Tag: واٹس ایپ

  • ابوظبی، واٹس ایپ پر بیوی کی بے عزتی کرنے والے شوہر کو 2 ماہ قید کی سزا

    ابوظبی، واٹس ایپ پر بیوی کی بے عزتی کرنے والے شوہر کو 2 ماہ قید کی سزا

    ابوظبی: متحدہ عرب کی ریاست ابوظبی میں عدالت نے واٹس ایپ پر بیوی کی بے عزتی کرنے والے شوہر کو 2 ماہ قید کی سزا سنادی۔

    عرب میڈیا کے مطابق ابوظبی میں اماراتی شوہر کو بیوی کو واٹس ایپ پر تضحیک آمیز میسج کرکے بے عزتی کرنا مہنگا پڑ گیا، عدالت نے ملزم کو دو ماہ قید کی سزا سنادی۔

    ابوظبی کی فیملی کورٹ میں خاتون نے موقف اختیار کیا کہ میرے اور شوہر کے درمیان غلط فہمی ہوگئی تھی جس کو دور کرنے کے لیے میں نے شوہر سے واٹس ایپ پر رابطہ کیا تھا۔

    خاتون کا کہنا تھا کہ میں حیران رہ گئی کہ میں صلح کی بات کررہی تھی اور شوہر مجھ پر گالم گلوچ کرکے میری بے عزتی کیے جارہے تھے۔

    مزید پڑھیں: ابوظبی: پہلی بیوی کو واٹس ایپ پر نازیبا تصاویر بھیجنا شوہر کو مہنگا پڑ گیا

    اماراتی خاتون کا کہنا تھا شوہر کی جانب سے متعدد مرتبہ اس ہی طرح کے روئیے کا سامنا رہا، میں نے سمجھانے کی کئی بار کوشش کی لیکن کوئی فائدہ نہ ہوا تو میں نے شوہر کے خلاف شکایت درج کرادی۔

    پراسیکیوٹر کی جانب سے ملزم کو آن لائن قانون کی خلاف ورزی کے تحت سزا دینے کا کہا گیا تھا تاہم عدالت نے ملزم کو دو ماہ قید کی سزا سنائی۔

    آخری سماعت کے دوران ملزم شوہر کا کہنا تھا کہ اہلیہ مجھ سے طلاق لے کر بچوں کو اپنے ساتھ لے جانا چاہتی ہے۔

    اماراتی شوہر نے اہلیہ کی جانب سے عائد کردہ تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے سزا کو اپیل کورٹ میں چیلنج کردیا۔

    ابوظبی کی عدالت نے کیس کی مزید سماعت 15 ستمبر تک ملتوی کردی۔

  • فیس بک ، واٹس ایپ، انسٹاگرام کی سروس دنیا بھر میں متاثر

    فیس بک ، واٹس ایپ، انسٹاگرام کی سروس دنیا بھر میں متاثر

    سان فرانسسکو: دنیا بھر میں سماجی رابطے کی سب سے بڑی ویب سائٹ فیس بک کی زیر ملکیت تمام سروسز اچانک معطل ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں فیس بک، واٹس ایپ اور انسٹاگرام کی سروس متاثر ہونے کی مصدقہ اطلاعات موصول ہوئیں جس کے بعد انتظامیہ نے بھی تصدیق کردی۔

    اطلاعات کے مطابق صارفین کو تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرنے میں شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ امریکا، ویت نام، کینیڈا، پاکستان، جنیوا، سوئٹزرلینڈ، ڈنمارک میں بھی سروس متاثر ہوئی۔

    مزید پڑھیں: پاکستان سمیت دنیا بھر میں فیس بک، انسٹاگرام، واٹس ایپ کی سروس متاثر ہونے کے بعد بحال

    فیس بک ترجمان کے مطابق ’’تکنیکی خرابی کے کے باعث سروس متاثر ہوئی تاہم اب ماہرین قابو پانے کی کوشش کررہے ہیں۔ خیال رہے کہ امریکی ریاست کیلی فورنیا سے چلنے والی  دنیا بھر کی معروف ویب سائٹ فیس بک کے ڈیڑھ ارب سے زائد صارفین ہیں جن کی سب سے زیادہ تعداد ایشیا سے تعلق رکھتی ہے۔

    اسی طرح پیغام رسانی کی سب سے بڑی موبائل ایپلیکشن واٹس ایپ اور فوٹر شیئرنگ ایپ انسٹاگرام استعمال کرنے والے صارفین بھی لاکھوں کی تعداد میں ہیں۔

  • کراچی پولیس کی واٹس ایپ ہیلپ لائن عوام میں مقبول

    کراچی پولیس کی واٹس ایپ ہیلپ لائن عوام میں مقبول

    کراچی: سندھ پولیس چیف کی جانب سے قائم واٹس ایپ ہیلپ لائن پر موصول شکایتوں پر تیزی سے کارروائیاں کی جانے لگیں، اغوا، جنسی زیادتی، بھتے، فراڈ، لوٹ مار اور چھینا جھپٹی کی موصول شکایات پر فوری کارروائیاں کی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس چیف کے قائم واٹس ایپ ہیلپ لائن کی عوام میں پذیرائی ہونے لگی۔ یکم جنوری سے 30 جون تک کے متاثر کن اعداد و شمار سامنے آگئے۔ مسائل حل ہونے پر پولیس کو واٹس ایپ کے ذریعے شکریے کے پیغامات وصول ہونے لگے۔

    رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کمپلین سروس کو 1603 شکایات موصول ہوئیں، واٹس ایپ پر موصول شکایات کے نتیجے میں 10 پولیس اہلکاروں کو معطل کیا گیا۔ ایک اہلکار کی تنزلی، ایک کو شوکاز نوٹس، 16 کوارٹر گارڈ اور 16 اہلکاروں کا تبادلہ کیا گیا۔

    شکایات پر کیے جانے والے اقدامات کے نتیجے میں شہر کے مختلف تھانوں میں 169 ایف آئی آرز درج کی گئیں۔ سب سے زیادہ 696 شکایات پولیس کے خلاف تھیں جو کل شکایات کا 43.4 فیصد ہیں۔ واٹس ایپ پر تشدد کی 178 اور زمینوں پر قبضے کی 135 شکایات موصول ہوئیں۔

    رپورٹ کے مطابق منشیات کی 92، دھمکیوں سے متعلق 85، فراڈ کی 83، لاپتہ افراد کی 61 شکایات، لوٹ مار کی 53، چھینا جھپٹی کی 52 اور چوری کی 45 شکایات موصول ہوئیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ 6 ماہ میں اغوا کی 22 شکایات بھی موصول ہوئیں، 100 فیصد شکایات کی چھان بین کی گئی اور مختلف اقدامات کیے گئے۔ جوئے، جنسی زیادتی، بھتے اور فحاشی سے متعلق 100 فیصد شکایات نمٹائی گئیں۔ دیگر شکایات پر عمل درآمد کے لیے متعلقہ محکموں کے سپرد کیا گیا۔

  • واٹس ایپ میں زبردست فیچر شامل کرنے کا فیصلہ

    واٹس ایپ میں زبردست فیچر شامل کرنے کا فیصلہ

    سان فرانسسکو: پیغام رسانی کی سب سے بڑی موبائل ایپلیکشن واٹس ایپ کی انتظامیہ نے نیا فیچر متعارف کرنے پر سوچ بچار شروع کردی جس کے تحت صارفین اپنا اسٹیٹس براہ راست دوسرے پلیٹ فارم پر شیئر کرسکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق واٹس ایپ کے صارفین کو ابھی یہ سہولت میسر نہیں کہ وہ اپنا اسٹیٹس کسی دوسرے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر شیئر کرسکیں تاہم مستقبل میں ایسا ممکن ہوجائے گا۔

    ٹیکنالوجی پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ کے مطابق واٹس ایپ نے ایسا فیچر متعارف کرنے کا فیصلہ کرلیا جس کو استعمال کرتے ہوئے صارفین اپنے اسٹیٹس براہ راست فیس بک، انسٹاگرام، گوگل ، ٹویٹر پر شیئر کرسکیں گے۔

    انتظامیہ کی جانب سے فیچر آزمائشی طور پر بیٹا ورژن استعمال کرنے والے صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا اور کامیابی کے بعد عام صارفین بھی اسے استعمال کرسکیں گے۔

    اطلاعات کے مطابق کوئی بھی صارف جیسے ہی واٹس ایپ کو ئی اسٹیٹس لکھے گا تو اُس کے سامنے شیئرنگ کا آپشن آجائے گا، تصاویر اور ویڈیوز وغیرہ پہلے مرحلے میں شیئر نہیں کی جاسکیں گی۔

    مزید پڑھیں: واٹس ایپ میں اشتہارات متعارف کرائے جائیں‌ گے، فیس بک کی تصدیق

    آزمائشی مرحلے میں واٹس ایپ بیٹا ورژن استعمال کرنے والے صارفین جب اسٹیٹس رکھیں گے تو اُن کے سامنے یہ پیغام آجائے گا کہ وہ اسٹوری یا اسٹیٹس کو کسی دوسرے پلیٹ فارم پر شیئر کرنا چاہتے ہیں، صارف جن کا انتخاب کرے گا اُن پر خود بہ خود یہ شیئر ہوجائے گا۔

    اس حوالے سے مزید وضاحت سامنے آئی ہے کہ یہ فیچر اینڈرائیڈ، آئی او ایس ڈیٹا بیس کے اے پی آئی ایس APIs کی مدد سے چلے گا جس کا کام صرف ڈیٹا کی منتقلی ہے۔

  • واٹس ایپ میں اشتہارات متعارف کرائے جائیں‌ گے، فیس بک کی تصدیق

    واٹس ایپ میں اشتہارات متعارف کرائے جائیں‌ گے، فیس بک کی تصدیق

    نیویارک: دنیا کی مقبول ترین مسیجنگ اپلیکشن واٹس ایپ میں اب اشتہارات متعارف کرانے کا اعلان کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق واٹس ایپ اب زیادہ عرصہ اشتہارات سے پاک نہیں رہے گی۔ فیس بک نے تصدیق کی ہے کہ 2020 سے اس کی زیرملکیت ایپ میں اشتہارات اسٹیٹس کے سیکشن میں نظر آئیں گے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا نیٹ ورک کی جانب سے یہ اعلان فیس بک کی سالانہ مارکیٹنگ کانفرنس میں کیا گیا جس کا انعقاد گزشتہ دنوں نیدرلینڈ میں ہوا۔ کانفرنس میں موجود بی کنکٹ ڈیجیٹل مارکیٹنگ ایجنسی کے اولیور پونٹے ویلی نے مختلف ٹوئیٹس میں تصاویر پوسٹ کیں جن میں دکھایا گیا کہ اس ایپ میں اشتہارات کس طرح نظر آئیں گے۔

    واٹس ایپ کے نائب صدر کرس ڈینیئل نے کئی ماہ قبل ہی اس بات کی تصدیق کردی تھی کہ اشتہارات کی اس اپلیکشن میں آمد ہورہی ہے تو یہ نئی پیشرفت حیران کن نہیں۔ درحقیقت یہ زیادہ حیران کن ہے کہ اب تک آئی او ایس اور اینڈرائیڈ پر اشتہارات دکھانے کا سلسلہ شروع کیوں نہیں ہوا کیونکہ پہلے 2019 کے بارے میں کہا جارہا تھا کہ اس سال اشتہارات اس ایپ کا حصہ بنیں گے۔

    اکتوبر 2018 میں واٹس ایپ کے نائب صدر کا کہنا تھا کہ کمپنی اس سروس کے ذریعے پیسے کمانے کے لیے تیار ہے اور کاروباری اداروں کو اشتہارات چلانے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ فیس بک واٹس ایپ سے آمدنی کے حصول کی تیاری کررہی ہے اور اس مقصد کے لیے ایپ کے اسٹیٹس سیکشن میں اشتہارات دکھائے جائیں گے۔

    ہواوے موبائلز پر گوگل اور اینڈرائڈ سسٹم بند

    انہوں نے بتایا کہ فیس بک واٹس ایپ فار بزنس ایپ سے بھی آمدنی کے حصول کا منصوبہ تیار کررہی ہے جو کہ فی الحال کاروباری اداروں کے لیے مفت ہے۔ فیس بک کی جانب سے کاروباری اداروں سے اس پلیٹ فارم میں اشتہارات دکھانے کے عوض فیس لی جائے گی اور یہ اشتہارات واٹس ایپ میں کمپنیوں کی پروفائل سے لنک ہوں گے۔

  • سائبر حملوں سے بچنے کے لیے واٹس ایپ کا صارفین کو مشورہ

    سائبر حملوں سے بچنے کے لیے واٹس ایپ کا صارفین کو مشورہ

    سان فرانسسکو: پیغام رسانی کی سب سے بڑی موبائل ایپلیکشن واٹس ایپ نے صارفین کو سائبر حملوں سے متعلق الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آئی فون اور اینڈرائیڈ کے پلے اسٹور سے ورژن اپ گریڈ کرلیں۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی اخبار نے ایک روز خبر شائع کی کہ ہیکر نے واٹس ایپ کے سسٹم تک رسائی حاصل کرلی اور وہ موبائل فونز کی نگرانی کے لیے استعمال ہونے والے سافٹ ویئر کو استعمال کرتے ہوئے واٹس ایپ صارفین کو ہدف بنا رہے ہیں۔

    واٹس ایپ کے صارفین کو ہیکرز وائس کال کر کے ہدف بنارہے ہیں، برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق جس صارف کو کال کی جاتی ہے اگر وہ اسے ریسیو بھی نہ کرے تو اُس کا کال ڈیٹا سمیت دیگر ڈیٹا ریکارڈ غایب ہورہا ہے۔

    مزید پڑھیں: اب واٹس ایپ استعمال کرنے کی فیس دینی ہوگی، کمپنی کی تصدیق

    واٹس ایپ کے ترجمان نے سائبر حملوں اور صارفین کا ڈیٹا ہیک ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات ہمارے لیے حوصلہ افزا ہے کہ صارفین نے مسئلے کو بروقت اجاگر کیا جس کی روشنی میں ہم نے اقدامات کیے۔

    انہوں نے ہدایت کی کہ تمام صارفین اپنے واٹس ایپ کو آئی او ایس اور پلے اسٹور سے اپ ڈیٹ کریں ساتھ ہی وہ اگر ان حملوں سے محفوظ رہنا چاہتے ہیں تو آپریٹنگ سسٹم بھی اپ ڈیٹ رکھیں۔

    واٹس ایپ ترجمان کے مطابق ہیکرز نے پلے اسٹورز پر جعلی ورژن بھی چھوڑے ہیں لہذا صارفین انہیں کسی بھی صورت استعمال نہ کریں اور آفیشل آئی ڈی سے ہی شیئر کردہ اپ ڈیٹ حاصل کریں، تازہ حملوں میں اینڈرائیڈ صارفین کی بڑی تعداد متاثر ہوئی۔

  • اب واٹس ایپ استعمال کرنے کی فیس دینی ہوگی، کمپنی کی تصدیق

    اب واٹس ایپ استعمال کرنے کی فیس دینی ہوگی، کمپنی کی تصدیق

    سان فرانسسکو: پیغام رسانی کی سب سے بڑی موبائل ایپلیکیشن واٹس ایپ نے استعمال کی فیس نافذ کرنے کا باقاعدہ اعلان کردیا۔

    فرانسیسی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ نے 8 مئی بدھ کے روز اعلان کیا کہ لندن میں اپیلیکشن استعمال کرنے والے صارفین کو اب سروس استعمال کرنے کے لیے رقم ادا کرنا ہوگی۔ رقم کی ادائیگی فیس بک سسٹم کے تحت ہوگی جس کی آزمائشی سروس برطانیہ میں ہوگی اور کامیابی کے بعد اسے دنیا بھر میں متعارف کرایا جائے گا۔

    انتظامیہ کی جانب سے یہ اعلان بریگزیٹ ڈیل کے حوالے سے کیا تاہم ابھی یہ واضح نہیں کیا گیا کہ صارفین کو  فیس ماہانہ ادا کرنا ہوگی یا وہ سال میں ایک بار رقم ادا کریں گے۔

    مزید پڑھیں: فیس بک، واٹس ایپ اور انسٹا گرام میں بڑی تبدیلیاں

    واٹس ایپ نے لندن میں جاری بریگزیٹ ڈیل کے حوالے سے 100 کے قریب انجینئرز کو ڈبلن کے سافٹ ویئر ہاؤس میں ملازمت فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا۔ واٹس ایپ کے آپریٹنگ چیف آفیسر ماٹ آئیڈیما کا کہنا تھا کہ ’ ہم صارفین کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے ماہرین کی خدمات لے رہے ہیں جنہیں کمپنی تنخواہ نہیں دے گی بلکہ لندن کے صارفین سے حاصل ہونے والی رقم سے ہی اُن کو تنخواہیں دی جائیں گی‘‘۔

    انہوں نے یہ بھی بتایا کہ لندن اور ڈبلن میں صارفین گزشتہ دو دھائیوں سے واٹس ایپ استعمال کررہے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ فیس بک جلد ہی واٹس ایپ موبائل سے رقم ادائیگی کے لیے نئی اپیلیکیشن اور طریقہ کار  رواں سال کے آخر تک متعارف کرائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں: اسکرین شارٹ بند، فنگر پرنٹس کے بغیر رسائی ناممکن: واٹس ایپ کے دو زبردست سیکیورٹی فیچرز

    یاد رہے کہ فیس بک کے مالک مارک زکر برگ نے 2014 میں واٹس ایپ کمپنی کو خریدا تھا، جس کے بعد سے صارفین کی تعداد میں بے تحاشہ اضافہ ہوا۔ صارفین کو معیاری سروس فراہم کرنے کے لیے کمپنی کی جانب سے مختلف اوقات میں نت نئے فیچرز بھی متعارف کرائے جاتے ہیں۔

  • فیس بک، واٹس ایپ اور انسٹا گرام میں بڑی تبدیلیاں

    فیس بک، واٹس ایپ اور انسٹا گرام میں بڑی تبدیلیاں

    سان فرانسسکو: مارک زکر برگ کی زیر ملکیت سوشل میڈیا کی سب سے بڑی ویب سائٹ فیس بک سمیت دیگر دو ایپلیکیشنز واٹس ایپ اور انسٹاگرام میں بڑی تبدیلیاں کردی گئیں۔

    ٹیک کرنچ پر شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق مارک زکر برگ نے صارفین کی شکایات دور کرنے کے لیے تینوں سوشل میڈیا ایپس میں بڑی تبدیلیوں کی ہدایت جاری کی تھی۔

    فیس بک

    فیس بک نے اپنی ایپ میں آزمائش کے لیے نیا فیچر متعارف کرایا جس کے تحت اب کسی بھی گروپ پر ہونے والی دو صارفین کی بات چیت کو کوئی تیسرا نہیں دیکھ سکے گا۔ اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے صارف کو ’رومانس پروفائل‘ بنانے کی ضرورت ہوگی۔

    انسٹاگرام

    انتظامیہ نے فوٹو شیئرنگ ایپ  ’’انسٹاگرام‘‘ پر بھی آزمائشی فیچر متعارف کرایا جس کے تحت اب سوائے شیئر کرنے والے کے کوئی بھی دوسرا صارف تصویر پر آنے والے لائیکس کی تعداد نہیں دیکھ سکے گا۔

    واٹس ایپ

    پیغام رسانی کی سب سے بڑی موبائل ایپلیکشن کے ڈویلپرز کے لیے بھی انتظامیہ نے نیا سیکیورٹی فیچر متعارف کرایا جسے ایشیاء، یورپ میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔ نئے سیکیورٹی فیچر کے تحت اب واٹس ایپ کوڈ کے لیے متعلقہ نمبر کی ضرورت نہیں بلکہ فیملی کے کسی بھی شخص کے نمبر پر کوڈ منگوایا جاسکے گا۔

    واضح رہے کہ واٹس ایپ کی یہ سروس عام صارفین کے لیے نہیں بلکہ ڈویلپرز کے لیے ہے۔

  • امارات، واٹس ایپ پر بلاک کرنے پر بنگلہ دیشی شہری نے اپنی دوست کو قتل کردیا

    امارات، واٹس ایپ پر بلاک کرنے پر بنگلہ دیشی شہری نے اپنی دوست کو قتل کردیا

    دبئی: متحدہ عرب امارات میں رہائش پذیر بنگلہ دیشی شہری نے اپنی دوست کو واٹس ایپ پر بلاک کیے جانے پر قتل کردیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات میں رہائش پذیر بنگلہ دیشی شہری نے اپنی دوست کو واٹس ایپ پر بلاک کیے جانے پر اسے قتل کردیا، ملزم کو جرم ثابت ہونے پر 10 سال قید کی سزا سنادی گئی۔

    تیس سالہ بنگلہ دیشی شہری نے ناصرف خاتون کو قتل کیا بلکہ اس کا موبائل فون بھی چرایا، ملزم کو 10 سالہ قید کے علاوہ موبائل فون کی چوری پر بھی 6 ماہ قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

    ملزم کو سزا مکمل ہونے کے بعد ڈی پورٹ کردیا جائے گا، افسوس ناک واقعہ گزشتہ سال 16 دسمبر کو الرفا کے علاقے میں پیش آیا تھا۔

    مزید پڑھیں: متحدہ عرب امارات، شوہر نے چھریوں کے وار کرکے بیوی کو قتل کردیا، دو بچے زخمی

    پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا گیا، مقتولہ نے 7 ہزار رقم کا تقاضا کیا تھا اور واٹس ایپ پر بلاک کیے جانے پر اس سے انتہائی قدم اٹھایا۔

    عینی شاہد نے عدالت میں بیان ریکارڈ کراتے ہوئے کہا کہ میں نے ملزم کو کمرے میں داخل ہوتے ہوئے دیکھا تھا، وہ مجھ سے جھوٹ بول رہا تھا اس کے کپڑے پر خون کے دھبے نمایاں تھے جسے وہ تولیے سے چھپانے کی ناکام کوشش کررہا تھا۔

    ملزم نے عدالت میں انکشاف کیا کہ میں اپنی دوست سے جنسی تعلقات قائم کرنا چاہتا تھا مگر وہ مجھ سے رقم کا تقاضا کررہی تھی۔

    فرانزک رپورٹ کے مطابق موت کی وجہ سینے جکڑنے وجہ سے ہوئی کیونکہ مقتولہ کو سانس لینے میں شدید دشواری کا سامنا تھا۔

  • اسکرین شارٹ بند، فنگر پرنٹس کے بغیر رسائی ناممکن: واٹس ایپ کے دو زبردست سیکیورٹی فیچرز

    اسکرین شارٹ بند، فنگر پرنٹس کے بغیر رسائی ناممکن: واٹس ایپ کے دو زبردست سیکیورٹی فیچرز

    سان فرانسسکو: پیغام رسانی کی سب سے بڑی موبائل اپیلیکشن واٹس ایپ نے سیکیورٹی کا نیا فیچر متعارف کرادیا جس کے بعد کوئی بھی دوسرا شخص، صارف کے اکاؤنٹ تک رسائی اوراُس کے پیغامات کے اسکرین شارٹ نہیں لے سکے گا۔

    تفصیلات کے مطابق واٹس ایپ کی جانب سے منفرد سیکیورٹی فیچر بیٹا ورژن استعمال کرنے والے صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا، جس کے تحت اب سیکیورٹی آپشن میں جاکر صارف کو چیک لگانا ہوگا تو اُس کی چیٹ یا بھیجی جانے والی ویڈیوز اور فیچر کا کوئی بھی اسکرین شارٹ نہیں لے سکے گا۔

    کمپنی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اگر کوئی دوست اسکرین شارٹ لے گا تو اُس کا نام صارف کے پاس ظاہر ہونے لگے گا، جس کے بعد وہ مرضی کے مطابق اُسے بلاک کرسکے گا۔

    مزید پڑھیں: واٹس ایپ نے صارفین پر نئی پابندی عائد کردی

    واٹس ایپ کا متذکرہ فیچر بیٹا ورژن کی نئی اپ ڈیٹ 2.19.106 میں متعارف کرایا گیا، ساتھ میں ایموجی اور فنگر پرنٹ لاک کا فیچر کو بھی اس اپ ڈیٹ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

    واٹس ایپ کا فنگر پرنٹ فیچر دراصل بائیومیٹرک کی طرح ہے یعنی صارف کو اپنی انگلی کے پرنٹ محفوظ کرانے ہوں گے جس کے بعد چیٹ تک کوئی بھی رسائی حاصل نہیں کرسکے گا۔

    اس فیچر کو اینڈرائیڈ فون میں موجود فنگر پرنٹ والے سیٹ میں ہی استعمال کیا جاسکے گا اسی طرح آئی فون کی بھی اُن ہی ڈیوائسز میں یہ سہولت دستیاب ہوگی جن میں کمپنی کی جانب سے سیکیورٹی کی سہولت فراہم کی گئی ہوگی۔

    یہ بھی پڑھیں: واٹس ایپ تک رسائی کے لیے ’فنگر پرنٹ‘ لازمی، فیچر کی آزمائش کا آغاز

    بیٹا ورژن استعمال کرنے والے صارفین اسکرین شارٹ اور فنگر پرنٹ فیچر کو استعمال کرنا چاہتے ہیں تو وہ واٹس ایپ سیٹنگز میں جاکر اکاؤنٹ کے مینیو پر جائیں پھر پرائیوسی میں جاکر اسے کھول دیں۔ انتظامیہ کی جانب سے متنبہ کیا گیا ہے کہ اگر چار سے زائد بار غلط فنگر پرنٹ استعمال کیا گیا تو واٹس ایپ کچھ دیر کے لیے بند ہوجائے گا۔