Tag: ورلڈ کپ 2023

  • ورلڈ کپ: آسٹریلیا نے بنگلہ دیش کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی

    ورلڈ کپ: آسٹریلیا نے بنگلہ دیش کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی

    ورلڈ کپ کے 43ویں میچ میں آسٹریلیا نے بنگلہ دیش کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔

    پونے میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے بنگلہ دیش کی جانب سے دیا جانے والا 307 رنز کا ہدف 44.4 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

    مچل مارش نے 177 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی، ڈیوڈ وارنر 53 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، اسٹیو اسمتھ 63 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

    اوپنر ٹریوس ہیڈ کو 10 رنز پر تسکین احمد نے بولڈ کیا۔

    بنگلہ دیش کی جانب سے تسکین احمد اور مستفیض الرحمان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    آسٹریلیا اور بنگلادیش کے درمیان ہونے والا یہ میچ پونے میں کھیلا جارہا ہے جہاں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

    بنگلادیش نے پہلے کھیلتے ہوئے آسٹریلیا کو جیت کیلئے 307 رنز کا ہدف دیا تھا، بنگلادیش نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 306 رنز بنائے، جس میں توحید ہریدوئے 74 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔

    اس کے علاوہ بنگلا دیش کی جانب سے نجم الحسین نے 45، تنزید حسن اور لٹن داس نے 36، 36 رنز بنائے جبکہ محمود اللہ 32 اور مہدی حسن میراز 29 رنز بنانے میں کامیاب رہے، دوسری جانب آسٹریلیا کے ایڈم زیمپا اور شان ایبٹ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

    آسٹریلوی ٹیم سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرچکی ہے، جبکہ بنگلادیش اس ورلڈ کپ میں یہ نواں یعنی آخری میچ کھیل رہی ہے۔

    پوائنٹس ٹیبل پر آسٹریلیا تیسرے اور بنگلادیش آٹھویں نمبر پر ہے۔ آج کے میچ کا کوئی بھی نتیجہ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل مرحلے پر اثر انداز نہیں ہوگا۔

  • ٹیم کیلئے کھیلنے والے ہی باہر ہوجاتے ہیں، اظہرعلی بھی بول پڑے

    ٹیم کیلئے کھیلنے والے ہی باہر ہوجاتے ہیں، اظہرعلی بھی بول پڑے

    آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023میں بھارت کے ہاتھوں قومی کرکٹ ٹیم کی شرمناک شکست کے بعد پاکستانی ٹیم کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

    اس حوالے سے کرکٹ شائقین کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ کے بڑے مقابلے میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی نے بہت مایوس کیا، پاکستان بھارت کے پریشر میں آگیا۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں میزبان نجیب الحسنین سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے سابق کپتان اظہر علی بھی خاموش نہ رہے اور ٹیم کی کارکردگی پر سوالات اٹھا دیئے۔

    سابق کپتان اظہر علی کا کہنا تھا کہ ٹیم کیلئے کھیلنے والے کھلاڑی ٹیم سے ہی باہر ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو کھلاڑی پچھلے میچوں میں اچھی کارکردگی دکھارہے ہوتے ہیں ایسا نہیں ہے کہ وہ چھکا نہیں لگا سکتے بس ذرا سی ہمت کی ضرورت ہوتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جب حالات قابو میں ہوں اس وقت ہی کوشش کرنی چاہیے ورنہ پریشر میں آنے کے بعد سنبھلنا بہت مشکل ہوتا ہے۔

    اس موقع پر باسط علی کا کہنا تھا کہ ہمارے بلے باز سامنے والے بالر کو دیکھتے ہیں جبکہ دیکھنا یہ چاہیے کہ ان کی بال پر رنز کیسے رن لینے ہیں اور کہاں پر شاٹ کھیلنی ہے۔

    یاد رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم نے ورلڈ کپ 2023میں بھی بھارت سے شکست کھانے کی روایت برقرار رکھی گزشتہ روز احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے میچ میں بھارت نے پاکستان کے 192 رنز کا ہدف 30 اعشاریہ 3 اوورز میں صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا تھا۔

    قومی ٹیم کے بلے باز ریت کی دیوار ثابت ہوئے اور پوری ٹیم 191 رنز پر ڈھیر ہوگئی جبکہ بھارتی ٹیم نے باؤلرز کی بھی درگت بنائی۔

  • جوز بٹلر نے ورلڈ کپ 2023 کے بعد ریٹائرمنٹ کے حوالے سے کیا کہا؟

    جوز بٹلر نے ورلڈ کپ 2023 کے بعد ریٹائرمنٹ کے حوالے سے کیا کہا؟

    جوز بٹلر نے ورلڈ کپ 2023 کے بعد ریٹائرمنٹ کے منصوبے کے حوالے سے بتادیا، وکٹر کیپر بیٹر کا کہنا ہے کہ اب بھی ایسے کئی شعبے ہیں جن میں اپنی صلاحیتوں کو نکھارنا چاہتا ہوں۔

    جوز بٹلر نے 2011 میں بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو سے اپنے انٹرنیشنل کرکٹ کا آغاز کیا تھا۔ تاہم 12 سال گزر جانے کے بعد وہ موجودہ دور کے عظیم ترین وکٹ کیپر بیڑز میں شمار ہوتے ہیں جبکہ اس ورلڈ کپ میں وہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی کپتانی کے فرائض بھی انجام دے رہے ہیں۔

    بٹلر اس انگلش ٹیم کا حصہ تھے جس نے 2019 میں اپنی سرزمین پر پہلے بار کرکٹ کا عالمی کپ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ انھوں نے سپر اوور میں مارٹن گپٹل کو رن آئوٹ کیا تھا جسے سبب میچ ٹائی ہونے کے بعد ٹرافی اٹھانے کا اعزاز انگلینڈ کو ملا تھا۔

    بھارت کے خلاف پہلے ورام اپ میچ سے قبل گفتگو کرتے ہوئے بٹلر نے اپنی ریٹائرمنٹ کے منصوبے کے حوالے سے بھی اظہار خیال کیا۔

    انھوں نے کہا کہ میں انگلینڈ کے لیے مزید کچھ سالوں تک کھیلنا چاہتا ہوں باوجود اس کے میں کچھ دنوں پہلے ہی 33 سال کا ہوا ہوں۔ میں اپنی بڑھتی عمر کو اتنا زیادہ محسوس نہیں کرتا۔ اپنے ملک کی نمائندگی کرنا بہت اعزاز کی بات ہوتی ہے۔

    انگلینڈ کی ون ٹیم کے کپتان نے کہا کہ اب بھی ایسے شعبے ہیں جن میں اپنی صلاحیتوں کو بڑھانا چاہتا ہوں اور بطور کھلاڑی ترقی کرنا چاہتا ہوں، یہ چیزیں آپ کی حوصلہ افزائی کا ایک مثبت ذریعہ ہیں۔

  • ورلڈ کپ اسکواڈ میں ناکام کھلاڑیوں کی شمولیت، محمد آصف سیخ پا

    ورلڈ کپ اسکواڈ میں ناکام کھلاڑیوں کی شمولیت، محمد آصف سیخ پا

    سابق پاکستانی فاسٹ بولر محمد آصف نے قومی ٹیم کے ورلڈ کپ 2023 کے اسکواڈ میں شامل کئے گئے وہ کھلاڑی جنہوں نے ایشیا کپ میں قوم کو مایوس کیا، ان کے انتخاب پر شدید تنقید کی۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ورلڈ کپ 2023 کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے جس میں فاسٹ بولر نسیم شاہ کو ڈراپ کر دیا گیا ہے، جب کہ آل راؤنڈر شاداب خان کو ایشیا کپ 2023 کی مایوس کن کارکردگی کے باوجود اسکواڈ میں منتخب کیا گیا ہے۔

    ایشیا کپ 2023 کے دوران، 24 سالہ آل راؤنڈر شاداب صرف چھ وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے – ان میں سے چار وکٹیں انہوں نے نیپال کے خلاف میچ میں حاصل کی تھیں، جبکہ ٹورنامنٹ کے پانچ میچز میں انہوں نے صرف 13رنز بنائے، محمد نواز اور آغا سلمان نے بھی مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔

    میڈیا رپورٹس میں پیش گوئی کی گئی تھی کہ ان کھلاڑیوں کی مایوس کن کارکردگی کے باعث انہیں ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل نہیں کیا جائے گا مگر حیرت انگیز طور پر شاداب خان اور آغا سلمان اپنی جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔

    ٹیم کے اعلان کے بعد سابق پاکستانی فاسٹ بولر محمد آصف نے آغا سلمان کے انتخاب پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ انہیں کھلاڑی بھی نہیں مانتے۔

    محمد آصف نے کہا کہ آغا سلمان صرف اس وقت سکور کرتے ہیں جب پاکستان پہلے ہی ایک ٹیم کے طور پر اچھی پوزیشن میں ہو، انہوں نے آغا سلمان کو وقت کا ضیاع قرار دیا۔

    پاکستان کے موجودہ پیس اٹیک کے بارے میں بات کرتے ہوئے سابق پاکستانی فاسٹ باؤلر محمد آصف نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ‘ورلڈ کپ اسکواڈز میں منتخب باؤلرز اوسط درجے کے ہیں، کوئی خاص نہیں ہے۔

  •  بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ فائنل سے متعلق بڑی پیشگوئی سامنے آگئی

     بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ فائنل سے متعلق بڑی پیشگوئی سامنے آگئی

    آسٹریلوی آل راؤنڈر مچل مارش نے بھارت میں شیڈول ورلڈکپ 2023 میں فائنل سے متعلق بڑی پیشگوئی کی ہے۔

    یوٹیوب پوڈ کاسٹ میں آسٹریلوی آل راؤنڈر مچل مارش نے سابق اوپنر ایڈم گلکرسٹ اور انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے شرکت کی۔

    اس موقع پر سابق انگلش کپتان مائیکل وان نے آسٹریولی کرکٹر سے سوال کیا کہ ورلڈکپ کون جیتنے والا ہے، بھارت، پاکستان یا انگلینڈ؟۔

    جس پر آسٹریلوی آل راؤنڈر مچل مارش نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں ایمانداری سے سمجھتا ہوں کہ فائنل آسٹریلیا بمقابلہ پاکستان ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا ورلڈ کپ میں بھارت کو 65 رن پر آؤٹ کردےگا جبکہ پاکستان کی ٹیم زبردست کرکٹ کھیل رہی ہے۔

    اس سے قبل سابق آسٹریلوی کرکٹر گلین میک گرا، انگلش کپتان آئن مورگن نے بھی پاکستان، آسٹریلیا، انگلینڈ اور بھارت کو سیمی فائنلسٹ ٹیموں کے حوالے سے پیشگوئی کی تھی۔

    واضح رہے کہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ رواں سال اکتوبر میں بھارت میں کھیلا جائے گا، ایونٹ کا آغاز 5 اکتوبر سے دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور فائنلسٹ نیوزی لینڈ کے درمیان احمد آباد میں ہوگا۔

    جبکہ ورلڈ کپ میں پاک بھارت ٹاکرا 14 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں شیڈول ہے۔

  • ورلڈ کپ کیلئے میچ آفیشلز کا اعلان، پاکستانی امپائر بھی شامل

    ورلڈ کپ کیلئے میچ آفیشلز کا اعلان، پاکستانی امپائر بھی شامل

    انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ورلڈ کپ 2023 کے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا۔

    انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھارت میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے 16 رکنی میچ آفیشلز کا اعلان کردیا جس میں پاکستان کے امپائر احسن رضا شامل ہیں۔

    ورلڈ کپ امپائرز پینل میں کرس براؤن، کمار دھرماسینا، مارس اراسمس، کرس گفانی، مائیکل گف، ایڈرین ہولڈ اسٹاک، رچرڈ النگورتھ، رچرڈ کیٹل برا اور نتن مینن شامل ہیں۔

    اس کے علاوہ پال رفل، شرف الدولہ ابن شاہد، روڈ ٹکر، ایلکس وارف، جوئیل ولسن اور پال ولسن بھی ورلڈ کپ امپائرز پینل کا حصہ ہیں۔

    دوسری جانب جواگل سری ناتھ، اینڈی پرائیکرافٹ، جیف کرو اور رچی رچرڈسن میچ ریفریز کے فرائض انجام دیں گے۔

    یاد رہے کہ ایلیٹ پینل سے دستبردار ہو جانے والے علیم ڈار کو ورلڈ کپ 2023 کے آفیشلز میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ رواں سال اکتوبر میں بھارت میں کھیلا جائے گا، ایونٹ کا آغاز 5 اکتوبر سے دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور فائنلسٹ نیوزی لینڈ کے درمیان احمد آباد میں ہوگا۔

    جبکہ ورلڈ کپ میں پاک بھارت ٹاکرا 14 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں شیڈول ہے۔

  • ’بھارت میں ورلڈ کپ جیتنا ’’کیک پر آئسنگ‘‘ کی طرح ہوگا‘

    ’بھارت میں ورلڈ کپ جیتنا ’’کیک پر آئسنگ‘‘ کی طرح ہوگا‘

    قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان نے بھارت میں شیڈول ورلڈ کپ 2023 سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

    مقامی کرکٹ تجزیہ کار سے گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان نے میگا ایونٹ جیتنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی ہے۔

    آل راؤندر شاداب خان نے کہا کہ بھارت میں ورلڈ کپ جیتنا کیک پر آئسنگ کی طرح ہوگا، تمام ٹیمیں ٹورنامنٹ جیتنے کے لیے آئے گی ہمیں ایک مضبوط ٹیم کی طرح اس ٹورنامنٹ کا آغاز کرنا ہوگا۔

    بھارت میں شائقین کی حمایت نہ ہونے کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے لیگ اسپنر شاداب نے ذہنی قوت کی اہمیت پر زور دیا۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت میں ہمیں شائقین کی حمایت حاصل نہیں ہوگی، اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے ذہنی طور پر بہت مضبوط ہونا پڑےگا، اور ہمارے کھلاڑی ذہنی طور پر مضبوط ہیں مجھے لگتا ہے کہ ہمارے پاس ایک اچھا ٹورنامنٹ ہوگا۔

    شاداب خان نے مزید کہا کہ ورلڈ کپ میں کسی بھی مخصوص بلے بازوں کے لیے کوئی غیر معمولی منصوبہ بندی نہیں کی ہے بلکہ ہماری پوری ٹیم کی حکمت عملی بہترین باؤلنگ کرنا ہے۔

    شاداب خان نے مزید کہا کہ ویرات کوہلی کے لیے کوئی خاص منصوبہ بندی نہیں ہے، تمام مخالف ٹیم کے خلاف ایک طرح کی منصوبہ بندی پر کھیلتے ہیں۔