Tag: والدہ

  • والدہ کے فریج سے 10 سال پرانی لاش برآمد ہونے پر بیٹا پریشان

    والدہ کے فریج سے 10 سال پرانی لاش برآمد ہونے پر بیٹا پریشان

    امریکا میں ایک شخص اپنی والدہ کی موت کے بعد ان کے گھر سے ان کا سامان سمیٹنے پہنچا تو فریزر میں سے ایک لاش برآمد ہوئی۔

    یہ واقعہ امریکی شہر نیویارک میں پیش آیا، پولیس نے مذکورہ شخص اور اس کی والدہ کا نام ظاہر نہیں کیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص اپنی والدہ کی موت کے بعد ان کے گھر پہنچا تاکہ مالک مکان سے حساب کتاب کرسکے اور اپنی والدہ کا سامان سمیٹ سکے۔

    تاہم اس وقت وہ نہایت خوفزدہ ہوگیا جب اس نے فریزر میں ایک لاش دیکھی جس کے بعد اس نے پولیس کو کال کی، فریج کو ٹیپ سے سیل کیا گیا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر لاش کم از کم 10 سال پرانی لگتی ہے، اور وہ اس قدر بوسیدہ حالت میں ہے کہ اس کی جنس شناخت کرنا بھی ممکن نہیں۔

    پولیس نے فی الحال گھر کو سیل کردیا ہے جبکہ لاش کا پوسٹ مارٹم بھی کروایا جارہا ہے۔

    مکان کے مالک کا کہنا ہے کہ ان کی بزرگ کرایہ دار نہایت خوش مزاج خاتون تھیں تاہم انہوں نے کبھی کسی کو گھر کے اندر داخل ہونے نہیں دیا۔ وہ اس اچانک صورتحال سے نہایت پریشان ہیں۔

  • ’بیٹی کی تصویر کو سینے سے لگایا اور کہا کہ ہمیں انصاف مل گیا‘

    ’بیٹی کی تصویر کو سینے سے لگایا اور کہا کہ ہمیں انصاف مل گیا‘

    نئی دہلی: بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں چلتی بس میں اجتماعی زیادتی اور بہیمانہ تشدد کا نشانہ بننے والی جیوتی کے 4 مجرمان کو سزائے موت کے بعد جیوتی کی والدہ کا کہنا ہے کہ بالآخر درندے اپنے انجام کو پہنچ گئے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی بس گینگ ریپ کے 4 مجرمان کو گزشتہ روز تہاڑ جیل میں پھانسی دے دی گئی، مجرموں کی رحم کی اپیل آخری وقت میں مسترد کردی گئی تھی۔

    پھانسی کے وقت تہاڑ جیل کے باہر موجود جیوتی، جسے نربھیا کہا جاتا رہا، کے والدین موجود تھے۔ نربھیا کی ماں کی آنکھوں میں آنسو، اور چہرے پر فتح کی مسکراہٹ تھی، اور وکٹری کا نشان بناتے ہوئے وہ کہہ رہی تھیں، بالآخر درندے اپنے انجام کو پہنچ گئے۔

    51 سالہ آشا دیوی کا کہنا تھا کہ سات سال بعد ان کی بیٹی کو انصاف مل گیا، ’میں نے اپنی بیٹی کی تصویر کو سینے سے لگایا اور کہا کہ ہمیں انصاف مل گیا‘۔

    نربھیا کے والد نے کہا کہ بھارت کی عدالتوں پر میرا اعتماد پھر سے بحال ہوگیا ہے۔

    مزید پڑھیں: ہر 15 منٹ میں ایک بھارتی خاتون زیادتی کا شکار

    یاد رہے کہ جنسی درندگی کا نشانہ بننے والی 23 سالہ طالبہ جیوتی سنگھ دسمبر 2012 میں اپنے ایک دوست کے ساتھ رات کے وقت سنیما سے گھر واپس جارہی تھیں جب خالی بس میں موجود اوباش مردوں نے اسے اجتماعی زیادتی اور انسانیت سوز تشدد کا نشانہ بنایا۔

    مجرمان نے جیوتی کے دوست پر بھی تشدد کر کے اسے بس سے اتار دیا بعد ازاں زندہ درگور جیوتی کو سڑک پر پھینک دیا، جیوتی پر اس قدر بہیمانہ تشدد کیا گیا تھا کہ اس کی انتڑیاں جسم سے باہر نکل آئی تھیں۔

    جیوتی چند دن اسپتال میں زندگی اور موت کی جنگ لڑنے کے بعد سنگاپور میں دم توڑ گئی جہاں اسے علاج کی غرض سے منتقل کیا گیا تھا، جیوتی کے بہیمانہ قتل اور زیادتی نے پورے بھارت میں آگ لگا دی اور ملک بھر میں پرتشدد مظاہرے ہوئے۔

    کیس میں 6 افراد کو گرفتار کر کے ان پر مقدمہ چلایا گیا تھا جن میں سے ایک ملزم کو کم عمر ہونے کی بنیاد پر مختصر حراست کے بعد رہا کر دیا گیا تھا، ایک ملزم نے جیل میں خودکشی کرلی تھی، بقیہ چاروں مجرمان کو بالآخر 7 سال بعد سزائے موت دے دی گئی۔

  • سخت گیر ماؤں کے بچے خوش ہوجائیں

    سخت گیر ماؤں کے بچے خوش ہوجائیں

    کہا جاتا ہے کہ والدین کو بچوں کا دوست ہونا چاہیئے، اور ان پر زیادہ سختی نہیں کرنی چاہیئے۔ تاہم حال ہی میں ایک تحقیق سے علم ہوا کہ سخت گیر والدین خصوصاً مائیں بچوں کے بہتر مستقبل کی ضمانت ہوسکتی ہیں۔

    حال ہی میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق سخت گیر اور تنقیدی ماؤں کے بچے نرم مزاج رکھنے والی ماؤں کے بچوں کے مقابلے میں زیادہ کامیاب ہوسکتے ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسی مائیں جو اپنے بچوں کی غلطیوں پر سختی سے پیش آتی ہیں، ان کی کڑی روٹین رکھتی ہیں اور ان پر مختلف ذمہ داریاں ڈال دیتی ہیں، درحقیقت وہ مستقبل میں اپنے بچوں کے لیے کامیابی کی راہ ہموار کر رہی ہوتی ہیں۔

    مزید پڑھیں: کہیں آپ ہیلی کاپٹر والدین تو نہیں؟

    ایسے بچے بچپن میں اپنی ماؤں کو اپنا دشمن سمجھتے ہیں اور انہیں لگتا ہے کہ ان کی والدہ نے ان کی زندگی جہنم بنا رکھی ہے، لیکن یہی ’جہنم‘ ان کی آگے کی زندگی کو جنت بنا سکتی ہے جس کے لیے وہ اپنی والدہ کے شکر گزار ہوں گے۔

    اس سے قبل ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ گھر کا کام کرنے والے اور مختلف ذمہ داریاں اٹھانے والے بچے بھی بڑے ہو کر کامیاب انسان بنتے ہیں۔

    اسٹینڈ فورڈ یونیورسٹی کی ایک پروفیسر جولی ہیمز کے مطابق جب آپ اپنے بچوں سے گھر کے مختلف کام کرواتے ہیں، تو دراصل آپ انہیں یہ سکھاتے ہیں کہ زندگی گزارنے کے لیے یہ کام کرنے ضروری ہیں اور یہ زندگی کا حصہ ہیں۔

    جولی کہتی ہیں کہ جب بچے یہ کام نہیں کرتے تو اس کا مطلب ہے کہ گھر کا کوئی دوسرا فرد یہ کام انجام دے رہا ہے، یوں بچے نہ صرف دوسروں پر انحصار کرنے کے عادی ہوجاتے ہیں بلکہ وہ یہ بھی نہیں سیکھ پاتے کہ گھر کے کام ہوتے کیسے ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ جب بچے دیگر افراد کے ساتھ مل کر گھر کے کام کرتے ہیں تو ان میں ٹیم کے ساتھ کام کرنے کی عادت ہوتی ہے جو مستقبل میں ان کے لیے فائدہ مند ثابت ہوتی ہے، ایسے بچے بڑے ہو کر اکیلے مختلف ٹاسک لینے اور انہیں پورا کرنے سے بھی نہیں گھبراتے اور یہ تمام عوامل کسی انسان کو کامیاب انسان بنا سکتے ہیں۔

  • جائیداد کے لالچ میں بیٹی کا ماں پر تشدد، وزیر داخلہ نے نوٹس لے لیا

    جائیداد کے لالچ میں بیٹی کا ماں پر تشدد، وزیر داخلہ نے نوٹس لے لیا

    لاہور: جائیداد کے لالچ میں غنڈوں کے ساتھ ماں اور بھائی پر تشدد کرنے والی بیٹی کے خلاف وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے فوری کارروائی کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق بیٹی کا ماں پر تشدد کا واقعہ گزشتہ روز سامنے آیا تھا۔ لاہور کی رہائشی حنا ماں سے گھر خالی کروانے کے لیے غنڈوں کے ساتھ گھر میں داخل ہوئی۔ غنڈوں نے گھر میں گھس کر توڑ پھوڑ مچائی اور ماں اور بیٹے پر تشدد بھی کیا۔

    گھر میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے میں تمام مناظر محفوظ ہوگئے۔ بعد ازاں خاتون فوزیہ نے اپنی ویڈیو بناتے ہوئے بتایا کہ گھر خالی کروانے کے لیے ان کی بیٹی حنا نے ان پر تشدد کروایا۔

    بزرگ خاتون فوزیہ کا کہنا ہے کہ تشدد سے ان کا بازو ٹوٹ گیا، جاتے جاتے بیٹی نے ماں کو جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔ فوزیہ ہارون کے مطابق پولیس نے بھی ان کی مدد نہیں کی۔

    فوزیہ کے مطابق حنا نے ان کا زیور اور کار بھی چھین لی ہے، ان کی 2 بیٹیاں ہیں جن میں سے ایک ملک سے باہر ہے۔ وجہ تنازعہ 5 کنال 12 مرلے کا گھر ان کے مرحوم خاوند کا تھا جو اب ان کی ملکیت ہے۔

    وزیر داخلہ کا نوٹس

    وزیر مملکت برائے داخلہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب کو رپورٹ پیش کرنے اور ملزمان کے خلاف ایکشن لینے کی ہدایت کردی۔ شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ خواتین کی حرمت، چادر اور چار دیواری کا تحفظ ریاست یقینی بنائے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ کمزور اور غریب طبقات کے حقوق کا تحفظ ریاست کی ترجیحات میں ہے۔

  • فاسٹ باؤلر محمد عامر کی والدہ کی نماز جنازہ ادا

    فاسٹ باؤلر محمد عامر کی والدہ کی نماز جنازہ ادا

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر اور کراچی کنگز کے کھلاڑی محمد عامر کی والدہ کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹر اور کراچی کنگز کے کھلاڑی محمد عامر کی والدہ کی نماز جنازہ گجرخان جنگہ بھنگیال میں ادا کردی گئی۔

    محمد عامر کی والدہ کی نماز جنازہ میں سیاسی، سماجی اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے سربراہ اور کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے کہا کہ اے آروائی نیٹ ورک محمدعامراور خاندان کے دکھ میں شریک ہے۔

    محمد عامر کی والدہ انتقال کرگئیں

    فاسٹ باؤلر محمد عامر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پریہ خبر دی کہ ان کی والدہ اب اس دنیا میں نہیں رہیں اور خالق حقیقی سے جا ملیں۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ سمیت قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں اور دیگرشخصیات نے محمد عامر سے دکھ کا اظہار کیا اور ان کے لیے صبرکی دعا کی۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے محمد عامر سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ آپ کو صبرعطا فرمائے اور آپ کی امی کو جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز محمد عامر نے اپنے مداحوں سے والدہ کی صحت یابی کے لیے دعا کرنے کی درخواست کی تھی۔

  • والدہ کی جان بچانے والی 9 سالہ لڑکی کو اماراتی حکام کا خراج تحسین

    والدہ کی جان بچانے والی 9 سالہ لڑکی کو اماراتی حکام کا خراج تحسین

    ابو ظبی : اماراتی پولیس نے  ہنگامی صورتحال میں اپنی والدہ کی جان بچانے والی 9 سالہ ذہین بچی کو اعزاز سے نواز دیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظبی کی حکام ذہین، ریسکیو حکام کو آگاہ کرنے اور ہنگامی صورتحال کو باآسانی سنبھالے والی بچی کو خراج تحسین پیش کیا۔

    اماراتی میڈیا کا کہنا ہے کہ9 سالہ اماراتی لڑکی مہرہ المہُری نے ریسکیو ہیلپ لائن 999 پر فون کرکے اپنے والدہ کی خراب صحت سے متعلق آگاہ کیا۔

    ریسکیو عملے نے بچی سے گھر کی لوکیشن اور والدہ کی کیفیت معلوم کی، کمسن لڑکی نے اپنا پتہ بتایا اور ریسکیو حکام کی طبی ہدایات پر فوری عمل کرتی رہی۔

    View this post on Instagram

    عبرت #شرطة_أبوظبي عن بالغ تقديرها لطفلة #مواطنة تبلغ من العمر تسع سنوات على فطنتها وحسن تصرفها، وتمكنها من إنقاذ حياة والدتها المريضة التي تعرضت لمضاعفات طارئة، مستعينة بإرشادات ونصائح الإسعاف عبر الهاتف بالتعامل مع الحالة، لحين وصول طاقمه إلى منزل الأسرة. وكرمت مديرية #الطوارئ_والسلامة_العامة، الطفلة مهرة المهري، الطالبة في الصف الرابع بمدرسة الريانه، على شجاعتها في التعامل مع حالة والدتها في هذه الحادثة، واتباع الإرشادات التي تم تمريرها لها هاتفياً من قبل #الإسعاف، وتطبيقها بعناية انعكست إيجاباً على الحالة. وقدمت كلا من مديرية الطوارئ والسلامة العامة  وإدارة #الإعلام_الأمني نصائح لطلبة وطالبات #مدرسة_الريانه حول أهمية التواصل مع مركز القيادة والتحكم” غرفة العمليات” للإبلاغ عن الحالات الطارئة على الرقم 999 وتوعية عن طرق الإسعافات الأولية. @adek_insta #أبوظبي_أمن_وسلامة ‏#Abudhabi_safe_and_secure #الإمارات #أبوظبي #شرطة_أبوظبي #أخبار_شرطة_أبوظبي #الإعلام_الأمني #في_أبوظبي #UAE #AbuDhabi #ADPolice #ADpolice_news #Security_media ‏#InAbuDhabi

    A post shared by Abu Dhabi Police شرطة أبوظبي (@adpolicehq) on

    ابوظبی کے الرایانہ اسکول میں چوتھی جماعت کی طالبہ طبی امداد فراہم کرنے والے عملے اور ایمبولینس کے پہنچنے تک اپنی والدہ کی امداد کرتی رہی۔

    مزید پڑھیں : لڑکیوں کی تعلیم کیلئے لڑنے والی ملالہ کو نوبل انعام مل گیا

    مزید پڑھیں : بائیک پر طویل سفر کر کے فرائض کی انجام دہی کرنے والی معلمہ

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات کے ریسکیو حکام نے 9 سالہ لڑکی کی ناقابل یقین صلاحیتوں اور ہنگامی صورتحال کو سنبھالنے کےلیے دی گئی ہدایات پر عمل کرنے پر تعریف کی۔

    ابوظبی کے پبلک سیفٹی ڈپارٹمنٹ اور ایمرجنسی کے ڈائریکٹر کرنل زاید الحجری نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ہنگامی صورتحال کو کنٹرول کرنے کےلیے شہریوں کو آگاہی و شعور فراہم کرنا انتہائی ضروری ہے۔

  • امل عمر بل، شکر ہے ہماری بیٹی کی قربانی رائیگاں نہیں گئی: والدہ

    امل عمر بل، شکر ہے ہماری بیٹی کی قربانی رائیگاں نہیں گئی: والدہ

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں مبینہ پولیس مقابلے میں جاں بحق ہونے والی 10 سالہ امل کی والدہ کا کہنا ہے کہ اگر ہماری بچی کی قربانی سے بہتری آنی ہے تو یہی ہمارے لیے تسلی بخش ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی میں امل عمر کے نام سے منسوب بل پیش کیے جانے کے بعد امل کے والدین نے سندھ حکومت کے مشیر اطلاعات مرتضیٰ وہاب کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کی۔

    امل کی والدہ کا کہنا تھا کہ جو واقعہ پیش آیا اس کی ذمہ داری سندھ حکومت کی ہی بنتی ہے لیکن اگر حکومت اپنی غلطی تسلیم کر رہی ہے اور اسے بہتر کرنا چاہ رہی ہے تو ہم اس کے حق میں ہیں۔

    انہوں نے کہا واقعے کے بعد سندھ حکومت کے رویے پر ہم ان کے شکر گزار ہیں۔

    امل کی والدہ کا کہنا تھا کہ اگر ہماری بچی کی قربانی سے بہتری کا آغاز ہونے جارہا ہے تو ہمارے لیے یہ تسلی بخش بات ہے۔

    اس سے قبل سندھ اسمبلی میں زخمیوں کے علاج سے متعلق ایکٹ کا مسودہ پیش کیا گیا۔ مجوزہ قانون میں کہا گیا ہے کہ تمام نجی و سرکاری اسپتالوں کے لیے زخمی کا فوری علاج لازم ہوگا، کوئی نجی یا سرکاری اسپتال زخمی کے علاج سے انکار نہیں کر سکے گا۔

    مسودے کے مطابق کوئی ڈاکٹر یا اسپتال زخمی کے علاج کے لیے میڈیکل لیگل کا تقاضہ نہیں کرے گا۔

    وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی بچی کو واپس نہیں لاسکتے مگر بل کو اس کا نام دے رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ 13 اگست کی شب کراچی میں ڈیفنس موڑ کے قریب اختر کالونی سگنل پر ایک مبینہ پولیس مقابلے ہوا تھا، مذکورہ مقابلے میں ایک مبینہ ملزم کے ساتھ ساتھ 10 سالہ امل بھی جاں بحق ہوگئی تھی جو جائے وقوع پر موجود گاڑی کی پچھلی نشست پر بیٹھی تھی۔

  • سلمان خان کی والدہ اور کترینا کیف کی تصویر سوشل میڈیا پر آئی اور غائب ہوگئی

    سلمان خان کی والدہ اور کترینا کیف کی تصویر سوشل میڈیا پر آئی اور غائب ہوگئی

    نئی دہلی : سلمان خان کی بہن ارپیتا خان نے کترینا کیف اور سلمان خان کی والدہ کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کے بعد ڈیلیٹ کردی، جس پر مداحوں کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بالی سپر اسٹار سلمان خان کی لے پالک بہن ارپیتا خان نے  سماجی رابطے کی ویب سایٹ انسٹاگرام پر اپنے اکاؤنٹ پر کترنیا کیف اور سلمان خان کی والدہ کی تصویر شیئر کی، جس میں بالی ووڈ کے دبنگ خان کی والدہ اور اداکارہ ایک دوسرے سے گرم جوشی مل رہے ہیں۔

     کترینا کیف اور سلمان خان کی والدہ کی یہ تصویر شیئر ہوتے ہی وائرل ہوگئی اور بالی اسٹارز کے مداحوں کی جانب سے مذکورہ تصویر کو ’ساس بہو ‘ کے تناظر میں دیکھا جانے لگا، اور تصویر پر ایسے کمنٹس کی بھرمار شروع ہوگئی۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے تصویر پر سلمان خان کی بہن نے بھی ایک خوبصورت  ایموجی کمنٹ کیا، تاہم کچھ دیر بعد یہ تصویر سوشل میڈیا سے ڈیلیٹ کردی گئی۔

    یاد رہے کہ سلمان خان کی  آنے والی فلم ’بھارت‘ کے ڈائریکٹر علی ظفر عباس نے بھی فلم کی شوٹنگ کے دوران بالی ووڈ سپر اسٹارز کی لی گئی تصویر شیئر کی تھی، بالی ووڈ فلم کی یہ جوڑی کئی دفعہ ایک ساتھ دیکھی گئی اور  ان کی ٹیم کی جانب سے فلم کے سیٹ پر لی گئی تصاویر بھی شیئر کی گئی ہیں۔

    بالی ووڈ کی شان دبنگ اسٹار سلمان خان نے بھی یورپی ملک مالٹا میں جاری فلم کی شوٹنگ کے دوران اپنی والدہ کے ساتھ گزارے گئے بہترین وقت کی متعدد تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی۔

    سماجی رابطوں کی ویب سایٹز پر شیئر کی جانے والی تمام تصاویر کچھ ہی دیر بعد ہٹادی گئیں لیکن انسٹاگرام استعمال کرنے والے مداحوں نے تصاویر کے اسکرین شاٹ شیئر کیے اور لکھا کہ ’تصاویر لگا کر ہٹانے کا معاملہ سمجھ نہیں آیا‘۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق ’بھارت‘ فلم کی شوٹنگ میں مصروف دونوں بالی ووڈ سپر اسٹارز اپنے تعلقات عوامی سطح ظاہر نہیں کرتے لیکن سلمان خان کترینا کیف کو متعدد مرتبہ ایک ساتھ گھومتے پھرتے دیکھا گیا ہے۔

  • والدہ کی صحت میں بہتری آئی، مریم نواز

    والدہ کی صحت میں بہتری آئی، مریم نواز

    لندن: سابق وزیراعظم کی صاحبزادی اور مسلم لیگ ن کی مرکزی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ انفکشن کنٹرول ہونے کے بعد بیگم کلثوم نواز کی صحت میں بہترئی آئی۔

    لندن میں ہارلے اسٹریٹ آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ اب والدہ کی طبیعت میں کافی بہتری آگئی البتہ وہ ابھی بھی وینٹی لیٹر پر موجود ہیں۔

    گزشتہ دنوں دانیال عزیز کی نااہلی پر تبصرہ کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’یہ لوگ ہماری فتح سے خوفزدہ ہیں، بہتر ہے آپ ساری مسلم لیگ ن کو ایک بار ہی نااہل کردیں‘۔

    قبل ازیں سابق وزیر اعظم اور اُن کی صاحبزادی نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ بیگم کلثوم نواز کی طبیعت ناساز ہے جس کی وجہ سے سیاست پر گفتگو کرنا مناسب نہیں البتہ مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی قمر الاسلام کی گرفتاری پر سابق وزیراعظم نے خاموشی توڑ دی تھی۔

    انہوں نے امیدوار کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس طرح کے اقدامات قبل ازوقت دھاندلی ہیں، اگر یہ معاملات نہ روکے گئے تو ساری دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہوگی۔

    یہ بھی پڑھیں: لیگی امیدوار قمرالاسلام کی گرفتاری افسوس ناک ہے‘ نوازشریف

    اسے بھی پڑھیں: الیکشن میں حصہ لینا چاہتا ہوں، نوازشریف

    واضح رہے کہ بیگم کلثوم نواز لندن کے ہارلے اسٹریٹ کلینک میں زیر علاج ہیں، طبیعت تشویشناک ہونے کے باعث ڈاکٹرز نے انہیں وینٹی لیٹر پر رکھا ہوا ہے جبکہ سابق وزیراعظم اور اُن کی صاحبزادی نے پاکستان واپسی کا فیصلہ مؤخر کردیا ہے۔

    خیال رہے کہ ایک طرف ملک میں عام انتخابات کی تیاریاں عروج پر ہیں جس کے لیے انھیں انتخابی مہم چلانی ہے مگر اہلیہ کی طبیعت کے باعث نوازشریف اور اُن کی صاحبزادی لندن میں موجود ہیں، علاوہ ازیں نوازشریف کے خلاف احتساب عدالت میں ایوان فیلڈ ریفرنس بھی زیر سماعت ہے جس کے باعث وہ بہت پریشان ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • والدہ کودوبارہ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے‘ مریم نواز

    والدہ کودوبارہ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے‘ مریم نواز

    اسلام آباد : نا اہل وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا ہے کہ والدہ کو دوبارہ اسپتال منتقل کردیا گیا، دعاؤں کی اپیل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کی بیٹی مریم نوازنے اپنے پیغام میں کہا کہ والدہ کو دوبارہ اسپتال منتقل کردیا گیا۔ انہوں نے عوام سے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل نا اہل وزیراعظم نوازشریف کی اہلیہ کلثوم نواز کو طبعیت ناساز ہونے پر لندن کے نجی اسپتال منتقل کردیا تھا۔ بیگم کلثوم نواز کی طبعیت کیمو تھراپی کے پہلے سیشن کے بعد سے ہی خراب تھی۔


    کلثوم نوازکی پہلی کیمو تھراپی مکمل، دعاؤں پر قوم کے شکرگذار ہیں، مریم نواز


    ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ کلثوم نواز کی طبعیت میں بہتری آنے سے قبل کیمو تھراپی کا دوسرا سیشن نہیں کیا جائے گا۔


    کلثوم نواز گلے کے کینسر میں مبتلا


    یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کی اہلیہ کلثوم نواز کینسر کے مرض میں مبتلا ہیں اور کزشتہ کئی ہفتوں سے لندن میں زیرعلاج ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔