Tag: واٹس ایپ

  • فیس بک کمپنی کا نام تبدیل ہونے کے بعد واٹس ایپ میں بھی تبدیلی

    فیس بک کمپنی کا نام تبدیل ہونے کے بعد واٹس ایپ میں بھی تبدیلی

    امریکی ملٹی نیشنل ٹیکنالوجی کمپنی میٹا (فیس بک) کی زیر ملکیت میسجنگ ایپ واٹس ایپ میں تبدیلی کی جارہی ہے، کمپنی کے سربراہ مارک زکر برگ نے حال ہی میں کمپنی کا نام فیس بک سے بدل کر میٹا رکھا ہے۔

    فیس بک نے حال ہی میں اپنی پیرنٹ کمپنی کا نام فیس بک ان کارپوریٹڈ سے تبدیل کر کے میٹا ان کارپوریٹڈ کیا تھا اور اب واٹس ایپ میں بھی اس حوالے سے تبدیلی کردی گئی۔

    فیس بک کی ملکیت واٹس ایپ کو ڈاؤن لوڈ کیے جانے کے وقت عام طور پر فرام فیس بک لکھا آتا تھا، تاہم اب اس میں تبدیلی کردی گئی۔

    واٹس ایپ سے متعلق معلومات فراہم کرنے والی ویب سائٹ ویب ایٹ انفو کے مطابق اب واٹس ایپ کے نئے ورژن میں فرام فیس بک کی جگہ فرام میٹا لکھا ہوا نظر آئے گا۔

    فیس بک کے بانی مارک زکر برگ نے 28 اکتوبر کو کمپنی کا نام تبدیل کر کے میٹا رکھا تھا اور اب مذکورہ کمپنی کی زیر ملکیت تمام ایپس اور ویب سائٹس کے اپڈیٹ ورژنز پر فرام فیس بک کے بجائے فرام میٹا کا پیغام لکھنا شروع کردیا گیا۔

    واٹس ایپ کے بعد اب جلد ہی انسٹاگرام، اوکولس اور خود فیس بک کی ایپلی کیشن پر بھی فرام میٹا لکھا ہوا نظر آئے گا۔

    کمپنی کے نئے نام سے اس کی ملکیت رہنے والی تمام ویب سائٹس اور ایپلی کیشن کے نام وہی رہیں گے اور وہ اسی طرح کام کرتی رہیں گی، جسے اب تک کرتی آئی ہیں۔

    البتہ مستقبل میں میٹا کمپنی نئی ٹیکنالوجیز اور ویب سائٹس سمیت ایپس متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے، جس وجہ سے اس کا نام بھی تبدیل کیا گیا ہے۔

    میٹا کا مستقبل میں سب سے اہم کام میٹاورس نامی ورچوئل ریئلٹی کا انٹرنیٹ نظام بنانا ہے، جس کے لیے کمپنی اگلے پانچ سال میں یورپ بھر میں 10 ہزار افراد کو ملازمتیں بھی فراہم کرے گی۔

  • واٹس ایپ میں ڈیلیٹ کیا ہوا میسج کیسے پڑھا جاسکتا ہے؟

    واٹس ایپ میں ڈیلیٹ کیا ہوا میسج کیسے پڑھا جاسکتا ہے؟

    میسجنگ کے لیے مقبول ترین ایپ واٹس ایپ دنیا بھر میں اسمارٹ فونز میں سب سے زیادہ استعمال کی جانے والی ایپ ہے، واٹس ایپ کا ایک فیچر میسجز ڈیلیٹ کرنے کا بھی ہے جو اس کے صارفین کے لیے نہایت کارآمد ہے۔

    تاہم کچھ صارفین ان ڈیلیٹ کیے گئے میسجز کو بھی پڑھنا چاہتے ہیں۔ بھیجے گئے میسج کو ڈیلیٹ کرنے کا ایک وقت مقرر ہوتا ہے۔

    ڈیلیٹ کیا جانے والا میسج کمپنی کے سرور سے بھی غائب ہوجاتا ہے کیونکہ اس فیچر کو متعارف کروانے کا مقصد ہی یہی تھا کہ اس کا کوئی ریکارڈ نہ رہے، چنانچہ ایسے میسج کو پڑھنا تھوڑا مشکل ہوسکتا ہے۔

    ایک طریقہ ایسا ہے جس کے ذریعے ڈیلیٹ کیے ہوئے میسج کو پڑھا جاسکتا ہے۔

    اس میسج کو کلاؤڈ بیک اپ کے ذریعے حاصل کیا جاسکتا ہے لیکن خیال رہے کہ ایسی صورت میں ان نئے میسجز سے ہاتھ دھونا پڑ سکتا ہے جن کا بیک اپ نہ ہوا ہو۔

    ڈیلیٹ شدہ میسج کو پڑھنے کے لیے فون سے واٹس ایپ ان انسٹال کریں، اس کے بعد اسے دوبارہ انسٹال کریں۔ انسٹال ہوتے ہی واٹس ایپ کلاؤڈ سے بیک اپ وصول کرے گا اور جیسے ہی اس کی انسٹالیشن کا عمل مکمل ہوگا، قوی امید ہے کہ آپ کو ڈیلیٹ کیا ہوا میسج دکھائی دے جائے گا۔

    ڈیلیٹ کیا ہوا میسج پڑھنے کے لیے تھرڈ پارٹی ایپ بھی استعمال کی جاسکتی ہے، ایسی ہی ایک تھرڈ پارٹی ایپ واٹس ریمووڈ پلس ہے جو گوگل پلے اسٹور میں دستیاب ہے۔

  • یو اے ای میں ایک بڑی سہولت فراہم کر دی گئی

    یو اے ای میں ایک بڑی سہولت فراہم کر دی گئی

    دبئی: متحدہ عرب امارات کے شہری اور رہائشی اب اپنے بچوں کے پیدائشی سرٹیفکیٹ فیس بک کی ملکیت والی ٹیکسٹنگ سروس واٹس ایپ کے ذریعے حاصل کر سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق یو اے ای میں اب وزارت صحت واٹس ایپ کے ذریعے پیدائش کے سرٹیفکیٹ جاری کرے گی، وزارت صحت GITEX ٹیکنالوجی ویک 2021 میں متعدد سمارٹ سروسز کی نمائش کر رہی ہے جن میں واٹس ایپ کے ذریعے پیدائش کا سرٹیفکیٹ جاری کرنا بھی شامل ہے۔

    نئی سروس کا مقصد کسٹمر کے تجربے کو خوش گوار اور عوام کے ساتھ مواصلاتی چینلز کو بہتر بنانا ہے، تاکہ جدید نظام اور بین الاقوامی بہترین طریقوں پر مبنی ہموار اور آسان طریقہ کار استعمال کیا جا سکے، یہ اقدام وزارت کے سمارٹ حکومتی مقاصد کی حمایت کے منصوبوں کے مطابق ہے۔

    نئی واٹس ایپ سروس Gitex Global 2021 میں دکھائی جانے والی خدمات کے ایک پیکج کا حصہ ہے، جو 17 سے 21 اکتوبر تک دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں جاری ہے۔

    ڈائریکٹر آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ سمیر الخوری نے کہا کہ واٹس ایپ کے ذریعے پیدائشی سرٹیفکیٹ جاری کرنے کی خدمات نے صارفین کے تجربے کو فروغ دینے میں مدد دی ہے، اور ان کی ضروریات کو مؤثر اور تیز رفتاری سے پورا کیا ہے۔

    انھوں نے کہا شہری سوشل میڈیا ایپس کے بڑھتے ہوئے استعمال اور ان کے استعمال میں آسانی سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

    انھوں نے مزید کہا کہ یہ وزارت کی جانب سے تیز اور مؤثر خدمات کی فراہمی کے لیے جاری کوششوں کا ایک حصہ ہے تا کہ لین دین کے طریقہ کار کو آسان بنایا جا سکے اور زیادہ سے زیادہ وقت اور کوشش کی بچت ہو۔

    الخوری نے واضح کیا کہ واٹس ایپ کے ذریعے ادارے کے ساتھ چیٹ میں صارفین دوسری سروسز کے بارے میں بھی معلومات حاصل کر سکیں گے۔

  • واٹس ایپ صارفین کا تمام ڈیٹا بالکل محفوظ، زبردست فیچر متعارف

    واٹس ایپ صارفین کا تمام ڈیٹا بالکل محفوظ، زبردست فیچر متعارف

    سان فرانسسکو: پیغام رسنای کے لیے استعمال ہونے والی موبائل اپیلی کیشن واٹس ایپ نے صارفین کے ڈیٹا کی حفاظت کے لیے باضابطہ طور پر اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ بیک اپ فیچر متعارف کرانے کا اعلان کردیا۔

    واٹس ایپ کی جانب سے اس فیچر کی تیاری کا اعلان ستمبر 2021 میں کیا گیا تھا، جس پر ماہرین نے کام شروع کیا اور اس کی آزمائش بھی کامیاب رہی، یہی وجہ ہے کہ اب یہ سہولت  14 اکتوبر سے صارفین کومرحلہ وار فراہم کرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

    قبل ازیں واٹس ایپ صارفین کا بیک اپ کیا جانے والا ڈیٹا آن لائن کلاؤڈ سروس پر اپ لوڈ ہوتا تھا، جس کی حفاظت کے حوالے سے مختلف سوالات اٹھائے گیے تھے۔

    فیس بک کی زیرملکیت کمپنی واٹس ایپ نے اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ بیک اپ کی فراہمی کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اینڈرائیڈ اور آئی او ایس کے تمام صارفین اس سہولت سے استفادہ کرسکیں گے۔

    کمپنی کے مطابق اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے سینٹنگز میں جاکر ایک معمولی سی تبدیلی کرنا ہوگی۔

    فیچر استعمال کیسے کیا جائے گا؟

    واٹس ایپ سیٹنگز مینیو میں جاکر چیٹ بیک آپ پر جب صارف کلک کرے گا تو اُس کے سامنے اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ بیک اپ کا آپشن آجائے گا، جس کو سلیکٹ کرنے کے بعد پاس ورڈ، خفیہ ہندسے یا خفیہ کی صارف کو درج کرنا ہوگی۔

    یہ خفیہ نمبر، پاس ورڈ یا ہندسہ درج کرنے کے بعد صارف جیسے ہی Done کا بٹن دبائے گا تو فیچر ان ایبل ہوجائے گا اور تمام چیٹ محفوظ ہوجائے گی۔

    سب سے اہم بات یہ ہے کہ صارف اپنا درج کردہ نمبر یا پاس ورڈ بھول گیا تو وہ ڈیٹا تک رسائی حاصل نہیں کرسکے گا اور نہ ہی اس کو ری سیٹ کیا جاسکے گا۔

  • واٹس ایپ چیٹ ہسٹری ری اسٹور کرنے کا متبادل طریقہ

    واٹس ایپ چیٹ ہسٹری ری اسٹور کرنے کا متبادل طریقہ

    دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپ پر صارفین کو ایک بڑا مسئلہ چیٹ ہسٹری ری اسٹور کرنے کی صورت میں تب پیش آتا ہے جب بیک اپ سے ہسٹری ری اسٹور کی جاتی ہے لیکن ری اسٹور 100 فی صد ظاہر کرنے کے بعد بھی ایپلی کیشن ہینگ ہو جاتی ہے اور نتیجے میں آپ کو اپنی چیٹ ہسٹری سے ہاتھ دھونے پڑتے ہیں۔

    کافی عرصہ ہو چکا، واٹس ایپ کی جانب سے اس خرابی کا حل پیش نہیں کیا جا سکا ہے، جس کی وجہ سے یوزر کے پاس ‘بیک اپ ری اسٹور’ کو ترک کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں رہتا، چیٹ ہسٹری بھی ضایع ہو جاتی ہے۔

    لیکن اب ٹیلی کمیونیکیشن کے ماہرین نے واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ صارفین کو درپیش دیرینہ مسلئے کا کار آمد متبادل حل پیش کر دیا ہے۔

    طریقہ کار یوں ہے:

    گوگل ڈرائیو

    واٹس ایپ اکاؤنٹ کو گوگل ڈرائیو سے ان لنک کریں۔

    https://drive.google.com پر جا کر گوگل اکاؤنٹ کو لاگ ان کریں، پھر Settings کو اوپن کریں، Manage Apps پر جائیں، واٹس ایپ میسنجر پر کلک کریں، آپشن پر جا کر پر Disconnect from Drive پر کلک کریں۔

    اب واٹس ایپ کو ان انسٹال کر دیں۔

    اس کے بعد فائل مینیجر کو استعمال کرتے ہوئے ’’/user/Android/Media/com.whatsapp/WhatsApp/Databases‘‘ سے سب سے آخر میں Save کی گئی ڈیٹا بیس فائل کو منتخب کریں اور اس کو ری نیم ’’msgstore.db‘‘ کر کے crypt. ایکسٹینشن کو جوں کا توں رہنے دیں۔

    مثال کے طور پر ایکسٹینشن ’’.crypt12‘‘ ہے تو پھر ڈیٹا بیس فائل کا نیا نام ’’msgstore.db.crypt12‘‘ ہونا چاہیے۔ اگر یہ پاتھ موجود نہ ہو تو’’WhatsApp/Databases‘‘ یا پھر ’’/user/WhatsApp/Databases‘‘ کے ساتھ کوشش کریں۔

    اب واٹس ایپ کو دوبارہ انسٹال کریں اور اکاؤنٹ سے منسلک نمبر کو استعمال کرتے ہوئے لاگ ان کریں۔

    لاگ ان کرنے کے بعد واٹس ایپ گوگل ڈرائیو سے بیک اپ حاصل کرنے کی کوشش کرے گا، لیکن واٹس ایپ کے ڈرائیو سے ان لنک ہونے کی وجہ سے وہ بیک اپ تلاش نہیں کر سکے گا۔

    جی ڈرائیو سے بیک اپ میں ناکامی کے بعد واٹس ایپ پہلے سے ری نیم کیے گئے لوکل بیک اپ کو منتخب کر کے کام یابی سے بیک اپ ری اسٹور کر دے گا۔

    اور چیٹ ہسٹری کو ری اسٹور کرنے کے بعد آپ اپنے واٹس ایپ کو دوبارہ گوگل اکاؤنٹ سے لنک کر سکتے ہیں۔

  • واٹس ایپ چیٹ کو خفیہ بھی رکھا جاسکتا ہے

    واٹس ایپ چیٹ کو خفیہ بھی رکھا جاسکتا ہے

    کیا آپ جانتے ہیں اگر آپ اپنی واٹس ایپ پر ہونے والی گفتگو کو مخفی رکھنا چاہتے ہیں تو اس کا ایک آسان طریقہ خود واٹس ایپ کی طرف سے ہی اپنے صارفین کو مہیا کیا گیا ہے۔

    واٹس ایپ میں ایک ایسا فیچر ہے جس سے زیادہ لوگ واقف نہیں ہیں، اس فیچر میں آپ اپنے واٹس ایپ کو فنگر پرنٹ یا فیس لاک لگا سکتے ہیں تاکہ اگر آپ کا فون کسی دوسرے کے ہاتھ میں جاتا بھی ہے تو وہ آپ کا واٹس ایپ نہ کھول سکے۔

    واٹس ایپ کا یہ فیچر آئی او ایس اور اینڈرائیڈ دونوں طرح کے صارفین کے لیے دستیاب ہے، اینڈرائیڈ صارفین کو یہ فیچر ایکٹو کرنے کے لئے سیٹنگز میں جا کر اکاﺅنٹ اور پھر پرائیویسی کے آپشن میں جانا ہوگا۔

    اس کے بعد آپ کو وہاں فنگرپرنٹ لاک کا آپشن نظر آئے گا، یہاں سے اسے آن کر دیں اور اپنا فنگر پرنٹ کنفرم کر دیں، اس کے بعد آپ لاک کی ٹائمنگ بھی سیٹ کر سکتے ہیں کہ واٹس ایپ کھلا رہنے پر کتنی دیر بعد خود بخود لاک لگ جائے۔

    آئی او ایس صارفین بھی سیٹنگز میں جا کر اکاؤنٹ اور پھر پرائیویسی میں جائیں، یہاں آخر میں آپ کو اسکرین لاک کا آپشن نظر آئے گا، اس میں جا کر آپ ٹچ آئی ڈی یا فیس آئی ڈی کے ذریعے واٹس ایپ ان لاک کرنے کا انتخاب کر سکتے ہیں۔

    اس کا انحصار آپ کے آئی فون ماڈل پر بھی ہوگا، آپ اینڈرائیڈ یا آئی او ایس پر اس فیچر کو کسی بھی وقت بند کر سکتے ہیں۔

  • واٹس ایپ پر ایک بڑی پریشانی کا حل نکل آیا

    واٹس ایپ پر ایک بڑی پریشانی کا حل نکل آیا

    دنیا بھر میں مقبول میسجنگ ایپ واٹس ایپ صارفین کی ایک اہم پریشانی دور کرنے کے لیے گلوبل وائس میسج پلیئر پر کام کر رہی ہے۔

    واٹس ایپ کے اس نئے فیچر ‘گلوبل وائس میسج پلیئر’ کا کیا فائدہ ہوگا؟ تو سوال یہ ہے کہ کیا آپ کو بھی واٹس ایپ پر طویل دورانیے کے وائس میسجز پریشان کرتے ہیں؟

    ویبیٹا انفو کا کہنا ہے کہ واٹس ایپ کا گلوبل وائس میسج پلیئر اینڈرائیڈ کے بیٹا ورژن اور آئی فون کے بیٹا ورژن کے لیے دستیاب ہوگا۔

    گلوبل وائس میسج پلیئر کیا ہے؟ اگر آپ لمبے وائس میسج سے اکتا جاتے ہیں اور چیٹ نہیں چھوڑ سکتے، کیوں کہ چیٹ چھوڑنے کی صورت میں وائس میسج کی آواز بند ہو جاتی ہے، تو یہ فیچر آپ ہی کی سہولت کے لیے ہے۔

    واضح رہے کہ واٹس ایپ صارفین کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے آئے دن نت نئی تبدیلیاں کرتا رہتا ہے، اب کمپنی وائس میسج کے فیچر کی اپ ڈیٹ پر کام کر رہی ہے۔

    اس فیچر کے تحت صارف وائس میسج سنتے ہوئے مذکورہ چیٹ چھوڑ کر دوسری چیٹ پر جا سکے گا، اور وہاں اُس صارف کو بہ آسانی جواب دے سکے گا۔

    یہ فیچر موبائل اسکرین کے بالکل اوپر دکھائی دے گا، آپ جب چاہیں اسے سنتے ہوئے روک سکتے ہیں یا اسکرین سے ہٹا بھی سکتے ہیں۔ لیکن یاد رہے کہ اس فیچر پر ابھی کام جاری ہے، واٹس ایپ وائس میسج پلیئر کے رنگ وغیرہ میں بھی تبدیلی لا سکتی ہے۔

  • واٹس ایپ کا نیا حیران کن فیچر، صارفین کے لیے مزید سہولت

    واٹس ایپ کا نیا حیران کن فیچر، صارفین کے لیے مزید سہولت

    دنیا بھر میں مقبول میسجنگ ایپ واٹس ایپ کی نئی اپ ڈیٹ متعارف کروا دی گئی جس کے تحت ملٹی ڈیوائس فیچر کی سہولت دستیاب ہوگی۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق ویب بیٹا انفو کے مطابق، واٹس ایپ کی نئی اپ ڈیٹ 2.21.19.9 جاری کردی گئی ہے جس کے تحت اگر صارف بیٹا ٹیسٹر نہیں ہیں تب بھی اس فیچر سے باآسانی مستفید ہوسکیں گے۔

    ملٹی ڈیوائس فیچر کے تحت صارفین بنیادی ڈیوائس کے علاوہ واٹس ایپ کو مزید 4 ڈیوائسز سے منسلک کرسکتے ہیں۔ اس اپ ڈیٹ کو حاصل کرنے والے صارفین اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ کو مختلف ڈیوائسز پر استعمال کرسکیں گے۔

    واٹس ایپ کی جانب سے اس نئے ملٹی ڈیوائس فیچر کو رواں برس جولائی میں آزمائشی طور پر متعارف کروایا گیا تھا تاہم اب اس فیچر سے آئی او ایس اور اینڈرائیڈ صارفین بھی مستفید ہوسکیں گے۔

    واٹس ایپ کا نیا ملٹی ڈیوائس فیچر فون میں انٹرنیٹ نہ ہونے کی صورت میں بھی منسلک شدہ ڈیوائسز کو واٹس ایپ تک رسائی کی اجازت دیتا ہے۔

    اب تک صارفین کو اپنے فون میں موجود واٹس ایپ کو ویب پر کنیکٹ کرنے کے لیے انٹرنیٹ کنکشن درکار ہوتا ہے اور واٹس ایپ ویب تک رسائی کے لیے کیو آر کوڈ اسکین کرنے کی ضرورت ہوتی ہے تاہم موبائل میں انٹرنیٹ بند ہونے کی صورت میں ویب پر موصول ہونے والے میسجز کا سلسلہ بھی رک جاتا ہے۔

    لیکن اب واٹس ایپ ملٹی ڈیوائس فیچر کے متعارف کروائے جانے کے بعد اس میں تبدیلی آگئی ہے۔

    فیچر کو استعمال کرنے کا طریقہ

    اینڈرائیڈ صارفین

    واٹس ایپ کھولیں اور تھری ڈاٹس آئیکن پر کلک کریں۔

    بعد ازاں لنک ڈیوائسز پر کلک کرنے کے بعد صارف کو نیچے کی جانب ملٹی ڈیوائس بیٹا کا آپشن نظر آئے گا جس پر کلک کرکے صارف جوائن بیٹا کے ذریعے اس نئے فیچر سے مستفید ہوسکتا ہے۔ اگر صارف ملٹی ڈیوائس بیٹا کو چھوڑنا چاہے تو اسی طرح آپشن پر جا کر لیو کا آپشن استعمال کرسکتا ہے۔

    آئی او ایس صارفین

    واٹس ایپ کھولنے کے بعد سیٹنگز میں جائیں۔

    لنک ڈیوائسز پر کلک کرنے کے بعد صارف کو نیچے کی جانب ملٹی ڈیوائس بیٹا کا آپشن نظر آئے گا جس پر کلک کرکے صارف جوائن بیٹا کے ذریعے اس نئے فیچر سے مستفید ہوسکتا ہے۔

    ملٹی ڈیوائس بیٹا جوائن کرنے کے بعد صارف ان لوگوں کو موبائل، ڈیسک ٹاپ یا دیگر منسلک ڈیوائسز سے کال یا میسج نہیں کرسکیں گے جن کے پاس واٹس ایپ کا پرانا ورژن موجود ہے۔

    اگر آپ 14 روز تک اپنا فون استعمال نہیں کرتے تو اس فون سے منسلک ڈیوائسز میں واٹس ایپ کام کرنا بند کردے گا۔

  • کے الیکٹرک نے صارفین کو واٹس ایپ پر بھی سروس فراہم کر دی

    کے الیکٹرک نے صارفین کو واٹس ایپ پر بھی سروس فراہم کر دی

    کراچی: کے الیکٹرک نے صارفین کی سہولت کے لیے واٹس ایپ سروس بھی متعارف کر ادی۔

    تفصیلات کے مطابق کے ای کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کہا گیا ہے کہ ادارے کی جانب سے واٹس ایپ سروس کی شان دار سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔

    کے الیکٹرک کی چیف مارکیٹنگ اینڈ کمیونیکشن آفیسر سعدیہ دادا کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک واٹس ایپ استعمال کرنے والی ملک کی پہلی پاور یوٹیلٹی بن گئی ہے، کے الیکٹرک اپنے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کو جدید بناتے ہوئے صارفین سے رابطہ مزید بہتر بنا رہی ہے۔

    انھوں نے کہا صارفین شکایات کے اندراج اور معلومات حاصل کرنے کے لیے اس سہولت کے ساتھ 24 گھنٹے واٹس ایپ سروس استعمال کر سکیں گے۔

    سہولت کے استعمال کے لیے کے الیکٹرک کے صارفین اپنے بل پر موجود 13 ہندسوں کے اکاؤنٹ نمبر کو 92348000018+ پر ارسال کر کے رجسٹریشن حاصل کریں۔

    صارفین بلنگ کی شکایات، بل کی نقل، انکم ٹیکس سرٹیفکیٹ، نئے کنکشن کے فارم اور متعلقہ دستاویزات حاصل کر سکیں گے۔

    صارفین کے الیکٹرک کے کال سینٹر 118، ایس ایم ایس سروس 8119 کے ای لائیو ایپ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ متبادل ڈیلیوری چینلز کے ذریعے مالی سال 20-21 میں کے الیکٹرک کو 4.7 ارب روپے بلوں کی ادائیگی کی گئی۔

  • واٹس ایپ گروپ بنائے بغیر ایک میسج بہت سے لوگوں کو کس طرح بھیجا جاسکتا ہے؟

    واٹس ایپ گروپ بنائے بغیر ایک میسج بہت سے لوگوں کو کس طرح بھیجا جاسکتا ہے؟

    واٹس ایپ رابطوں کے لیے سب سے زیادہ استعمال ہونے والی ایپ ہے تاہم اس کے گروپس سے سب ہی پریشان رہتے ہیں۔

    واٹس ایپ گروپ صارفین کے لیے یقینی طور پر ناپسندیدہ ترین شے ہوسکتی ہے، اسی ناپسندیدگی کو دیکھتے ہوئے لوگ غیر ضروری گروپ بنانے اور اس میں لوگوں کو ایڈ کرنے سے احتراز کرتے ہیں تاہم بعض اوقات کوئی میسج ایسا بھی ہوسکتا ہے جو بیک وقت بہت سے افراد کو بھیجنا ضروری ہوتا ہے۔

    لیکن ایک طریقہ ایسا ہے جس میں گروپ تشکیل دیے بغیر بہت سے لوگوں کو بیک وقت ایک ہی میسج بھیجا جاسکتا ہے، یہ طریقہ براڈ کاسٹ فیچر ہے۔

    اس فیچر کی مدد سے آپ ایک میسج بیک وقت تقریباً 256 افراد کو بھیج سکتے ہیں۔ ایک دفعہ یہ لسٹ بن جائے تو پھر آپ کو بار بار اسے بنانے کی ضرورت نہیں پڑتی اور بس ایک ہی دفعہ اس لسٹ میں اس پیغام کو بھیجا جاتا ہے جسے بہت سے لوگوں تک پہنچانا مقصد ہو۔

    براڈ کاسٹ لسٹ بنانے کے لیے پہلے آپ کو مطلوبہ افراد کو اپنی کانٹیکٹ لسٹ میں سیو کرنا ہوگا۔

    یہ لسٹ بنانے کے لیے سب سے پہلے واٹس ایپ کھول کر سائیڈ میں بنے 3 نقطوں پر کلک کریں، ایک مینیو سامنے کھل جائے گا۔

    یہاں آپ کو نیو براڈ کاسٹ کا آپشن دکھائی دے گا، جب آپ اسے کلک کریں گے تو آپ کے سامنے آپ کی کانٹیکٹ لسٹ کھل جائے گی، ان میں سے آپ نے کانٹیکٹس کو منتخب کرنا ہوگا۔

    مطلوبہ کانٹیکٹس کو سلیکٹ کرلینے کے بعد نیچے موجود نشان کو کلک کریں، لیجیئے آپ کی براڈ کاسٹ لسٹ تیار ہوگئی۔

    اب جب بھی آپ کوئی ایسا پیغام جو بہت سے لوگوں کو بھیجنا ہو، اس لسٹ میں بھیجیں گے تو تمام صارفین کو ایک ساتھ یہ میسج موصول ہوگا اور یہ انہیں دیگر عام میسجز کی طرح ہی موصول ہوگا۔

    اگر کوئی کانٹیکٹ اس میسج کا جواب دے گا تو وہ جواب آپ کے پاس عام چیٹ کی طرح ہی ظاہر ہوگا۔

    اس براڈ کاسٹ لسٹ کو ایڈٹ کر کے اس میں مزید لوگوں کو شامل یا ڈیلیٹ بھی کیا جاسکتا ہے بس یاد رہے کہ اس میں شامل افراد کی تعداد 256 سے زائد نہ ہو۔