Tag: واٹر سلائیڈ

  • پہاڑوں اور جنگلوں سے گزرتی دنیا کی طویل ترین واٹر سلائیڈ

    پہاڑوں اور جنگلوں سے گزرتی دنیا کی طویل ترین واٹر سلائیڈ

    ملائیشیا میں دنیا کی سب سے طویل واٹر سلائیڈ کھول دی گئی، واٹر سلائیڈ کو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں بھی شامل کرلیا گیا ہے۔

    دنیا کی طویل ترین واٹر سلائیڈ قرار دی جانے والی یہ سلائیڈ اس لیے بھی انوکھی ہے کہ یہ پہاڑی کی چوٹی سے شروع ہو کر جنگل سے گزرتی ہوئی ایک سوئمنگ پول پر اختتام پذیر ہوتی ہے۔

    سلائیڈ کی طوالت 1 ہزار 111 میٹر یعنی 3 ہزار 645 فٹ ہے اور اسے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں بھی شامل کرلیا گیا ہے۔

    اس قدر لمبی سلائیڈ کا سفر پورے 4 منٹ تک جاری رہتا ہے اور اس دوران جنگل سے گزرتے ہوئے مختلف چہچہاتے پرندوں اور درختوں سے لٹکتے بندروں سے بھی ملاقات ہوجاتی ہے۔

    سلائیڈ کا آغاز پہاڑی کی چوٹی سے ہوتا ہے جہاں تک جانے کے لیے خصوصی چیئر لفٹ بنائی گئی ہے۔

    یہ سلائیڈ ملائیشیا کے اسکیپ تھیم پارک میں بنائی گئی ہے اور اس نے جرمنی کی اس واٹر سلائیڈ کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے جو اس سے قبل دنیا کی طویل ترین واٹر سلائیڈ مانی جاتی تھی۔ ملائیشیا کی یہ سلائیڈ جرمنی کی سلائیڈ سے 3 گنا طویل ہے۔

    پارک کے منتظمین کا کہنا ہے کہ سلائیڈ کی تعمیر میں بھاری مشینری کا استعمال نہیں کیا گیا تاکہ جنگل اور آس پاس کے قدرتی ماحول کو نقصان نہ ہو۔

  • رنگین پھولوں سے ڈھکی انوکھی واٹر سلائیڈ

    رنگین پھولوں سے ڈھکی انوکھی واٹر سلائیڈ

    واٹر سلائیڈ کا لطف لینا تو عام سی بات ہے تاہم چین میں حال ہی میں کھولی جانے والی ایک واٹر سلائیڈ ایسی ہے جس میں آپ بار بار جانا چاہیں گے۔

    چین کے صوبے ہینان میں کھولی گئی اس واٹر سلائیڈ کی انفرادیت یہ ہے کہ یہ رنگین پھولوں اور سبزے سے ڈھکی ہوئی ہے۔

    18 سو میٹر طویل اور 66 میٹر اونچی اس سلائیڈ کو اسٹیل کے فریم سے بنایا گیا ہے جبکہ اس میں شیشے بھی لگے ہوئے ہیں۔ سیاح اس سلائیڈ میں کشتی پر بیٹھ کر جاتے ہیں اور خوشنما پھولوں بھری سرنگ سے گزرتے ہیں۔

    یہ سلائیڈ انگریزی حروف ایس اور سی کی شکل میں بل کھاتی ہوئی سیاحوں کو خوبصورت تجربے سے لطف اندوز ہونے کا موقع دیتی ہے۔

    اس واٹر سلائیڈ کا لطف اٹھانے کے لیے ہزاروں کی تعداد میں سیاحوں اور مقامی افراد نے یہاں کا رخ کرلیا ہے۔