Tag: وبا

  • ایسی ویکسین جو مستقبل میں آنے والی ’تمام وباؤں‘ کو روک سکتی ہے

    ایسی ویکسین جو مستقبل میں آنے والی ’تمام وباؤں‘ کو روک سکتی ہے

    کمبوڈیا میں مچھر کے تھوک سے بنائی جانے والی ویکسین کو، انسانی آزمائش کے حیران کن نتائج کے بعد کامیاب قرار دیا جارہا ہے۔

    5 سال قبل امریکا کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف الرجی اینڈ انفیکشیئس ڈیزیز کی ایک محقق جیسیکا میننگ نے مچھر کے تھوک سے ویکسین بنانے کا خیال پیش کیا تھا۔

    جیسیکا کا خیال تھا کہ مچھر کے تھوک میں موجود پروٹین ایک طاقتور ویکسین ثابت ہوسکتا ہے اور یہ ویکسین ایسی بیماریوں کے خلاف مزاحمت پیدا کرسکتی ہے جو کسی کیڑے سے انسان میں منتقل ہوتی ہیں جیسے ملیریا، ڈینگی، چکن گونیا، زیکا، زرد بخار، ویسٹ نائل وغیرہ۔

    گزشتہ 5 سال سے جیسیکا کے اپنی ٹیم کے ساتھ اس منصوبے پر کام کرنے کے بعد اب دا لینسٹ نامی جریدے میں اس تحقیق، اور اس ویکسین کے پہلے انسانی ٹرائل کے نتائج شائع کیے گئے ہیں۔

    ویکسین کے انسانی ٹرائل سے علم ہوا ہے کہ یہ ویکسین نہ صرف محفوظ ہے بلکہ اس کی بدولت انسانی جسم میں خلیات اور اینٹی باڈیز فعال ہوئیں جنہوں نے مختلف بیماریوں کو حملہ آور ہونے سے روکا۔

    محققین کا کہنا ہے کہ اس ویکسین کے کام کرنے کا طریقہ کار یہ ہے کہ یہ انسانی جسم کے اندر جا کر قوت مدافعت کو اس پروٹین سے آگاہ کرے گی جو مچھر کے کاٹنے کی صورت میں جسم میں داخل ہوتا ہے اور بیماری پیدا کرتا ہے۔

    اس طرح قوت مدافعت اس پروٹین سے مطابقت کرلے گی اور مچھر کا کاٹا اس کے لیے بے اثر ہوجائے گا۔

    مائیکل مک کرین نامی ایک محقق کا کہنا ہے کہ یہ تحقیق نہایت اہم ہے اور طب کی دنیا میں ایک اہم پیشرفت ثابت ہوگی۔

    خیال رہے کہ عالمی ادارہ صحت کے مطابق مچھر بلاشبہ ایک خطرناک ترین جانور ہے جو انسانوں کو سنگین امراض میں مبتلا کردیتا ہے۔ مچھر کے کاٹے سے پیدا ہونے والی بیماری ملیریا ہر سال دنیا بھر میں 4 لاکھ افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیتی ہے۔

    یہ اموات زیادہ تر غریب ممالک میں ہوتی ہیں جہاں طبی سہولتوں کا فقدان، دواؤں اور ویکسینز کی عدم دستیابی تشویشناک صورتحال اختیار کرچکی ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ یہ ویکسین نہایت کم قیمت ہوسکتی ہے جس کے باعث غریب ممالک میں بھی اس کی دستیابی یقینی بنائی جاسکتی ہے۔

  • کروناوائرس سے متعلق حیران کن انکشاف

    کروناوائرس سے متعلق حیران کن انکشاف

    واشنگٹن: امریکا میں ہونے والی ایک تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ چین میں گزشتہ سال اگست سے ہی کروناوائرس کا پھیلاؤ شروع ہوچکا تھا تاہم ابتدائی دور میں وائرس کی تشخیص نہیں ہوئی تھی۔

    امریکا میں قائم ’ہارورڈ میڈیکل اسکول‘ میں ہونے والی تحقیق کے مطابق اگست 2019 کے دوران چینی شہر ووہان میں کرونا مریضوں کی تعداد میں حیران کن حد تک اضافہ شروع ہوگیا تھا، تحقیقی مطالعے کے دوران چین میں انٹرنیٹ پر سرچ کیے جانے والے طبی مسائل کا بھی جائزہ لیا گیا۔

    جائزے کے دوران پتا چلا کہ صارفین نے جس بیماری کے حل کے لیے انٹرنیٹ پر سرچ کیا وہ کروناوائرس کی علامات تھیں۔ مذکورہ مطالعے کی سربراہی امریکی ڈاکٹر ’جون برونسٹن‘ نے کی۔

    تحقیقی رپورٹ کے میں کہا گیا ہے کہ اگست کے بعد سے ووہان کے مختلف اسپتالوں میں مریضوں کی افزائش حیران کن حد تک دیکھی گئی جس کا انداز اسپتالوں کے باہر کھڑی گاڑیوں سے لگایا گیا، مذکورہ تمام افراد کرونا کے متاثرین تھے۔

    کرونا وائرس بچے زیادہ پھیلاتے ہیں یا بڑے؟ تحقیق سامنے آ گئی

    چین نے امریکی مذکورہ تحقیق کو مضحکہ خیز اور بے بنیاد قرار دے دیا۔ چینی وزیرخارجہ کے ترجمان ہاؤ چوائنگ نے مطالعے کو مسترد کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ جھوٹ اور سطحی مشاہدہ ہے۔

    خیال رہے کہ ’ایمجنری سیٹلائٹ‘ اور ’ٹریفک والیم‘ کی مدد سے مذکورہ تحقیق کا عمل مکمل کیا گیا ہے۔

  • پاکستان میں کرونا وائرس سے مزید 28 افراد جاں بحق، تعداد 667 ہو گئی

    پاکستان میں کرونا وائرس سے مزید 28 افراد جاں بحق، تعداد 667 ہو گئی

    اسلام آباد: پاکستان میں کرونا وائرس سے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 28 افراد جان کی بازی ہار گئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 667 ہو گئی ہے۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اَپ ڈیٹ کے مطابق نئے اور مہلک وائرس کو وِڈ نائنٹین کی عالمگیر وبا سے پاکستان بھر میں 30,941 افراد متاثر ہو چکے ہیں، ملک کے مختلف شہروں میں اس وقت کرونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد 22 ہزار 62 ہے، پاکستان میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے 1,476 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جب کہ اب تک 8,212 مریض وائرس سے لاحق ہونے والی بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

    کرونا کی عالمگیر وبا: 2 لاکھ 83 ہزار انسان جان کی بازی ہار گئے، 41 لاکھ 80 ہزار متاثر

    کمانڈ سینٹر کا کہنا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید اٹھائیس اموات رپورٹ ہوئیں، سب زیادہ اموات اب تک خیبر پختون خوا میں ہوئی ہیں جن کی تعداد 245 ہے، اس کے بعد پنجاب میں 197 اموات، سندھ میں 189 اموات، بلوچستان میں 26، اسلام آباد میں 6، جب کہ گلگت بلتستان میں 4 اموات ہوئیں۔

    پنجاب میں کرونا کیسز کی تعداد سب سے زیادہ 11,568 ہو گئی، سندھ میں 11,480 کرونا کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، خیبر پختون خوا میں کیسز کی تعداد 4,669، بلوچستان میں 2,017، اسلام آباد میں 679 ہو گئی، گلگت بلتستان میں 442 کرونا کیسز رپورٹ ہوئے، آزاد کشمیر میں کیسز کی تعداد 86 ہے۔

    گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 11 ہزار 367 کرونا ٹیسٹ کیے گئے، این سی او سی کے مطابق ملک میں اب تک کرونا کے 2 لاکھ 94 ہزار 894 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

  • کرونا کی عالمگیر وبا: 2 لاکھ 83 ہزار انسان جان کی بازی ہار گئے، 41 لاکھ 80 ہزار متاثر

    کرونا کی عالمگیر وبا: 2 لاکھ 83 ہزار انسان جان کی بازی ہار گئے، 41 لاکھ 80 ہزار متاثر

    کراچی: کو وِڈ نائنٹین کی عالمگیر وبا نے 212 ممالک کو لپیٹ میں لے کر 2 لاکھ 83 ہزار 868 افراد کو نگل لیا ہے، جب کہ وائرس سے 41 لاکھ 80 ہزار 923 افراد متاثر ہو چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق انسانیت کے لیے انتہائی مہلک ثابت ہونے والی کرونا وبا سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں دنیا بھر میں ساڑھے 3 ہزار افراد وائرس سے ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ 80 ہزار نئے کیسز سامنے آئے، وائرس سے اب تک 14 لاکھ 93 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

    کرونا وائرس سے امریکا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں اموات کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران امریکا میں 750 اموات ہوئیں، جس سے امریکا میں کرونا ہلاکتوں کی تعداد 80,787 ہو گئی ہے، جب کہ 13 لاکھ 67 ہزار سے زائد افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں، امریکا میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 20 ہزار نئے کیسز سامنے آئے۔ کو وِڈ نائنٹین سے متاثر 2 لاکھ سے 56 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں، تاہم اب بھی 16 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ امریکا میں نیویارک شہر سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں 26,812 ہلاکتیں ہوئیں اور3 لاکھ 45 ہزار سے زائد لوگ متاثر ہوئے۔

    برطانیہ ہلاکتوں میں دوسرا بڑا ملک بن چکا ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 268 نئی اموات کے بعد برطانیہ میں مجموعی اموات 31,855 ہو گئی ہیں، جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد بھی 2 لاکھ 19 ہزار سے بڑھ گئی ہے، برطانیہ نے تاحال صحت یاب ہونے والے مریضوں کا ڈیٹا جاری نہیں کیا۔

    یورپی ملک اٹلی تیسرا ملک ہے جہاں وائرس سے بے پناہ ہلاکتیں ہوئیں، اب تک یہ وائرس اٹلی میں 30,560 انسانوں کی جانیں لے چکا ہے، اور 2 لاکھ 19 ہزار سے زائد لوگ وائرس سے متاثر ہوئے، جن میں سے 1 لاکھ 5 ہزار مریض صحت یاب ہوئے، اور 1 ہزار مریضوں کی حالت اب بھی تشویش ناک ہے۔ اٹلی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 165 اموات ہوئیں.

    اسپین اور فرانس بھی شدید متاثرہ ممالک میں سر فہرست ہیں، اسپین میں ہلاکتیں 26,621 ہو چکی ہیں اور مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 64 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ فرانس میں 26,380 افراد وائرس کا شکار ہو کر مرچکے ہیں جب کہ کیسز کی تعداد 1 لاکھ 76 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔ برازیل میں بھی بہت تیزی کے ساتھ کرونا ہلاکتوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے، اب تک وائرس سے 11,123 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد بھی 1 لاکھ 62 ہزار سے بڑھ چکی ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران برازیل میں 467 اموات ہو چکی ہیں۔

    بیلجیئم میں 8,656 مریض، جرمنی میں وائرس سے 7,569 مریض، ایران میں 6,640 مریض، نیدرلینڈز میں 5,440 افراد، کینیڈا میں 4,870 مریض، چین میں 4,633 (گزشتہ 14 دنوں میں کوئی ہلاکت نہیں)، ترکی میں 3,786، میکسیکو میں 3,465، سوئیڈن میں 3,225، انڈیا میں 2,212، ایکواڈور میں 2,127، روس میں 1,915، پیرو میں 1,889، سوئٹزرلینڈ میں 1,833، آئرلینڈ میں 1,458، پرتگال میں 1,135، اور اسرائیل میں 252 کرونا مریض ہلاک ہو چکے ہیں۔

  • پاکستان میں کرونا کے باعث اموات کی تعداد 192 ہو گئی، 52 کی حالت تشویش ناک

    پاکستان میں کرونا کے باعث اموات کی تعداد 192 ہو گئی، 52 کی حالت تشویش ناک

    اسلام آباد: پاکستان میں کرونا وائرس کی صورت حال تشویش ناک ہوتی جا رہی ہے، ملک میں وائرس کی وجہ سے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 11 اموات کے بعد مجموعی تعداد 192 ہو گئی ہے۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 796 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جس کے بعد ملک میں وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 9216 ہو گئی ہے۔

    این سی او سی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کرونا کے 6 ہزار 958 مریض زیر علاج ہیں، اب تک اس وائرس سے متاثر ہونے والے 2066 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں، جب کہ زیر علاج مریضوں میں 52 کی حالت تشویش ناک ہے۔

    ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے 5347 ٹیسٹ کیے گئے، جب کہ مجموعی طور پر اب تک 1 لاکھ 11 ہزار 886 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

    این سی او سی کے مطابق پنجاب میں تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 4,195 ہے، وائرس سے پنجاب میں 45 اموات ہو چکی ہیں جب کہ 742 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ سندھ میں تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 2,764 ہے، جب کہ اموات 61 ہو چکی ہیں، اور صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 635 ہے۔

    خیبر پختون خوا میں کیسز کی تعداد 1,276 ہو گئی ہے، لیکن اموات دیگر صوبوں سے بڑھ کر 74 ہو گئیں، اب تک صرف 297 مریض ہی صحت یاب ہو سکے ہیں۔ بلوچستان میں کیسز کی تعداد 465 ہے، اموات 6 جب کہ صحت یاب افراد کی تعداد 161 ہے۔ اسلام آباد میں کیسز کی تعداد 185، اموات 3 جب کہ صحت یاب مریضوں کی تعداد 20 ہے۔ آزاد جموں و کشمیر میں کیسز کی تعداد 50، صحت یاب افراد کی تعداد 16 ہے جب کہ وائرس سے کوئی موت واقع نہیں ہوئی۔

  • لاک ڈاؤن: دالوں کی قیمت میں 50 روپے تک کا اضافہ

    لاک ڈاؤن: دالوں کی قیمت میں 50 روپے تک کا اضافہ

    کراچی: درآمدی ٹیکس میں کمی اور ڈیزل کی قیمت میں نمایاں کمی کے باجود اشیائے ضروریہ مہنگی کر دی گئی ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ریٹیل سطح پر ڈیمانڈ برقرار ہے تاہم کرونا وائرس کی وبا کے باعث لاک ڈاؤن میں سپلائی نہ ہونے کے برابر ہے، جب کہ درآمدی ٹیکس میں کمی کی جا چکی ہے اور ڈیزل کی قیمت میں بھی نمایاں کمی ہو چکی، لیکن ضرورت کی اشیا مہنگی کر دی گئیں۔

    لاک ڈاؤن کے دوران کراچی میں دالوں کی قیمت میں 50 روپے تک کا اضافہ کیا جا چکا ہے، مسور کی دال کی قیمت 50 روپے اضافے کے بعد 180 روپے فی کلو ہو گئی، مہنگی ہونے کے بعد مسور کی دال نایاب ہو گئی، مارکیٹ میں دستیاب نہیں۔

    لاک ڈاؤن : انڈوں کی فی درجن قیمت میں ایک بار پھر اضافہ

    دال ماش کی قیمت 35 روپے اضافے سے 250 روپے فی کلو ہو گئی ہے، دال مونگ 30 روپے اضافے سے 290 روپے فی کلو کر دی گئی، دال چنا 35 روپے اضافے کے ساتھ 175 روپے فی کلو کر دی گئی۔

    بیسن 30 روپے اضافے سے 200 روپے فی کلو ہو گیا، ریٹیل میں چینی 85 روپے فی کلو میں دستیاب ہے، جب کہ ہول سیل میں چینی کی قیمت 78 روپے فی کلو ہے، ریٹیل سطح پر آدھا کلو چائے کی قیمت 480 روپے فی کلو ہو گئی، گھی اور تیل کی قیمتوں میں بھی سپلائی میں تعطل کے باعث تیزی کا رجحان ہے۔

  • عالمگیر وبا کرونا وائرس سے اموات 1 لاکھ کے قریب پہنچ گئیں

    عالمگیر وبا کرونا وائرس سے اموات 1 لاکھ کے قریب پہنچ گئیں

    کراچی: عالمگیر سطح پر نئے اور نہایت مہلک ثابت ہونے والے وائرس کو وِڈ نائنٹین سے اموات کی تعداد 1 لاکھ کے قریب پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی جانب سے کرونا وائرس سے پھیلنے والی وبا کو عالمگیر وبا قرار دیا جا چکا ہے، اس وبا کی زد میں اب تک 210 ممالک اور علاقے آ چکے ہیں، اور 95,739 اموات واقع ہو چکی ہیں۔

    دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد بھی 16 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے، جب کہ اب تک صرف ساڑھے تین لاکھ مریض ہی صحت یاب ہو سکے ہیں۔ سب سے زیادہ کیسز امریکا میں سامنے آئے ہیں، جن کی تعداد ساڑھے 4 لاکھ سے بھی زیادہ ہے۔

    ہلاک افراد کی تعداد کے لحاظ سے امریکا دوسرے نمبر ہے جہاں اب تک 16,697 مریض کرونا کا شکار ہو چکے ہیں، امریکا میں نیویارک کرونا سے سب سے زیادہ متاثرہ شہر ہے جہاں 7067 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1 لاکھ 61 ہزار سے زائد ہے۔ پہلے نمبر پر تاحال یورپی ملک اٹلی ہے جہاں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 18,279 ہو گئی ہے جب کہ مجموعی مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 43 ہزار سے زائد ہے۔

    ڈاؤ یونی ورسٹی میں کرونا وائرس سے متعلق بڑی تحقیق

    اسپین میں بھی بہت تیزی کے ساتھ کو وِڈ نائنٹین کے مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے، امریکا کے بعد اسپین دوسرا ملک ہے جہاں سب سے زیادہ کیسز سامنے آ چکے ہیں، اور اب تک 1 لاکھ 53 ہزار سے کیسز تجاوز کر چکے ہیں جب کہ اموات کی تعداد بڑھ کر 15,447 ہو گئی ہے، اموات کی تعداد کے لحاظ سے اسپین دنیا کا تیسرا بڑا متاثرہ ملک ہے۔

    فرانس کرونا وائرس سے اموات کی تعداد کے لحاظ سے چوتھا بڑا اور کیسز کی تعداد کے لحاظ سے پانچواں ملک ہے، فرانس میں ہلاکتیں 12,210 تک پہنچ گئیں جب کہ 1 لاکھ 17 ہزار سے بڑھ گئی ہیں۔ برطانیہ میں اگرچہ کیسز کی تعداد دیگر ممالک کے مقابلے میں کم ہیں لیکن اموات کی تعداد کا تناسب زیادہ ہے، اب برطانیہ میں کرونا وائرس سے 7,978 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جب کہ مجموعی متاثرہ افراد کی تعداد 65 ہزار ہو گئی ہے۔

    بیلجئم میں کرونا وائرس سے 2523 افراد ہلاک ہوئے جب کہ 24983 افراد متاثر ہو چکے ہیں، نیدرلینڈز میں 2396 افراد ہلاک اور 21762 افراد متاثر ہیں، ایران میں کرونا وائرس سے 4110 افراد ہلاک جب کہ 66220 افراد متاثر ہیں، سعودی عرب میں کرونا سے 44 افراد ہلاک جب کہ 3287 افراد متاثر ہیں، بھارت میں وائرس سے 227 افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور 6725 افراد متاثر ہیں۔

  • کرونا وائرس: عالمی سطح پر اموات 88,505 ہو گئیں

    کرونا وائرس: عالمی سطح پر اموات 88,505 ہو گئیں

    کراچی: نئے اور مہلک وائرس کو وِڈ نائنٹین نے یورپ اور امریکا میں ہلاکتوں سے تباہی مچا دی ہے، دنیا بھر میں وائرس سے اموات 88 ہزار 505 ہو گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پوری دنیا اس وقت کرونا وائرس سے بری طرح جھوجھ رہی ہے، دنیا کے 209 ممالک اور خطے وائرس کی لپیٹ میں آ چکے ہیں، عالمی سطح پر وائرس سے اب تک 15 لاکھ 18 ہزار سے زائد انسان متاثر ہو چکے ہیں، جن میں 3 لاکھ 30 ہزار تک مریض ہی صحت یاب ہو سکے ہیں۔

    اٹلی میں کرونا وائرس سے17 ہزار 669 اموات واقع ہوچکی ہیں، جب کہ ایک لاکھ 39 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔ امریکا میں وائرس سے 14 ہزار 795 اموات واقع ہوئی ہیں اور 4 لاکھ 35 ہزار سے زائد افراد وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ اسپین میں وائرس 14 ہزار 792 جانیں نگل گیا ہے، جب کہ ایک لاکھ 48 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔

    فرانس میں کرونا 10 ہزار 869 جانیں نگل گیا، جب کہ ایک لاکھ 12 ہزار سے زائد متاثر ہیں، برطانیہ میں کرونا وائرس سے اموات 7097 ہو گئیں، اور 60 ہزار سے زائد شہری متاثر ہیں۔ ایران میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 3993 ہو گئی ہے، جب کہ 64 ہزار سے زائد متاثر ہیں، چین میں 3335 افراد کرونا وائرس سے ہلاک ہوئے، جب کہ 81 ہزار 800 سے زائد افراد متاثر ہوئے۔

    کرونا وائرس جرمنی میں بھی 2349 جانیں نگل گیا، اور ایک لاکھ 13 ہزار سے زائد متاثر ہوئے، نیدرلینڈز میں وائرس 2248 جانیں نگل گیا جب کہ 20 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے، بیلجیئم میں 2240 افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور 23 ہزار سے زائد متاثر ہیں۔ سوئٹزرلینڈ میں 895 افراد کرونا وائرس سے ہلاک ہوئے، 23 ہزار سے زائد متاثر ہوچکے ہیں۔

    وائرس سے برازیل میں 820 اموات ہوئیں، 16 ہزار سے زائد متاثر ہیں، کرونا ترکی میں بھی 812 جانیں نگل گیا جب کہ 38 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے، سوئیڈن میں 687، کینیڈا میں 427، پرتگال میں 380 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ آسٹریا میں 273، ایکواڈور میں 242، انڈونیشیا میں 240 اموات ہوئیں، جنوبی کوریا میں 204 اموات، 10 ہزار سے زائد متاثر ہیں، جب کہ بھارت میں وائرس سے اب تک 178 افراد ہلاک اور 5916 متاثر ہو چکے ہیں۔

  • کرونا وائرس نے 10082 انسانوں کی جانیں نگل لیں

    کرونا وائرس نے 10082 انسانوں کی جانیں نگل لیں

    کراچی: نئے اور نہایت مہلک وائرس COVID 19 نے دنیا بھر میں 10,082 انسانوں کی جانیں نگل لیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق دنیا بھر میں کرونا وائرس کے متاثرین کی تعداد ڈھائی لاکھ کے قریب پہنچ چکی ہے، اب تک وائرس سے 248,683 لوگ متاثر ہو چکے ہیں جب کہ 88,563 لوگ وائرس سے صحت یاب ہوئے، دوسری طرف وائرس نے 182 ممالک کو لپیٹ میں لے لیا ہے۔

    اٹلی میں وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد چین سے بھی زیادہ ہو گئی ہے، اب تک کرونا میں مبتلا ہو کر 3,405 اطالوی زندگی کی بازی ہار چکے ہیں، جب کہ وائرس کے شکار افراد کی تعداد 41,035 ہو چکی ہے۔ چین میں ہلاکتوں کی تعداد 3,248 جب کہ متاثرین کی تعداد 80,967 ہے، چین میں نئے مریضوں کی تعداد بھی نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہے۔

    امریکا میں موت کا راج: کروناوائرس میں مبتلا ایک ہی خاندان کے 4افراد ہلاک

    ایران میں بھی تیزی سے اموات کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے، اب تک 1,284 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جب کہ مجموعی متاثرین کی تعداد 18,407 تک پہنچ گئی ہے۔ اسپین میں بھی تیزی سے شرح اموات بلند ہو رہی ہے، وائرس کا شکار ہو 831 افراد موت کے منہ میں جا چکے ہیں جب کہ 18,077 افراد وائرس سے متاثر ہوئے۔ فرانس میں اموات کی تعداد 372 ہو گئی ہے اور 10,995 افراد وائرس کا شکار ہوئے۔ امریکا میں بھی 217 افراد اب تک ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ 14,366 افراد کو وائرس لاحق ہوا۔ برطانیہ میں ہلاکتوں کی تعداد 144 تک پہنچ چکی ہے اور متاثرہ افراد کی تعداد 3,269 ہے۔

    جنوبی کوریا میں 94 افراد ہلاک ہوئے جب کہ متاثرین کی مجموعی تعداد 8,652 ہے۔ نیدرلینڈ میں 76 افراد ہلاک، 2,460 افراد متاثر ہوئے۔ سوئٹزرلینڈ میں 43 افراد ہلاک، 4,222 متاثر ہو چکے ہیں۔ بیلجیم میں 37، جاپان میں 33، کینیڈا 12، انڈونیشیا 32، فلپائن 18، عراق 13، سان مرینو 14، الجیریا میں 10 افراد کرونا وائرس سے ہلاک ہو چکے ہیں۔

  • کرونا وائرس سے دنیا بھر میں اموات 4027 ہو گئیں

    کرونا وائرس سے دنیا بھر میں اموات 4027 ہو گئیں

    بیجنگ: دنیا بھر میں نہایت مہلک اور نئے وائرس COVID 19 سے ہونے والی ہلاکتیں 4,027 ہو گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 4 ہزار 27 ہو گئی، جب کہ متاثرین کی تعداد بھی تیزی سے بڑھتی جا رہی ہے اور اب تک 114,458 افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔ صحت یابی کا عمل بھی جاری ہے، 64,105 افراد مہلک وائرس سے نجات پا چکے ہیں۔

    اب تک کرونا وائرس دنیا کے 115 ممالک اور علاقوں کو لپیٹ میں لے چکا ہے، 5 ہزار سے زائد افراد کی حالت اب بھی تشویش ناک ہے، کرونا وائرس سے اموات کی شرح 6 فی صد صحت یابی کی شرح 94 فی صد ہے۔ خیال رہے کہ ایک بین الاقوامی بحری جہاز ڈائمنڈ پرنسز بھی وائرس سے متاثر ہوا، جو تاحال یوکوہاما، جاپان میں لنگر انداز ہے۔

    جرمنی کے شہر برلن میں ایک لیمپ پوسٹ پر حفاظتی فیس ماسک کی فروخت کا اشتہار چسپاں ہے، گزشتہ روز جرمنی میں کرونا سے 2 اموات ہوئیں

    چین میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 3136 ہو گئی ہے، جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 80757 تک پہنچ گئی۔ گزشتہ روز چینی صدر شی جن پنگ نے کرونا وائرس کے مرکز صوبہ ہوبائی کا پہلی بار دورہ کیا، اور وائرس کے سدباب کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا، چینی صوبے ہوبائی سے پھوٹنے والی اس مہلک وبا سے اب تک 115 ممالک متاثر ہو چکے ہیں۔

    اٹلی

    اٹلی میں ہلاکتوں میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا ہے اور اب تک 463 ہلاکتیں ہوئی ہیں، جب کہ متاثرین کی تعداد 9,172 ہو گئی۔ یورپی ملک اٹلی میں بڑے پیمانے پر لاک ڈاؤن بھی کر دیا گیا ہے، تقریباً 6 کروڑ لوگ لاک ڈاؤن کر دیے گئے ہیں۔ اٹلی میں 3 اپریل تک تمام تعلیمی اداروں کو بند کیا جا چکا ہے، ہلاکتوں میں اٹلی دوسرے نمبر پر آ گیا ہے، اطالوی وزیر اعظم نے 14 صوبوں ریڈ زون قرار دے دیا ہے۔

    فرانس

    فرانس میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ جاری ہے، فرانس کے وزیر ثقافت فرینک ریسٹر میں بھی وائرس کی تشخیص ہو گئی ہے، اب تک 30 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ متاثرین کی تعداد 1,412 ہے۔

    بحرین میں کرونا وائرس کے 8 مریض علاج کے بعد صحت یاب ہوگئے، حکام کا کہنا ہے کہ بحرین میں اب تک کرونا وائرس کے 22 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں، جب کہ مجموعی مریضوں کی تعداد 109 ہے۔ ایران میں بھی 237 افراد کرونا کے باعث جان سے جا چکے ہیں، مجموعی متاثرین کی تعداد 7,161 ہو گئی ہے۔ سعودی عرب میں کرونا وائرس کے مزید 5 کیس رپورٹ ہونے کے بعد تعداد 20 ہو گئی ہے۔ گزشتہ روز مکہ میں بھی ایک شخص میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔