Tag: ورلڈ کپ

  • ورلڈ کپ 2019، پاک افغان میچ کون جیتے گا؟ وزیر خارجہ کا دل چسپ تبصرہ

    ورلڈ کپ 2019، پاک افغان میچ کون جیتے گا؟ وزیر خارجہ کا دل چسپ تبصرہ

    اسلام آباد: پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا ورلڈ‌ کپ 2019 میں پاکستان اور افغانستان کے میچ پر دل چسپ تبصرہ سامنے آگیا.

    تفصیلات کے مطابق افغان صدر اشرف غنی کی پاکستان آمد کے تناظر میں جب شاہ محمود قریشی سے پاک افغان میچ سے  متعلق سوال کیا گیا، تو انھوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کا میچ بڑا دلچسپ ہوگا.

    وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغان کھلاڑیوں نے پاکستان کے کیمپوں میں کرکٹ سیکھی، افغانستان کوپاکستان نے کرکٹ سے آشنا کیا.

    شاہ محمود قریشی نے امید ظاہر کی کہ میچ اسی ماحول میں ہوگا جیسے پاک افغان قیادت میں گفتگو ہوئی.

    انھوں نے کہا کہ میری دعا ہے کہ پاکستان افغانستان سے میچ جیتے، پاکستان نے ورلڈکپ میں دیرسے فتوحات کی شروعات کی، پاکستان نے ناقابل شکست نیوزی لینڈ کو ہرایا ہے.

    مزید پڑھیں: وزیرا عظم عمران خان اور افغان صدراشرف غنی کی ون آن ون ملاقات

    وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ قوم چاہتی ہے کہ قومی ٹیم باقی دونوں میچز جیتے، پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنےکےامکانات روشن ہیں.

    خیال رہے کہ پاکستان 29 جون کو افغانستان سے اہم میچ کھیلے گا. پاکستان کو سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے کے لیے افغانستان اور بنگلا دیش کو شکست دینی ہوگی، ساتھ ہی پاکستان کے سیمی میں‌پہنچنے کا انحصار دیگر ٹیموں کی کارکردگی پر بھی ہوگا.

  • ورلڈ کپ 2019: بابر اعظم کی شاندار سنچری، شاہینوں نے ناقابل شکست کیویز کو جھپٹ لیا

    ورلڈ کپ 2019: بابر اعظم کی شاندار سنچری، شاہینوں نے ناقابل شکست کیویز کو جھپٹ لیا

    برمنگھم: کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے 33ویں میچ میں شاہینوں نے ناقابل شکست کیویز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی، بابر اعظم کو شاندار سنچری اسکور کرنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایجبستن میں کھیلے جانے والے میچ میں نیوزی لینڈ کی جانب سے دئیے جانے والے 238 رنز کا ہدف قومی ٹیم نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 49.1 اوورز میں حاصل کرلیا، بابر اعظم نے شاندار سنچری اسکور کی۔

    پاکستان نے اننگز کا آغاز کیا تو اوپنر فخر زمان 9 رنز بنا کر بولٹ کا نشانہ بنے، امام الحق 19 رنز بنا کر فرگوسن کی باؤنسر پر گپٹل کو کیچ دے بیٹھے۔

    سینئر آل راؤنڈر محمد حفیظ ورلڈ کپ میں تیسری مرتبہ پارٹ ٹائم بولر کو وکٹ دے بیٹھے اور 32 رنز بنا کر کین ولیم سن کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

    بابر اعظم نے ناقابل شکست 101 رنز کی اننگز کھیلی، حارث سہیل 68 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، کپتان سرفراز احمد نے وننگ شاٹ کھیلتے ہوئے 5 رنز بنائے۔

    نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ، لوکی فرگوسن اور کپتان کین ولیم سن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    پاکستان کی ورلڈ کپ میں 7 میچز کھیلے ہیں جن میں تین میں کامیابی تین میں ناکامی اور ایک میچ بارش کی نذر ہوا ہے، گرین شرٹس کے 7 پوائنٹس ہیں۔

    قومی ٹیم ورلڈ کپ میں اپنا اگلا میچ 29 جون بروز ہفتے کو افغانستان کے خلاف کھیلے گی۔

    اس سے قبل ایجبسٹن میں کھیلے جانے والے میچ میں نیوزی لینڈ نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 237 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 238 رنز کا ہدف دیا تھا، نیشم اور گرینڈ ہوم نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔

    کین ولیم سن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہیں ہوا اور ابتدائی دو وکٹیں 24 رنز پر گر گئیں، نیوزی لینڈ کی آدھی ٹیم 83 رنز پر پویلین لوٹ چکی تھی۔

    نیشم اور گرینڈ ہوم نے نیوزی لینڈ کی بیٹنگ کا سہارا دیا، جمی نیشم نے 97 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور کولن ڈی گرینڈ ہوم نے 64 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    مارٹن گپٹل کو محمد عامر نے اپنے ہی اوور میں پویلین بھیج دیا، کولن منرو 12، روس ٹیلر 3 اور ٹام لیتھم 1 رن بنا کر شاہین شاہ آفریدی کا نشانہ بنے۔

    کیوی کپتان کین ولیم سن کو لیگ اسپنر شاداب خان 41 رنز پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔

    شاہین شاہ آفریدی نے تین کھلاڑیوں خو پویلین کی راہ دکھائی، شاداب خان اور محمد عامر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل ورلڈ کپ 2019 میں آج پاکستان اور نیوزی لینڈ برمنگھم میں آمنے سامنے ہیں۔ بارش کے باعث ٹاس تاخیر کا شکار ہوا۔ 3 بجے ہونے والے ٹاس میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کا کہنا تھا کہ اچھی بیٹنگ کرنے کی کوشش کریں گے، پچ اچھی لگ رہی ہے، کنڈیشن مختلف ہیں۔ پاکستانی ٹیم اچھی ہے، میچ میں شراکت بنانا اہم ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اپنی کارکردگی کو برقرار رکھنے کی کوشش کروں گا۔

    قومی کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ کیچ پکڑنے اور فیلڈنگ کے لیے بہت محنت کی ہے۔ ہم بھی پہلے بیٹنگ کرنا چاہتے تھے، نیوزی لینڈ کو کم رنز پر روکیں گے اور ہدف کا تعاقب کریں گے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیم پرفارمنس نے جتوایا۔

    سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ٹیم کچھ بھی کر سکتی ہے۔ امید ہے اب تمام میچز جیتیں اور سیمی فائنل میں جگہ بنائیں۔ ہمارے بولرز اچھی فارم میں ہیں، امید ہے اچھا کھیلیں گے۔

    اسکواڈ

    آج کے میچ کے لیے قومی ٹیم میں سرفراز احمد (کپتان)، امام الحق، فخر زمان، بابر اعظم، محمد حفیظ، حارث سہیل، عماد وسیم، وہاب ریاض، شاداب خان، محمد عامر اور شاہین آفریدی شامل ہیں۔

    نیوزی لینڈ کی ٹیم میں کین ولیمسن (کپتان)، مارٹن گپٹل، کولن منرو، روس ٹیلر، ٹام لیتھم، جیمز نیشام، کولن گرینڈ ہوم، مچل سینٹنر، میٹ ہنر، لوکی فرگوسن اور ٹرینٹ بولٹ شامل ہیں۔

    اب تک پاکستان ٹیم نے ورلڈ کپ میں 6 میچز کھیلے ہیں جس میں سے 2 میچز جیتے، 3 میں شکست ہوئی اور ایک میچ بارش کی نذر ہوا۔ پوائنٹس ٹیبل پر قومی ٹیم کے 5 پوائنٹس ہیں۔

    دوسری جانب نیوزی لینڈ کی ٹیم میگا ایونٹ کی ناقابل شکست ٹیم ہے اور اس نے پوائنٹس ٹیبل پر 11 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کر رکھی ہے۔

    قومی ٹیم کے لیے یہ میچ نہایت اہم ہے، ورلڈ کپ کا سیمی فائنل کھیلنا ہے تو آج نیوزی لینڈ کو چت کرنا ہوگا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق میگا ایونٹ کی ناقابل شکست ٹیم کو ہرانا ہے تو کیوی کپتان ولیمسن اور تجربہ کار بلے باز راس ٹیلر کو جلدی آؤٹ کرنا ہوگا۔

    کیوی کپتان کین ولیمسن ایونٹ میں 187 کی اوسط سے 373 رنز بنا چکے ہیں۔

    اس سے قبل دونوں ٹیمیں ورلڈ کپ میں 8 بار مدمقابل آچکی ہیں جن میں سے پاکستان نے 6 اور نیوزی لینڈ نے صرف 2 میچز میں کامیابی حاصل کی ہے۔ نیوزی لینڈ کے بعد قومی ٹیم کو بنگلہ دیش اور افغانستان کا چیلنج درپیش ہوگا۔

  • ورلڈ کپ 2019: انگلینڈ‌ کو 64 رنز سے شکست، کینگروز کی سیمی فائنل میں‌ رسائی

    ورلڈ کپ 2019: انگلینڈ‌ کو 64 رنز سے شکست، کینگروز کی سیمی فائنل میں‌ رسائی

    لندن: ورلڈ کپ 2019 کے 32ویں میچ میں آسٹریلیا نے میزبان انگلینڈ کو 64 رنز سے شکست دے دی، کپتان ایرون فنچ کو شاندار سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لارڈز میں کھیلے جانے والے میچ میں آسٹریلیا کی جانب سے دئیے جانے والے 286 رنز کے تعاقب میں انگلش ٹیم 9 221 رنز پر ڈھیر ہوگئی، بین اسٹوکس کے 89 رنز بھی انگلینڈ کو شکست سے بچاسکے۔

    ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم کی ابتدائی دو وکٹیں جلد گر گئیں، جیمز ونس بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے جبکہ جو روٹ کو مچل اسٹارک نے 8 رنز پر پویلین بھیج دیا۔

    جونی بریسٹو نے 28 رنز کی اننگز کھیلی، کپتان اوئن مورگن صرف 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، بٹلر 25 اور معین علی 6 رنز پر ہمت ہار گئے۔

    بین اسٹوکس کی 89 رنز کی اننگز رائیگاں گئی، کرس ووکس 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، عادل رشید 25 رنزبنا کر ناقابل شکست رہے.

    آسٹریلیا کے بھینڈروف نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، مچل اسٹارک نے بھی تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، مارکس اسٹونس کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

    اس سے قبل لارڈز میں کھیلے جانے والے میچ میں کینگروز نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 285 رنز بنائے اور انگلش ٹیم کو جیت کے لیے 286 رنز کا ہدف دیا تھا، کرس ووکس نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

    آسٹریلوی اوپنر نے اننگز کا آغاز کرتے ہوئے شاندار آغاز فراہم کیا، کینگروز کی پہلی وکٹ 123 رنز پر گری جب ڈیوڈ وارنر 53 رنز بنا کر معین علی کی گیند پر جو روٹ کو کیچ دے بیٹھے۔

    عثمان خواجہ 23 رنز بنا کر بین اسٹوکس کا شکار بنے، گلین میکسویل آج پھر ناکام ثابت ہوئے اور صرف 12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، اسٹیو اسمتھ نے 38 رنز کی اننگز کھیلی۔

    مارک اسٹونس 8 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، کینگروز کپتان ایرون نچ نے شاندار سنچری اسکور کی، پیٹ کمنز ایک رن بنا کر ووکس کا شکار بنے۔

    وکٹ کیپر بلے باز الیکس کیری 38 اور فاسٹ بولر مچل اسٹارک 4 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

    انگلینڈ کے کرس ووکس نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جوفرا آرچر، مارک ووڈ، بین اسٹوکس اور معین علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل ورلڈ کپ 2019 میں آج انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں لارڈز کے میدان میں آمنے سامنے ہیں۔ لارڈز میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے اور میچ بارش کی نذر ہونے کا امکان ہے۔

    اگر میچ بارش کی نذر ہوگیا تو اس کا فائدہ پاکستان کو ہوگا۔ بارش کے باعث میچ نہ ہونے کی صورت میں انگلینڈ کو اپنے بقیہ دونوں میچز جیتنا ہوں گے ورنہ اس کے سیمی فائنل تک پہنچنے کے امکانات معدوم ہوسکتے ہیں۔

    آسٹریلیا ایونٹ میں اب تک 6 میچز کھیل چکی ہے اور ایک میچ میں شکست کے بعد گینگروز 10 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹ اسکورننگ ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہیں۔

    میزبان انگلینڈ نے میگا ایونٹ میں اب تک 6 میچز کھیلے ہیں اور 2 میچز میں شکست کے بعد 8 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر چوتھے نمبر پر موجود ہے۔

    اسکواڈ

    آج کے میچ کے لیے انگلینڈ کی ٹیم میں آئن مورگن (کپتان)، جونی برسٹو، جیمز ونس، جو روٹ، بین اسٹوکس، جوز بٹلر، معین علی، کرس ووکس، عادل رشید، جوفرا آرچر اور مارک ووڈ شامل ہیں۔

    آسٹریلوی ٹیم میں ایرون فنچ (کپتان)، ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، اسٹیون اسمتھ، گلین میکس ویل، الکس کرے، جیسن بہرنڈورف، پیٹ کمنز، مچل اسٹارک اور نیتھن لیون شامل ہیں۔

  • پاکستان کرکٹ ٹیم کی دو روز آرام کے بعد ایک بار پھر پریکٹس

    پاکستان کرکٹ ٹیم کی دو روز آرام کے بعد ایک بار پھر پریکٹس

    لندن: پاکستان کرکٹ ٹیم کا دو روز آرام کے بعد ایک بار پھر ٹریننگ سیشن شروع ہوگیا، جس میں فیلڈنگ اور بولنگ پر خصوصی توجہ دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ٹریننگ سیشن میں سب سے پہلے ٹیم اپنی فیلڈنگ بہتر کرنے کے لیے کوشاں ہے جس کے بعد بیٹنگ اور بولنگ کی پریکٹس شروع کردی گئی۔

    قومی ٹیم کے ٹریننگ سیشن کا سلسلہ تین روز تک جاری رہے گا جس کے بعد 23 جون کو جنوبی افریقا سے مقابلہ ہوگا۔

    قومی ٹیم کی فائنل فور تک رسائی پر سوالیہ نشان لگا ہوا ہے، ورلڈ کپ میں باقی رہ جانے والے چار میچوں میں جیت کے بعد بھی قومی ٹیم کو دوسری ٹیموں کے رزلٹ پر انحصار کرنا پڑے گا۔

    قومی ٹیم پر امید ہے کہ جنوبی افریقا سے مقابلے میں اچھے نتائج ملیں گے۔

    سرفراز کی کپتانی پر سب کو اعتماد ہے، ٹیم میں کوئی تفریق نہیں، محمد حفیظ

    واضح رہے کہ قومی ٹیم ورلڈ کپ میں صرف ایک میچ انگلینڈ کے خلاف جیت سکی ہے جبکہ ایک میچ بارش کی نذر ہوا، گرین شرٹس کو آسٹریلیا، بھارت اور ویسٹ انڈیز سے شکست ہوئی تھی۔

    خیال رہے کہ قومی ٹیم کو اپنا اگلا میچ جنوبی افریقہ کے خلاف 23 جون بروز اتوار کو کھیلنا ہے۔

  • ورلڈکپ کے بعد ہی ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا: پی سی بی

    ورلڈکپ کے بعد ہی ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا: پی سی بی

    لاہور: بھارت سے شکست کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کہا ہے کہ ورلڈکپ کے بعد ہی ٹیم کی کارکردگی کاجائزہ لیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ کپتان، سلیکٹرز اور کوچز کی کارکردگی کا جائزہ ورلڈ کپ کے بعد لیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق جلد بازی میں فیصلوں کے بارے میں سوچا بھی نہیں، پاکستان کی اگلی کمٹمنٹ ستمبر اکتوبر میں ہے، سوچ سمجھ کر فیصلے ہوں گے، میچ کی رات کسی کھلاڑی نے کرفیو ٹائم کی خلاف ورزی نہیں کی۔

    پی سی بی کا کہنا ہے کہ میچ کی رات سب ٹائم کے مطابق اپنے ہوٹل میں موجود تھے، کھلاڑی فیملیز کے ساتھ مینجمنٹ سے اجازت لے کرگئے، ٹورنامنٹ کے دوران کارکردگی کی بنیاد پر فیصلے نہیں ہوسکتے۔

    بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد ٹیم مینجمنٹ نے نئی حکمت عملی طے کرلی

    دوسری جانب ورلڈ کپ 2019 کے میچ میں بھارت کے ہاتھوں 89 رنز سے شکست کے بعد ٹیم مینجمنٹ نے نئی حکمت عملی طے کرلی ہے، ذہنی دباؤ دور کرنے کے لیے ٹیم مینجمنٹ کھلاڑیوں کو لے کر لندن پہنچ گئی۔

    یاد رہے کہ ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کو تین میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، گرین شرٹس کو ویسٹ انڈیز، آسٹریلیا اور بھارت کے ہاتھوں شکست ہوئی ہے، سری لنکا کے خلاف میچ بارش کی نذر ہوا تھا جبکہ انگلینڈ کو پاکستان نے شکست دی تھی۔

  • ورلڈ کپ 2019: بنگلہ دیش کی تاریخی فتح، ویسٹ انڈیزکو 7 وکٹوں سے ہرادیا

    ورلڈ کپ 2019: بنگلہ دیش کی تاریخی فتح، ویسٹ انڈیزکو 7 وکٹوں سے ہرادیا

    ٹاؤنٹن: ورلڈ کپ 2019 کے 23ویں میچ میں بنگلہ دیش نے ویسٹ انڈیز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی، شکیب الحسن کو شاندار سنچری اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ٹاؤنٹن میں کھیلے جانے والے میچ میں ویسٹ انڈیز کی جانب سے دیا جانے والا 322 رنز کا ہدف بنگلہ دیش نے 41.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، شکیب الحسن نے شاندار سنچری اور لٹن داس نے نصف سنچری اسکور کی۔

    بنگلہ دیشی اوپنرز نے جارحانہ انداز اپنایا اور ٹیم کو 51 رنز کا آغاز فراہم کیا، سومیا سرکار 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، تمیم اقبال 48 رنز کی اننگز کھیل کر رن آؤٹ ہوئے۔

    مشفیق الرحیم ایک رن بنا کر تھامس کا شکار بنے، 133 رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد شکیب الحسن اور لٹن داس کے درمیان عمدہ شراکت داری قائم ہوئی جو بنگلہ دیش کی فتح تک قائم رہی۔

    شکیب الحسن 124 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ لٹن داس نے 69 گیندوں پر 94 رنز کی اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 4 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے۔

    ویسٹ انڈین بولر بنگلہ دیشی بلے بازوں کے آگے بے بس نظر آئے، آندرے رسل اور تھامس کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آسکی۔

    واضح رہے کہ بنگلہ دیش کی ورلڈ کپ 2019 میں یہ دوسری کامیابی ہے اس سے قبل بنگلہ دیش نے جنوبی افریقا کو شکست دی تھی۔

    اس سے قبل ٹاؤنٹن میں کھیلے جانے والے میچ میں ویسٹ نے انڈیز نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 321 رنز بنائے اور بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 322 رنز کا ہدف دیا، محمد سیف الدین اور مستفیض الرحمان نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔

    کرس گیل کو بغیر کوئی رن بنائے پویلین بھیجنے کے باوجود بنگلہ دیشی بولرز ویسٹ انڈیز کو بڑا ہدف دینے سے نہیں روک سکے، ایون لوئس نے 70 اور شائے ہوپ نے 96 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

    پورن 25 اور شیمرون ہیٹ میئر نے 50 رنز بنائے، آندرے رسل بھی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، کپتان جیسن ہولڈر نے 15 گیندوں پر 33 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، ڈیرن براؤو 19 رنز بناسکے۔

    بنگلہ دیش کے محمد سیف الدین اور مستفیض الرحمان نے تین، تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، شکیب الحسن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

    اس سے قبل  آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 میں آج بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں مدمقابل ہیں، بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    پوائنٹس ٹیبل پر دونوں ٹیمیں یکساں پوزیشن پر ہیں۔ دونوں ٹیموں نے 4 میچز کھیلے جن میں سے صرف ایک میں فتح اور 2 میں شکست کھائی۔ دونوں ٹیموں کا ایک میچ منسوخ ہوا جس کے بعد دونوں ٹیموں کے پوائنٹس کی تعداد 3 ہے۔

    یاد رہے کہ رواں برس ہونے والے ورلڈ کپ کو بارش شدید متاثر کر رہی ہے۔ ورلڈ کپ 2019 سب سے زیادہ میچز منسوخ ہونے والا ورلڈ کپ بن گیا ہے۔

    بارش کے باعث میچز میں تاخیر اور مختصر اوورز کا کھیل بھی معمول کی بات بن گیا ہے۔ اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آنے والے کئی میچز بارش سے متاثر ہوسکتے ہیں، جبکہ مزید میچز کی منسوخی کا بھی خدشہ ہے۔

    رواں برس ہونے والے آئی سی سی ورلڈ کپ کے ایونٹ میں 48 میچز کھیلے جائیں گے۔ فائنل اور سیمی فائنل سے قبل تمام ٹیمیں 9، 9 میچز کھیلیں گی جن میں سے 4 ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی۔

    آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 کا فائنل 14 جولائی کو کھیلا جائے گا۔

  • سرفراز احمد نے وہی غلطی کی، جو کوہلی نے کی تھی: شعیب اختر کی کڑی تنقید

    سرفراز احمد نے وہی غلطی کی، جو کوہلی نے کی تھی: شعیب اختر کی کڑی تنقید

    لاہور: راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد پر برس پڑے.

    تفصیلات کے مطابق انڈیا سے شکست کے بعد سابق ٹیسٹ کرکٹر نے سرفراز احمد پر تنقید کے تیر برسا دیے.

    شعیب اختر نے کہا کہ ٹاس جیت کر بولنگ کرنا غلط فیصلہ تھا، ایسی ہی غلطی چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے کی تھی، جس کا نتیجہ پاکستان کی فاتح کی صورت میں سامنے آیا۔

    شعیب اختر نے کہا کہ میں سمجھنے سے قاصر ہوں کہ کس بنیاد پر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا گیا. پاکستان ہدف کے تعاقب میں ہمیشہ ہی کمزور رہا ہے.

    اسپیڈ اسٹار نے کہا کہ اگر ہدف کا تعاقب کرنا ہی تھا، تو پھر ایک بلے باز کو مزید کھلانا چاہیے تھا، حارث کو موقع ملنا چاہیے تھا.

    انھوں نے شعیب ملک کو بھی کڑی تنقید کا نشان بنایا، ساتھ ہی امام الحق کی تکنیک پر بھی سوالات کھڑے کر دیے.

    مزید پڑھیں: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کھلاڑیوں پر برس پڑے

    شعیب اختر نے کہا کہ ماضی میں بھی بھارت شکست ہوئی، مگر یہ شکست افسوس ناک تھی. انھوں نے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز کو ’ریلو کٹا‘ قرار دے دیا۔

    راولپنڈی ایکسپریس نے کہا کہ بیٹنگ کمزور ہے، یہ جانتے ہوئے بھی سرفراز نے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، یعنی کپتان کو کیا کرنا ہے اسے پتا نہیں۔

  • ورلڈ کپ 2019: انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں‌ سے باآسانی شکست دے دی

    ورلڈ کپ 2019: انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں‌ سے باآسانی شکست دے دی

    ساؤتھ ہمپٹن: ورلڈ کپ 2019 کے 19ویں میچ میں انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے دی، جو روٹ نے ناقابل شکست سنچری اسکور کی۔

    تفصیلات کے مطابق ساؤتھ ہمپٹن میں کھیلے جانے والے میچ میں انگلش ٹیم نے ویسٹ انڈیز کی جانب سے دیا جانے والا 213 رنز کا ہدف 33.1 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

    ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کے اوپنرز نے 95 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، جونی بریسٹو 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    جو روٹ نے ناقابل شکست 100 رنز کی اننگز کھیلی، کرس ووکس 40 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، فاسٹ بولر گیبرئیل کے علاوہ کوئی ویسٹ انڈین بولر وکٹ حاصل نہ کرسکا۔

    اس سے قبل ساؤتھ ہمپٹن میں کھیلے جانے والے میچ میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 44.4 اوورز میں 212 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور انگلینڈ کو جیت کے لیے 213 رنز کا ہدف دیا، جوفرا آرچر اور مارک ووڈ نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔

    ویسٹ انڈیز کی ٹیم ابتدا سے ہی مشکلات کا شکار رہی، ایون لوئس 4 رنز کے مجموعی اسکور پر 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، 36 رنز بنا کر کرس گیل بھی پلنکٹ کا شکار بنے۔

    شائے ہوپ 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، نکولس پورن نے 63 رنز کی شاندار اننگز کھیلی انہیں جوفرا آرچر نے بٹلر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا، ہیٹ میئر 39 رنز بنا کر جو روٹ کا نشانہ بنے۔

    آندرے رسل تیز کھیلنے کے چکر میں وکٹ گنوا بیٹھے، رسل نے 16 گیندوں پر 21 رنز بنائے، بریٹ ویتھ 14 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، کوٹریل اور گیبرئیل بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

    انگلینڈ کے جوفرا آرچر اور مارک ووڈ نے تین، تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جو روٹ نے دو وکٹیں حاصل کیں، کرس ووکس اور لیام پلنکٹ کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔

    اس سے قبل آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 میں آج انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز ساؤتھ ہمپٹن کے روز باؤل میدان میں مدمقابل ہیں۔ انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    ورلڈ کپ 2019 میں ویسٹ انڈیز اب تک 3 میچز کھیل چکا ہے جس میں سے اسے ایک میں جیت اور ایک میں شکست ہوئی جبکہ ایک میچ بارش کی نذر ہوا۔ انگلینڈ نے 3 میچز کھیلے جن میں سے 2 میں کامیابی اور ایک میں اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

    پوائنٹ اسکورنگ ٹیبل پر اس وقت انگلینڈ 4 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے جبکہ ویسٹ انڈیز 3 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔

    یاد رہے کہ رواں برس ہونے والے ورلڈ کپ کو بارش شدید متاثر کر رہی ہے۔ ورلڈ کپ 2019 سب سے زیادہ میچز منسوخ ہونے والا ورلڈ کپ بن گیا ہے۔

    بارش کے باعث میچز میں تاخیر اور مختصر اوورز کا کھیل بھی معمول کی بات بن گیا ہے۔ اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آنے والے کئی میچز بارش سے متاثر ہوسکتے ہیں، جبکہ مزید میچز کی منسوخی کا بھی خدشہ ہے۔

    گزشتہ روز بھارت اور نیوزی لینڈ کا میچ بھی بارش کی نذر ہوگیا اور اس ورلڈ کپ کا یہ چوتھا میچ ہے جو بارش کی وجہ سے منسوخ ہوا۔

  • ورلڈ کپ 2019: بھارت اور نیوزی لینڈ کا میچ بھی بارش کی نذر

    ورلڈ کپ 2019: بھارت اور نیوزی لینڈ کا میچ بھی بارش کی نذر

    ناٹنگھم: ورلڈ کپ 2019 میں آج کھیلا جانے والا بھارت اور نیوزی لینڈ کا میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ناٹنگھم میں بادل پھر برس پڑے، بھارت اور نیوزی لینڈ کا میچ بھی منسوخ کردیا گیا، بارش کے باعث ٹاس بھی نہیں ہوسکا، دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔

    نیوزی لینڈ کی پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن برقرار ہے، آسٹریلیا 6 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ بھارتی ٹیم 5 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر براجمان ہے۔

    واضح رہے کہ بارش کے باعث منسوخ ہونے والا یہ چوتھا میچ ہے، اس سے قبل پاکستان اور سری لنکا، بنگلہ دیش بمقابلہ سری لنکا، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کا میچ بھی بارش کی نذر ہوچکا ہے۔

    اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آنے والے کئی میچز بارش سے متاثر ہوسکتے ہیں، جب کہ مزید میچز کی منسوخی کا بھی خدشہ ہے.

    سوشل میڈیا پر بارش کو آئی سی سی ورلڈکپ کی گیارہویں ٹیم قرار دیا جارہا ہے، شائقین کو تشویش ہے کہ کہیں یہی ٹیم ورلڈ ٹرافی اپنے نام نہ کر لے.

    بارش سے ٹیموں کو نقصان ہورہا ہے، ڈک ورتھ لوئس قانون سے کمزورٹیم بھی فائدہ اٹھا سکتی ہے۔

  • امریکی خواتین سوکر ٹیم عالمی ریکارڈ بنانے کے باوجود مناسب معاوضوں سے محروم

    امریکی خواتین سوکر ٹیم عالمی ریکارڈ بنانے کے باوجود مناسب معاوضوں سے محروم

    امریکا کی خواتین سوکر ٹیم نے ورلڈ کپ میں ایک میچ میں 13 گول کر کے سوکر میچز کی تاریخ کا نیا ریکارڈ قائم کردیا، تاہم شاندار ریکارڈ بنانے کے باجود یہ ٹیم اپنے لیے جائز معاوضوں سے محروم ہے۔

    امریکا کی ویمن سوکر ٹیم نے رواں برس فرانس میں ہونے والے ورلڈ کپ میں شرکت کی جس میں تھائی لینڈ کے خلاف میچ میں انہوں نے 0-13 گولز سے نہ صرف میچ اپنے نام کیا بلکہ سوکر کی تاریخ کا انوکھا ریکارڈ بھی بنا دیا۔

    یہ ریکارڈ اس سے پہلے سوکر میں خواتین یا مردوں کی کوئی ٹیم نہیں بنا سکی۔

    تاہم اس قدر شاندار ریکارڈ بنانے کے باجوود یہ ٹیم اپنے جائز معاوضوں کے لیے عدالتوں کے چکر لگانے پر مجبور ہے۔

    رواں برس مارچ میں امریکی خواتین سوکر ٹیم نے یو ایس سوکر فیڈریشن پر مقدمہ دائر کرتے ہوئے اپنا معاوضہ مرد سوکر پلیئرز کے برابر کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

    عدالت میں جمع کروائی گئی درخواست میں 28 خواتین پلیئرز کا کہنا تھا کہ فیڈریشن کی جانب سے انہیں کہا گیا کہ ’کاروباری حقائق یہ ہیں کہ خواتین مردوں کے برابر معاوضے کی حقدار نہیں ہیں‘۔

    پلیئرز نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے مردوں کی ٹیم کے مقابلے میں زیادہ مقابلے کھیلے اور جیتے ہیں جبکہ ان کی وجہ سے فیڈریشن کے منافع میں بھی اضافہ ہوا، اس کے باوجود ان کے معاوضے مرد پلیئرز سے کم ہیں۔

    امریکا کی خواتین سوکر ٹیم نے اس سے قبل بھی کئی بار فیڈریشن سے یکساں معاوضوں کا مطالبہ کیا تھا تاہم ہر بار ان کا مطالبہ مسترد کردیا گیا۔

    اب اپنے پہلے ہی ورلڈ کپ میں تاریخ ساز ریکارڈ بنانے کے بعد سوشل میڈیا پر بھی لوگ ان کے ہم آواز ہوگئے، لوگوں نے مطالبہ شروع کردیا کہ ان پلیئرز کو ان کا جائز معاوضہ دیا جائے۔

    ٹیم کے مارچ میں دائر کیے گئے مقدمے کے دوران ڈیزائن کمپنی ایڈیڈس نے کہا تھا کہ ان کے اسپانسر کیے ہوئے وہ تمام کھلاڑی جو ویمن ورلڈ کپ 2019 میں اچھی کارکردگی دکھائیں گے انہیں مرد کھلاڑیوں کے برابر بونس دیا جائے گا۔

    تاہم اس کے باوجود مرد کھلاڑیوں کے برابر معاوضے کا سوال جوں کا توں اپنی جگہ برقرار ہے۔

    اس معاملے کی گونج وائٹ ہاؤس میں بھی سنائی دی جب ایک صحافی نے امریکی صدر ٹرمپ سے اس بارے میں سوال کیا۔ صدر ٹرمپ نے خواتین کی تاریخ ساز فتح پر خوشی کا اظہار تو کیا تاہم جب صحافی نے دریافت کیا کہ کیا ان خواتین کو مرد پلیئرز کے برابر معاوضہ دیا جانا چاہیئے؟ تو صدر ٹرمپ نے کہا، ’ہم اس بارے میں بعد میں بات کریں گے‘۔

    خواتین کا مردوں سے کم معاوضے کا مسئلہ صرف یہیں تک محدود نہیں، انٹرنیشنل فٹبال ایسوسی ایشن فیفا میں بھی اس حوالے سے بدترین صنفی تفریق موجود ہے جہاں مردوں کی 32 ٹیمز کو 40 کروڑ ڈالر ادا کیے جاتے ہیں، اس کے برعکس خواتین کی 24 ٹیمز کو صرف 3 کروڑ ڈالر دیے جاتے ہیں۔

    اب ورلڈ کپ کے میچ میں اس فتح کے بعد خواتین سوکر پلیئرز پرامید ہیں کہ اس بار وہ یہ مقدمہ ضرور جیتیں گی اور اپنا یکساں معاوضے کا حق حاصل کر کے رہیں گی۔