Tag: واشنگٹن

  • زندہ دفن ہونے والی خاتون نے ایپل واچ کے ذریعے جان بچا لی

    زندہ دفن ہونے والی خاتون نے ایپل واچ کے ذریعے جان بچا لی

    واشنگٹن: امریکا میں اپنے شوہر کے ہاتھوں زندہ دفن ہونے والی خاتون نے ایپل واچ کے ذریعے جان بچا لی۔

    تفصیلات کے مطابق واشنگٹن میں ایک ہول ناک واقعہ پیش آیا، جب ایک شخص نے اپنی بیوی کو شدید طور پر زخمی کر کے اسے ایک قبر کھود کر زندہ دفن کر دیا۔

    تاہم، 42 سالہ ینگ سوک آن نامی خاتون نے جدوجہد کر کے خود کو اتھلی قبر سے باہر نکال لیا، اور پھر ایپل واچ پر 911 پر کال کر کے مدد طلب کر لی، اور اس طرح ان کی جان بچ گئی۔

    پولیس حکام کے مطابق 16 اکتوبر کی دوپہر کو ینگ سوک آن کو ان کے شوہر 53 سالہ چائے کیونگ این نے چھرا بھی گھونپا تھا، اس کے بعد گلے، منہ اور ٹانگوں کو ٹیپ سے باندھ دیا تھا اور جنگل میں دفن کر دیا۔

    خاتون کو بازیاب کرنے والے اہل کاروں کا کہنا تھا کہ خاتون کو اس کے شوہر نے گھر سے اغوا کیا تھا، شوہر نے اس سے قبل دھمکی دی تھی کہ وہ اسے ریٹائرمنٹ کی رقم دینے کی بجائے جان سے مار ڈالے گا۔

    رپورٹس کے مطابق خاتون نے جدوجہد کر کے مٹی کھودی اور خود کو قبر سے باہر نکال لیا، اور پھر ایپل واچ پر ایمرجنسی کال کر کے مدد طلب کر لی۔

    حملہ آور شوہر کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

  • پاک امریکا ہیلتھ ڈائیلاگ، پاکستانی وفد واشنگٹن پہنچ گیا

    پاک امریکا ہیلتھ ڈائیلاگ، پاکستانی وفد واشنگٹن پہنچ گیا

    اسلام آباد: پاک امریکا ہیلتھ ڈائیلاگ کے لیے پاکستانی وفد واشنگٹن پہنچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک امریکا تعلقات میں بہتری کے لیے باہمی رابطوں میں تیزی آ گئی، امریکی دعوت پر پاک امریکا ہیلتھ ڈائیلاگ میں شرکت کے لیے 4 رکنی پاکستانی وفد وزیر صحت قادر پٹیل کی قیادت میں واشنگٹن پہنچ گیا ہے۔

    پاک امریکا ہیلتھ ڈائیلاگ کا آغاز 25 جولائی سے ہو گا، اب تک ڈائیلاگ کے 9 ورچول رائونڈز ہو چکے ہیں، ڈائیلاگ میں وزارت صحت حکام اور ماہرین صحت ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوں گے۔

    پاکستانی وفد میں سربراہ این آئی ایچ، ڈائریکٹر وزارت صحت ڈاکٹر بصیر اچکزئی، امریکا میں پاکستانی سفیر مسعود خان، اور امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ اور محکمہ صحت حکام شریک ہیں۔

    ذرائع وزارت صحت کے مطابق ہیلتھ ڈائیلاگ میں صحت کے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر بات ہوگی، بارڈر ہیلتھ سیکیورٹی سروسز، غیر متعدی امراض، کرونا وبا، چائلڈ ایمونائزیشن، نیوٹریشن، ماں بچے کی صحت کے مسائل، سی ڈی سی، اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی میں اصلاحات پر غور کیا جائے گا۔

    پاکستانی وفد ہیلتھ ڈائیلاگ میں شعبہ صحت کے چیلنجز کی نشان دہی کرے گا، وفد امریکا کو شعبہ صحت میں باہمی تعاون کے ثمرات اور شعبہ صحت میں ممکنہ تعاون بارے آگاہ کرے گا۔

    ذرائع نے بتایا کہ امریکا پاکستانی شعبہ صحت میں اصلاحات کے لیے تکنیکی معاونت فراہم کرے گا، شعبہ صحت کی ٹیکنالوجی ٹرانسفر میں تعاون سمیت امریکی محکمہ صحت پاکستانی طبی ماہرین اور عملے کو تربیت بھی فراہم کرے گا۔

    امریکا پاکستان کو شعبہ صحت کی اپ گریڈیشن میں معاونت سمیت کرونا وائرس روک تھام، پولیو، متعدی، اور غیر متعدی امراض کے لیے بھی تعاون فراہم کرے گا۔

    ذرائع کے مطابق امریکا پاکستانی سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اور لیبارٹریز کے لیے آلات بھی فراہم کرے گا، جب کہ رواں ماہ پاکستان کو امریکا 4 جدید موبائل لیبارٹریز فراہم کر چکا ہے۔

  • پاکستان نے خطے میں ہمیشہ امن و استحکام لانے کے لیے کام کیا: سردار مسعود خان

    پاکستان نے خطے میں ہمیشہ امن و استحکام لانے کے لیے کام کیا: سردار مسعود خان

    واشنگٹن: اسلام آباد کی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے 15 رکنی وفد نے امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے کا دورہ کیا، پاکستانی سفیر سردار مسعود نے وفد کو پاکستان امریکا تعلقات اور اہم علاقائی امور پر بریفنگ دی۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا 15 رکنی وفد واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے پہنچا، وفد کی پاکستانی سفیر سردار مسعود خان سے ملاقات ہوئی۔

    وفد میں پاک فوج اور سول سروسز کے سینئر افسران، بنگلہ دیش، سری لنکا اور سعودی عرب کے اتحادی حکام شامل تھے۔

    سردار مسعود نے وفد کو پاکستان امریکا تعلقات اور اہم علاقائی امور پر بریفنگ دی، انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک اپنے تعلقات مزید مضبوط بنانے کے لیے جامع ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں، دونوں ممالک افغانستان میں انسانی بحران روکنے کے لیے مل کر کام جاری رکھیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں، اقتصادی، تجارتی، دفاع، تعلیم، آئی ٹی و دیگر شعبہ جات سے متعلق بھی کام کیا جا رہا ہے۔

    پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ دفاعی اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون سمیت تجارت، سرمایہ کاری، آب و ہوا،صحت، توانائی اور تعلیم کا محکمہ بھی یکساں اہمیت کا حامل ہے۔

    انہوں نے یوکرین کے جاری بحران کے حل کے لیے فعال سفارت کاری کی فوری ضرورت پر زور دیا، انہوں نے کہا کہ خطے میں جاری انسانی بحران، عالمی بحران کی حیثیت اختیار کر چکا ہے، بحران کے حل کے لیے اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور وعدوں پر اجتماعی ردعمل کی ضرورت ہے۔

    سردار مسعود خان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے خطے میں ہمیشہ امن و استحکام لانے کے لیے کام کیا ہے، پاکستان اور امریکا کے دیرینہ تعلقات میں امریکہ میں متعین تارکین وطن کا کردار انتہائی اہم ہے۔

  • دھکمی آمیز مراسلہ: پی ٹی آئی کابینہ نے کمیشن سے کیا سوالات پوچھے؟

    دھکمی آمیز مراسلہ: پی ٹی آئی کابینہ نے کمیشن سے کیا سوالات پوچھے؟

    اسلام آباد: واشنگٹن میں پاکستانی سفیر کو دھکمی آمیز مراسلے سے متعلق پوچھے گئے پی ٹی آئی کابینہ کے سوالات سامنے آ گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کابینہ نے کمیشن سے دھمکی آمیز مراسلے سے متعلق اہم سوالات پوچھے تھے، اور کہا تھا کہ کمیشن بنایا جائے جو ان سوالوں کا جواب دے۔

    کابینہ نے سوال کیا کہ کیا یہ حقیقت نہیں ہے کہ دستاویز دوسرے ملک میں متعین نمائندے کے پیغام پر مشتمل ہے؟ اور کیا یہ حقیقت نہیں کہ مذکورہ دستاویز میں ایک باضابطہ ملاقات کی تفصیلات موجود ہیں؟

    کابینہ نے یہ سوال بھی کیا کہ کیا یہ حقیقت نہیں کہ ملاقات میں تحریک عدم اعتماد کا ذکر کیا گیا؟ اور کیا یہ حقیقت نہیں کہ پاکستان کی معافی کو عمران خان کو ہٹانے کی شرط کے طور پر رکھا گیا؟

    کمیشن کے سامنے کابینہ نے یہ سوال بھی رکھا کہ کیا قومی سلامتی کمیٹی نے مراسلے کو پاکستان کے داخلی معاملات میں مداخلت قرار نہیں دیا؟ اور کیا سفیر کے مشورے کی روشنی میں مذکورہ ملک کو دیمارش دینے کا فیصلہ نہیں ہوا؟ کیا قومی سلامتی کمیٹی نے اہم نہ جانا کہ اسے پارلیمان سلامتی کمیٹی میں لایا جائے؟

    کابینہ نے کہا کہ ان نکات پر تحقیقات کی جائے، اور مراسلے میں دھمکی اور مقامی کرداروں میں گٹھ جوڑ کا سراغ لگایا جائے، مخصوص سفارت کاروں کی حزب اختلاف اور منحرف اراکین سے ملاقاتوں کی چھان بین کرنا ہوں گی۔

    کابینہ نے کہا کہ تحقیق کار سلامتی کمیٹی اجلاس کے شرکا میں سے ہر ایک کے خیالات کی چھان بین کے بعد رائے دیں گے، تحقیق کار کی رائے کے بعد ہی مختلف کرداروں کے حقیقی عزائم اور باہم تعلقات واضح ہوں گے۔

    ادھر آج پیر کو ترجمان دفتر خارجہ سے بریفنگ کے دوران امریکی سازش اور مراسلے پر سوالات کی بوچھاڑ کی گئی، ترجمان نے کہا سلامتی کمیٹی کے دونوں بیان ایک دوسرے سےملتے ہیں، پریمئیر انٹیلیجنس ایجنسی نے کمیٹی کو بریفنگ دی، اور ایجنسی نے تصدیق کی کہ کسی بیرونی سازش کےثبوت نہیں ملے۔

    ترجمان نے مزید کہا اسد مجید پر کسی قسم کا دباؤ نہیں تھا ایسی خبریں من گھڑت ہیں، دفتر خارجہ نے قانون کے مطابق احتجاجی مراسلہ حوالے کیا، مراسلے کئی روز تک دبانے کے حوالے سے خبریں بے بنیاد ہیں، ٹیلی گرام دفتر خارجہ پہنچا اور قانون کے مطابق متعلقہ حکام کے حوالے کیا گیا، مراسلہ قومی سلامتی کمیٹی میں زیر بحث لایا گیا اور پھر ڈیمارش دیا گیا۔

  • امریکی رکن کانگریس اور صحافی کو کاٹنے والی لومڑی میں ریبیز کی تصدیق

    امریکی رکن کانگریس اور صحافی کو کاٹنے والی لومڑی میں ریبیز کی تصدیق

    واشنگٹن: امریکا کے دارالحکومت واشنگٹن میں ایک لومڑی میں ریبیز کی تصدیق ہوگئی، اس لومڑی نے رکن کانگریس سمیت 9 افراد کو کاٹا ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق واشنگٹن میں کانگریس کی ایک رکن سمیت 9 افراد کو کاٹنے والی لومڑی میں باؤلے پن کے وائرس (ریبیز) کی تصدیق ہوئی ہے۔

    محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ خلیوں کے نمونوں کے لیبارٹری تجزیے میں لومڑی میں ریبیز کی موجودگی ثابت ہوگئی ہے۔

    امریکی محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ امریکا میں ہر سال انسانوں کو اس وائرس کے لاحق ہونے کے اوسطاً 1 سے 3 واقعات پیش آتے ہیں۔

    ریبیز وائرس کے منتقل ہونے کی عام وجہ کسی جانور کا اس طرح کاٹنا ہے کہ انسانی جلد میں چھید ہو جائے۔

    سنہ 2009 سے 2019 کے درمیان سامنے آںے والے 25 کیسز میں سے زیادہ تر میں لوگوں کو چمگادڑوں، کتوں اور ریکونز (خرسکوں) سے یہ وائرس منتقل ہوا، تاہم ان واقعات میں لومڑی کا ذکر کہیں نہیں تھا۔

    واشگنٹن میں موجود ڈی سی ہیلتھ کا کہنا ہے کہ ہمارا شعبہ ان سب لوگوں سے رابطہ کر رہا ہے جنہیں لومڑی نے کاٹا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ لومڑی میں وائرس کی موجودگی کی تصدیق کے لیے نمونے لیے گئے ہیں لیکن اس سے پہلے لومڑی کو انتہائی احتیاط سے بے ہوش کیا گیا۔

    اس لومڑی کے حملے کا نشانہ بننے والوں میں کانگریس کی رکن ایمی بیرا بھی شامل ہیں جنہوں نے اپنی تصویر بھی شیئر کی تھی جس میں لومڑی کے کاٹے کا نشان واضح تھا۔

    لومڑی کے کاٹنے کے بعد ایمی بیرا کو ٹیٹنس اور باؤلے پن سے حفاظت کے لیے ویکسین لینا پڑی، سات دیگر افراد کے علاوہ اس لومڑی نے ایک صحافی کو بھی نشانہ بنایا اور ان کی ایڑھی کو پیچھے سے کاٹا۔

  • 6 جنوری قریب آتے آتے واشنگٹن پر خوف کی فضا طاری ہو رہی ہے

    6 جنوری قریب آتے آتے واشنگٹن پر خوف کی فضا طاری ہو رہی ہے

    واشنگٹن: جیسے جیسے 6 جنوری کا دن قریب آتا جا رہا ہے، ویسے ویسے امریکی کیپیٹل پر خوف کی فضا طاری ہو رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کی کیپیٹل پولیس نے 6 جنوری کے قریب آنے پر فسادات دوبارہ رونما ہونے کا خدشہ ظاہر کر دیا ہے، جب کانگریس کی عمارت پر سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامی فسادیوں نے حملہ کر دیا تھا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق یو ایس کیپٹل پولیس کے ایک افسر اکیلینو گونیل نے گزشتہ سال 6 جنوری کو ہونے والے فسادات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال گزر گیا ہے لیکن وہ اب بھی اپنے بائیں بازو کو اوپر اُٹھا نہیں سکتا، جو حملے کے دوران زخمی ہوا تھا۔

    Aquilino Gonell

    گونیل نے کہا کہ بہت سے فسادیوں کو کافی سزا نہیں ہوئی بلکہ وہ میرے صحت یاب ہونے سے پہلے ہی اپنی سزا ختم کر کے جیل سے باہر آ گئے۔

    ریٹائرڈ جرنیلوں‌ نے امریکا میں‌ فوجی بغاوت کا خدشہ ظاہر کر دیا

    گونیل نے کہا کہ سیاست دانوں کی طرف سے 6 جنوری کے واقعات کو اہمیت نہ دینے سے بھی اسے دکھ پہنچا، امید ہے کہ فسادات کے جاری مقدمات کے نتیجے میں ذمہ داروں کو سخت سزا ملے گی۔

    انھوں نے کہا اس سے قطع نظر کہ سیاست دان کیا کہتے ہیں، میں ان لوگوں کے حوالے سے یہ نہیں چاہتا کہ وہ اچھے کی امید رکھیں۔

  • عوام کی ماہانہ آمدنی میں اضافہ ہوا ہے: وزیر خزانہ

    عوام کی ماہانہ آمدنی میں اضافہ ہوا ہے: وزیر خزانہ

    واشنگٹن: وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا ہے کہ ملکی معیشت کی بہتری کے لیے جامع اقدامات کیے جا رہے ہیں، ماہانہ بنیادوں پر آمدنی میں 0.5 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے دورہ امریکا کے دوران پاکستانی سفارتخانے میں پریس بریفنگ دی، اس موقع پر سیکریٹری خزانہ، گورنر اسٹیٹ بینک، پاکستانی سفیر اسد مجید اور دیگر موجود تھے۔

    وزیر خزانہ نے میڈیا کو دورہ امریکا کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کے اسٹرکچرل اصلاحاتی اقدامات کو سراہا گیا، ملکی معیشت کی بہتری کے لیے جامع اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارا ہدف ہے کہ 4 سے 5 سال میں ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح 20 فیصد تک لے جائیں، عام آدمی کی بہتری اور آسانی کے لیے ٹارگٹڈ سبسڈی کی طرف جا رہے ہیں۔ حکومت بوٹم اپ اپروچ کے ساتھ سود سے پاک قرض اسکیم لا رہی ہے۔

    وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ ستمبر کے دوران 2.7 ارب ڈالر کے ساتھ ترسیلات زر نے اپنی رفتار جاری رکھی، جون 202 سے ترسیلات زر 2 ارب ڈالر سے زیادہ پر قائم ہے۔ ساتواں مہینہ ہے جب آمدن اوسطاً 2.7 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئی۔ شرح نمو کے لحاظ سے ستمبر میں ترسیلات زر میں 16.9 فیصد سالانہ اضافہ ہوا۔

    انہوں نے کہا کہ ماہانہ بنیادوں پر آمدنی میں 0.5 فیصد اضافہ دیکھا گیا، پہلی سہ ماہی میں 8 ارب ڈالر کی ترسیلات زر میں 12.5 فیصد اضافہ ہوا، ستمبر 2021 میں ترسیلات زر کی آمد بنیادی طور پر سعودی عرب سے ہوئی۔

    وزیر خزانہ کا مزید کہنا تھا کہ ستمبر میں سعودی عرب سےترسیلات زر 681 ملین ڈالر تھی، متحدہ عرب امارات سے 502، برطانیہ سے 370 اور امریکا سے 245 ملین ڈالر ترسیلات رہیں۔

  • پاکستانی ڈرائیور کا قتل، امریکی نو عمر لڑکیوں کو عدالت سے سزا

    پاکستانی ڈرائیور کا قتل، امریکی نو عمر لڑکیوں کو عدالت سے سزا

    واشنگٹن: پاکستانی نژاد ٹیکسی ڈرائیور کے قتل پر 14 اور 15 سالہ لڑکیوں کو عدالت نے سزا سنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں گاڑی چوری کی واردات کے دوران پاکستانی ڈرائیور 66 سالہ محمد انور کے قتل کے جرم میں چودہ اور پندرہ سالہ لڑکی کو 21 سال کی ہونے تک قید کی سزا سنا دی گئی۔

    یاد رہے کہ رواں سال مارچ میں 2 نوجوان لڑکیوں نے فوڈ ڈلیور کرنے والی کمپنی ’اوبر ایٹس‘ کے ڈرائیور محمد انور سے گاڑی چھیننے کی کوشش کی تھی، اس دوران گاڑی بے قابو ہو گئی اور گاڑی لوہے کی ریلنگ کے ساتھ ٹکرا کر الٹ گئی، جس سے محمد انور کی موت واقع ہو گئی۔

    لڑکیوں نے اپنا جرم قبول کر لیا تھا، جس پر عدالت نے منگل کے روز 14 سالہ لڑکی کو زیادہ سے زیادہ 7 سال قید کی سزا سنا دی، اور اسے نو عمر قیدیوں کی جیل بھیج دیا، حادثے کے وقت ان لڑکیوں کی عمر 13 اور 15 سال تھی، جن میں چھوٹی لڑکی اب چودہ سال کی ہو گئی ہے۔

    امریکا میں قتل پاکستانی ڈرائیور کے اہل خانہ کیلئے خطیر رقم کا عطیہ

    پاکستانی نژاد محمد انور اپنے تین بچوں اور اہلیہ کے ساتھ امریکا میں 2014 سے رہائش پذیر تھے، وہ واشنگٹن ڈی سی میں فوڈ ڈلیور کرنے والی ایک کمپنی کے ساتھ بطور ڈرائیور کام کر رہے تھے۔

    اس واقعے کی ویڈیو بھی انٹرنیٹ پر موجود ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے، کہ محمد انور لڑکیوں سے گاڑی کا کنٹرول لینے کی کوشش کر رہے ہیں، کہ اسی دوران ان میں سے ایک لڑکی گاڑی کو تیز رفتاری کے ساتھ بھگاتی ہے، اور گاڑی بے قابو ہو کر لوہے کی ریلنگ کے ساتھ ٹکرا کر الٹ جاتی ہے۔

    دونوں لڑکیوں کو گاڑی میں سے باہر نکلنے کے ساتھ ہی علاقے میں موجود نیشنل گارڈز نے گرفتار کر لیا تھا، محمد انور شدید زخمی تھے، حادثے کے نتیجے میں ان کے جسم کی کئی ہڈیاں ٹوٹیں، سر پر شدید چوٹ آئی، ان کی موت بعد میں اسپتال میں واقع ہوئی۔

  • ٹرمپ کے حامیوں کا دنگا فساد کیپٹل ہل کے پولیس چیف کو لے ڈوبا

    ٹرمپ کے حامیوں کا دنگا فساد کیپٹل ہل کے پولیس چیف کو لے ڈوبا

    واشنگٹن: امریکا میں کیپیٹل ہل پولیس کے سربراہ نے استعفیٰ دے دیا ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق واشنگٹن کے اہم علاقے کیپٹل ہل میں بدھ کو ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں نے دنگا فساد کیا تھا جس پر پولیس چیف کو مستعفی ہونا پڑا۔

    میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ کیپٹل ہل پولیس چیف اسٹیون سَنڈ نے اپنا استعفیٰ پولیس بورڈ کو بھجوا دیا ہے جو 16 جنوری 2021 سے مؤثر ہوگا۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں نے بدھ کے روز کیپیٹل ہل کی عمارت (پارلیمنٹ ہاؤس) میں دنگا فساد کیا تھا، ٹرمپ کے حامیوں کے تشدد سے 5 افراد کی موت ہو گئی تھی۔

    واقعے کے بعد امریکی ایوان کی اسپیکر نینسی پلوسی نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو فوری طور پر عہدے سے ہٹا دیا جانا چاہیے یا کانگریس ان کا مواخذہ کرے، انھوں نے کہا ٹرمپ ملک کو مزید نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

    امریکی پارلیمان میں ہنگامہ آرائی، وائٹ ہاؤس کے اہم عہدیداران مستعفی

    واضح رہے کہ امریکی کانگریس پر حملے کے بعد کابینہ نے ٹرمپ پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور استعفوں کی بارش کر دی، سیکریٹری ٹرانسپورٹ اور سیکریٹری تعلیم نے بھی استعفیٰ دے دیا ہے، ٹرمپ انتظامیہ کے 3 عہدے دار پہلے ہی استعفیٰ دے چکے ہیں جب کہ اسپیکر کے مطالبے پر کیپیٹل پولیس چیف نے بھی استعفیٰ دے دیا۔

    حملے کی فوجداری تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، کانگریس کی اسپیکر نینسی پلوسی کے استعفیٰ مانگنے پر کپیٹل پولیس چیف نے سولہ جنوری کو عہدہ چھوڑنے کا اعلان کیا، سینیٹ سارجنٹ اور ڈور کیپر بھی مستعفی ہوگئے ہیں۔

    بدھ کو امریکی پارلیمنٹ پر حملے اور ہنگامہ آرائی میں ملوث 90 سے زیادہ افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے، مزید 35 افراد کی تلاش جاری ہے، ایف بی آئی نے ملزمان کو پکڑنے کے لیے عوام سے مدد مانگ لی ہے۔

  • گارڈن کی سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھنے کے بعد خاتون پر دہشت طاری ہو گئی (ویڈیو دیکھیں)

    گارڈن کی سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھنے کے بعد خاتون پر دہشت طاری ہو گئی (ویڈیو دیکھیں)

    واشنگٹن: رات میں عجیب آوازوں سے پریشان خاتون نے صبح گارڈن کی سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھی تو اس کے ہوش اڑ گئے، یہ فوٹیج سوشل میڈیا پر شیئر ہونے کے بعد تیزی سے وائرل ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر اکثر لوگ عجیب و غریب واقعات کی ویڈیوز شیئر کرتے ہیں، ایسی ہی ایک ویڈیو جب سوشل میڈیا پر آئی تو بڑی تیزی سے وائرل ہو گئی۔

    یہ ویڈیو ایک خاتون نے شیئر کی تھی، خاتون کو کئی دنوں سے راتوں کو پیچھے والے گارڈن سے عجیب و غریب آوازیں سنائی دے رہی تھیں، جن سے وہ کافی پریشان تھی، جب خاتون نے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز چیک کیں تو اس پر دہشت طاری ہو گئی۔

    اس ویڈیو میں گھر کے پائیں باغ میں ایک واضح اور عجیب سی پرچھائیں ٹہلتی نظر آ رہی ہے، سوشل میڈیا پر اسے کسی نے بھوت والی ویڈیو کہا تو کسی نے کہا یہ دراصل روشنی سے پیدا ہونے والا ہیولا ہے۔

    Can you see in the beginning, the ghost in the upper right corner? Even the horse in the middle left by the tree turns to look at it. from r/Ghosts

    واشنگٹن کے قریب کنٹری سائڈ علاقے میں رہنے والی خاتون نے بتایا کہ اس کے گھر کے پیچھے جانوروں کا چارہ رکھنے کے لیے لکڑی کا ایک بڑا احاطہ ہے، اس احاطے سے گزشتہ چند ہفتوں سے رات میں عجیب آوازیں آ رہی تھیں اور گھوڑے بھی کافی ڈرے ہوئے نظر آ رہے تھے۔

    خاتون کا کہنا تھا کہ جب یہ معلوم کرنے کے لیے کہ اس احاطے میں کیا ہو رہا ہے، اس نے سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج چیک کی تو وہ دہشت زدہ ہو گئی کیوں کہ اس میں یہ عجیب سی پرچھائیں ٹہلتی دکھائی دی۔

    خاتون کا کہنا تھا کہ وہ پرچھائیں دیکھ کر ڈر گئی تھی، یہ کسی انسان کا ہیولا نہیں ہو سکتا تھا کیوں کہ گھر کا دروازہ بند تھا، کسی کے اندر آنے کا امکان ہی نہیں تھا۔

    دوسری طرف سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ اکثر سی سی ٹی وی فوٹیج میں اس طرح کی پرچھائیں دکھائی دے جاتی ہے، یہ روشنی کے اینگل کے سبب ہوتا ہے اور اسے ٹرانسلیوسینٹ کہتے ہیں۔