Tag: واسا

  • موسلا دھار بارش  ، الرٹ وارننگ جاری کردی گئی

    موسلا دھار بارش ، الرٹ وارننگ جاری کردی گئی

    راولپنڈی : موسلا دھاربارش کے بعد واسا کی جانب سے الرٹ وارننگ جاری کردی گئی، محکمہ موسمیات نے اس سال 30 فیصد زیادہ بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جڑواں شہروں میں موں سون کا اغاز ہوتے ہی موسلادھار بارش کا پہلے اسپیل میں رات گئے بارش کا سلسلہ جاری رہا

    راولپنڈی اور گردونواح میں موسلا دھاربارش کے بعد واسا کی جانب سے الرٹ وارننگ جاری کردی گئی۔

    نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کیلئے واساٹیمیں ہیوی مشینری کیساتھ پہنچ گئیں ، ایم ڈی واسا محمد سلیم اشرف نے شہرکےمختلف علاقوں کا ہنگامی دورہ کیا۔

    ایم ڈی واسا کا کہنا تھا کہ شہراورنالہ لئی لیونگ کی صورتحال پرنظررکھےہوئےہیں، نکاسی آب کے لیے ہیوی مشینری اور عملہ مختلف علاقوں میں موجود ہے۔

    دوسری جانب کمشنر عامر خٹک نے ضلعی افسران کے ہمراہ نالہ لئی گوالمنڈی کے مقام کا دورہ کیا اور فلڈ ریلیف کیمپوں کا جائزہ لیا۔

    عامر خٹک نے کہا کہ محکمہ موسمیات کی رپورٹ مطابق اس سال 30فیصدزیادہ بارشیں ہوں گی، سیلاب کی صورتحال سے بچنے کے لیے پیشگی اقدامات کیے گئے ہیں۔

    واسا ریسکیو 1122 سول ڈیفنس نے سیلاب کے دوران شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی فرضی ہنگامی مشقتیں بھی کیں۔

    خیال رہے جڑواں شہروں کےعلاقوں میں مون سون کی پہلی بارش سے گرمی کا زورٹوٹ گیا اور موسم خوشگوارہوگیا ہے۔

    دوسری جانب لاہورمیں موسلا دھاربارش کے بعد ٹھنڈی ہوائیں چلنے لگیں، محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے کئی شہروں میں مون سون بارش کا سلسلہ پورا ہفتہ جاری رہے گا۔

  • مختلف سرکاری ادارے واسا کے 7 ارب 50 کروڑ روپے کے نادہندہ

    مختلف سرکاری ادارے واسا کے 7 ارب 50 کروڑ روپے کے نادہندہ

    حیدرآباد: واٹر اینڈ سینیٹیشن ایجنسی (واسا) کے حکام نے کہا ہے کہ مختلف سرکاری ادارے واسا کے 7 ارب 50 کروڑ روپے کے نادہندہ ہیں۔

    واسا حکام کے مطابق مختلف وفاقی، صوبائی اور خود مختار ادارے واسا کے بلوں کی بر وقت ادائیگی کرنے میں ناکام رہے ہیں، واسا کی دسمبر 2023 تک بقایا جات کی تفصیلات اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہیں۔

    حیدرآباد میں قائم وفاقی ادارے واسا کے ایک ارب 45 کروڑ روپے کے نادہندہ ہیں، صوبائی اداروں نے واسا کے ایک ارب 76 کروڑ 60 لاکھ روپے کے واجبات ادا کرنے ہیں، جب کہ خود مختار اداروں پر واسا کے 4 ارب 28 کروڑ 82 لاکھ روپے کے واجبات ہیں۔

    محکمہ صحت کے اسپتالوں پر 38 کروڑ 70 لاکھ روپے کے واجبات ہیں، سرکاری تعلیمی اداروں اور حیدرآباد بورڈ پر 17 کروڑ 23 لاکھ روپے کے واجبات ہیں، سائٹ حیدرآباد پر بھی ایک ارب 15 کروڑ روپے کے واجبات ہیں، اور سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ بھی 41 کروڑ 91 لاکھ روپے کا نادہندہ ہے۔

    محکمہ داخلہ سندھ کے نادہندہ اداروں میں پولیس ٹریننگ سینٹر، سینٹرل جیل، نارا جیل بھی شامل ہیں، پاکستان پوسٹ، ریلوے اور حیسکو کے گرڈ اسٹیشنز، اور رہائشی کالونیاں بھی نادہندہ ہیں۔

  • اسموگ میں کمی کے لیے سرکاری افسران سائیکل پر دفتر آنے لگے

    اسموگ میں کمی کے لیے سرکاری افسران سائیکل پر دفتر آنے لگے

    لاہور: صوبہ پنجاب کی واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی (واسا) کے افسران سائیکل پر سوار ہو کر دفتر پہنچنے لگے، مینیجنگ ڈائریکٹر زاہد عزیز کا کہنا ہے کہ لاہور میں اسموگ کے پیش نظر واسا نے یہ اقدام کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسموگ میں کمی کے اقدامات کے تحت واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی (واسا) کا عملہ سائیکلوں پر دفتر پہنچنے لگا، واسا کے مینیجنگ ڈائریکٹر زاہد عزیز کی قیادت میں افسران نے سائیکلوں پر سفر کیا۔

    زاہد عزیز کا کہنا ہے کہ لاہور میں اسموگ کے پیش نظر واسا نے یہ اقدام کیا ہے۔

    ایم ڈی واسا نے چند دن قبل اسموگ میں کمی کے لیے ہدایت نامہ جاری کیا تھا جس کے تحت 31 اکتوبر کے بعد سے ہر ہفتے کے روز افسران سائیکل پر دفتر آئیں گے۔

    علاوہ ازیں 31 اکتوبر سے رواں سال کے آخر تک افسران دفاتر تک اکیلے گاڑی چلا کر نہیں آسکیں گے، ایک گاڑی کم از کم 2 افسران استعمال کریں گے، صرف خواتین افسران کو اس سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔

    واسا نے اعلان کیا تھا کہ 16 اکتوبر کے بعد سے تمام ہیوی مشنری 2 ماہ کے لیے بند رکھی جائے گی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ دو برسوں سے زہریلی دھند یعنی اسموگ کا مسئلہ نہایت شدت اختیار کرگیا ہے، اسموگ موسم سرما میں صوبہ پنجاب کو خاص طور پر متاثر کر رہی ہے۔

    اسموگ کی وجہ سے سانس لینا دو بھر ہوجاتا ہے جبکہ شہریوں کی بڑی تعداد سانس کی بیماری سمیت مختلف طبی امراض میں مبتلا ہوجاتی ہے۔

    اسموگ کی بڑی وجہ پنجاب میں اینٹوں کے بھٹے اور فصلوں کی باقیات کو جلانا قرار دیا گیا تھا جس کے باعث گزشتہ برس صوبے بھر میں قائم اینٹوں کے بھٹوں کو عارضی طور پر بند کردیا گیا تھا۔

    رواں برس بھی پنجاب میں اکتوبر سے دسمبر تک اینٹوں کے بھٹے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، شہر میں اسموگ کی آمد سے قبل اداروں کی مشترکہ ٹیمیں بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    چیئرمین جوڈیشل واٹر اینڈ انوائرمینٹل کمیشن جسٹس (ر) علی اکبر قریشی کا کہنا ہے کہ فضائی آلودگی میں اضافہ کرنے والی گاڑیوں کے چالان یقینی بنائے جائیں اور فٹنس سرٹیفکیٹ کے اجرا تک انہیں بند رکھا جائے۔

  • لاہور اور دیگر شہروں سے بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہونے پر عثمان بزدار سخت برہم

    لاہور اور دیگر شہروں سے بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہونے پر عثمان بزدار سخت برہم

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے لاہور اور دیگر شہروں سے بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا عندیہ دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے شہری انتظامیہ اور واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی (واسا) حکام سے رابطہ کیا، وزیر اعلیٰ نے لاہور اور دیگر شہروں سے بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ بارش کے پیش نظر پیشگی اقدامات کیوں نہیں کیے گئے، بارش ہوئے کئی گھنٹے گزر گئے پانی کیوں کھڑا ہے؟

    انہوں نے ہدایت کی کہ واسا حکام مرکزی اور رابطہ سڑکوں پر جمع پانی کی نکاسی پر توجہ دیں، جہاں جہاں پانی جمع ہے افسران اپنی نگرانی میں وہاں سے نکاسی مکمل کروائیں۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پانی کھڑا ہونے سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں، نکاسی آب کا عمل فوری توجہ کا متقاضی ہے، غفلت کی گنجائش نہیں۔

    انہوں نے لاہور اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں پانی کی نکاسی نہ ہونے پر ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا عندیہ بھی دیا۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل عید الاضحیٰ کے موقع پر بھی وزیر اعلیٰ نے کہا تھا کہ صفائی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، شکایت آنے پر عملے کے خلاف تادیبی کارروائی ہوگی۔

    وزیر اعلیٰ نے صفائی آپریشن مؤثر انداز سے جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ آپریشن پر مامور گاڑیاں گلیوں، سڑکوں اور محلوں کا گشت کرتی رہیں اور صفائی کا کام جلد مکمل کریں۔

  • مساجد میں وضو کے لیے استعمال ہونے والا پانی پودوں کو دیا جائے گا

    مساجد میں وضو کے لیے استعمال ہونے والا پانی پودوں کو دیا جائے گا

    لاہور: واسا (واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی) نے مساجد میں وضو کے لیے استعمال ہونے والا پانی شہر میں ہریالی بڑھانے کے لیے استعمال کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق واسا نے کہا ہے کہ وضو کے دوران استعمال ہونے والا پانی ٹینکوں میں ذخیرہ کیا جائے گا، تاکہ یہ پانی ضائع نہ ہو اور ہریالی بڑھانے کے لیے کام آ سکے۔

    [bs-quote quote=”لاہور میں واقع مختلف پارکوں کے ساتھ بنی ہوئی 70 مسجدوں کے لیے واٹر ٹینک بنائے جائیں گے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_job=”واسا”][/bs-quote]

    واسا کا کہنا ہے کہ لاہور میں واقع مختلف پارکوں کے ساتھ بنی ہوئی 70 مسجدوں کے لیے ایسے واٹر ٹینک بنائے جائیں گے جن میں وضو کا پانی جمع کیا جائے گا۔

    واسا کے مطابق یہ جمع شدہ وضو کا پانی لاہور کے پارکوں میں موجود پودوں اور درختوں کو دیا جائے گا، اس سے نہ صرف پانی ضائع ہونے سے بچے گا بلکہ زیرِ زمین پانی کی سطح بھی بہتر ہوگی۔

    اس سلسلے میں وزیرِ ہاؤسنگ پنجاب محمود الرشید نے لاہور میں واسا کی جانب سے شروع کیے جانے والے ایک پائلٹ پراجیکٹ کا افتتاح بھی کر دیا ہے۔


    یہ بھی پڑھیں:  پاکستانی سائنس دان کا کارنامہ، استعمال شدہ پانی کی ری سائیکلنگ کا طریقہ دریافت


    واسا نے کہا ہے کہ مذکورہ پائلٹ پراجیکٹ پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی کے سپرد کر دیا گیا ہے، پی ایچ اے پارکوں سے ملحقہ مساجد میں ٹینکس بنائے گا۔

    خیال رہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کی حکومت ملک میں ہریالی بڑھانے کے لیے کروڑوں درخت لگانے کی ایک بڑی مہم بھی پوری کر چکی ہے، جب کہ ملک بھر میں پانی کے مسائل سے بھی نمٹنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

  • لاہورمیں بارش‘ چھتیں گرنے، کرنٹ لگنےسے6 افراد جاں بحق، دس زخمی، بجلی غائب

    لاہورمیں بارش‘ چھتیں گرنے، کرنٹ لگنےسے6 افراد جاں بحق، دس زخمی، بجلی غائب

    لاہور : تین گھنٹے کی موسلادھار بارش سے لاہور کی سڑکیں زیرِآب، گلی محلے اور گھرتالاب بن گئے، چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے سے چھ افراد جاں بحق چھ زخمی ہوگئے، بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں بارش نے سابق خادم اعلیٰ کی اعلیٰ کارکردگی کا پول کھول دیا، پورا شہربارش کے پانی میں ڈوب گیا، سڑکیں ندی نالوں اورمحلے تالابوں کا منظر پیش کرنےلگے، سڑکیں بنانے والوں کے شہر کی سب سے بڑی اور اہم شاہراہ مال روڈ پر کئی فٹ گہرا شگاف پڑگیا۔

    تین گھنٹےمیں مسلسل بارش نے ن لیگی حکومت کی کارکردگی کو ڈبو دیا، میٹرو کے شہر میں لوگوں کوآمد ورفت کے لیے کشتیوں کا سہارا لینا پڑا، گلبرگ جیسے پوش علاقے بھی بارش کے پانی میں ڈوب گئے۔ گھروں میں پانی گھس گیا، گھروں میں موجود قیمتی سامان تباہ ہوکر رہ گیا۔


    لاہور میں آندھی کے ساتھ موسلادھاربارش نے تباہی مچادی، تین گھنٹےمیں 238 ملی میٹربارش کے بعد نالےاورمحلےتالاب بننے سے پیرس بنانے کے دعوے پانی میں غرق ہو گئے

    مختلف علاقوں ریواز گارڈن اور قرطبہ چوک  میں گھروں کی چھتیں گرنے کرنٹ لگنے سے 6 افراد جاں کی بازی ہار  گئے جبکہ دس افراد کو  زخمی حالت میں اسپتال منتقل کرنا پڑا ۔

     لاہور ہی کےعلاقے جوہرٹاؤن میں مکان کی چھت گرنے سے ماں او دو بچے زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔

    موسلادھار بارش سے شہر کے مختلف علاقوں میں دو سو سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے، شادمان، مسلم ٹاؤن، ہربنس پورہ سمیت متعدد علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔

    طوفانی بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہے، بارش کا سلسلہ تھم جانے کے بعد بھی پانی کی سطح میں کمی نہیں آسکی۔

    دوسری جانب واسا نے ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے نشیبی علاقوں سے پانی کو فوری طور پرنکالنے کی ہدایت جاری کردی، واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ آئندہ 48 گھنٹوں تک جانے رہنے کا امکان ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • لاہور میں موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار

    لاہور میں موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار

    لاہور: پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں تیزہواؤں کے ساتھ ہونے والی موسلا دھار بارش سے موسم سہانا ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور اور اس کے گردونواح میں موسلادھار بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا، ٹھنڈی ہواؤں سے گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا۔

    لاہور میں ایک گھنٹے تک جاری رہنے والی بارش سے شہر کی مصروف ترین شاہراوں پر پانی جمع ہوگیا جس کے باعث پیدل اور موٹرساییکل سوارافراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

    دوسری جانب ایم ڈی واسا سید زاہد نے دعویٰ کیا ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کے باعث جمع ہونے والے پانی کو نکال دیا گیا ہے۔

    ادھر چیف میٹرولوجسٹ محمد ریاض نے عید کے روز بھی لاہور میں بارش کی پیش گوئی کی ہے جبکہ واسا نےعید کے روز بھی عملے کو ڈیوٹی پر موجود رہنے کی ہدایت کی ہے۔


    کراچی: طوفانی بارش سے 17 افراد جاں بحق، متعدد علاقے زیر آب


    واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں طوفانی بارش کے سبب حادثات اور کرنٹ لگنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 17 ہوگئی تھی ، شہر بھر کی سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں تھی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔