Tag: ورجینیا

  • ایک سانپ کی وجہ سے ہزاروں گھروں کی بجلی منقطع

    ایک سانپ کی وجہ سے ہزاروں گھروں کی بجلی منقطع

    ورجینیا : امریکا میں ایک سانپ نے بجلی کے ٹرانسفارمر میں گھس کر تار کاٹ دیئے جس کے نتیجے میں ہزاروں گھر تاریکی میں ڈوب گئے۔

    اپنی نوعیت کا یہ انوکھا واقعہ امریکی ریاست ورجینیا میں پیش آیا جہاں اچانک بجلی غائب ہوگئی اور فوری طور پر اس کی کوئی وجہ بھی سامنے نہیں آسکی کیونکہ تمام ہائی ٹینشن وائر درست حالت میں تھے اور کوئی گرڈ اسٹیشن بھی ٹرپ نہیں ہوا تھا۔

    امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بعد ازاں یوٹیلیٹی کمپنی کے حکام نے انکشاف کیا کہ ورجینیا میں بجلی کی فراہمی میں تعطل ایک سانپ کی وجہ سے ہوا جس سے تقریباً 11ہزار 700 صارفین کے گھروں میں اندھیرا چھایا رہا۔

    عملے نے بتایا کہ بجلی بندش کی وجہ ایک سانپ تھا جو ہائی وولٹیج تاروں سے ہوتا ہوا پھسل کر ایک ٹرانسفارمر میں داخل ہوگیا۔

    رپورٹ کے مطابق تقریباً ڈیڑھ گھنٹے بعد تمام صارفین کی بجلی بحال کر دی گئی، تاہم بندش کے ذمہ دار سانپ کی قسم کی شناخت نہیں ہو سکی۔

  • ویڈیو: نوجوان پائلٹ احمد اویس نے ہائی وے پر ہنگامی لینڈنگ کر کے مسافروں کو بچا لیا

    ویڈیو: نوجوان پائلٹ احمد اویس نے ہائی وے پر ہنگامی لینڈنگ کر کے مسافروں کو بچا لیا

    ورجینیا: امریکا میں ایک چھوٹے طیارے نے خراب موسم کے باعث ہائی وے پر ہنگامی لینڈنگ کر ڈالی۔

    امریکی میڈیا کے مطابق جمعہ کی سہ پہر کو واشنگٹن ڈلس انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اڑان بھرنے والے ایک چھوٹے مسافر طیارے نے خراب موسم کے باعث چند ہی منٹ بعد ہنگامی طور پر ورجینیا کے ہائی پر لینڈنگ کی۔

    طیارے نے ڈیلس ایئرپورٹ سے لنکاسٹر، پینسلوینیا جانے کے لیے اڑان بھری تھی، طیارے میں 7 افراد سوار تھے، خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، عملہ اور مسافروں میں سے کوئی بھی زخمی نہیں ہوا، پولیس حکام کا کہنا تھا کہ طیارے کو فلوریڈا کا 27 سالہ پائلٹ احمد اویس اڑا رہا تھا، مسافروں میں ایک 15 سالہ لڑکا بھی شامل تھا۔

    ورجینیا اسٹیٹ پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ حکام کو ایک نجی طیارے کے لاؤڈون کاؤنٹی میں دوپہر ایک بجے سے کچھ قبل ہنگامی لینڈنگ کی اطلاع ملی، پائلٹ مہارت کے ساتھ سنگل انجن والے سیسنا 208 کو بغیر کسی گاڑی سے ٹکرائے کاؤنٹی پارک وے کی مغربی طرف والی لین میں بحفاظت اتارنے میں کامیاب رہا۔

    سدرن ایئر ویز ایکسپریس کے سی ای او اسٹین لٹل نے ایک بیان میں کہا کہ ایئر لائن کو یہ جان کر راحت ملی کہ کوئی زخمی نہیں ہوا، انھوں نے کہا ’’ہمیں خوشی ہوئی ہے کہ تمام مسافر محفوظ رہے، ہم اپنے پائلٹس کے شکر گزار ہیں، جنھوں نے بالکل وہی کیا جس کی انھیں تربیت دی گئی تھی۔‘‘

  • حذیفہ ابراہیم انڈر19 اوپن اسکواش چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچ گئے

    حذیفہ ابراہیم انڈر19 اوپن اسکواش چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچ گئے

    ورجینیا: پاکستان کے حذیفہ ابراہیم میڈ ایٹلانٹیک انڈر19 اوپن اسکواش چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے نوعمر ٹینس اسٹارحذیفہ ابراہیم نے میڈ ایٹلانٹیک انڈر19 اوپن اسکواش چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ وہ پلاٹینیم کیٹیگری کے فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔

    حذیفہ نے سیمی فائنل میں ٹاپ سیڈ امریکا کے روسٹن ویسر کو شکست سے دوچار کیا۔ انھوں نے 11-9، 9-11، 6-11 اور 6-11 کے اسکور سے کامیابی حاصل کی۔

    میڈ ایٹلانٹیک انڈر19 اوپن اسکواش چیمپئن شپ پلاٹینیم کیٹیگری کے فائنل میں حذیفہ کامقابلہ کل امریکا کے ہی اسکراوکن کوو سے ہوگا۔

    خیال رہے کہ حذیفہ ابراہیم پاکستان آرمی ٹیم کے کھلاڑی ہیں۔ انڈر19 اوپن اسکواش چیمپئن شپ امریکا کے شہر ورجینیا میں کھیلی جارہی ہے۔

  • نشے میں دھت پائلٹ گرفتار! سیکڑوں مسافروں کی زندگی بچ گئی

    نشے میں دھت پائلٹ گرفتار! سیکڑوں مسافروں کی زندگی بچ گئی

    نشے میں دھت پائلٹ کو جہاز اڑانے سے پہلے ہی گرفتار کرلیا گیا ورنہ سیکڑوں مسافروں کی زندگی خطرے میں پڑجاتی، آخری لمحوں میں ورجینیا جانے والی فلائٹ منسوخ کردی گئی۔

    یونائیٹڈ ایئرلائن کا 63 سالہ پائلٹ 267 مسافروں کے ہمراہ پیرس سے ورجینیا ایئرپورٹ جانے کے لیے تیار تھا، اس دوران سیکیورٹی اہلکار اسے نشے میں لڑکھڑاتے دیکھ کر ٹھٹھک گئے، فوری طور پر پائلٹ کو خون میں الکحل کے ٹیسٹ کے لیے بھیجا گیا۔

    ٹیسٹ سے انکشاف ہوا کہ فرانسسی پائلٹ کے خون میں الکوحل کی مقدار، عملے کے لیے مقررہ کردہ مقدار سے چھ گنا زائد تھی۔

    پائلٹ کو عدالت میں پیش کیا گیا تو اس نے بتایا کہ اس نے رات میں صرف دو گلاس شراب پی تھی، جج کا کہنا تھا کہ طیارہ کریش بھی کر سکتا تھا، آپ نے 267 مسافروں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال دیا۔

    عدالت کی جانب سے یونائیٹڈ ایئرلائن کے پائلٹ کو چھ ماہ قید کی معطل سزا سنائی گئی ہے جب کہ پانچ ہزار ڈالرز کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے، امکان ہے کہ اب مذکورہ پائلٹ امریکا میں پیشہ ورانہ ذمہ داریاں انجام نہ دے پائے۔

    یونائیٹڈ ایئرلائن کے مطابق پائلٹ کو ملازمت سے ہٹا دیا گیا اور ایئرلائن مقامی حکام کے ساتھ مکمل تعاون کر رہا ہے۔

    واضح رہے کہ پرواز کی روانگی سے محض ایک گھنٹے قبل پائلٹ کی گرفتار عمل میں آئی اور فلائٹ بھی آخری لمحات میں منسوخ کرنا پڑی۔

  • 6 سالہ طالب علم نے اپنی ایلیمنٹری اسکول ٹیچر کو کلاس میں گولی مار دی

    ورجینیا: امریکی ریاست ورجینیا کے شہر ’نیوپورٹ نیوز‘ کے ایک اسکول میں ابتدائی کلاسوں کی ٹیچر کو 6 سالہ طالب علم نے گولی مار کر شدید زخمی کر دیا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق شہر نیوپورٹ نیوز کے حکام نے جمعہ کو بتایا کہ ورجینیا کے ایک ایلیمنٹری اسکول کی 30 سالہ ٹیچر کو ایک 6 سالہ لڑکے نے گولی مار دی ہے جس سے ان کی حالت تشویش ناک ہے، جب کہ طالب علم کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

    سٹی حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ حادثاتی نہیں تھی، طالب علم نے فرسٹ گریڈ کے کلاس روم میں پہلے ٹیچر سے بحث شروع کی، اور پھر پستول نکالی اور ایک گولی چلا دی۔

    یہ واقعہ نیوپورٹ نیوز میں واقع رِچنیک ایلیمنٹری اسکول میں پیش آیا، حکام نے بتایا کہ 6 سالہ بچہ حراست میں ہے۔ فائرنگ کے فوراً بعد اسے حراست میں لے لیا گیا، واقعے میں اور کوئی طالب علم یا عملہ زخمی نہیں ہوا۔

    پولیس چیف اسٹیو ڈریو نے میڈیا کو بتایا کہ وہ بچے کے معاملے میں کامن ویلتھ اٹارنی اور کچھ دیگر اداروں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

    پولیس چیف نے کہا کہ ٹیچر کی حالت میں آخری اطلاعات تک بہتری آئی ہے، دوسری طرف شہر کے نئے میئر فلپ جونز نے صحافیوں کو بتایا کہ یہ شہر کے لیے ایک سیاہ دن ہے۔

  • ورجینیا شاپنگ مال کا منیجر اچانک فائرنگ کرنے لگا، متعدد ہلاک

    ورجینیا شاپنگ مال کا منیجر اچانک فائرنگ کرنے لگا، متعدد ہلاک

    ورجینیا: امریکی ریاست ورجینیا میں شاپنگ مال کے منیجر کی فائرنگ سے 6 افراد ہلاک ہو گئے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ورجینیا کے ایک شاپنگ مال میں فائرنگ سے چھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں، جب کہ چھ زخمی افراد کا اسپتال میں علاج جار ی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ شاپنگ مال کے منیجر نے کی۔

    پولیس حکام کے مطابق جب وہ شاپنگ مال میں داخل ہوئے تو وہاں دس کے قریب افراد زمین پر پڑے ہوئے تھے، جن میں منیجر بھی شامل تھا، اسٹور کا منیجر جوابی فائرنگ میں مارا گیا۔

    یہ ایک ہفتے سے بھی کم عرصے میں امریکا میں دوسری بڑی شوٹنگ تھی، ایک ہفتہ قبل کولوراڈو کے ایک کلب میں فائرنگ سے 5 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

    ورجینیا کے علاقے چیسا پیک کی پولیس کے ایک افسر نے سی این این کو بتایا کہ ہمارا خیال ہے کہ شوٹر مرنے والوں میں شامل ہے، پولیس کی جانب سے جوابی کارروائی کے دوران کوئی گولیاں نہیں چلائی گئیں۔

  • مقام عبرت: امریکی پناہ گزیں کیمپ کے باہر بیٹھے شخص کے بارے جان کر آپ حیران رہ جائیں گے

    مقام عبرت: امریکی پناہ گزیں کیمپ کے باہر بیٹھے شخص کے بارے جان کر آپ حیران رہ جائیں گے

    ورجینیا: امریکی ریاست ورجینیا میں پناہ گزیں افغان فوج کے سابق سربراہ کی فٹ پاتھ پر تصویر وائرل ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیٹ پر سابق سربراہ افغان فوج ہیبت اللہ علی زئی کی ایک تصویر وائرل ہوئی جس میں وہ ورجینیا کے پناہ گزیں کیمپ کے باہر ایک فٹ پاتھ پر بیٹھے نظر آتے ہیں۔

    جنرل ہیبت اللہ علی زئی افغانستان کے مفرور صدر اشرف غنی کے دور حکومت میں افغان آرمی کے سربراہ تھے، انھیں صدر اشرف غنی نے کابل چھوڑنے سے صرف ایک ہفتہ قبل افغان آرمی کا سربراہ مقرر کیا تھا۔

    افغان آرمی کے سابق سربراہ کی بے بسی کی حالت میں سامنے آنے والی یہ تصویر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر وائرل ہوئی، تو کچھ لوگوں نے اسے قابل عبرت جانا، اور کئی افغان شہری اس پر مشتعل ہوئے۔

    جنرل ہیبت اللہ علی زئی کو جب مفرور صدر اشرف غنی نے افغان آرمی کا کمانڈر مقرر کیا تھا تو انھوں نے طالبان کے خلاف جنگ جیتنے کا دعویٰ بھی کیا تھا، لیکن جیسے ہی خطرہ سر پہ پہنچا تو وہ ملک سے فرار ہو گئے۔

    تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سابق آرمی چیف امریکی پناہ گزیں کیمپ کے باہر حسرت و یاس کی تصویر بنے ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ ہیبت اللہ علی زئی صرف 11 سے 15 اگست 2021 تک افغان نیشنل آرمی کے چیف آف سٹاف رہے۔

  • والدین کی خوف ناک غفلت، بچہ موت کے منہ میں پہنچ گیا

    والدین کی خوف ناک غفلت، بچہ موت کے منہ میں پہنچ گیا

    ویسٹ ورجینیا: امریکی والدین کی غفلت کے باعث ان کا پانچ سالہ بچہ موت کے منہ میں پہنچ گیا، بچہ پڑوسی کی کار کی ڈگی سے نیم بے ہوشی کی حالت میں برآمد ہوا، پولیس نے نوجوان میاں بیوی کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست ویسٹ ورجینیا کے علاقے کاٹیج ویلی، بوبو اسٹریٹ میں منگل کو ایک شخص نے اپنی کار فروخت کرنے کے دوران جب کار کی ڈگی کھولی تو چونک اٹھا۔

    ڈگی میں پانچ سال کا ایک لڑکا نیم بے ہوشی کی حالت میں پڑا ہوا تھا، اور وہ مشکل ہی سے سانس لے رہا تھا، معلوم ہوا کہ وہ اس کے پڑوسی کا بچہ ہے، بچے کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال لے جایا گیا۔

    کاؤنٹی شیرف کا کہنا تھا کہ بچے کی حالت تشویش ناک تھی، اس دن درجہ حرارت بھی بہت زیادہ تھا اور وہ کار کی ڈگی کی گرمائش میں پڑا ہوا تھا، کار کے مالک نے جب اسے فروخت کرنے کے لیے ڈگی کھول کر دکھانی چاہی تو اندر پڑوسی کا بچہ پایا۔

    حکام نے جب بچے کے والدین کے گھر کی تلاشی لی تو معلوم ہوا کہ 24 سالہ نانٹیل رابرٹس اور 22 سالہ کوری رابرٹس کے تین اور بھی بچے تھے، جن کی عمریں ایک سے پانچ سال تک تھیں، اور وہ گھر میں نہایت بری حالت میں پائے گئے، انھیں کئی دنوں سے نہلایا نہیں گیا تھا اور گندے تھے۔

    پولیس بیان کے مطابق گھر کی حالت بھی نہایت خراب تھی، ہر جگہ گندی تھی، فرش پر سڑی خوراک بکھری ہوئی تھی اور تیز بدبو پھیلی ہوئی تھی، بچوں کے گندے ڈائپرز بھی جگہ جگہ بکھرے ہوئے تھے۔

    پولیس نے دونوں میاں بیوی کو بچے سے غفلت برتنے اور اس کے نتیجے میں اسے زخمی کرنے کے الزامات میں گرفتار کیا۔

  • ماہرین نے بریسٹ کینسر سمیت کئی قسم کے کینسر کے علاج سے متعلق خوش خبری سنا دی

    ماہرین نے بریسٹ کینسر سمیت کئی قسم کے کینسر کے علاج سے متعلق خوش خبری سنا دی

    ورجینیا: امریکا میں ہونے والی ایک نئی تحقیق کے نتائج سے بریسٹ کینسر سمیت دیگر کئی اقسام کے کینسر کے علاج سے متعلق ایک نئی امید پیدا ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ورجینیا کامن ویلتھ یونی ورسٹی کے میسی کینسر سینٹر میں کی جانے والی اس تحقیق میں چھاتی کے کینسر کا سبب بننے والے ہارمون کو دریافت کر لیا گیا ہے۔

    اس ریسرچ کی رپورٹ جرنل برائے نیچر پارٹنر جرنلز میں شائع ہوئی ہے، بریسٹ کینسر کا سبب بننے والا ہارمون میسی کینسر سینٹر کے محقق چارلس کلیوینجر اور ان کی لیب نے دریافت کیا ہے۔

    محققین کا کہنا ہے کہ بریسٹ کینسر کا سبب بننے والے ہارمون کی دریافت سے کئی دیگر اقسام کے کینسر کا علاج بھی ممکن نظر آنے لگا ہے۔

    ورجینیا کامن ویلتھ یونی ورسٹی میں ہونے والی اس حالیہ تحقیق میں اس بات کے مضبوط شواہد ملے ہیں کہ چھاتی میں کینسر کی افزائش کا سبب بننے والا ایک ہارمون پروکلیٹین دراصل بریسٹ گروتھ کا سبب بنتا ہے، اور یہ حمل کے دوران ماں کے دودھ میں اضافے کی وجہ بھی ہوتا ہے۔

    محققین نے اس ہارمون کو بریسٹ کینسر کا اہم سبب قرار دیا ہے، انھوں نے خوش خبری سنائی کہ یہ ہارمون ٹارگیٹڈ دوا کی تیاری میں کافی مفید ثابت ہوگا، اور اس سے کئی قسم کے کینسر کا علاج کیا جا سکے گا۔

    محققین کے مطابق بریسٹ کینسر کا براہ راست سبب بننے والے اس ہارمون کے خلیات کی سطح پر پروٹین موجود ہوتا ہے، جسے رسیپٹرز کہتے ہیں۔ یہ ریسپٹرز بائیولوجیکل پیغامات وصول کرنے اور بھیجنے کے ساتھ خلیے کے افعال کو بھی ریگولیٹ کرتے ہیں۔

  • سیاہ فام فوجی کو گرفتار کرنے اور کالی مرچ چھڑکنے والے پولیس اہل کار کے خلاف کارروائی

    سیاہ فام فوجی کو گرفتار کرنے اور کالی مرچ چھڑکنے والے پولیس اہل کار کے خلاف کارروائی

    ورجینیا: امریکی سیاہ فام فوجی افسر کے خلاف ’طاقت کے بہیمانہ استعمال‘ پر پولیس اہل کار کو نوکری سے برطرف کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق 5 دسمبر 2020 کو امریکی آرمی افسر لیفٹیننٹ کیرن نازاریو پر بندوق تاننے، ان پر کالی مرچ چھڑکنے اور انھیں قتل کی دھمکی دینے پر 2 پولیس اہل کاروں میں سے ایک کو برطرف کر دیا گیا۔

    امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکی ریاست ورجینیا نے گورنر کی جانب سے معاملے کی آزادانہ تحقیقات کی ہدایت کے بعد اتوار کو رات گئے اہل کار کی برطرفی کا اعلان کیا۔

    پولیس اہل کاروں جوگوٹیرز اور ڈینیئل کروکر کے خلاف رواں ماہ مقدمہ دائر کیا گیا تھا، اہل کار کروکر کا کہنا تھا کہ نازاریو پولیس سے فرار ہونا چاہتا تھا، تاہم اٹارنی جنرل کے مطابق نازاریو گاڑی روکنے کے لیے کسی روشنی والی جگہ کی تلاش کر رہا تھا۔

    ورجینیا کے گورنر رالف نورتھم کا کہنا تھا ہمیں ایسے واقعات پر افسوس ہے جن سے ہماری کمیونٹی کے بارے میں منفی تاثر پھیلتا ہے، ہمیں مزید کام جاری رکھنا ہوگا کہ جب ورجینیا کے شہریوں کا کسی کام کے سلسلے میں پولیس سے واسطہ پڑے تو وہ محفوظ محسوس کریں۔

    واضح رہے کہ اس کیس کے مقدمے کے مطابق 5 دسمبر 2020 کو نازاریو اپنی نئی گاڑی کے شیشے پر کاغذی لائسنس پلیٹ لگا کر سفر کر رہے تھے کہ پولیس اہل کاروں نے انھیں رکنے کا اشارہ کیا، نازاریو نے گاڑی کی رفتار آہستہ کی اور روکنے کے لیے کسی روشنی والی جگہ کی تلاش کرنے لگے۔

    نازاریو نے ایک گیس اسٹیشن کے قریب گاڑی روکی، اس دوران پولیس کے کیمروں اور نازاریو کے موبائل فون میں محفوظ ویڈیو کے مطابق نازاریو نے اہل کاروں کو بتایا کہ وہ گاڑی سے باہر نکلنے سے خوف زدہ ہیں، جس پر انھوں نے جواب دیا کہ ’آپ کو ہونا چاہیے۔‘

    مقدمے کے مطابق نازاریو نے اپنے ہاتھ اوپر کو اٹھائے، کسی بھی قسم کی مزاحمت نہیں کی لیکن اس کے باوجود ان پر کالی مرچ چھڑکی گئی اور انھیں زمین پر گرا کر حراست میں لیا گیا تاہم بعد میں پولیس چیف نے معاملے کو دیکھتے ہوئے انھیں رہا کر دیا۔