Tag: والدین کی غفلت

  • والدین نے ننھی بچی کو برفیلی سردی میں باہر چھوڑ دیا، افسوسناک انجام

    والدین نے ننھی بچی کو برفیلی سردی میں باہر چھوڑ دیا، افسوسناک انجام

    اوہائیو: امریکی ریاست اوہائیو کے شہر ایکرون میں والدین نے بڑی غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 سالہ ننھی بیٹھی کو برفیلی سردی میں باہر چھوڑ دیا، جس سے اس کی موت واقع ہو گئی۔

    امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اوہائیو کے شہر ایکرون کے ایک علاقے میں والدین کی طرف سے شدید سردی میں گھر سے باہر چھوڑے جانے پر دو سالہ لڑکی ونٹر پارکر پورچ میں سردی سے جم کر ہلاک ہو گئی۔

    غفلت کے باعث بیٹی کی موت کی وجہ بننے پر عدالت نے بچی کی ماں ٹیرا ولیمز کو 18 ماہ کے لیے جیل بھیج دیا، جب کہ بچی کے والد ڈاریون پارکر کو 2 سال قید کی سزا سنا دی۔

    عدالتی دستاویزات کے مطابق 2 فروری 2018 کو اُس وقت کی 23 سالہ ٹیرا ولیمز نے اپنی بیٹی ونٹر پارکر کو اس کے والد 25 سالہ ڈاریون پارکر کے ساتھ چھوڑ دیا تھا، لیکن جب وہ دو گھنٹے بعد گھر واپس آئی تو اس نے بیٹی کو پورچ پر ’منجمد‘ حالت میں پایا، ماں نے 911 پر کال کر کے مدد طلب کی، اس نے پولیس کو بتایا کہ ونٹر کو اس نے صرف دو گھنٹے کے لیے باپ کے پاس چھوڑ دیا تھا اور اپنے 4 سالہ بیٹے کے ساتھ چلی گئی تھی۔

    عدالت میں نومبر میں بچی کی ماں نے اپنا یہ جرم قبول کیا کہ اس نے اپنی بچی کو خطرے میں ڈال دیا تھا، اس سے قبل والد پارکر نے بھی بچوں کو خطرے میں ڈالنے کا جرم قبول کر لیا تھا۔

    رپورٹس کے مطابق ننھی بچی کو والدین نے کوئی گرم لباس بھی نہیں پہنایا تھا، سخت سردی میں گھر کے باہر ٹھٹھر کر وہ ’ہائپوتھرمیا‘ سے مر گئی، ٹیرا ولیمز کی ماں نے اپنی بیٹی کے حوالے سے بیان میں کہا کہ وہ ایک اچھی ماں ہے جس نے ’ایک برا فیصلہ‘ کیا۔

    جج میکارٹی نے کہا کہ بچوں کی دیکھ بھال کرنا والدین کا سب سے اہم فرض ہونا چاہیے، دو سال کے بچے جن کی دیکھ بھال نہیں کی جاتی ہے وہ بہت سے خطرناک حالات کا شکار ہو سکتے ہیں، جیسا کہ تالاب میں گرنا اور ڈوب جانا یا کوئی زہریلی چیز پینا۔ ٹیرا ولیمز کے وکیل نے بھی اعتراف کیا کہ ماں نے ونٹر کو اس کے والد کے ساتھ تنہا چھوڑ کر غلطی کی تھی۔

  • سعودی عرب: بند گاڑی میں 2 بچوں کی زندگی کے لیے جنگ کی ویڈیو وائرل

    سعودی عرب: بند گاڑی میں 2 بچوں کی زندگی کے لیے جنگ کی ویڈیو وائرل

    ریاض: سعودی عرب میں ایک بند کار کے اندر پھنسے 2 بچوں کی زندگی کے لیے جنگ کی ویڈیو وائرل ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی حکام نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو کے سلسلے میں تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جس میں 2 بچوں کو تپتی دھوپ کے نیچے کھڑی لاک گاڑی میں زندگی کے لیے جنگ لڑتے دکھایا گیا ہے، مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس ویڈیو نے ملک بھر کے لوگوں میں غم و غصے کو جنم دیا۔

    چونکا دینے والی اس ویڈیو میں ایک 3 سالہ لڑکے اور اس کی 5 سالہ بہن کو زندگی کے لیے جدوجہد کو دیکھا جا سکتا ہے، وہ کافی دیر تک کار میں بند رہے، یہ فوٹیج ایک نامعلوم راہ گیر نے بنائی جو گاڑی کے پاس سے گزر رہا تھا اور اس نے بچوں کو کار کے اندر پھنسے دیکھا۔

    بچے کار کا دروازہ کھولنے کی کوشش کر رہے تھے اور نامعلوم راہ گیر ان کی جدوجہد کی ویڈیو بناتا رہا، آخر کار وہ اپنی کوششوں میں کامیاب ہوئے اور گاڑی سے نکل آئے، وہ انتہائی تھکے ہوئے معلوم ہو رہے تھے، انھیں سانس لینے میں بھی دشواری ہو رہی تھی، گاڑی سے نکلتے ہی وہ زمین پر گر پڑے۔

    بچے شدید گرمی سے نڈھال ہو گئے تھے، وہ رونے بھی لگے اور بچی نے الٹی کر دی، گاڑی میں انھوں نے کافی دیر تک درجہ حرارت کو برداشت کیا تھا، بچوں کی شناخت وایل اور اس کی بہن جواہر کے نام سے ہوئی ہے۔

    بچے کار سے نکلنے کے بعد قریب واقع اپنے گھر کی طرف چل پڑے، فیملی پروٹیکشن یونٹ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، اس سلسلے میں سوشل میڈیا پر بچوں کے والدین کو جواب دہ ٹھہرایا جا رہا ہے۔

    فیملی پروٹیکشن یونٹ اس گنجائش کو دیکھ رہا ہے کہ اس واقعے میں آیا والدین کے خلاف بچوں کے تحفظ کے قوانین کا اطلاق ہو سکتا ہے یا نہیں، وزارت انسانی وسائل اور سماجی ترقی نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر کہا کہ فیملی پروٹیکشن یونٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر متعدد شکایات موصول ہونے کے بعد واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

    وزارت نے متعلقہ حکام کے ساتھ بچوں کی شناخت اور ان کے والدین تک پہنچنے کے لیے رابطہ بھی استوار کیا تاکہ لاپروا والدین کے خلاف بچوں کے تحفظ کے قوانین کا اطلاق کیا جا سکے۔

    واقعے کی تحقیقات کرنے والے فیملی پروٹیکشن یونٹ نے کمیونٹی کے ارکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ 1919 پر گھریلو تشدد کے مرکز کو کال کر کے بچوں سے زیادتی کے کسی بھی واقعے کی اطلاع ضرور دیں۔