Tag: ورلڈ کپ 2019

  • کچھ سابق کھلاڑی خود کو زمینی خدا سمجھ رہے ہیں: سرفراز احمد

    کچھ سابق کھلاڑی خود کو زمینی خدا سمجھ رہے ہیں: سرفراز احمد

    لندن: قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا سابق کھلاڑیوں کی تنقید پر ردعمل سامنے آگیا.

    تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ کچھ سابق کھلاڑی خود کو زمینی خدا سمجھ رہے ہیں.

    پاکستان کو ٹی 20 کی نمبر ون ٹیم بنوانے والے کپتان کا کہنا تھا کہ سابق کھلاڑیوں کی رائے پر کچھ نہیں کہوں گا. سرفراز احمد نے کہا کہ چیمپئینز ٹرافی جیت کربھی ہمارے پیر زمین پر تھے.

    انھوں نے کہا کہ ورلڈ‌ کپ 2019 ابھی جاری ہے، ٹورنامنٹ ابھی ختم نہیں ہوا، قومی ٹیم سیمی فائنل میں جاسکتی ہے.

    خیال رہے کہ ورلڈ کپ 2019 میں پاکستان کی کارکردگی انتہائی ناقص رہی. ویسٹ انڈیز، بھارت آسٹریلیا کے خلاف گرین شرٹس کو شکست ہوئی.

    مزید پڑھیں: پی سی بی نے کھلاڑیوں کوغیرضروری طورپرباہرنکلنے سے روک دیا

    پاکستان نے ٹورنامینٹ کی فیورٹ ٹیم انگلینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دی، جب کہ سری لنکا اور پاکستان کا میچ بارش کے باعث منسوخ ہوگیا.

    اس وقت پاکستانی ٹیم ٹورنامینٹ میں نویں نمبر پر ہے اور اس کا ٹورنامینٹ میں‌ کم بیک کرنا خاصا دشوار ہے، اسے باعث ٹیم کو سابق کھلاڑیوں کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہے.

  • ورلڈ کپ 2019: آسٹریلیا نے بنگلہ دیش کو 48 رنز سے شکست دے دی

    ورلڈ کپ 2019: آسٹریلیا نے بنگلہ دیش کو 48 رنز سے شکست دے دی

    ناٹنگھم: ورلڈ کپ 2019 کے 26ویں میچ میں آسٹریلیا نے بنگلہ دیش کو 48 رنز سے شکست دے دی، مشفیق الرحیم کی سنچری بھی بنگال ٹائیگر کو شکست سے نہ بچاسکی۔

    تفصیلات کے مطابق ناٹنگھم میں کھیلے جانے والے میچ میں آسٹریلیا کے 381 رنز کے جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم 8 وکٹوں‌ پر 333 رنز بناسکی، ڈیوڈ وارنر کو شاندار 166 رنز کی شاندار اننگز پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا، سومیا سرکار 10 رنز بنا کر فنچ کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوئے، شکیب الحسن بھی 41 رنز پر مارک اسٹونس کی گیند پر وارنر کو کیچ دے بیٹھے۔

    تمیم اقبال کو 62 رنز پر مچل اسٹارک نے بولڈ کیا، محمود اللہ نے 69 رنز کی اننگز کھیلی، لٹن داس 20 اور صابر رحمان بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

    مہدی حسن 6 رنز بنا کر اسٹارک کا نشانہ بنے، وکٹ کیپر بلے باز مشفیق الرحیم نے 97 گیندوں پر 102 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

    آسٹریلیا کے کولٹرنائل، اسٹونس اور مچل اسٹارک نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، ایڈم زمپا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل ناٹنگھم میں کھیلے جانے والے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 381 رنز بنائے اور بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 382 رنز کا ہدف دیا، سومیا سرکار نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

    آسٹریلیا نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو ایرون فنچ اور ڈیوڈ وارنر نے جارحانہ انداز اپنایا، کینگروز کی پہلی وکٹ 121 رنز پر گری، ایرون فنچ 53 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، عثمان خواجہ نے 89 رنز کی اننگز کھیلی۔

    گلین میکسویل 32 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، اسٹیو اسمتھ ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے، دوسرے اینڈ پر ڈیوڈ وارنر نے دھواں دھار بلے بازی کا سلسلہ جاری رکھا اور 147 گیندوں پر 166 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 14 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔

    اسٹونس 6 اور ایلکس کیری 9 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، بنگلہ دیش کے سومیا سرکار نے تین وکٹیں حاصل کیں، مستفیض الرحمان کے حصے میں ایک وکٹ آسکی۔

    واضح رہے کہ دونوں ٹیمیں آج ایونٹ میں اپنا چھٹا میچ کھیل رہی ہیں، آسٹریلیا نے 5 میچوں میں سے 4 میں کامیابی حاصل کی ہے اور ان کے 8 پوائنٹس ہیں بنگلہ دیش نے دو کامیابیاں حاصل کی ہیں اور ایک میچ بارش کی نذر ہوا تھا جس کے سبب بنگال ٹائیگر کے 5 پوائنٹس ہیں۔

  • سرفراز کی کپتانی پر سب کو اعتماد ہے، ٹیم میں کوئی تفریق نہیں، محمد حفیظ

    سرفراز کی کپتانی پر سب کو اعتماد ہے، ٹیم میں کوئی تفریق نہیں، محمد حفیظ

    لندن: قومی ٹیم کے سینئر کھلاڑی محمد حفیظ نے کہا ہے کہ سرفراز احمد کی کپتانی پر سب کو اعتماد ہے، ٹیم میں کوئی تفریق نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پتا ہے اچھا کھیل نہ دکھا سکے لیکن قوم سے ایسے ردعمل کی امید نہ تھی، میڈیا نے بھی ضرورت سے زیادہ تنقید کی۔

    انہوں نے کہا کہ ہم کھلاڑی ہیں ہار جیت زندگی کا حصہ ہے، پرعزم اور متحد ہیں آئندہ اچھی کارکردگی دکھائیں گے، جنوبی افریقہ سے آئندہ میچ میں اچھی کارکردگی دکھا کر کم بیک کریں گے۔

    محمد حفیظ نے کہا کہ ٹویٹس پڑھ کر فیصلے نہیں کیے جاتے، کنڈیشنز دیکھ کر کپتان اور مینجمنٹ نے ٹاس کا جو فیصلہ کیا وہ ٹھیک تھا۔

    انہوں نے کہا کہ آل راؤنڈر شعیب ملک کی حالیہ کارکردگی پر تنقید کریں مگر ان کے کیریئر کو تنقید کا نشانہ نہیں بنایا جائے۔

    مزید پڑھیں: سرفراز احمد میں اعتماد نظرنہیں آرہا، اس کی جارحانہ مزاجی کھو گئی ہے، نجم سیٹھی

    حفیظ نے اعتراف کیا کہ ہم نے میچ میں خراب بولنگ کی، شکست کی ذمہ داری کسی ایک پر نہیں ڈال سکتے، کوچز سمیت تمام افراد بری کارکردگی کے ذمہ دار ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پوائنٹس ٹیبل پر سب سے نیچے دیکھ کر دکھ ہورہا ہے، ماضی میں ہم اسی طرح گر کر اٹھے ہیں اور آئندہ میچز میں یہ ٹیم مختلف ہوگی۔

    واضح رہے کہ قومی ٹیم ورلڈ کپ میں صرف ایک میچ انگلینڈ کے خلاف جیت سکی ہے جبکہ ایک میچ بارش کی نذر ہوا، گرین شرٹس کو آسٹریلیا، بھارت اور ویسٹ انڈیز سے شکست ہوئی تھی۔

    خیال رہے کہ قومی ٹیم کو اپنا اگلا میچ جنوبی افریقہ کے خلاف 23 جون بروز اتوار کو کھیلنا ہے۔

  • نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے ہرادیا

    نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے ہرادیا

    برمنگھم: ورلڈ کپ 2019 کے 25ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی، کپتان کین ولیمسن نے شاندار سنچری اسکور کی۔

    تفصیلات کے مطابق برمنگھم میں کھیلے جانے والے میچ میں جنوبی افریقہ کی جانب سے دیا جانے والا 242 رنز کا ہدف نیوزی لینڈ نے 49 ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، کین ولیمسن اور گرینڈ ہوم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

    نیوزی لینڈ کی چار وکٹیں جلد گرنے کے باوجود جنوبی افریقہ کی ٹیم میچ پر گرفت حاصل نہ کرسکی، کولن منرو 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، مارٹن گپٹل 35 رنز بنا کر چلتے بنے، لیتھم اور روس ٹیلر ایک، ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    نیشم نے 23 رنز کی اننگز کھیلی، 137 رنز پر پانچ وکٹیں گرنے کے بعد کین ولیمسن اور گرینڈ ہوم کے درمیان عمدہ شراکت داری قائم ہوئی، گرینڈ ہوم 60 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے 106 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

    جنوبی افریقہ کے کرس مورس نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، ربادا، نگیدی اور فلک وائیو نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل برمنگھم میں کھیلے جانے والے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، بارش کے باعث میچ کو 49 اوورز تک محدود کردیا گیا، جنوبی افریقا نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 241 رنز بنائے اور کیویز کو جیت کے لیے 242 رنز کا ہدف دیا۔

    جنوبی افریقہ نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو دوسرے ہی اوور میں کوئنٹن ڈی کوک 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، کپتان ڈوپلیسی بھی 23 رنز بنا کر چلتے بنے۔

    ہاشم آملہ نے 55 رنز کی اننگز کھیلی انہیں سینٹنر نے بولڈ کیا، ایڈم مرکرام 38 رنز بنا کر گرینڈہوم کا نشانہ بنے، ڈیوڈ ملر نے 36 رنز کی اننگز کھیلی۔

    آل راؤنڈر فلک وائیو بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، ویںڈر ڈوسن 67 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہوئے، کرس مورس نے 6 رنز بنائے۔

    جنوبی افریقہ کے فرگیوسن نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، گرینڈہوم، سینٹنر اور ٹرینٹ بولٹ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    واضح رہے کہ جنوبی افریقہ نے ابھی تک ایونٹ میں 5 میچز کھیلے ہیں اور صرف ایک میچ میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے 4 میچز کھیلے ہیں اور چاروں میں کامیابی حاصل کی ہے۔

  • ورلڈکپ کے بعد ہی ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا: پی سی بی

    ورلڈکپ کے بعد ہی ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا: پی سی بی

    لاہور: بھارت سے شکست کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کہا ہے کہ ورلڈکپ کے بعد ہی ٹیم کی کارکردگی کاجائزہ لیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ کپتان، سلیکٹرز اور کوچز کی کارکردگی کا جائزہ ورلڈ کپ کے بعد لیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق جلد بازی میں فیصلوں کے بارے میں سوچا بھی نہیں، پاکستان کی اگلی کمٹمنٹ ستمبر اکتوبر میں ہے، سوچ سمجھ کر فیصلے ہوں گے، میچ کی رات کسی کھلاڑی نے کرفیو ٹائم کی خلاف ورزی نہیں کی۔

    پی سی بی کا کہنا ہے کہ میچ کی رات سب ٹائم کے مطابق اپنے ہوٹل میں موجود تھے، کھلاڑی فیملیز کے ساتھ مینجمنٹ سے اجازت لے کرگئے، ٹورنامنٹ کے دوران کارکردگی کی بنیاد پر فیصلے نہیں ہوسکتے۔

    بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد ٹیم مینجمنٹ نے نئی حکمت عملی طے کرلی

    دوسری جانب ورلڈ کپ 2019 کے میچ میں بھارت کے ہاتھوں 89 رنز سے شکست کے بعد ٹیم مینجمنٹ نے نئی حکمت عملی طے کرلی ہے، ذہنی دباؤ دور کرنے کے لیے ٹیم مینجمنٹ کھلاڑیوں کو لے کر لندن پہنچ گئی۔

    یاد رہے کہ ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کو تین میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، گرین شرٹس کو ویسٹ انڈیز، آسٹریلیا اور بھارت کے ہاتھوں شکست ہوئی ہے، سری لنکا کے خلاف میچ بارش کی نذر ہوا تھا جبکہ انگلینڈ کو پاکستان نے شکست دی تھی۔

  • ورلڈ کپ 2019: بنگلہ دیش کی تاریخی فتح، ویسٹ انڈیزکو 7 وکٹوں سے ہرادیا

    ورلڈ کپ 2019: بنگلہ دیش کی تاریخی فتح، ویسٹ انڈیزکو 7 وکٹوں سے ہرادیا

    ٹاؤنٹن: ورلڈ کپ 2019 کے 23ویں میچ میں بنگلہ دیش نے ویسٹ انڈیز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی، شکیب الحسن کو شاندار سنچری اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ٹاؤنٹن میں کھیلے جانے والے میچ میں ویسٹ انڈیز کی جانب سے دیا جانے والا 322 رنز کا ہدف بنگلہ دیش نے 41.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، شکیب الحسن نے شاندار سنچری اور لٹن داس نے نصف سنچری اسکور کی۔

    بنگلہ دیشی اوپنرز نے جارحانہ انداز اپنایا اور ٹیم کو 51 رنز کا آغاز فراہم کیا، سومیا سرکار 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، تمیم اقبال 48 رنز کی اننگز کھیل کر رن آؤٹ ہوئے۔

    مشفیق الرحیم ایک رن بنا کر تھامس کا شکار بنے، 133 رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد شکیب الحسن اور لٹن داس کے درمیان عمدہ شراکت داری قائم ہوئی جو بنگلہ دیش کی فتح تک قائم رہی۔

    شکیب الحسن 124 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ لٹن داس نے 69 گیندوں پر 94 رنز کی اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 4 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے۔

    ویسٹ انڈین بولر بنگلہ دیشی بلے بازوں کے آگے بے بس نظر آئے، آندرے رسل اور تھامس کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آسکی۔

    واضح رہے کہ بنگلہ دیش کی ورلڈ کپ 2019 میں یہ دوسری کامیابی ہے اس سے قبل بنگلہ دیش نے جنوبی افریقا کو شکست دی تھی۔

    اس سے قبل ٹاؤنٹن میں کھیلے جانے والے میچ میں ویسٹ نے انڈیز نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 321 رنز بنائے اور بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 322 رنز کا ہدف دیا، محمد سیف الدین اور مستفیض الرحمان نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔

    کرس گیل کو بغیر کوئی رن بنائے پویلین بھیجنے کے باوجود بنگلہ دیشی بولرز ویسٹ انڈیز کو بڑا ہدف دینے سے نہیں روک سکے، ایون لوئس نے 70 اور شائے ہوپ نے 96 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

    پورن 25 اور شیمرون ہیٹ میئر نے 50 رنز بنائے، آندرے رسل بھی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، کپتان جیسن ہولڈر نے 15 گیندوں پر 33 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، ڈیرن براؤو 19 رنز بناسکے۔

    بنگلہ دیش کے محمد سیف الدین اور مستفیض الرحمان نے تین، تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، شکیب الحسن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

    اس سے قبل  آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 میں آج بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں مدمقابل ہیں، بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    پوائنٹس ٹیبل پر دونوں ٹیمیں یکساں پوزیشن پر ہیں۔ دونوں ٹیموں نے 4 میچز کھیلے جن میں سے صرف ایک میں فتح اور 2 میں شکست کھائی۔ دونوں ٹیموں کا ایک میچ منسوخ ہوا جس کے بعد دونوں ٹیموں کے پوائنٹس کی تعداد 3 ہے۔

    یاد رہے کہ رواں برس ہونے والے ورلڈ کپ کو بارش شدید متاثر کر رہی ہے۔ ورلڈ کپ 2019 سب سے زیادہ میچز منسوخ ہونے والا ورلڈ کپ بن گیا ہے۔

    بارش کے باعث میچز میں تاخیر اور مختصر اوورز کا کھیل بھی معمول کی بات بن گیا ہے۔ اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آنے والے کئی میچز بارش سے متاثر ہوسکتے ہیں، جبکہ مزید میچز کی منسوخی کا بھی خدشہ ہے۔

    رواں برس ہونے والے آئی سی سی ورلڈ کپ کے ایونٹ میں 48 میچز کھیلے جائیں گے۔ فائنل اور سیمی فائنل سے قبل تمام ٹیمیں 9، 9 میچز کھیلیں گی جن میں سے 4 ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی۔

    آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 کا فائنل 14 جولائی کو کھیلا جائے گا۔

  • مانچسٹر میں پانچ قومی کرکٹرز کے سیر سپاٹوں کا انکشاف

    مانچسٹر میں پانچ قومی کرکٹرز کے سیر سپاٹوں کا انکشاف

    لاہور: مانچسٹر میں پانچ قومی کرکٹرز کے سیر سپاٹوں کا انکشاف ہوا ہے، معلوم ہوا ہے کہ روایتی حریف بھارت کے خلاف میدان میں کھلاڑیوں پر کاہلی کیوں طاری رہی، کھلاڑیوں نے مانچسٹر میں رات گئے دعوتیں اڑائیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی نئی ویڈیوز سامنے آ گئی ہیں، اے آر وائی نیوز پر چلنے والی ویڈیوز میں انکشاف ہوا ہے کہ پاکستانی کرکٹرز میدان میں کاہل کیوں نظر آئے۔

    جہاں باقی ٹیمیں میچز کی تیاریاں کر رہے تھے، وہاں ہمارے کھلاڑی رات میں موج مستیاں کر رہے تھے، حسن علی، شاداب خان، شاہین شاہ، محمد حسنین اور فخر زمان دعوت اڑانے میں مصروف ملے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ورلڈ کپ 2019: بھارت نے پاکستان کو 89 رنز سے شکست دے دی

    ویڈیو بنتے دیکھ کر کھلاڑیوں نے کیمروں سے بچنے کی کوشش کی، فخر زمان نے ساتھی کھلاڑیوں کو نکلنے کی ہدایت بھی کی، جب کہ حسن علی اور محمد حسنین کیمروں سے بچنے کے لیے دور چلے گئے۔

    کھلاڑیوں کے ہم راہ سیکورٹی یا اینٹی کرپشن اہل کار بھی نہیں تھے، کھلاڑی پاک بھارت میچ سے 3 روز قبل دعوتیں اڑانے میں مصروف رہے۔

    تازہ ترین پڑھیں:  کوئی سمجھتا ہے میں گھر چلا جاؤں گا تو یہ بھول ہے: سرفراز احمد

    دریں اثنا، سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی نے کہا ہے کہ ہمارے کھلاڑی کرکٹ کی تیاری کے علاوہ سب کچھ کرتے رہے، کھلاڑیوں کے اس رویے پر پی سی بی کو ایکشن لینا چاہیے۔

    باسط علی کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی سی بی کو کھلاڑیوں پر نظر رکھنی چاہیے، اور انھیں فوری طور پر حرکت میں آنا چاہیے۔

  • قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کھلاڑیوں پر برس پڑے

    قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کھلاڑیوں پر برس پڑے

    اولڈ ٹریفورڈ: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد گزشتہ روز بھارت کے ہاتھوں شکست پر کھلاڑیوں پر برس پڑے۔

    ذرائع کے مطابق میچ ختم ہونے سے قبل ہی پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد ڈریسنگ روم میں کھلاڑیوں پر برس پڑے، سرفراز احمد نے کہا کہ کوئی سمجھتا ہے میں گھر چلا جاؤں گا تو یہ بھول ہے۔

    سرفراز احمد نے تنبیہ کی کہ میں اکیلا نہیں جاؤں گا پھر اور لوگ بھی جائیں گے، سرفراز احمد بولتے رہے اور کھلاڑی سر جھکاتے سنتے رہے۔

    دوسری جانب ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ میچ کے بعد ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کھلاڑیوں کی کلاس لی، ڈریسنگ روم میں مکی آرتھر نے کھلاڑیوں کو کھری کھری سناتے ہوئے کہا کہ جو ہونا تھا ہوچکا اب آگے دیکھو اور اگلے چاروں میچز جیتو۔

    مزید پڑھیں: پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ درست تھا، بولرز نے رائٹ ایریا میں بولنگ نہیں کی، سرفراز احمد

    کوچ نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو ہدایت کی کہ اگلے چار میچز جیت کر سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہوا جاسکتا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ درست تھا، تاہم بولرز نے رائٹ ایریا میں بولنگ نہیں کی جس کی وجہ سے زیادہ اسکور بنا۔

    یاد رہے کہ ورلڈ کپ 2019 کے 22ویں میچ میں بھارت نے پاکستان کو 89 رنز سے شکست دے دی، روہت شرما کو شاندار سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

  • ورلڈ کپ 2019: بھارت نے پاکستان کو 89 رنز سے شکست دے دی

    ورلڈ کپ 2019: بھارت نے پاکستان کو 89 رنز سے شکست دے دی

    اولڈ ٹریفورڈ: ورلڈ کپ 2019 کے 22ویں میچ میں بھارت نے پاکستان کو 89 رنز سے شکست دے دی، روہت شرما کو شاندار سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلے جانے والے میچ میں بھارت کی جانب سے دئیے جانے والے 337 رنز ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام ہوئی اور 6 وکٹوں کے نقصان پر 212 رنز بناسکی، فخر زمان کی نصف سنچری بھی ٹیم کے کام نہ آسکی۔

    پاکستانی ٹیم کا اسکور 35 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز تھا جب بارش کے باعث میچ روک دیا گیا تھا، میچ دوبارہ شروع ہوا تو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے میچ 40 اوورز تک محدود کردیا گیا تھا، پاکستان کو 301 رنز کا ہدف ملا،  پاکستان کو جیت کے لیے 30 گیندوں پر 136 رنز درکار تھے۔

    قبل ازیں پاکستان کی پہلی وکٹ 13 رنز پر گری جب امام الحق 7 رنز بنا کر وجے شنکر کی گیند پر آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے، بابر اعظم 48 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    فخر زمان نے 62 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، محمد حفیظ 9 اور کپتان سرفراز احمد 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، شعیب ملک آج پھر ناکام ہوئے انہیں پانڈیا نے صفر پر چلتا کیا۔

    عماد وسیم 46 اور شاداب خان 20 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، بھارت کے وجے شنکر، ہاردک پانڈیا اور کلدیپ یادیو نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

    ورلڈکپ 2019 کے سب سے بڑے اور اہم میچ میں بھارت نے روہت شرما، ویرات کوہلی اور ایل کے راہول کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستان کو جیت کے لیے 337 رنز کا ہدف دے دیا۔

     ورلڈ کپ2019 کے سب سے اہم میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیتنے کے بعد بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پچ اچھی ہے، بھارت کو کم رنزپرروکیں گے، ماضی کو بھول کرپوری توجہ میچ پرہے۔

    بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کا کہنا تھا کہ ہم بھی پہلےبولنگ کرناچاہتےتھے، جو ٹیم اعصاب پر قابو رکھے گی وہ جیتے گی۔ پاکستانی ٹیم میں شاہین آفریدی اورآصف علی کی جگہ شاداب خان اورعماد وسیم کو شامل کیا گیا۔

    پاکستان کی دعوت پر بھارت نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو کے ایل راہول اور روہت شرما اوپننگ کے لیے میدان میں آئے، دونوں بلے بازوں نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور تمام باؤلرز کو اچھے انداز سے کھیلا، اوپنرز نے پہلی وکٹ میں 136 رنز کی شراکت داری قائم کی جس کے بعد کے ایل راہول وہاب ریاض کی گیند پر نصف سنچری اسکور کر کے آؤٹ ہوئے۔

    نئے آنے والے بیٹسمین ویرات کوہلی تھے جنہوں نے روہت شرما کے ساتھ مل کر محتاط انداز سے بیٹنگ کی اور اسکور کو 234 رنز پہنچایا، دوسری وکٹ میں 98 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی اور اسی دوران اوپنر نے اپنی سنچری مکمل کی جس کے بعد وہ 140 رنز بنا کر 234 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔

    محمد عامر نے چوالیسویں اور 46ویں اوور میں ہاردک پانڈیا اور کوہلی کو آؤٹ کیا، پانڈیا 285 اور  دھونی 298 کے مجموعی اسکور پر پویلین روانہ ہوئے، بعدازاں کوہلی بھی 77 رنز کی اننگز کھیل کر عامر کی گیند پر آؤٹ ہوئے، یوں 314 کے مجموعی اسکور پر بھارت کے پانچ کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔

    مقررہ پچاس اوورز میں بھارتی ٹیم نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 336 رنز بنائے، کوہلی الیون کے تین کھلاڑیوں نے 274 رنز بنائے، روہت شرما 140، ویرات کوہلی 77 اور ایل کے راہول 57 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ محمد عامر پاکستان کے سب سے کامیاب باؤلر رہے۔

    محمدعامر نے10اوورزمیں 47رنز دےکر 3وکٹیں، وہاب ریاض نے10اوورزمیں 71 رنز دیے اور ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی، اسی طرح حسن علی نے9اوورزمیں84رنز  دیے اور ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا، پاکستان کے دونوں اسپینرز عماد وسیم اور شاداب خان خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکے، عماد نے 10 اوورز میں 49 رنز دیے جبکہ شاداب نے 9 اوورز میں 61 رنز دیے اور کوئی وکٹ حاصل نہیں کی۔

     

    دنیا بھر کے کروڑوں لوگ براہ راست ٹی وی پر دنیائے کرکٹ کی دو بڑی ٹیموں کا میچ دیکھیں گے، میچ سے قبل شائقین کا جوش و خروش عروج پر پہنچ گیا ہے۔

    انگلینڈ میں مقیم تارکین وطن اور دیگر ملکوں سے آنے والے دونوں ٹیموں کے پرستاروں کی تیاریاں مکمل ہیں، میچ ٹکٹس کیلیے آئی سی سی کو 5 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوئی تھیں، گراؤنڈ میں محض 25 ہزار شائقین کی گنجائش ہے۔

    دنگ ونوں ممالک میں سیاسی کشیدگی کے سبب ورلڈ کپ کے منتظمین غیرمعمولی حفاظتی انتظامات کر رہے ہیں۔ ٹیم ہوٹل میں بھی سخت سیکیورٹی ہے اورسادہ لباس اہلکار آنے جانے والوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔

    چیمپئنزٹرافی کے فائنل میں پاکستان کی فتح کے بعد دونوں ٹیموں میں گھمسان کا رن پڑے گا۔ جو جیتے گا وہی شائقین کے دل بھی جیتے گا۔

    بھارت کےخلاف میچ میں پاکستان نے13کھلاڑیوں کا اعلان کردیا ہے، شاداب خان اورعماد وسیم تیرہ کھلاڑیوں میں شامل ہیں جبکہ آصف علی کی جگہ عماد وسیم ٹیم کا حصہ ہوسکتے ہیں، اس کے علاوہ شاہین شاہ آفریدی کی جگہ شاداب خان کی شمولیت کا امکان ہے۔

    پاک بھارت میچ کو دیکھنے کے لئے کرس گیل بھی تیار

    پاک بھارت میچ کو دیکھنے کے لئے ویسٹ انڈین بیٹسمین کرس گیل بھی تیار ہوگئے۔ یونیورس بوس کرس گیل نے پاک بھارت میچ کے لئے خصوصی لباس تیار کرالیا۔ سوٹ کے ایک طرف پاکستان کے پرچم کا رنگ اور دوسری جانب بھارت کے پرچم کا رنگ موجود ہے۔

  • ویرات کوہلی نے سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑ دیا

    ویرات کوہلی نے سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑ دیا

    اولڈ ٹریفورڈ: ورلڈ کپ 2019 میں پاکستان کے خلاف کھیلے جانے والے میچ میں ویرات کوہلی نے ون ڈے میں تیز ترین 11 ہزار رنز بنانے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ 2019 میں پاکستان کے خلاف کھیلے جانے والے میچ میں ویرات کوہلی نے تیز ترین 11 ہزار رنز مکمل کرکے سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑ دیا۔

    ویرات کوہلی نے 222 اننگز میں سنگ میل عبور کیا جبکہ سچن ٹنڈولکر نے 11 ہزار مکمل کرنے کے لیے 276 اننگز کھیلی تھیں۔

    آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ 286 اننگز میں 11 ہزار رنز مکمل کرکے تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

    واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جانے میچ میں ویرات کوہلی نے 77 رنز کی اننگز کھیلی انہیں محمد عامر نے آؤٹ کیا۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے کم ترین اننگز میں 19 ہزار انٹرنیشنل رنز مکمل کرنے کا سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑا تھا۔

    ویرات کوہلی نے یہ اعزاز 399 اننگز کھیل کر حاصل کیا تھا، اس سے پہلے 432 اننگز کے ساتھ یہ ریکارڈ سچن ٹنڈولکر کے پاس تھا۔

    کوہلی نے 19 ہزار انٹرنیشنل رنز کا ریکارڈ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں مکمل کیا تھا۔