Tag: واٹس ایپ

  • واٹس ایپ میسج کا نیا شارٹ کٹ فیچر متعارف

    واٹس ایپ میسج کا نیا شارٹ کٹ فیچر متعارف

    واٹس ایپ اپنے صارفین کے لیے مختلف فیچرز کی آزمائش کرتا رہتا ہے، اب واٹس ایپ کے بیٹا ورژن کی جانب سے صارفین کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرایا گیا ہے۔

    واٹس ایپ نے 2023 میں فوری ویڈیو نوٹس متعارف کرائے تھے، جس سے صارفین کو چیٹ میں براہ راست 60 سیکنڈ کی ویڈیو پیغامات ریکارڈ اور بھیجنے کی سہولت ملی۔

    ایک رپورٹ کے مطابق اب میسجنگ پلیٹ فارم اس خصوصیت کو بہتر بنا رہا ہے تاکہ اس کے لئے فوری جوابات کی سہولت مہیا کی جاسکے۔

    یہ نیا آپشن واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ بیٹا ورژن میں دیکھا گیا ہے، یہ ترقی صرف چند دن بعد سامنے آئی ہے جب یہ انکشاف ہوا کہ وہ کالز ٹیب کے لیے ایک نئے ان ایپ ڈائلر پر بھی کام کر رہا ہے۔

    whatsapp

    غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق تازہ ترین واٹس ایپ بیٹا ورژن (2.24.14.5) نے صارفین کے لیے ایک نیا شارٹ کٹ متعارف کرایا ہے جس کو استعمال کرتے ہوئے ویڈیو پیغامات کا فوری اور آسانی کے ساتھ جواب دیا جا سکے گا

    نئی اپ ڈیٹ واٹس ایپ کے اندر ویڈیو رابطے کو آسان بنانے میں ایک بڑا قدم ثابت ہوگی۔ نیا شارٹ کٹ بٹن چیٹس میں ویڈیو پیغامات کے برابر میں رکھا جائے گا۔

    اس بٹن کو دبانے سے ریکارڈر کھل جائے گا جس کے بعد رپلائی بھیجنے کے لیے ویڈیو بنائی جاسکے گی۔ اس نئی اپڈیٹ کے بعد واٹس ایپ صارفین متعدد مینو آئٹمز کی طرف جانے سے بچ سکتے ہیں۔

  • واٹس ایپ میسجنگ کیلئے نئے فیچر کا اضافہ

    واٹس ایپ میسجنگ کیلئے نئے فیچر کا اضافہ

    مقبول میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ کا استعمال دنیا بھر میں دو ارب سے زائد افراد کرتے ہیں، اب انتظامیہ نے  صارفین کو ایک اور بڑی سہولت فراہم کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق میٹا کی زیر ملکیت ایپلی کیشن واٹس ایپ میں میسجنگ کے ساتھ ساتھ آڈیو اور ویڈیو کالز کی سہولت بھی موجود ہے اور اب اس حوالے سے صارفین کے لئے ایک اور بہترین فیچر کا اضافہ کردیا گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ میں ایسے فیچر کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے تحت صارفین کو کسی گروپ چیٹ کے دوران ایونٹ آرگنائز کرنے میں مدد ملے گی یعنی صارفین کے لیے اکٹھے کسی کام یا تقریب کی منصوبہ بندی کرنا آسان ہو جائے گا اور دیگر ایپس کی ضرورت نہیں رہے گی۔

    ہر فرد کسی بھی گروپ چیٹ میں ایونٹ فیچر کو استعمال کرسکے گا اور گروپ میں شامل ہر فرد اس کو دیکھ سکے گا۔

    ایونٹس کو ہر گروپ کے انفارمیشن پیج میں بھی رکھا جائے گا جبکہ ایونٹ کی تاریخ قریب آنے پر گروپ صارفین کو ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا۔

    WABetaInfo کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ فیچر ابھی واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ بیٹا (beta) ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے, تاہم یہ کہنا مشکل ہے کہ یہ کب تک تمام صارفین کو دستیاب ہوگا۔

    ایونٹس تک رسائی کسی گروپ چیٹ میں پیپر کلپ آئیکون پر کلک کرنے سے ہوگی۔ گروپ ایونٹس اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ ہوں گے۔

  • واٹس ایپ کون کون سے موبائل فونز پر اب نہیں چلے گا؟

    واٹس ایپ کون کون سے موبائل فونز پر اب نہیں چلے گا؟

    رواں برس کے آخر تک میٹا کی معروف ترین میسجنگ ایپلی کیشن ‘واٹس ایپ’ 35 پرانے اسمارٹ فون ماڈلز پر کام کرنا بند کردے گی۔

    غیر ذرائع ابلاغ کے مطابق میٹا کی جانب سے آئے روز اس ایپلی کیشن کے نت نئے فیچرز اور اپڈیٹس متعارف کرائے جارہے ہیں، یاد رہے کہ دنیا بھر میں واٹس ایپ کے 2 ارب صارفین ہیں۔

    اس اپ ڈیٹ میں اینڈرائیڈ اور آئی فون پر واٹس ایپ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے منفرد فیچرز اور سیکیورٹی اپ ڈیٹس فراہم کی جائیں گی۔

    بغیر کسی رکاوٹ یا پریشانی کے واٹس ایپ کا استعمال جاری رکھنے کے لیے صارفین کو اپنے اسمارٹ فونز کو اپ گریڈ کرنا ہوگا۔

    ان تمام اسمارٹ فونز کے نام درج کئے جارہے ہیں جو رواں برس اپڈیٹ متعارف ہونے کے بعد واٹس ایپ کو سپورٹ نہیں کرسکیں گے۔

    واٹس ایپ کونسا اہم فیچر متعارف کرانے جارہا ہے؟

    ہواوے

    اسینڈ پی6 ایس

    اسینڈ جی525

    سی199

    جی ایکس 1 ایس

    وائے 625

    لینووو

    لینووو 46600

    اے 858 ٹی

    پی70

    ایس 890

    اے 820

    سونی

    زپیریا زیڈ1

    زپیریا ای3

    زپیریا ایم

    ایل جی

    آپٹیمس 4ایکس ایچ ڈی

    آپٹیمس جی

    آپٹیمس جی پرو

    آپٹیمس ایل7

    ایپل

    آئی فون 5

    آئی فون 6

    آئی فون 6ایس

    آئی فون 6ایس پلس

    آئی فون ایس ای

    سیمسنگ

    سیمسنگ ایس پلس

    سیمسنگ گلیکسی کور

    سیمسنگ گلیکسی ایکسپریس 2

    گلیکسی گرینڈ

    گلیکسی نوٹ 3

    گلیکسی ایس 3 منی

    گلیکسی ایس 4 ایکٹو

    گلیکسی ایس 4 منی

    گلیکسی ایس 4 زوم

    موٹرولا

    موٹرولا جی

    موٹرولا ایکس

    تمام اسمارٹ فونز کے لیے ایک ہی چارجر لازمی قرار

    آپ کے اینڈرائیڈ موبائل ڈیوائس میں اپڈیٹ کے بعد واٹس ایپ استعمال کرنے کے لیے اینڈرائیڈ ورژن 5.0 یا اس سے بہتر ورژن ہونا ضروری ہے، جبکہ آئی فون میں واٹس ایپ استعمال کرنے کے لیے iOS 12 یا اس سے بہتر ورژن والا آئی فون ہونا لازمی ہے۔

  • واٹس ایپ پر صارفین کیلئے ایک اور زبردست فیچر

    واٹس ایپ پر صارفین کیلئے ایک اور زبردست فیچر

    میٹا کی جانب سے واٹس ایپ صارفین کے لیے ایک اور زبردست فیچر متعارف کرائے جانے کا امکان ہے جس کی آزمائش شروع ہوچکی ہے۔

    واٹس ایپ پر بھیجے جانے والے وائس نوٹ کو تحریر میں تبدیل کرنے کے فیچر پر آزمائش شروع کردی گئی، پہلے پہل اس فیچر تک رسائی محدود صارفین کو دی جائے گی، اس فیچر کا مقصد بالخصوص مختلف زبانوں میں بات چیت کرنے والے صارفین کے لیے واٹس ایپ کا استعمال مزید آسان بنانا ہے۔

    اس فیچر کے ذریعے واٹس ایپ کے صارفین وائس نوٹ کی صورت میں بھیجے گئے پیغامات کو اپنی ترجیحی زبان میں سمجھ سکیں گے اور ان کے لیے دوسرے زبانوں کا پیغام سمجھنا بھی آسان ہوجائے گا۔

    صارفین کو وائس میسیجز سننے کی ضرورت نہیں پڑے گی بلکہ اس فیچر کے بعد صارفین چاہیں تو ایک کلک کے ذریعے وائس نوٹ کو تحریر میں تبدیل کر سکیں گے اور سمجھ سکیں گے۔

    وائس نوٹ کو تحریر میں تبدیل کرنے کا فیچر ابتدائی طور پر محدود زبانوں میں فراہم کیا جارہا ہے، تاہم بتدریج اس میں دیگر زبانوں کو بھی شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

    یہ زبردست فیچر ابھی 5 زبانوں میں متعارف کروایا جارہا ہے جس میں انگریزی، ہسپانوی، پرتگالی، روسی اور ہندی زبان شامل ہیں.

    آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی مدد سے واٹس ایپ وائس نوٹ کو تحریر میں تبدیل کرے گا، اِس فیچر میں مستقبل میں مزید تبدیلیاں بھی لائی جائیں گی۔

    میٹا کی جانب سے مذکورہ فیچر پر گزشتہ برس سے کام جاری تھا، تاہم اب اس کی باقاعدہ آزمائش شروع کردی گئی ہے اور امکان ہے اسے جلد ہی تمام صارفین کے لیے بھی متعارف کرایا جائے گا۔

  • واٹس ایپ نے ویڈیو کال کرنے والوں خوشخبری سنادی

    واٹس ایپ نے ویڈیو کال کرنے والوں خوشخبری سنادی

    دنیا بھر میں مقبول میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ پر ویڈیو کال کرنے والے صارفین کیلئے میٹا انتطامیہ نے نیا فیچر اپ ڈیٹ کرتے ہوئے مزید آسان کردیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ نے ویب ورژن کے لیے آڈیو سپورٹ کے ساتھ اسکرین شیئرنگ اور نیا اسپیکر اسپاٹ لائٹ فیچر بھی متعارف کرایا ہے۔

    apps

    رپورٹس کے مطابق نئی اسپیکر اسپاٹ لائٹ اپڈیٹ ویڈیو کال پر بات کرنے والے صارف کو خود بخود نمایاں کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے جس سے انہیں اسکرین پر پہلے ظاہر کیا جاسکے گا۔ اس کے علاوہ پلیٹ فارم نے ویڈیو کال پر شرکاء کی تعداد 32 افراد تک بڑھا دی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق واٹس ایپ کی مالک کمپنی میٹا نے ایپ پر میٹا لو بِٹ ریٹ (ایم لو) کوڈیک فیچر بھی متعارف کرایا ہے جس کا مقصد پرانی ڈیوائس میں کال کے معیار کو بہتر کرنا ہے۔

    یہ سہولت انسٹا گرام اور میسنجر کالز کے لیے پہلے سے ہی دستیاب ہے اور اب اس کو واٹس ایپ پر بھی جاری کیا جا رہا ہے، یہ نئی اپ ڈیٹ آئندہ چند ہفتوں میں صارفین کے لیے متعارف کرا دی جائے گی۔

    ویڈیو کال

    واضح رہے کہ واٹس ایپ صارفین کے لیے ایک ایسا کارآمد فیچر بھی متعارف کروا رہا ہے جس سے ڈیوائسز کے درمیان چیٹ ہسٹری کو منتقل کرنا بہت آسان ہو جائے گا۔

    واٹس ایپ میں ڈیٹا ایک سے دوسری ڈیوائس میں منتقل کرنے کے لیے چیٹ بیک اپ کا استعمال کیا جاتا ہے۔ اس کے لیے صارفین کو کلاؤڈ سروسز جیسے گوگل ڈرائیو یا آئی کلاؤڈ میں ڈیٹا بیک اپ بنانا پڑتا ہے مگر آئی او ایس اور اینڈرائیڈ کے درمیان ڈیٹا ٹرانسفر کرنا کافی مشکل ہوتا ہے۔

    اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے واٹس ایپ میں ٹرانسفر چیٹ ہسٹری نامی فیچر کا اضافہ کیا جا رہا ہے اور اس میں چیٹ ڈیٹا کو ایک سے دوسری ڈیوائس میں منتقل کرنے کے لیے کیو آر کوڈ کی مدد لی جائے گی۔

  • واٹس ایپ نے نئے فیچر میں صارفین کی بڑی مشکل آسان کر دی

    واٹس ایپ نے نئے فیچر میں صارفین کی بڑی مشکل آسان کر دی

    میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے اپنے صارفین کی بڑی مشکل آسان کرتے ہوئے ایک اور زبردست فیچر پیش کر دیا ہے۔

    واٹس ایپ نے کہا ہے کہ صارفین کی سہولت کے لیے ’فیورٹ چیٹ فلٹر‘ کا اضافہ کیا جا رہا ہے، اس فیچر کی مدد سے صارفین کو اپنے پیغامات ٹریک کرنا آسان ہو جائے گا۔

    واٹس ایپ صارفین روزانہ متعدد پیغامات موصول ہوتے ہیں جس کی وجہ سے انھیں پسندیدہ کانٹیکٹس کے پیغامات کو ٹریک کرنے میں دشواری پیش آتی ہے، اس کا ایک حل ’پِن چیٹ‘ بھی ہے مگر اس کے تحت محدود چیٹس ہی کو پن کیا جا سکتا ہے۔

    اب نیا فیچر ’فیورٹ فلٹر‘ صارفین کو اہم کانٹیکٹس اور گروپس کے میسجز تک جلد رسائی کی سہولت فراہم کرے گا۔ سب سے پہلے صارفین کو کانٹیکٹس کو فیورٹس لسٹ میں شامل کرنا ہوگا۔

    فیچر سے مستفید ہونے کے لیے آپ کو ایڈ ٹو فیورٹس آپشن میں جانا ہوگا۔

    آل پر کلک کرنے پر آپ کی تمام چیٹس ہوم فیڈ پر نظر آنے لگیں گی۔ اگر آپ اَن ریڈ کا انتخاب کریں گے تو صرف وہ چیٹس نظر آئیں گی جن کو آپ نے پڑھا نہیں ہوگا، جب کہ فیورٹس پر کلک کرنے سے صارفین کے پسندیدہ چیٹس اور گروپس الگ ہوتے جائیں گے۔

    فی الوقت یہ فیچر بیٹا ورژن میں دستیاب ہے۔

  • واٹس ایپ وائس میسج سے متعلق نیا فیچر، صارفین کی بڑی مشکل حل

    واٹس ایپ وائس میسج سے متعلق نیا فیچر، صارفین کی بڑی مشکل حل

    کیلیفورنیا : میٹا کی دنیا بھر میں مقبول ذیلی پیغام رساں ایپلی کیشن واٹس ایپ نے صارفین کی سہولت کیلئے نیا فیچر متعارف کرادیا۔

    اس نئے فیچر کے تحت صارفین اب اپنے اسٹیٹس پر ایک منٹ کی طویل وائس نوٹ بھی شیئر کر سکیں گے، مذکورہ اپ ڈیٹ سے قبل صارفین اسٹیٹس پر صرف 30 سیکنڈ تک کا وائس نوٹ شیئر کر سکتے تھے جس کو کرنے کے لیے اسٹیٹس کے خانے میں جا کر مائیکرو فون کے بٹن کو دبا کر رکھنا ہوتا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ بالکل ایسا ہی ہوگا جیسے چیٹس میں وائس نوٹ بھیجتے وقت کرتے ہیں، ریکارڈ کرنے کے بعد اگر آپ کا اسٹیٹس پر وائس نوٹ لگانے کا ارادہ بدل جائے تو آپ اسے سلائیڈ کرکے کینسل بھی کرسکتے ہیں۔

    واٹس ایپ کی جانب سے چند روز میں انٹر فیس کو مکمل طور پر تبدیل کرنے سمیت کئی نئے فیچرز اور اپ ڈیٹس متعارف کروائی جاچکی ہیں جن کا بنیادی مقصد صارفین کے مجموعی تجربے کو بہتر بنانا ہے۔

    واٹس ایپ اپڈیٹ کرکے نیا ورژن استعمال کرنے والے صارفین اب اپنے اسٹیٹس اپ ڈیٹس پر ایک منٹ طویل آڈیو پیغامات ریکارڈ اور شیئر کر سکتے ہیں جس سے بغیر کسی رکاوٹ کے مزید تفصیلی انداز میں اپنے خیالات کا اظہار ممکن ہوجائے گا۔

    کمپنی کی جانب سے یہ فیچر آئی فون اور اینڈرائیڈ دونوں صارفین کے لیے جاری کر دیا گیا ہے اور صارفین کو ان کی ڈیوائسز پر یہ فیچر موصول ہونا شروع ہوگیا ہے۔

  • واٹس ایپ پر ’پروفائل پکچر‘ اے آئی سے خود بنائیے

    واٹس ایپ پر ’پروفائل پکچر‘ اے آئی سے خود بنائیے

    دنیا کا سب سے مقبول میسجنگ پلیٹ فارم واٹس ایپ اپنے صارفین کی سہولت کو مد نظر رکھتے ہوئے وقتاً فوقتاً مختلف اقدامات کرتا رہتا ہے۔

    اس بار بھی نئے اور جدید انداز میں صارفین کو ایک دلچسپ سہولت کی فراہمی کیلئے اے آئی کی مدد سے ایک ٹول کی آزمائش کی جارہی ہے جس کی کامیابی کیلئے انتطامیہ پُرامید ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ کی جانب سے کچھ ہی عرصہ قبل آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اےآئی) چیٹ بوٹ متعارف کرائے گئے تھے لیکن اب ایپلی کیشن پر مزید اے آئی ٹولز کی آزمائش شروع کردی گئی۔

    whatsapp

    واٹس ایپ کی اپڈیٹس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ کے مطابق ایپلی کیشن کے ماہرین ایسے اے آئی ٹول کی آزمائش کر رہے ہیں، جس کے تحت صارفین اپنی پروفائل پکچر بھی اے آئی بنا سکیں گے۔

    مذکورہ فیچر پروفائل پکچر کے لیے استعمال ہوگا، جیسے اب ایپلی کیشن پر تصویر کی جگہ ایک آپشن دیا جاتا ہے، اسی طرح اب اے آئی تصویر بنانے کا آپشن بھی دیا جائے گا۔

    فیچر کے تحت صارفین اے آئی ٹول کو تصویر بنانے کے لیے ہدایات دیں گے اور ٹول کچھ ہی منٹس میں انہیں تصویر پیش کرے گا۔

    صارفین ٹول کو اپنی شخصیت، قد، رنگ، جنس، نسل، زبان، عمر، خطے اور تعلیم سمیت دیگر معلومات فراہم کریں گے تو اے آئی ٹول انہیں اس حساب سے اے آئی تصویر فراہم کردے گا۔

    مذکورہ فیچر کی آزمائش شروع کردی گئی ہے اور محدود صارفین کو اس تک رسائی دی گئی ہے، تاہم جلد ہی اسے عام صارفین کے لیے بھی پیش کردیا جائے گا۔

  • واٹس ایپ پر نمبر محفوظ  کیے بنا پیغام  کس طرح بھیجیں؟

    واٹس ایپ پر نمبر محفوظ کیے بنا پیغام کس طرح بھیجیں؟

    پیغامات بھیجنے والی ایپ میں واٹس ایپ کو سب سے مقبول میڈیم کہا جائے تو بیجا نہ ہوگا، صارفین اب نمبر محفوظ کیے بنا بھی کسی کو پیغام بھیج سکتے ہیں۔

    میٹا کی زیرملکیت پیغامات بھیجنے والی ایپلیکیشن واٹس ایپ پر جو نمبر آپ کے موبائل یا ای میل میں محفوظ نہ ہو اس پر فوری پیغام بھیجنا کافی مشکل ہوتا ہے اور بعض لوگ تو کوششوں کے بعد بھی غیرمحفوظ نمبر پر کوئی میسج نہیں بھیج پاتے۔

    واٹس ایپ پر اگر نمبر محفوظ ہو تو کسی شخص کو میسج بھیجنا آسان ہوتا ہے۔ تاہم دنیا بھر میں لوگوں کے رابطے کے اس اہم ذریعے کے تحت بنا نمبر محفوظ کیے بھی پیغام بھیجا جاسکتا ہے۔

    مندرجہ ذیل تین طریقہ کار کو اپناتے ہوئے آپ مطلوبہ واٹس ایپ نمبر کو محفوظ کیے بغیر ہی اس پر پیغام ارسال کرسکتے ہیں۔

    مطلوبہ نمبر خود کو ارسال کریں
    اگر نمبر محفوظ نہ ہو اور آپ اس پر پیغام بھیجنا چاہتے ہیں تو مطلوبہ نمبر کو کاپی کریں اور اسے ’چیٹ وتھ یورسیلف‘ میں جاکر اپنے آپ کو بھیج دیں۔ جب نمبر کا رنگ نیلا ہوجائے تو اس پر کلک کریں اور ’چیٹ وتھ‘ کا آپشن منتخب کریں۔ اب ایک نئی چیٹ کھل جائے گی اور آپ اس نمبر پر آسانی کے ساتھ میسج بھیج پائیں گے۔

    گروپ چیٹ کے ذریعے پیغام بھیجیں
    کسی غیرمحفوظ نمبر پر گروپ چیٹ کے ذریعے بھی پیغام بھیجنا ممکن ہے۔ فون نمبر محفوظ کیے بغیر واٹس ایپ پر پیغامات بھیجنے کا یہ دوسرا طریقہ کار ہے۔ پہلے آپ واٹس ایپ کا وہ گروپ کھولیں جہاں وہ شخص بھی ممبر ہو جس کو آپ میسج کرنا چاہتے ہیں۔

    مذکورہ شخص کے نمبر پر کلک کریں اور ’میسج‘ کا آپشن منتخب کریں، جس کے بعد ایک چیٹ ونڈو خود بخود کھل جائے گی جہاں سے آپ باآسانی اس شخص کو اپنا پیغام بھیج سکتے ہیں۔

    واٹس ایپ لنک
    ایک اور طریقہ کار واٹس ایپ لنک بنانا ہے جوکہ wa.me لنک کے نام سے جانا جاتا ہے، آپ ویب براؤزر میں https://wa.me/yourPhoneNumber ٹائپ کرکے لنک بنا سکتے ہیں۔

    اب آپ نے کرنا یہ ہے کہ اس میں ’یور فون نمبر‘ کی جگہ وہ نمبر لکھ دیں جس پر آپ پیغام بھیجنا چاہتے ہیں جبکہ نمبر کے ہمراہ ملک کا کوڈ بھی شامل کریں۔ یہ کرنے کے بعد لنک پر کلک کریں اور ’کانٹینیو ٹو چیٹ‘ آپشن کا انتخاب کریں، اس عمل کے ذریعے بھی آپ نمبر محفوظ کیے بنا میسج بھیج سکتے ہیں۔

  • آج کل زور وشور سے جاری واٹس ایپ فراڈ سے کس طرح بچا جائے؟

    آج کل زور وشور سے جاری واٹس ایپ فراڈ سے کس طرح بچا جائے؟

    واٹس ایپ کے ذریعے آج کل دھوکہ دہی کی جارہی ہے، فراڈیے کسی شخص کی شناخت استعمال کرتے ہوئے اس کے دوستوں اور فیملی کو مالی نقصان پہنچارہے ہیں۔

    صارفین کو واٹس ایپ آڈیو کال فراڈ سے آگاہ کرنا کے لیے ماہرین کی جانب سے واٹس ایپ گروپ چیٹ ممبران کیلئے انتباہ جاری کیا گیا ہے۔ دھوکے بازوں کا طریقہ واردات یہ ہے کہ وہ فراڈ کالر گروپ چیٹ میں ایک پارٹیسیپنٹ کے طور پر کال کرکے گروپ ممبران کیساتھ فراڈ کرتے ہیں۔

    ایسے لوگ گروپ ممبران کا اعتماد حاصل کرنے کے لیےڈسپلے پر درج نام اور پروفائل امیج کا استعمال بھی کرتے ہیں۔ یہ فراڈیے واٹس ایپ پر کسی بھی شخص کی شناخت استعمال کرتے ہوئے اس کے اہلخانہ اور دوست احباب کو مالی نقصان پہنچاتے ہیں۔

    رپوٹس میں بتایا گیا ہے کہ پہلے بات چیت کے دوران متاثرہ شخص کو کال پر رجسٹرڈ ہونے کے لیے ون ٹائم پاس کوڈ (اوٹی پی) فراہم کرنے کے لیے کہا جاتا ہے۔

    یہ پاس کوڈ درحقیقت ایک ایسز کوڈ ہوتا ہے جس کے ذریعے فراڈیے متاثرہ شخص کے واٹس ایپ کو نئے فون پر استعمال کرتا ہے تاکہ ان کا اکاؤنٹ ہائی جیک کیا جاسکے تاہم ٹو اسٹیپ ویریفکیشن فولو کرتے ہوئے متاثر ہونے والے صارف کے اکاؤنٹ تک رسائی ناممکن رہتی ہے۔

    تاہم دھوکے باز شخص کانٹیکٹ لسٹ میں شامل افراد کو میسج کرسکتا ہے جس کے بعد وہ متاثرہ شخص کے خاندان اور دوستوں سے رقم بھیجنے کی منت کرتا ہے.

    اس دوران لوگ سمجھتے ہیں کہ ان کا کوئی دوست یا فیملی ممبر پیسوں کا تقاضہ کررہا ہے۔ تاہم فراڈ سے بچنے کا طریقہ یہ ہے کہ جس شخص کی شناخت استعمال کرتے ہوئے پیسے مانگے گئے ہیں‌ اس سے یا اس کی فیملی سے خود رابطہ کرکے تصدیق کی جائے.

    اس سلسلے میں برطانیہ میں نیشنل رپورٹنگ سینٹر، ایکشن فراڈ کو دھوکہ دہی اور سائبر کرائم سے متاثرہ صارفین کی سیکڑوں شکایات موصول ہوئی ہیں۔

    پاکستان میں بھی اس طرح کی شکایات موصول ہوچکی ہیں جس میں کسی کا سوشل میڈیا اکاؤنٹ ہیک کیا گیا یا واٹس ایپ کو ہیک کرکے لوگوں سے پیسے مانگے گئے۔