Tag: وائٹ ہاؤس

  • وائٹ ہاؤس کے قریب 4 افراد پر آسمانی بجلی گر گئی، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    وائٹ ہاؤس کے قریب 4 افراد پر آسمانی بجلی گر گئی، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    واشنگٹن: وائٹ ہاؤس کے قریب 4 افراد پر آسمانی بجلی گر گئی، جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی حکام کا کہنا ہے کہ وائٹ ہاؤس کے قریب بجلی گرنے سے چار افراد کی حالت کی تشویش ناک ہے۔

    فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق واقعہ جمعرات کو وائٹ ہاؤس کے ایک قریبی پارک میں پیش آیا، زخمیوں میں 2 مرد اور 2 خواتین شامل ہیں جنھیں مقامی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

    سوشل میڈیا پر شیئر ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جائے وقوعہ پر متعدد ایمبولینسیں اور فائر بریگیڈ کی ایک گاڑی موجود تھی، جمعرات کی شام کو واشنگٹن میں گرج چمک کے ساتھ شدید طوفانی بارشیں بھی ہوئیں۔

    واشنگٹن کے فائر اینڈ ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان ویتو میگیئلو نے بتایا کہ وائٹ ہاؤس کے سیکرٹ سروس کے افسران اور پارک پولیس کے اہل کاروں نے زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے ایمرجنسی سروس سے رابطہ کیا تھا۔

    انھوں نے کہا کہ یہ واضح نہیں کہ آیا یہ چاروں افراد ایک دوسرے کو جانتے تھے یا نہیں، ان کا مزید کہنا تھا کہ جب آسمانی بجلی گری تو یہ چار افراد ایک درخت کے قریب کھڑے تھے۔

    ترجمان نے کہا کہ جب بادل اور آسمانی بجلی گرج رہے ہوں تو بہتر یہی ہوتا ہے کہ درختوں سے دور رہیں اور گھر کے اندر رہیں، اور یہی اصول ہے۔

  • امریکا: مکمل ویکسینیشن کروانے والے غیر ملکیوں کے لیے خوش خبری

    امریکا: مکمل ویکسینیشن کروانے والے غیر ملکیوں کے لیے خوش خبری

    واشنگٹن: وائٹ ہاؤس نے غیر ملکیوں‌ کو خوش خبری سنائی ہے کہ مکمل ویکسینیٹڈ غیر ملکی 8 نومبر سے امریکا میں داخل ہو سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وائٹ ہاؤس نے جمعے کو ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ غیر ملکی وزیٹرز جنھوں نے کووِڈ نائنٹین کے خلاف مکمل ویکسینیشن کروالی ہے، وہ آٹھ نومبر سے امریکا سفر کے لیے اہل ہوں گے۔

    وائٹ ہاؤس کے اسسٹنٹ پریس سیکریٹری کیوِن میونوز نے ٹوئٹر پر کہا کہ امریکا کی نئی سفری پالیسی، جس میں غیر ملکی شہریوں کو امریکا جانے کے لیے ویکسینیشن ضروری قرار دی گئی ہے، 8 نومبر سے شروع ہوگی۔

    وائٹ ہاؤس کے مطابق یہ اعلان اور تاریخ بین الاقوامی ہوائی سفر اور زمینی سفر دونوں پر لاگو ہوتی ہے۔

    اس اقدام سے ان پابندیوں میں نرمی آئے گی جن کی وجہ سے بیرون ملک غصہ پیدا ہونا شروع ہوا تھا، اور اب ان پابندیوں کی جگہ اندرونی اور بین الاقوامی ہوائی مسافروں کے لیے یکساں شرائط رکھی جا رہی ہیں۔

    اس خبر کو ٹریول انڈسٹری کے لیے خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے، جس کے لیے وفاقی حکومت میں لابنگ کی جا رہی تھی کہ وہ چند ایسے ضابطے اب ختم کر دے جن کی وجہ سے بین الاقوامی سیاحت کے ساتھ ساتھ ایئر لائنز، ہوٹلوں اور مہمان نوازی گروپس کو نقصان پہنچ رہا تھا۔

  • افغان فوج اور اشرف غنی امریکی توقعات پر پورا نہیں اترے: وائٹ ہاؤس

    افغان فوج اور اشرف غنی امریکی توقعات پر پورا نہیں اترے: وائٹ ہاؤس

    واشنگٹن: ترجمان وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ قطر کے دارالحکومت دوحا میں امریکی سفارتی دفتر کھولا جا رہا ہے، افغان فوج اور اشرف غنی امریکی توقعات پر پورا نہیں اترے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق ترجمان وائٹ ہاؤس جین ساکی نے امریکی صدر جو بائیڈن کے خطاب کے بعد پریس بریفنگ کرتے ہوئے کہا کہ طالبان کی حکومت تسلیم کرنے کی کوئی جلدی نہیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ قطر کے دارالحکومت دوحا میں امریکی سفارتی دفتر کھولا جا رہا ہے، افغانستان سے نکلنے میں امریکیوں کو دوحا سے مدد فراہم کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ امریکا کو طالبان پر ہر سطح پر سبقت حاصل ہے، افغان فوج اور اشرف غنی امریکی توقعات پر پورا نہیں اترے۔

    یاد رہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے افغانستان سے فوجی انخلا کے بعد قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کابل سے فوجیوں اور شہریوں کے خطرناک انخلا کا چیلنج پورا کیا۔

    امریکی صدر کا کہنا تھا کہ 30 ہزار افغان فوجیوں کو 20 سال میں تربیت دی، افغان جنگ کے خاتمے کا فیصلہ میں نے کیا، کابل کی سیکیورٹی کے لیے 6 ہزار امریکی فوجیوں کی تعیناتی کی منظوری دی۔

  • امریکی صدر اور اشرف غنی کی ملاقات

    امریکی صدر اور اشرف غنی کی ملاقات

    واشنگٹن: افغانستان کے صدر اشرف غنی کے دورہ امریکا کے دوران امریکی صدر جو بائیڈن سے ان کی ملاقات ہوئی، جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ افغانستان سے امریکی افواج کی واپسی کا وقت آگیا ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن اور افغان صدر اشرف غنی کے درمیان ملاقات ہوئی، ملاقات میں افغانستان سے امریکی انخلا کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    افغان صدر کے ساتھ چیئرمین قومی مفاہمتی عمل عبداللہ عبداللہ بھی موجود تھے۔ دونوں افغان رہنماؤں کی امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن سے بھی ملاقات ہوئی۔

    امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ افغانستان سے امریکی افواج کی واپسی کا وقت آگیا ہے، افغانستان کی مدد جاری رکھیں گے۔ افغانوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنا ہے۔

    بعد ازاں افغان صدر امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی سے بھی ملے۔

    دوسری جانب وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی حکومت افغانستان کی امداد جاری رکھے گی تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ یہ ملک کبھی بھی دہشت گرد گروہوں کے لیے محفوظ پناہ گاہ نہ بن پائے جو امریکا کے لیے خطرہ ہو۔

    وائٹ ہاؤس کا مزید کہنا تھا کہ امریکا امن عمل کی مکمل حمایت کرتا ہے اور تمام افغان فریقین کو تنازعات کے خاتمے کے لیے مذاکرات میں معنی خیز حصہ لینے کی ترغیب دیتا ہے۔

  • امریکی صدر کے کتوں کو سیکرٹ سروس ایجنٹ کو کاٹنے کی سزا مل گئی

    امریکی صدر کے کتوں کو سیکرٹ سروس ایجنٹ کو کاٹنے کی سزا مل گئی

    واشنگٹن: امریکی صدر جو بائیڈن کے پالتو کتوں کو ایک سیکیورٹی گارڈ کو کاٹنے پر وائٹ ہاؤس سے نکال دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وائٹ ہاؤس میں ایک سیکرٹ سروس ایجنٹ کو کاٹنے پر صدر جو بائیڈن کے پالتو کتوں کو وائٹ ہاؤس سے نکال دیاگیا۔

    دونوں کتوں کو گزشتہ ہفتے صدر بائیڈن کے ڈیلاویئر والے گھر منتقل کر دیا گیا ہے، غیر ملکی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ جرمن شیفرڈ وائٹ ہاؤس کے عملے کو دیکھ کر بھونکتے اورسیکیورٹی عملے کے ارکان پر حملہ کرتے تھے۔

    یہ کتے صدر جو بائیڈن اور ان کی اہلیہ جِل بائیڈن کے تھے، بتایا گیا ہے کہ وائٹ ہاؤس میں ان کتوں کا رویہ بڑا جارحانہ ہو گیا تھا۔

    وائٹ ہاؤس کے ایک اسٹاف ممبر کو جس کتے نے کاٹا تھا اس کا نام میجر تھا، جسے 2018 میں بائیڈن نے ڈیلاویئر اینیمل شیلٹر سے لیا تھا، جب کہ متاثرہ سیکیورٹی گارڈ کی حالت کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں۔

    سابق امریکی صدر کا دوست کی ناک توڑنے کا انکشاف

    منگل کو وائٹ ہاؤس کے پریس سیکریٹری جَین ساکی نے تصدیق کی کہ میجر نے ایک شخص کو کاٹا ہے، چیمپ اور میجر وائٹ ہاؤس میں نئے ماحول اور نئے لوگوں کے ساتھ گھل مل رہے تھے کہ پیر کو چھوٹے کتے میجر کو ایک انجان شخص نے حیران کر دیا، جس پر اس نے اُس سیکیورٹی گارڈ پر حملہ کر کے اسے معمولی زخمی کر دیا۔

    انھوں نے بتایا کہ زخمی اہل کار کو وائٹ ہاؤس میڈیکل یونٹ نے فوری طبی امداد فراہم کر دی تھی۔

    امریکی میڈیا کے مطابق سیکرٹ سروس حکام نے بتایا کہ زخمی اہل کار دراصل امریکی سیکرٹ سروس ایجنٹ تھا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق 3 سالہ میجر سے متعلق وائٹ ہاؤس کے لوگوں نے بتایا کہ اس نے متعدد مواقع پر اشتعال انگیز رویہ اپنایا، جس میں چھلانگیں لگانا، بھونکنا، اور عملے اور سیکیورٹی پر غرۤانا شامل تھا۔ میجر کے برعکس چیمپ، اپنی عمر 13 سال کے باعث جسمانی طور پر سست پڑ چکا ہے۔

  • وائٹ ہاؤس چھوڑ کر گھر جانے سے متعلق میلانیا ٹرمپ کیا کہتی ہیں؟

    وائٹ ہاؤس چھوڑ کر گھر جانے سے متعلق میلانیا ٹرمپ کیا کہتی ہیں؟

    واشنگٹن: جہاں ایک طرف ڈونلڈ ٹرمپ وائٹ ہاؤس میں رہنے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہے ہیں وہاں ان کی اہلیہ خاتون اوّل میلانیا نے کہا ہے کہ وہ بس گھر جانا چاہتی ہیں۔

    امریکی میڈیا کے مطابق خاتون اوّل مزید چار سال تک ملک کی باگیں تھامے رکھنے کے سلسلے میں صدر ٹرمپ کے منصوبے کے ساتھ متفق نہیں ہیں، ایک سفیر نے کہا ہے کہ امریکی خاتون اوّل میلانیا ٹرمپ گھر جانا چاہتی ہیں۔

    میلانیا کا کہنا ہے کہ 2024 تک کی دوسری صدارتی مدت بھی ہو سکتا ہے کہ اچھا نہ گزرے، امریکی میڈیا کے ذرایع کا کہنا ہے کہ میلانیا ٹرمپ نے اپنی ساری توجہ واشنگٹن سے اپنی رخصتی پر مرکوز کر رکھی ہے۔

    میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ وائٹ ہاؤس میں اپنے قیام کو طول دینے کے لیے کوئی راستہ ڈھونڈ رہے ہیں اور ایسے میں خاتون اوّل یہ طے کر رہی ہیں کہ اسٹوریج میں کیا رکھنا ہے، اور فلوریڈا کے پام بیچ پر جانے کے لیے کیا کیا ساتھ لے جانا چاہیے۔

    دوسری طرف میلانیا ٹرمپ کے چیف آف اسٹاف اسٹیفنی گریشم کا کہنا ہے کہ خاتون اوّل کی مصروفیات بدستور جاری ہیں، ان کی توجہ فرسٹ لیڈی کا کردار ادا کرنے پر مرکوز ہے۔

    بیان میں کہا گیا کہ میلانیا نے پیر کو وائٹ ہاؤس میں ٹینس پویلین کی تکمیل کا اعلان کر کے وائٹ ہاؤس میں اپنے رہنے کی چاہت کا اظہار کیا، اسی طرح حال ہی میں انھوں نے نئے سرے سے تزئین و آرائش سے گزرنے والے روز گارڈن میں ایک نئے فن پارے کی نقاب کشائی کی تھی۔

  • پہلی بار فلسطینی نژاد مسلمان خاتون وائٹ ہاؤس میں اہم عہدے پر تعینات

    پہلی بار فلسطینی نژاد مسلمان خاتون وائٹ ہاؤس میں اہم عہدے پر تعینات

    واشنگٹن: امریکی تاریخ میں پہلی بار فلسطینی نژاد امریکی مسلمان خاتون ریما ڈوڈن وائٹ ہاؤس میں اہم عہدے پر فائز ہونے جارہی ہیں، وہ نو منتخب امریکی صدر جو بائیڈن کی ٹیم میں شامل ہوں گی۔

    امریکی میڈیا کے مطابق فلسطینی نژاد امریکی مسلمان خاتون ریما ڈوڈن کو امور برائے قانون سازی، وہائٹ ہاؤس آفس کی ڈپٹی ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے۔

    ریما ڈوڈن 20 جنوری 2021 کو صدر منتخب ہونے والے جو بائیڈن کی قانونی امور کی ٹیم میں شامل ہوں گی اور وہ اس عہدے پر فائز ہونے والی پہلی فلسطینی عرب امریکی مسلمان خاتون بنیں گی۔

    ڈوڈن اس وقت سینیٹ ڈیمو کریٹک ڈک ڈربن میں ڈپٹی چیف آف اسٹاف اور فلور ڈائریکٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہی ہیں۔

    وہ اس سے قبل بھی سینیٹر ڈربن کی فلور کونسل اور ریسرچ ڈائریکٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکی ہیں، ڈوڈن نے جوڈیشری سب کمیٹی برائے انسانی حقوق اور قانون کے معاون کے طور پر بھی کام کیا ہے۔

    ریما ڈوڈن فی الحال بائیڈن ہیرس منتقلی کی ٹیم میں رضا کار کی حیثیت سے تصدیق کے عمل کے لیے قانون سازی میں شمولیت کی رہنمائی کرتی ہیں، ڈوڈن اوباما فار امریکا مہم سمیت متعدد مہم میں رضا کارانہ طور پر وکیل کی حیثیت سے خدمات بھی انجام دے چکی ہیں۔

    ریما شمالی کیرولینا میں فلسطینی و اردن نژاد والدین ​​باجیوں اور سامیہ ڈوڈن کے یہاں پیدا ہوئیں، ان کے والدین سنہ 1960 کی دہائی میں فلسطین کے مغربی کنارے سے ہجرت کر کے امریکہ منتقل ہوئے تھے۔

    ان کے دادا مصطفیٰ ڈوڈن اردن میں سماجی امور کے وزیر تھے جو سنہ 1970 کی دہائی میں اسرائیلی فلسطین امن مذاکرات میں شامل تھے۔

  • وائٹ ہاؤس میں کرونا وائرس پھیلنے کی وجہ سامنے آگئی

    وائٹ ہاؤس میں کرونا وائرس پھیلنے کی وجہ سامنے آگئی

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت وائٹ ہاؤس کے متعدد افراد کرونا وائرس کا شکار کیسے ہوئے؟ امریکی ماہر وبائی امراض ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے وائٹ ہاؤس میں کرونا وائرس پھیلنے کی وجہ بتا دی۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس کی کرونا وائرس ٹاسک فورس کے رکن اور امریکی ماہر وبائی امراض ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے 26 ستمبر کو وائٹ ہاؤس میں ہونے والی تقریب کو کرونا وائرس کے پھیلاؤ والی سپر سپریڈر تقریب قرار دے دیا۔

    ڈاکٹر فاؤچی نے ٹرمپ انتظامیہ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے جج نامزد کرنے والی تقریب کو کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ بننے والی تقریب قرار دیا ہے۔

    26 ستمبر کی تقریب میں شرکت کرنے والے امریکی صدر ٹرمپ سمیت 11 افراد کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آچکا ہے۔

    خیال رہے کہ امریکا کرونا وائرس کیسز کے لحاظ سے دنیا بھر میں پہلے نمبر پر ہے۔ امریکا میں رپورٹ ہونے والے کرونا وائرس کیسز کی مجموعی تعداد 79 لاکھ سے زائد اور فعال کیسز کی تعداد 26 لاکھ 36 ہزار سے زائد ہے۔

    ملک میں ہلاکتوں کی تعداد 2 لاکھ 19 ہزار جبکہ صحت یاب مریضوں کی تعداد 50 لاکھ 89 ہزار ہوچکی ہے۔

  • ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابات کے بعد اقتدار کی پرامن منتقلی کے امکان کو مسترد کر دیا

    ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابات کے بعد اقتدار کی پرامن منتقلی کے امکان کو مسترد کر دیا

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ڈاک کےذریعے بیلٹ پیپرز کی تقسیم انتخابی عمل کے لیے تباہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیوز کانفرنس کے دوران الیکشن کے بعد اقتدار کی پرامن منتقلی کے امکان کو مسترد کر دیا۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انتخابات کے بعدصورتحال دیکھیں گے کہ ہمیں کیا کرنا ہے،اقتدارکی منتقلی نہیں ہوگی بلکہ ہماری حکومت جاری رہےگی۔

    امریکی صدر نے صدارتی انتخابات کے لیے ڈاک کے ذریعے ووٹنگ پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات میں ڈاک کے ذریعے ووٹنگ پر مسلسل اعتراض کر رہے ہیں۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ ڈاک کےذریعے بیلٹ پیپرز کی تقسیم انتخابی عمل کے لیے تباہی ہے۔

    اس سے قبل گزشتہ ماہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پینسلوینیا میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ جو بائیڈن نے امریکی کارکنوں کو بیچ دیا ہے اور اگر وہ اقتدار میں آجاتے ہیں تو وہ ایک ڈراؤنا خواب ہوگا۔

    واضح رہے کہ تین نومبر کو امریکی ووٹرز اس بات کا فیصلہ کریں گے کہ کیا ڈونلڈ ٹرمپ کو مزید 4 سال کے لیے وائٹ ہاؤس میں رہنا چاہیے یا نہیں۔

    ریپبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے صدر ٹرمپ کو ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار جو بائیڈن کی جانب سے چیلنج ہے، جو بائیڈن اگرچہ 1970 کی دہائی سے امریکی سیاست کا حصہ ہیں مگر ان کی بڑی وجہ شہرت براک اوباما کا نائب صدر ہونا ہے۔

  • دھوکہ دہی کا الزام: وائٹ ہاؤس کے سابق مشیر اسٹیو بینن گرفتار

    دھوکہ دہی کا الزام: وائٹ ہاؤس کے سابق مشیر اسٹیو بینن گرفتار

    نیویارک: وائٹ ہاؤس کے سابق مشیر اسٹیو بینن کو دیگر ملزمان کے ساتھ مل کر آن لائن فنڈ ریزنگ اسکیم کو عطیات دینے والوں کو دھوکہ دینے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وائٹ ہاؤس کے سابق مشیر اسٹیو بینن کو گرفتار کر لیا گیا۔اسٹیو بینن اور دیگر ملزمان پر فنڈ ریزنگ اسکیم ’وی بلڈ دی وال‘ میں عطیات دینے والوں کے ساتھ دھوکہ دہی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ملزمان پر مین ہٹن کی وفاقی عدالت میں فرد جرم عائد کی گئی۔

    عدالت کی جانب سے عائد کردہ فرد جرم کے مطابق اسٹیو بینن نے وعدہ کیا تھا کہ عطیات کے ذریعے جمع ہونے والی مکمل رقم منصوبے کے لیے استعمال کی جائے گی، لیکن ملزمان نے مشترکہ طور پر ہزاروں ڈالر اس طریقے سے خرچ کیے جس کا انداز عوامی نمائندگی سے متضاد تھا۔

    فرد جرم میں کہا گیا ہے کہ ملزمان نے حقیقت چھپانے کے لیے دیگر طریقوں کے علاوہ جعلی رسیدیں بنائیں اور مصنوعی وینڈر انتظامات کیے۔

    وفاقی پراسیکیوٹرز نے الزام لگایا کہ اسٹیو بینن اور دیگر 3 ملزمان نے عطیات دینے والوں کو دھوکہ دینے کے لیے اسکیم بنائی تھی۔انہوں نے کہا کہ یہ اسکیم امریکا اور میکسیکو کی سرحد پر دیوار تعمیر کرنے کے لیے آن لائن کراؤڈ فنڈنگ مہم کے تحت جمع ہونے والے ڈھائی کروڑ ڈالر سے منسلک کر کے بنائی گئی تھی۔