Tag: وال چاکنگ

  • سرعام کی ’چمکے گا کراچی‘ مہم کا آغاز، گورنر سندھ نے وال چاکنگ مٹا کر افتتاح کیا

    سرعام کی ’چمکے گا کراچی‘ مہم کا آغاز، گورنر سندھ نے وال چاکنگ مٹا کر افتتاح کیا

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اے آر وائی اور ٹیم سرعام کی ’چمکے گا کراچی‘ مہم کا افتتاح کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ اپنے بچوں کے ہمراہ نمائش پہنچے اور انہوں نے مزار قائد کے عقب میں ہونے والی وال چاکنگ مٹا کر تین روزہ مہم کا افتتاح کیا۔

    اس موقع پر اے آر وائی کے پروگرام سرعام کے میزبان اقرار الحسن بھی موجود تھے، گورنر سندھ نے کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے اے آر وائی نے ہمیشہ اپنا کردار  ادا کیا۔

    اقرار الحسن کا کہنا تھا کہ صرف تنقید نہیں بلکہ مسائل کا حل نکالنے کے لیے بھی ہم سب کو مل کر اپنے شہر اور ملک کے لیے کام کرنا چاہیے۔

    مزید پڑھیں: شجر کاری مہم کامیاب، 19 لاکھ سے زائد پودوں کا تحفہ، سرعام کی ٹیم کا مزار قائد کے باہر جشن

    سرعام کی وال چاکنگ ختم کرنے کی مہم کو گورنر سندھ اور عوام نے بہت زیادہ سراہا۔ ’چمکے گا کراچی مہم‘ 23 تا 25 دسمبر جاری رہے گی جس کے دوران شہر کی دیواروں کو صاف کیا جائے گا۔

    اقرار الحسن نے کراچی کے شہریوں کو دعوت دی ہے کہ وہ ’کراچی چمکے گا‘ مہم کا حصہ بنیں اور اپنے شہر کو صاف کرنے میں کردار ادا کریں۔

    مزید پڑھیں: وال چاکنگ مٹانے کا عزم‘ سرعام کی ٹیم عالمی ریکارڈ بنانے کو تیار

    یاد رہے کہ گزشتہ روز گورنر سندھ نے صفائی مہم کا آغاز کیا تھا، اے آر وائی نیوز کیلئے بڑا اعزاز ہے کہ یہ مہم اے آر وائی نیوز کے معروف پروگرام سرعام کے جانبازوں کے تعاون سے چلائی جائے گی۔ مہم کے دوران شہر بھر سے وال چاکنگ صاف کرنے کے بعد ان پر دیدہ زیب پینٹنگز بنائی جائیں گی۔

    اس حوالے سے گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ تین روزہ مہم میں طلباء، سول سوسائٹی اور دیگر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے۔پہلے مرحلے میں مزار قائد کے اطراف بعد میں مرکزی شاہراؤں میں وال چاکنگ صاف کی جائےگی۔

    یہ بھی یاد رہے کہ معاشرے کی برائیوں کو بے نقاب کرنے اور عوام تک حقیقت پہنچانے والے اے آر وائی کے پروگرام سرعام کے اینکر اقرار الحسن نے گزشتہ برس بھی یومِ قائد پر وال چاکنگ ختم کرنے کی مہم شروع کی تھی۔

    سرعام کے 15 ہزار رضاکاروں نے گزشتہ برس ہونے والی ’کراچی چمکے گا‘ مہم میں حصہ لیا اور مزارِ قائد سے لے کر کراچی یونیورسٹی تک ہونے والی تمام وال چاکنگ کو مٹا کر ریکارڈ بنایا تھا۔

    مزید تصاویر

     

  • متحدہ کے گڑھ میں پرویز مشرف کے حق میں وال چاکنگ

    متحدہ کے گڑھ میں پرویز مشرف کے حق میں وال چاکنگ

    کراچی: سابق صدر پاکستان پرویز مشرف کے وڈیو بیان کے بعد متحدہ قومی موومنٹ کے گڑھ ضلع وسطی میں نامعلوم افراد نے پرویز مشرف کے حق میں وال چاکنگ کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سابق صدر اور آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ پرویز مشرف کی جانب سے بے نظیر قتل کیس سے متعلق ویڈیو بیان منظر عام پر آنے کے بعداچانک نامعلوم افراد شہر کے مختلف علاقوں میں سرگرم ہو گئے اور ضلع وسطی کو ہدف بناتے ہو ئے پرویز مشرف کے حق میں وال چاکنگ کردی۔

    خیال رہے کہ یہ علاقہ متحدہ قومی موومنٹ کا گڑھ سمجھا جاتا ہے، کہا جارہا ہے کہ وال چاکنگ کے پیچھے متحدہ لندن کا نیٹ ورک ہو سکتا ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ نامعلوم افراد نے ضلع وسطی کے علاقوں لیاقت آباد، ناظم آباد، کریم آباد، فیڈرل بی ایریا، نارتھ کراچی میں دکانوں اور گھروں کی دیواروں پر اسپرے پینٹ سے وال چاکنگ کی ہے۔

    چاکنگ میں نامعلوم افراد نے جئے پرویز مشرف، سب سے پہلے پاکستان سمیت دیگر نعرے تحریر کیے ہیں  جبکہ چاکنگ کے نیچے تاریخ بھی 22 ستمبر 2017 لکھی گئی ہے۔

    اسی سے متعلق:بے نظیراورمرتضی بھٹوکے قتل کے پس پشت زرداری ہیں،پرویزمشرف

    خیال رہے کہ پرویز مشرف نے ایک روز قبل دیے گئے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ بے نظیر اور مرتضیٰ بھٹو کے قتل کے پیچھے آصف زرداری کا ہاتھ ہے۔

  • کراچی، پرویز مشرف کے حق میں وال چاکنگ

    کراچی، پرویز مشرف کے حق میں وال چاکنگ

    کراچی : کراچی کے مختلف علاقوں میں سابق صدر پرویز مشرف کے حق میں وال چاکنگ کی گئی ہے،وال چاکنگ میں نعرے درج ہیں اور سابق صدر کی تصاویر بھی چسپاں کی گئی ہیں۔

    کراچی کے ضلع وسطی کے مختلف علاقوں نارتھ کراچی اور ناظم آباد میں رات گئے اچانک سابق صدر پرویز مشرف کے حق میں وال چاکنگ کر دی گئی جس میں پرویز مشرف کو خوش آمدید کہا گیا ہے اور ان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے وال چاکنگ میں سابق صدر کی تصاویر بھی آویزاں ہیں۔

    خیال رہے متحدہ قومی موومنٹ اب ایم کیو ایم پاکستان ، پاک سر زمین پارٹی اور لندن گروپ میں منقسم ہو چکی ہے اور کراچی میں کھینچا تانی کی سیاست جاری ہے کبھی مصطفیٰ کمال کے نام کی چاکنگ ہوتی ہے تو کہیں فاروق ستار جلسہ کرتے نظر آتے ہیں تو کہیں بانی ایم کیو ایم کے حق میں نعرے بازی ہوتی نظر آتی ہے۔

    دوسری جانب سابق صدر پرویز مشرف سے دبئی میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے ملاقات کی تھی جب کہ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار اور رکن قومی اسمبلی خالد مقبول صدیقی نے پرویز مشرف سے ملاقات کی تردید کی تھی۔

    اس کے علاوہ میڈیا پر یہ خبریں بھی زیر گردش ہیں کہ پرویز مشرف ایم کیو ایم پاکستان اور پاک سر زمین پارٹی کو یکجا کر کے دونوں جماعتوں کے سربراہ بننے کے لیے ان جماعتوں کے رہنماؤں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

  • کراچی: پرویز مشرف کے خلاف شہر بھر میں وال چاکنگ

    کراچی: پرویز مشرف کے خلاف شہر بھر میں وال چاکنگ

    کراچی: شہر قائد کی دیواروں پر ایک بار پھروال چاکنگ ہوگئی،اس بار سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف نعرے لکھے گئے۔

    اطلاعات کے مطابق کراچی کی دیواروں پر پھرسیاسی وال چاکنگ ہوئی ہے لیکن اس بار وال چاکنگ ایم کیوایم کے کسی رہنما کے خلاف یا حق میں نہیں ہوئی بلکہ سابق صدر اور آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ جنرل (ر) پرویزمشرف کے خلاف ہوئی ہے۔

    یہ پڑھیں: پرویز مشرف اور ایم کیو ایم علیحدہ جماعتیں‌ ہیں، اتحاد ممکن نہیں، متحدہ پاکستان

    وال چاکنگ میں جنرل مشرف نا منظور کے نعرے درج ہیں، کراچی اور حیدر آباد کے مختلف علاقوں میں نامعلوم افراد نے نعرے لکھے ہیں، نعروں کےنیچے نہ کسی شخص کا نام ہے اور نہ کسی تنظیم کا، جنرل مشرف نامنظور کے ساتھ مہاجر پلس ون نامنظور نامنظور کا نعرہ بھی لکھا گیا ہے۔

    جنرل پرویز مشرف سے کچھ روز پہلے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار نے دبئی میں ملاقات کی تھی۔ سوشل میڈیا پر خواجہ اظہار الحسن اور پرویز مشرف کی تصویر کے بعد یہ تاثر بھی دیا گیا کہ مشرف ایم کیو ایم پاکستان کے نئے سربراہ ہوں گے۔

  • حساس اداروں کی کارروائی: داعش سے تعلق کے الزام میں دو افراد گرفتار

    حساس اداروں کی کارروائی: داعش سے تعلق کے الزام میں دو افراد گرفتار

    اسلام آباد: حساس اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے داعش سے تعلق کے الزام میں دو افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

    حراست میں لے گئے دونوں افراد کو پہلے سے گرفتار ایک ملزم کی نشاندہی پرحراست میں لیا گیا ہے۔

     ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد سے اہم انکشافات کی توقع ہے۔

    واضح رہے کہ پہلے سے گرفتار افراد ایف بی آر کا ملازم ہے جس سے ایک لیپ ٹاپ اور کچھ داعش کے حوالے سے دستاویزات برآمد ہوئے تھے۔

    جبکہ لاہور پولیس نے کئی روزقبل گرفتار کئے گئے غیر ملکی دہشتگرد کی گرفتاری ظاہر کر دی تھی۔

    پولیس ذرائع کے مطابق یوسف سلفی کا دعویٰ ہے کہ وہ داعش کا مقامی کمانڈر ہے، یوسف سلفی کو طالبان کا نام استعمال کرکےاسکول میں دھماکہ کرنا تھا۔

  • پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کی ذمہ داری انصارالخلافہ والجہاد نے قبول کرلی

    پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کی ذمہ داری انصارالخلافہ والجہاد نے قبول کرلی

    کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کی ذمہ داری انصارالخلافہ والجہاد نے قبول کرلی ہے۔

     انصار الخلافہ والجہاد نے داعش کی بیعت کا بھی اعلان کررکھا ہے، گروپ نے گذشتہ عرصے کے دوران کراچی ، ملتان ، اور حیدرآباد میں اپنی کارروائیوں کی تفصیلات جاری کردی ،جس کے مطابق ناظم آبادپاور ہاؤس، ایم اے جناح روڈ ، اور نیپا چورنگی سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کی گئی۔

     گروپ کے مطابق گذشتہ برس ملتان بار کونسل سے وابستہ راشد رحمان ایڈوکیٹ کو بھی توہین رسالت کے مبینہ ملزم کی پیروی کرنے پر قتل کیا ۔

     واضح رہے کہ کراچی میں بعض پولیس اہلکاروں پر حملے کی ذمہ داری القاعدہ برصغیر نے بھی قبول کی ہے جو کہ ڈاکٹر ایمن الظواہری کے ماتحت ہے۔

    کراچی میں سال 2015 کے آغاز کے ساتھ ہی پولیس اور رینجرز کی ٹارگٹ کلنگ میں تیزی ہوئی، اب تک 19 اہلکاروں کو شہید کیا جاچکا ہے ۔

     پولیس کے مطابق کراچی میں سب سے ذیادہ پولیس کی شہادتیں سینٹرل زون میں ہوئی، ناظم آباد میں اب تک چار پولیس اہلکاروں کو شہید کیا جاچکا ہے۔

     سمن آباد میں دو، لیاری میں دو، اورنگی ٹاؤن میں دو، ملیر ، بلدیہ ٹاؤن، شارع نورجہاں، بنارس ، سائٹ سمیت مختلف علاقوں میں پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ رینجرز کے اہلکاروں کو لانڈھی کے علاقے میں فائرنگ کرکے شہید کیا گیا ۔

  • لاہور پولیس کی کاروائی، داعش کا مقامی کمانڈر گرفتار

    لاہور پولیس کی کاروائی، داعش کا مقامی کمانڈر گرفتار

    لاہور: پولیس نے داعش کا مقامی کمانڈر ہونے کا دعویٰ کرنے والے کی گرفتاری ظاہر کردی ۔ ملزم کے ساتھ اس کے دو ساتھی بھی پکڑے گئے ہیں۔

     لاہور پولیس نے کئی روزقبل گرفتار کئے گئے غیر ملکی دہشتگرد کی گرفتاری ظاہر کر دی، پولیس ذرائع کے مطابق یوسف سلفی کا دعویٰ ہے کہ وہ داعش کا مقامی کمانڈر ہے، یوسف سلفی کو طالبان کا نام استعمال کرکےاسکول میں دھماکہ کرنا تھا۔

    ذرائع کے مطابق چھاپے کے دوران یوسف سلفی کے دوساتھی ڈاکٹر فواداورطیب بھی حراست میں لئے گئے ہیںِ ۔

     یوسف سلفی کے بارے میں کہا جاتا ہے وہ شام کے راستے پاکستان پہنچا تھا، سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے بھی یوسف سلفی کی پاکستان میں موجودگی کی نشاندہی کی تھی ۔

  • داعش لاڑکانہ بھی پہنچ گئی،وال چاکنگ شروع

    داعش لاڑکانہ بھی پہنچ گئی،وال چاکنگ شروع

    لاڑکانہ: شہر کے پوش علاقے میں داعش کی وال چاکنگ نے انتظامیہ کو ہلا کر رکھ دیا،تفصیلات کے مطابق سچل کالونی میں داعش کی جانب سے چاکنگ کرکے دہشت گردوں نے  اپنی موجودگی کا احساس اس وقت دلوایا ہے کہ جب گذشتہ شب لاڑکانہ میں رینجرز ہاسٹل پر کریکر حملہ کیا گیا تھا۔

    کریکر حملے میں کوئی بھی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا تھا، جبکہ کل ستائیس دسمبر کو لاڑکانہ میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی ساتویں برسی کی مرکزی تقریب بھی منعقد ہو نی ہے۔

    واضح رہے کہ لاڑکانہ پاکستان پیپلز پارٹی کا گڑھ سمجھا جاتا ہے، دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے چاکنگ کا نوٹس لیتے ہوئے چاکنگ کر نے والے افراد کے حوالے سے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

  • سیالکوٹ میں داعش کی وال چاکنگ،حق میں نعرے

    سیالکوٹ میں داعش کی وال چاکنگ،حق میں نعرے

    سیالکوٹ : حکومت اور تمام سیاسی جماعتوں کی جانب سے دھشت گردوں کے خلاف اکٹھے ہوکر مقابلہ کرنے کے اعلان کے ساتھ ہی سیالکوٹ میں داعش کی وال چاکنگ میں بھی اضافہ ہوگیا۔

    سیالکوٹ کی تحصیل ڈسکہ میں جی ٹی روڈ اورتحصیل پسرور میں چونڈہ شہر کے مختلف مقامات پرداعش کے ہمدردوں نے وال چاکنگ شروع کردی ۔

    سیالکوٹ شہر میں کشمیر روڈ اور نواحی قصبے کوٹلی لوہاراں میں بھی داعش کے حق میں نعرے لکھ دئیے گئے ۔پولیس کی جانب سے داعش کے حق میں دیواروں پر نعرے لکھنے والوں کے خلاف کاروائی کی بجائے صرف دیواروں پر لکھے گئے نعروں کو مٹانے پر ہی اکتفاءکیا جارہا ہے

  • داعش کے کتابچے تقسیم کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا حکم جاری

    داعش کے کتابچے تقسیم کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا حکم جاری

    لاہور:پولیس نے داعش کے کتابچے تقسیم کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا حکم دے دیا گیا۔

    ڈی آئی جی آپریشنز حیدر اشرف نے شہر میں داعش کے کتابچوں کی تقسیم پر سخت نوٹس لیا ہے اور شہر بھر کے ایس ایچ اوز کو داعش کا لٹریچر تقسیم کرنے والوں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کا حکم دیا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے شہریوں سے بھی درخواست ہے کہ داعش کا لٹریچر تقسیم کرنے والوں کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو آگاہ کریں۔

    واضح رہے کہ لاہور میں داعش کے کتابچے کی تقسیم شروع کردی گئی ہے، داعش کے تقسیم ہونے والے کتابچے میں داعش کے امیر مولانا ابوبکر حسینی بغدادی کے بیانات کے چودہ صفحے شامل کئے گئے ہیں۔