Tag: ورلڈ کپ 2019

  • ورلڈ کپ 2019: عماد وسیم کی شاندار بیٹنگ، پاکستان نے افغانستان کو شکست دے دی

    ورلڈ کپ 2019: عماد وسیم کی شاندار بیٹنگ، پاکستان نے افغانستان کو شکست دے دی

    لیڈز : ورلڈکپ کے 36ویں میچ میں پاکستان نے عماد وسیم کی شاندار بیٹنگ کی بدولت سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور افغانستان کی ٹیموں کے مابین لیڈز اسٹیڈیم میں ورلڈکپ کا 36واں میچ کھیلا گیا، سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے کے لیے قومی ٹیم کو میچ میں فتح حاصل کرنا لازمی تھی۔

    افغانستان اننگز 

    افغانستان کی ٹیم کے کپتان گلبدین نائب نے ٹاس جیت پر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستانی باؤلرز نے پہلے ہی اوور سے شاندار گیند بازی کی جس کی وجہ سے مخالف ٹیم کے بلے بازوں کو محتاط انداز اختیار کیا۔

    افغان ٹیم کی پہلی وکٹ 27 کے مجموعی اسکور پر گری جب کپتان کو شاہین آفریدی نے پویلین کی راہ دکھائی، اسی طرح نئے آنے والے بیٹسمین کو بھی شاہین شاہ نے 27 کے ہی مجموعی اسکور پر آؤٹ کیا۔ عماد وسیم نے اننگز کے بارہویں اوور میں رحمت شاہ کو آؤٹ کیا۔

    بعد ازاں اصغر افغان اور محمد نبی نے 64 رنز کی پارٹنر شپ قائم کر کے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کرنے کی کوشش کی، البتہ اصغر افغان 42 رنز کے انفرادی اور 121 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹے، چار رنز اضافے کے بعد اکرام اخیل بھی آؤٹ ہوئے جبکہ محمد نبی 202 رنز کے مجموعی اسکور پر پویلین روانہ ہوئے، افغان ٹیم کی آٹھویں وکٹ 210 ، نویں 219 کے مجموعی اسکور پر گری۔

    افغانستان نے مقررہ پچاس اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 227 رنز بنائے، نجیب اللہ زادران اور افغر خان 42 ، 42 رنز بناکر نمایاں بلے باز رہے جبکہ شاہین آفریدی نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے چار اہم کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ عماد وسیم، وہاب ریاض نے 2 ، 2 اور شاداب خان نے ایک کھلاڑی کی وکٹ حاصل کی۔

    پاکستان کی اننگز

    228 رنز ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے بیٹنگ شروع کی تو پہلا کھلاڑی بغیر کسی رن پر آؤٹ ہوا، بعد ازاں امام الحق اور بابر اعظم نے محتاط انداز سے بیٹنگ کی اور اسکور کو 72 تک پہنچایا اسی لمحے امام الحق بھی 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    پاکستان کی تیسری وکٹ 81 کے مجموعی اسکور پر اُس وقت گری جب بابر اعظم 45 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، حارث سہیل اور محمد حفیظ نے مجموعی اسکور میں 40 رنز کا اضافہ کیا اسی لمحے پروفیسر بھی 19 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے، 142 پر حارث سہیل بھی آؤٹ ہوئے۔

    کپتان سرفراز 156 کے مجموعی اسکور پر 22 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، عماد وسیم اور شاداب خان نے 50 رنز کی پارٹنر شپ قائم کر کے صورت حال بہتر بنائی تو 206 پر شاداب کو بھی افغان باؤلر نے آؤٹ کردیا، نئے آنے والے بیٹسمین وہاب ریاض نے زخمی ہونے کے باوجود شاندار بیٹنگ کی، عماد وسیم نے چوکا لگا کر ٹیم کو فتح دلائی۔

    وہاب ریاض نے 1 چھکے اور 1 چوکے کی مدد سے 15 رنز ناٹ آؤٹ کی قیمتی اننگز کھیلی جبکہ عماد سیم بھی 49 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، پاکستان نے 2 گیندوں قبل ہدف حاصل کیا اور افغانستان کو تین وکٹوں سے شکست دی۔ پاکستان نے مسلسل تیسری فتح حاصل کر کے پوائنٹس ٹیبل پر چوتھی پوزیشن حاصل کرلی۔

    ٹاس جیتنے کے بعد افغان کپتان گلبدین نائب کا کہنا تھا کہ ہمارے اسپنرز اچھے ہیں، دوسری اننگز میں فائدہ ہوگا۔ پاکستان اچھی ٹیم ہے، ہم اپنا 100 فیصد دینے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بڑا ہدف دینے کی کوشش کریں گے۔

    مزید پڑھیں: لیڈز: ممکنہ شکست پر افغانی شائقین آپے سے باہر، پاکستانی شخص پر حملہ کر دیا

    قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ہماری بولنگ اچھا پرفارم کر رہی ہے، ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔ افغانستان کو کم ٹوٹل پر روکنے کی کوشش کریں گے۔

    میچ سے قبل قومی ٹیم نے لیڈز کرکٹ گراؤنڈ میں بھرپور پریکٹس کی، سیمی فائنل میں رسائی کے لیے پاکستان کو افغانستان اور بنگلہ دیش سے اپنے میچز جیتنے ہوں گے۔

    اسکواڈ

    آج کے میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ ٹیم میں سرفراز احمد (کپتان)، امام الحق، فخر زمان، بابر اعظم، محمد حفیظ، حارث سہیل، عماد وسیم، شاداب خان، محمد عامر، وہاب ریاض اور شاہین آفریدی شامل ہیں۔

    افغان ٹیم میں گلبدین نائب (کپتان)، رحمت شاہ، حشمت اللہ شاہدی، اصغر افغان، سمیع اللہ شنواری، محمد نبی، نجیب اللہ زادران، اکرام علی خیل، راشد خان، حامد حسن اور مجیب الرحمٰن شامل ہیں۔

    وہاب ریاض کے ہاتھ میں انجری

    پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وہاب ریاض کے دائیں ہاتھ میں ٹریننگ کے دوران چوٹ لگی ہے جس کی وجہ سے ان کے ہاتھ پر سوجن ہو گئی ہے۔

    پی سی بی کے مطابق وہاب ریاض انگلی پر بینڈج لگا کر کھیل رہے ہیں، میچ کے بعد ان کی انجری کا مزید جائزہ لیا جائے گا۔  پاکستانی کرکٹ ٹیم اپنا آٹھواں میچ آج افغانستان کے خلاف لیڈز کے مقام پر کھیل رہی ہے۔ ٹاپ 4 کا مضبوط امیدوار بننے کے لیے پاکستان کو لیڈز میں کھیلا جانے والا میچ جیتنا لازمی ہے۔

  • لیڈز: ممکنہ شکست پر افغانی شائقین آپے سے باہر، پاکستانی شخص پر حملہ کر دیا

    لیڈز: ممکنہ شکست پر افغانی شائقین آپے سے باہر، پاکستانی شخص پر حملہ کر دیا

    لیڈز: پاکستان اور افغانستان کے درمیان میچ کے دوران ممکنہ شکست پر افغانی شائقین آپے سے باہر ہوگئے، غصے میں بھرے افغانیوں نے خوشیاں مناتے پاکستانی پر دھاوا بول دیا۔

    تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 کے لیڈز میں ہونے والے پاکستان اور افغانستان کے میچ کے دوران ناخوشگوار واقعہ پیش آگیا۔ لیڈز کے میدان کے باہر افغانی شائقین پاکستانیوں سے الجھ گئے۔

    میچ میں اپنی ٹیم کی پے در پے گرتی وکٹوں سے افغانی شائقین گرم ہوگئے اور بدتہذیبی کی انتہا کرتے ہوئے ایک پاکستانی شخص پر دھاوا بول دیا۔

    پوائنٹس ٹیبل پر صفر پوائنٹس کے ساتھ آخری نمبر پر موجود ٹیم کے شائقین کو پاکستانیوں کی خوشی برداشت نہیں ہوئی اور ایک شخص کے بدتمیزی کرنے پر اسے روکنے کے بجائے وہاں موجود دیگر افغانی بھی مذکورہ شخص کو مارنے لگے۔

    متعدد افغان شائقین نے پاکستانی پر لاٹھی اور گھونسوں کی بارش کردی، مقامی افراد اور پاکستانیوں کی دخل اندازی پر پاکستانی کو چھوڑا گیا۔

    اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری وہاں پہنچ گئی جبکہ اسٹیڈیم کے باہر اسکرینیں بند کرنے کا بھی فیصلہ کرلیا گیا۔

  • ورلڈ کپ 2019: جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی

    ورلڈ کپ 2019: جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی

    چیسٹرلی اسٹریٹ: ورلڈ کپ 2019 کے 35ویں میچ میں جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو باآسانی شکست دے دی، فاف ڈوپلیسی اور ہاشم آملہ نے ناقابل شکست نصف سنچریاں اسکور کیں۔

    تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ 2019 کے اہم میچ میں جنوبی افریقہ کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر ورلڈ کپ سے باہر کردیا، سری لنکا کی جانب سے دیا جانے والا 204 رنز کا ہدف جنوبی افریقہ نے 37.2 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

    کوئن ٹن ڈی کاک 15 رنز بنا کر لیستھ ملنگا کی گیند پر بولڈ ہوئے جس کے بعد سری لنکن بولرز جنوبی افریقہ کے سامنے بے بس نظر آئے اور کپتان فاف ڈوپلیسی نے 96 اور ہاشم آملہ نے 80 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

    سری لنکا کے لیستھ ملنگا صرف واحد وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوسکے۔

    جنوبی افریقہ کے ڈیوئن پریٹوریز کو تین وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    اس سے قبل چیسٹرلی اسٹریٹ میں کھیلے جانے والے میچ میں سری لنکا کی ٹیم 47 اوورز میں 203 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 204 رنز کا ہدف دیا، پریٹوریز نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    جنوبی افریقہ کے کپتان فاف ڈوپلیسی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا اور اننگز شروع ہوتے ہی ربادا کی پہلی گیند پر سری لنکن کپتان کرونارتنے بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

    سری لنکا کی دوسری وکٹ 67 رنز پر گری جب کسل پریرا 30 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، اویشکا فرنینڈو بھی 30 رنز پر ہمت ہار گئے، مینڈس 23 رنز بنا کر پریٹوریز کا نشانہ بنے۔

    اینجلیو میتھیوز صرف 11 رنز بنا کر کرس مورس کی گیند پر بولڈ ہوئے، ڈی سلوا کو ڈومینی نے پویلین روانہ کیا، جیون مینڈس 18 رنز بنا کر مورس کو وکٹ دے بیٹھے۔

    تھسارا پریرا بھی ٹیم کے اسکور میں خاطر خواہ اضافہ نہ کرسکے اور 21 رنز بنا کر فلک وائیو کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

    جنوبی افریقہ کے پریٹوریزاور کرس مورس نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ ربادا، جے پی ڈومینی اور فلک وائیو نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

     آئی سی سی ورلڈ کپ کے 35 ویں میچ میں آج سری لنکا اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہیں۔

    سری لنکا کی ٹیم میگا ایونٹ میں اب تک 6 میچز کھیل چکی ہے جس میں سے 2 میچز میں انہیں کامیابی حاصل ہوئی، 2 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا اور 2 میچز بارش کی نذر ہوگئے۔ اس طرح سری لنکن ٹیم 6 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر ساتویں نمبر پر ہے۔

    دوسری جانب جنوبی افریقہ کی ٹیم اب تک 7 میچز کھیل چکی ہے جس میں سے صرف 1 میچ جیتنے اور ایک 1 بارش کی نذر ہونے کے باعث پوائنٹس ٹیبل پر 3 پوائنٹس کے ساتھ نویں نمبر پر ہے۔

    اسکواڈ

    آج کے میچ کے لیے سری لنکا کی ٹیم میں دیموت کرونارتنے (کپتان)، کشال پریرا، ایوشکا فرنینڈو، کشال مینڈس، اینجلو میتھیوز، جیون مینڈس، دھننجایا ڈی سلوا، تشارا پریرا، اسورو ادانا، لستھ ملنگا، اور سرنگا لکمل شامل ہیں۔

    جنوبی افریقہ کی ٹیم میں فاف ڈوپلیسی (کپتان)، کوانٹن ڈی کوک، ہاشم آملہ، ایڈن مارکرم، ریسی ون، جے پی ڈومنی، اینڈل پھلکاویو، ڈوائن پریٹورس، کرس مورس، کگسو ربادا اور عمران طاہر شامل ہیں۔

  • افغانستان کے خلاف اچھا کھیل کر کامیاب ہوں گے: حارث سہیل

    افغانستان کے خلاف اچھا کھیل کر کامیاب ہوں گے: حارث سہیل

    لندن: قومی کرکٹ ٹیم کے بلے باز ، حارث سہیل نے کہا ہے کہ افغانستان کے خلاف اچھا کھیل کر کامیاب ہوں گے.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے لیڈز گراؤنڈ میں پریکٹس سیشن کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا.

    حارث سہیل نے کہا کہ افغان اسپنرز بہت اچھا کھیل رہے ہیں، امید ہے، پاکستان افغانستان کا میچ بہت اچھا ہوگا، افغانی کھلاڑیوں کو کھیلتے ہوئے دیکھا ہے، ہم کل کےمیچ کے لئے بھرپور تیاری کر رہے ہیں.

    جنوبی افریقا کے خلاف مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے والے بیٹسمین نے کہا کہ میں کبھی پرفارمنس کی بنیاد پر ٹیم سے باہر نہیں ہوا، فٹنس مسائل رہے ان پر اب قابو پالیا ہے.

    مزید پڑھیں: اگلے میچ میں پاکستان کی جیت کے چانسز ہیں لیکن افغانستان کو آسان نہ سمجھیں، وسیم اکرم

    انھوں نے کہا کہ مورال بلند کرنے کے لئے ایک اچھی جیت چاہیے ہوتی ہے، ہمیں دوسری ٹیموں کی جیت ہار سے غرض نہیں ہمارا فوکس اپنے میچز پر ہے.

    خیال ہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ 2019 میں کل پاکستان اورافغانستان مد مقابل ہوں گے، قومی ٹیم نے لیڈز کرکٹ گراؤنڈ میں بھرپور پریکٹس کی.

    سیمی فائنل میں رسائی کا امکان زندہ رکھنے کے لیے پاکستان کو افغانستان اور بنگلا دیش سے اپنے میچز جیتنے ہوں گے.

  • اگلے میچ میں پاکستان کی جیت کے چانسز ہیں لیکن افغانستان کو آسان نہ سمجھیں، وسیم اکرم

    اگلے میچ میں پاکستان کی جیت کے چانسز ہیں لیکن افغانستان کو آسان نہ سمجھیں، وسیم اکرم

    لندن: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کرنا پڑے گی، عوام کی آنکھوں میں خوشی دیکھ کر بہت اچھا لگا۔

    تفصیلات کے مطابق ایک انٹرویو کے دوران وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ اگلے میچ میں پاکستان کی جیت کے چانسز ہیں لیکن افغانستان اور بنگلادیش کو آسان نہ سمجھیں، قومی ٹیم سیمی فائنل کھیلے کے لیے افغانستان اور بنگلادیش کے خلاف میچز جیتنا ضروری ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے کے چانسز ہیں اس لیے آئندہ میچز میں جیت کے لیے میدان میں اتریں، افغانستان کے پاس کھونے کو کچھ نہیں ہے جبکہ بنگلہ دیش بھی خطرناک ٹیم ہے، اس لیے دونوں ٹیموں کے خلاف جیت ضروری ہے۔

    وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کرنا پڑے گی، ٹیم پہلی گیند سے ہی گیم پر کنٹرول رکھے ہوئے تھی اور کھلاڑی صبح سے ہی مطمئن اور پراعتماد اور خوش لگ رہے تھے، پاکستان کی جیت کا جشن دیکھ کر لگ رہا ہے کہ برمنگھم نہیں لاہور میں بیٹھے ہیں، شائقین کا جوش دیکھ کر رونگٹے کھڑے ہوجاتے ہیں، آج عوام کی آنکھوں میں خوشی دیکھ کر بہت اچھا لگا، سارے پاکستانی باہر نکل کر جشن منارہے ہوں گے۔

    ورلڈ کپ 2019، پاک افغان میچ کون جیتے گا؟ وزیر خارجہ کا دل چسپ تبصرہ

    سابق کرکٹر وسیم اکرم نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان ٹیم ٹاس ہاری لیکن ہمت نہیں ہاری، عامر نے آتے ہی وکٹ لی، پھر شاہین نے زبردست اسپیل کیا، وہ بھرپور انداز میں واپس آچکا ہے، کپتان نے وکٹوں کے پیچھے شاندار کیچز لیے، محمد حفیظ تجربہ کار بیٹسمین ہیں، پارٹ ٹائم بولر کو آتے ہی چھکے چوکے نہیں مارنا چاہیں۔

    شاہین شاہ آفریدی کی شاندار کاکردگی پر وسیم اکرم نے کہا کہ شاہین آفریدی نئے گیند سے وکٹ لینے والا بولر ہے، اسے تسلسل سے کھلائیں، یہ پاکستان کا مستقبل ہے۔

  • بھرپور کم بیک پر وزیر اعظم کی قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد

    بھرپور کم بیک پر وزیر اعظم کی قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے قومی کرکٹ ٹیم کو ورلڈ کپ 2019 میں نیوزی لینڈ کے خلاف شان دار کام یابی حاصل کر کے بھرپور کم بیک کرنے پر مبارک باد دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے ٹویٹ کرتے ہوئے ورلڈ کپ میں زبردست واپسی پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارک باد دی۔

    وزیر اعظم نے میچ میں بابر اعظم، حارث سہیل اور شاہین آفریدی کی جانب سے بہترین کارکردگی دکھانے پر انھیں خصوصی مبارک باد دی، کہا مبارک باد خصوصی طور پر ان تین کھلاڑیوں کو جاتی ہے جنھوں نے شان دار کارکردگی دکھائی۔

    خیال رہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے 33 ویں میچ میں شاہینوں نے نا قابل شکست کیویز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی ہے، بابر اعظم کو شان دار سنچری اسکور کرنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  ورلڈ کپ 2019: بابر اعظم کی شاندار سنچری، شاہینوں نے ناقابل شکست کیویز کو جھپٹ لیا

    میچ میں حارث سہیل نے بھی 68 رنز بنائے جس نے پاکستان کی فتح میں نمایاں حصہ ڈالا، جب کہ بولنگ میں شاہین شاہ آفریدی نے 3 کیوی کھلاڑیوں کا شکار کیا۔

    پاکستان کی ورلڈ کپ میں 7 میچز کھیلے ہیں جن میں تین میں کامیابی تین میں ناکامی اور ایک میچ بارش کی نذر ہوا ہے، گرین شرٹس کے 7 پوائنٹس ہیں۔

    قومی ٹیم ورلڈ کپ میں اپنا اگلا میچ 29 جون بروز ہفتے کو افغانستان کے خلاف کھیلے گی۔

  • وکٹ آسان نہیں تھی، بابراعظم اور حارث سہیل نے شاندار بیٹنگ کی، سرفراز احمد

    وکٹ آسان نہیں تھی، بابراعظم اور حارث سہیل نے شاندار بیٹنگ کی، سرفراز احمد

    برمنگھم: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ برمنگھم کی وکٹ پر 238 کا ہدف آسان نہیں تھا، بابر اعظم اور حارث سہیل نے شاندار بیٹنگ کی۔

    تفصیلات کے مطابق برمنگھم کے میدان میں کیویز کو ڈھیر کرنے کے بعد سرفراز احمد نے رمیز راجا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پوری ٹیم نے جیت کے لیے بہت محنت کی تھی، فیلڈنگ اچھی ہوئی اور شاہین شاہ آفریدی نے اچھی بولنگ کی۔

    سرفراز احمد نے کہا کہ بابر اعظم اور حارث سہیل نے شاندار بیٹنگ کی ان دونوں کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے، آنے والے میچز میں بھی جیت کا تسلسل برقرار رکھیں گے۔

    دوسری جانب مین آف دی میچ بابر اعظم کا کہنا تھا کہ وکٹ مشکل تھی لیکن اطمینان سے کھیلتا رہا، اسپنر سینٹنر کو آرام سے کھیلنے کا پلان کیا تھا۔

    مزید پڑھیں: ورلڈ کپ 2019: بابر اعظم کی شاندار سنچری، شاہینوں نے ناقابل شکست کیویز کو جھپٹ لیا

    بابر اعظم کا کہنا تھا کہ برمنگھم کے میدان میں تماشائیوں نے بہت سپورٹ کیا جس پر ان کے شکر گزار ہیں۔

    قومی ٹیم کو اس شاندار کامیابی پر سوشل میڈیا پر سابق کھلاڑیوں شاہد آفریدی، شعیب اختر، اظہر علی ودیگر نے مبارک باد پیش کی ہے۔

    واضح رہے کہ قومی ٹیم اپنا اگلا میچ 29 جون بروز ہفتے کو افغانستان کے خلاف کھیلے گی، اس کے بعد قومی ٹیم بنگال ٹائیگر سے ٹکرائے گی۔

    پاکستان کی ورلڈ کپ میں 7 میچز کھیلے ہیں جن میں تین میں کامیابی تین میں ناکامی اور ایک میچ بارش کی نذر ہوا ہے، گرین شرٹس کے 7 پوائنٹس ہیں۔

  • ورلڈ کپ 2019: بابر اعظم کی شاندار سنچری، شاہینوں نے ناقابل شکست کیویز کو جھپٹ لیا

    ورلڈ کپ 2019: بابر اعظم کی شاندار سنچری، شاہینوں نے ناقابل شکست کیویز کو جھپٹ لیا

    برمنگھم: کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے 33ویں میچ میں شاہینوں نے ناقابل شکست کیویز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی، بابر اعظم کو شاندار سنچری اسکور کرنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایجبستن میں کھیلے جانے والے میچ میں نیوزی لینڈ کی جانب سے دئیے جانے والے 238 رنز کا ہدف قومی ٹیم نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 49.1 اوورز میں حاصل کرلیا، بابر اعظم نے شاندار سنچری اسکور کی۔

    پاکستان نے اننگز کا آغاز کیا تو اوپنر فخر زمان 9 رنز بنا کر بولٹ کا نشانہ بنے، امام الحق 19 رنز بنا کر فرگوسن کی باؤنسر پر گپٹل کو کیچ دے بیٹھے۔

    سینئر آل راؤنڈر محمد حفیظ ورلڈ کپ میں تیسری مرتبہ پارٹ ٹائم بولر کو وکٹ دے بیٹھے اور 32 رنز بنا کر کین ولیم سن کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

    بابر اعظم نے ناقابل شکست 101 رنز کی اننگز کھیلی، حارث سہیل 68 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، کپتان سرفراز احمد نے وننگ شاٹ کھیلتے ہوئے 5 رنز بنائے۔

    نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ، لوکی فرگوسن اور کپتان کین ولیم سن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    پاکستان کی ورلڈ کپ میں 7 میچز کھیلے ہیں جن میں تین میں کامیابی تین میں ناکامی اور ایک میچ بارش کی نذر ہوا ہے، گرین شرٹس کے 7 پوائنٹس ہیں۔

    قومی ٹیم ورلڈ کپ میں اپنا اگلا میچ 29 جون بروز ہفتے کو افغانستان کے خلاف کھیلے گی۔

    اس سے قبل ایجبسٹن میں کھیلے جانے والے میچ میں نیوزی لینڈ نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 237 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 238 رنز کا ہدف دیا تھا، نیشم اور گرینڈ ہوم نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔

    کین ولیم سن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہیں ہوا اور ابتدائی دو وکٹیں 24 رنز پر گر گئیں، نیوزی لینڈ کی آدھی ٹیم 83 رنز پر پویلین لوٹ چکی تھی۔

    نیشم اور گرینڈ ہوم نے نیوزی لینڈ کی بیٹنگ کا سہارا دیا، جمی نیشم نے 97 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور کولن ڈی گرینڈ ہوم نے 64 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    مارٹن گپٹل کو محمد عامر نے اپنے ہی اوور میں پویلین بھیج دیا، کولن منرو 12، روس ٹیلر 3 اور ٹام لیتھم 1 رن بنا کر شاہین شاہ آفریدی کا نشانہ بنے۔

    کیوی کپتان کین ولیم سن کو لیگ اسپنر شاداب خان 41 رنز پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔

    شاہین شاہ آفریدی نے تین کھلاڑیوں خو پویلین کی راہ دکھائی، شاداب خان اور محمد عامر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل ورلڈ کپ 2019 میں آج پاکستان اور نیوزی لینڈ برمنگھم میں آمنے سامنے ہیں۔ بارش کے باعث ٹاس تاخیر کا شکار ہوا۔ 3 بجے ہونے والے ٹاس میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کا کہنا تھا کہ اچھی بیٹنگ کرنے کی کوشش کریں گے، پچ اچھی لگ رہی ہے، کنڈیشن مختلف ہیں۔ پاکستانی ٹیم اچھی ہے، میچ میں شراکت بنانا اہم ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اپنی کارکردگی کو برقرار رکھنے کی کوشش کروں گا۔

    قومی کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ کیچ پکڑنے اور فیلڈنگ کے لیے بہت محنت کی ہے۔ ہم بھی پہلے بیٹنگ کرنا چاہتے تھے، نیوزی لینڈ کو کم رنز پر روکیں گے اور ہدف کا تعاقب کریں گے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیم پرفارمنس نے جتوایا۔

    سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ٹیم کچھ بھی کر سکتی ہے۔ امید ہے اب تمام میچز جیتیں اور سیمی فائنل میں جگہ بنائیں۔ ہمارے بولرز اچھی فارم میں ہیں، امید ہے اچھا کھیلیں گے۔

    اسکواڈ

    آج کے میچ کے لیے قومی ٹیم میں سرفراز احمد (کپتان)، امام الحق، فخر زمان، بابر اعظم، محمد حفیظ، حارث سہیل، عماد وسیم، وہاب ریاض، شاداب خان، محمد عامر اور شاہین آفریدی شامل ہیں۔

    نیوزی لینڈ کی ٹیم میں کین ولیمسن (کپتان)، مارٹن گپٹل، کولن منرو، روس ٹیلر، ٹام لیتھم، جیمز نیشام، کولن گرینڈ ہوم، مچل سینٹنر، میٹ ہنر، لوکی فرگوسن اور ٹرینٹ بولٹ شامل ہیں۔

    اب تک پاکستان ٹیم نے ورلڈ کپ میں 6 میچز کھیلے ہیں جس میں سے 2 میچز جیتے، 3 میں شکست ہوئی اور ایک میچ بارش کی نذر ہوا۔ پوائنٹس ٹیبل پر قومی ٹیم کے 5 پوائنٹس ہیں۔

    دوسری جانب نیوزی لینڈ کی ٹیم میگا ایونٹ کی ناقابل شکست ٹیم ہے اور اس نے پوائنٹس ٹیبل پر 11 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کر رکھی ہے۔

    قومی ٹیم کے لیے یہ میچ نہایت اہم ہے، ورلڈ کپ کا سیمی فائنل کھیلنا ہے تو آج نیوزی لینڈ کو چت کرنا ہوگا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق میگا ایونٹ کی ناقابل شکست ٹیم کو ہرانا ہے تو کیوی کپتان ولیمسن اور تجربہ کار بلے باز راس ٹیلر کو جلدی آؤٹ کرنا ہوگا۔

    کیوی کپتان کین ولیمسن ایونٹ میں 187 کی اوسط سے 373 رنز بنا چکے ہیں۔

    اس سے قبل دونوں ٹیمیں ورلڈ کپ میں 8 بار مدمقابل آچکی ہیں جن میں سے پاکستان نے 6 اور نیوزی لینڈ نے صرف 2 میچز میں کامیابی حاصل کی ہے۔ نیوزی لینڈ کے بعد قومی ٹیم کو بنگلہ دیش اور افغانستان کا چیلنج درپیش ہوگا۔

  • ورلڈ کپ 2019: انگلینڈ‌ کو 64 رنز سے شکست، کینگروز کی سیمی فائنل میں‌ رسائی

    ورلڈ کپ 2019: انگلینڈ‌ کو 64 رنز سے شکست، کینگروز کی سیمی فائنل میں‌ رسائی

    لندن: ورلڈ کپ 2019 کے 32ویں میچ میں آسٹریلیا نے میزبان انگلینڈ کو 64 رنز سے شکست دے دی، کپتان ایرون فنچ کو شاندار سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لارڈز میں کھیلے جانے والے میچ میں آسٹریلیا کی جانب سے دئیے جانے والے 286 رنز کے تعاقب میں انگلش ٹیم 9 221 رنز پر ڈھیر ہوگئی، بین اسٹوکس کے 89 رنز بھی انگلینڈ کو شکست سے بچاسکے۔

    ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم کی ابتدائی دو وکٹیں جلد گر گئیں، جیمز ونس بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے جبکہ جو روٹ کو مچل اسٹارک نے 8 رنز پر پویلین بھیج دیا۔

    جونی بریسٹو نے 28 رنز کی اننگز کھیلی، کپتان اوئن مورگن صرف 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، بٹلر 25 اور معین علی 6 رنز پر ہمت ہار گئے۔

    بین اسٹوکس کی 89 رنز کی اننگز رائیگاں گئی، کرس ووکس 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، عادل رشید 25 رنزبنا کر ناقابل شکست رہے.

    آسٹریلیا کے بھینڈروف نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، مچل اسٹارک نے بھی تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، مارکس اسٹونس کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

    اس سے قبل لارڈز میں کھیلے جانے والے میچ میں کینگروز نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 285 رنز بنائے اور انگلش ٹیم کو جیت کے لیے 286 رنز کا ہدف دیا تھا، کرس ووکس نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

    آسٹریلوی اوپنر نے اننگز کا آغاز کرتے ہوئے شاندار آغاز فراہم کیا، کینگروز کی پہلی وکٹ 123 رنز پر گری جب ڈیوڈ وارنر 53 رنز بنا کر معین علی کی گیند پر جو روٹ کو کیچ دے بیٹھے۔

    عثمان خواجہ 23 رنز بنا کر بین اسٹوکس کا شکار بنے، گلین میکسویل آج پھر ناکام ثابت ہوئے اور صرف 12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، اسٹیو اسمتھ نے 38 رنز کی اننگز کھیلی۔

    مارک اسٹونس 8 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، کینگروز کپتان ایرون نچ نے شاندار سنچری اسکور کی، پیٹ کمنز ایک رن بنا کر ووکس کا شکار بنے۔

    وکٹ کیپر بلے باز الیکس کیری 38 اور فاسٹ بولر مچل اسٹارک 4 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

    انگلینڈ کے کرس ووکس نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جوفرا آرچر، مارک ووڈ، بین اسٹوکس اور معین علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل ورلڈ کپ 2019 میں آج انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں لارڈز کے میدان میں آمنے سامنے ہیں۔ لارڈز میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے اور میچ بارش کی نذر ہونے کا امکان ہے۔

    اگر میچ بارش کی نذر ہوگیا تو اس کا فائدہ پاکستان کو ہوگا۔ بارش کے باعث میچ نہ ہونے کی صورت میں انگلینڈ کو اپنے بقیہ دونوں میچز جیتنا ہوں گے ورنہ اس کے سیمی فائنل تک پہنچنے کے امکانات معدوم ہوسکتے ہیں۔

    آسٹریلیا ایونٹ میں اب تک 6 میچز کھیل چکی ہے اور ایک میچ میں شکست کے بعد گینگروز 10 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹ اسکورننگ ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہیں۔

    میزبان انگلینڈ نے میگا ایونٹ میں اب تک 6 میچز کھیلے ہیں اور 2 میچز میں شکست کے بعد 8 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر چوتھے نمبر پر موجود ہے۔

    اسکواڈ

    آج کے میچ کے لیے انگلینڈ کی ٹیم میں آئن مورگن (کپتان)، جونی برسٹو، جیمز ونس، جو روٹ، بین اسٹوکس، جوز بٹلر، معین علی، کرس ووکس، عادل رشید، جوفرا آرچر اور مارک ووڈ شامل ہیں۔

    آسٹریلوی ٹیم میں ایرون فنچ (کپتان)، ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، اسٹیون اسمتھ، گلین میکس ویل، الکس کرے، جیسن بہرنڈورف، پیٹ کمنز، مچل اسٹارک اور نیتھن لیون شامل ہیں۔

  • ورلڈ کپ 2019: کس ٹیم نے کتنے کیچز ڈراپ کیے؟

    ورلڈ کپ 2019: کس ٹیم نے کتنے کیچز ڈراپ کیے؟

    کراچی: کرکٹ میں ایک محاورہ ہے کیچز ون میچز اور یہ بالکل صحیح بھی ہے جو ٹیم مشکل کیچ پکڑلیتی ہے اس کی جیت یقینی ہوجاتی ہے اور جو ٹیم میچ میں گرا دے تو کہا جاتا ہے میچ گرا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ 2019 میں شریک تمام ٹیموں میں سے کس ٹیم نے کتنے کیچ چھوڑے، فہرست کے مطابق پاکستان نے سب سے زیادہ کیچز چھوڑے ہیں۔

    پوائنٹس ٹیبل پر چھٹے پانچویں نمبر پر موجود سری لنکا نے اپنے میچز میں 3 کیچ ڈراپ کیے، پوائنٹس ٹیبل پر سب سے آخری ٹیم افغانستان نے دو کیچز ڈراپ کیے۔

    اسی طرح روایتی حریف بھارت کی ٹیم نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف ایک کیچ چھوڑا ہے، جبکہ آسٹریلیا اور بنگلہ دیش نے چار، چار کیچز چھوڑے ہیں۔

    مزید پڑھیں: میچ میں بہت کیچز چھوڑے، سرفراز کا اعتراف

    میزبان انگلینڈ پاکستان کے بعد سب سے زیادہ 12 کیچز گرائے ہیں، ورلڈ کپ 2019 کی اب تک کی ناقابل شکست ٹیم نیوزی لینڈ نے 9 کیچز چھوڑے ہیں۔

    ورلڈ کپ سے باہر ہونے والی جنوبی افریقہ کی ٹیم نے بھی 8 کیچز ڈراپ کیے ہیں، کالی آندھی کے نام سے مشہور ویسٹ انڈین ٹیم نے 6 کیچز گرائے ہیں۔

    ورلڈ کپ 2019 میں اب تک کے سب سے زیادہ پاکستان نے کیچز ڈراپ کیے ہیں، پاکستان نے مجموعی طور پر 14 کیچز ڈراپ کیے ہیں۔

    واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف کامیابی کے بعد سرفراز احمد نے کہا تھا کہ ہم نے بہت کیچز چھوڑے ہیں فیلڈنگ میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔