٰ

    واشنگٹن: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ میرے خلاف مقدمہ انتخابی مداخلت ہے۔ میری وائٹ ہاؤس میں واپسی کو ناکام بنانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فراڈ کیس کی پہلی سماعت کے موقع پر سابق صدر عدالت میں پیش ہوئے، اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ ڈیمو کریٹ میری وائٹ ہاؤس میں واپسی کو ناکام بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    سابق امریکی صدر نے کہا کہ ہم نے ایک عظیم کمپنی بنائی ہے، ہماری کمپنی کے پاس دنیا کی بڑی جائیدادیں ہیں۔میرے خلاف دائر کیا گیا مقدمہ انتخابی مداخلت ہے۔

    نیویارک کی اٹارنی جنرل نے عدالت سے ٹرمپ پر کم از کم دو سو پچاس ملین ڈالر جرمانے اور ٹرمپ اور ان کے بیٹوں کے نیویارک میں کاروبار پر مستقل پابندی کا مطالبہ کیا ہے۔

    دوسری جانب امریکا میں گن کنٹرول کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے تاہم ایسے میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ گن اسٹور پہنچ گئے۔

    جنوبی کیرولائنا کے انتخابی سفر کے دوران پیر کو ڈونلڈ ٹرمپ نے اُس گن اسٹور کے دورے کے لیے کچھ وقت نکالا، جس نے فلوریڈا کے شہر جیکسن ویل کے نسل پرست شوٹر کو بڑے پیمانے پر ہتھیار فروخت کیے تھے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق میڈیا کی زیادہ تر توجہ اس بات پر رہی کہ آیا ٹرمپ نے گن خریدی ہے یا نہیں، تاہم اس بات پر کم توجہ دی گئی کہ ٹرمپ نے پالمیٹو اسٹیٹ آرمری ہی کا دورہ کیوں کیا؟

    امریکی میڈیا کے مطابق ٹرمپ نے گن اسٹور پر پہنچ کر خریداری بھی کی، جس پر ڈیموکریٹس کی جانب سے سابق صدر پر کڑی تنقید کی گئی ہے، جس کے بعد ٹرمپ کی انتخابی مہم نے اسلحہ خریداری کی تردید کر دی۔

    واضح رہے کہ رواں سال امریکا میں فائرنگ کے 519 واقعات پیش آ چکے ہیں، کانگریس میں ڈیموکریٹس گن کنٹرول کے لیے قانون سازی کے لیے متحرک ہیں، جب کہ ریپبلکنز مخالفت کر رہے ہیں۔

  • حوثی وفد کی سعودیہ آمد، وائٹ ہاؤس نے کیا کہا؟

    حوثی وفد کی سعودیہ آمد، وائٹ ہاؤس نے کیا کہا؟

    حوثیوں کو امن مذاکرات کے لئے سعودی عرب کی جانب سے دعوت دیئے جانے کے بعد وائٹ ہاؤس کی جانب سے رد عمل کا اظہار کیا گیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حوثیوں کو امن مذاکرات کی دعوت دینے پر وائٹ ہاوس نے سعودی عرب کی کوششوں کا خیر مقدم کیا ہے۔

    قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان کا اس حوالے سے جاری کردہ ایک بیان میں کہنا تھا کہ ہم اس حالیہ اقدام کیلیے سعودی عرب کی کوششوں کو سراہتے ہیں اور عمان کی قیادت کی جانب سے اہم کردار ادا کرنے پر ان کے شکر گزار ہیں۔

    جیک سلیوان کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ کو یمنی فریقین اور اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر امن کوششوں میں سفارتی سپورٹ کی فراہمی پر فخر ہے۔

    واصح رہے کہ یمن میں امن کی امیدیں اس وقت بڑھ گئیں جب ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کا دس رکنی وفد مذاکرات کے لیے ریاض پہنچا اور خوش گوار ماحول میں مذاکرات کئے گئے۔

    اس سے قبل حوثی سیاسی سربراہ مہدی المشاط نے ایک بیان جاری کیا تھا، جس میں اُن کا کہنا تھا کہ حوثی ملیشیا کا وفد سعودی فریق کے ساتھ مشاورت جاری رکھنے کے لیے ریاض کا دورہ کرے گا۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ’امن ہمارا پہلا آپشن تھا اوراب بھی ہے اور اس کے حصول کیلیے سب کو کام کرنا چاہیے‘۔ اقوام متحدہ کی ثالثی میں ہونے والی جنگ بندی گذشتہ اکتوبر میں ختم ہونے کے باجود بڑی حد تک برقرار ہے۔

    سعودی عرب اور صنعا کے درمیان عمان کی ثالثی میں ہونے والی مشاورت کا پہلا دور جو اقوام متحدہ کی امن کوششوں کے متوازی چل رہا ہے اپریل میں اس وقت منعقد ہوا جب اس سال اپریل میں سعودی سفیر نے صنعا کا دورہ کیا تھا۔

    اب سعودی عرب نے یمن کے تمام فریقوں کے لیے قابل قبول پائیدار سیاسی حل تک رسائی کے لیے جاری بحث و مباحثہ مکمل کرنے کے لیے صنعا کے وفد کو مملکت آنے کی دعوت دی۔

  • مودی کا امریکی خاتون اول کو انتہائی قیمتی تحفہ

    مودی کا امریکی خاتون اول کو انتہائی قیمتی تحفہ

    واشنگٹن: وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے دورہ امریکا پر امریکی خاتون اول جل بائیڈن کو ہیرا تحفے میں دیا ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے دورہ امریکا کے دوسرے مرحلے میں وائٹ ہاؤس میں ایک نجی تقریب کے دوران امریکی صدر جو بائیڈن اور خاتون اول جل بائیڈن سے ملاقات کی۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ امریکی صدر بائیڈن کی جانب سے وزیر اعظم مودی کے لیے وائٹ ہاؤس کی خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا جہاں بھارتی وزیر اعظم مودی نے امریکی خاتون اول جل بائیڈن کو 7.5 کیرٹ لیب سے تیار کیا ہوا ہیرا تحفہ میں دیا۔

     اس کے علاوہ بھارتی وزیر اعظم نے امریکی صدر جوبائیڈن کو صندل کا ایک خصوصی باکس پیش کیا، جسے جے پور، راجستھان کے ایک کاریگر نے بنایا تھا۔

    واضح رہے کہ مودی کے امریکا پہنچتے ہی ان کے خلاف سکھوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جب کہ کشمیریوں نے بھی احتجاج کی کال دے رکھی ہے۔

  • وائٹ ہاؤس کی سیکیورٹی ننھے ایجنٹس سے سنبھال لی

    وائٹ ہاؤس کی سیکیورٹی ننھے ایجنٹس سے سنبھال لی

    واشنگٹن: امریکی صدر جو بائیڈن کی موجودگی میں وائٹ ہاؤس کی سیکیورٹی جب ننھے ایجنٹس نے سنبھالی تو دیکھنے والے حیرت زدہ رہ گئے۔

    امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کو وائٹ ہاؤس میں اپنے بچے کو کام پر لے جانے کا دن تھا، اور صدر جو بائیڈن کو کڈ سیکرٹ سروس ایجنٹوں کی نئی ٹیم کے ساتھ دیکھا گیا۔

    دراصل ’ٹیک یوور چائلڈ ٹو ورک ڈے‘ کے موقع پر وائٹ ہاؤس میں کام کرنے والے ملازمین کے بچوں کو وائٹ ہاؤس میں مدعو کیا گیا تھا، اس موقع پر صدر جو بائیڈن کی حفاظت کی ذمے داری بھی ان ننھے منے سیکرٹ ایجنٹوں نے سنبھال لی۔

    اس دن کا مقصد بچوں کو عملی کاموں سے روشناس کرانا ہوتا ہے جس کے تحت انھیں مختلف اداروں اور دفاتر کا دورہ کرایا جاتا ہے۔

    امریکی صدر نے وائٹ ہاؤس میں مدعو کیے گئے بچوں کو مبارک باد دی، اور کہا کہ ہمارا مستقبل بہت روشن ہے، امریکی صدر نے اپنے ناشتے سے لے کر سارے دن کی مصروفیات کے حوالے سے بچوں کے سوالات کے جواب بھی دیے۔

  • امریکی صدر کے بیان پر تبصرہ ترجمان وائٹ ہاؤس کے لیے چھوڑتا ہوں: ویدانت پٹیل

    امریکی صدر کے بیان پر تبصرہ ترجمان وائٹ ہاؤس کے لیے چھوڑتا ہوں: ویدانت پٹیل

    واشنگٹن: نائب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ویدانٹ پٹیل نے کہا ہے کہ امریکا ایک محفوظ اور خوش حال پاکستان دیکھنا چاہتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے پریس کانفرنس میں کہا کہ امریکی صدر کے بیان پر تبصرہ ترجمان وائٹ ہاؤس کے لیے چھوڑتا ہوں، یہ ضرور کہوں گا کہ امریکا ایک محفوظ اور خوش حال پاکستان دیکھنا چاہتا ہے۔

    انھوں نے کہا محفوظ اور خوش حال پاکستان امریکا کے مفاد میں ہے، ہم پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو اہمیت دیتے ہیں۔

    صحافی نے سوال کیا کہ پاکستانی سفیر مسعود خان کو محکمہ خارجہ میں کیوں طلب کیا گیا تھا؟ ویدانت پٹیل نے جواب دیا کہ پاکستانی آفیشلز کے ساتھ ملاقاتیں معمول کا عمل ہیں، نجی سفارتی ملاقاتوں پر تبصرہ نہیں کرتے۔

    انھوں نے کہا کئی ممالک دہشت گردی سے متاثر ہوئے جس میں پاکستان بھی ہے، دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنا مشترکہ مفادات میں شامل ہے، انسداد دہشت گردی پر پاکستان کے ساتھ مضبوط شراکت داری چاہتے ہیں۔

    نائب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہم تمام دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی توقع کرتے ہیں۔

  • وائٹ ہاؤس نے جوبائیڈن کے بیان کو معمول کی بات قرار دے دیا

    وائٹ ہاؤس نے جوبائیڈن کے بیان کو معمول کی بات قرار دے دیا

    واشنگٹن: وائٹ ہاؤس نے جوبائیڈن کے بیان کو معمول کی بات قرار دے دیا، پریس سیکریٹری کرین ژاں پیئر نے کہا کہ یہ کوئی نئی بات نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے جوہری اثاثوں سے متعلق امریکی صدر جو بائیڈن کے بیان پر وائٹ ہاؤس پریس سیکریٹری کا ردِ عمل سامنے آ گیا۔

    واشنگٹن میں بریفنگ کے دوران کرین ژاں پیئر نے صدر بائیڈن کے پاکستان سے متعلق بیان کے سوال پر کہا ’میرے سامنے ایسا کوئی بیان نہیں آیا، یہ بات نئی نہیں ہے، امریکی صدر پہلے بھی یہ تبصرہ کر چکے ہیں۔‘

    انھوں نے کہا امریکی صدر محفوظ اور خوش حال پاکستان چاہتے ہیں، محفوظ اور خوش حال پاکستان امریکا کے مفاد کے لیے اہم ہے۔

    پاکستان نے جوبائیڈن کے بیان پر امریکی سفیر سے وضاحت طلب کرلی

    واضح رہے کہ پاکستان نے امریکی صدر جو بائیڈن کے پاکستانی ایٹمی اثاثوں سے متعلق گمراہ کُن بیان پر پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے وضاحت طلب کر لی ہے، وزارت خارجہ نے امریکی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کر کے جوبائیڈن کے بیان پر سخت الفاظ میں مذمت کی اور احتجاجی مراسلہ تھمایا۔

    امریکی صدر نے ڈیموکریٹک کانگریشنل کمپین کمیٹی میں خطاب کے دوران الزام عائد کیا تھا کہ پاکستان خطرناک ترین ممالک میں سے ایک ہے کیوں کہ اس کا ایٹمی پروگرام بے ترتیب ہے۔