Tag: واجبات کی عدم ادائیگی

  • پی آئی اے مسافروں کیلئے اچھی خبر

    پی آئی اے مسافروں کیلئے اچھی خبر

    کراچی : پاکستان اسٹیٹ آئل ( پی ایس او) کو قومی ایئر لائن پی آئی اے کی جانب سے واجبات کی عدم ادائیگی پر ایندھن کی سپلائی معطل کردی تھی جس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ کئی روز سے جاری کشمکش کے بعد اچھی خبر آگئی، پی آئی اے نے پی ایس او کو ایندھن کی مد میں واجبات کی ادائیگی کرتے ہوئے 10کروڑ روپے فراہم کردیے ہیں۔

    مذکورہ واجبات کی ادائیگی کے بعد طیاروں کو ایندھن فراہم کردیا گیا جس کے بعد قومی ائیرلائن کی جانب سے محدود پیمانے پر فلائٹ آپریشن کا سلسلہ جاری ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ائیرلائن انتظامیہ کی جانب سے مذکورہ ادائیگی 8بین الاقوامی روٹس کی پروازوں کے لیے کی گئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق گذشتہ روز پی آئی اے کی جانب سے پی ایس او کو 7کروڑ روپے فیول کے لیے ادا کیے گئے تھے۔

    پی ایس او کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی عدم ادائیگی کی وجہ سے ادارے کے لیے اپنا نظام چلانا مشکل ہو رہا تھا۔

  • پی ایس او کا پی آئی اے کو ایندھن فراہم کرنے سے انکار

    پی ایس او کا پی آئی اے کو ایندھن فراہم کرنے سے انکار

    کراچی : پی ایس او  نے اسلام آباد سے کراچی کیلئے پی آئی اے کی پرواز کو ایندھن فراہم کرنے سے انکار کردیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ جان بوجھ کر ایسی پرواز کو روکا جاتا ہے جس میں اہم شخصیات موجود ہوں۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی اسلام آباد سے کراچی کی پرواز پی کے 309کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہے۔ مذکورہ پرواز کو شام 7 بجے روانہ ہونا تھا۔

    ترجمان پی آئی اے کے مطابق سی ای او پی آئی اے کا پی ایس او کے ایم ڈی سے رابطہ ہوا ہے۔ کچھ دیر میں طیارے کی فیولنگ کے بعد پرواز روانہ ہو جائے گی۔

    ترجمان نے بتایا کہ پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کو جمعرات کے روز ایندھن کے واجبات کی مد میں 48 کروڑ روپے دیئے گئے تھے۔ وعدے کے مطابق آج بھی 15 کروڑ روپے پی ایس او کو ادا کیے ہیں۔

    ایرلائن ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس او جان بوجھ کر ایسی پرواز کو روکتی ہے جس میں اہم شخصیات سوار ہوں۔ پی کے 309 کے مسافروں میں حکومتی شخصیات، اعلیٰ سرکاری افسران اور کارپوریٹ سیکٹر کے افراد شامل ہیں۔

    ذرائع کے مطابق پی ایس او انتظامیہ پی آئی اے پر دباؤ ڈالنے کیلئے حکمت عملی کے تحت اہم پرواز یں روکتی ہے، پی ایس او کے دعوے کے مطابق پی آئی اے پر اس کے ایک ارب روپے کے واجبات ہیں۔

    ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 309 کے علاوہ پی کے 319 بھی تاخیر کا شکار ہے۔ پی کے 319 کی روانگی میں آپریشنل وجوہات کی بناء تاخیر ہوئی ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ کراچی آنے والی دونوں پروازوں پی کے 309 اور پی کے 319 کی اسلام سے روانگی رات سوا بارہ بجے متوقع ہے۔

    ان دونوں پروازوں کی روانگی کے منتظر مسافر گزشتہ کئی گھنٹوں سے اسلام آباد ایئرپورٹ پر پریشان بیٹھے ہیں۔

  • پمز اسپتال کے ینگ ڈاکٹرز کا واجبات کی عدم ادائیگی پر احتجاج کا اعلان

    پمز اسپتال کے ینگ ڈاکٹرز کا واجبات کی عدم ادائیگی پر احتجاج کا اعلان

    اسلام آباد: پمز اسپتال کے ینگ ڈاکٹرز کا واجبات کی عدم ادائیگی پر احتجاج کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پمز اسپتال کے ینگ ڈاکٹرز نے واجبات کی عدم ادائیگی پر کل احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ ینگ ڈاکٹرز نے مطالبہ کیا ہے کہ ایم اوز کی تنخواہوں میں اضافہ،واجبات ادا کیے جائیں۔

    دوسری جانب پمز اسپتال انتظامیہ نے ملازمین کو احتجاج نہ کرنے سے متعلق خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین غیر قانونی احتجاج، جلسے ترک کریں۔

    انتظامیہ کے مطابق چند شرپسند عناصر اسپتال کی بدنامی وتباہی کا باعث بن رہے ہیں،بعض شرپسند عناصر مقدس پیشے کو بدنام کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔

    اسپتال انتظامیہ نے کہا کہ ادارے کی ساکھ بحالی میں رکاوٹ بننے والے عناصرکو بے نقاب کیا جائے گا،احتجاجی ملازمین کا نامناسب رویہ کسی طور قابل قبول نہیں ہے۔

    یاد رہے کہ تین روز قبل پمز اسپتال انتظامیہ نے ینگ ڈاکٹرز کے احتجاج کے بعد ڈاکٹرز کی تنخواہوں میں اضافہ کیا تھا۔اسپتال انتظامیہ نے پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹرز اور ہاؤس آفیسر کے مطالبات پر 6 ماہ بعد عملدرآمد کیا تھا۔

  • پی ایس او کی پی آئی اے کو فیول کی فراہمی معطلی کے بحال

    پی ایس او کی پی آئی اے کو فیول کی فراہمی معطلی کے بحال

    کراچی: پی ایس او  نے پی آئی اے کو فیول کی فراہمی مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد بحال کردی۔

    ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے اور پی ایس او کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے، واجبات کی ادائیگی کی یقین دہانی کے بعد فیول فراہمی بحال ہوگئی ہے۔

    قبل ازیں پی آئی اے اور پی ایس او کے درمیان جاری واجبات کی عدم ادائیگی کا تنازع حل نہیں ہوسکا ہے ایک بار پھر پی ایس او نے پی آئی اے کو فیول کی فراہمی معطل کردی ہے۔

    پی ایس او ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے نے 17 ارب روپے سے زائد کے واجبات ادا نہیں کیے ہیں، پی آئی اے نے روزانہ کی بنیاد پر ادائیگیوں کا وعدہ کیا تھا، پی آئی اے نے چار دن سے ادائیگیاں نہیں کی ہیں۔

    پی ایس او کے مطابق چار دن کے 28 کروڑ روپے کی ادائیگیاں نہیں ہوئی تھیں، پی آئی اے کے چار طیاروں کو فیول کی فراہمی بند کی ہے۔

    کراچی سے لاہور اسلام آباد اور سکھر جانے والی پروازوں کو فیول فراہم نہیں کیا گیا ہے، پی آئی اے کی پروازوں کی روانگی میں تاخیر کے سب مسافروں نے احتجاج بھی ریکارڈ کرایا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی پی ایس او نے پی آئی اے کو فیول کی فراہمی بند کردی تھی جبکہ رات گئے پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے واجبات کی ادائیگی کی یقین دہانی کے بعد فیول کی فراہمی بحال کردی گئی تھی۔

  • واجبات کی عدم ادائیگی: پی ایس او کا پی آئی اے کو ایندھن دینے سے انکار

    واجبات کی عدم ادائیگی: پی ایس او کا پی آئی اے کو ایندھن دینے سے انکار

    کراچی : پی ایس او نے واجبات کی عدم ادائیگی پر پی آئی اے کو ایندھن کی فراہمی بند کردی ہے، جس کے باعث کوالالمپور جانے والی فلائٹ دو گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکا ررہی۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی پرواز ایندھن نہ ہونے کی وجہ سے اڑان نہ بھر سکی، اربوں روپے کی عدم ادائیگی پر پی ایس او نے قومی ائیر لائن کو فیول کی فراہمی بند کردی۔

    پی آئی اے اور پی ایس او کے درمیان تنازعہ دوسرے روز بھی جاری رہا، واجبات کی عدم ادائیگی پر پی ایس او نے دوسرے روز بھی پی آئی اے کے طیاروں کو فیول کی فراہمی بند کردی تھی۔

    کراچی سے کوالالمپور جانے والی پرواز کو فیول کی سپلائی اچانک بند کردی جس کے باعث پرواز تین گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار رہی۔ پرواز کی روانگی میں تاخیر کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا رہا۔

    سکھر جانے والی پرواز بھی دو گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئی۔ پی آئی اے ترجمان مشہود تاجور کے مطابق پی ایس او کو آج دوپہر تیس کروڑ روپے کے واجبات ادا کردیئے گئے ہیں, پی ایس او کو رقم منتقل ہونے میں تاخیر ہوئی کیونکہ بینک ٹرانسفر میں کچھ وقت درکار ہوتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پی ایس او نے پی آئی اے اور مسافروں کے ساتھ سراسر زیادتی کی ہے کیونکہ پی آئی اے نے اپنے وعدے کے مطابق پی ایس او کو واجبات کی رقم ادا کردی تھی اس کے باوجود طیاروں کے فیول کی فراہمی بند کرنا قابل افسوس ہے۔

    دوسری جانب پی ایس او کا کہنا ہے کہ پی آئی اے نے دوپہر تک رقم کی ادائیگی نہیں کی تھی جس کی وجہ سے ان کو وارننگ دی گئی تھی۔

    پی آئی اے نے یومیہ بنیادوں پر رقم کی ادائیگی کا وعدہ کیا تھا جو نو دن سے پورا نہیں کیا گیا۔ پی آئی اے پر اس سے پہلے ہی کئی ارب روپے کے واجبات ہیں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی واجبات کی عدم ادائیگی پر  پی ایس او کی جانب سے پی آئی اے کو ایندھن کی فراہمی بند کی جاچکی ہے، جسے مذاکرات کے بعد بحال کردیا گیا تھا۔

  • پی ایس او نے پی آئی اے کو ایندھن کی فراہمی بند کردی

    پی ایس او نے پی آئی اے کو ایندھن کی فراہمی بند کردی

    کراچی : پی آئی اے کی پرواز ایندھن نہ ہونے کی وجہ سے اڑان نہ بھر سکی، اربوں روپے کی عدم ادائیگی پر پی ایس او نے قومی ائیر لائن کو فیول کی فراہمی بند کردی، جسے مذاکرات کے بعد بحال کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پندرہ ارب روپے سے زائد کے واجبات کی عدم ادائیگی پر پی ایس او نے پی آئی اے کو فیول کی فراہمی بند کردی۔

    پی آئی اے کی پرواز پی کے308کو فیول نہ ملنے کےباعث تاحال روانہ نہیں کیا جا سکا، جہاز کے روانہ نہ ہونے پر مسافروں نے ایئرپورٹ پر شدید احتجاج کیا ہے۔

    اس حوالے سے پی ایس او ترجمان کا کہنا ہے کہ پی آئی اے پر15ارب60کروڑ روپے کے واجبات ہیں، واجبات تو اپنی جگہ لیکن پی آئی اے نے یومیہ ادائیگی کا وعدہ کیاتھا، اور اب پی آئی اے یومیہ فیول کی ادائیگی بھی نہیں کرپا رہا۔


    مزید پڑھیں: واجبات کیلئے سی اے اے، پی ایس او کا پی آئی اے کو نوٹس


    دوسری جانب پی آئی اے ترجمان کا کہنا ہے پی ایس او کےساتھ معاملات طے کرنےکی کوشش کر رہےہیں، پی ایس او کچھ دیر بعد پی آئی اے کو تیل کی فراہمی بحال کردے گا۔

    پی آئی اے کو ایندھن کی فراہمی بحال کردی گئی 

    پی آئی اے اور پی ایس او انتظامیہ کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے، مذاکرات میں واجبات کی ادائیگی کی یقین دہانی کے بعد پی ایس او کی جانب سے فیول کی فراہمی بحال کردی گئی۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ فیول کی عدم دستیابی کے باعث روکی جانے والی پرواز پی کے308کو فیول فراہم کردیا گیا ہے، مذکورہ پروازکچھ ہی دیر میں روانہ کردی جائے گی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • واجبات کی عدم ادائیگی: پی آئی اے کی فیول بند کرنے کی دھمکی

    واجبات کی عدم ادائیگی: پی آئی اے کی فیول بند کرنے کی دھمکی

    کراچی : پی ایس او نے واجبات کی عدم ادائیگی پر پی آئی اے کو فیول کی فراہمی بند کرنے کی دھمکی دیدی، دوسری جانب افسران نے غیر ضروری اخراجات پر لاکھوں روپے خرچ کر دیئے۔

    تفصیلات کے مطابق اربوں روپے کے خسارے سے دوچار قومی ائیر لائن پی آئی اے کے افسران کی شاہ خرچیاں اپنے عروج پر ہیں، پی آئی اے کے لاہور ڈسٹرکٹ منیجر نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے غیر ضروری اخراجات پر ادارے کے لاکھوں روپے خرچ کر دیئے۔

    سول ایوی ایشن، پی ایس او اور ادویات کمپنیوں کو کروڑوں روپے کے واجبات ادا نہیں کئے۔ پی ایس او لاہور کو پچاس لاکھ روپے سے بھی زائد کے واجبات ادا نہیں کئے گئے۔

    پی ایس او نے واجبات کی عدم ادائیگی پر تیرہ اکتوبر کو لاہور ایئرپورٹ پر پی آئی اے کو فیول کی فراہمی بند کرنے کی دھمکی دیدی ہے۔

    ذرائع کے مطابق پی آئی اے لاہور نے میڈیکل کمپنیوں کے بھی واجبات ادا نہیں کئے جس پر پی آئی اے ملازمین کو ادویات کی فراہمی بند کردی گئی۔ اس کے علاوہ سول ایوی ایشن اتھارٹی لاہور کو بھی دو کروڑ روپے کی ادائیگی نہیں کی گئی۔

    دوسری جانب قومی ائیر لائن میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مجموعی طور پر چالیس ارب روپے کے واجبات ادا کرنے ہیں۔

    قومی فضائی کمپنی کو مالی بحران کا شکار ہونے کے ساتھ بیرون ملک مختلف ائیر پورٹس کے واجبات بھی لاکھوں ڈالرز میں ادا کرنے ہیں جن میں سعودی ایوی ایشن ، برطانوی ایوی ایشن، پیرس اور اٹلی ایوی ایشن بھی شامل ہیں۔

    پی آئی اے کو ان مذکورہ ادروں کو پروازوں کی لیننڈنگ ٹیک آف اور فضائی حدود استعمال کرنے کے حوالے سے بھی واجبا ت ادا کرنے ہیں، عدم ادائیگی کی صورت میں پی آئی اے کو نوٹسز بھی جاری ہو چکے ہیں۔

  • واجبات کی عدم ادائیگی کیخلاف کاشتکاروں کا احتجاجی مظاہرہ

    واجبات کی عدم ادائیگی کیخلاف کاشتکاروں کا احتجاجی مظاہرہ

    لاہور : گنے کے کاشتکاروں نے واجبات ادائیگی کیلئے حمزہ شہباز کے ماموں کے گھر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا، کسان اتحاد کا کہنا ہے کہ ملزمالکان نے وزیر اعظم سے رشتہ داری کی وجہ ان کے پیسے دبائے ہوئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چھوٹا کسان قرض کے بوجھ تلے دبا جارہاہے اور شریف خاندان کی زیرملکیت برادرز شوگر ملز کے مالکان محنت کشوں کا حق دبائے بیٹھے ہیں۔

    کاشتکاروں نے اپنے واجبات کیلئے حمزہ شہباز کے ماموں کے گھر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا، دھرنے کی وجہ سے سڑک پر ٹریفک معطل ہو گئی۔

    کسانوں نے حکومت مخالف نعرے لگائے۔ اس موقع پر کسان اتحاد کے صدر خالد کھوکھر نے کہا کہ وزیراعظم سے تعلق پر شوگرملزمالکان نے کاشتکاروں کے پیسے دبالیے ہیں۔

    دو سال سے زائد کا عرصہ ہوگیا ٹیڈی پیسہ تک ادانہیں کیا گیا، ہم سے جھوٹے وعدے کئے جا رہے ہیں۔اگر ہمارا مطالبہ نہ مانا گیا تو احتجاج کا مظاہرہ وسیع کر دیا جائے گا۔

    دھرنے کے موقع پر کسان سینہ کوبی کرتے رہے۔ شیخ رشید نے بھی کسانوں سے اظہار یکجہتی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسان پیکج فراڈ کے سوا کچھ نہیں ہے۔

    لاہور ہائیکورٹ نے بھی شریف برادران کے قریبی عزیز کی برادرز شوگر مل میں موجود چینی کا اسٹاک فروخت کرکے رقم عدالت میں جمع کرانے حکم دےدیا۔

    یہ حکم کاشتکاروں کے واجبات کی عدم ادائیگی کے کیس میں دیا گیا، واضح رہے کہ مدینہ شوگر ملز، سفینہ شوگر مل اور رمضان شوگر ملزسمیت دیگر شوگر مل مالکان نے بھی کاشتکاروں کی ادائیگیاں کئی برس سے روک رکھی ہیں۔

     

  • قومی ایئرلائن کا مالی بحران شدت اختیار کرگیا

    قومی ایئرلائن کا مالی بحران شدت اختیار کرگیا

    اسلام آباد: قومی ایئرلائن کا مالی بحران شدت اختیار کرگیا، سیبر گلوبل ڈسٹریبیوشن کمپنی نے بھی واجبات کی عدم ادائیگی پر نوٹس جاری کردیا ہے ۔

    ذرائع کے مطابق سیبر گلوبل ڈسٹریبویشن کمپنی نے قومی ایئرلائن کو تیس لاکھ ڈالر کے واجبات ادا نہ کرنے پر نوٹس جاری کیا ہے ، سیبر کمپنی کے مطابق پی آئی اے نے اگر واجبات ادا نہ کیے توپی آئی اے سیبر سسٹم بند کردیا جائے جس سے پی آئی اے کا دنیا بھر سے رابطہ منقطع ہوجائے گا، ذرائع کے مطابق سیبر سسٹم بند ہونے سے قومی ایئرلائن کو ریزرویشن بورڈنگ ، ای ٹکٹنگ ، سمیت دیگر امور متاثر ہوں گے، سسٹم بند ہونے سے پی آئی اے کو یومیہ لاکھوں ڈالر کا نقصان ہوگا۔

  • واجبات کی عدم ادائیگی، سول ایوی ایشن کا پی آئی اے کونوٹس جاری

    واجبات کی عدم ادائیگی، سول ایوی ایشن کا پی آئی اے کونوٹس جاری

    کراچی: قومی ایئرلائن نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو اربوں روپے سے زائد کے واجبات ادا نہیں کئے ہیں، ملک بھر کے ایئرپورٹ پرمختلف مد میں پی آئی اے نے سول ایوی ایشن کو واجبات ادا کرنے تھے جو تاحال ادا نہیں کئے جاسکے ہیں۔

    سول ایوی ایشن کی جانب سے پی آئی اے کو واجبات کی عدم ادائیگی پرنوٹس جاری کیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ پی آئی اے نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ستائیس ارب روپے سے زائد کے واجبات ادا نہیں کئے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق قومی ایئرلائن غیر ضروری اخراجات کی مد میں اربوں روپے خرچ کر رہی ہے لیکن قرضہ ادا نہیں کر پا رہی، سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق پی آئی اے کو متعدد بار واجبات ادا کرنے کے نوٹسز دیئے ہیں تاحال پی آئی اے نے واجبات ادا نہیں کئے ہیں۔