Tag: ورلڈ کپ اسکواڈ

  • کرکٹ ورلڈ کپ اسکواڈ کو حتمی شکل دینے کے حوالے سے اہم خبر

    کرکٹ ورلڈ کپ اسکواڈ کو حتمی شکل دینے کے حوالے سے اہم خبر

    اسلام آباد: ورلڈ کپ اسکواڈ کو حتمی شکل دینے کے لیے مکی آرتھر اور انضمام الحق آج پہلی ملاقات کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق 5 اکتوبر سے شروع ہونے والے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے لیے قومی ٹیم کا اسکواڈ منتخب کرنے کے سلسلے میں آج اہم ملاقات ہوگی۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر، چیف سلیکٹر انضمام الحق اور کپتان بابر اعظم ورلڈ کپ اسکواڈ سے متعلق مشاورت کریں گے، یہ مشاورت ملتان میں ہوگی۔

    ملاقات میں ابتدائی طور پر 30 نام فائنل کیے جائیں گے، جب کہ ورلڈ کپ اسکواڈ کو حتمی شکل دینے کی آخری تاریخ 28 ستمبر ہے۔

    مکی آرتھر نے سری لنکا میں پاکستانی اسکواڈ کو جوائن کرلیا

    واضح رہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ کا یہ 13 واں ایڈیشن ہوگا، جس کی میزبانی بھارت کر رہا ہے، اور یہ 5 اکتوبر سے 19 نومبر 2023 تک جاری رہے گا۔

  • ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل ہونے والے کھلاڑیوں کے ناموں پر مشاورت

    ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل ہونے والے کھلاڑیوں کے ناموں پر مشاورت

    پاکستان ٹیم کے تھنک ٹینک نے آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے لیے 12 سے 13 پلیئرز کے ناموں پر اتفاق کرلیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کا تھنک ٹینک نئے چیف سلیکٹر کی تعیناتی کا انتظار کررہا ہے، چیف سلیکٹر کی تعیناتی کے بعد قومی ٹیم کے اسکواڈ کو حتمی شکل دیدی جائے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ورلڈکپ کی ٹیم کے حوالے سے گرانٹ براڈ برن، مکی آرتھر، قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم اور حسن چیمہ میں ابتدائی مشاورت کرلی گئی ہے۔

    اطلاعات کے مطابق تھنک ٹینک نے بابر اعظم، فخر زمان، امام الحق، محمد رضوان، شاداب خان، حارث روف، نسیم شاہ، شاہین آفریدی اور آغا سلمان کے ناموں پر اتفاق کیا ہے۔

    ورلڈ کپ سے قبل افغانستان سیریز اور ایشیا کپ کے دوران اسکواڈ کو حتمی شکل دی جائے گی، ورلڈ کپ اسکواڈ کے لیے شان مسعود، عبداللہ شفیق، سرفراز احمد، سعود شکیل، محمد حارث اور طیب طاہر میں سے دو کھلاڑیوں کے نام فائنل کئے جائیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم کا حتمی فیصلہ چیف سلیکٹر کرے گا، نئے چیف سلیکٹر کی تقرری کے بعد تھنک ٹینک اپنی تجاویز ان کے سامنے رکھے گا۔

  • ورلڈ کپ اسکواڈ : عامر، آصف علی اور وہاب ریاض ٹیم کا حصہ

    ورلڈ کپ اسکواڈ : عامر، آصف علی اور وہاب ریاض ٹیم کا حصہ

    لاہور: چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا، محمد عامر، آصف علی اور وہاب ریاض ٹیم کا حصہ ہوں گے، چیف سلیکٹر نے کہا کہ آصف علی کوعابد علی پرپاور ہٹنگ کی وجہ سے فوقیت دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق مشن ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کی 15 رکنی ٹیم کو حتمی شکل دے دی گئی، پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ورلڈ کپ 2019 کے لیے سرفرازاحمد کی قیادت میں 15 رکنی قومی ٹیم کا اعلان کردیا۔

    چیف سلیکٹرنے نیوزکانفرنس میں کہا کہ فخر زمان، امام الحق، محمد حفیظ، بابر اعظم، سرفراز احمد، حارث سہیل، شعیب ملک، عماد وسیم، شاداب خان، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور محمد حسنین اسکواڈ میں شامل ہیں۔

    انضمام الحق نے کہا کہ انگلینڈ کے ساتھ جو سیریز ہوئی اس کے بعد قومی ٹیم میں بڑی تبدیلی کا فیصلہ کیا، وہاب ریاض، محمد عامر، آصف علی کو واپس لے لیا، شاداب کی ٹیم میں واپسی ہوئی، ڈاکٹروں نے شاداب کو کلیئر کر دیا ہے، تجربہ کار عامر اور وہاب کو ٹیم میں شامل کیا گیا، فاسٹ بالرز کو ون ڈے سیریز میں کارکردگی کے بعد شامل کیا گیا،

    انھوں نے کہا کہ عابد علی کو ٹیم میں شامل نہ کرنا ایک مشکل فیصلہ تھا، پاور ہٹنگ کی وجہ سے ان پر آصف علی کو فوقیت دی، وہاب ریاض کو ہم نے نظر انداز نہیں کیا تھا، انھوں نے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی دکھائی، 90 کی اسپیڈ جس کی نہیں ہے وہ بھی میچ میں کھیلتے ہیں، برطانوی کھلاڑی کو بھی ویسی مار پڑی ہے جیسے پاکستانی کو۔

    انضمام الحق کا کہنا تھا کہ فخر زمان اور امام الحق فارم میں ہیں، حسنین کو اتنا تجربہ نہیں لیکن اللہ کرے ورلڈ کپ میں اچھی پرفارمنس دیں، ان کے پاس اسپیڈ ہے، ٹیم کی ضرورت کے مطابق کوچ اور کپتان سے بات کی، بولنگ کے ساتھ فیلڈنگ کو بھی دیکھنا ہے۔

    چیف سلیکٹر نے کہا کہ جنید اور فہیم بھی اچھے بولر ہیں لیکن کنڈیشن میں تجربہ کار کھلاڑی چاہیے، آگے کیا ہوگا میں نہیں بتا سکتا، ٹیم نے انگلینڈ میں فائٹ کی کچھ چیزیں بری تو کچھ اچھی بھی ہیں، ہماری ٹیم ورلڈ کپ میں بہتر پرفارمنس دے گی۔

    انضام کا کہنا تھا کہ ٹیم پر زیادہ تنقید اچھی چیز نہیں، اچھا کھیلنے والوں کو بھی سراہنا چاہیے، شعیب اور حفیظ سینئر کرکٹرز ہیں اور تجربہ کار کھلاڑیوں کی ضرورت ہے، ہم 23 مئی تک ٹیم میں تبدیلی کر سکتے ہیں تو فائدہ کیوں نہ اٹھائیں، پاکستان ٹیم کو جس کی ضرورت ہے ہم نے وہ فیصلہ کیا ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ ہماری ینگ کھلاڑیوں کی ٹیم ہاری بھی ہے لیکن فتح بھی ملی ہے، رضوان، عابد اور فہیم کو انگلینڈٖ ہی میں روک رہے ہیں، اگر کسی کی ضرورت پڑے گی تو ہمارے پاس بیک اپ ہوگا۔

    چیف سلیکٹر کا کپتان کے متعلق کہنا تھا کہ سرفراز جتنا اوپر آ کر کھیلتے ہیں اتنی اچھی کارکردگی دیتے ہیں، سرفراز احمد کی کارکردگی انگلینڈ سے سیریز میں بہتر ہے۔

  • ورلڈ کپ اسکواڈ میں آصف علی اور محمد عامر کو شامل کرنے  کا فیصلہ

    ورلڈ کپ اسکواڈ میں آصف علی اور محمد عامر کو شامل کرنے کا فیصلہ

    لاہور : ورلڈ کپ اسکواڈ میں آصف علی اور محمد عامر کی شمولیت کا فیصلہ کرلیا گیا ، ہیڈ کوچ مکی آرتھر، کپتان سرفراز احمد اور چیف سلیکٹر انضمام الحق نے مشاورت مکمل کرلی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر، کپتان سرفراز احمد اور چیف سلیکٹر انضمام الحق کی ورلڈ کپ اسکواڈ کے لیے مشاورت مکمل ہوگئی ہے، سلیکٹرز نے جارح مزاج بلے باز آصف علی اور تجربہ کار فاسٹ بولر محمد عامر پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل فہیم اشرف اور اوپننگ بلے باز عابد علی کی جگہ محمد عامر اور آصف علی 15 رکنی ٹیم ورلڈکپ ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

    فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے 27سال کے آصف علی نے ساﺅتھیمپٹن کے دوسرے ون ڈے میں 36گیندوں پر 51اور برسٹل کے تیسرے ون ڈے میں 43گیندوں پر 52 رنز کی اننگز کھیل کر ورلڈ کپ اسکواڈ میں اپنی سیٹ کنفرم کروالی ہے۔

    دوسری جانب اس سال 13اپریل کو اپنی 27ویں سالگرہ منانے والے بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر محمد عامر جو چیچک کے باعث ان دنوں قومی ٹیم سے علیحدہ کر دیے گئے ہیں لندن میں زیر علاج ہیں۔

    51ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 32.85 کی اوسط سے 60 وکٹیں لینے والے محمد عامر جو آخری 14بین الاقوامی میچوں میں محض پانچ وکٹیں ہی لے سکے تھے، انگلینڈ کے خلاف آخری دو ون ڈے میچز یا ورلڈ کپ ورام اپ میچز میں کھیلے بنا ہی براہ راست میگا ایونٹ میں اپنی جگہ بنا چکے ہیں۔

    یاد رہے کہ انگلینڈ میں 30مئی سے شروع ہونے والے آئی سی سی ورلڈ کپ کے لئے شریک ٹیموں نے اپنے اسکواڈ کو حتمی شکل دے دی ہے۔

    البتہ ورلڈ کپ شروع ہونے سے ایک ہفتے قبل تک ٹیموں کے پاس اختیار ہے کہ وہ اپنی مرضی سے ٹیم میں رد و بدل کرسکتے ہیں جبکہ 23مئی کے بعد ٹورنامنٹ کمیٹی اسکواڈ میں میڈیکل یا کسی اور بنیاد پر اسکواڈ میں تبدیلی کی اجازت نہیں ہوگی۔

    خیال رہے ورلڈ کپ مقابلوں کا آغاز 30مئی سے ہوگا، افتتاحی میچ انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان 30 مئی کو کھیلا جائے گا جبکہ
    پاکستانی ٹیم اپناپہلا میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف 31 مئی کو کھیلے گی۔

    پاکستان کا روایتی حریف بھارت سے مقابلہ 16 جون کو ہوگا، ورلڈکپ 2019 کا فائنل 14 جولائی کو کھیلا جائے گا۔