Tag: واک آؤٹ

  • وزیراعظم نےاپوزیشن کے قومی اسمبلی سے واک آؤٹ کواین آراو کے لیے دباؤ کا حربہ قرار دے دیا

    وزیراعظم نےاپوزیشن کے قومی اسمبلی سے واک آؤٹ کواین آراو کے لیے دباؤ کا حربہ قرار دے دیا

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ سے اپوزیشن کا واک آؤٹ ظاہرکرتا ہے وہ صرف یہی کام کرنا چاہتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ اپوزیشن نے پھر واک آؤٹ کردیا، اُس پارلیمنٹ سے جو ٹیکس دہندگان کو سالانہ اربوں روپے کی پڑتی ہے۔

    وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ اپوزیشن کا واک آؤٹ دباؤ کے حربے ہیں تاکہ این آراولیا جاسکے، نیب میں کرپشن کیسزمیں احتساب سے بچا جاسکے، نیب کیسزکو تحریک انصاف نے نہیں بنایا۔

    ن لیگ اور پیپلز پارٹی مہمند ڈیم کو متنازع بنا رہی ہیں‘ فیصل واوڈا

    یاد رہے کہ گزشتہ روز اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیرصدارت اجلاس میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف اور آصف علی زرداری کی تقریر کے بعد وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا اظہار خیال کے لیے کھڑے ہوئے تھے۔

    وفاقی وزیر کے تقریر شروع کرتے ہی اپوزیشن جماعتوں نے قومی اسمبلی کے اجلاس کا بائیکاٹ کردیا تھا لیکن فیصل واوڈا نے اپنی تقریر جاری رکھی۔

    ہر کیس کھلے گا، سب کو حساب دینا ہوگا: وفاقی وزیر مراد سعید

    واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید کا قومی اسمبلی میں تقریرکے دوران کہنا تھا کہ جب بھی ان کے مقدمات کھلتے ہیں، یہ سب آپس میں مل جاتے ہیں۔

  • عمران خان کا ایاز صادق کو اسپیکر ماننے سے انکار

    عمران خان کا ایاز صادق کو اسپیکر ماننے سے انکار

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے ایاز صادق کو ان کے متعصبانہ رویے کی وجہ سے اسپیکر ماننے سے انکار کردیا۔

    پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان آج پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے جہاں انہوں نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی۔

    اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اسپیکر کا عہدہ غیر جانبدار ہوتا ہے لیکن اسپیکر ایاز صادق جانبدار ہیں۔ ’میں انہیں اسپیکر ماننے سے انکار کرتا ہوں‘۔

    واضح رہے کہ اسپیکر ایاز صادق نے وزیر اعظم کی نااہلی کے خلاف جمع کروائے جانے والے ریفرنسز کو مسترد کردیا تھا۔ اس کے برعکس انہوں نے تحریک انصاف کے 2 رہنماؤں کے خلاف جمع کروائے جانے والے ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھجوا دیے تھے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اسپیکر کے پاس تفتیش یا فیصلہ دینے کا اختیار نہیں ہوتا۔ وہ صرف پیش کیے گئے ثبوتوں اور دستاویز کی بنیاد پر کوئی فیصلہ لے سکتا ہے۔

    رائیونڈ کسی کی جاگیر نہیں، عمران خان *

    انہوں نے واضح کیا کہ وزیر اعظم کے خلاف جمع کروائے جانے والے ریفرنس کے ساتھ کمزور دستاویز پیش کی گئیں جبکہ تحریک انصاف رہنماؤں کے خلاف جمع کروائے جانے والے ریفرنس کے ساتھ ٹھوس شواہد پیش کیے گئے جنہوں نے ان کی اہلیت پر سوال اٹھا دیے۔

    اسپیکر ایاز صادق نے تحریک انصاف رہنماؤں کے خلاف ریفرنس الیکشن کمیشن میں بھجوانے کا عندیہ دیا۔

    اپنے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ اسپیکر کے اس فیصلہ نے ان کے عہدے کی ساکھ کو نقصان پہنچایا ہے۔

    انہوں نے پانامہ پیپرز کی شفاف تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا۔ ’ہم یہاں وزیر اعظم کے خلاف تفتیش کا مطالبہ کر رہے ہیں اور وزیر اعظم فیتے کاٹتے پھر رہے ہیں‘۔

    انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر انہوں نے حکومت کی کرپشن کے خلاف بولنا بند کردیا تو ان کے خلاف بھی مختلف قسم کی جاری تحقیقات ختم کردی جائیں گی۔

    ان کے خطاب کے بعد اپوزیشن نے قومی اسمبلی کے اجلاس سے واک آؤٹ کردیا

  • قومی اسمبلی کا اجلاس : خواجہ آصف اور رشید گوڈیل کے درمیان گرما گرمی

    قومی اسمبلی کا اجلاس : خواجہ آصف اور رشید گوڈیل کے درمیان گرما گرمی

    اسلام آباد : قومی اسمبلی میں آرمی ترمیمی آرڈیننس کی توسیع کی قراردادمنظور کرلی گئی۔ اس موقع پروزیر دفاع خواجہ آصف اور ایم کیو ایم کے رکن رشید گوڈیل کے درمیان گرما گرمی بھی ہوئی اور معاملہ ذاتیات پر اتر آیا۔

    تفصیلات کے مطابق  وزیر دفاع خواجہ آصف نے آرمی ترمیمی آرڈیننس میں توسیع کی قرارداد پیش کی تو اپوزیشن جماعتوں نے اعتراضات جڑ دیے۔

    پیپلز پارٹی۔ پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کا مؤقف تھا کہ اسمبلی کارروائی جاری ہے قرارداد کے بجائے بل پیش کیا جائے۔ اجلاس کے دوران ایم کیو ایم کے اراکین نے شدید نعرے بازی کی اور پھر ایوان سے واک آؤٹ کر دیا۔

    وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھی ایم کیو ایم کو آڑے ہاتھوں لیا، ان کا کہنا تھا کہ مخالفین کو خطرہ ہے کہ وہ اپنے کالے کرتوتوں کی وجہ سے پکڑے جائیں گے، قانون کا ہاتھ ان کے گریبانوں تک پہنچ جائےگا۔ خواجہ آصف نے کہا کہ ایم کیو ایم گرفت سے بچنے کیلئے آرڈیننس کی مخالفت کر رہی ہے۔

    جس کے جواب میں ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی رشید گوڈیل کا کہنا تھا کہ وزیردفاع کے اندر کا آدمی سامنے آگیاہے، وزیردفاع پاکستان کے وزیربنیں پنجاب کے نہیں۔

    قومی اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو میں رشید گوڈیل کا کہنا تھا کہ حکومت پارلیمنٹ کو طاقت کے زور پر چلانا چاہتی ہے۔ کارکنوں کو بلاجواز گرفتار کیا جا رہا ہے۔

    رشید گوڈیل نے مزید کہا کہ کل صبح اسپیکر سے ملاقات کر کے اجلاس میں شرکت کے حوالے سے فیصلہ کریں گے۔