Tag: ورلڈ کپ

  • پاک بھارت میچ : عمراکمل ناقص امپائرنگ کی بھینٹ چڑھ گئے

    پاک بھارت میچ : عمراکمل ناقص امپائرنگ کی بھینٹ چڑھ گئے

    ایڈیلیڈ : ورلڈ کپ دو ہزار پندرہ میں ناقص امپائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ پاک بھارت میچ میں تھرڈ امپائر نے ٹیکنالوجی کو نظر انداز کرکےعمراکمل کو متنازعہ آؤٹ دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایڈیلیڈ میں ناقص امپائرنگ کا ایک اور متنازعہ فیصلہ سامنے آیا ۔ اس بار غلط فیصلے کی بھینٹ عمراکمل چڑھے۔ جدیجا کی گیند پر آن فیلڈ امپائر نے عمراکمل کو ناٹ آؤٹ قرار دیا تھا، جس پر بھارتی کپتان دھونی نے ریویو لیتے ہوئے تھرڈ امپائر کا سہارا لیا۔

    تھرڈ امپائر اسٹیو ڈیوس نے اسنیکو میٹر پر لہریں ظاہر نہ ہونے کے باوجود عمر اکمل کو آؤٹ قرار دے دیا۔ ٹیکنالوجی کی موجودگی میں عمراکمل کو غلط فیصلے کی بھینٹ چڑھایااور فیصلہ بھارت کے حق میں دے دیا.

    کمنٹیٹرز نے بھی عمراکمل کے آؤٹ دیئے جانے کو مشکوک قرار دیا۔ قوانین کے مطابق شق کی بنیاد پر فیصلہ بلے باز کے حق میں دیا جاتا ہے، لیکن عمراکمل کے فیصلے پر آئی سی سی نے دہرا معیار اپناتے ہوئے غلط فیصلہ دیکر عمراکمل کو مشکوک آؤٹ دیا۔

    گذشتہ روز انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان میچ بھی امپائرنگ کا بلنڈر دیکھنے کو ملا، اینڈرسن کو غلط آؤٹ دینے کے بعد آئی سی سی نے انگلش ٹیم سے تحریری طور پر معافی مانگ لی تھی۔

  • ورلڈ کپ: ویسٹ انڈیز کو 4وکٹوں سے اپ سیٹ شکست

    ورلڈ کپ: ویسٹ انڈیز کو 4وکٹوں سے اپ سیٹ شکست

    نیلسن: آئرلینڈ نے ورلڈ کپ دوہزار پندرہ کا پہلا گروپ میچ کھیلتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو چار وکٹوں سے اپ سیٹ شکست دے دی ہے، رواں ایونٹ میں ہدف حاصل کرنے کا اعزاز بھی آئرلینڈ کو حاصل ہوا ہے۔

     نیوزی لینڈ کے شہر نیلسن میں کھیلے گئے گروپ بی کے میچ میں شائقین کو سابق عالمی چیمپیئن ویسٹ انڈیز کی اپ سیٹ شکست کا نظارہ دیکھنے کو ملا، آئرلینڈ کرکٹ ٹیم عمدہ کارکردگی کی بدولت چار وکٹوں سے کامیاب رہی۔ ویسٹ انڈیز نے آئر لینڈ کو جیت کیلئے 305 رنز کا ہدف دیا تھا۔

    مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں آئرلینڈ کے بلے بازوں نے شاندار کارکردگی دکھائی اور گراؤنڈ کے چاروں جانب رنز کے انبار لگا دیئے، آئرلینڈ نے مطلوبہ ہدف سات اوورز پہلے ہی چھ وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

    پاؤل اسٹرلنگ بانوے،ایڈ جوائز چوراسی اور نیل او برائن نے اناسی رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔ آئرش بیٹسمین پاؤل اسٹرلنگ مین آف دی میچ بھی قرار پائے۔

      آئرش ٹیم نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو بیٹنگ کی دعوت دی، کالی آندھی کے پانچ بلے باز تیز ہوا کے جھونکے کی طرح ستاسی رنز پر پویلین واپس پہنچ گئے۔

    لینڈل سیمنز اور ڈیرن سیمی نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں اسکور بورڈ پر ایک سو چون رنز کا اضافہ کیا، سیمنز نے ایک سو چار اور سیمی نے نواسی رنز بنائے، ویسٹ انڈیز سات وکٹوں پر تین سو چار رنز بناسکی۔

  • کرکٹ کے بخار نے سیاستدانوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا

    کرکٹ کے بخار نے سیاستدانوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہبا زشریف نےبھارت کے خلاف میچ میں پاکستا نی ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

    پاک بھارت کرکٹ میچ میں پاکستانی ٹیم کی جیت کیلئے قوم دعا گو ہے تو ساتھ ہی ساتھ شہریوں کی جانب سے پاکستانی ٹیم کے ساتھ یکجہتی کے منفرد انداز بھی اپنائے جارہے ہیں۔

     ورلڈ کپ میں پاکستانی قوم کے دل گرین شرٹس کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور جب پاکستانی کرکٹ ٹیم کے مد مقابل ہو روایتی حریف بھارت ہو تو یہ دھڑکنیں، جوش اور جزبہ مزید بڑھ جاتاہے۔

    کرکٹ کا بخار سیاستدانوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لئے بنا نہیں رہا، وزیر اعظم نے پاکستانی ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا ذکر کیا ہے۔وزیر اعظم نے وزارت پانی و بجلی کو ہدایات بھی جاری کر دیں کہ ملک بھر میں پاک بھارت کرکٹ میچ کے دوران لوڈ شیدنگ نہ کی جائے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ پوری قوم کی دعائیں روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ میں فتح کےلئے قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہیں۔

    جماعت اسلامی کے امیر نے بھی نیک خواہشات کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ شاہد آفریدی ، مصباح الحق ، یونس خان سمیت کل سارے کھلاڑی اچھا کھیلیں گےاور انشااللہ پاکستان جیتےگا۔

    عمران خان تو خود کرکٹر رہ چکے ہیں،شیخ رشید نے بھی قومی ٹیم کیلئے نیک تمنائوںکا اظہار کیا ہے۔

    کپتان سے شادی کے بعد ریحام خان کو بھی کرکٹ فیور چڑھ گیا ہے، ریحام خان کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم کسی بھی ٹیم کو دھول چٹانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

  • ورلڈ کپ:میگا ایونٹ کی پہلی سنچری اور ہیٹ ٹرک

    ورلڈ کپ:میگا ایونٹ کی پہلی سنچری اور ہیٹ ٹرک

    میلبورن : کرکٹ ورلڈکپ کے میدان میں کھلاڑیوں کی دھماکے دارانٹری ہوگئی، ایونٹ کے پہلے میچ میں ہی سنچریاں اور ہیٹ ٹرک بن گئیں، کس نے مار کھائی اور کس نے کتنی دھول چٹائی ۔

    عالمی کپ کا دھواں دار آغاز، چھکے چوکوں کی برسات ہوگئی ،نیوزی لینڈ نے ہوم گرؤانڈ میں ٹاس ہارا۔ سری لنکا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کی دعوت دی جو مہنگی پڑگئی۔

    سری لنکا کے بالرز کو کیویزنے بہت مارا اور رنز کی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوئے، نیوزی لینڈ کے گپٹیل۔ میک گیلم ۔اور ویلیم سن نے جہاں دل چاہا وہاں لنکنز کو دھوڈالا۔ اورایونٹ کی پہلی نصف سنچریاں  بنا ڈالیں۔

    ملنگا کو تو جیسے دن میں تارے ہی نظر آگئے، دس اوور میں چوراسی رنز کی مار کھائی اور ایک وکٹ بھی نہ پائی، ادھر میلبورن کے میدان میں انگلینڈ نے ٹاس تو جیتا لیکن، آسٹریلیا کی بیٹنگ لائن کے آگے ہار گیا۔

    اسٹیون فنچ نے ورلڈکپ کی پہلی سنچری بناڈالی، لیکن جاتے جاتے۔ اسٹیون فن نے بولنگ کا جادو جگایا۔ آخری اوور کی تین بولز پرہیٹرک بنائی ۔

    دونوں میچز میں فلیڈرز نے بھی خوب رنگ جمایا۔ زبردست کیچز لے کے شائقین کا جوش گرمایا۔ میگاایونٹ کا آغاز ہی اتنا کرارا ہے اب دیکھنا یہ ہے آگے کس ٹیم کے ساتھ کیا ہوگا۔

  • ورلڈ کپ: سری لنکا نیوزی لینڈ کے 332رنز کے تعاقب میں

    ورلڈ کپ: سری لنکا نیوزی لینڈ کے 332رنز کے تعاقب میں

    کرائس چرچ: ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کے خلاف جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے تین سو بتیس رنز کا ہدف دے دیا۔

    کرکٹ ورلڈ کپ کے پہلے مقابلے میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، کیوی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پچاس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر تین سو اکتیس رنز بنائے۔

    برینڈن مک مکلم، کین ولیمسن اور کورے اینڈرسن نے اپنی ٹیم کی طرف نصف سنچریاں اسکور کیں۔ برینڈن میک کولم اور مارٹن گپٹل نے اپنی ٹیم کو ایک سو گیارہ رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔ میک کولم پینسٹھ کے انفرادی اسکور پر رنگنا ہیراتھ کو چھکا مارنے کی کوشش میں باؤنڈری پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

    نیوزی لینڈ کی دوسری ایک سو چھتیس رنز پر گری، جب مارٹن گپٹل انچاس رنز بناکر لکمل کی گیند پر آؤٹ ہوئے، ایک سو ترانوے رنز پر کین ولیمسن ستاون رنز بنا کر جیون مینڈس کا شکار بنے۔

    اگلی ہی گینڈ پر روس ٹیلر بھی جیون مینڈس کی گھومتی گیند کو نہ سمجھ سکے اوراسٹمپڈ ہو گئے، گرانٹ ایلیٹ دو سو اٹھاون کے مجموعی اسکور پرانتیس رنزبنا کر لکمل کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

    نیوزی لینڈ کی چھٹی وکٹ آخری بال پر گری، جب کورے اینڈرسن زور دار شاٹ مارتے ہوئے کیچ ہوئے، سری لنکا کی طرف سے جیون مینڈس اور لکمل نے دو دو جبکہ ہیراتھ اورکلاسیکرانے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔

  • پاک بھارت ٹاکرا: سیاسی سطح پر بھی گرم جوشی

    پاک بھارت ٹاکرا: سیاسی سطح پر بھی گرم جوشی

    کراچی: پاک بھارت تعلقات میں پاکستانی حکمران کرکٹ ڈپلومیسی کیلئے مشہور ہیں، اس بار بھارتی وزیراعظم نے بیٹ بال کی ڈپلومیسی کی بازی کھیل ڈالی۔

    کرکٹ ڈپلومیسی پاک بھارت تعلقات کی بحالی کا آزمودہ ہتھیار ہے، ماضی میں یہ کرکٹ ڈپلومیسی ہی تھی جس کے ذریعے برف پگھلائی گئی اور ڈیڈ لاک ختم ہوئے۔

     کرکٹ ڈپلومیسی کی روایت پاکستان کے سابق صدر جنرل ضیاء الحق نے ڈالی تھی جب انیس سو ستاسی میں جنرل ضیاء الحق اچانک بھارتی شہر جے پور پہنچ گئے اور بھارتی وزیراعظم راجیو گاندھی کے ساتھ کچھ دیر تک ٹیسٹ میچ دیکھا جس کے بعد پاک بھارت کشیدگی کافی حد تک کم ہو گئی تھی۔

    سن دوہزار میں ہندو انتہا پسند تنطیم نے نئی دہلی کی پچ کھود دی، پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان میچ نہ ہو سکا۔

     دوہزار پانچ میں جنرل پرویز مشرف نے کرکٹ ڈپلومیسی کی روایت برقرار رکھی اور کرکٹ میچ دیکھنے بھارت گئے، بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ سے ملاقات کی اور کشمیر پر رکے ہوئے مذاکرات بحال کر لیے۔

    گذشتہ ورلڈ کپ میں بھی کرکٹ ڈپلومیسی چھائی رہی، پاکستان اور بھارت سیمی فائنل میں پہنچے، ممبئی حملوں کو تین سال گزر چکے تھے، بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ نے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو کرکٹ میچ دیکھنے کی دعوت دی۔

    دونوں وزرائے اعظم نے میچ دیکھا موہالی میں اور اب بھارتی وزیراعظم نرنیدرمودی نے لیا ہے سہارا کرکٹ ڈپلومیسی کا اور ٹیلی فون کر کے وزیراعظم نواز شریف سے پاک بھارت میچ کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

    نریندر مودی کا کہنا تھا ورلڈ کپ کے میلے میں پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں سے بہترین کھیل کی امید ہے۔

    بھارتی وزیراعظم نریندر مودی صرف پاکستانی وزیراعظم کو خاطر میں نہیں لائے بلکہ انہوں نے ٹیلی فون ڈپلومیسی میں دیگر چار ملکوں کے سربراہان کو بھی شریک کر لیا اور انہیں ورلڈ کپ کھیلنے پر مبارکباد دی۔

  • ورلڈ کپ: پاکستانی ٹیم بھارت کو ضرور شکست دیگی،وفاقی وزیرکھیل

    ورلڈ کپ: پاکستانی ٹیم بھارت کو ضرور شکست دیگی،وفاقی وزیرکھیل

    اسلام آباد : وفاقی وزیر کھیل ریاض پیرزادہ کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ کے فاتح کا کچھ نہیں کہہ سکتا لیکن قومی ٹیم میگا ایونٹ میں بھارت کو ضرور شکست دے گی۔

    ۔قومی اسمبلی میں اظہارخیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر کھیل ریاض پیرزادہ کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ کیلئے کھلاڑیوں کی سلیکشن میرٹ پرہوئی۔ انجری معمول کاواقعہ ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نظم و ضبط رکھنےوالےانسان ہے،ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والے پر جرمانے عائد ہوں گے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ کاکچھ نہیں کہہ سکتے تاہم وہ پر امید ہیں ،شاہین بھارتی ٹیم کو ضرور شکست دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یاسرشاہ ، یونس خان اورصہیب مقصود سے بہت امیدیں وابستہ ہیں۔

  • ورلڈ کپ سے قبل سٹے بازوں کی شامت آگئی

    ورلڈ کپ سے قبل سٹے بازوں کی شامت آگئی

    لاہور : سٹے بازوں کی گرفتاری کیلئے پولیس نے آستینیں چڑھالیں، کرکٹ ورلڈ کپ شروع ہونے سے پہلے ہی جوا کھیلنے والوں کی شامت آگئی۔لاہور پولیس نے سٹے بازی روکنے کیلئے پلان تیار کرلیا ۔

    تفصیلات کے مطابق کرکٹ ورلڈ کپ میچز کے دوران جوا کیسے روکا جائے؟بکیز کو کیسے قابو کیا جائے؟اس کیلئے لاہور پولیس نے پلان تیار کرلیا ہے۔

    ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف کے مطابق شہر کے تمام بڑے بکیز کی فہرستیں متعلقہ تھانوں کو ارسال کر دی گئیں ہیں،سٹے بازوں کی گرفتاری کیلئے اسپیشل فورس تیار کرلی گئی ہے جو بکیز کے ٹھکانوں پر چھاپے مار ے گی ۔

    ڈی آئی جی آپریشنز کےمطابق بکیز کی بڑی تعداد گرفتاریوں سے بچنے کیلئے فائیو اسٹار ہوٹلز اور پوش علاقوں میں اپنے سیٹ اپ سمیت روپوش ہوگئی ہے۔

  • ڈسپلن کی خلاف ورزی، پی سی بی کا 8 کھلاڑیوں پر جرمانہ

    ڈسپلن کی خلاف ورزی، پی سی بی کا 8 کھلاڑیوں پر جرمانہ

    سڈنی: پاکستان کرکٹ بورڈ نے سڈنی میں دیر سے ہوٹل پہنچنے پر آٹھ پاکستانی کھلاڑیوں پر جرمانہ عائد کردیا۔

    ذرائع کے مطابق پی سی بی نے ورلڈ کپ کیلئے آسٹریلیا میں موجود ٹیم کے آٹھ کھلاڑیوں پر ڈسپلن کی خلاف ورزی پر پانچ سو سے ہزار ڈالرزتک جرمانہ عائد کیا ہے۔

     شاہد آفریدی سمیت ٹیم کے کچھ کھلاڑی سڈنی میں تاخیر سے ہوٹل پہنچے جس پر پی سی بی نے انہیں مستقبل میں محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

    بورڈ نے احمد شہزاد پر چار سو ڈالرز جرمانہ لگایا ہے، بورڈ نے کھلاڑیوں کو خبردار کیا ہے کہ آئندہ ایسا ہوا تو خلاف ورزی کرنے والے کھلاڑی کو وطن واپس بھیج دیا جائے گا۔

  • وارم اپ میچ: پاکستان نے انگلینڈ کو چار وکٹ سے شکست دیدی

    وارم اپ میچ: پاکستان نے انگلینڈ کو چار وکٹ سے شکست دیدی

    سڈنی: پاکستان نے ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ میں انگلینڈ کوچار وکٹ سے ہرا دیا، میچ کی اہم بات کپتان مصباح الحق کی شاندار بیٹنگ تھی، ان کے ساتھ عمراکمل نے بھرپورساتھ دیا۔.

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نے وارم اپ میچ میں انگلینڈ کی ٹیم کو چار وکٹ سے شکست دیدی، مصباح الحق 91 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ عمر اکمل نے پینسٹھ رنز اسکور کئے۔

    حارث سہیل 33 اور صہیب مقصود بیس رنز کے ساتھ نمایاں رہے، انگلینڈ کی جانب سے جیمز اینڈریسن اور اسٹیورٹ براڈ  نے دو دو جبکہ کرس جورڈن اور جیمز ٹریڈول نے ایک ایک وکٹ لی۔

    اس سے قبل انگلینڈ کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے  پاکستان کو دوسو اکیاون رنز کا ہدف دیا تھا،انگلش ٹیم نے مقررہ اوورزمیں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر دوسو پچاس رنز بنا ئے۔

    جبکہ پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے دس اوورز میں پینتالیس رنز دیکر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ سہیل خان نے دو ،احسان عادل ،شاہد آفریدی اوروہاب ریاض نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    جواب میں پاکستان کے شاہینوں نے مذکورہ دوسواکیاون رنز کا ہدف 48.5  اوورز میں چھ کھلاڑیوں آؤٹ پر پورا کرلیا۔