Tag: واشنگٹن ڈی سی

  • امریکی صدر ٹرمپ نے واشنگٹن ڈی سی کا سیکیورٹی کنٹرول سنبھال لیا

    امریکی صدر ٹرمپ نے واشنگٹن ڈی سی کا سیکیورٹی کنٹرول سنبھال لیا

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک حیرت انگیز اقدام کے تحت واشنگٹن ڈی سی کا سیکیورٹی کنٹرول سنبھال لیا ہے۔

    امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں صدر نے نیشنل گارڈز تعینات کر کے پولیس کا کنٹرول وفاق کے سپرد کر دیا ہے۔

    صدر ٹرمپ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ آج واشنگٹن ڈی سی میں آزادی کا دن ہے، جرائم پر قابو پانے کے لیے 800 نیشنل گارڈ کے جوان تعینات کر رہے ہیں، ڈی سی میں خون کے پیاسے مجرم اور آوارہ گرد نوجوانوں کے جتھوں نے شہریوں اور سیاحوں کی زندگی اجیرن کر دی تھی۔

    ٹرمپ نے پولیس ڈیپارٹمنٹ کو براہ راست وفاقی کنٹرول میں دینے اور نیشنل گارڈ کے دستوں کو ملک کے دارالحکومت میں تعینات کرنے کی وجہ یہ قرار دی ہے کہ شہر میں امن بحال کرنا ہے۔ امریکی صدر نے بارہا ڈی سی میں بڑھتے ہوئے جرائم کے بارے میں شکایت کی ہے، لیکن اس کے برعکس امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر جرائم کی تعداد 2024 کے مقابلے اس سال کم رہی ہے۔


    الاسکا میں امریکی روسی صدور کی طے شدہ ملاقات پیوٹن کی فتح قرار


    رپورٹس کے مطابق دارالحکومت کے حکام اس اعلان سے بے خبر تھے، شہر کے محکمہ پولیس اور میئر موریل باؤزر کو ٹرمپ کے اعلان سے پہلے اس منصوبے کے بارے میں کوئی علم نہیں تھا، ٹرمپ کے اعلان کے بعد میئر باؤزر نے اس پر تنقید کی اور اسے پریشان کن قدم قرار دیا۔

    شہر کے حکام کا اصرار ہے کہ ڈی سی میں جرائم کے رجحان میں پہلے ہی سے کمی دیکھی جا رہی ہے۔ پریس کانفرنس کے موقع پر ٹرمپ کے ساتھ ان کے اٹارنی جنرل، ان کے سیکریٹری دفاع اور ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کاش پٹیل بھی ہمراہ تھے، صدر نے کہا کہ وہ پبلک سیفٹی ایمرجنسی کا اعلان کر رہے ہیں اور ان کی انتظامیہ بے گھر کیمپوں کو ہٹائے گی، انھوں نے اعلان کیا کہ ہم اپنا دارالحکومت واپس لینے جا رہے ہیں، اور کچی آبادیوں سے چھٹکارا حاصل کریں گے۔

  • صدر ٹرمپ نے واشنگٹن ڈی سی میں ایمرجنسی نافذ کر دی

    صدر ٹرمپ نے واشنگٹن ڈی سی میں ایمرجنسی نافذ کر دی

    امریکا (11 اگست 2025): صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں پبلک سیفٹی ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں پبلک سیفٹی ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان کرتے ہوئے اٹارنی جنرل پام بونڈی کو ڈی سی پولیس کا کنٹرول سونپ دیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے اس ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان کیا اور کہا کہ وہ امریکی دارالحکومت میں نیشنل گارڈ کے 800 دستے تعینات کر رہے ہیں اور واشنگٹن کے محکمہ پولیس کو وفاقی کنٹرول میں دے رہے ہیں تاکہ لاقانونیت کا مقابلہ کیا جا سکے۔

    صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہمارے دارالحکومت کو پر تشدد گروہوں اور خونخوار مجرموں نے چھین لیا ہے۔ اس لیے میں واشنگٹن ڈی سی میں امن و امان اور عوامی تحفظ کی بحالی میں مدد کے لیے نیشنل گارڈ کو تعینات کر رہا ہوں۔

    ان کا کہنا تھا کہ اگر ضرورت پڑی تو وہ امریکی فوج بھی بھیجیں گے جب کہ امریکی وزیر دفاع ہیگستھ نے کہا کہ وہ واشنگٹن کے باہر سے نیشنل گارڈ کے اضافی دستے بلانے کے لیے تیار ہیں۔

    ٹرمپ کا یہ بھی کہنا تھا کہ واشنگٹن جو پہلے بہت خوبصورت شہر ہوا کرتا تھا، اب افسوس ایک گندا شہر بن گیا ہے۔ انہوں نے شہر میں گڑھوں اور دیواروں پر گرافٹی کو شرمناک قرار دیا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر نے واشنگٹن ڈی سی سے بے گھر افراد کو منتقل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ واشنگٹن ڈی سی آج آزاد ہوگا۔ جرائم، بربریت اور بدکردار عناصر کا مکمل خاتمہ کر کے واشنگٹن کو دوبارہ عظیم بنایا جائے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ آج ڈی سی کی آزادی کا دن ہے، ہم اپنا کیپیٹل واپس لیں گے۔ جرائم کے خاتمے کا آغاز دارالحکومت سے ہوگا اور پھر ملک بھر میں کریک ڈاؤن ہوگا۔

    دوسری جانب صدر ٹرمپ کی جانب سے واشنگٹن ڈی سی میں پبلک سیفٹی ایمرجنسی کے نفاذ اور بے گھر افراد کو بے دخل کرنے کے فیصلے کے خلاف شہری وائٹ ہاؤس کے سامنے جمع ہو گئے۔

    https://urdu.arynews.tv/donald-trump-vows-to-evict-homeless-from-washington-dc/

  • مودی کی مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز پالیسی پر بین الاقوامی میڈیا بھی بول اٹھا

    مودی کی مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز پالیسی پر بین الاقوامی میڈیا بھی بول اٹھا

    پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد مودی کی مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز پالیسی پر بین الاقوامی میڈیا بھی بول پڑا ہے۔

    الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق پہلگام حملےکے بعد کشمیری اور بھارتی مسلمانوں پر حملوں میں اضافہ ہوگیا ہے، بھارت بھر میں 21 سے زائد مسلمانوں پر تشدد کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق نفرت انگیز اور اسلامو فوبیا پر مشتمل 20 گانے ریلیز ہوئے، مسلمانوں کے معاشی بائیکاٹ کے اشتعال انگیز اقدامات کئے جارہے ہیں۔

    واشنگٹن ڈی سی کے "مرکز برائے مطالعہ منظم نفرت”کی رپورٹ کے مطابق بھارت میں مسلم دشمنی بڑھ چکی ہے، اترپردیش، ہریانہ، مہاراشٹرا میں مسلمانوں کو دھمکیاں دی جارہی ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق بی جے پی رہنماؤں کی ایما پر مساجد میں توہین آمیز پوسٹرز لگائے گئے ہیں، بھارتی ڈیجیٹل میڈیا بھی مسلمانوں کے خلاف زہر اگل رہا ہے۔

  • امریکی طیارے، ہیلی کاپٹر ٹکرانے کا واقعہ، دریا سے 28 لاشیں نکال لی گئیں

    امریکی طیارے، ہیلی کاپٹر ٹکرانے کا واقعہ، دریا سے 28 لاشیں نکال لی گئیں

    واشنگٹن: امریکی مسافر طیارے اور ہیلی کاپٹر ٹکرانے کے افسوسناک واقعے میں دریا سے اب تک 28 کے قریب لاشیں نکالی جاچکی ہیں۔

    امریکی مسافر طیارہ حادثے سے متعلق ریسکیو حکام نے بتایا کہ مسافرطیارے کے دریا میں گرنے سے پہلے دو ٹکڑے ہوگئے تھے، ہیلی کاپٹر کے بلیڈ نے حادثے میں طیارے کو دو ٹکڑوں میں تباہ کیا، جنھیں دریا سے نکالا جارہا ہے۔

    یہ خبریں بھی سامنے آرہی ہیں کہ طیارے میں اسکیٹنگ ورلڈ چیمپئن روسی جوڑا بھی موجود تھا،فائر چیف کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ واقعے میں کسی کے زندہ بچ جانے کا امکان نہیں ہے، دریائے پوٹومیک سے 28 لاشیں نکالی جاچکی ہیں جبکہ مزید مسافروں کی تلاش کا عمل جاری ہے۔

    سیکریٹری ٹرانسپورٹ نے کہا کہ حادثے کو روکا جاسکتا تھا اسی لیے تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے، امریکی ایئرلائنز نے بتایا کہ مسافر طیارے میں 60 مسافر اور 4 عملے کے ارکان سوار تھے۔

    امریکی حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار طیارے کا ڈیٹا ریکارڈ غوطہ خوروں کومل گیا، سی ای او امریکی ایئرلائنز نے سوال کیا کہ مسافر طیارے کے راستے میں فوجی ہیلی کاپٹر کیسے آیا؟

    فیڈرل ایوی ایشین حکام نے بتایا کہ حادثہ رات نو بجے واشنگٹن ڈی سی کے ریگن ایئرپورٹ کے قریب پیش آیا، طیارہ دریائے پوٹومیک کے اوپر رن وے پراترنے کی کوشش کررہا تھا کہ فوجی ہیلی کاپٹر سیدھا آکرٹکرا گیا، ایئرپورٹ کوجمعہ تک پروازوں کیلئے بند کردیا گیا ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/washington-dc-plane-crash/

  • ن لیگ کے صدر نواز شریف واشنگٹن ڈی سی پہنچ گئے

    ن لیگ کے صدر نواز شریف واشنگٹن ڈی سی پہنچ گئے

    واشنگٹن :ن لیگ کے صدر نواز شریف امریکا پہنچ گئے، جہاں وہ اپنے قریبی دوست کی اہلیہ کی وفات پر تعزیت کریں گے اور طبی معائنہ بھی کرائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ن لیگ کے صدر نواز شریف واشنگٹن ڈی سی پہنچ گئے، پاکستانی سفیر رضوان شیخ اور سینئر سفارتکاروں نے ان کا استقبال کیا۔

    ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف قریبی دوست کی اہلیہ کی وفات پر تعزیت کرنے آئے ہیں، اس کے ساتھ ہی ن لیگی صدر پینسیلوینیا میں طبی معائنہ بھی کرائیں گے۔

    گذشتہ روز سابق وزیراعظم  برطانیہ سے امریکا روانہ ہوئے تھے ، امریکا روانگی سے پہلے لندن میں ن لیگی صدر سے صحافی نے دلچسپ سوال کرتے ہوئے کہا کہ آپ وزیراعظم کیوں نہیں بنے؟

    مزید پڑھیں : آپ وزیراعظم کیوں نہیں بنے؟ نواز شریف کا صحافی کے سوال پر دلچسپ جواب

    جس پر جواب میں ن لیگی صدر  نے کہا کیا امریکا جانے سے پہلے یہ پوچھنا ضروری ہے۔

    واضح رہے کہ 25 اکتوبر کو مسلم لیگ ن کے صدر نوازشریف غیرملکی ایئرلائن کی پرواز سے دبئی روانہ ہوئے تھے، ن لیگی صدر نے دو روز قیام کے دوران لندن میں اہم ملاقاتیں کیں۔

    پارٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ ن لیگی صدر امریکا میں 4 روزقیام کے بعد واپس لندن پہنچیں گے جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا نومبر کے پہلے ہفتے میں برطانیہ کے نجی دورے پر جانے کا امکان ہے ، دونوں رہنما 5 مختلف ممالک کے دوروں کےدوران اہم ملاقاتیں کریں گے۔

  • اردن کے بادشاہ عبداللہ دوم واشنگٹن ڈی سی پہنچ گئے

    اردن کے بادشاہ عبداللہ دوم واشنگٹن ڈی سی پہنچ گئے

    واشنگٹن: اردن کے بادشاہ عبداللہ دوم واشنگٹن ڈی سی پہنچ گئے ہیں۔

    الجزیرہ کے مطابق اردن کے بادشاہ عبداللہ دوم واشنگٹن ڈی سی پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ امریکی صدر جو بائیڈن سے پیر کو ملاقات کریں گے، توقع کے مطابق ملاقات کے دوران غزہ کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    اردن کے سرکاری میڈیا پر چند دن قبل ایک ویڈیو آئی تھی جس میں بادشاہ عبداللہ دوم کو غزہ کو فضا سے طبی سامان پہنچانے میں ذاتی طور پر مدد کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا، یہ امریکی دورہ اس کے بعد سامنے آیا ہے۔

    دورے کی میزبانی وائٹ ہاؤس کر رہا ہے، جس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ دونوں رہنما غزہ میں ’بحران کے پائیدار خاتمے کی کوششوں‘ کے ساتھ ساتھ اردن اور امریکا کے درمیان ’مضبوط دوطرفہ تعلقات‘ پر بھی بات کریں گے۔

    دو طرفہ تعلقات کے سلسلے میں گفتگو میں اردن کے شمال مشرق میں ایک امریکی فوجی اڈہ بھی شامل ہے، جسے ٹاور 22 کہا جاتا ہے، جہاں جنوری میں ایک ڈرون حملے میں 3 امریکی فوجی مارے گئے تھے۔

    یہ اڈہ شام اور عراق کی سرحدوں کے قریب واقع ہے، عراقی فوج کے ترجمان کے مطابق امریکا نے اپنے فوجیوں کے اس علاقے سے انخلا پر بات چیت دوبارہ شروع کر دی ہے۔

  • مال کے اندر پرینک کرنے والے یوٹیوبر کو گولی مارنے کی ویڈیو وائرل

    مال کے اندر پرینک کرنے والے یوٹیوبر کو گولی مارنے کی ویڈیو وائرل

    شاپنگ مال کے بیچوں بیچ ایک شخص نے غصے میں آکر یوٹیوب پرینکسٹر کو گولی مار دی، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    واشنگٹن ڈی سی میں واقع ایک شاپنگ مال میں ایلن کولائی نامی شخص موجود تھا اسی دوران ٹانر کوک نامی یوٹیوب پرینکسٹر نے اس کے ساتھ پرینک کرنے کی کوشش کی اور فون اس کے کانوں سے لگا کر تنگ کرنے لگا۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایلن کولائی نے پہلے تو پرینک کرنے والے لڑکے کو منع کیا جب وہ نہ مانا تو اچانک اپنے بیگ سے پستول نکال کر اس پر گولی چلا دی جو کہ اس کے سینے کے بائیں طرف نچلے حصے میں لگی۔

    گولی لگنے کے بعد یوٹیوبر کو چیختے ہوئے بھی سنا جاسکتا ہے۔ تاہم امریکی جیوری کی جانب سے گولی چلانے والے شخص کو بے گناہ قرار دیتے ہوئے بری کردیا گیا ہے۔

    اپریل 2023 میں پیش آنے والے واقعے کے حوالے سے عدالت کا اپنے فیصلے میں کہنا تھا کہ ایلن کولائی اس نے اپنے سیلف ڈیفنس کے تحت یہ اقدام کیا۔

    اکیس سالہ کوک ’کلاسیفائیڈ گونز‘ کے نام سے یوٹیوب چینل چلاتا ہے اور اسی کے لیے وہ شاپنگ مال میں پرینک کرتے ہوئے مذکورہ شخص کو بہت زیادہ تنگ کررہا تھا۔

    https://twitter.com/Zenifywtf/status/1708230923525738898?ref_src=twsrc%5Etfw%7Ctwcamp%5Etweetembed%7Ctwterm%5E1708230923525738898%7Ctwgr%5Ea3b90c24aac417e5a2f97caf2df1d7a32f726f3a%7Ctwcon%5Es1_c10&ref_url=https%3A%2F%2Fwww.timesnownews.com%2Fviral%2Fviral-video-alan-colie-shoots-youtube-prankster-tanner-cook-at-dulles-town-center-article-104074800

    ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے ’ایکس‘ پر ایک صارف نے لکھا کہ مشہور یوٹیوبر کو پرینک کو حد سے زیادہ طویل کرنے پر گولی ماری گئی اب کوئی بھی اس طرح کا پرینک کرنے سے پہلے دو بار سوچے گا۔

    ایک صارف نے لکھا کہ بہت سے لوگ اس عمل کا دفاع کررہے ہیں، یوٹیوبر کو سزا ملنے کی ضروت تو تھی مگر اسے گولی نہیں مارنی چاہیے تھی۔

  • امریکا میں سابق صدور کو کتنی اہمیت دی جاتی ہے؟

    امریکا میں سابق صدور کو کتنی اہمیت دی جاتی ہے؟

    یہ درست ہے کہ امریکا ہر لحاظ سے دنیا پر اپنی برتری ثابت کرنے کے جنون میں‌ مبتلا ہے۔

    امریکا دنیا کی واحد سپر پاور ہونے کا دعویٰ دار تو ہے ہی، لیکن خود کو جمہوریت کا ‘چیمپئن’ بھی سمجھتا ہے جسے اس کے مخالف ترقّی یافتہ اور طاقت وَر ممالک تسلیم نہیں کرتے، مگر ریاست ہائے متحدہ امریکا کے جمہوری نظام اور طرزِ حکومت و سیاست میں چند ایسی خوبیاں بھی ہیں جو لائقِ توجّہ اور دنیا بالخصوص ترقّی پذیر ممالک کے لیے مثال ہیں۔

    پاکستان جیسے ممالک میں‌ ‘جمہوریت’ تو ہے، مگر ملکی تاریخ میں جمہوریت کے لطف و حُسن کا مظاہرہ اور اس کی مثال شاذ ہی ملتی ہے۔ یہ بات آپ کی دل چسپی اور توجّہ کا باعث بنے گی کہ امریکا میں سابق صدور کو نہ صرف سیاسی بصیرت کا حامل اور دانش مند تصوّر کیا جاتا ہے بلکہ ملکی سلامتی اور قوم کے وسیع تر مفاد میں‌ ان کے مشوروں کو بھی اہمیت دی جاتی ہے۔

    ملکی اور عالمی سطح کے مختلف امور پر سابق صدور سے سیاسی مشاورت اور ان کے تجربے سے استفادہ کرنا امریکی جمہوریت کا حُسن ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہاں سابق صدور کو بھی قومی سلامتی کے امور پر باخبر رکھتے ہوئے اس ضمن میں‌ باقاعدہ بریفنگ دی جاتی ہے۔

    امریکا کے جمہوری کلچر میں ضرورت محسوس کرنے پر صدر کی جانب سے متعلقہ عملہ سابق صدر سے رابطہ کرکے کسی بھی اہم معاملے میں‌ مشاورت کرسکتا ہے۔ یہی نہیں‌ بلکہ ملکی مفاد میں سابق صدر ضروری سمجھے تو امریکی صدر سے رابطہ اور ملاقات کرکے بھی اپنی رائے اور مشورہ اس تک پہنچا سکتا ہے۔

  • کورونا کے ممکنہ  پھیلاؤ کا خطرہ، امریکا میں  پاکستانی سفارتخانہ بند

    کورونا کے ممکنہ پھیلاؤ کا خطرہ، امریکا میں پاکستانی سفارتخانہ بند

    واشنگٹن : امریکا میں کورونا کیسز کے ممکنہ پھیلاؤ کے خطرات کے پیش نظر واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی سفارتخانہ بند کر دیا تاہم ویزہ یا پاسپورٹ کیلئے آن لائن سروس کھلی رہے گی۔

    تفصیلات کے مطابق کورونا کیسز کے ممکنہ پھیلاؤ کے پیش نظر واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی سفارتخانہ بند کر دیا گیا ، ترجمان پاکستانی سفارتخانہ نے کہا پاکستانی سفارتخانہ آئندہ 3روز 4 سے 6 جنوری تک بند رہے گا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ سفارتخانہ کوجراثیم کش اسپرے کرنے کے بعد کھول دیا جائے گا، 3 روز تک قونصلر سروسز بھی بند رہیں گی۔

    پاکستانی سفارتخانہ نے مزید کہا کہ سفارتخانے کے تمام عملے کا کورونا ٹیسٹ کرایا جائے گا تاہم ویزہ یا پاسپورٹ کیلئے آن لائن سروس کھلی رہے گی۔

    خیال رہے دنیا بھر میں امریکا کورونا سے متاثرہ ممالک میں سرفہرست ہے، امریکا میں کورونا سے ریکارڈ 3900 اموات سامنے آئی ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد ساڑھے 3 لاکھ سے زائد جبکہ کیسز کی تعداد 2 کروڑ سے تجاوز کرگئی ہے۔

    امریکا کے ماہر وبائی امراض ڈاکٹر فاؤچی کا کہنا تھا کہ امریکا میں کلینیکل ٹرائلز کی ہدایات کے مطابق کورونا ویکسین دی جانی چاہیے ورنہ کورونا کی نئی قسم امریکا میں پھیل جائے گی۔

  • امریکا میں ایک اور پراسرار ستون نمودار

    امریکا میں ایک اور پراسرار ستون نمودار

    امریکا میں پراسرار ستونوں کے نمودار ہونے کا سلسلہ جاری ہے، ایک اور ستون ایک شخص کے گھر کے سامنے نمودار ہوگیا، اس بار یہ ستون لکڑی کا بنا ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق یہ نیا ستون واشنگٹن ڈی سی میں ایک شخص کے گھر کے سامنے نمودار ہوا ہے۔

    بل اینڈرسن نامی اس شخص کا کہنا ہے کہ اتوار کے روز وہ صبح کے وقت اپنے اہلخانہ کے ساتھ سیر و تفریح کے لیے نکلا، دوپہر کو جب وہ واپس آئے تو یہ ستون گھر کے سامنے لان میں گڑا ہوا تھا۔

    بل کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے پڑوسی بھی بے خبر ہیں اور انہوں نے یہاں کوئی مشکوک سرگرمی نہیں دیکھی۔

    بل نے بتایا کہ ان کے گھر کے باہر سیکیورٹی کیمرے بھی نصب ہیں تاہم جب انہوں نے وہ چیک کیے تو حیرت انگیز طور پر سب کی بیٹریاں ڈیڈ تھیں اور اس میں کچھ ریکارڈ نہ ہوسکا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ وہ اس پراسرار ستون کے بارے میں کہانیاں سن چکے ہیں اور خوش ہیں کہ نادیدہ خلائی مخلوق نے اس بار ان کے گھر کا انتخاب کیا، انہیں اس بات کی بھی خوشی ہے کہ شہر کے لوگ ان کے گھر کے باہر آ کر اس کے ساتھ سیلفیاں بنا رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ سب سے پہلا دھاتی ستون امریکی ریاست یوٹاہ کے صحرا میں نمودار ہونے کے بعد غائب ہوا تھا، بعد ازاں یورپی ملک رومانیہ میں بھی ایسا ہی ستون اچانک نمودار ہوا اور غائب ہوگیا۔

    اس کے بعد ایک اور امریکی ریاست کیلی فورنیا میں تیسرا ستون نمودار ہوا اور چند دن بعد وہ بھی غائب ہوگیا۔ ایک اور ستون نیدر لینڈز جبکہ ایک سنہرا ستون کولمبیا میں نمودار ہوا تھا۔

    اکثر افراد یہ کہتے دکھائی دے رہے ہیں کہ یہ ستون خلائی مخلوق یہاں نصب کر گئی ہے اور اب ان کی موجودگی کا خیال انہیں خوفزدہ کیے ہوئے ہے۔

    امریکا اور رومانیہ میں نظر آنے والی یہ انوکھی چیز 1968 کی مشہور سائنس فکشن فلم 2001 اے اسپیس اوڈیسے کی یاد دلاتی ہے۔ اس فلم میں بھی اسی طرح کا خلائی ستون دکھایا گیا تھا۔