Tag: واٹر ٹینکر

  • کراچی:  بفرزون میں واٹر ٹینکر کی ٹکر سے10 سالہ بچے کی ہلاکت کا مقدمہ

    کراچی: بفرزون میں واٹر ٹینکر کی ٹکر سے10 سالہ بچے کی ہلاکت کا مقدمہ

    کراچی : بفرزون میں واٹر ٹینکر کی ٹکر سے دس سالہ بچے کی ہلاکت کا مقدمہ درج کرلیا گیا، مقدمے میں دفعہ 320 شامل کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بفر زون میں واٹر ٹینکر کی زد میں آکر دس سالہ بچے کی ہلاکت کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ مقدمہ تھانہ تیموریہ میں متوفی صائم کے والد کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

    ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا کہ مدعی کا بیٹا واٹر ٹینکر کی ٹکر سے جاں بحق ہوا، ٹینکر فیکٹری میں پانی فراہم کرنے آیا تھا۔

    مقدمہ میں دفعہ تین سو بیس شامل کی گئی ہے اور پولیس نے ڈرائیور کو باقاعدہ طور پر گرفتار کرلیا۔

    بچے کے تایا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بچہ فلٹرپلانٹ سےپانی بھرنے گیا تھا ٹینکر سے نہیں، فلٹر پلانٹ کے قریب موجود ٹینکر نے بچے کو کچل دیا، پابندی کے باوجود واٹر ٹینکرز کو روکنے والا کوئی نہیں، جاں بحق صائم 5 بہن بھائیوں میں سب سے بڑا تھا۔

    متوفی بچے کے تایا کا کہنا تھا کہ واٹر ٹینکر دن کے اوقات میں بھی رہائشی علاقوں میں دندناتے پھرتے ہیں، جو حادثات کا باعث بن رہے ہیں۔

    متوفی صائم کے نانا نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ ہیوی ٹریفک پر عائد پابندی پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔

    گذشتہ روز کے بی آر سوسائٹی میں واٹر فلٹرپلانٹ سے پانی لیکر نکلنے والا صائم واٹر ٹینکر کی زد میں آکرموقع پرجاں بحق ہوگیا تھا، اہل علاقہ نے واٹر ٹینکر ڈرائیور پر تشدد کیا اور ٹینکر کے شیشے توڑ دیے تھے۔

    واضح رہے رواں سال شہر کے مختلف علاقوں میں اب تک ایک سو تئیس افراد ٙٹریفک حادثات میں جاں بحق ہوچکے ہیں۔

  • کراچی : موٹر سائیکل سوار جاں بحق، مشتعل افراد نے 5 واٹر ٹینکروں کو جلا ڈالا

    کراچی : موٹر سائیکل سوار جاں بحق، مشتعل افراد نے 5 واٹر ٹینکروں کو جلا ڈالا

    کراچی : شہر قائد میں ایک اور موٹر سائیکل سوار واٹر ٹینکر کی زد میں آکر جاں بحق ہوگیا، مشتعل افراد نے 5 واٹر ٹینکروں کو آگ لگادی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں واٹر ٹینکر  نے ایک اور شہری کی جان لے لی، جیل چورنگی پر ٹینکر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا۔

    واقعے کے بعد مشتعل افراد نے 5 واٹر ٹینکروں کو آگ لگادی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی جب کہ فائر بریگیڈ کا عملہ آگ بجھانے کے لیے پہنچ گیا۔

    واٹر ٹینکر کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والے گلشن رشید کی لاش مزید قانونی کارروائی کیلیے سول اسپتال منتقل کردی گئی۔ فائربریگیڈ کاعملہ آگ بجھانے میں مصروف ہے۔

    بعد ازاں شہری کی ہلاکت پر 5 واٹرٹینکروں کو لگائی جانے والی آگ بجھادی گئی

    پولیس نے حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور سمیت 2 افراد گرفتار

    پولیس نے جیل چورنگی ٹریفک حادثے میں شہری کی ہلاکت کے ذمہ دار ڈرائیور سمیت 2 افراد کو گرفتار کرلیا۔

    اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ ایک ڈمپر تحویل میں لے کر ڈرائیور سمیت 2افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

    حراست میں لیے گئے افراد میں اسماعیل اور انعام اللہ شامل ہے، ڈمپر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار رشید جاں بحق ہوا تھا جس کےبعد مشتعل افراد نے5واٹرٹینکروں کو آگ لگائی۔

    یاد رہے کہ کراچی میں ہیوی ٹریفک سے حادثات میں اضافے کے بعد کمشنر کراچی حسن نقوی نے شہریوں کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے ڈمپرز کے ڈرائیورز کے خلاف ایکشن کا حکم دیا تھا۔

    کمشنر کراچی نے پولیس کو ہدایت کی تھی کہ تیز رفتار ڈمپرز کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں، کراچی میں ڈمپرز کے مکمل دستاویزات کی جانچ پڑتال کی جائے، ڈمپرز ڈرائیورز کے دستاویزات کی جانچ پڑتال بھی کی جائے۔

    دوسری جانب سندھ حکومت نے دن کے اوقات میں شہر میں ڈمپر کے داخلے پر پابندی کا فیصلہ کرلیا، ڈمپرز کو رات 11 سے صبح 6 بجے تک شہر میں داخلے کی اجازت ہوگی۔

     مزید پڑھیں: کراچی میں رواں سال ڈمپروں سے کچل کر  جاں بحق افراد کی تعداد 104 ہوگئی

    واضح رہے کہ کراچی میں تیز رفتار ڈمپروں کی زد میں آکر رواں سال کے ابتدائی 40 ایام میں جاں بحق افراد کی تعداد 100 سے زائد ہوگئی۔

    کراچی میں سال 2025 شروع ہوتے ہی ہیوی ٹریفک کے نام پر ٹینکروں، کنٹینروں، ٹرکوں نے شہریوں کو سڑکوں پر کچل کر ان کی جان لینا شروع کر دی ہے۔ حکومتی پابندیاں بھی انہیں لگام ڈالنے میں ناکام ہیں۔

  • کراچی :  نامعلوم افراد نے پیٹرول ڈال کر ایک اور  واٹر ٹینکر کو آگ لگا دی

    کراچی : نامعلوم افراد نے پیٹرول ڈال کر ایک اور واٹر ٹینکر کو آگ لگا دی

    کراچی : نامعلوم افراد نے پیٹرول ڈال کر ایک اور واٹر ٹینکر کو آگ لگا دی تاہم ڈرائیور نے واٹر ٹینکر سے چھلانگ لگا کر جان بچائی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ٹریفک حادثات کے بعد نامعلوم افراد کی جانب سے بغیر کسی وجہ گاڑیوں کو اگ لگانے کا سلسلہ شروع ہو گیا۔

    سرجانی ٹاؤن عبداللہ موڑ کے قریب نامعلوم افراد نے واٹر ٹینکر کو آگ لگا دی ، موٹر سائیکل سوار 3 نامعلوم افراد نے واٹر ٹینکر کو روکا اور پیٹرول ڈال کے آگ لگائی۔

    ڈرائیور نے ٹینکر سے چھلانگ لگا کر جان بچائی تاہم واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھری نفری جائے وقوع پہنچ گئی ہے۔

    مزید پڑھیں : کراچی : لانڈھی اور کورنگی میں نامعلوم افراد نے 2 ٹرکوں کو آگ لگا دی

    کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے ہیوی گاڑیوں کوآگ لگانے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ کسی کی املاک کونقصان پہنچانےکی اجازت نہیں دیں گے ، گاڑیاں جلانےوالے10سے زائدافراد کو گرفتارکیاہے، گرفتارملزمان کیخلاف دہشتگردی ایکٹ کےتحت مقدمہ ہوگا۔

    یاد رہے آج صبح سات بجے سے ابتک چار ہیوی گاڑیوں کو آگ لگائی جا چکی ہے، پولیس کا کہنا تھا کہ لانڈھی ، کورنگی اور الکرم اسکوائر پر تین مال بردار ٹرکوں کو آگ لگائی گئی، لانڈھی میں جس ٹرک کو جلایا گیا اس پر چینی کی بوریاں اور عوامی کالونی میں جس ٹرک کو نقصان پہنچایا گیا اس پر سیمنٹ کی چادریں تھیں۔

  • کراچی میں پانی کی عدم فراہمی پر احتجاج، شہریوں نے واٹر ٹینکروں کے وال کھول دیے

    کراچی میں پانی کی عدم فراہمی پر احتجاج، شہریوں نے واٹر ٹینکروں کے وال کھول دیے

    کراچی کے علاقے حسن اسکوائر پر پانی کی عدم فراہمی پر شہریوں نے احتجاج کیا اور سڑک سے گزرنے والے واٹر ٹینکروں کے وال کھول دیے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے حسن اسکوائر پر پانی عدم فراہمی پر شہری سڑکوں پر نکل آئے جس کے نتیجے میں حسن اسکوائر سے نیپا جانے والی سڑک ٹریفک کے لیے بند ہوگئی۔

    مظاہرین نے روڈ سے گزرنے والے واٹر ٹینکروں کے وال کھول دیے، مظاہرین کا کہنا ہے کہ ہمیں پانی نہیں ملتا تو ٹینکروں کو بھی پانی لے جانے نہیں دیں گے۔

    ٹینکروں کے وال کھولے کے باعث شاہراہ قائدین اور حسن اسکوائر کی سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا ہے۔

    احتجاج کی وجہ سے پرانی سبزی منڈی، عیسیٰ نگری، اسٹیڈیم روڈ اور اطراف کی سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام ہے۔

    ادھر کراچی کے علاقے جمشید روڈ پر بھی پانی، بجلی کی عدم فراہمی پر احتجاج ختم ہوگیا ہے جس کے بعد سڑک ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز گرومندر سے لسبیلہ جانے والی سڑک پر بھی شہریوں نے پانی اور بجلی کی عدم فراہمی پر احتجاج کیا تھا۔

    امیر جماعت اسلامی منعم ظفر نے پانی بحران پر احتجاج کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی شہر کو پانی دینے کو تیار نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ عوام کو ظالم حکمرانوں کے خلاف گھروں سے نکلنا ہوگا، کراچی کا انفرا اسٹرکچر تباہ کردیا گیا، یہ سیوریج کا کام بھی نہیں کرسکتے، ہمارا مطالبہ واضح ہے کے فور پروجیکٹ مکمل کیا جائے۔

    امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ ہم آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان جلد کریں گے۔

  • کراچی کی سب سے بڑی شاہراہ پر ٹریفک جام، پولیس واٹر ٹینکر کے خلاف ایف آئی آر نہ کاٹ سکی

    کراچی کی سب سے بڑی شاہراہ پر ٹریفک جام، پولیس واٹر ٹینکر کے خلاف ایف آئی آر نہ کاٹ سکی

    کراچی: شہر قائد کی سب سے بڑی شاہراہ پر ٹریفک میں زبردست خلل ڈالنے والے واٹر ٹینکر مالکان کے خلاف ٹریفک پولیس ایف آئی آر نہ کاٹ سکی۔

    تفصیلات کے مطابق ٹریفک پولیس نے شاہراہ فیصل پر بدترین ٹریفک جام کا سبب بننے والے واٹر ٹینکر کو بھاری جرمانہ کر کے چھوڑ دیا، ٹریفک پولیس حکام نے کہا تھا کہ وہ ٹینکر مالکان کے خلاف ایف آئی آر کاٹے گی۔

    ایس او ٹریفک پولیس نے ایف آئی آر کے بغیر واٹر ٹینکر کو چھوڑ دیا ہے، اور کہا کہ خراب واٹر ٹینکر کو 10 ہزار کا بھاری چالان کر دیا گیا ہے۔

    ایس او کا یہ بھی کہنا تھا کہ واٹر ٹینکر کو رات 2 بجے تک ہیوی مشینری سے ہٹایا گیا، تاہم اس سلسلے میں ٹریفک پولیس کنٹرول اور فیلڈ افسران کی باتوں میں واضح تضاد پایا جا رہا ہے، ایک ٹینکر شاہراہ فیصل جب کہ دوسرا ماڈل کالونی قبرستان کے قریب خراب ہوا تھا، صبح 5 بجے خراب ہونے والا ٹینکر کئی گھنٹے سڑک پر کھڑا رہا تھا، اور ٹینکر کی وجہ سے شاہراہ فیصل پر شہری گھنٹوں تک پھنسے رہے تھے۔

    کراچی میں سڑک پر خراب ہونے والی واٹر ٹینکر کے خلاف ایف آئی آر درج ہوگی

    ٹریفک کنٹرول کی جانب سے ذمہ دار ڈرائیورز کے خلاف سخت کارروائی کا بتایا گیا تھا، ٹریفک پولیس حکام نے کہا تھا کہ نہ صرف چالان بلکہ مقدمہ بھی درج کیا جائے گا۔

    لیکن اب ایس او ٹریفک کا کہنا ہے کہ واٹر ٹینکر مکینکل خرابی کی وجہ سے خراب ہوا تھا، اگر وہ تیز رفتاری یا رش ڈرائیونگ کی وجہ سے خراب ہوتا تو مقدمہ کیا جاتا۔

  • کراچی میں سڑک پر خراب ہونے والی واٹر ٹینکر کے خلاف ایف آئی آر درج ہوگی

    کراچی میں سڑک پر خراب ہونے والی واٹر ٹینکر کے خلاف ایف آئی آر درج ہوگی

    کراچی: ٹریفک پولیس نے شہر میں آئے روز سڑک جام کے مسئلے پر سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں سڑک پر خراب ہونے والی واٹر ٹینکر کے خلاف اب ایف آئی آر درج ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق آج صبح شارع فیصل پر ٹریفک جام کی بدترین صورت حال دیکھنے کو ملی، سڑک پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی تھیں، بتایا گیا کہ واٹر ٹینکر کی خرابی کی وجہ سے ٹریفک جام ہے، اور دفاتر کی طرف جانے والے ہزاروں شہری 2 گھنٹوں تک ٹریفک میں پھنسے رہے۔

    شہریوں نے بتایا کہ انھوں نے ماڈل کالونی قبرستان سے ایئرپورٹ سگنل تک 50 منٹ کا سفر طے کیا، اور اس وقت بھی کچھ پتا نہیں کہ دفتر کب پہنچیں گے، ٹریفک پولیس کے پاس اتنی صلاحیت نہیں ہے کہ ایمرجنسی رسپانس کر سکے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ٹریفک جام میں ایمبولینسیں بھی پھنسی ہوئی تھیں، اور 2 گھنٹے کے بعد خراب واٹر ٹینکر کو سڑک سے ہٹا کر سائیڈ پر کیا گیا، ٹینکر ہٹائے جانے کے باوجود ٹریفک کا شدید دباؤ رہا، اور کراچی کے ہزاروں شہری وقت پر اپنی منزل تک نہ پہنچ سکے۔

    ٹریفک پولیس نے صورت حال کے حوالے سے بتایا کہ صبح سویرے 2 واٹر ٹینکر سڑک پر خراب ہو گئے تھے، ایک ٹینکر صبح 5 بجے سے سڑک پر موجود تھا جسے ہیوی مشینری کے ذریعے ہٹایا گیا، دوسرا ٹینکر بھی صبح سے کالونی گیٹ پر کھڑا تھا۔

    ٹریفک پولیس حکام نے کہا کہ اب جو گاڑی سڑک پر خراب ہوگی اس کے خلاف مقدمہ ہوگا، ٹریفک پولیس روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ بھی بنا رہی ہے، اور یہ رپورٹ بالا حکام تک ارسال کی جاتی ہے، حکام نے کہا کہ دونوں خراب ٹینکرز کے خلاف ایف آئی آر کروا رہے ہیں۔

  • صفورا کے قریب واٹر ٹینکر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 2 افراد جاں بحق

    صفورا کے قریب واٹر ٹینکر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 2 افراد جاں بحق

    کراچی: صفورا گوٹھ کے قریب تیز رفتار واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماردی، جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار دو افراد جاں بحق ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ صفورا گوٹھ کے قریب واٹر ٹینکر حادثے میں ابتدائی طور پر ایک جاں بحق ہوا تھا، تاہم اسپتال منتقلی کے دوران زخمی نے بھی دم توڑ دیا،لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    دوسری جانب کراچی میں پولیس موبائل میں آکر ڈکیتی کرنے والے ڈی ایس پی کو بیٹے سمیت گرفتار کرلیا گیا۔

    کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں پولیس نے ڈکیتی کرنے والے ڈی ایس پی کو بیٹے سمیت گرفتار کرلیا جبکہ پولیس نے لٹیروں کی مدد کرنے والے مقامی شہری کو بھی دھر لیا۔

    لوٹ مار میں استعمال ہونے والی پولیس موبائل اور ملزمان کو تھانے منتقل کردیا گیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے موبائل کی نمبر پلیٹ میں بھی ٹیمپرنگ کی تھی، ملزمان نے پان شاپ میں لوٹ مار کی، مالک نے موبائل پہچان لی تھی۔

    ملزم عباس نے پولیس کو دیے گئے بیان میں بتایا کہ گلشن کا رہائشی ہوں، پولیس موبائل سے میرا کوئی تعلق نہیں، انہوں نے مجھے سامنے موبائل میں رکنے کا کہا تھا۔

    بھتہ خوری اور نوسربازی میں ملوث ملزم گرفتار

    پولیس کو ملزم نے بتایا کہ میں سمجھا پولیس والوں کی مدد کررہا ہوں، موبائل میں آکر ڈکیتی کرنے والوں نے چالاکی دکھائی تھی سمجھ نہیں سکا۔

  • واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل چھیننے والے ڈاکو کو کچل کر مار ڈالا

    واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل چھیننے والے ڈاکو کو کچل کر مار ڈالا

    کراچی: شہر قائد کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں ایک واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل اسنیچر کو کچل کر مار ڈالا۔

    تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن میں 2 ڈکیت ایک شہری سے موٹر سائیکل چھیننے کی واردات کر رہے تھے کہ ایک واٹر ٹینکر ڈرائیور نے لوٹ مار کرنے والے ڈاکوؤں پر گاڑی چڑھا دی۔

    ایس ایس پی ویسٹ شاد ابن مسیح کے مطابق دو ڈکیت شہری سے 125 موٹر سائیکل چھین رہے تھے، کہ سامنے سے آنے والے ٹینکر نے ڈاکوؤں کو بری طرح ٹکر مار دی، ایک ڈکیت تو فرار ہو گیا تاہم دوسرا ٹینکر کی زد میں آکر ہلاک ہو گیا۔

    پولیس حکام کے مطابق فرار ہونے والا ڈاکو لوٹ مار کیے بغیر ہی فرار ہو گیا، اس سلسلے میں مزید تفتیش کی جا رہی ہے، اور فرار ڈاکو کی تلاش بھی کی جا رہی ہے۔

  • گلشن غازی حادثے کے 25 گھنٹے بعد بھی گھر سے واٹر ٹینکر نہ نکالا جاسکا

    گلشن غازی حادثے کے 25 گھنٹے بعد بھی گھر سے واٹر ٹینکر نہ نکالا جاسکا

    کراچی: بلدیہ گلشن غازی گھر میں بے قابو واٹر ٹینکر حادثے کو 25 گھنٹے بیت گئے، مگر انتظامیہ کی بے حسی کے باعث واٹر ٹینکر کو تاحال گھر سے باہر نہ نکالا جاسکا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق انتظامیہ کی لاپرواہی کے باعث پولیس کو مشینری نہیں مل سکی، علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ گھرسے جنازہ اٹھ گیا ہے مگر پولیس نے تاحال ٹینکر کو نہیں نکالا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے بلدیہ گلشن غازی میں تیز رفتار واٹر ٹینکر بے قابو ہو کر گھر میں جا گھسا تھا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 2 بچیوں سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    پولیس حکام کے مطابق تیز رفتاری کے باعث واٹر ٹینکر ڈرائیور سے بے قابو ہو کر گھر سے جا ٹکرایا اور دیوار توڑتے ہوئے گھر میں داخل ہوگیا، جس سے گھر کے اندر سویا ہوا ایک شخص جاں بحق دو بچیوں سمیت تین افراد زخمی ہوئے، جاں بحق اور زخمیوں کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔

    ڈی آئی خان: چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کاحملہ ناکام

    جاں بحق شخص کی شناخت عامر ولد توفیق جبکہ زخمی نصیر حسین ولد توفیق کے نام سے ہوئی، تیرہ سال کی راحیلہ اور دو سال کی مناہل بھی زخمیوں میں شامل ہیں۔

  • کراچی میں تیز رفتار ٹینکر گھر میں جا گھسا، ایک شخص جاں بحق

    کراچی میں تیز رفتار ٹینکر گھر میں جا گھسا، ایک شخص جاں بحق

    کراچی کے علاقے بلدیہ گلشن غازی میں تیز رفتار واٹر ٹینکر بے قابو ہو کر گھر میں جا گھسا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 2 بچیوں سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق اقبال اسپتال کے قریب تیز رفتار واٹر ٹینکر بے قابو ہوکر گھر میں جا گھسا، حادثے میں ایک شخص جاں بحق اور دو بچیوں سمیت تین افراد زخمی ہوگئے جبکہ ڈرائیور ٹینکر چھوڑ کر موقع سے فرار ہوگیا۔

    پولیس حکام کے مطابق تیز رفتاری کے باعث واٹر ٹینکر ڈرائیور سے بے قابو ہو کر گھر سے جا ٹکرایا اور دیوار توڑتے ہوئے گھر میں داخل ہوگیا، جس سے گھر کے اندر سویا ہوا ایک شخص جاں بحق دو بچیوں سمیت تین افراد زخمی ہوئے، جاں بحق اور زخمیوں کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق شخص کی شناخت عامر ولد توفیق جبکہ زخمی نصیر حسین ولد توفیق کے نام سے ہوئی، تیرہ سال کی راحیلہ اور دو سال کی مناہل بھی زخمیوں میں شامل ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے حادثے کے ذمہ دار ٹرک ڈرائیور کی گرفتاری کیلئے کوششیں تیز کردی گئی ہیں۔