Tag: ورلڈ ریکارڈ

  • پاکستانی ایتھلیٹ نے بوسٹن میراتھون میں قومی لباس میں ورلڈ ریکارڈ بنا دیا

    پاکستانی ایتھلیٹ نے بوسٹن میراتھون میں قومی لباس میں ورلڈ ریکارڈ بنا دیا

    بوسٹن (8 اگست 2025): پاکستانی ایتھلیٹ دانش الہٰی نے قومی لباس میں بوسٹن میراتھون مکمل کرنے کا تیز ترین عالمی ریکارڈ بنا دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق امریکی شہر بوسٹن میں ہونے والی میراتھون میں پاکستانی ایتھلیٹ دانش الہٰی نے تاریخ رقم کر دی اور شلوار قمیض میں نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

    دانش الہٰی نے 3 گھنٹے 26 منٹ میں قومی لباس میں میراتھون مکمل کر کے تیز ترین ریکارڈ بنایا۔

    پاکستانی ایتھلیٹ کو عالمی ریکارڈ بنانے اور قوم کا سر فخر سے بلند کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر رانا ثنا اللہ نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ چیمپئنز ملک وقوم کا عظیم سرمایہ ہیں۔

    رانا ثنا اللہ نے بتایا کہ وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر اسپورٹس کی ترقی کے لیے مسلسل اقدامات کر رہے ہیں۔ کھلاڑیوں کی تربیت اور فلاح وبہبود پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

    اس موقع پر وفاقی سیکریٹری محی الدین نے دانش الہٰی کو شاندار کارنامہ پر یادگاری سووینئر پیش کیا اور کہا کہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے پر پوری قوم کو آپ پر فخر ہے۔

    دانش الٰہی نے اسلام آباد کالج فار گرلز میں پیڈل ٹینس کورٹس کیلیے تعاون کرنے کا اعلان کیا۔

  • ویڈیو: کینیڈین فوٹوگرافر نے گہرے سمندر میں ماڈل فوٹوشوٹ کرکے ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا

    ویڈیو: کینیڈین فوٹوگرافر نے گہرے سمندر میں ماڈل فوٹوشوٹ کرکے ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا

    کینیڈین فوٹوگرافر نے ہائیڈرو اٹلانٹک جہاز کے ملبے کے پاس 50 میٹر گہرے پانی کے اندر فوٹو شوٹ کا نیا ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔

    سمند کے گہرے پانی کے اندر ماڈل کے ساتھ فوٹو شوٹ کرتے ہوئے کینیڈا کے فوٹوگرافر اسٹیون ہیننگ نے نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر کے شاندار کارنامہ انجام دیا۔ یہ فوٹوشوٹ امریکی ریاست فلوریڈا کے بوکا رتن میں ہائیڈرو اٹلانٹک جہاز کے ملبے کے عرش پر کی گئی۔

    جس جگہ فوٹ شوٹ کا عمل انجام دیا گیا وہ زیرسمند زمین سے تقریباً 50 میٹر یعنی 163.38 فٹ کی گہرائی میں واقع ہے۔

    ہائیڈرو اٹلانٹک سائٹ کو ایک حکمت عملی کے تحت منتخب کیا گیا تھا کیونکہ یہ ڈیکمپریشن زون سے کافی دور ہے، اور اس کے لیے فوٹوگرافر کی ٹیم کو منفرد چیلنجز کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

    فوٹوگرافر اسٹیون ہیننگ، جو اس سے قبل یہ ریکارڈ دو بار توڑ چکے ہیں، انھوں نے جرات مندانہ کوشش کے ساتھ اپنے ریکارڈ کو دوبارہ حاصل کیا۔

    ہیننگ نے جون 2021 اور ستمبر 2023 میں بالترتیب 21 فٹ اور 30 میٹر کی گہرائی میں شوٹنگ کرتے ہوئے ریکارڈ قائم کیا تھا۔

    تاہم ان کا یہ ریکارڈ دسمبر 2023 میں ساتھی کینیڈین فوٹوگرافر کم بروناؤ اور پیا اویارزون نے توڑ دیا تھا، جنھوں نے بہاماس میں 131 فٹ کی گہرائی میں فوٹو شوٹ کیا تھا۔

  • ورلڈ ریکارڈ : 52ہفتوں میں 52 مرتبہ ریکارڈ توڑنے کا حیرت انگیز کارنامہ

    ورلڈ ریکارڈ : 52ہفتوں میں 52 مرتبہ ریکارڈ توڑنے کا حیرت انگیز کارنامہ

    نیو یارک : امریکا سے تعلق رکھنے والے ایک شہری نے ایک بار پھر 52 ہفتوں میں 52 گنیز ورلڈ ریکارڈ توڑ ڈالے، اس سے قبل یہی کارنامہ انہوں نے سال2021 میں بھی انجام دیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست آئیڈاہو سے تعلق رکھنے والے شہری ڈیوڈ رش نے اس بار بھی 52 ہفتوں میں 52 گنیز ورلڈ ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔

    سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی کی تعلیم کو پروموٹ کرنے والے ڈیوڈ رش نے سال 2024 کے ریکارڈ ساز سفر کا آغاز 30 سیکنڈ کے اندر اپنے سر پر شیونگ فوم میں پکڑی جانے والی سب سے زیادہ 14 پنگ پونگ گیندوں کا ریکارڈ قائم کر کے کیا۔

    اپنی 2021 کی شاندار کامیابی کی بنیاد پر جہاں انہوں نے ہر ہفتے ایک عالمی ریکارڈ توڑا، رش نے اس کارنامے کو 2024 میں بھی دہرایا اور ساتھ ہی گنیز ورلڈ ریکارڈز میں اپنا نام شامل کرنے کی کوشش جاری رکھی۔

    ڈیوڈ رش نے بتایا کہ اس کارنامے کو انجام دینے کیلیے کئی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا۔ میرے لیے ایک لیٹر لائم جوس کو اسٹرا کے ذریعے تیزی سے پینے کا ریکارڈ سب سے مشکل ثابت ہوا انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ اس کوشش کے بعد انہیں کافی مشکلات درپیش آئیں۔

    اس کے علاوہ سب سے حیرت انگیز ریکارڈ میں سے ایک ریکارڈ تاش کے پتّے کو پھونک سے ذریعے سب سے دور پھونکنے کا تھا۔ رش نے اپنی مضبوط پھونک کی طاقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے تاش کے پتے کو 33 فٹ اور 4.78 انچ دور تک پھینکا۔

    ڈیوڈ رش کے مطابق سب سے آسان ریکارڈ باکسنگ گلووز کے ساتھ غبارے پھوڑنا تھا پچھلا ریکارڈ 72 غباروں کا تھا اور انہوں نے ایک منٹ میں 327 غبارے پھوڑ کر نیا ریکارڈ بنا ڈالا۔

    ڈیوڈ رش کی عالمی ریکارڈز توڑنے کی لگن واقعی متاثر کن ہے، وہ مسلسل اپنی قابلیت کو بڑھاتے ہوئے اپنی منفرد اور محنت طلب کاوشوں سے دنیا کو محظوظ کرنے کی کوشش میں سرگرم رہتے ہیں۔

    اس سے قبل آسٹریلیا کی 35 سالہ خاتون غوطہ خور ایمبر بورک نے زیرِ آب چلنے کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔

    ایمبر بورک نے ایک سانس میں زیرِ آب 370 فٹ 2 انچ پیدل چل کر گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر لیا۔ یہ کسی بھی خاتون غوطہ خور کا زیرِ آب چلنے کا سب سے طویل مسافت کا نیا عالمی ریکارڈ ہے۔

    اس سے قبل ایمبر بورک 17 آسٹریلوی فری ڈائیونگ ریکارڈز اور ایک عالمی ریکارڈ بھی اپنے نام کرچکی ہیں۔

  • ٹریوس ہیڈ نے بھارت کےخلاف پنک بال ٹیسٹ میں ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا

    ٹریوس ہیڈ نے بھارت کےخلاف پنک بال ٹیسٹ میں ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا

    آسٹریلوی جارح مزاج بیٹر ٹریوس ہیڈ نے دوسرے ٹیسٹ میں بھارتی بولرز کے خلاف لاٹھی چارج کرتے ہوئے نیا ورلڈک ریکارڈ قائم کردیا۔

    بھارت کے خلاف ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں ٹریوس ہیڈ کی بہترین بیٹنگ کے باعث آسٹریلیا کی میچ میں پوزین کافی مضبوط ہوگئی ہے، ڈے اینڈ نائٹ پنک بال ٹیسٹ میں کینگرو بیٹر نے تیز ترین سنچری بنانے کا اپنا ہی پرانا ورلڈ ریکارڈ توڑا۔

    انھوں نے بارڈر گواسکر ٹرافی میں ہونے والے پنک بال ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کے دوسرے دن 111 بالز پر تیز ترین سنچری اسکور کی۔

    بھارت کے خلاف ٹریوس ہیڈ نے گراؤنڈ کے چاروں جانب جارحانہ اسٹروکس کھیلے، انھوں نے 141 بالز پر 140 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ان کی دلکش اننگز میں 4 چھکے اور 17 چوکے شامل تھی، ان کی اننگزکا خاتمہ محمد سراج نے کیا۔

    ٹریوس نے اس سے قبل پنک بال ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میں ہوبارٹ میں انگلینڈ کے خلاف 2022 میں تیزترین سنچری اسکور کی تھی، جس میں انھوں نے تھری فیگرز تک پہنچے کے لیے 112 بالز کھیلی تھی۔

    خیال رہے کہ ایڈیلیڈ میں ہونے والے ٹیسٹ میں ٹریوس ہیڈ کی سنچری اور مچل اسٹارک کی تباہ کن بولنگ کے باعث آسٹریلیا کمانڈنگ پوزیشن میں آگیا ہے، بھارت کو آسٹریلیا کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کے لیے اب بھی 29 رنز کی ضروت ہے اور 5 وکٹیں باقی ہیں۔

  • متحدہ عرب امارات: منفرد ورلڈ ریکارڈ قائم

    متحدہ عرب امارات: منفرد ورلڈ ریکارڈ قائم

    متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں بوتلوں میں 1100 پیغامات کی نمائش کرکے گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا گیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ابوظہبی کے سعدیات جزیرے کے حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ متعدد ہوٹلوں میں ٹھہرنے والے مہمانوں کو بلوایا گیا اور جزیرے سے منسلک ہونے کے پیغامات لکھنے کو کہا گیا، جنہیں بعد میں ساحل سمندر پر نمائش کے لئے رکھ دیا گیا۔

    ان بوتلوں نے بعد میں پیغامات کی نمائش کی دنیا کی سب سے بڑی بوتل کا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کیا۔ منتظمین کا اس سے متعلق کہنا تھا کہ یہ کوشش پیرس کے پونٹ ڈے آرٹ برج سے متاثرہوکرکی گئی تھی۔

    دوسری جانب متحدہ عرب امارات میں موجود 200 سال پرانے شارجہ قلعے میں شہریوں کو مفت داخلے کی سہولت دیدی گئی ہے۔

    شارجہ فورٹ جو 1823 کی ایک تاریخی یادگار میں شمار ہوتا ہے، اپنے 200 ویں سال کو متحدہ عرب امارات کے قومی دن کی تقریبات کے ساتھ منا رہا ہے۔

    یہ مقامی کمیونٹی کو اپنے بھرپور ورثے اور اس کی دیواروں کے اندر موجود کہانیوں پر غور کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے،یہ مشہور قلعہ اماراتی کمیونٹی کے ورثے کی علامت ہے۔

    یہاں 1830 کی دہائی کے اوائل میں مردوف القوسیم کے جاری کردہ تاریخی سکے بھی ہیں، اوریہاں ایک شاہی بستر بھی ہے جو شیخہ مہرا محمد خلیفہ القاسمی کا تھا، اس میں 1841 کا قرآنی اسٹینڈ ہے۔

    قلعے کے اندر موجود نمایاں نمونوں میں سے ایک ”الرگاس”توپ ہے، جو 1811 سے شروع ہونے والی فوجی طاقت کی ایک زبردست علامت ہے۔

  • ویڈیو: نوجوان نے تاش کے پتوں سے بلڈنگز بنا کر ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا

    ویڈیو: نوجوان نے تاش کے پتوں سے بلڈنگز بنا کر ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا

    بھارت سے تعلق رکھنے والے 15 سالہ لڑکے نے تاش کے پتوں سے کولکتہ کی بلڈنگز کی نقل تیار کرکے گنیز ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کروالیا۔

    رپورٹس کے مطابق 15 سالہ نوجوان نے 41 دن کی محنت سے تاش کے پتوں سے اپنے آبائی شہر کولکتہ کی چار عمارتوں کی نقل تیار کرکے ورلڈ ریکارڈ قائم کیا۔ سوشل میڈیا پر مذکورہ اسٹرکچر کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے۔

    ارنوو ڈاگا نامی نوجوان کا تیار کردہ پروجیکٹ 40 فٹ لمبا، 11 فٹ، 4 انچ اونچا اور 16 فٹ، 8 انچ چوڑا ہے، اس عمارت نے تاش کے پتوں سے بنائے گئے سب سے بڑے اسٹرکچر کا سابقہ عالمی ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

    اس سے قبل بائرن برگ نامی شخص نےیہ ریکارڈ قائم کیا تھا، جس نے تاش کے پتوں کے ذریعے مکاؤ کے تین ہوٹلوں کا اسٹرکچر تیار کیا تھا جو کہ 34 فٹ، 1 انچ لمبا، 9 فٹ، 5 انچ اونچا اور 11 فٹ، 7 انچ چوڑا تھا۔

    اس حوالے سے ڈاگا کا کہنا تھا کہ کولکتہ کی چار عمارتوں کی نقلیں بنانے کے لیے تقریباً 143,000 کارڈز استعمال کیے گئے ہیں۔

    نوجوان کے مطابق اس ںے 41 دن میں یہ اسٹرکچر تیار کیا ہے تاہم ایک عمارت بنانے کے دوران تاش کے پتے گرگئے تھے جس کی وجہ سے تھوڑی تاخیر ہوئی۔

    گنیز ورلڈ ریکارڈز سے گفتگو کرتے ہوئے نوجوان کا کہنا تھا کہ کام کے اتنے گھنٹے اور دن ضائع ہونا مایوس کن تھا اور مجھے یہ سب دوبارہ کرنا پڑا، لیکن میرے لیے اس کام سے پیچھے ہٹنا ممکن نہیں تھا۔

  • 100 فٹ بلند لہر پر سرفنگ کرنے کا خطرناک ریکارڈ

    100 فٹ بلند لہر پر سرفنگ کرنے کا خطرناک ریکارڈ

    پرتگال کے 19 سالہ طالب علم انتونیولا رینو نے اکتوبر 2020 میں 100 فٹ سے زائد بلند لہر پر سرفنگ کر کے نیا ریکارڈ قائم کرنے کا دعوی کیا تھا۔

    انتونیو کا کہنا تھا کہ انہوں نے پرتگال کے ساحل نزارے پر اب تک کی سب سے بڑی لہر پر سرفنگ کی ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ اس لہر کی بلندی تقریباً 101 فٹ تھی اور انہوں نے 80 فٹ بلند لہر پر سرفنگ کے موجودہ ریکارڈ کو توڑ دیا ہے، تاہم ان کے اس دعوے کی تصدیق نہیں کی جاسکی تھی۔

    اب تقریباً ڈیڑھ سال بعد خلائی تحقیق کے امریکی ادارے ناسا کی جانب سے لی گئیں سیٹلائٹ تصاویر نے انتونیو کے اس دعوے کی تصدیق کردی ہے۔

    زمین کی مانیٹرنگ کے لیے مدارمیں بھیجے گئے ناسا اورامریکی جیولوجیکل سروے کے مشترکہ خلائی جہاز لینڈ سیٹ 8 کی جانب سے بھیجی گئی سیٹلائٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ سنہ 2020 میں نزارے پر بلند لہروں کی وجہ سے بہت زیادہ توانائی خارج ہوئی تھی۔

    یونیورسٹی آف پورٹو کے اوشیانو گرافر جوز ڈے سلوا کا اس بارے میں کہنا ہے کہ ناسا کی 2020 کی سیٹلائٹ تصاویر سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس سال اکتوبر میں نزارے کے ساحل کے نزدیک اب تک کی بلند ترین لہریں پیدا ہوئی تھی۔

    29 اکتوبر 2020 کے اعداد و شمار سے بھی ظاہر ہوتا ہے کہ ساحل پر لہروں کی بلندی 17 سیکنڈ تک 20 فٹ سے زائد رہی تھی۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ناسا کی ان تصاویر سے بھی اس بات کی توثیق ہوتی ہے کہ 29 اکتوبر کو انتونیو نے سرفر روڈریگو کوگزا کا ریکارڈ توڑ دیا ہے، روڈ ریگو نے یہ عالمی ریکارڈ 2017 میں 80 فٹ بلند لہر پر سرفنگ کر کے قائم کیا تھا۔

  • کروڑ پتی امریکی خاتون جو دنیا کے کنجوس ترین انسان کے طور پر مشہور ہے

    کروڑ پتی امریکی خاتون جو دنیا کے کنجوس ترین انسان کے طور پر مشہور ہے

    مشہورِ زمانہ ‘گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ’ جدید دور میں انسانوں کے حیرت انگیز، عجیب و غریب، انوکھے، نادر اور اکثر ناقابلِ فہم کمالات، کارناموں اور مہارتوں کی وہ یادگار ہے جو آنے والی نسلوں کو تاریخ کے دل چسپ ترین واقعات سے لطف اندوز ہونے کا موقع دے گی۔ بالکل اسی طرح جیسے آج لگ بھگ دو صدی بعد آپ ہیٹی گرین کے بارے میں‌ جان کر تعجب کا اظہار کریں گے۔

    کیا آپ جانتے ہیں‌ کہ امریکا کی اس امیر ترین خاتون کا نام عالمی ریکارڈز پر مشتمل کتاب میں دنیا کے کنجوس ترین انسان کے طور پر درج ہے؟

    ہیٹی گرین 21 نومبر 1834ء کو امریکی ریاست میساچوسٹس کے ایک قصبے میں پیدا ہوئی اور 3 جولائی 1916ء کو اس کی زندگی کا چراغ گُل ہوگیا۔ وہ امریکا کی ایک بڑی کاروباری شخصیت اور مال دار خاتون تھی، مگر اس کے بخل کا یہ عالم تھا کہ امریکا اور بالخصوص ریاست میساچوسٹس میں کسی کو کنجوس یا بخیل کہنا ہو تو اسے ہیٹی گرین سے تشبیہ دی جاتی تھی۔

    امریکا میں ہیٹی گرین کے بخل کی ناقابلِ یقین داستانیں مشہور ہیں۔ اس عورت کے بچپن اور لڑکپن کے تفصیلی حالات تو کسی کے علم میں‌ نہیں‌ لیکن کہا جاتا ہے کہ مال دار بننے کے بعد اس نے اپنے لیے اس وقت تک نیا جوڑا نہیں خریدا جب تک اس کا پرانا ملبوس مکمل طور پر خراب نہیں ہو گیا۔ وہ ہمیشہ پھٹا پرانا اور پیوند لگا ہوا جوڑا پہنے رکھتی تھی۔ بوسیدہ ترین جوڑے میں‌ دیکھنے والوں‌ نے اسے وال اسٹریٹ کی چڑیل کہنا شروع کر دیا تھا۔

    کہتے ہیں‌ اس کا خاندان مچھلیوں کی تجارت سے وابستہ تھا۔ وہ 13 سال کی تھی جب اپنے ہی خاندان میں مالی کھاتے دیکھنے کی ذمہ داری اسے سونپی گئی۔ بعد ازاں وہ مزید تعلیم کے لیے بوسٹن شہر چلی گئی۔ وہ اپنے ماں باپ کی اکلوتی اولاد تھی۔ ان کا گھرانا نہایت خوش حال تھا۔ 1864ء میں ہیٹی کے والد کا انتقال ہو گیا اور ورثہ میں اسے خاصی رقم ملی، پھر ہیٹی گرین کی لاولد پھوپھی کا انتقال ہوا تو اس نے کسی طرح ان کی جائیداد بھی سمیٹ لی۔

    ہیٹی گرین 33 برس کی تھی جب اس نے ریاست ورمونٹ کے ایک کاروباری اور امیر شخص ایڈورڈ ہنری گرین سے شادی کی اور شادی سے قبل جائیداد اور تمام اثاثوں کی ملکیت کا تحریری معاہدہ کرلیا اور یوں مال دار خاتون بن گئی۔ بعد میں اس نے متعدد کاروبار کیے اور زمین کی خرید فروخت، کان کنی سمیت مختلف تعمیراتی کاموں میں سرمایہ کاری کی جس سے اس کی دولت میں اضافہ ہوتا رہا۔

    ہیٹی کی دولت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ 1907ء میں معاشی بدحالت اور کساد بازاری کے موقع پر امریکی حکومت نے بھی اس سے رجوع کیا تھا۔ ہیٹی گرین دو بچّوں کی ماں بن چکی تھی۔ اسے قدرت نے ایک بیٹے اور ایک بیٹی سے نوازا تھا۔

    اس کے بیٹے کی عرفیت نیڈ تھی، جس کی ایک حادثے میں ٹانگ ٹوٹی تو مال دار ماں نے علاج کرانے سے گریز کیا اور مفت علاج کے لیے اسپتالوں کے چکر کاٹتی رہی۔ اسی وجہ سے وہ ریاست بھر میں‌ بخیل مشہور ہوگئی تھی۔ اس بچّے کی بدقسمتی یہ رہی کہ اس کی ماں کروڑ پتی تھی، لیکن بروقت اور ضروری علاج نہ ہونے کے سبب اسے اپنی ٹانگ کٹوانی پڑی۔ کنجوس ماں نے اس کے باقاعدہ علاج پر ایک پیسہ خرچ نہیں کیا۔

    وہ کھانے پینے کے حوالے سے بھی نہایت بخل سے کام لیا کرتی تھی۔ اس کے روزانہ کا خرچ صرف دو سینٹ تھا۔ ہیٹی کی اس عادت کے باعث اس کے گھر والوں نے بھی بہت مشکل زندگی گزاری۔ وہ نیویارک میں 81 سال کی عمر میں وفات پاگئی۔ وفات کے وقت ہیٹی امریکا کی ارب پتی خاتون تھی۔

    مشہور ہے کہ اسے ہرنیا کی شکایت تھی، لیکن ہیٹی نے اس کا آپریشن کروانے سے انکار کردیا تھا۔

  • آسٹریا کے باشندے نے برف میں دیر تک کھڑے رہنے کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا

    آسٹریا کے باشندے نے برف میں دیر تک کھڑے رہنے کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا

    میلک: آسٹریا کے شہر میلک میں ایک شخص نے برف میں دیر تک کھڑے رہنے کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج آسٹریا کے شہر میلک میں ایک شخص نے برف کے ٹکڑوں سے بھرے ہوئے باکس میں دیر تک کھڑے رہنے کا نیا ریکارڈ قائم کر لیا۔

    یہ ریکارڈ 42 سالہ جوزف کوبرل نے بنایا ہے، جوزف آئس کیوبز سے بھرے باکس میں 2 گھنٹے 30 منٹ اور 57 سیکنڈز تک کھڑا رہنے میں کامیاب رہا، ڈھائی گھنٹے تک قلفی جما دینے والی سردی برداشت کر کے آسٹریائی باشندے نے پچھلا ریکارڈ توڑ ڈالا۔

    جوزف کوبرل نے اس دوران جسم پر صرف تیراکی والا شارٹس پہنا ہوا تھا، آئس باکس میں وہ کندھوں تک برف میں ڈوبا ہوا تھا، جس باکس میں وہ کھڑا تھا وہ بھی شفاف (ٹرانسپیرنٹ) تھا، ریکارڈ بنانے کے دوران جوزف کے ہاتھ سینے پر کراس کی صورت میں رکھے ہوئے تھے۔

    دل چسپ بات ہے کہ جوزف نے جو ریکارڈ توڑا ہے، وہ بھی اسی کا بنایا ہوا تھا، گزشتہ برس وہ 2 گھنٹے، 8 منٹ اور 47 سیکنڈز تک آئس باکس میں کھڑا رہا تھا۔

    ریکارڈ بنانے کے بعد جب جوزف آئس باکس سے باہر نکلا تو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس نے کہا کہ سورج کی گرم روشنی بہت اچھی لگ رہی ہے۔

    دریائے ڈینوب کے کنارے واقع شہر میلک میں دوپہر کے وقت یہ نظارہ دیکھنے کے لیے شہر کے کافی لوگ مرکزی اسکوائر پر جمع ہو گئے تھے۔

    جوزف کوبرل نے بتایا کہ برف میں اتنی دیر کھڑے رہنے کے بعد آپ کے جسم کو جو سب سے پہلی چیز گرم کرتی ہے وہ ہے آپ کے پیر، اس لیے میں ابھی فوراً جرابیں پہنوں گا۔

  • گیارہویں نمبر پر کھیلنے والے بالر کا انوکھا ریکارڈ

    گیارہویں نمبر پر کھیلنے والے بالر کا انوکھا ریکارڈ

    کراچی: پاکستان سپر لیگ سیزن 5 میں گزشتہ روز اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان سنسنی خیز مقابلے میں یونائیٹڈ کے بالر محمد موسیٰ نے بلے بازی میں انوکھا ریکارڈ قائم کردیا۔

    گزشتہ روز لاہور قلندرز کے 183 رنز کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے شاندار بیٹنگ کی۔ آخری 3 اوورز میں جب 1 وکٹ اور 20 رنز رہ گئے تب محمد موسیٰ نے 2 چوکے اور 1 چھکا مار کر اور مجموعی طور پر 17 رنز بنا کر ایک منفرد ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

    محمد موسیٰ ٹی 20 میں دنیا کے پہلے سب سے زیادہ اسکور کرنے والے 11 ویں نمبر کے بیٹسمین بن گئے ہیں۔

    ان کی اور احمد عبداللہ کی 20 رنز کی پارٹنر شپ بھی دسویں وکٹ کی وہ پہلی پارٹنر شپ بن گئی جس نے نہ صرف سب سے زیاہ رنز بنائے بلکہ کامیابی سے ہدف کا تعاقب کیا۔

    گزشتہ روز کے میچ میں لاہور قلندرز نے پاکستان سپر لیگ کے تمام سیزنز میں اپنا بلند ترین اسکور یعنی 183 رنز بنائے۔

    قلندرز کے محمد حفیظ نے 7 چوکوں اور 7 بلند و بالا چھکوں کی مدد سے 98 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، شاہین آفریدی نے بھی 4 وکٹیں اڑائیں۔

    جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے 52 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، کولن انگرام 30 اور ڈیوڈ ملان 22 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ یونائیٹڈ کی ٹیم نے ہدف آخری گیند پر 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔