Tag: واپسی کا اعلان

  • پی پی رہنما شرجیل میمن کا رواں ماہ وطن واپسی کا اعلان

    پی پی رہنما شرجیل میمن کا رواں ماہ وطن واپسی کا اعلان

    کراچی: پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن نے وطن واپسی کا اعلان کردیا اور کہاہے کہ وہ وطن آکر تمام مقدمات کا سامنا کریں گے ،مقدمات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں میزبان وسیم بادامی سے دبئی سے لائیو بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رواں ماہ اکتوبر میں ہی وطن واپس آکر نہ صرف مقدمات کا سامنا کروں گا بلکہ بےبنیاد مقدمات سے بری بھی ہوجاؤں گا، پہلے بھی مجھ پر لگائے گئے الزامات جھوٹے ثابت ہوئے امید ہے یہ بھی جھوٹےثابت ہوں گے۔

    پلی بارگین کے سوال پر انہوں نے کہا کہ بارگین وہ کرے جس نے کرپشن کی ہو، میں نے نہ کوئی غلط کام کیا اور نہ کررہا ہوں، اپنا دفاع بھرپور طریقے سے کرسکتا ہوں، میں نے کہیں بھی اختیارات سے تجاوز نہیں کیا اسی لیے مقدمات کا سامنا کرنے آرہا ہوں، ای سی ایل میں میرا نام بلاوجہ ڈالا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ ممکن ہے مجھے انصاف نہ ملے میں بیمار ہوں، میرا علاج ہورہا ہے اس کے باوجود پاکستان آرہا ہوں چونکہ سیاسی ورکر ہوں اس لیے مقدمات کا سامنا ضرور کروں گا۔

    ایک سوال پر شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ میری واپسی سے متعلق پارٹی شریک چیرمین آصف زرداری سے بات نہیں ہوئی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ بغیر ریفرنس کے میرا نام ایک سال سے ای سی ایل میں ہے تو جن کے خلاف ریفرنس موجود ہے تو ان کا نام کیوں ای سی ایل میں نہیں ہے، اپنے دفاع کے لیے ٹرائل کورٹ بھی جائوں گا۔

    واضح رہے کہ اربوں روپے کی کرپشن کے الزام میں شرجیل میمن کے ناقابل ضمانٹ وارنٹ جاری ہوچکے ہیں اور عدالت نے انہیں اشتہاری ملزم قرار دیا ہوا ہے۔

  • اداکارہ نرگس کا شوبز میں واپسی کا اعلان

    اداکارہ نرگس کا شوبز میں واپسی کا اعلان

    لاہور: فلم اور تھیٹر کی معروف اداکارہ نرگس نے طویل عرصہ بعد ایک مرتبہ پھر شوبز میں واپسی کا اعلان کر دیا ہے۔

    تین سال قبل دنیائے شوبزکو خیر باد کہہ کر کینیڈامنتقل ہونیوالی اداکارہ نرگس نے رواں ماہ وطن واپس آ کراپنی شوبز سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

     اداکارہ نے اے آروائی نیوز کو بتایا ہے کہ وہ فلم اور تھیٹر دونوں شعبوں میں اپنے فن کے جوہر دکھانوے پاکستان آرہیں ہیں جبکہ اس دوران ٹی وی اور فلم کے شعبوں میں ذاتی پروڈکشنز بھی کریں گی۔

    وہ آئندہ ماہ پاکستان واپس آ کر ہدایتکار پرویز رانا کی نئی فلم میں بطور ہیروئن پرفارم کریں گی جبکہ اس کے ساتھ ہی ان کی تھیٹر ڈراموں میں آمد بھی متوقع ہے۔

  • اداکارہ نرگس نے دوبارہ شوبز میں واپسی کا اعلان کردیا

    اداکارہ نرگس نے دوبارہ شوبز میں واپسی کا اعلان کردیا

    لاہور : شوبز کی دنیا کو ہمیشہ کیلئے خیر باد کہہ کر کینیڈا منتقل ہوجانے والی اداکارہ نرگس نے فلم انڈسٹری میں واپسی کا اعلان کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بیک وقت تھیٹر اور فلم کے شعبوں میں اپنا لوہا منوانے والی اداکارہ نرگس نے طویل عرصہ بعد فلم انڈسٹری میں واپسی کا اعلان کیا ہے۔

    وہ آئندہ ماہ پاکستان واپس آ کر ہدایتکار پرویز رانا کی نئی فلم میں بطور ہیروئن پرفارم کریں گی جبکہ اس کے ساتھ ہی ان کی تھیٹر ڈراموں میں آمد بھی متوقع ہے۔

    اس حوالےسے پنجابی فلموں کے معروف ہدایتکار پرویز رانا نے اے آروائی نیوز کو بتایا ہے کہ نرگس ماضی کی طرح اس مرتبہ بھی ان ہی کی فلم سے کم بیک کرنے پاکستان آرہی ہیں۔

    انہوں  نے کہا کہ وہ آئندہ ماہ سے نرگس اور شان کے ہمراہ اپنی نئی فلم کی شوٹنگز کا آغاز کریں گے۔