Tag: وادی سندھ کی تہذیب

  • وادی سندھ کے لوگوں کے کھائے جانے والے لڈو دریافت

    وادی سندھ کے لوگوں کے کھائے جانے والے لڈو دریافت

    وادی سندھ کی تہذیب جسے دنیا کی اہم اور منظم ترین تہذیبوں میں سے ایک مانا جاتا ہے، اپنی جدید خصوصیات کے لیے مشہور ہے، اور اب اس کے بارے میں ایک اور حیرت انگیز انکشاف ہوا ہے۔

    وادی سندھ کی تہذیب جسے ہڑپہ کی تہذیب بھی کہا جاتا ہے، جنوبی ایشیا کی پہلی شہری تہذیب ہے جو 4 ہزار سال قدیم ہے۔ یہ تہذیب اپنی تعمیرات اور طرز زندگی کے لحاظ سے جدید اور منظم ترین تہذیب مانی جاتی ہے۔

    اس تہذیب کے شہر موجودہ پاکستان، افغانستان کے مشرقی حصے اور بھارت کے مغربی حصے میں ہوا کرتے تھے۔

    حال ہی میں ایک تحقیق سے علم ہوا کہ اس تہذیب کے لوگ اپنی غذا کے بارے میں بھی نہایت فکر مندا ہوا کرتے تھے اور متوازن غذائیں کھاتے تھے۔

    بھارتی ریاست راجھستان میں ہڑپہ کے آثار قدیمہ میں ہونے والی کھدائی کے دوران 7 عدد گیندیں دریافت ہوئیں، بعد ازاں نئی دہلی اور لکھنؤ کے آثار قدیمہ کے اداروں نے ان گیندوں کا تجزیہ کیا تو علم ہوا کہ یہ لڈو تھے۔

    ان اداروں کی تحقیق کے نتائج جرنل آف آرکیالوجی سائنس میں شائع ہوئے جس میں کہا گیا کہ یہ لڈو 2600 قبل مسیح کے ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ان لڈوؤں میں جو، گندم اور دالیں شامل ہیں جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ اس تہذیب کے افراد پروٹین سے بھرپور غذائیں کھانے کے عادی تھے۔

    ماہرین آثار قدیمہ کے مطابق ان لڈوؤں کو بہت احتیاط سے محفوظ کیا گیا تھا جس کے باعث یہ ملبہ گرنے کے بعد بھی کچلے جانے سے محفوظ رہے، مٹی میں دفن ہوجانے کے سبب ان میں موجود غذائی اشیا کے اجزا بھی برقرار اور محفوظ رہے۔

    اس کھدائی کے دوران ان لڈوؤں کے ساتھ بیلوں کی 2 مورتیاں اور کلہاڑی سے ملتا جلتا کانسی کا ایک آلہ بھی دریافت ہوا ہے۔

  • وادی سندھ کی تہذیب 2,500 سال سے بھی قدیم

    وادی سندھ کی تہذیب 2,500 سال سے بھی قدیم

    نئی دہلی: بھارت میں ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق وادی سندھ کی تہذیب جسے ڈھائی ہزار سال قدیم خیال کیا جاتا ہے، اس سے بھی زیادہ پرانی ہے۔

    بھارتی محققین نے جانوروں کی باقیات اور وہاں سے ملنے والے برتنوں کے ٹکڑوں پر کاربن ڈیٹنگ (جسم پر کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اثرات کی جانچ پڑتال) کا طریقہ کار استعمال کرتے ہوئے نتیجہ اخذ کیا ہے کہ وادی سندھ کی تہذیب کم از کم 8000 سال پرانی ہوسکتی ہے۔

    indus-2

    اگر واقعی ایسا ہے تو یہ تہذیب میسوپوٹیمیا اور مصر کی تہذیب سے بھی قدیم ہے۔

    واضح رہے کہ میسوپوٹیمیا تہذیب اب تک کی معلوم تاریخ، یعنی 31 سو سال قبل مسیح کی قدیم ترین تہذیب مانی جاتی ہے۔

    بھارتی انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کھراگپور میں ارضیات کے پروفیسر انندیا سرکار اس بارے میں کہتے ہیں، ’یہ تحقیق انسانی اور تہذیبی ارتقا کو نئے سرے سے سمجھنے کی دعوت دے رہی ہے‘۔

    مزید پڑھیں: فلم ’موہن جودڑو‘ کے ٹریلر میں 5 خاص پہلو

    وادی سندھ کی تہذیب بھارت اور پاکستان کے کئی علاقوں پر مشتمل ہے جس میں ہڑپہ اور سندھ میں واقع موہن جودڑو نمایاں شہر ہیں۔ اس سے قبل ایک اور تحقیق کے مطابق بھارت کے دریائے سرسوتی کے کنارے بھی اس تہذیب کے آثار ملے تھے۔

    indus-3

    یہ دریا 4000 سال قبل معدوم ہوگیا تھا۔ اس تحقیق نے ہی محققین کو ’وادی سندھ کی ڈھائی ہزار سال قدیم تہذیب‘ کے نظریے پر نظر ثانی پر مجبور کیا۔

    ماہرین اس عظیم تہذیب کے زوال کے اسباب پر بھی نئے سرے سے تحقیق کر رہے ہیں۔ اس سے قبل خیال کیا جاتا تھا کہ موسمی تغیر یا کلائمٹ چینج اس قدیم تہذیب کے خاتمے کا سبب بنا تھا۔