Tag: والٹن ایئرپورٹ

  • نیب لاہور نے والٹن ایئرپورٹ سے متعلق تحقیقات شروع کر دی

    نیب لاہور نے والٹن ایئرپورٹ سے متعلق تحقیقات شروع کر دی

    کراچی: سابق ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی خاقان مرتضٰی والٹن ایئرپورٹ لاہور کو بند کر کے کمرشل بنیاد پر زمین دینے کے معاملے میں نیب کے ریڈار پر آ گئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب لاہور نے والٹن ایئرپورٹ سے متعلق تحقیقات شروع کر دی ہے، نیب نے تحقیقات میں سابق ڈی جی خاقان مرتضٰی سمیت دیگر سول ایوی ایشن افسران کو شامل کیا ہے۔

    نیب نے خاقان مرتضٰی سے تحقیقات کے لیے 13 سوالات تیار کر لیے، جن میں والٹن ایئرپورٹ لاہور کو بند کر کے کمرشل بنیاد پر دینے کے حوالے سے پوچھا گیا ہے، نیب نے پوچھا ہے کہ والٹن ایئرپورٹ کو بند کرنے کی کیا وجہ تھی؟

    نیب لاہور نے تحقیقات کے لیے ایئر کرافٹ اونرز اینڈ آپریٹرز ایسوسی ایشن سے مدد کے لیے بھی رابطہ کر لیا، نیب حکام نے کہا کہ والٹن ایئرپورٹ لاہور کے حوالے سے نیب تحقیقات کر رہا ہے، اس تحقیقات میں مدد کی جائے۔

    نیب لاہور نے 13 سوالات پر مشتمل سوال نامہ ایئر کرافٹس اونرز اینڈ آپریٹرز ایسوسی ایشن کو بھی بھیج دیا ہے۔

  • والٹن ایئرپورٹ کی بندش: فخر عالم بھی میدان میں آگئے

    والٹن ایئرپورٹ کی بندش: فخر عالم بھی میدان میں آگئے

    پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف گلوکار و اداکار فخر عالم نے والٹن ایئرپورٹ کو ثقافتی ورثہ قرار دینے کا مطالبہ کرلیا۔

    گلوکار فخر عالم نے لاہور کے تاریخی والٹن ایئرپورٹ کو شفٹ کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ والٹن ہوائی اڈا ثقافتی اعتبار سے پوری دنیا میں مشہور ہے۔

    گلوکار نے کہا کہ ایئرپورٹ کی جگہ کاروباری ڈسٹرکٹ بنایا جائے لیکن ٹرمینل کو محفوظ کیا جائے اور اسے ثقافتی ورثہ قرار دیا جائے۔

    خیال رہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے 25 مئی کو حکم جاری کیا تھا جس کے مطابق 26 مئی سے لاہور کے تاریخی والٹن ایئرپورٹ کو بند کردیا گیا تھا۔

    لاہور کا تاریخی والٹن ایئرپورٹ ہمیشہ کے لیے بند کردیا گیا

    سی اے اے کا حکم نامہ جاری ہونے کے بعد ایئرپورٹ منیجر نے فلائنگ کلبز کو تمام طیارے گراؤنڈ کرنے کی ہدایت کی تھی جب کہ  تربیتی پروازیں عارضی طور پر علامہ اقبال ایئرپورٹ منتقل کردیا گیا تھا۔

  • وزیر اعظم کی ہدایت پر لاہور کے ایئر پورٹ پر بڑا کاروباری منصوبہ

    وزیر اعظم کی ہدایت پر لاہور کے ایئر پورٹ پر بڑا کاروباری منصوبہ

    کراچی: لاہور کے والٹن ایئر پورٹ پر بڑے کاروباری منصوبے کے ابتدائی خدو خال سامنے آ گئے، وزیر اعظم عمران خان نے حتمی پلان بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق والٹن ایئر پورٹ پر سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ بنانے کے منصوبے کے ابتدائی خدو خال سامنے آ گئے، اس کاروباری ضلع میں 2 ہزار کنال کے رقبے پر تعمیرات کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

    ابتدائی طور پر 5 سو کنال پر کمرشل ایریا اور 161 کنال پر کارپوریٹ آفسز بنانے کی تجویز ہے، منصوبے کے تحت 207 کنال اراضی پر اپارٹمنٹس بلڈنگ اور ہوٹل تعمیر کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق آئی ٹی ٹاور، بینک اسکوائر اور شاپنگ مالز کے لیے 143 کنال اراضی مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے، منصوبے کے تحت منی گالف کورس اور پارکس اور گرین ایریا کے لیے 80 کنال اراضی رکھی جائےگی۔

    ہیلتھ کلب، انتظامی عمارتوں اور یوٹیلیٹی اسٹور کے لیے 64 کنال اراضی مختص کرنے کی تجویز ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کے ابتدائی خدوخال کے حوالے سے متعلقہ حکام نے وزیر اعظم پاکستان کو بھی بریفنگ دے دی ہے، وزیر اعظم نے جامع منصوبہ بندی اور تمام قانونی تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے حتمی پلان بنانے کی ہدایت کی ہے۔