Tag: وارننگ

  • راولپنڈی، شہریوں کو گھروں سے باہر نہ نکلنے کے لیے وارننگ جاری

    راولپنڈی، شہریوں کو گھروں سے باہر نہ نکلنے کے لیے وارننگ جاری

    (17 جولائی 2025): ڈپٹی کمشنر راولپنڈی انتظامیہ نے شہریوں کو گھروں سے باہر نہ نکلنے کے لیے وارننگ جاری کر دی۔

    ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ کے مطابق اگلے دو سے تین گھنٹے تک شہری غیر ضروری گھروں سے باہر نہ نکلیں نکاسی اب کے لیے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمارا عملہ افسران اور امدادی ٹیمیں مصروف عمل ہیں۔

    اب تک راولپنڈی میں 200 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے مزید بارش کا امکان ہے موصلہ دار بارش فلڈ ایمرجنسی ہے۔

    رات سے راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری، خطرے کے سائرن بج گئے

    فیصل آباد میں دو روز کے دوران مختلف مقامات پر بارش کے باعث چھتیں گرنے سے اب تک گیارہ افراد جاں بحق اور بیس سے زائد زخمی ہو چکے ہیں، مختلف واقعات میں جاں بحق ہونے والے افراد میں میاں بیوی، ماں بیٹی، دو بھائی اور ماں بیٹا بھی شامل ہیں۔

    جمعرات کی صبح علامہ اقبال کالونی کے جی بلاک میں دوسری منزل کے کمرے کی کمزور چھت گرنے سے دو بھائی سترہ سالہ محمد اور گیارہ سالہ مصعب حسین جاں بحق ہو گئے جبکہ ان کا والد پچاس سالہ خالد ، والدہ فرحانہ اور بارہ سالہ بہن شانزہ زخمی ہوئے۔

    علامہ اقبال کالونی ہی کے غوثیہ چوک میں بھی دوسری منزل کی خستہ حال چھت گرنے سے 36 سالہ شمیم اور اس کی بارہ سالہ بیٹی عائشہ جاں بحق ہو گئیں۔

    گزشتہ روز رچنا ٹاؤن کے قریب حویلی میں سرکنڈوں سے بنی چھت بارش کے باعث گرنے سے پچاس سالہ شہامند اور اس کی بیوی ریاض بی بی جاں بحق ہوئے۔

    مدینہ کالونی میں ٹی آر گارڈر کی چھت گرنے سے پچاس سالہ نسرین اور اس کا چودہ سالہ بیٹا عدیل جاں بحق ہوئے، احمد نگر میں چھت گرنے سے پچاس سالہ خاتون تارا اور اس کا سترہ سالہ بیٹا نعمان موت کا شکار ہوئے جبکہ جھپال میں چھت گرنے سے پنتالیس سالہ عبدالرحمان جاں بحق ہو گیا تھا۔

     

  • امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے برکس کو وارننگ دے دی

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے برکس کو وارننگ دے دی

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے برکس ممالک کو ٹیرف کے حوالے سے وارننگ دے دی۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برکس ممالک کی جانب سے مشترکہ اعلامیہ جاری ہونے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے برکس کو دھمکی دی ہے کہ امریکا مخالف پالیسیوں پر ان کے خلاف اضافی محصولات عائد کی جائیں گی۔

    برکس تنظیم کی جانب سے امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملوں کی مذمت کے بعد امریکی صدر نے سماجی رابطے ٹروتھ پر لکھا کہ جو ملک بھی برکس کی امریکا مخالف پالیسیوں پر چلے گا، اُس پر اضافی 10 فی صد ٹیرف عائد کیا جائے گا۔

    انھوں نے کہا اس پالیسی میں کسی کو کوئی استثنا نہیں دیا جائے گا، اس معاملے کی طرف توجہ دینے کا شکریہ، آج مختلف ممالک کو ٹیرف سے متعلق خطوط ارسال کر دیے جائیں گے۔


    برکس ممالک نے آئی ایم ایف کے مخصوص نظام پر سوال اٹھا دیا


    صدر ٹرمپ نے اپنی پوسٹ میں امریکا مخالف پالیسیوں سے کیا مراد ہے، اس کی کوئی وضاحت یا تفصیل فراہم نہیں کی۔ واضح رہے کہ برکس گروپ کی بنیاد 2009 میں برازیل، روس، بھارت، اور چین کے رہنماؤں کی پہلی سربراہی کانفرنس سے رکھی گئی تھی، بعد میں جنوبی افریقہ کو بھی شامل کیا گیا۔ گزشتہ سال اس بلاک میں مزید ممالک مصر، ایتھوپیا، انڈونیشیا، ایران، سعودی عرب، اور متحدہ عرب امارات کو بھی رکنیت دی گئی۔

    برکس رہنماؤں نے مشترکہ اعلامیے میں امریکا کی جانب سے یک طرفہ ٹیرف اور غیر ٹیرف اقدامات کے عروج پر سنگین خدشات کا اظہار کیا، اور کہا کہ اس سے تجارت مسخ ہو جاتی ہے، اور یہ ڈبلیو ٹی او کے قواعد سے متصادم ہیں، رہنماؤں نے خبردار کیا کہ تجارتی پابندی کے یہ بڑھتے اقدامات عالمی معیشت کو خراب کر دیں گے، اور موجودہ معاشی تفریق اور بڑھ جائے گی۔

  • برطانیہ میں بھی سورج آگ برسانے کو تیار، وارننگ جاری

    برطانیہ میں بھی سورج آگ برسانے کو تیار، وارننگ جاری

    عالمی موسمیاتی تبدیلی پوری دنیا کو متاثر کر رہی ہے برطانیہ جیسے سرد ممالک میں بھی شدید گرمی کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔

    عالمی موسمیاتی تبدیلی نے دنیا بھر کو متاثر کیا ہے۔ گرم ممالک میں مئی جیسے گرم موسم میں برفباری ہو رہی ہے تو آئے دن سمندری طوفان، غیر متوقع بارشیں، قیامت خیز گرمی سے کرہ ارض پر زندگی مشکل تر ہوتی جا رہی ہے۔ یورپ اور مغربی ممالک کا شکار دنیا کے ٹھنڈے ممالک میں کیا جاتا ہے مگر اب وہاں بھی سورج آگے برسانے پر آمادہ نظر آتا ہے۔

    برطانیہ ان دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ اس کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ محکمہ ہیلتھ سیکیورٹی ایجنسی نے اس صورتحال میں ملک بھر کے لیے ہیٹ ہیلتھ امبر وارننگ جاری کر دی ہے۔

    گزشتہ روز برطانیہ میں اب تک کا سال کا گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا جب کہ آج بھی وہاں درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔

    برطانیہ میں آنے والے دنوں میں گرمی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے اور محکمہ ہیلتھ سیکیورٹی نے شہریوں کو احتیاط برتنے اور زیادہ سے زیادہ پانی پینے اور دھوپ سے بچنے کی ہدایات کی ہیں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل 2023 میں بھی برطانیہ میں شدید گرمی پڑی تھی اور اس سال ملک کی تاریخ میں پہلی بار گرم موسم کے لیے امبر وارننگ جاری کی گئی تھی۔

    اُس قیامت خیز گرمی نے برطانیہ میں ہزاروں افراد کو لقمہ اجل بنا دیا تھا۔

    https://urdu.arynews.tv/extreme-heat-in-britain-45-thousand-people-died/

  • امریکی صدر ٹرمپ کی بھارت اور چین کو وارننگ

    امریکی صدر ٹرمپ کی بھارت اور چین کو وارننگ

    امریکا کے نئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے برکس ممالک، جن میں بھارت، چین، روس، برازیل اور جنوبی افریقہ شامل ہیں، کو سخت وارننگ جاری کردی ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے وارننگ دی ہے کہ امریکی ڈالر کے غلبہ کو چیلنج کرتے ہوئے اپنی کرنسی لانچ کی تو 100 فیصد ٹیرف نافذ کردیا جائے گا، انہوں نے یہ بیان اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر ایک پوسٹ میں دیا۔

    سابق صدر کا کہنا تھا کہ برکس ممالک امریکی ڈالر کی اہمیت کو کم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں، اگر وہ نئی کرنسی کا اجراء یا کسی اور کرنسی کی حمایت کریں گے تو انہیں امریکی بازار سے آؤٹ کردیں گے۔

    اُن کا مزید کہنا تھا کہ امریکا اس خطرے کو خاموشی سے نہیں دیکھے گا اور سخت ترین اقدامات کرے گا۔

    ٹرمپ کا کہنا تھا کہ برکس ممالک کی جانب سے اپنی کرنسی بنانے کا مقصد عالمی تجارت میں امریکی ڈالر پر انحصار کو کم کرنا ہے۔ روس اور چین پہلے ہی یوان اور دیگر مقامی کرنسیوں میں تجارت کر رہے ہیں اور اب یہ گروپ ایک مشترکہ کرنسی کے ذریعے امریکی ڈالر کی برتری کو کم کرنے میں مصروف ہے۔

    ماہرین کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اگر برکس ممالک اپنی کرنسی لانچ کرتے ہیں، تو یہ امریکی ڈالر کے غلبہ کو کمزور کر سکتا ہے اور امریکہ کی اقتصادی طاقت کے لئے نقصان دہ ہوسکتا ہے۔

    امریکہ کی عالمی معاشی برتری کی ایک بڑی وجہ اس کے ڈالر کی اہمیت ہے، جو اگر کم ہوئی تو امریکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچنے اندیشہ ہے۔

    واشنگٹن میں فضائی حادثہ ایک المیہ ہے کوئی زندہ نہیں بچ سکا، امریکی صدر ٹرمپ

    واضح رہے کہ چین اور روس پہلے ہی امریکی ڈالر سے دور ہونے کی حکمت عملی پر کام کر رہے ہیں اور ہندوستان اور برازیل بھی مقامی کرنسیوں کے استعمال کو فروغ دینے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

  • پرائیوٹ اسکولز کو وارننگ جاری

    پرائیوٹ اسکولز کو وارننگ جاری

    لاہور : سیکرٹری ایجوکیشن نے پرائیوٹ اسکولز کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کی وارننگ دے دی اور کہا آج ہر صورت ایکشن پلان جمع کروائیں۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر تعلیمی اداروں میں بسوں کے انتظام کے معاملے پر سیکرٹری ایجوکیشن خالدنذیر وٹو نے پرائیوٹ اسکولز سےایکشن پلان طلب کرلیا۔

    سیکرٹری ایجوکیشن نے ایکشن پلان پر اسکولوں کی رجسٹریشن منسوخ کرنےکی وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ ہدایت نامےپر عمل نہ کرنیوالےاسکولوں کی رجسٹریشن نہیں ہوگی۔

    سیکرٹری ایجوکیشن کا کہنا تھا کہ پرائیوٹ اسکولز آج ہر صورت ایکشن پلان جمع کروائیں، طلباکی مجموعی تعداداوربسوں کی لسٹ بھی فراہم کی جائے۔

    انھوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ معاملے پر عدالتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے، عدالتی احکامات پورا کرنےکیلئےاقدام سے گریز نہیں کیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں : پرائیوٹ اسکول والوں کے لئے بڑا حکم آگیا

    یاد رہے لاہور ہائی کورٹ نے اسموگ تدارک کیس میں پرائیویٹ اسکولوں کو طلبا کے لیے بسوں کا انتظام کرنے کے لیے اقدامات کی ہدایت کی تھی۔

    فیصلے میں کہا گیا تھا کہ جو اسکول عمل نہیں کرے گا اس کی رجسٹریشن معطل کر دی جائے، سرکاری وکیل نے بتایا وزیراعلیٰ کو پرائیویٹ اسکولز رولز میں ترمیم کی سمری بھجوا دی گئی ، رولز میں ترمیم کرکے اسکول بس لازمی قرار دی جائے گی۔

  • دبئی میں ڈرائیورز کو وارننگ جاری

    دبئی میں ڈرائیورز کو وارننگ جاری

    خلیجی ممالک ان دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، گرم موسم کے حوالے سے دبئی میں ڈرائیورز کو وارننگ جاری کردی گئی۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گرم موسم میں گاڑیوں کے ٹائر پھٹنے کے واقعات بڑھ جاتے ہیں، جبکہ ان دنوں دبئی اور اس کے ارد گرد کے علاقوں میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ گرم موسم کی وجہ سے ٹائر کا ربڑ نرم ہوسکتا ہے جس سے اس کے پنکچر ہونے اور پھٹنے کا خطرہ زیادہ ہوجاتا ہے، ٹائر مسلسل گرم رہنے کے باعث اس کی حالت خراب ہوجاتی ہے اور ان میں دراڑیں اور پھٹنے کا زیادہ خطرہ پیدا ہوجاتا ہے۔

    ماہرین کے مطابق گرم موسم میں خاص طور پر احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا چاہیے تاکہ حادثات اور پریشانی سے محفوظ رہا جاسکے۔

    دوسری جانب متحدہ عرب امارات کے عمرہ زائرین کیلئے اچھی خبر سامنے آئی ہے، سعودی عرب میں شدید گرمی کے باعث یو اے ای میں عمرے کے پیکج کی قیمت میں 25 فیصد کمی کردی گئی۔

    رپورٹ کے مطابق یو اے ای میں بہت سے لوگ شدید گرمی کے باعث عمرے کا پروگرام ستمبر تک ملتوی کرنے کا ارادہ کررہے ہیں۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات میں زائرین کی تعداد کم ہونے کے باعث عمرہ پیکجز تقریباً 25 فیصد سستے کردیے گئے ہیں۔

    ہم ہار کسی صورت برداشت نہیں کرسکتے، بائیڈن

    سرد موسم کے مقابلے میں اس وقت عمرہ پیکج 25 فیصد تک سستے ہیں۔ طلب کم ہونے کے باعث عمرہ پیکج غیر معمولی ڈسکاؤنٹ کے ساتھ پیش کیے جارہے ہیں۔

  • اسٹارک نے پریرا کو منکڈ کے بجائے وارننگ دیکر چھوڑدیا! ویڈیو وائرل

    اسٹارک نے پریرا کو منکڈ کے بجائے وارننگ دیکر چھوڑدیا! ویڈیو وائرل

    مچل اسٹارک کی جانب سے کوشل پریرا کو وارننگ دینے کی ویڈیو وائرل ہوگئی، آسٹریلوی پیسر نے انھیں کریز سے باہر ہونے کے باجود منکڈ کرنے سے گریز کیا۔

    آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں آسٹریلیا اور سری لنکا کی ٹیموں کے مابین اہم میچ میں مچل اسٹارک بولنگ کررہے تھے، جس دوران وہ دوڑتے ہوئے گیند پھینکنے آئے تو انھوں نے دیکھا کہ سری لنکن بیٹر کوشل پریرا ڈیلیوری سے قبل ہی کریز سے باہر موجود ہیں۔

    کینگرو بولر بولنگ کرانے سے گریز کرتے ہوئے وہیں رک گئے اور کریز چھوڑنے کی کوشش پر سری لنکن بیٹر کو وارننگ دے ڈالی جس کی ویڈی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

    لیفٹ آرم پیسر نے کوشل کو منکڈ کرنے سے گریز کیا، اس دوران اسٹارک نے امپائر کے پاس جاکر ان سے بھی کچھ گفتگو کی جس کے بعد وہ دوبارہ سے رن اپ لینے کے لیے چلے گئے۔


    واضح رہے کہ آسٹریلین ٹیم کو ورلڈکپ کے اپنے ابتدائی دونوں میچز میں بھارت اور جنوبی افریقہ کے ہاتھوں یکطرفہ شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

    تاہم کینگروز نے سری لنکا کے خلاف بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایونٹ میں پہلی فتح اپنے نام کی ہے۔ آئی لینڈرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 209 رنز اسکور کیے تھے، آسٹریلیا نے باآسانی 5 وکٹوں کے نقصان پر مذکورہ ہدف حاصل کرلیا۔

  • ’امریکا: ایف بی آئی نے وارننگ جاری کردی‘

    ’امریکا: ایف بی آئی نے وارننگ جاری کردی‘

    کینیڈا میں خالصتان کے حامی سکھ رہنماء ہردیپ سنگھ کے قتل کے بعد امریکا میں سرگرم سکھ رہنماؤں کی زندگیاں بھی غیر محفوظ ہوگئیں، اس حوالے سے ایف بی آئی نے وارننگ جاری کردی ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ایف بی آئی نے جون میں کیلیفورنیا میں سرکردہ سکھوں کو خبردار کیا تھا کہ اُن کی زندگیوں کو بھارت سے خطرات لاحق ہیں۔

    امریکن سکھ کاکس کمیٹی ارکان اور امریکی سکھ ایکٹویسٹ پریت پال سنگھ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ کینیڈا میں ہردیپ سنگھ نِجر کے قتل کے بعد ایف بی آئی نے اُن سے رابطہ کیا اور کہا کہ ہماری زندگیوں کو بھی خطرہ ہے، ہمیں محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔

    امریکی انسانی حقوق تنظیم کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا بھر کے سکھ کمیونٹی کے رہنماؤں کو ایف بی آئی کی جانب سے اس طرح کی وارننگ جاری کی گئی ہیں۔

    دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیوملر کا کہنا ہے کہ کینیڈا میں ہردیپ سنگھ کے قتل پر امریکا کو شدید تشویش ہے، بھارت سے کہا ہے کینیڈا سے تعاون کرے۔

    واشنگٹن میں ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ خالصتان تحریک کے رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل پر کینیڈین وزیراعظم کے بیانات کے بعد شدید تشویش ہے، قتل پر کینیڈین شراکت داروں سے رابطے میں ہیں۔

    میتھیو ملر کا کہنا تھا کہ ہردیپ سنگھ نجر کا قتل حساس معاملہ ہے اور تحقیقات انتہائی اہم ہیں، جس پر امریکا کو شدیدتشویش ہے۔

    امریکی محکمہ خارجہ نے بتایا کہ قتل کے ذمہ داران کو سامنے لانا ضروری ہے، بھارت کو کینیڈا کے ساتھ تعاون کرنے کا کہا ہے۔

    یاد رہے 22 ستمبر کو امریکا کے سیکریٹری انٹونی بلنکن نے بھارت اور کینیڈا کے مابین ہردیپ سنگھ کے سکھ کے قتل کے حوالے سے پریس کانفرنس میں واضح موقف میں کہا تھا کہ امریکا کو کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کے بھارت پر لگائے گئے الزامات پر گہری تشویش ہے اور وہ سنجیدگی سے اس معاملے کو دیکھ رہا ہے اور امریکا کینیڈین شہری کے قتل میں کینیڈا کیموقف کی تائید کرتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ امریکا بین الاقوامی جبر کی شدید مخالفت کرتا ہے اور کوئی بھی ملک اگر ایسا کرنے کا سوچتا ہے تو اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔

    انٹونی بلنکن نے کہا تھا کہ کینیڈا کسی بھی قسم کے بین الاقوامی دباؤ سے بالاتر ہو کر ہردیپ سنگھ قتل معاملے پر شفاف تحقیقات کو یقینی بنائے اور تفتیش کو درست سمت میں آگے بڑھانے کے لیے بھارت تعصب سے بالاتر ہوکر تحقیقات میں کینیڈین حکام سے تعاون کرے۔

  • پاپوانیوگنی میں ساحل کے قریب 6.2 شدت کا زلزلہ

    پاپوانیوگنی میں ساحل کے قریب 6.2 شدت کا زلزلہ

    پاپوانیوگنی میں ساحل کے قریب 6.2 شدت کا زلزلہ آیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکن جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلہ پاپوانیوگنی کے دور دراز علاقے میں 38 کلو میٹر زیرِ زمین گہرائی میں آیا ہے۔

    امریکن جیولوجیکل سروے کا کہنا ہے کہ زلزلے کے بعد سونامی کی وارننگ جاری نہیں کی گئی ہے۔

    مقامی حکام کے مطابق زلزلے سے ہونے والے نقصان کا اندازہ لگایا جارہا ہے اور ابھی تک ہلاکتوں اور زخمیوں کی اطلاعات نہیں ہے۔

     

  • دریائے سندھ سے آج 7 لاکھ کیوسک کا ریلا گزرنے کی وارننگ

    دریائے سندھ سے آج 7 لاکھ کیوسک کا ریلا گزرنے کی وارننگ

    تونسہ شریف: دریائے سندھ سے آج 7 لاکھ کیوسک کا ریلا گزرنے کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن نے وارننگ جاری کی ہے کہ آج 7 لاکھ کیوسک کا ریلا دریائے سندھ سے گزرے گا۔

    دریائے سندھ میں اونچے درجے کے سیلاب سے دیہی علاقے زیر آب آ سکتے ہیں، محکمے نے لوگوں کو فوری محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کی ہے۔

    دریائے سندھ میں کوٹ مٹھن کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کا ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، نشیبی علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایات جاری ہو گئی، رپورٹ کے مطابق اہل علاقہ اپنی مدد آپ کے تحت بے نظیر شہید برج روڈ پر منتقل ہو رہے ہیں۔

    سیلاب ملک بھر میں مزید 119 زندگیاں نگل گیا، تعداد 1033 ہو گئی

    ادھر سندھ میں سکھر بیراج پر اونچے درجے کا سیلاب ہے، بیراج پر پانی کی آمد 5 لاکھ 62 ہزار 200، اخراج 5 لاکھ 62 ہزار 200 کیوسک ہے۔

    گڈو بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، بیراج پر پانی کی آمد اور اخراج 4 لاکھ 85 ہزار 320 کیوسک ہے، کوٹری بیراج پر بھی درمیانے درجے کا سیلاب ہے، بیراج پر پانی کی آمد اور اخراج 3 لاکھ 34 ہزار 911 کیوسک ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ گڈو بیراج میں پانی کی آمد میں آج مزید اضافہ ہوگا، جس سے دریائے سندھ کے اطراف کچے کا علاقہ مکمل متاثر ہو سکتا ہے۔

    دادو، فرید آباد کے قریب ایف پی بند میں 2 مقامات پر شگاف پڑنے سے بلوچستان سے آنے والا سیلابی ریلا 50 سے زائد دیہات میں داخل ہو گیا ہے، جس سے سیکڑوں افراد محصور ہو گئے، پاک فوج نے ریسکیو آپریشن میں 36 سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا۔